فیصل آباد(عثمان صادق)پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی کے زیر اہتمام شہر کی گنجان آباد شاہراؤں میں دو نئی گرین بیلٹس قائم کر دی گئی ہیں جوعبداللہ پور سے متصل گرین سروس روڈ سے رفحان ملز تک ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے تعاون سے 800 فٹ لمبی اور 20 فٹ چوڑی ہے جبکہ شہر کے دوسرے مین حصے جڑانوالہ روڈ فلیٹس کے سامنے واقع غیر قانونی پٹرول پمپ کو منہدم کرنے کے بعد 300×80 فٹ کے ایریا کو بھی مکمل گرین بیلٹ میں ڈویلپ کر کے اس پر بڑی تعداد میں پودے لگائے گئے ہیں۔ڈی جی پی ایچ اے عاصمہ اعجاز چیمہ نے بریفنگ کے دوران بتایا کہ ان گرین بیلٹس کی ڈویلپمنٹ کا کام رواں ماہ مکمل کیا گیا ہے جبکہ انکروچمنٹ کے دوران جگہ کلیئر اور ڈویلیپ کی گئی گرین بیلٹس اور پارکس اس کے علاوہ ہیں.
Category: فیصل آباد
-

خصوصی صفائی آپریشن کی مانیٹرنگ کے سلسلہ میں سی ای او کاشف رضا اعوان کا دیگر افسران کے ہمراہ شہر کا دورہ
فیصل آباد (عثمان صادق) فیصل آباد ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی جانب سے شہر میں خصوصی صفائی آپریشن کی مانیٹرنگ کے سلسلہ میں چیف ایگزیکٹیو آفیسر کاشف رضا اعوان نے آپریشن ڈیپارٹمنٹ کے افسران کے ہمراہ شہر کے مختلف علاقوں کا علی الصبح دورہ کیا۔انہوں نے ستیانہ روڈ،جھال چوک،ڈی گراونڈ،بٹالہ کالونی اور دیگر علاقوں کے دورہ کے موقع پر کہا کہ صفائی آپریشن میں سخت مانیٹرنگ سے موثر اور مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں۔افسران کے علی الصبح فیلڈ میں موجود ہونے کے سبب تمام مشینری بھی فیلڈ میں بروقت پہنچ رہی ہے۔انہوں نے یونین کونسلوں میں تعینات صفائی عملہ اور گاڑیوں کے اوقات کار کا بھی جائزہ لیا۔انہوں نے فیلڈ افسران کو ہدایت کی کہ عملہ صفائی کی سخت مانیٹرنگ کی جائے،شہر کی صفائی میں کوئی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔خستہ حال ویسٹ کنٹینرز فوری مرمت کراکر رکھے جائیں تاکہ شہریوں کو کوڑا کرکٹ ڈمپ کرنے میں آسانی ہو۔سی ای او ایف ڈبلیو ایم سی نے کارکردگی میں مزید بہتری کی تاکید کرتے ہوئے کہا کہ تمام ورکرز اور فیلڈ سٹاف اپنی فیلڈ میں حاضری 100 فی صد کریں۔سی ای او ایف ڈبلیو ایم سی کاشف رضا اعوان نے مختلف علاقوں کے وزٹ کے دوران شہریوں سے درخواست کی ہے کہ صفائی برقرار رکھنے کے لئے ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کا ساتھ دیں۔صفائی کے متعلق شکایات کی صورت میں ہماری ہیلپ لائن 1139 یا سوشل میڈیا اکاونٹس پر آگاہ کریں۔
-

9 ارب روپے کی خطیر رقم سرکاری ہسپتالوں میں ادویات و علاج معالجہ کی غرض سے جاری
