Baaghi TV

Category: فیصل آباد

  • پنجاب پولیس کا جوان رشوت لیتے گرفتار

    فیصل آباد(محمد اویس )ڈائریکٹر اینٹی کرپشن عمران رضا عباسی کی ہدایت پر اینٹی کرپشن ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے پنجاب پولیس کے ایلیٹ کو رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا۔تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر اینٹی کرپشن کو جڑانوالہ کی رہائشی نازیہ بی بی نے درخواست گزاری تھی کہ پنجاب پولیس کا ایلیٹ سرمد سعید اسے پنجاب پولیس میں بھرتی کرانے کے عوض 10 ہزار روپے رشوت طلب کر رہا ہے جس پرسرکل آفیسرشیخ ناصر عباس نے چھاپہ مار کر ایلیٹ کو رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا اور اس کے خلاف تھانہ اینٹی کرپشن میں مقدمہ نمبر37/19 درج کرادیا۔

  • اشیائے ضروریہ کی سرکاری طور پر مقررہ قیمتوں پر فروخت کویقینی بنایا جائے۔ صوبائی وزیر حافظ ممتاز

    فیصل آباد (محمد اویس ) صوبائی وزیر ایکسائز اینڈ ٹیکیشن حافظ ممتاز احمد نے کہا ہے کہ اشیائے ضروریہ کی سرکاری طور پر مقررہ قیمتوں پر فروخت کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا اور مہنگائی مافیا کو من مانی کے ذریعے عوام کا استحصال نہیں کرنے دیں گے۔ انہوں نے یہ بات وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایات پر مختلف بازاروں اور سٹورز پر کھانے پینے کی اشیاء کی قیمتیں چیک کرتے ہوئے کہی۔ ڈپٹی کمشنر محمد علی بھی ان کے ہمراہ تھے جبکہ اسسٹنٹ کمشنر سٹی زوہا شاکر اور مارکیٹ کمیٹی کا سٹاف بھی موجود تھا۔ صوبائی وزیر اور ڈپٹی کمشنر ماڈل بازار جھنگ روڈ‘ ایس بی سٹور جھنگ روڈ اور دیگر علاقوں میں بازاروں و سٹورز پر گئے اور پھل‘ سبزیوں‘ دالوں‘ چاول‘ بیسن‘ آٹا‘چینی و دیگر اشیائے خورد و نوش کی مقرر کردہ قیمتوں کے مطابق فروخت کو چیک کیا۔ انہوں نے دکانداروں سے بعض پھلوں و سبزیوں کے ریٹس دریافت کرتے ہوئے تاکید کی کہ نرخناموں کے مطابق ہی اشیاء فروخت ہونی چاہیں بصورت دیگر جرمانوں اور دیگر سزاؤں سے گریز نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے ایس بی سٹور میں کچھ اشیاء پر نرخناموں کی عدم موجودگی پر وارننگ دی اور اپنی نگرانی میں دالوں و دیگر اشیاء کا وزن بھی چیک کیا۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے بعض اشیاء کی قیمتوں پر سو فیصد عملدرآمد کرانے کی سخت ترین ہدایات جاری کی ہیں اس سلسلے میں وہ ضلع بھر میں مارکیٹوں‘ بازاروں‘ سٹوروں پر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کو چیک کر رہے ہیں جس کا سلسلہ مستقل بنیادوں پر جاری رہیگا۔ انہوں نے صارفین سے اشیاء کی قیمتوں اور کوالٹی کے بارے میں دریافت کرتے ہوئے کہا کہ غریب عوام کو ریلیف کی فراہمی پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ صوبائی وزیر نے ضلعی انتظامیہ کے افسران سے کہا کہ وہ مارکیٹوں‘ بازاروں کے باقاعدگی سے دورے کرکے قیمتوں کو چیک کریں اور اوورچارجنگ کرنے والوں کو پکڑ کر جیل بھجوائیں تاکہ کسی کو زائد قیمت وصول کرنے کی جرات نہ ہو۔ ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ ضلع بھر کے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو اوورچارجنگ کی روک تھام کے لئے متحرک کر رکھا ہے جبکہ ان کی کارکردگی کو بھی تسلسل کے ساتھ چیک کیا جارہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ صبح سویرے پھل و سبزی منڈی کا دورہ کرکے پیاز‘ آلو‘ ٹماٹر و دیگر اشیاء کی نیلامیوں کے عمل کا بھی جائزہ لیاجارہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام ماڈل بازار جھنگ روڈ میں صارفین کو معاشی ریلیف فراہم کرنے کے لئے اشیائے ضروریہ عام بازاروں سے رعایتی نرخوں پر فروخت کی جارہی ہیں جس سے بڑی آبادی مستفید ہو رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کے ویژن کے مطابق صارفین کو کنٹرول قیمتوں پر اشیاء ضروریہ کی دستیابی یقینی بنائے جائے گی۔
    ۔۔۔///۔۔۔

