Baaghi TV

Category: ڈیرہ غازی خان

  • ڈیرہ غازی خان: الیکٹرک بس سروس کے لیے 80 جدید بس اسٹاپس کی تعمیر کا فیصلہ، ٹینڈر جلد جاری ہوں گے

    ڈیرہ غازی خان: الیکٹرک بس سروس کے لیے 80 جدید بس اسٹاپس کی تعمیر کا فیصلہ، ٹینڈر جلد جاری ہوں گے

    ڈیرہ غازی خان (سٹی رپورٹر جواد اکبر) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے گرین الیکٹرک بس منصوبے کے تحت ضلع ڈیرہ غازی خان میں 80 جدید بس اسٹاپ تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جن کے ٹینڈرز جلد جاری ہوں گے۔ ڈپٹی کمشنر محمد عثمان خالد نے سخی سرور میں الیکٹرک بس میں سفر کے دوران اہلِ علاقہ سے گفتگو کرتے ہوئے یہ خوشخبری سنائی۔ وہ کمانڈنٹ بارڈر ملٹری پولیس امیر تیمور خان کے ہمراہ سخی سرور کے دورے پر تھے جہاں سابق چیئرمین سخی سرور چیف کھلنگ حاجی ملک ارشاد حسین، منتخب نمائندگان اور مقامی عمائدین نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔

    ڈپٹی کمشنر اور کمانڈنٹ بی ایم پی نے گرین الیکٹرک بس اسٹینڈ کا معائنہ کیا، مسافروں سے ملاقات کی اور سہولیات کے بارے میں استفسار کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے شہریوں کے ساتھ بس میں سفر کیا اور ایک معمر قبائلی خاتون کو منزل پر پہنچنے پر اپنے اسکواڈ کے ہمراہ احتراماً بس سے اتارا۔ بزرگ خاتون نے محفوظ، آرام دہ اور ماحول دوست مفت سفری سہولت پر وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

    ڈپٹی کمشنر محمد عثمان خالد نے کہا کہ یہ منصوبہ عوامی فلاح کا سنگِ میل ثابت ہو رہا ہے، خاص طور پر کوہ سلیمان کے پسماندہ علاقوں کی خواتین کو براہِ راست فائدہ مل رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ زیرِ تعمیر بس اسٹاپس میں سایہ دار نشستیں، روشنی اور دیگر معیاری سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ شہریوں نے وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف اور ضلعی انتظامیہ کے اقدامات کو عوام دوست اور انقلابی قرار دیتے ہوئے خراجِ تحسین پیش کیا۔

  • ڈیرہ غازی خان: پنجاب فوڈ اتھارٹی کی کارروائی، ایک ہزار لٹر ناقص دودھ تلف، دو گرفتار

    ڈیرہ غازی خان: پنجاب فوڈ اتھارٹی کی کارروائی، ایک ہزار لٹر ناقص دودھ تلف، دو گرفتار

    ڈیرہ غازی خان (باغی ٹی وی،نیوز رپورٹر شاہد خان) عوام کو ملاوٹ سے پاک اور محفوظ دودھ کی فراہمی پنجاب فوڈ اتھارٹی کی اولین ترجیح قرار دی گئی ہے۔ ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی محمد عاصم جاوید اور ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازی خان محمد عثمان خالد کی خصوصی ہدایات پر ضلع بھر میں معیاری خوراک کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔ اسی سلسلے میں ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشنز حبیب الرشید کی سربراہی میں پنجاب فوڈ اتھارٹی کی فوڈ سیفٹی ٹیم نے کوٹ چھٹہ میں ملک شاپ پر بڑی کارروائی کی۔

    معائنے کے دوران 1 ہزار لٹر غیر معیاری دودھ تلف کر دیا گیا، جبکہ چلر، فریزر اور دیگر سامان قبضے میں لے لیا گیا۔ کارروائی کے دوران شاپ مالک موقع سے فرار ہو گیا تاہم دو ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔ دکان کے مالک کے خلاف مقدمہ درج کرتے ہوئے شاپ کی پروڈکشن کو عارضی طور پر بند کر دیا گیا ہے۔ پنجاب فوڈ اتھارٹی کے ترجمان کے مطابق لیب رپورٹ موصول ہونے کے بعد کارروائی عمل میں لائی گئی، جس میں دودھ کو فوڈ اتھارٹی کے معیار کے مطابق غیر معیاری قرار دیا گیا۔

    ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی محمد عاصم جاوید نے کہا کہ انسانی جانوں سے کھیلنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ محکمہ خوراک کی ٹیمیں دن رات عوام کو محفوظ اور معیاری خوراک کی فراہمی کے لیے متحرک ہیں تاکہ شہریوں کو ملاوٹ سے پاک اشیائے خورونوش فراہم کی جا سکیں۔

  • ڈیرہ غازی خان: تھل جیپ ریلی 2025 کے انتظامات مکمل، 100 سے زائد ریسرز کی شرکت متوقع

    ڈیرہ غازی خان: تھل جیپ ریلی 2025 کے انتظامات مکمل، 100 سے زائد ریسرز کی شرکت متوقع

    ڈیرہ غازی خان (باغی ٹی وی،سٹی رپورٹرجواداکبر) کمشنر ڈیرہ غازی خان اشفاق احمد چوہدری نے محکمہ سیاحت کے افسران کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ تھل جیپ ریلی 2025 کے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔

    پریس کانفرنس میں منیجر ایونٹ نعمان خان اور ریجنل منیجر حیدر رضا بھی شریک تھے۔ کمشنر اشفاق احمد چوہدری نے بتایا کہ دسویں تھل جیپ ریلی 6 سے 9 نومبر 2025 تک منعقد ہوگی، جو وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ویژن کی عکاس ہے۔

    ایونٹ میں 100 سے زائد قومی و بین الاقوامی ریسرز حصہ لیں گے جبکہ 13 مختلف کیٹیگریز میں مقابلے ہوں گے جن میں ڈرٹ بائیک ریس بھی شامل ہے۔ 200 کلومیٹر طویل ٹریک کا مڈ پوائنٹ ضلع لیہ کا علاقہ چوبارہ ہوگا۔

    اس موقع پر کمشنر نے بتایا کہ لیہ اور مظفرگڑھ میں ثقافتی شوز منعقد کیے جائیں گے جبکہ چوبارہ میں عوامی میلہ بھی ہوگا۔

    انہوں نے کہا کہ سکیورٹی، ٹریفک، میڈیکل اور دیگر انتظامی سہولیات کے لیے متعلقہ محکموں کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔

    منیجر ایونٹ نعمان خان کے مطابق گزشتہ سال ایک لاکھ سے زائد افراد نے تھل جیپ ریلی میں شرکت کی تھی جبکہ اس سال خواتین کے لیے دو الگ کیٹیگریز شامل کی گئی ہیں۔

    نعمان خان نے مزید بتایا کہ ایونٹ میں بین الاقوامی ڈرائیورز کی شرکت بھی متوقع ہے۔

  • ڈیرہ غازی خان اور گوجرانوالہ بورڈز کے انٹر پارٹ ون کے نتائج کا اعلان، طالبات نے بازی مار لی

    ڈیرہ غازی خان اور گوجرانوالہ بورڈز کے انٹر پارٹ ون کے نتائج کا اعلان، طالبات نے بازی مار لی

    ڈیرہ غازیخان ،گوجرانوالہ (باغی ٹی وی،سٹی رپورٹر + نامہ نگار)ڈیرہ غازی خان اور گوجرانوالہ بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کی جانب سے انٹرمیڈیٹ پارٹ ون (فرسٹ اینول) 2025ء کے نتائج کا باضابطہ اعلان کر دیا گیا۔ دونوں بورڈز میں امتحانی عمل کی شفافیت، جدید نظام اور طلبہ کی کارکردگی نمایاں رہی، جبکہ طالبات نے کامیابی کی شرح میں نمایاں برتری حاصل کی۔

