فیصل آباد (محمد اویس) وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ سی پیک کے تحت بننے والے سپیشل اکنامک زون علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی کے آغاز سے صنعتی ترقی اور روزگار کی فراہمی کے نئے دور کا آغاز ہو گا۔ نیب آرڈینس لا کر بیوروکریسی کے سر پر لٹکی تلوار ہٹا دی ہے اب ان کے پاس کام نہ کرنے کا کوئی بہانہ نہیں ہونا چاہیئے۔ آئی جی پنجاب دو سے تین ماہ کے اندر رسہ گیروں، ڈاکووں اور غنڈہ عناصر کا خاتمہ کریں۔ بیرونی سرمایہ کاری میں اضافے کے لئے گورننس کا نظام بہتر بنانا ہے۔ وہ فیڈمک کے زیر انتظام سی پیک کے تحت قائم کئے جانے والے پہلے سپیشل اکنامک زون کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ چین کی بہت سی انڈسٹری "ری لوکیٹ” ہو کر پاکستان آنا چاہتی ہے اس لئے ہمیں انفراسٹرکچر بہتر بنانی ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ چینی صدر نے خود انہیں یقینی دہانی کروائی ہے کہ اگر پاکستان سرمایہ کاری کے لئے بہتر ماحول فراہم کرے تو وہ خود چینی صنعتکاروں کو اپنی صنعتیں پاکستان منتقل کرنے کی ہدایت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ چین سے صرف انڈسٹری نہیں آئے گی بلکہ ٹیکنالوجی ٹرانسفر بھی ہو گی۔ عمران خان نے کہا کہ چین نے بھی اس ماڈل کے تحت پہلے ایکسپورٹ زون بنا کر اپنی ایکسپورٹس کو بڑھایا اور گزشتہ 30 سال میں 70 کروڑ لوگوں کو غربت سے نکال کر ہمیں راستہ دکھایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 1960 کے عشرے میں پاکستان میں بھی انڈسٹری لگ رہی تھی لیکن 1970 کے عشرے میں یہ پالیسی تبدیل کر کے سرمایہ کار کو برا بنا کر پیش کیا گیا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ترقی کرنی ہے تو انڈسٹری لگانی ہے، ایکسپورٹ بڑھانی ہے اور زراعت کے شعبے میں پیداوار میں اضافہ کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاحت کے ذریعے بھی پاکستان بہت پیسہ کما سکتا ہے اس پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے انڈسٹریلائزیشن پر زور دیتے ہوئے کہا کہ تعلیم کو فروغ دینے اور فنی تعلیمی اداروں میں اضافہ کرنے کی شدید ضرورت ہے۔ انہوں نے فیڈمک کے چیئرمین میاں کاشف اشفاق کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت آپ سے پورا تعاون کرے گی۔ وزیر اعظم نے کہا کہ جب حالات مشکل ہوتے ہیں تو بچت ضروری ہو جاتی ہے تاکہ عوام کا پیسہ ضائع نہ ہو۔
Category: فیصل آباد

سی پیک کے تحت وزیراعظم کریں گے اہم منصوبے کا افتتاح
سی پیک کے تحت وزیراعظم کریں گے اہم منصوبے کا افتتاح
باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق وزیر اعظم عمران خان آج ایک روزہ دورے پر فیصل آبادجائیں گے،وزیراعظم عمران خان فیصل آباد میں پناہ گاہ کا افتتاح کریں گے،وزیراعظم عمران خان کو کلین فیصل آبادمہم پر بریفنگ دیں گے،وزیر اعظم علامہ اقبال انڈسٹریل اسٹیٹ کا سنگ بنیاد رکھیں گے
پاک چین اقتصادی راہداری کے تحت 9 خصوصی اقتصادی زونز پرکام شروع ہو گیا ہے،ملکی و غیر ملکی کمپنیاں 400 ارب روپے کی خطیر سرمایہ کاری کریں گی،اقتصادی زون کے قیام سے 3 لاکھ افراد کیلئے نوکریوں کے مواقع پیدا ہوں گے، ابتدائی طور پرچین 125 بلین اور پاکستان 35 بلین روپے کی سرمایہ کاری کرے گا،اقتصادی زون میں ٹیکسٹائل، ادویات ،فارماسوٹیکل اورکیمیکل کے پلانٹ لگائے جائیں گے،تعمیراتی مٹیریل،آٹوموبائل،اسٹیل اورلائٹ انجنیئرنگ کی صنعتیں بھی قائم کی جائیں گی،حکومت نے اقتصادی زون کیلئےبجلی،پانی اور گیس کی بنیادی سہولیات مہیا کردیں
3200ایکڑپر مشتمل اقتصادی زون کا پہلا فیز 2 سال میں مکمل ہو گا،اقتصادی زون کامکمل تعمیراتی کام 5 سال میں پورا کر لیا جائے گا،اقتصادی زون میں ریسکیو1122اور سیکیورٹی کی سہولیات دستیاب ہوں گی،ووکیشنل ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ اور اسکل ڈیویلپمنٹ مراکز بھی قائم کیے جائیں گے

