فیصل آباد (عثمان صادق) ڈپٹی کمشنر علی شہزادنے ڈی سی آفس میں پاکستان علماء کونسل واتحادی جماعتوں کے وفد سے ملاقات کی۔ مرکزی ڈپٹی جنرل سیکرٹری پاکستان علماء کونسل وممبر اتحاد بین المسلمین کمیٹی پنجاب علامہ طاہر الحسن نے وفد کی قیادت کی۔اجلاس کے آغاز میں خطاب کرتے ہوئے علامہ طاہر الحسن نے کہاکہ پاکستان علماء کونسل ہمیشہ پاکستان کی سلامتی اور پائیدار امن کیلئے مصروف عمل ہے اورپیار،محبت،بھائی چارہ اور امن کا درس دیتا ہے اور تمام مکاتب فکر نے ہمیشہ فرقہ واریت کے خاتمہ کیلئے اہم کردار ادا کیا جس کا تسلسل آئندہ بھی جاری رہے گا۔وفد میں مولانا رفیق جامی،مولانا عبیداللہ گورمانی، مولانا حبیب الرحمن عابد،میاں ارشاد مجاہد، مولانا امین الحق،مولانا اظہار الحق، صاحبزادہ حمزہ طاہر الحسن،مولانا غلام اللہ خان،مولانا طاہر رضوی، سید حسنین شیرازی، وقار الحسن جعفری،مولانا عمر وقاص بیگ ودیگر علماء کرام موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر نے علماء کرام کا خیرمقدم کرتے ہوئے ان کے مثبت رویوں اورمخلصانہ کاوشوں کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ چہلم محرم الحرام کے موقع پر بھی اتحاد ویگانگت اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو برقرار رکھنا وقت کا شدید ترین تقاضا ہے لہذا تمام مکاتب فکر کے علماء کرام اورمذہبی رہنما رواداری،پیارومحبت اور باہمی تعاون کی فضاء کو مزید تقویت دینے میں اپنا کردار ادا کریں تاکہ کسی شرپسند یا تخریب کارکومذہبی کشیدگی پھیلانے کاموقع نہ ملے۔انہوں نے کہا کہ علماء کرام معاشرے کا ممتاز اور اہم ترین طبقہ ہیں جن کی رہنمائی سے لوگوں کی اصلاح ہوتی ہے لہذا وہ بھائی چارے،صبروتحمل اوربرداشت کی ترغیب دینے کا درس جاری رکھیں۔انہوں نے کہا کہ چہلم محرم الحرام کے موقع پرضلع بھر میں سیکورٹی کے ٹھوس اقدامات کئے گئے ہیں تاہم انہیں کامیاب بنانے میں تمام مکاتب فکر کے علماء کابھرپور تعاون ناگزیر ہے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ قانون کی پاسداری کو یقینی بنانا ترجیح ہے اس ضمن میں علماء کرام کے تعاون اور تجاویزکا خیر مقدم کریں گے۔انہوں نے شہریوں کو کورونا سے بچاؤ کے لئے ویکسین لگوانے اور احتیاطی تدابیر کا پیغام عام کرنے کی بھی اپیل کی اور ضلعی انتظامیہ کی طرف سے ہرممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔آخر میں امن وامان کے قیام کے لئے خصوصی دعا کی گئی۔
Category: فیصل آباد

تبدیلی سرکارنے ملک وقوم کاتماشابنادیاہے. میاں ضیاء الرحمان
فیصل آباد(عثمان صادق) جنرل سیکرٹری پاکستان مسلم لیگ ن فیصل آبادسٹی میاں ضیاء الرحمان نے کہاہے کہ تبدیلی سرکارنے ملک وقوم کاتماشابنادیاہے ،یوٹرن خان ہوش کے ناخن لیں پاکستان کوتجربہ گاہ نہ بنائیں ۔ناقص پالیسیوں کی وجہ سے معیشت اپاہج ہوچکی ہے جبکہ ادارے دن بدن کمزورہورہے ہیں ،الیکشن کمیشن کے خلاف محاذ کھول کرحکومت نے ثابت کردیاکہ وہ آئندہ انتخابات سے قبل ہی گھبراہٹ کاشکارہے ۔انہوںنے کہاکہ تحریک انصاف نے عوام کومایوس کردیاہے ،عوام انتخابات میں ووٹ کی طاقت سے سلیکٹڈ حکمرانوںکوشکست فاش دیکرسلیکٹرکوبھی باورکرادیں گے کہ عوام ہی طاقت کامحورہیں ۔انہوںنے کہاکہ مسلم لیگ ن کے کامیاب ورکرز کنونشن سے کارکنوں میں نیاجوش وولولہ پیداہواہے جوکہ حکومتی ٹولے کوہضم نہیں ہورہا۔انتخابات آج ہوں یاکل عوام نے طے کرلیاہے کہ نوازشریف کوچوتھی باروزیراعظم بناناہے ۔عمران خان نے تین سالوںمیں ملک وقوم کاجوحشرنشرکردیاہے عوام اس کابدلہ ووٹ کی طاقت سے لیکررہیں گے ۔انہوںنے کہاکہ سلیکٹڈ وزیراعظم کی تین سالہ کارکردگی ،دعوئوں ،نعروں اوردھمکیوں پرمحیط ہیں ،عوام جاگ چکے ہیں مزید سلیکٹڈ کی باتوں میں نہیں آئیں گے ۔

