ڈیرہ غازی خان (سٹی رپورٹر جواد اکبر) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ویژن کے مطابق صوبے بھر کی طرح ڈیرہ غازی خان میں بھی ضلعی انتظامیہ کی ہدایت پر سموگ ڈے بھرپور انداز میں منایا گیا۔ شہریوں میں سموگ سے بچاؤ، احتیاطی تدابیر اور ماحولیاتی شعور اجاگر کرنے کے لیے آگاہی سرگرمیوں کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر شہریوں میں ماسک اور آگاہی پمفلٹس تقسیم کیے گئے جبکہ سموگ سے متعلق اہم معلومات فراہم کرنے کے لیے خصوصی مہم بھی چلائی گئی۔

آگاہی واک کا اہتمام بھی کیا گیا جس میں سی ای او ڈی جی خان ویسٹ مینجمنٹ رانا محمد شاہد ندیم، ڈی جی ایم حبیب اللہ، ریجنل منیجر طلحہ علیم سمیت کمپنی کے افسران اور فیلڈ عملے نے شرکت کی۔

حکام نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ ماسک کا استعمال یقینی بنائیں، احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور جلاؤ گھٹاؤ جیسی سرگرمیوں سے گریز کریں۔ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نے یقین دہانی کرائی کہ سموگ کنٹرول کے لیے فیلڈ سرگرمیوں کو مزید تیز کر دیا گیا ہے۔

Category: ڈیرہ غازی خان

ڈیرہ غازی خان: سموگ ڈے پر آگاہی واک، ماسک اور پمفلٹس کی تقسیم

کمشنر ڈی جی خان اشفاق احمد چوہدری کا جام پور کا دورہ، جمنیزیم کی بحالی کے کاموں کا جائزہ
ڈیرہ غازیخان (باغی ٹی وی رپورٹ)کمشنر ڈیرہ غازی خان اشفاق احمد چوہدری نے آج جام پور کا دورہ کیا جہاں انہوں نے جمنیزیم کی بحالی اور مرمت کے جاری منصوبے کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر راجن پور شفقت اللہ مشتاق، اسسٹنٹ کمشنر ثاقب عدنان، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ محمد عدیل اور دیگر متعلقہ افسران بھی ہمراہ تھے۔

تحصیل اسپورٹس آفیسر نے کمشنر کو بحالی کے مختلف مراحل پر بریفنگ دی، جبکہ کمشنر نے چار دیواری کی مرمت، فال سیلنگ کی تنصیب، گراؤنڈ کی ہمواری، فلور کی تزئین و آرائش اور لائٹنگ سسٹم کی اپ گریڈیشن سمیت جاری تعمیراتی سرگرمیوں کا موقع پر معائنہ کیا۔

کمشنر اشفاق احمد چوہدری نے ہدایت کی کہ تمام تعمیراتی کام معیار اور رفتار کے ساتھ مقررہ مدت میں مکمل کیے جائیں تاکہ نوجوانوں کو بہترین کھیلوں کی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔بعد ازاں کمشنر نے اسٹیڈیم میں موجود کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں سے ملاقات کی، جہاں انہیں کھلاڑیوں سے متعارف کرایا گیا۔ کمشنر نے نوجوان کرکٹرز کا حوصلہ بڑھایا اور کرکٹ کھیل کر میچ کا باقاعدہ آغاز بھی کیا۔
کمشنر ڈی جی خان نے کہا کہ کھیلوں کی ترویج اور نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب کرنا انتظامیہ کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ ضلع میں کھیلوں کے انفراسٹرکچر کو مزید مضبوط بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔

ڈیرہ غازی خان: ڈی جی واسا کا دورہ، واسا کو مکمل فعال بنانے کے احکامات جاری
ڈیرہ غازی خان (باغی ٹی وی، نیوز رپورٹر شاہد خان)ڈائریکٹر جنرل پنجاب واسا میاں طیب فرید نے ڈیرہ غازی خان کا اہم دورہ کیا، جہاں انہوں نے واسا ہیڈ آفس کا تفصیلی معائنہ کیا اور شہر میں نکاسی و فراہمی آب کے نظام کو بہتر بنانے کے حوالے سے اعلیٰ سطح اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں منیجنگ ڈائریکٹر واسا ملک جواد کلیم سمیت اہم افسران، عملہ اور ڈپٹی کمشنر محمد عثمان خالد بھی شریک ہوئے۔
ڈپٹی کمشنر نے ڈائریکٹر جنرل سے واسا کی مکمل فعالی، پی ڈی پی کے جاری منصوبوں، سیوریج سسٹم کی بہتری، پانی کی فراہمی اور انتظامی امور پر تفصیلی گفتگو کی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ شہر کی بڑھتی ضروریات کے پیش نظر واسا کے نظام کو فعال اور جدید خطوط پر استوار کرنا ناگزیر ہے۔
ڈائریکٹر جنرل پنجاب واسا میاں طیب فرید نے اجلاس میں ضروری فنڈز کی فراہمی، نئی تعیناتیوں اور سسٹم کی بہتری کے احکامات جاری کیے۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈیرہ غازی خان میں واسا کو جلد مکمل طور پر فعال کر دیا جائے گا اور تمام انتظامی و مالی امور کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا تاکہ شہریوں کو معیاری خدمات فراہم کی جا سکیں۔
اجلاس کے دوران ایم ڈی واسا ملک جواد کلیم نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ شہر میں موجودہ سیوریج مسائل کے حل کے لیے دستیاب وسائل کو مؤثر طریقے سے استعمال کیا جا رہا ہے اور نکاسی آب کے نظام میں بہتری کے لیے کئی جامع اقدامات جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ واسا سسٹم کی اپ گریڈیشن اور فیلڈ میں کارروائیوں میں مزید تیزی لائی جا رہی ہے۔
ڈائریکٹر جنرل نے متعلقہ شعبوں کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ جاری منصوبوں کو مقررہ وقت میں مکمل کیا جائے اور شہریوں کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے فیلڈ اسٹاف کی کارکردگی میں مزید بہتری لائی جائے۔

ڈیرہ غازیخان: ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر کا میڈیا کے مثبت کردار پر اظہارِ تشکر
ڈیرہ غازی خان (باغی ٹی وی،سٹی رپورٹرجواداکبر) ڈپٹی کمشنر و ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر ڈی جی خان محمد عثمان خالد نے انتخابی عمل کے دوران میڈیا کے ذمہ دارانہ، مثبت اور پیشہ ورانہ کردار کی تعریف کرتے ہوئے صحافی برادری کا خصوصی شکریہ ادا کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ انتخابی نتائج کی تیاری، معلومات کی بروقت ترسیل اور پورے انتخابی عمل کی شفاف کوریج میں میڈیا نے انتہائی کلیدی اور تعمیری کردار ادا کیا۔ میڈیا کی ذمہ دارانہ رپورٹنگ کے باعث عوام تک مستند، درست اور فوری معلومات پہنچیں، جس سے اداروں پر عوامی اعتماد مزید مضبوط ہوا۔
ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسر نے تمام نمائندہ صحافیوں، پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا کے اداروں اور ڈیجیٹل میڈیا پلیٹ فارمز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انتخابی عمل کی کامیاب تکمیل میں میڈیا کا تعاون قابلِ تحسین ہے اور مستقبل میں بھی ایسی مثبت شراکت داری کا سلسلہ جاری رہنا چاہیے۔