فیصل آباد (عثمان صادق ) صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ فیصل آباد میڈیکل یونیورسٹی سے الحاق شدہ سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کو ادویات وعلاج معالجہ کی فراہمی اور ہسپتالوں کی ڈویلپمنٹ کے لئے 9 ارب روپے کے خطیر فنڈز کی منظوری دی گئی ہے جن میں سے 2 ارب روپے کا بجٹ ادویات کے لیے مختص کیا گیا ہے۔ مریضوں کو لوکل پرچیز کے ذریعے ادویات فرا ہم کی جا ئیں گی۔انہوں نے یہ بات دورہ فیصل آباد کے دوران فیصل آباد میڈیکل یونیورسٹی کے سنڈیکیٹ اجلاس کی صدارت کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتائی۔وائس چانسلر ڈاکٹر ظفرعلی چوہدری، ایم پی اے عادل پرویز گجر اور دیگر ارکان بھی موجود تھے۔صوبائی وزیر صحت نے کہا کہ ادویات کے فنڈز سے مریضوں کو لوکل میڈیسن کے علاوہ مہنگی ادویات بھی دستیاب ہونگی۔انہوں نے کہا کہ ڈینگی کا مسئلہ سر اٹھا رہا ہے اگرچہ فیصل آباد میں صورتحال سنگین نہیں لیکن احتیاط ناگزیر ہے۔انہوں نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کے ذریعے شہریوں سے اپیل کی کہ گھروں میں کسی جگہ پانی جمع نہ ہونے دیں،بارشوں کے دوران زیادہ احتیاط برتیں۔انہوں نے کہا کہ کورونا کی چوتھی لہر میں اگرچہ کمی ہوئی ہے لیکن ایس اوپیز پر عملدرآمد میں کمی نہیں ہونی چاہیے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ بھرپور کوشش ہے کہ اس سال کے آخر تک صوبہ کے 70 فیصد لوگوں کو ویکسینیٹ کردیا جائے جبکہ اب تک 4 کروڑسے زائدافراد کو کورونا ویکسین لگائی جاچکی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہیلتھ کارڈ کے ذریعے آئندہ 10لاکھ روپے تک علاج معالجہ فری ہوگا،جن افراد نے ابھی تک شناختی کارڈ نہیں بنوایا وہ فوری بنوالیں تاکہ ہیلتھ کارڈ کی سہولت سے محروم نہ رہیں۔صوبائی وزیر نے کہا کہ الائیڈ ہسپتال میں آکسیجن جنریٹنگ پلانٹ لگا رہے ہیں جس سے آکسیجن کی کمی دور ہوگی جبکہ کینسر کے مریضوں کے علاج کے لئے کیموتھراپی کی سہولت بھی دستیاب ہوگی۔
-

ڈسٹرکٹ سپورٹس ڈیپارٹمنٹ کے زیر اہتمام انٹر تحصیل ہاکی چیمپئن شپ کا انعقاد
فیصل آباد (نمائندہ ایف ٹی وی) ڈسٹرکٹ سپورٹس ڈیپارٹمنٹ کے زیر اہتمام سپورٹس کیلنڈر 2021/2022 انٹر تحصیل ہاکی چیمپئن شپ بوائز ہاکی سٹیڈیم میں کھیلا گیاجس میں پانچ تحصیل کی ٹیموں نے حصہ لیا پہلا میچ تحصیل فیصل آباد سٹی اور تحصیل فیصل آباد صدر کے درمیان کھیلا گیا جو تحصیل فیصل آباد سٹی نے 3/0سے جیت کر فائنل کیلئے کوالیفائی کیا دوسرے میچ میں تحصیل جڑانوالہ نے تحصیل تاندلیانوالا کو 5/0سے جیت کر سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کیا سیمی فائنل تحصیل جڑانوالہ اور تحصیل چک جھمرہ کے درمیان کھیلا گیا جو وقت مقرر پر ایک ایک گول سے برابر رہا پھر پنلٹی شوٹس پر دلچسپ مقابلے میں تحصیل جڑانوالہ نے 7/6 سے جیت کر فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔فائنل میچ تحصیل فیصل آباد سٹی اور تحصیل جڑانوالہ کے درمیان کھیلا جائے گا سپورٹس ڈیپارٹمنٹ اور ڈسٹرکٹ ہاکی ایسوسی ایشن کے عہدیداران بھی موجود تھے۔
-

ضلع میں انسداد پولیو مہم پر عمل درآمد کا جائزہ