شکایات ومسائل کے فوری حل کے لئے محکمانہ کارروائی میں تاخیر نہیں ہوگی۔ ڈپٹی کمشنر علی شہزاد
فیصل آباد (عثمان صادق) ڈپٹی کمشنر علی شہزاد نے ضلعی محکموں کے سربراہان کو ہدایت کی ہے کہ شکایت کنندگان کی اطمینان بخش طریقے سے دادرسی کی جائے اور عوامی مسائل سے پہلو تہی،بے جااور بلاجواز تاخیر سے درخواست گزاروں کو خوار کرنے کی روش ترک کردیں۔انہوں نے یہ بات اپنے دفتر میں شہریوں کے مسائل سنتے ہوئے کہی۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ عوامی مسائل پر کان نہ دھرنے والے افسران کیخلاف محکمانہ کارروائی سے گریز نہیں کیا جائے گا لہذا وہ عوامی ریلیف کے سلسلے میں محکمانہ کارکردگی کے معیار میں اضافہ کریں۔انہوں نے اسسٹنٹ کمشنرز سے کہا کی وہ مقامی سطح پر لوگوں کی شکایات اور مسائل ذمہ داری کے ساتھ حل کریں اور تحصیل دفاتر کی کارکردگی پر گہری نظر رکھیں تاکہ لوگوں کو اپنے معاملات کے سلسلے میں پریشانی کا سامنا نہ ہو۔انہوں نے کہا کہ سائلین کی بات خندہ پیشانی سے سنتے ہوئے فوری حل طلب امور کے سلسلے میں تاخیر نہ کی جائے۔انہوں نے شہریوں کے واسا،ویسٹ مینجمنٹ کمپنی،ریونیو ودیگر محکموں کے بارے میں مسائل سنتے ہوئے ان کے حل کے لئے متعلقہ افسران کو موقع پر ہی فون کالز کرکے ہدایات جاری کیں۔انہوں نے بزرگوں،مردوخواتین کے مسائل سنتے ہوئے انہیں یقین دلایا کہ ان کی شکایات ومسائل کے فوری حل کے لئے محکمانہ کارروائی میں تاخیر نہیں ہوگی۔

بیگم گورنر پنجاب مسز پروین سرور نے فیصل آباد میں سرور فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام واٹر فلٹریشن کے منصوبوں کا افتتاح کردیا
فیصل آباد(عثمان صادق) بیگم گورنر پنجاب مسز پروین سرور نے فیصل آباد کا دورہ کیا اور اعوان والا اور ڈھڈی والا محلہ طارق پورہ میں سرور فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام واٹر فلٹریشن کے منصوبوں کا افتتاح کیا۔چیئرمین پرائیویٹ سکولز ایسوسی ایشن خالد حیات کموکا اور سابق چیئرمین ریاض کموکابھی موجود تھے۔بیگم گورنر پنجاب نے کہا کہ اہلیان علاقہ کو پینے کا صاف پانی فراہم کرنے کے لئے واٹر فلٹریشن پلانٹس نصب کردیئے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اگرچہ پینے کے صاف پانی کے حوالے سے بہت سے مسائل ہیں لیکن آبادیوں میں مرحلہ وار واٹر فلٹریشن پلانٹس کی تنصیب سے لوگوں کو صاف پانی میسر آرہا ہے جو کہ کسی نعمت سے، کم نہیں۔انہوں نے کہا کہ پورے ملک کے لوگوں کو پینے کا صاف پانی فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔بیگم گورنر نے کہا کہ گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے اس علاقے میں 4 واٹر فلٹریشن پلانٹس لگانے کا اعلان کیا تھااورآج تیسرے پلانٹ کا افتتاح ہو چکا ہے۔دریں اثناء بیگم گورنر پنجاب مسز پروین سرور نے سسٹم فاونڈیشن کابھی دورہ کیا۔چیئرمین پاسبان ویلفیئرمیجر ریٹائرڈ شاہنواز بھی موجود تھے۔بیگم گورنر نے سسٹم فاونڈیشن کے مختلف شعبہ جات کا وزٹ کیااورخواجہ سراؤں کی فلاح وبہبود کے لئے قائم سینٹر کے قیام کو سراہا۔انہوں نے کہا کہ اس ادارہ میں ٹرانسجینڈرز کو نان فارمل تعلیم دی جارہی ہے جبکہ خواجہ سراؤں کو باعزت روزگارکمانے کے لیے مختلف ہنر بھی سکھائے جارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ رنگ،نسل،مذہب اور ذات سے بالاتر ہو کر انسانیت کی خدمت عظیم اقدام ہے۔

پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی فیصل آباد نے گنجان آباد شاہراؤں میں دو نئی گرین بیلٹس قائم کر دی
فیصل آباد(عثمان صادق)پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی کے زیر اہتمام شہر کی گنجان آباد شاہراؤں میں دو نئی گرین بیلٹس قائم کر دی گئی ہیں جوعبداللہ پور سے متصل گرین سروس روڈ سے رفحان ملز تک ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے تعاون سے 800 فٹ لمبی اور 20 فٹ چوڑی ہے جبکہ شہر کے دوسرے مین حصے جڑانوالہ روڈ فلیٹس کے سامنے واقع غیر قانونی پٹرول پمپ کو منہدم کرنے کے بعد 300×80 فٹ کے ایریا کو بھی مکمل گرین بیلٹ میں ڈویلپ کر کے اس پر بڑی تعداد میں پودے لگائے گئے ہیں۔ڈی جی پی ایچ اے عاصمہ اعجاز چیمہ نے بریفنگ کے دوران بتایا کہ ان گرین بیلٹس کی ڈویلپمنٹ کا کام رواں ماہ مکمل کیا گیا ہے جبکہ انکروچمنٹ کے دوران جگہ کلیئر اور ڈویلیپ کی گئی گرین بیلٹس اور پارکس اس کے علاوہ ہیں.

خصوصی صفائی آپریشن کی مانیٹرنگ کے سلسلہ میں سی ای او کاشف رضا اعوان کا دیگر افسران کے ہمراہ شہر کا دورہ
فیصل آباد (عثمان صادق) فیصل آباد ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی جانب سے شہر میں خصوصی صفائی آپریشن کی مانیٹرنگ کے سلسلہ میں چیف ایگزیکٹیو آفیسر کاشف رضا اعوان نے آپریشن ڈیپارٹمنٹ کے افسران کے ہمراہ شہر کے مختلف علاقوں کا علی الصبح دورہ کیا۔انہوں نے ستیانہ روڈ،جھال چوک،ڈی گراونڈ،بٹالہ کالونی اور دیگر علاقوں کے دورہ کے موقع پر کہا کہ صفائی آپریشن میں سخت مانیٹرنگ سے موثر اور مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں۔افسران کے علی الصبح فیلڈ میں موجود ہونے کے سبب تمام مشینری بھی فیلڈ میں بروقت پہنچ رہی ہے۔انہوں نے یونین کونسلوں میں تعینات صفائی عملہ اور گاڑیوں کے اوقات کار کا بھی جائزہ لیا۔انہوں نے فیلڈ افسران کو ہدایت کی کہ عملہ صفائی کی سخت مانیٹرنگ کی جائے،شہر کی صفائی میں کوئی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔خستہ حال ویسٹ کنٹینرز فوری مرمت کراکر رکھے جائیں تاکہ شہریوں کو کوڑا کرکٹ ڈمپ کرنے میں آسانی ہو۔سی ای او ایف ڈبلیو ایم سی نے کارکردگی میں مزید بہتری کی تاکید کرتے ہوئے کہا کہ تمام ورکرز اور فیلڈ سٹاف اپنی فیلڈ میں حاضری 100 فی صد کریں۔سی ای او ایف ڈبلیو ایم سی کاشف رضا اعوان نے مختلف علاقوں کے وزٹ کے دوران شہریوں سے درخواست کی ہے کہ صفائی برقرار رکھنے کے لئے ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کا ساتھ دیں۔صفائی کے متعلق شکایات کی صورت میں ہماری ہیلپ لائن 1139 یا سوشل میڈیا اکاونٹس پر آگاہ کریں۔