  • سموگ سے گھبرانے کی نہیں بلکہ احیتاط کی ضرورت ہے

    فیصل آباد (محمد اویس )شہری موجودہ موسمی حالات میں سموگ (فضائی آلودگی) سے محفوظ رہنے کے لئے احتیاطی تدابیر پر ذمہ داری سے عملدرآمد کریں اور موٹر سائیکل ڈرائیو کرتے وقت عینک اور چہرے پر حفاظتی ماسک کا استعمال ضرور کیا جائے تاکہ آنکھوں کی انفیکشن سمیت دیگر بیماروں سے محفوظ رہا جا سکے۔ یہ بات پرنسپل ڈاکٹر ظہور احمد بھٹی نے گورنمنٹ میونسپل ڈگری کالج میں منعقدہ انسداد سموگ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔پروفیسر خالد حسن‘ پروفیسر محمد جعفر قمر‘ پرویز خالد‘ اقبال سندھو و دیگر بھی موجود تھے۔ پرنسپل ادارہ نے کہا کہ سموگ سے گھبرانے کی نہیں بلکہ احیتاط کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب سموگ کے خاتمے کے لئے موثر اقدامات کر رہی ہے اس سلسلے میں ماحول کو صاف و شفاف بنانے کے لئے کلین اینڈ گرین پروگرام پر عملدرآمد بھی جاری ہے۔ پروفیسر خالد حسن و دیگر نے سموگ سے بچاؤ کے لئے احتیاطی تدابیر پر ذمہ داری سے عمل پیرا ہونے کی ضرورت پر زور دیا۔ اس موقع پر طالب علموں میں احتیاطی تدابیر پر مشتمل پمفلٹس بھی تقسیم کئے گئے۔
    ۔۔۔///۔۔۔

  • غیر منظور شدہ پرائیویٹ ہاؤسنگ سکیم بجلی کی سروس فراہم نہ کرنےکا فیصلہ

    فیصل آباد(محمد اویس )ڈائریکٹر ٹاؤن پلاننگ ایف ڈی اے نے سرگودھا روڈ پرغیر منظور شدہ پرائیویٹ ہاؤسنگ سکیم موٹروے ویلی کو بجلی کی سروس فراہم نہ کرنے کے لئے فیسکو حکام کولیٹر جاری کردیا ہے جس کے مطابق ایف ڈی اے کی طرف سے چک نمبر5ج ب کمال پور کے قریب ہاؤسنگ سکیم،موٹروے ویلی کی منظوری نہیں دی گئی ہے لہذایہ ہاؤسنگ سکیم غیر قانونی ہے جسے بجلی کی سروس فراہم نہ کی جائے۔ایف ڈی اے کے مطابق اس ضمن میں فیسکو حکام کو قبل ازیں بھی متعدد بار لیٹر جاری کئے جاچکے ہیں اور فیسکو حکام سے کہاگیا ہے کہ اس سلسلے میں کسی وضاحت کی صورت میں ایف ڈی اے سے رابطہ کیا جاسکتا ہے۔