    ڈیرہ غازی خان بورڈ کے چیئرمین و کمشنر اشفاق احمد چوہدری نے انٹر پارٹ فرسٹ کے نتائج کا اعلان کرتے ہوئے لیپ ٹاپ پر کلک کر کے نتائج آن لائن جاری کیے۔ اس موقع پر کنٹرولر امتحانات پروفیسر مظفر حسین، سیکرٹری بورڈ عبدالرحمن چوہدری اور ٹیکنیکل افسر احمد علی قریشی موجود تھے۔ امتحان میں 54,954 طلبہ و طالبات شریک ہوئے، جن میں سے 34,277 کامیاب قرار پائے۔ مجموعی کامیابی کی شرح 62.37 فیصد رہی۔ طالبات نے میدان مار لیا جن کی کامیابی کی شرح 70.26 فیصد جبکہ طلباء کی 54.62 فیصد رہی۔ اضلاع کی کارکردگی میں مظفرگڑھ سرفہرست رہا جہاں کامیابی کی شرح 68 فیصد ریکارڈ کی گئی۔

    دوسری جانب گوجرانوالہ بورڈ کے چیئرمین و کمشنر سید نوید حیدر شیرازی نے کانفرنس روم میں منعقدہ پریس کانفرنس میں نتائج کا اعلان کیا۔ امتحان میں 1,42,101 طلبہ و طالبات شریک ہوئے، جن میں سے 71,009 کامیاب قرار پائے۔ کامیابی کی مجموعی شرح 49.97 فیصد رہی۔
    پری میڈیکل (گرلز) گروپ میں 62.90 فیصد، پری انجینئرنگ (گرلز) میں 72.61 فیصد، جبکہ جنرل سائنس (گرلز) میں 60.22 فیصد طلبات کامیاب رہیں۔ بوائز کی کامیابی کی شرح مختلف گروپس میں 21 سے 58 فیصد کے درمیان رہی۔

    چیئرمین سید نوید حیدر شیرازی نے کہا کہ امتحانات کے انعقاد سے نتائج کی تیاری تک مکمل شفافیت کو یقینی بنایا گیا۔ آٹومیشن سسٹم کے تحت فارم جمع کرانے، رول نمبر الاٹمنٹ اور امتحانی مراکز کی تقسیم کی گئی۔ تمام زونز میں طلبہ کو مساوی مواقع فراہم کیے گئے اور مارکنگ کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا گیا۔

    دونوں بورڈز کے چیئرمینوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ امتحانی نظام کی شفافیت، غیر جانبداری اور تعلیمی معیار میں مزید بہتری کے لیے اقدامات جاری رکھے جائیں گے تاکہ طلبہ و طالبات کی محنت کا صحیح اور منصفانہ انداز میں اعتراف ممکن ہو سکے۔

  • ڈیرہ غازی خان: بارڈر ملٹری پولیس کی کارروائی، 34 کلو چرس برآمد، سمگلنگ کی کوشش ناکام

    ڈیرہ غازی خان: بارڈر ملٹری پولیس کی کارروائی، 34 کلو چرس برآمد، سمگلنگ کی کوشش ناکام

    ڈیرہ غازی خان (باغی ٹی وی، نیوز رپورٹر شاہد خان) بارڈر ملٹری پولیس ڈیرہ غازی خان نے قبائلی علاقے کھر میں کامیاب کارروائی کرتے ہوئے بلوچستان سے پنجاب منشیات سمگل کرنے کی بڑی کوشش ناکام بنا دی۔ پولیس نے کارروائی کے دوران ایک گاڑی کے خفیہ خانوں سے 34 کلوگرام چرس برآمد کر لی، جبکہ بلوچستان کے رہائشی اعجاز احمد اچکزئی کو موقع پر گرفتار کر لیا گیا۔

    کمانڈنٹ بارڈر ملٹری پولیس امیر تیمور خان کی نگرانی میں رسالدار تمن لغاری، عبداللہ خان لغاری اور ایس ایچ او اشفاق احمد نے مشترکہ طور پر یہ آپریشن انجام دیا۔

    میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کمانڈنٹ امیر تیمور خان نے بتایا کہ بارڈر ملٹری پولیس نے سمگلرز اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف گھیرا تنگ کر دیا ہے، اور کسی کو بھی قانون سے بالاتر نہیں رہنے دیا جائے گا۔ گرفتار ملزم کے خلاف تھانہ کھر میں مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ملزم گاڑی کے خفیہ خانوں میں چرس چھپا کر بلوچستان سے پنجاب سمگل کرنے کی کوشش کر رہا تھا، تاہم پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے اسے ناکام بنا دیا۔