9 ارب روپے کی خطیر رقم سرکاری ہسپتالوں میں ادویات و علاج معالجہ کی غرض سے جاری
فیصل آباد (عثمان صادق ) صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ فیصل آباد میڈیکل یونیورسٹی سے الحاق شدہ سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کو ادویات وعلاج معالجہ کی فراہمی اور ہسپتالوں کی ڈویلپمنٹ کے لئے 9 ارب روپے کے خطیر فنڈز کی منظوری دی گئی ہے جن میں سے 2 ارب روپے کا بجٹ ادویات کے لیے مختص کیا گیا ہے۔ مریضوں کو لوکل پرچیز کے ذریعے ادویات فرا ہم کی جا ئیں گی۔انہوں نے یہ بات دورہ فیصل آباد کے دوران فیصل آباد میڈیکل یونیورسٹی کے سنڈیکیٹ اجلاس کی صدارت کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتائی۔وائس چانسلر ڈاکٹر ظفرعلی چوہدری، ایم پی اے عادل پرویز گجر اور دیگر ارکان بھی موجود تھے۔صوبائی وزیر صحت نے کہا کہ ادویات کے فنڈز سے مریضوں کو لوکل میڈیسن کے علاوہ مہنگی ادویات بھی دستیاب ہونگی۔انہوں نے کہا کہ ڈینگی کا مسئلہ سر اٹھا رہا ہے اگرچہ فیصل آباد میں صورتحال سنگین نہیں لیکن احتیاط ناگزیر ہے۔انہوں نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کے ذریعے شہریوں سے اپیل کی کہ گھروں میں کسی جگہ پانی جمع نہ ہونے دیں،بارشوں کے دوران زیادہ احتیاط برتیں۔انہوں نے کہا کہ کورونا کی چوتھی لہر میں اگرچہ کمی ہوئی ہے لیکن ایس اوپیز پر عملدرآمد میں کمی نہیں ہونی چاہیے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ بھرپور کوشش ہے کہ اس سال کے آخر تک صوبہ کے 70 فیصد لوگوں کو ویکسینیٹ کردیا جائے جبکہ اب تک 4 کروڑسے زائدافراد کو کورونا ویکسین لگائی جاچکی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہیلتھ کارڈ کے ذریعے آئندہ 10لاکھ روپے تک علاج معالجہ فری ہوگا،جن افراد نے ابھی تک شناختی کارڈ نہیں بنوایا وہ فوری بنوالیں تاکہ ہیلتھ کارڈ کی سہولت سے محروم نہ رہیں۔صوبائی وزیر نے کہا کہ الائیڈ ہسپتال میں آکسیجن جنریٹنگ پلانٹ لگا رہے ہیں جس سے آکسیجن کی کمی دور ہوگی جبکہ کینسر کے مریضوں کے علاج کے لئے کیموتھراپی کی سہولت بھی دستیاب ہوگی۔

ڈسٹرکٹ سپورٹس ڈیپارٹمنٹ کے زیر اہتمام انٹر تحصیل ہاکی چیمپئن شپ کا انعقاد
فیصل آباد (نمائندہ ایف ٹی وی) ڈسٹرکٹ سپورٹس ڈیپارٹمنٹ کے زیر اہتمام سپورٹس کیلنڈر 2021/2022 انٹر تحصیل ہاکی چیمپئن شپ بوائز ہاکی سٹیڈیم میں کھیلا گیاجس میں پانچ تحصیل کی ٹیموں نے حصہ لیا پہلا میچ تحصیل فیصل آباد سٹی اور تحصیل فیصل آباد صدر کے درمیان کھیلا گیا جو تحصیل فیصل آباد سٹی نے 3/0سے جیت کر فائنل کیلئے کوالیفائی کیا دوسرے میچ میں تحصیل جڑانوالہ نے تحصیل تاندلیانوالا کو 5/0سے جیت کر سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کیا سیمی فائنل تحصیل جڑانوالہ اور تحصیل چک جھمرہ کے درمیان کھیلا گیا جو وقت مقرر پر ایک ایک گول سے برابر رہا پھر پنلٹی شوٹس پر دلچسپ مقابلے میں تحصیل جڑانوالہ نے 7/6 سے جیت کر فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔فائنل میچ تحصیل فیصل آباد سٹی اور تحصیل جڑانوالہ کے درمیان کھیلا جائے گا سپورٹس ڈیپارٹمنٹ اور ڈسٹرکٹ ہاکی ایسوسی ایشن کے عہدیداران بھی موجود تھے۔