  • آل پنجاب یکجہتی کشمیر کبڈی ٹورنامنٹ اختتام پذیر

    فیصل آباد( محمد اویس)ڈویژنل سپورٹس ڈیپارٹمنٹ ساتواں تین روزہ آل پنجاب یکجہتی کشمیر کبڈی ٹورنامنٹ چک 3 رام دیوالی سرگودھا روڑ میں اختتام پذیر ہوگیا جو شیر پنجاب کبڈی کلب نے جیت لیا جبکہ قادرآباد کلب کی ٹیم نے دوسری پوزیشن حاصل کرکے باالترتیب ڈیڑھ لاکھ اور ایک لاکھ روپے کا نقد انعام جیتا۔ڈویژنل کمشنر محمود جاوید بھٹی اور آرپی او غلام محمود ڈوگرفائنل میچ کے موقع پر مہمان خصوصی تھے جبکہ ایس ایس پی اپریشنز سید علی رضا،ڈویژنل وڈسٹرکٹ سپورٹس افسران چوہدری طارق نذیر،رانا حماد اقبال کے علاوہ منتظمین اور شائقین بھی موجود تھے۔کمشنر نے یکجہتی کشمیر کبڈی ٹورنامنٹ کے کامیاب انعقاد پرمنتظمین کی کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ کبڈی اس خطہ کا پسندیدہ کھیل ہے جس کی ترویج وترقی کے لئے اقدامات جاری ہیں۔انہوں نے جیتنے والی ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے ٹورنامنٹ میں شریک ٹیموں کے عمدہ کھیل کی تعریف کی۔آر پی او غلام محمود ڈوگر نے کبڈی ٹورنامنٹ کے انعقاد کو سراہا۔
    ۔۔۔///۔۔۔

  • مصنوعی مہنگائی پیدا کرنے والے عناصر کو قانون کے سخت شکنجے میں لائیں گے۔ اسلم بھروانہ