    کمانڈنٹ امیر تیمور خان نے قبائلی عوام سے اپیل کی کہ وہ علاقے سے جرائم اور منشیات سمگلنگ کے خاتمے کے لیے بارڈر ملٹری پولیس کے ساتھ بھرپور تعاون کریں۔ انہوں نے کارروائی میں حصہ لینے والی ٹیم کو بہترین کارکردگی پر شاباش بھی دی۔

  • ڈیرہ غازی خان: شوگر سیس فنڈز سے دیہی ترقی کی رفتار تیز کرنے کا فیصلہ

    ڈیرہ غازی خان: شوگر سیس فنڈز سے دیہی ترقی کی رفتار تیز کرنے کا فیصلہ

    ڈیرہ غازی خان(جواد اکبر کی رپورٹ)ڈیرہ غازی خان میں ڈویژنل شوگر کین سیس کمیٹی کا اہم اجلاس کمشنر اشفاق احمد چوہدری کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں گنے کے کاشتکاروں کی فلاح و بہبود اور ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

    شوگر سیس فنڈز سے دیہی سڑکوں کی تعمیر و مرمت پر بریفنگ دی گئی۔ کمشنر نے کہا کہ کسانوں کو سہولیات فراہم کرنا وزیراعلیٰ پنجاب کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے شوگر سیس فنڈز کے شفاف اور عوامی مفاد میں استعمال کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

    منظور شدہ اسکیموں پر فوری عملدرآمد اور دیہی ترقی کے عمل کو تیز کرنے پر زور دیا گیا۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنرز، متعلقہ محکمانہ افسران اور شوگر ملز کے نمائندے شریک ہوئے۔

    کمشنر نے واضح کیا کہ ترقیاتی اسکیموں میں کسی قسم کی تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔

  • پاکستان بیت المال میں بیوروکریسی کی نااہلی، سویٹ ہوم اور شیلٹر ہوم ملازمین تنخواہوں میں اضافے سے محروم

    پاکستان بیت المال میں بیوروکریسی کی نااہلی، سویٹ ہوم اور شیلٹر ہوم ملازمین تنخواہوں میں اضافے سے محروم

    ڈیرہ غازی خان (سٹی رپورٹر جواد اکبر بھٹی) پاکستان بیت المال کے تحت چلنے والے پروجیکٹس سویٹ ہوم، شیلٹر ہوم اور کھانا سب کے لیے کے ایڈمن اور پروجیکٹ ملازمین گزشتہ کئی برسوں سے تنخواہوں میں اضافے سے محروم ہیں۔ 2021-22ء میں بھرتی ہونے والے پروجیکٹ اسٹاف کی تنخواہوں میں اب تک کوئی اضافہ نہیں کیا گیا، جس پر ملازمین میں شدید مایوسی اور اضطراب پایا جا رہا ہے۔

    ذرائع کے مطابق پاکستان بیت المال کی بیوروکریسی انتظامی امور کو مؤثر طور پر چلانے میں ناکام ہو چکی ہے، جس کے باعث ادارے میں تنخواہوں کے نظام میں واضح تضاد پیدا ہو گیا ہے۔ اعلیٰ افسران بھاری تنخواہیں اور مراعات لے رہے ہیں، جبکہ فیلڈ اور پروجیکٹ اسٹاف کو ہر بار یہ کہہ کر ٹال دیا جاتا ہے کہ تنخواہوں میں اضافہ بیت المال بورڈ کی میٹنگ میں طے کیا جائے گا۔ تاہم بورڈ میٹنگز طویل عرصے سے منعقد نہ ہونے کے باعث ملازمین کے مسائل حل نہیں ہو پا رہے۔

    ملازمین نے اس صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف اور صدر آصف علی زرداری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر پاکستان بیت المال کے معاملات کا نوٹس لیں اور پروجیکٹ اسٹاف کی تنخواہوں میں فوری اضافہ یقینی بنائیں تاکہ غریب اور فلاحی منصوبوں سے وابستہ عملے کا استحصال بند کیا جا سکے۔

