فیصل آباد (محمد اویس) ایف ڈی اے سٹی کے مختلف بلاکس میں مساجد کی تعمیر کے لئے اقدامات میں پیشرفت کی جارہی ہے تاکہ دیگر بنیادی سہولیات کے ساتھ ساتھ عبادت گاہوں کے قیام کے منصوبوں کو بھی پائیہ تکمیل تک پہنچایا جاسکے۔یہ بات ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد سہیل خواجہ نے مختلف بلاکس میں مساجد کے لئے مختص جگہوں کا معائنہ کرتے ہوئے کہی۔سیلانی ویلفیئر ٹرسٹ کے عہدیداران شفیق میاں داد،شہزاد اسلم،شیخ عرفان،اسلم ڈیڈی بھی ان کے ہمراہ تھے جبکہ پراجیکٹ ڈائریکٹر ایف ڈی اے سٹی سہیل مقصود پنوں،ڈپٹی ڈائریکٹر یاسر چٹھہ ودیگر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے نے سیلانی ویلفیئر ٹرسٹ کی طرف سے ایف ون بلاک میں مختص ڈیڑھ کینال جگہ پر مسجد کی تعمیر کی پیشکش کو قبول کرتے ہوئے کہا کہ اللہ کے گھر کی تعمیر بہت بڑی سعادت اور قرب الہی کا ذریعہ ہے جس میں اللہ کی خوشنودی اور رضا کے لئے حصہ لینے والے افراد بہت بڑااجر وثواب کما رہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ مساجد کے لئے فراہم کی جانے والی جگہ کی مینجمنٹ اورمانیٹرنگ ایف ڈی اے کے پاس رہے گی جبکہ اسکی دیکھ بھال کی ذمہ داری مسجدکی انتظامیہ ہوگی۔ایف ون بلاک میں مسجد کے پلاٹ کی نشاندہی اورمسجد کی تعمیر کے ارادہ اور اسکی تکمیل میں کامیابی کے لئے خصوصی دعا کی گئی۔اس سے قبل ڈائریکٹر جنرل نے سیلانی ویلفیئر ٹرسٹ کے عہدیداران سے ملاقات کی اور مسجد کی تعمیر سمیت ان کے تعاون سے ایف ڈی اے سٹی میں ہسپتال کے قیام کے منصوبے کی تجویز بھی زیر بحث آئی۔
Category: فیصل آباد

اسسٹنٹ کمشنر تاندلیانوالہ محمد اورنگزیب سندھو نے سبزی منڈی کا دورہ مختلف پھلوں وسبزیوں کی نیلامی کے عمل کاجائزہ لیا۔
فیصل آباد (محمد اویس ) ڈپٹی کمشنر محمد علی کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر تاندلیانوالہ محمد اورنگزیب سندھو نے سبزی منڈی کا دورہ کیا اور مختلف پھلوں وسبزیوں کی نیلامی کے عمل کاجائزہ لیا۔اسسٹنٹ کمشنرتاندلیانوالہ نے مارکیٹ کمیٹی کے سٹاف سے کہا کہ مختلف سبزیوں کی سپلائی پر گہری نظر رکھیں اور کسی بھی سبزی یا پھل کی قیمت میں بلاجواز اضافہ نہیں ہونا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ سبزیوں اور پھلوں کے سٹاکس کے بارے میں مکمل معلومات روزانہ کی بنیاد پرحاصل کی جائیں اور نیلامی کا عمل ہر لحاظ سے شفاف ہونا چاہیے۔انہوں نے آلو،پیاز،ٹماٹر اور دیگر سبزیوں کی قیمتوں ومعیار کا بھی جائزہ لیا۔انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کے احکامات اورڈپٹی کمشنر سردار محمد علی کی ہدایات پر سبزی وفروٹ منڈیوں میں تھوک قیمتوں پر کڑی نظر رکھی جارہی ہے تاکہ ان کی پرچون قیمتوں میں اضافہ نہ ہو۔انہوں نے سبزی منڈی میں صفائی ستھرائی کو یقینی بنانے کی بھی تاکید کی۔

موجودہ حکومت کی شاندار معاشی پالیسیوں کے ثمرات آنا شروع ہوگئے ہیں۔معاون خصوصی وزیراعلی پنجاب برائے سپورٹس ملک عمر فاروق
فیصل آباد (محمد اویس) معاون خصوصی وزیراعلی پنجاب برائے سپورٹس ملک عمر فاروق نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کی شاندار معاشی پالیسیوں کے ثمرات آنا شروع ہوگئے ہیں۔ عام آدمی کی مشکلات بہت جلد دور ہو جائیں گی۔ جمعہ کو ان خیالات کا اظہار انہوں نے انصاف ویلفیئر سوسائٹی کے ایک 20 رکنی وفد سے بات چیت کے دوران کیا جس نے روزی خان کی قیادت میں ان سے ملاقات کی۔