    فیصل آباد(محمد اویس )صوبائی وزیر کوآپریٹومہرمحمد اسلم بھروانہ نے کہا ہے کہ ضلع بھر میں مصنوعی مہنگائی پیدا کرنے والے عناصر کو قانون کے سخت شکنجے میں لائیں اس سلسلے میں پرائس کنٹرول مجسٹریٹس اپنی ذمہ داریوں کا ادراک کریں اور فیلڈ میں رہ کر سرکاری طور پر مقررہ قیمتوں پرعملدرآمد کو یقینی بنائیں تاکہ عوام کی جیبوں پر ڈاکہ ڈالنے والوں کا قبلہ درست ہو۔انہوں نے یہ بات ڈپٹی کمشنر آفس چنیوٹ میں ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے حکومتی اقدامات پر عملدرآمد کا جائزہ لیتے ہوئے کہی۔ڈپٹی کمشنر سید امان انور قدوائی اور ڈی پی او سید حسنن حیدر نے صوبائی وزیر کو ضلع میں پرائس کنٹرول میکنزم،ترقیاتی عمل،انسداد ڈینگی اقدامات اور امن وامان کے حوالے سے بریفنگ دی۔ایم پی اے تیمور امجد لالی کے علاوہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز طارق خان نیازی،عمران عصمت،اسسٹنٹ کمشنرز خضر حیات بھٹی،عدنان رشید،فضل عباس اور مختلف ضلعی محکموں کے سربراہان بھی موجود تھے۔صوبائی وزیرنے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے سبزیوں سمیت اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں بے جا اضافے پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے اور صارفین کو منافع خوروں سے نجات دلانے کے لئے صوبائی کابینہ کے ارکان کو اضلاع و تحصیلوں کے دورے کرکے قیمتوں پر عملدرآمد کرانے کی سخت ترین ہدایات جاری کی ہیں اور وہ اسی سلسلے میں ضلع میں پرائس کنٹرول میکنزم کا جائزہ لے رہے ہیں۔انہوں نے گراں فروشوں کے خلاف کی گئیں کارروائیوں کا تفصیلی جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ عوام کو ناجائز منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کے سپرد نہیں کیا جا سکتا۔انہوں نے کہا کہ مہنگائی کے مستقل سدباب کے لئے ایسا جامع اور قابل عمل میکنزم وضع کریں کہ عوام کو ریلیف نظر آئے۔ صوبائی وزیر نے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس سے کہا کہ کاغذی کارروائیوں کا وقت گزرچکا ہے اب عملی طور پر اقدامات نظر آنے چاہیں جس میں معمولی سی بھی کوتاہی کی گنجائش نہیں۔انہوں نے کہا کہ مارکیٹوں اور بازاروں میں پھل،سبزیاں اور دیگر اشیا فروخت کرنے والوں کی دکانوں وریڑھیوں پر نرخنامے آویزاں ہونے چاہیں جبکہ اوورچارجنگ کی شکایت کے اندراج کے لئے ٹال فری نمبر 08000234کی بھی بھرپور تشہیر کی جائے۔انہوں نے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس سے کہا کہ ان کی کارروائیوں کے واضح نتائج نظر آنے چاہیں۔صوبائی وزیر نے ڈپٹی کمشنر سے کہا کہ وہ قیمتوں پر عملدرآمد کے حوالے سے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی کارکردگی کو روزانہ چیک کریں اور مطلوبہ نتائج نہ دکھانے والوں کے خلاف ایکشن لیں۔صوبائی وزیر نے ضلع میں انسداد ڈینگی اقدامات، ترقیاتی منصوبوں پر عملدرآمد کی پیشرفت کا بھی تفصیلی جائزہ لیا اور افسران کو وزیر اعظم پاکستان عمران خان کی ترجیحات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ دیانتداری سے محکمانہ فرائض انجام دیکر مطلوبہ اہداف حاصل کئے جائیں۔انہوں نے کہا کہ ٹیم ورک کے طور پر ذمہ داریاں نبھائیں اور عوامی مسائل کاحل اولین ترجیح ہونی چاہیے۔ڈپٹی کمشنر نے بریفنگ کے دوران بتایا کہ ضلع میں 19 پرائس کنٹرول مجسٹریٹ سرگرم عمل ہیں اور رواں سال اب تک پرائس چیکنگ کرتے ہوئے مارکیٹوں وبازاروں کے 5171 وزٹ کرکے اوورچارجنگ پر 4153 گرانفروشوں کو 53 لاکھ سے زائد جرمانے اور 234 کو پرائس کنٹرول ایکٹ کی سنگین خلاف ورزی پر جیل بھجوایا گیا۔انہوں نے بتایا کہ پھل وسبزی منڈی کی روزانہ نیلامی کا عمل بھی جاری ہے۔انہوں نے ترقیاتی منصوبوں کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ کمیونٹی ڈویلمپنٹ پروگرام کے تحت 20 کروڑ سے 24 سکیموں کا 65 فیصد،صوبائی ترقیاتی پروگرام کے تحت دو ارب 65 کروڑ سے 52 منصوبوں کا 72 فیصد تعمیراتی کام مکمل ہو چکا ہے۔انہوں نے بتایا کہ اب تک 25 کھلی کچہریاں لگا کر 325 لوگوں کی شکایات کا ازالہ کیا گیاہے جبکہ 75 درخواستوں پر محکمانہ اقدامات جاری ہیں۔ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ کلین اینڈ گرین پنجاب پروگرام کے تحت ضلع میں ڈیڑھ لاکھ سے زائد پودے لگائے جا چکے ہیں جبکہ ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے کے لئے بھی موثر اقدامات جاری ہیں۔بعدازاں صوبائی وزیر کوآپریٹو مہر محمد اسلم بھروانہ نے میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری محکموں کی کارکردگی کے معیار کو بہتر بنانے پر توجہ مرکوز ہے جس میں واضح پیشرفت ہورہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے دیگر اقدامات کے ساتھ کلین اینڈ گرین پنجاب پروگرام پر بھرپور عملدرآمد جاری ہے۔انہوں نے بتایاکہ وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایات پر اشیا ضروریہ کے گرانفروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن کیا جارہا ہے اور کسی کو من مانی قیمتیں وصول نہیں کرنے دیں گے۔انہوں نے کہا کہ وہ ضلع چنیوٹ میں حکومتی اقدامات پر عملدرآمد کا جائزہ لینے کے لئے تسلسل سے دورے بھی کریں گے۔