ضلع میں انسداد پولیو مہم پر عمل درآمد کا جائزہ
فیصل آباد (عثمان صادق) ضلع میں انسداد پولیو مہم پر عملدرآمد کاجائزہ اجلاس ڈی سی آفس میں منعقد ہوا جس میں ڈویژنل کمشنر ثاقب منان اورڈپٹی کمشنر علی شہزادنے مائیکروپلان کے مطابق مقررہ اہداف اور حاصل کئے گئے ٹارگٹس کا جائزہ لیا۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈ کوارٹرز محمد خالد،اسسٹنٹ کمشنرز صاحبزادہ محمد یوسف،عمر مقبول،سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر مشتاق سپرا،ڈی ایچ او ڈاکٹر بلال احمد اور دیگر افسران بھی موجودتھے۔ڈویژنل کمشنر اور ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ انسداد پولیو کی جاری مہم کو سو فیصد کامیابی سے ہمکنار کرنے کے لئے سرتوڑکوششیں کی جائیں اور مائیکرو پلان کے مطابق روزانہ کا ہدف مکمل کریں تاکہ پانچ سال تک کی عمر کا کوئی بچہ ویکسین سے محروم نہ رہے۔انہوں نے مہم پر عملدرآمد کی پیشرفت کا جائزہ لیتے ہوئے پولیو ٹیموں کو ذمہ داریاں مزید احسن انداز میں نبھانے کی تاکید کی اور کہا کہ پبلک ٹرانسپورٹ اڈوں،ریلوے سٹیشن سمیت دیگر اہم عوامی مقامات پر پولیو ٹیموں کی موجودگی یقینی بنانے اور بچوں کو قطرے پلانے کی اہم ذمہ داری میں غفلت نہ کی جائے۔ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ مہم پر عملدرآمد کی اچانک چیکنگ کا سلسلہ جاری رہے گا اور کوتاہی پر متعلقہ ایریا انچارج ذمہ دار ہو گا۔اجلاس کے دوران ڈی ایچ اونے مہم پر عملدرآمد اور مانیٹر نگ کے بارے میں بریفنگ دی۔

سید ایوب بخاری نے بطور اسسٹنٹ کمشنر سٹی تعیناتی کا آخری روزتجاوزات کے خلاف کریک ڈاؤن
فیصل آباد( نمائندہ) سید ایوب بخاری نے بطور اسسٹنٹ کمشنر سٹی تعیناتی کے آخری روزتجاوزات کے خاتمے سمیت عطائی ڈاکٹروں اور گرانفروش قصابوں کے خلاف کریک ڈاؤن کیا۔انہوں نے مختلف علاقوں میں 11عطائی کلینکس سیل،5 مقدمات درج 4 افراد گرفتارکرانے کے ساتھ ایک کروڑ روپے مالیت کی قیمتی سرکاری اراضی واگزار کرالی۔ انہوں نے ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر اور پولیس فورس کے ہمراہ کریک ڈاؤن کرتے ہوئے غلام محمد آباد کے علاقہ شیراں والا چوک میں ہڈی جوڑ کلینک چلانے والے دو عطائی ڈاکٹروں کو موقع سے گرفتار کراکر 3 مقدمات کا اندراج تھانہ غلام محمد آباد میں کرادیا جبکہ دیگر کلینکس پر موجود عطائی ڈاکٹرز ٹیم کو دیکھ کر بھاگ نکلے، ہڈی جوڑ کلینکس کو موقع پر سیل کردیا گیا جبکہ مٹن 1300 روپے سے لے کر 1400 روپے فی کلو فروخت کرنے پر جناح کالونی میں امام دین مٹن شاپ اور رانا ابرار مٹن شاپ کو سیل،گراں فروش قصابوں کو گرفتار کرکے تھانہ گلبرگ میں مقدمات کا اندراج کرادیا گیا۔مزید براں جھنگ روڈ پر کارروائی کرتے ہوئے ایک کروڑ روپے مالیت کی قیمتی سرکاری اراضی کو واگزار کرایا۔