حکومت کی عوام دوست پالیسیوں سے ملک میں تعمیر و ترقی کا دور شروع ھوچکا ھے۔وفاقی پارلیمانی سیکرٹری ریلویز میاں فرخ حبیب
فیصل آباد (محمد اویس) وفاقی پارلیمانی سیکرٹری ریلویز میاں فرخ حبیب نے کہا ہے کہ حکومت کی عوام دوست پالیسیوں سے ملک میں تعمیر و ترقی کا دور شروع ہو چکا ہے اور اس کے ثمرات عوام تک آنا شروع ہو گئے ہیں ۔یہ بات انہوںنے اپنے دفتر میں پارٹی عہدیداروں اور عمائدین حلقہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہی ۔ انہوں نے کہا کہ حلقہ کی تعمیر و ترقی کے لئے میگا پراجیکٹس کا جلد آغاز کر دیا جائے گا ۔
ماضی میں نظر انداز کئے گئے علاقوں میں ترجیحی بنیادوں پر تعمیر و ترقی کے منصوبے شروع کئے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ جن علاقوں میں فراہمی و نکاسی آب کا مسئلہ ہے ان علاقوں کا سروے کیا جا چکا ہے ۔ انہیں جلد ہی پایہ تکمیل تک پہچایا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ حلقہ میں صحت و صفائی کے نظام کو بہتر بنانے کے لئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں گے انہوںنے کہا کہ فیصل آباد کو خوبصورت بنانے کے لئے بھی ماسٹر پلان پر عملدرآمد کیا جارہا ہے۔
کشمیر پل انڈر پاس کے منصوبے پر تیز رفتاری سے کام جاری ہے ۔ اس منصوبے کے مکمل سے ٹریفک کی روانگی میں بہتری آئے گی ۔ انہوں نے کہا کہ حلقہ کے عوام کو صاف پانی کی فراہم کے لئے واٹر فلٹریشن پلانٹس نصب کئے جارہے ہیں یونین کونسل کی سطح پر واٹر فلٹریشن پلانٹس لگائے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک و قوم کی ترقی حکومت کی اولین ترجیحات ہیں جبکہ کے کرپشن کے خاتمے کے لئے موجودہ حکومت کرپٹ عناصر سے سختی سے نمٹ رہی ہے ملک میں جلد ہی کرپشن کا خاتمہ کر دیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ لوٹ مار کرنے والوں کے چہرے بے نقاب ہو چکے ہیں وہ حکومت کے خلاف سازشوں میں مصروف ہیں لیکن عوام کی طاقت سے ان کی کسی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا ۔
فیصل آباد تھانہ جھنگ بازار پولیس کا جواریوں کے خلاف آپریشن
فیصل آباد(محمد اویس) سی پی او فیصل آباد کیپٹن (ر)محمد سہیل چوہدری کی ہدایت پرتھانہ جھنگ بازارپولیس نے جواء کھیلتی10جواری گرفتارکرلیا
تفصیلات کے مطابق تھانہ جھنگ بازارپولیس نے دوران گشت ریڈنگ پارٹی کے ہمراہ ریڈکرکے جواء کھیلتے ہوئے سجاد کو اس کی09ساتھی سمیت گرفتار کیاملزمان کے قبضہ سے داو پر لگی 29350 روپے برآمد کر لیے ملزمان کے خلاف مقدمہ نمبر 1100/19 بجرم 5 قمار بازی آرڈیننس کے تحت تھانہ جھنگ بازارمیں درج رجسٹر کر لیاگیا۔
سی پی او فیصل آباد نے تمام ایس ایچ اوز اور سی آئی اے کو جواء مافیا کیخلاف کاروائی کو مزید تیز کرنے کی ہدایت کی ہے اور حکم دیا ہے کہ جواریوں کی گرفتاری کیلئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی جائیں تاکہ معاشرے میں جواء جیسی بیماری کو ختم کیا جاسکے کیونکہ جواء بہت سے جرائم کی جڑ ہے ۔تمام ایس ایچ او ز دن رات محنت کریں تاکہ جرائم کو پنپنے کا موقع نہ مل سکے۔
فیصل آباد میں گنا کا ریٹ بڑھنے کی وجہ شوگر ملز نے گنا کی خریداری بند کردی
فیصل آباد (محمد اویس) ضلع فیصل آباد کی چار شوگر ملز کی طرف سے گنے کی خریداری بند کردی گئی۔ ملز انتظامیہ کا موقف ہے کہ گنے کے نرخوں کے معاملات طے نہ ہونے پر ملزغیر معینہ مدت کیلئے بند کیں ایسوسی ایشن کے فیصلے پر چلائی جائیں گی۔ ضلعی صدر کسان بورڈ علی احمد گورایہ نے کہا ہے کہ شوگر ملز نے بلیک میلنگ شروع کردی ہے۔ سرکاری نرخوں سے کم پر گنا خریدنے کیلئے ملی بھگت سے ملز بند کی گئیں۔ شوگر ملز والے کسانوں کا استحصال کر رہے ہیں۔ مڈل مین 170 روپے فی من سے کم قیمت پر گنا خرید رہا ہے۔ شوگر ملز 190 روپے فی من سے کم قیمت پر گنا خریدنا چاہتی ہیں۔