  • ڈیرہ غازی خان: وزیرِ اعلیٰ پنجاب کے "آسان کاروبار فنانس پروگرام” کے دوسرے مرحلے کا آغاز،جنوبی پنجاب کے لیے 26 ارب مختص

    ڈیرہ غازی خان: وزیرِ اعلیٰ پنجاب کے "آسان کاروبار فنانس پروگرام” کے دوسرے مرحلے کا آغاز،جنوبی پنجاب کے لیے 26 ارب مختص

    ڈیرہ غازی خان (باغی ٹی وی نیوز رپورٹر شاہد خان)وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے تحت "آسان کاروبار فنانس” پروگرام کے دوسرے مرحلے کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا۔ اس سلسلے میں پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن کے ریجنل آفس ڈیرہ غازی خان میں آگاہی سیمینار منعقد ہوا، جس میں محکمہ صنعت، تجارت و سرمایہ کاری کے عبدالباری ہاشمی، محمد احد، بینک آف پنجاب کے محمد اسماعیل سمیت چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نائب صدر مرزا محمد آصف اقبال اور دیگر کاروباری شخصیات نے شرکت کی۔

    سیمینار میں بتایا گیا کہ اس پروگرام کے تحت پنجاب بھر میں 25 سے 55 سال کی عمر کے مرد، خواتین، خصوصی افراد اور خواجہ سرا کو پہلے آئیے، پہلے پائیے کی بنیاد پر 90 ارب روپے کے زیرو مارک اپ قرضے فراہم کیے جائیں گے، جو پانچ سال میں آسان اقساط کے ذریعے واپس کیے جا سکیں گے۔ حکومتِ پنجاب بینک آف پنجاب کو پانچ سال کے لیے آٹھ ارب روپے مارک اپ ادا کرے گی تاکہ کاروباری طبقے پر کوئی سودی بوجھ نہ ہو۔

    پروگرام کے تحت نئے یا جاری کاروبار کے لیے تین کروڑ روپے تک جبکہ برآمدات کے فروغ کے لیے پانچ کروڑ روپے تک کے قرضے دیے جائیں گے۔ اہلیت کے لیے درست قومی شناختی کارڈ، فعال ٹیکس فائلر سٹیٹس، مالیاتی اداروں کے نادہندہ نہ ہونا، اور کاروباری جگہ کی ملکیت یا کرایہ داری لازم قرار دی گئی ہے۔

    درخواستیں akf.punjab.gov.pk ویب پورٹل پر جمع کروائی جا سکتی ہیں، جبکہ مزید معلومات کے لیے ہیلپ لائن 1786 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔ ریجنل ڈائریکٹر عبدالباری ہاشمی نے کہا کہ یہ سکیم صوبے میں روزگار، سرمایہ کاری اور برآمدات کے فروغ کے لیے سنگِ میل ثابت ہوگی، اور پہلی بار جنوبی پنجاب کے لیے 26 ارب روپے کی خطیر رقم مختص کی گئی ہے۔

  • ڈیرہ غازی خان: فوڈ اتھارٹی کی کارروائی، 800 لیٹر ملاوٹی دودھ اور ناقص اشیاء تلف

    ڈیرہ غازی خان: فوڈ اتھارٹی کی کارروائی، 800 لیٹر ملاوٹی دودھ اور ناقص اشیاء تلف

    دراہمہ (باغی ٹی وی ،نامہ نگارمحمد علی مکھن کی رپورٹ)ڈیرہ غازی خان میں فوڈ اتھارٹی کی کارروائی، 800 لیٹر ملاوٹی دودھ اور ناقص اشیاء تلف

    تفصیل کے مطابق پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ڈائریکٹر آپریشنز ساؤتھ-1 شہزاد خان مگسی اور ڈپٹی ڈائریکٹر حبیب الرشید کی سربراہی میں غازی گھاٹ پل پر کارروائی کے دوران 800 لیٹر ملاوٹی دودھ موقع پر تلف کر دیا گیا۔