وفد سے گفتگو کرتے ہوئے ملک عمر فاروق نے کہا کہ نوجوان پی ٹی آئی کا ہراول دستہ ہیں اور نئے پاکستان کی تعمیر و تشکیل میں نوجوانوں کو اہم ذمہ داریاں سونپی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ جب پاکستان کا نوجوان ایمانداری اور محنت سے اپنی ذمہ داریاں نبھائے گا تو دنیا کی کوئی طاقت نئے پاکستان کو بننے سے نہیں روک سکتی۔
فیصل آبا د اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ ریجن کے اسسٹنٹ ڈائریکٹرز کی گریڈ 18 میں ترقی
زاہد مسعود نظامی اور محمد اسلم کو گریڈ 18میں ترقی دے دی گئی ہے اس سلسلے میں فنانس ڈیپارٹمنٹ پنجاب کے سرکلر کے مطابق ایک سکیل پردس سالہ تسلی بخش سروس مکمل ہونے پر ٹائم سکیل پروموشن کے تحت انہیں گریڈ 17 سی 18میں ترقی دے دی ہے۔ٹائم سکیل پروموشن کے تحت اگلے سکیل پرترقی پانے والے دیگرافسران میں ایڈمن آفیسر اینٹی کرپشن ملتان غضنفر علی،اسسٹنٹ ڈائریکٹر ملتان عبدالحکیم، اسسٹنٹ ڈائریکٹر (ایڈمن) ہیڈکواٹرز ریاض احمد، اسسٹنٹ ڈائریکٹر (مانیٹرنگ) ہیڈکواٹرز محمد اسلم بھٹی، اسسٹنٹ ڈائریکٹر/پی ایس او ٹو ڈی جی پنجاب شکیل احمد اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر ہیڈکواٹرز علی مسعود شامل ہیں

عمران خان کے کلین اینڈ گرین پاکستان پروگرام پر پورے عزم سے عملدرآمد کیا جارہا ہے
فیصل آباد (محمد اویس) وزیراعظم عمران خان کے کلین اینڈ گرین پاکستان پروگرام پر پورے عزم سے عملدرآمد کیا جارہا ہے اس سلسلے میں ایف ڈی اے سٹی میں دستیاب 12،ایکڑ اراضی پر اربن فاریسٹ قائم کیا گیا ہے جبکہ اس ہائوسنگ کالونی میں مختص 69 پارکس کی جگہوں پر وسیع شجرکاری کے تحت پھلداراورپھولدار پودے لگائے جائیں گے۔
یہ بات ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد سہیل خواجہ نے ایف ڈی اے سٹی کے اے سیون بلاک میں اربن فاریسٹ کے منصوبے کی پیشرفت اورپارکس کی جگہوں کا معائنہ کرتے ہوئے بتائی۔پراجیکٹ ڈائریکٹر ایف ڈی اے سٹی سہیل مقصود پنوں،ڈپٹی ڈائریکٹر یاسر چٹھہ اور دیگر افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔ڈائریکٹر جنرل نے بتایا کہ ایف ڈی اے سٹی کے منصوبے کی آبادکاری کے ساتھ ساتھ اسے سرسبز وشاداب بنانے کیلئے جامع اقدامات کئے جارہے ہیں۔
وزیر اعظم عمران خان نے فیصل آباد پہلی پناہ گاہ کا باضابطہ افتتاح کر دیا
فیصل آباد (محمد اویس) تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان فیصل آباد میں سی پیک کے پہلے صنعتی زون کا سنگ بنیاد رکھنے کے لئے پہنچے ،جہاں انہوں نے جنرل بس اسٹینڈ پرمدینہ فاؤنڈیشن کی تعمیرکردہ پہلی پناہ گاہ کا باضابطہ افتتاح کیا۔
اس موقع پر چیئر مین مدینہ فاؤنڈ یشن میاں محمد حنیف سمیت کئی اعلیٰ حکام وزیر اعظم عمران خان کے ہمراہ تھے،مذکورہ پناہ گاہ میں تین سو پچاس افراد کے ٹھہرنے کی گنجائش ہے۔
فیصل آباد پناہ گاہ کا کھانا وزیراعظم ہاؤس سے اچھا تھا، وزیراعظم عمران خان