فیصل آباد (عثمان صادق) ضلع میں انسداد پولیو مہم پر عملدرآمد کاجائزہ اجلاس ڈی سی آفس میں منعقد ہوا جس میں ڈویژنل کمشنر ثاقب منان اورڈپٹی کمشنر علی شہزادنے مائیکروپلان کے مطابق مقررہ اہداف اور حاصل کئے گئے ٹارگٹس کا جائزہ لیا۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈ کوارٹرز محمد خالد،اسسٹنٹ کمشنرز صاحبزادہ محمد یوسف،عمر مقبول،سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر مشتاق سپرا،ڈی ایچ او ڈاکٹر بلال احمد اور دیگر افسران بھی موجودتھے۔ڈویژنل کمشنر اور ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ انسداد پولیو کی جاری مہم کو سو فیصد کامیابی سے ہمکنار کرنے کے لئے سرتوڑکوششیں کی جائیں اور مائیکرو پلان کے مطابق روزانہ کا ہدف مکمل کریں تاکہ پانچ سال تک کی عمر کا کوئی بچہ ویکسین سے محروم نہ رہے۔انہوں نے مہم پر عملدرآمد کی پیشرفت کا جائزہ لیتے ہوئے پولیو ٹیموں کو ذمہ داریاں مزید احسن انداز میں نبھانے کی تاکید کی اور کہا کہ پبلک ٹرانسپورٹ اڈوں،ریلوے سٹیشن سمیت دیگر اہم عوامی مقامات پر پولیو ٹیموں کی موجودگی یقینی بنانے اور بچوں کو قطرے پلانے کی اہم ذمہ داری میں غفلت نہ کی جائے۔ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ مہم پر عملدرآمد کی اچانک چیکنگ کا سلسلہ جاری رہے گا اور کوتاہی پر متعلقہ ایریا انچارج ذمہ دار ہو گا۔اجلاس کے دوران ڈی ایچ اونے مہم پر عملدرآمد اور مانیٹر نگ کے بارے میں بریفنگ دی۔
-

سید ایوب بخاری نے بطور اسسٹنٹ کمشنر سٹی تعیناتی کا آخری روزتجاوزات کے خلاف کریک ڈاؤن
فیصل آباد( نمائندہ) سید ایوب بخاری نے بطور اسسٹنٹ کمشنر سٹی تعیناتی کے آخری روزتجاوزات کے خاتمے سمیت عطائی ڈاکٹروں اور گرانفروش قصابوں کے خلاف کریک ڈاؤن کیا۔انہوں نے مختلف علاقوں میں 11عطائی کلینکس سیل،5 مقدمات درج 4 افراد گرفتارکرانے کے ساتھ ایک کروڑ روپے مالیت کی قیمتی سرکاری اراضی واگزار کرالی۔ انہوں نے ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر اور پولیس فورس کے ہمراہ کریک ڈاؤن کرتے ہوئے غلام محمد آباد کے علاقہ شیراں والا چوک میں ہڈی جوڑ کلینک چلانے والے دو عطائی ڈاکٹروں کو موقع سے گرفتار کراکر 3 مقدمات کا اندراج تھانہ غلام محمد آباد میں کرادیا جبکہ دیگر کلینکس پر موجود عطائی ڈاکٹرز ٹیم کو دیکھ کر بھاگ نکلے، ہڈی جوڑ کلینکس کو موقع پر سیل کردیا گیا جبکہ مٹن 1300 روپے سے لے کر 1400 روپے فی کلو فروخت کرنے پر جناح کالونی میں امام دین مٹن شاپ اور رانا ابرار مٹن شاپ کو سیل،گراں فروش قصابوں کو گرفتار کرکے تھانہ گلبرگ میں مقدمات کا اندراج کرادیا گیا۔مزید براں جھنگ روڈ پر کارروائی کرتے ہوئے ایک کروڑ روپے مالیت کی قیمتی سرکاری اراضی کو واگزار کرایا۔
-

فیصل آباد ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے زیر اہتمام ایف ڈی اے سٹی میں پلاٹس کی کھلے عام نیلامی کے ذریعے فروخت