پنجاب بھر میں سموگ آگاہی مہم کا آغاز
ڈیرہ غازی خان (سٹی رپورٹر) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی خصوصی ہدایات پر ڈیرہ غازی خان سمیت پنجاب بھر میں سموگ سے بچاؤ اور عوامی آگاہی مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر، سی او ویسٹ مینجمنٹ کمپنی اور ڈائیوو ویسٹ مینجمنٹ کے افسران کی نگرانی میں شہر، قصبات اور دیہات میں آگاہی سرگرمیاں جاری ہیں۔
انتظامیہ اور ویسٹ مینجمنٹ ٹیموں کی جانب سے اسکولوں، بازاروں، محلوں اور مساجد میں سموگ کے نقصانات سے متعلق معلومات فراہم کی جا رہی ہیں۔ شہریوں کو بتایا جا رہا ہے کہ سموگ سانس، گلے اور آنکھوں کی بیماریوں سمیت مختلف صحت مسائل کا باعث بنتی ہے۔
مہم کے تحت ماسک کی تقسیم، احتیاطی تدابیر سے متعلق بروشرز اور موقع پر آگاہی لیکچرز بھی دیے جا رہے ہیں۔ انتظامیہ کے مطابق عوام کی صحت اور ماحول کا تحفظ حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے اور سموگ کے خاتمے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔

الفلاح فاؤنڈیشن کا مظفر گڑھ میں سیلاب سے متاثرہ علاقے میں فری میڈیکل کیمپ کل لگے گا
ڈیرہ غازیخان(باغی ٹی وی رپورٹ) الفلاح فاؤنڈیشن پاکستان (رجسٹرڈ) کے زیر اہتمام مظفر گڑھ میں ایک روزہ مفت میڈیکل کیمپ کا انعقاد کل اتوار 23 نومبر 2025 کو کیا جا رہا ہے۔ اس کیمپ میں ماہر ڈاکٹرز کی ٹیم سیلابی علاقوں کے شہریوں کا مفت طبی معائنہ کرے گی اور ضرورت مندوں کو مفت ادویات بھی فراہم کی جائیں گی۔
یہ میڈیکل کیمپ گورنمنٹ بوائز ایلیمنٹری سکول بلوچ والا (سیلابی ایریا)، مرکز لنگر سرائے، تحصیل و ضلع مظفر گڑھ میں لگایا جائے گا۔ کیمپ صبح 10:00 بجے شروع ہوگا اور دوپہر 1:00 بجے تک جاری رہے گا۔
کیمپ میں عوام کو مختلف شعبوں میں طبی مشورے اور معائنہ فراہم کیا جائے گا، جن میں شامل ہیں:آنکھوں کا معائنہ،جنرل میڈیکل چیک اپ،فزیو تھراپی،سکن سپیشلسٹ ،گائنا لوجسٹ (خواتین کے امراض) کا معائنہ کیا جائے گا
اس پروگرام کی نگرانی الفلاح فاؤنڈیشن، سلسلہ نقشبندیہ اویسیہ و تنظیم الاخوان ڈیرہ غازی خان ڈویژن کے زیرِ اہتمام کی جا رہی ہے۔ علاقے کے عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اس طبی سہولت سے فائدہ اٹھائیں۔