فیصل آباد (محمد اویس) وزیراعظم عمران خان نے فیصل آباد میں پناہ گاہ کا افتتاح کیا، اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔
وزیراعظم عمران خان نے افتتاح کے موقع پر پناہ گاہ کے مختلف حصوں کا جائزہ لیا اور دیگر لوگوں کے ساتھ بیٹھ کر کھانا بھی کھایا۔
وفاقی وزیر اسد عمر نے اس حوالے سے سوشل میڈیا پر بیان بھی جاری کیا ہے۔
اسد عمر نے ٹوئٹر پر لکھا کہ فیصل آباد میں پناہ گاہ کے دورے پر کھانا کھانے کا موقع ملا، وزیراعظم اور مجھے دونوں کو آلو گوشت بہت پسند آیا۔
وفاقی وزیر نے مزید لکھا وزیراعظم کا کہنا تھا کہ یہ کھانا وزیراعظم ہاؤس سے بھی بہتر پکا ہوا ہے۔
فیڈمک میں 400 ارب کی سرمایہ کاری سے 400 صنعتیں لگیں گی، کاشف اشفاق
فیصل آباد (محمد اویس) چیئرمین فیڈمک میاں کاشف اشفاق نے کہا ہے کہ سی پیک کے تحت قائم ہونے والے پاکستان کے پہلے سپیشل اکنامک زون علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی کے لئے 3317 ایکڑ زمین حاصل کر لی گئی ہے۔ اس میں سے 700 ایکڑ سے زائد زمین کی فروخت کے معاہدے ہو چکے ہیں اور بہت سے غیر ملکی و مقامی سرمایہ کار رابطے میں ہیں۔ یہاں زمین لینے والی 12 کمپنیوں کو رواں ماہ ہی ذمین کا قبضہ دیدیا جائے گا تاکہ وہ صنعتی یونٹس کی تعمیر شروع کر سکیں۔ اس پراجیکٹ میں 400 ارب روپے کی سرمایہ کاری سے 400 صنعتیں لگیں گی اور تین لاکھ سے زائد لوگوں کو ملازمتیں ملیں گی۔ وہ فیڈمک کے زیر انتظام سی پیک کے تحت قائم کئے جانے والے پہلے سپیشل اکنامک زون علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ جب وہ فیڈمک کے چیئرمین بنے تو سرمایہ کار رابطہ کرتے تھے تو انہیں فراہم کرنے کے لئے زمین ہی موجود نہیں تھی لیکن اب زمین موجود ہے، گیس اور انفراسٹراکچر سمیت دیگر درکار سہولیات فراہم کر دی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی کو غیر ملکی اور مقامی سرمایہ کاروں میں جتنی پذیرائی حاصل ہو رہی ہے اس کی وجہ سے ان کا اندازہ ہے کہ آئندہ تین ماہ میں اس کی باقی زمین بھی فروخت ہو جائے گی اور پھر مزید اتنی ہی زمین مزید درکار ہو گی۔ انہوں نے وزیر اعظم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اس پراجیکٹ کی کامیابی کے لئے وفاقی حکومت کا تعاون مل جائے تو وہ اس پراجیکٹ کو ایسا ماڈل بنا دیں گے جس کو پاکستان میں کہیں بھی دہرایا جا سکتا ھے

علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی سے پاکستان میں انڈسٹریلائزیشن کو فروغ ملے گا۔صوبائی وزیر انڈسٹریز و سرمایہ کار میاں اسلم اقبال
فیصل آباد (محمد اویس) صوبائی وزیر انڈسٹریز و سرمایہ کار میاں اسلم اقبال نے کہا ہے کہ علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی سے پاکستان میں انڈسٹریلائزیشن کو فروغ ملے گا۔ چین اپنی انڈسٹری کی پاکستان میں "ری لوکیشن کے حوالے سے بہت تعاون کر رہا ہے۔ پنجاب انڈسٹریل پالیسی 2018 وزیر اعظم کے ویژن کی عکاس ہے جس سے صوبے میں سرمایہ کاری اور روزگار کی فراہمی میں اضافہ ہو گا۔ وہ فیڈمک کے زیر انتظام سی پیک کے تحت قائم کئے جانے والے پہلے سپیشل اکنامک زون علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی عوام عمران خان کو ایک مسیحا کی شکل میں دیکھ رہی ہے اور وہ ان کی ٹیم کے ممبر ہونے کی حیثیت سے ان کے ویژن کو عملی شکل میں لانے کے لئے اپنی وزارت میں 20،20 گھنٹے لگاتار کام کر رہے ہیں۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ پنجاب واحد صوبہ ہے جس نے 5 اکنامک زون بنائے ہیں اور ان کے علاوہ دو اکنامک زون پرائیویٹ سیکٹر نے بنائے ہیں جبکہ دو نئے اکنامک زونز پر کام جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ فیڈمک کے پراجیکٹ کی کامیابی کا ثبوت یہ ہے کہ اس کے آغاز ہونے سے قبل ہی دو ارب ڈالر کی بیرونی سرمایہ کاری ہو چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کے ویژن کے مطابق نوجوانوں کو قرضوں کی فراہمی کا آغاز ہو چکا ہے، کاٹیج انڈسٹری کی بحالی کے لئے بھی قرضوں کی سکیم متعارف کروا دی گئی ہے جبکہ ٹیکنیکل ٹریننگ کے اداروں کو بھی ایک نظام کے تحت لانے کے لئے قانون سازی کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کے اس بیانیے میں کوئی حقیقت نہیں ہے کہ کاروبار بند ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حقیقت اس کے برعکس ہے کیونکہ ایکسپورٹ بڑھ رہی ہے، نئی ملازمتیں پیدا ہو رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن والے وزیر اعظم کو اس لئے نااہل اور نالائق کہتے ہیں کہ انہیں کرپشن کرنی نہیں آتی، انہوں نے اپنے سمدھی کو وزیر خزانہ نہیں بنایا، انہوں نے اپنی بیٹی کو ایک ارب روپے کے فنڈ کی سربراہی نہیں دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب ایک گھر میں رہتے ہیں انہوں نے شہباز شریف کی طرح پانچ، چھ گھروں کو سرکاری رہائش گاہ قرار نہیں دیا ہوا ہے۔

پنجاب وہ پہلا صوبہ ہے جس نے سی پیک کے تحت پہلا سپیشل اکنامک زون بنایا ہے۔ وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار
فیصل آباد ( محمد اویس) وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ پنجاب وہ پہلا صوبہ ہے جس نے سی پیک کے تحت پہلا سپیشل اکنامک زون بنایا ہے۔ مارچ میں قائد اعظم ایپرل پارک کا بھی افتتاح کر دیا جائے گا۔ صوبے میں 10 نئے اکنامک زون اور تین ٹیکنیکل یونیورسٹیاں بنائی جائیں گی۔ وہ فیڈمک کے زیر انتظام سی پیک کے تحت قائم کئے جانے والے پہلے سپیشل اکنامک زون علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نے اس اکنامک زون کی ڈویلپمنٹ کے لئے پانچ ارب روپے کے فنڈز مختص کئے ہیں جس سے ترقیاتی کام شروع ہو چکے ہیں اور انہیں بہت جلد مکمل کر لیا جائے گا۔ عثمان بزدار نے کہا کہ فیڈمک کے تحت قائم ایم تھری انڈسٹریل سٹی میں ڈیڑھ ارب ڈالر جبکہ علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی میں دو ارب ڈالر کی سرمایہ کاری ہو چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے ڈیڑھ ارب روپے سے ہنرمند نوجوان پروگرام شروع کیا ہے جس سے 10 لاکھ نوجوانوں کو ہنرمند بنایا جائے گا اور انہیں اپنے کاروبار کے آغاز کے لئے قرضوں کی مد میں چھ ارب روپے فراہم کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ان اقدامات سے معیشت کا پہیہ چلے گا اور خوشحالی آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کے ویژن کو آگے بڑھاتےہوئے پنجاب انڈسٹریلائزیشن کےحوالے سے بھی ملک بھر میں لیڈ کرے گا۔