    فوڈ سیفٹی ٹیم نے ڈیرہ غازی خان شہر میں مختلف ہوٹلز، بیکریز اور فوڈ ٹریڈرز کا معائنہ کیا، جہاں سے 100 کلو زخمی مرغیوں کا گوشت، 50 لٹر ناقص تیل اور ملاوٹی مصالحہ جات برآمد کر کے تلف کر دیے گئے۔

    حفظانِ صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی پر دو فوڈ پوائنٹس کو تین لاکھ روپے جرمانہ جبکہ متعدد دکانداروں کو اصلاحی نوٹس جاری کیے گئے۔ ڈائریکٹر آپریشنز شہزاد خان مگسی کے مطابق عوامی صحت کا تحفظ فوڈ اتھارٹی کی اولین ترجیح ہے،

    شہری کسی بھی شکایت کی صورت میں ہیلپ لائن 1223 پر رابطہ کریں۔

  • ڈیرہ غازی خان: این اے-185 ضمنی انتخاب، 21 امیدواروں نے کاغذات حاصل کیے، بڑے سیاسی خاندان آمنے سامنے

    ڈیرہ غازی خان: این اے-185 ضمنی انتخاب، 21 امیدواروں نے کاغذات حاصل کیے، بڑے سیاسی خاندان آمنے سامنے

    ڈیرہ غازی خان (باغی ٹی وی رپورٹ)قومی اسمبلی کے حلقہ این اے-185 ڈیرہ غازی خان کے ضمنی الیکشن کے لیے کاغذاتِ نامزدگی جمع کرانے کا سلسلہ جاری ہے۔ الیکشن کمیشن کے شیڈول کے مطابق پہلے روز ریٹرننگ افسر وسیم جتوئی کے دفتر سے 34 فارم جاری کیے گئے، جو 21 مختلف متوقع امیدواروں نے حاصل کیے۔

    اہم سیاسی شخصیات جنہوں نے کاغذات حاصل کیے، ان میں اسامہ عبد الکریم، سردار محمد خان لغاری، حذیفہ رحمان، سردار دوست محمد خان کھوسہ، ڈاکٹر شفیق پتافی، لطیف پتافی، سردار محمد جمال خان لغاری اور محمود قادر لغاری شامل ہیں۔

    الیکشن کمیشن کے مطابق کاغذاتِ نامزدگی 11 اکتوبر تک حاصل اور جمع کروائے جا سکتے ہیں، جبکہ ابتدائی امیدواروں کی فہرست 13 اکتوبر کو جاری کی جائے گی۔

    یاد رہے کہ یہ نشست پی ٹی آئی کی زرتاج گل وزیر کے ڈی سیٹ ہونے کے بعد خالی ہوئی تھی۔ جس کے بعد الیکشن کمیشن نے ضمنی انتخاب کا شیڈول جاری کیا۔

    سیاسی تجزیہ کاروں کے مطابق این اے-185 کا یہ انتخاب جنوبی پنجاب کی سیاست میں غیر معمولی اہمیت اختیار کر چکا ہے۔ اس میدان میں سینیٹر حافظ عبدالکریم کے صاحبزادے اسامہ عبد الکریم، سردار محمد خان لغاری، وزیراعظم شہباز شریف کے قریبی ساتھی حذیفہ رحمان، سابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار دوست محمد خان کھوسہ، موجودہ ایم پی اے حنیف پتافی کے بڑے بھائی ڈاکٹر شفیق پتافی، ان کے بھائی لطیف پتافی،چیف لغاری سردار محمد جمال خان لغاری اور محمود قادر لغاری جیسے نمایاں امیدوار میدان میں ہیں۔

    سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ لغاری اور کھوسہ خاندانوں کے درمیان سخت مقابلے کی توقع ہے، تاہم بعض حلقے یہ بھی سمجھتے ہیں کہ ڈاکٹر شفیق پتافی اور محمود قادر لغاری کو نظرانداز نہیں کیا جا سکتا کیونکہ ان کے پاس سرمایہ اور اثرورسوخ دونوں ہیں، جو انتخابی نتیجے پر اثر ڈال سکتے ہیں۔

    اصل سیاسی معرکہ 23 نومبر کو ہوگا، جب عوام فیصلہ کریں گے کہ کامیابی کا ہما کس کے سر بیٹھتا ہے۔