ڈیرہ غازی خان: ٹرک ڈرائیور کی ہلاکت۔کانسٹیبل پر دھکے کا الزام، سی سی ٹی وی نے نئے سوال اٹھا دیے
ڈیرہ غازی خان (باغی ٹی وی رپورٹ) تھانہ سخی سرور کی حدود میں ٹرک ڈرائیور کی ہلاکت کے معاملے نے نیا رخ اختیار کر لیا ہے۔ ایف آئی آر میں جاں بحق ہونے والے کلیم اللہ کے بھائی نے الزام عائد کیا تھا کہ پیٹرولنگ پولیس کے ہیڈ کانسٹیبل نعمت اللہ نے دھکا دیا جس کے باعث وہ تیز رفتار APV کی زد میں آیا، تاہم سامنے آنے والی سی سی ٹی وی فوٹیج اس مؤقف سے مختلف صورتحال ظاہر کرتی ہے۔
ذرائع کے مطابق مبینہ فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ٹرک ڈرائیور سڑک کراس کر رہا تھا اور اسی دوران ایک تیز رفتار APV اسے ٹکر مارتی ہے، تاہم فوٹیج میں کسی قسم کے دھکے یا ہاتھا پائی کے شواہد نہیں ملے۔
یہ تضاد واقعے کے اصل حقائق پر نئے سوالات اٹھا رہا ہے۔
شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ معاملے کی اعلیٰ سطحی انکوائری کرائی جائے تاکہ حقیقی ذمہ داری کا تعین ہو سکے۔ شہریوں کے مطابق اگر فوٹیج کی روشنی میں دھکے کا الزام ثابت نہیں ہوتا تو ہیڈ کانسٹیبل نعمت اللہ کے خلاف درج مقدمہ ختم کیا جائے اور اصل غفلت برتنے والے کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔
علاقے کے سماجی حلقوں کا کہنا ہے کہ تیز رفتار APV کا ڈرائیور فوری گرفتار کیا جائے اور شاہراہوں پر تیز رفتاری کے خلاف بلا امتیاز کریک ڈاؤن کیا جائے تاکہ مستقبل میں ایسے جان لیوا واقعات سے بچا جا سکے۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ فوٹیج، ایف آئی آر اور گواہان کے بیانات کو یکجا کرکے تفتیش آگے بڑھائی جا رہی ہے، جبکہ حتمی رپورٹ انکوائری مکمل ہونے کے بعد پیش کی جائے گی

ڈی جی خان: صوبائی سرحدی علاقوں میں سیکیورٹی ہائی الرٹ، کمانڈنٹ امیر تیمور خان کا بارڈر کا تفصیلی دورہ
ڈیرہ غازی خان (باغی ٹی وی)ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازی خان محمد عثمان خالد کی ہدایت پر صوبائی سرحدی علاقوں میں سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے۔ بارڈر ملٹری پولیس کے سربراہ کمانڈنٹ امیر تیمور خان نے پنجاب سے ملحقہ خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے بارڈر ایریاز کا پیدل تفصیلی دورہ کیا اور سیکورٹی انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے مزید بہتری کے احکامات جاری کیے۔
کمانڈنٹ امیر تیمور خان خود فیلڈ میں موجود رہتے ہوئے داخلی و خارجی راستوں، دور دراز علاقوں اور کوہ سلیمان کی پہاڑی چوٹیوں تک پہنچے اور چیکنگ پوائنٹس کا معائنہ کیا۔ انہوں نے بی ایم پی افسران کو ہدایت کی کہ بارڈر سے آنے جانے والے افراد پر کڑی نظر رکھی جائے، مشکوک سرگرمیوں کی فوری نشاندہی کی جائے، اور ہر گاڑی و فرد کی مکمل جانچ پڑتال کے بعد ہی پنجاب میں داخل ہونے دیا جائے۔
انہوں نے قبائلی عمائدین سے بھی اپیل کی کہ وہ بارڈر ملٹری پولیس سے تعاون کریں اور مشکوک افراد یا سرگرمی کی صورت میں فوراً اطلاع دیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کوہ سلیمان میں امن و امان برقرار رکھنے، عوام کی جان و مال کے تحفظ اور سمگلنگ و جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن جاری ہے۔
بعد ازاں کمانڈنٹ امیر تیمور خان نے دربار حضرت سخی سرور پر حاضری دی، چادر چڑھائی، فاتحہ خوانی کی اور ملک کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کیلئے دعا کی۔ دربار آمد پر مجاوران نے ان کا پرتپاک استقبال کیا اور انہیں بلوچی پگڑی اور شال پیش کی۔