فیصل آباد(عثمان صادق) فیصل آباد ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے زیر اہتمام ایف ڈی اے سٹی میں مختلف رقبہ جات کے رہائشی وکمرشل پلاٹس کی فروخت کیلئے کھلے عام نیلامی منعقد ہوئی جس میں بڑی تعداد میں بولی دھندگان نے شرکت کی اور پلاٹس کی خریداری کے لئے بولی میں گہری دلچسپی کا مظاہرہ کیا۔ نیلامی کے پہلے دن 5 کروڑ 80 لاکھ روپے کے گیارہ پلاٹس فروخت ہوئے۔ عوامی۔سہولت کے لئے بقایا پلاٹس کی نیلامی منگل 21 ستمبر کو بھی منعقد ہوگی۔ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے ڈاکٹر فیصل عظیم نے خصوصی طور پر بولی کے عمل کا جائزہ لیا جبکہ نیلام کمیٹی کے اراکین ڈائریکٹر اسٹیٹ مینجمنٹ سہیل مقصود پنوں، ممبر گورننگ باڈی ایف ڈی اے میاں یاسر انور، پراجیکٹ ڈائریکٹر حبیب الرحمن، اسسٹنٹ ڈائریکٹر قمر شہزاد ودیگرنے نیلام عام کی نگرانی کی۔ ڈائریکٹر جنرل نے نیلامی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بولی دھندگان کا خیر مقدم کیااور کہاکہ بولی کے عمل کو صاف شفاف اور منظم رکھنے کیلئے تمام تر ضروری اقدامات کئے گئے ہیں اس ضمن میں مروجہ پالیسی اور قواعد و ضوابط کو مدنظررکھاگیاہے۔ انہوں نے بتایاکہ ہاؤسنگ کے شعبہ میں ایف ڈی اے سٹی ایک بہترین اور باوقار رہائشی منصوبہ ہے جو اب تیزی سے ترقی کی جانب گامزن ہے۔انہوں نے بتایاکہ بجلی کی فراہمی کیلئے تین فیڈر ز فنکشنل ہوگئے ہیں جبکہ بقایاکام اوردیگر ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کیلئے پیش رفت جاری ہے۔ انہوں نے بتایاکہ سکیورٹی سسٹم کو مضبوط بنانے کیلئے چاردیواری کی تعمیر کے علاوہ پولیس چوکی کاقیام عمل میں لایاجارہاہے جبکہ ڈویژنل پبلک سکول کے قیام کا منصوبے پر بھی کام جاری ہے۔انہوں نے بتایاکہ کمرشل ایریا کو بارونق بنانے کیلئے دیگر اقدامات کے علاوہ مشہور برانڈز کی مختلف کمپنیزسے بھی بات چیت کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ایف ڈی اے سٹی میں تمام تر بنیادی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں اور اس ہاؤسنگ سکیم میں سرمایہ کاری کا یہ بہترین موقع ہے کیونکہ ایف ڈی اے کے بارے میں عام تاثر بہت بہتر ہوا ہے اور قدر وقیمت میں بتدریج اضافہ سے الاٹیز /مالکان اب پلاٹس کی فروخت میں دلچسپی نہیں رکھتے جبکہ خریدار پلاٹس کے متلاشی ہیں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ پلاٹس کی فروخت سے حاصل ہونے والے فنڈز ایف ڈی اے سٹی کی مزید ڈویلپمنٹ پر ہی خرچ کئے جائینگے۔
-

آر پی او فیصل آبادعمران محمود کی طرف سے آر پی او آفس میں اردل روم کا انعقاد
آر پی او فیصل آبادعمران محمود کی طرف سے آر پی او آفس میں اردل روم کا انعقاد۔پولیس افسران کوکر پشن اور اختیارات کے ناجائز استعمال کی صورت میں کڑے محکمانہ احتساب کا سامنا کرناہو گا۔
تفصیلات:
(شان رسول نماٸندہ باغی ٹی وی سے)
آرپی او فیصل آبادعمران محمود نے کانفرنس روم آر پی او آفس میں اردل روم کا انعقاد کیا۔اردل روم کے دوران08پولیس افسران چارج شیٹ شوکاز نوٹسزو کی سماعت کے سلسلہ میں پیش ہو ئے۔دوران سماعت آرپی او فیصل آباد عمران محمودنے انسپکٹر ریاض الدین،SIجاوید اقبال،SIرائے محمد فاروق،SIریاض شاہد،ASIطاہر محمودکی چارج شیٹز کو فائل کر نے جبکہ SIریا ض شاہد TASIولید حسین اور کنسٹیبل خلیل احمد کو سزاء سنشور کے احکامات جاری کر دیے۔