  • ڈرگ ایکٹ کی خلاف ورزیوں پر 12 میڈیکل سٹورز کے کیسز ڈرگ کورٹ منتقل

    فیصل آباد (محمد اویس) ڈسٹرکٹ کوالٹی کنٹرول بورڈ نے ڈرگ ایکٹ کی مختلف خلاف ورزیوں کے مرتکب 12 میڈیکل سٹورز کے کیسز ڈرگ کورٹ کو بھجوانے جبکہ دو میڈیکل سٹور کے مالکان کے خلاف مقدمات درج کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر محمد علی کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ کوالٹی کنٹرول بورڈ کا اجلاس منعقد ہوا جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) میاں آفتاب احمد بھی موجود تھے جبکہ اجلاس میں ڈپٹی پراسیکیوٹر سجیلہ نذیر، محکمہ صحت کے ڈاکٹر بلال احمد، سیکرٹری ڈسٹرکٹ کوالٹی کنٹرول بورڈ عارف شہزاد، دیگر ارکان کیپٹن ڈاکٹر محمد صدیق، غلام صابر انصاری، ڈرگ انسپکٹر خالد مصطفی، محسن اصغر، شہباز احمد و دیگر نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران میڈیکل سٹوروں کے خلاف کارروائیوں سے متعلق 28 کیسز زیر سماعت تھے جن میں ڈرگ لائسنس کے بغیر ادویات کی فروخت، مطلوبہ ریکارڈ نہ رکھنے اور مقررہ شرائط کی پابندی نہ کرنے والے 12 میڈیکل سٹورز کے مالکان کے کیسز ڈرگ گورٹ کو بھجوائے۔ رحمان میڈیکل سٹور غلام محمد آباد، الشفیع پنسار سٹور نہر بازار سمندری کے مالکان کے خلاف مقدمات درج کرنے کا فیصلہ جبکہ تسلی بخش دستاویزی ثبوت پیش کرنے پر پانچ میڈیکل سٹورز کے مالکان کو وارننگ دی گئی اس موقع پر 9 میڈیکل سٹورز کے خلاف سماعت آئندہ جلاس تک ملتوی کر دی گئی۔ ڈپٹی کمشنر نے ڈرگ انسپکٹر کی کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے جعلی و غیر معیاری ادویات کی تیاری و فروخت کے گھناؤنے دھندے کا یکسر خاتمہ کے لئے انہیں دیانتداری اور محنت سے فرائض انجام دینے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ جعلی اور نشہ آور ادویات فروخت کرنے والے میڈیکل سٹورز کو فی الفور سیل کیا جائے۔ انہوں نے ڈرگ کورٹ میں زیر سماعت مقدمات کی موثر انداز میں پیروی کرنے کی تاکید کی اور کہا کہ انسانی صحت سے کھیلنے والوں کے خلاف کوئی رعایت نہیں ہونی چاہئے۔ ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ کسی قسم کی کرپشن یا بددیانتی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ڈرگ انسپکٹرز کی کارکردگی کی سخت مانیٹرنگ ہو گی اور پرفارمنس کا تقابلی جائزہ لیا جائے گالہذا ان سے اچھے محکمانہ نتائج کی توقع ہے۔
    —–////—-
    فیصل آباد( )ڈپٹی کمشنر محمد علی نے ہدایت کی ہے کہ حکومت پنجاب کے کمیونٹی ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت جاری ترقیاتی سکیموں کو 15دسمبر تک سو فیصد مکمل کیا جائے اس سلسلے میں اضافی افرادی قوت لگا کر اہداف حاصل کئے جائیں تاکہ شہری جلد ان منصوبوں کے ثمرات سے مستفید ہوسکیں۔انہوں نے یہ ہدایت ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کی جس میں حکومت پنجاب کے کمیونٹی ڈویلپمنٹ پروگرام پرعملدرآمد کی پیشرفت کاجائزہ لیا گیا۔ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ ڈاکٹرنوید کے علاوہ دیگرمتعلقہ محکموں کے افسران موجود تھے۔اجلاس کو بتایا گیا کہ ضلع میں ایک ارب روپے کی لاگت سے لوکل گورنمنٹ،واسا،پبلک ہیلتھ انجینئرنگ اور روڈز کنسٹرکشن کی سکیموں کا مجموعی طور پر 65فیصد تعمیراتی کام مکمل ہوچکا ہے۔ڈپٹی کمشنر نے کمیونٹی ڈویلپمنٹ پروگرام پر عملدرآمد کی تفصیلات کا جائزہ لیتے ہوئے واضح کیا کہ وہ سکیموں کی پیشرفت کو خود مانیٹر کریں گے اور اگر سست روی سامنے آئی تو سخت محکمانہ کارروائی ہوگی۔انہوں نے کہا کہ شہریوں کو مختلف شعبوں میں مزید سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے کمیونٹی ڈویلپمنٹ پروگرام انتہائی اہمیت کا حامل ہے لہذا متعلقہ محکمے اپنی ذمہ داریوں کا ادراک کریں اور ٹارگٹس کے حصول میں کوئی کسر نہ چھوڑی جائے۔انہوں نے کہا کہ منصوبوں پر عملدرآمد کے سلسلے میں اگر کسی جگہ رکاوٹ درپیش ہو تو فوری ان کے نوٹس میں لائیں تاکہ بروقت اقدامات کئے جاسکیں.