وزیراعظم عمران خان کے دورہ فیصل آباد کے حوالے سے انتظامات کو حتمی شکل دینے کے لئے کمشنر عشرت علی کا ٹیم کیساتھ دورہ
فیصل آباد (محمد اویس) وزیراعظم عمران خان کے دورہ فیصل آباد کے حوالے سے انتظامات کو حتمی شکل دینے کے لئے کمشنر عشرت علی، ڈپٹی کمشنر محمد علی، ریجنل پولیس آفیسر راجہ رفعت مختار اور سٹی پولیس آفیسر کپٹن (ر) سہیل چوھدری نے گزشتہ روز فیڈمک کا دورہ کیا۔ انہوں نے چیئرمین فیڈمک میاں کاشف اشفاق سے ملاقات کر کے وزیراعظم کی آمد پر سیکورٹی پلان اور افتتاحی تقریب کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر فیڈمک کے چیف آپریٹنگ آفیسر میاں عامر سلیمی اور مینجر ایڈمن میاں زبیر اظہر و دیگر بھی موجود تھے۔ انہوں نے سی پیک کے تحت قائم کئے جانے والے ترجیحی اکنامک زون "علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی” میں جاری ترقیاتی کاموں کا بھی جائزہ لیا۔ اس موقع پر میاں کاشف اشفاق نے کہا کہ علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی کا سنگ بنیاد رکھنے کے لئے وزیر اعظم عمران خان تین جنوری کو فیصل آباد آئیں گے اور اس حوالے سے تمام انتظامات مکمل ہیں۔ فیڈمک بورڈ نے اس اکنامک زون کی چار دیواری اور مرکزی گیٹ کی منظوری دے دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی میں بجلی کی سہولت فراہم کرنے کے لیے گرڈ اسٹیشن کی بھی منظوری ہو چکی جو کہ جلد مکمل ہوجائے گا۔

گیٹ یوتھ کی جانب سے الفتح سپورٹس کمپلیکس میں واقع ای لائبریری میں ارفہ کریم رندھاوا کے اعزاز میں انگریزی و اُردو تقریری مقابلے
فیصل آباد (محمد اویس) مفت آئی ٹی کی تعلیم دینے والی تنظیم گیٹ یوتھ کی جانب سے الفتح سپورٹس کمپلیکس میں واقع ای لائبریری میں ارفہ کریم رندھاوا کے اعزاز میں انگریزی و اُردو تقریری مقابلے کا انعقاد کیا گیا مقابلے میں شہر بھر کے نجی و سرکاری سکولز کے میٹرک کے طلباء طالبات نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا مقابلے میں ڈویژنل پبلک سکول سمیت ڈویژنل ماڈل سکول، دی سمارٹ سکول سمن آباد کیمپس، اسپائر گرائمر سکول، دی میری لینڈ سکول سسٹم،دار ارقم سکول مین کیمپس ،بحریہ گرائمر سکول، دی نیشنل سکول سسٹم،گورنمنٹ ہائر سیکنڈری سکول کوتوالی روڈ، دی سٹی سٹار سکول اور گورنمنٹ کمپری ہینسیو سکول و دیگر کے طالبعلم شریک ہوئے طلبہ نے ارفہ کے بعد کوئی اور ارفہ کیوں نہ بن سکا کے موضوع پر تقاریر کیں اس موقع پر پراجیکٹ کوارڈ ینیٹر گیٹ یوتھ اقرا منیر کا کہنا تھا کہ اس مقابلے کا مقصد طالبعلموں کو ملک کا نام دنیا مین روشن کرنے والی ارفہ کے بارے میں بتانا تھا کہ مستقبل کے معمار قومی ہیروز کے نقش قدم پر چلتے ہوئے آئی ٹی کے میدان میں کیے جانے واکے کارناموں سے آگاہ ہو سکیں۔