اس موقع پر آرپی او فیصل آباد نے اظہار خیال کر تے ہو ئے کہا کہ محکمہ میں سزا اور جزاء کا عمل ہر صورت جاری رکھا جائے گا۔اچھی پروفارمنس کا مظاہرہ کر نے والے پولیس افسران انعامات کے حقدار ہو نگے جبکہ کرپشن اور اختیارات کا ناجائز استعمال کر نے والے پولیس افسران کوکڑے محکمانہ احتساب کا سامنا کر نا ہو گا۔
-

آر پی او فیصل آباد عمران محمود کا ضلع چینوٹ کا دورہ
آر پی او فیصل آباد عمران محمود کا ضلع چینوٹ کا دورہ ڈی پی او آفس میں کرائم میٹنگ،یادگارشہداء پر حاضری ٹی ایم اے گراؤنڈچینوٹ میں کھلی کچہری کا انعقاد۔تھا نہ چناب نگر اور تھا نہ کانڈیوال کی انفارمل انسپکشن۔
تفصیلات:
(شان رسول نُماٸندہ باغی ٹی وی سے)ریجنل پو لیس آ فیسر فیصل آباد عمران محمود نے ضلع چینوٹ کا دورہ کیا،ڈی پی آفس پہنچنے پر ڈی پی او چینوٹ بلال ظفر نے انکا استقبال کیا اور پولیس کے چاق و چوبند دستے نے سلامی دی۔
بعد ازاں ڈی پی او آفس میں زیر صدارت آر پی او فیصل آباد عمر ان محمود کرائم میٹنگ کا انعقاد ہوا جس میں ڈی پی او چینوٹ بلال ظفر،ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز ضلع چینوٹ نے شرکت کی۔
دوران میٹنگ سنگین مقدمات کے چالان، نامکمل چالان،زیر تفتیش مقدمات کاتفصیلی جائزہ لیا گیا۔
ریجنل پولیس آفیسر فیصل آباد نے احکامات جاری کرتے ہوئے کہاکہ افسران زیر تفتیش مقدمات کو یکسو کرنے کیلئے اپنا مثبت کردار ادا کریں۔
تفتیشی افسران مقدمات کو یکسو یا خارج کرنے کیلئے انصاف اور میرٹ کو ترجیح دیں۔ نیشنل ایکشن پلان کے تحت قوانین پر عمل درآمد کر وایا جائے اپنی پیشہ ورانہ مہارت کو بروئے کار لاتے ہوئے جدید خطوط پر تفتیش مکمل کی جائے تاکہ جرائم کے خاتمہ میں مدد ملے۔ ریکارڈ کو کمپیوٹرائزڈ کرنے کے ساتھ ساتھ مینول بھی ترتیب دیا جائے۔
بعد ازاں آرپی او فیصل آباد عمران محمود نے شہدا پولیس کو خراج تحسین پیش کر نے کے لیے یادگار شہداء پر حاضری دی اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔
اس موقع پراظہار خیال کر تے ہو ئے کہا کہ میں پولیس کے ایسے شیردل جوانوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں جنہوں نے اپنی جانیں وطن کے دفاع اور جرائم پیشہ عناصر کے خاتمہ کے لئے قربان کر دیں اور اپنے لہو سے ایثار و قربانی کی روشن مثال قائم کی۔قوم کے کل کی خاطر اپنا آج قربان کر دینے والے یہ عظیم فرزند ہمارے محسن ہیں۔
بعد ازاں آر پی او فیصل آبادعمران محمود نے انسپکٹر جنرل آف پولیس پنجاب کے وژن کے مطابق TMAگراؤنڈ چینوٹ کھلی کچہری کا انعقاد کیا۔اس موقع پر ڈی پی اوچینوٹ بلا ل ظفر انکے ہمراہ تھے۔متعلقہ دیہہ کے لوگوں نے انفرادی اور اجتماعی طور پر آر پی او فیصل آباد کو اپنی شکایات اور مسائل سے آگاہ کیا۔آر پی او فیصل آباد نے موقع پر ہی انکے حل کیلئے احکامات جاری کیے۔اس موقع پر آر پی او فیصل آباد نے کہا کہ عوام کی جان و مال کا تحفظ جرائم کا خاتمہ اور امن و امان کا قیام پولیس کے اولین فرائض میں شامل ہے۔