ڈیرہ غازی خان: ماحولیاتی کمیٹی کا اجلاس، 21 صنعتی کیسز کا جائزہ اور خلاف ورزیوں پر کارروائی کا فیصلہ
ڈیرہ غازی خان (سٹی رپورٹر جواد اکبر) ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازی خان محمد عثمان خالد کی زیرِ صدارت ڈسٹرکٹ انوائرنمنٹل اپروول کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں مختلف صنعتی یونٹس کے قیام اور لائسنس کی تجدید سے متعلق کیسز کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ڈپٹی ڈائریکٹر تحفظِ ماحولیات سید اشفاق حسین بخاری، ڈاکٹر اسحاق کرمانی اور دیگر متعلقہ اراکین نے شرکت کی۔
کمیٹی نے مجموعی طور پر 21 کیسز کا جائزہ لیا جن میں رائس ملز، سٹون کریشرز یونٹس، جپسم فیکٹریاں اور دیگر صنعتی اداروں کے معاملات شامل تھے۔ اجلاس کے دوران قواعد و ضوابط اور مطلوبہ دستاویزات مکمل کرنے والے اداروں کے کیسز کی تجدید اور این او سی (NOC) کے اجراء کی منظوری دی گئی۔
ڈپٹی کمشنر محمد عثمان خالد نے کہا کہ حکومتِ پنجاب کی ہدایت کے مطابق ضلعی سطح پر کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں تاکہ ماحولیاتی تحفظ کے تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے صنعتی سرگرمیوں کو فروغ دیا جا سکے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ماحولیاتی آلودگی پھیلانے اور قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔
اجلاس میں ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والے اداروں کے لائسنس منسوخ کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا تاکہ ماحول دوست صنعتی عمل کو یقینی بنایا جا سکے۔ ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ درخواستوں کی وصولی کے دوران تمام پہلوؤں کا باریک بینی سے جائزہ لیا جائے اور خامیوں کے ازالے کے لیے درخواست گزاروں سے بروقت رابطہ رکھا جائے۔
محمد عثمان خالد نے مزید کہا کہ ضلعی انتظامیہ کاروباری سرگرمیوں کے فروغ اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لیے ہر ممکن سہولت فراہم کرے گی، مگر این او سی کے اجراء میں غیر ضروری تاخیر کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ چھوٹی صنعتوں کے قیام کے لیے بھی مواقع پیدا کیے جائیں گے تاکہ مقامی معیشت میں اضافہ ممکن بنایا جا سکے۔
ڈپٹی ڈائریکٹر تحفظِ ماحولیات سید اشفاق حسین بخاری اور ڈاکٹر اسحاق کرمانی نے بھی کہا کہ صنعتی ترقی اور ماحولیاتی تحفظ میں توازن برقرار رکھنا لازم ہے اور اس مقصد کے لیے سخت مانیٹرنگ اور شفاف طریقہ کار اپنایا جائے گا۔

اجلاس کے اختتام پر کمیٹی نے متعلقہ محکموں کو ہدایات جاری کیں کہ وہ این او سی کے عمل کو تیز، شفاف اور مؤثر بنائیں اور قواعد کی خلاف ورزی کرنے والے عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائیں۔
ڈی جی خان: ڈائیوو ویسٹ مینجمنٹ کی صفائی مہم، عوام کا اظہارِ اطمینان
ڈیرہ غازی خان (باغی ٹی وی،نیوز رپورٹر)ڈیرہ غازی خان جو طویل عرصے سے صفائی کے ناقص نظام، نالیوں کی بندش اور گندگی کے ڈھیروں سے پریشان تھا، اب ریجنل منیجر ڈائیوو ویسٹ مینجمنٹ طلحہ علیم کی قیادت میں صاف ستھرا شہر بننے کی جانب گامزن ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اور ڈپٹی کمشنر عثمان خالد کے احکامات پر طلحہ علیم نے چارج سنبھالتے ہی عملی اقدامات شروع کیے۔ ان کی ٹیم روزانہ گلیوں، سڑکوں اور گھروں کے باہر سے کوڑا کرکٹ صاف کر رہی ہے، جس سے شہریوں کو واضح ریلیف ملا ہے۔
عوام نے ڈائیوو کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اسی جذبے سے کام جاری رہا تو ڈیرہ غازی خان جلد پنجاب کے صاف ترین شہروں میں شامل ہوگا۔ طلحہ علیم اور ان کی ٹیم کی محنت نیک نیتی اور عوامی خدمت کا زندہ ثبوت ہے۔