بجلی اور گیس کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافے کو مسترد کرتے ھیں۔ ضلعی امیر جماعت اسلامی عظیم رندھاوا
فیصل آباد (محمد اویس) جماعت اسلامی کے ضلعی امیرانجینئر عظیم رندھاوا نے بجلی اور گیس کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافے کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ساری دنیا میں حکومتیں سال میں ایک بجٹ دیتی ہیں جبکہ پاکستان میں پی ٹی آئی کی حکومت روزانہ ایک نئے بجٹ کا اعلان کردیتی ہے ، مہنگائی کا طوفان برپا کر کے حکومت غریب کے جسم سے خون کا آخری قطرہ بھی نچوڑ لینے پر تلی ہوئی ہے ۔
بڑھتی ہوئی مہنگائی پر قابو نہ پایا گیا تو ملک میں بدامنی کی فضا پیدا ہوجائے گی اور پھرلوگ زندہ رہنے کیلئے کچھ بھی کرنے پرتل ہوجائیں گے، حکومت فوری طورپرقیمتوں میں اضافہ واپس لے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت گیس اور تیل کی قیمتیں خود بڑھاکر بہانہ بناتی ہے کہ یہ اوگرا اور نیپرا کا کام ہے ،حکومت بتائے کہ کیا اوگرااور نیپراوزیر اعظم کے ماتحت ادارے نہیں ۔انہوں نے کہا کہ پٹرول اور گیس کی قیمتوں میں اضافے سے ہر چیز مہنگی ہوجاتی ہے ،جس کا سب سے زیادہ بوجھ عام آدمی پر پڑتا ہے ۔گیس کی قیمتیں بڑھنے سے سی این جی کی قیمت میںبھی اضافہ ہوچکا ہے ۔ حکومت نے غریب کومشکلات میںمبتلا کر رکھا ہے اور امیر وں کو نواز رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ عمران حکومت کو چاہئے تھا کہ اپنے دعوئوں کے مطابق وہ کاروبار کے مواقع پیدا کرتی ،بے روز گاری کا خاتمہ کرتی ،چھوٹی صنعتیں اور کارخانے لگاتی تاکہ لوگ کام کرکے اپنا پیٹ پالتے اور حکومت کو ٹیکس بھی دیتے لیکن حکومت لوگوں کے کاروبار بند کر کے ان سے ٹیکس مانگ رہی ہے جو سراسر ظلم ہے ۔

کار ڈیوائیڈر سے ٹکرا کر الٹنے سے جواں لڑکی جاں بحق
فیصل آباد ( محمد اویس) کار ڈیوائیڈرڈ سے ٹکرا کر الٹنے سے 18سالہ لڑکی جاں بحق نوجوان زخمی نعش ورثاء کے حوالے،ناگہانی موت پر گھر میں صف ماتم بچھ گئی،تفصیلات کے مطابق مدینہ ٹائون خیابان تھری کا رہائشی 28سالہ اویس ولد عبدالمجید اپنی کار نمبری ایف ڈی 43 ماڈل 2012ء میں 18سالہ لڑکی کے ہمراہ پینسرہ کی طرف جا رہا تھا کہ جھنگ روڈ پر اڈا ٹھیکری والا کے قریب علی الصبح بے قابو کارڈیوائیڈرڈ سے جا ٹکرائی جس کے نتیجہ میں کار الٹنے سے تباہ ہوگئی اور سوار مذکورہ لڑکی موقع پر ہی دم توڑ گئی،جبکہ اویس کو زخمی ہونے پر ریسکیو 1122کی امدادی ٹیم نے طبی امداد فراہم کی تھانہ ٹھیکریوالہ پولیس نے ضروری کارروائی کے بعد نعش ورثاء کے حوالے کردی

فیصل آباد میں خاتون سمیت 3 افراد کی زہریلی گولیاں کھا کر خودکشی
فیصل آباد (محمد اویس) مہنگائی سے ستائے اور گھریلو جھگڑوں سے دلبرداشتہ خاتون سمیت 3 افرادنے زہریلی گولیاں کھاکر خودکشی کرلی۔ ریسکیوذرائع کے مطابق ستیانہ کے نواحی گائوں435گ۔ب میں گھریلو جھگڑوں سے دلبرداشتہ شادی شدہ 20 سالہ لڑکی آصفہ نے۔ جڑانوالہ کے نواحی گائوں 63 گ۔ب میں 35 سالہ شاہد علی اورچک 35 گ ب میں عتیق الرحمن نے معاشی بدحالی اور گھریلو جھگڑوں سے دلبرداشتہ ہوکرزہریلی گولیاں کھاکرخودکشی کرلی۔ ضروری قانونی کاروائی کے بعدنعشیں ورثا کے سپرد کردی گئی ہیں