لوگوں کی شکایات اور مسائل کے حل کیلئے تمام ممکنہ اقدامات کریں گے۔لوگوں کو انکی دہلیز پر انصاف کی فراہمی کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائیگی۔سروس ڈلیوری کے عمل کو بہتر بنانے کیلئے اقدامات جاری ہیں انشااللہ مثبت نتائج برآمد ہونگے۔
معاشرتی برائیوں کا خاتمہ معاشرے میں جرائم کے خاتمہ کیلئے کلیدی اہمیت رکھتا ہے۔سول سوسائٹی معاشرتی برائیوں کے خاتمہ کیلئے پولیس کا ساتھ دے۔
ٍبعد ازاں آرپی او فیصل آباد عمران محمود نے بسلسلہ انفا ر مل انسپکشن تھا نہ چناب نگراورتھا نہ کانڈیوال کا دورہ کیا۔تھانہ جات پہنچنے پر انہوں نے تھانوں کی صفائی ستھرائی،عمارت،فر نٹ ڈیسک مال خانہ، تھانہ کی حوالات اور بند ملزمان کی تفصیل کو چیک کیا۔ رجسٹر ہائے تھانہ جات کی جانچ پڑتال کی۔
انہوں نے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ منشیات فروشوں، جواء کے اڈوں اور ناجائز اسلحہ رکھنے والوں کے خلاف مقدمات کا اندراج عمل میں لایا جائے۔ مجرمان اشتہاری اور عدالتی مفروران کی گرفتاری کیلئے ٹیمیں تشکیل دی جائیں تاکہ جرائم کی شرح میں کمی واقع ہو۔انہوں نے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ مقدمات کی تفتیش ہر صورت میرٹ پر کی جائیگی اورانصاف کی فراہمی کو ہر صورت یقینی بنایا جائیگا۔
-

ساتھی کے ہمراہ 16 سالہ لڑکی کو مبینہ زیادتی کا نشانہ بنانے والا پولیس کانسٹیبل گرفتار
فیصل آباد: کانسٹیبل کا ساتھی کے ہمراہ 16سالہ لڑکی سے مبینہ زیادتی کا واقعہ سامنے آگیا۔
باغی ٹی وی : تفصیلات کے مطابق پنجاب کے شہر فیصل آباد میں بس سٹینڈ میں پولیس کانسٹیبل نے ساتھی کے ہمراہ 16 سالہ لڑکی کو جنسی زیادتی کا نشانہ بناڈالا واقعہ کی خبر ملنے پر پولیس نے دونوں ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
باخبر ذرائع کے مطابق پولیس حکا م نے بتایا کہ غفران نامی ملزم نے اپنے دوست ہو ٹل مینجر تنویر کے ساتھ مل کر لڑکی کو مبینہ زیادتی کا نشانہ بنایا ہے دونوں ملزمان کو گرفتا ر کرکے تھانہ سول لائنز میں متاثرہ لڑکی کی مدعیت میں واقعے کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے جبکہ ملزمان سے تفتیش کا آغاز بھی کردیا ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل لاہور میں بھی رکشہ سوار خواتین کو نازیبان اشارے کرنے والے ملزم کو گرفتار کیا گیا ہے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔
واضح رہے کہ آئی جی پنجاب انعام غنی نے خواتین کو ہراساں کرنے والے ملزمان کے خلاف سخت کارروائی کے احکامات جاری کر رکھے ہیں جبکہ پنجاب پولیس کی جانب سے خواتین کے لئے ایک سیفٹی ایپ بھی متعارف کرائی گئی ہے خواتین ایمرجنسی صورتحال میں ایپ میں خصوصی بٹن دبا کر پولیس کی مدد حاصل کر سکیں گی اور اس کے علاوہ فون کال اور میسج کے ذریعے بھی خواتین دیگر معاملوں میں رہنمائی حاصل کر سکتی ہیں-
موٹر سائیکل چوری کرنے والا گینگ گرفتار