  • وزیراعظم سٹیزن پورٹل کی درخواستوں کے حل میں سنجیدگی کامظاہرہ کیا جائے

    فیصل آباد( محمد اویس )ڈپٹی کمشنر محمد علی نے ضلعی محکموں کے سربراہان کو ہدایت کی ہے کہ وہ وزیراعظم پاکستان سٹیزن پورٹل پر موصولہ درخواستوں کے حل میں سنجیدگی کامظاہرہ کریں اور درخواستوں کی خود پڑتال کرکے میرٹ کے مطابق انہیں بلاتاخیر نمٹایا جائے۔انہوں نے یہ ہدایت وزیراعظم پاکستان سٹیزن پورٹل پر موصول ہونے والی درخواستوں کے ازالہ کے حوالے سے محکمانہ پیشرفت کاجائزہ لیتے ہوئے جاری کی۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(جنرل) میاں آفتاب احمد،اسسٹنٹ کمشنرززوہا شاکر،نازیہ موہل،عمر درازگوندل،ایم ڈی واسا فقیر محمد چوہدری،سی ای او ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کاشف رضا اعوان،سی ای اوز ایجوکیشن وہیلتھ علی احمد سیان،ڈاکٹر مشتاق سپرا،سیکرٹری آرٹی اے ضمیر حسین کے علاوہ سوشل ویلفیئر،لیبر،پاپولیشن ویلفیئر،زراعت،ٹریفک پولیس،ضلع کونسل،میونسپل کارپوریشن،کو آپریٹو،انہار،سول ڈیفنس اور دیگر محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر نے محکموں کی کارکردگی کاجائزہ لیتے ہوئے اجلاس سے بعض محکموں کے افسران کی غیر حاضری پر سخت ناراضگی کا اظہار کیا اور کہا کہ وزیراعظم پاکستان سٹیزن پورٹل پر موصولہ عوامی شکایات کے ازالہ میں غیر ذمہ داری دکھانے والے محکموں کے افسران کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ تمام محکمے حل شدہ درخواستوں /شکایات سے فوری ایس این اے ڈی سی آفس کو آگاہ کریں تاکہ انہیں بروقت اپ لوڈ کیا جائے اورکارکردگی کا گراف متاثر نہ ہو۔انہوں نے کہا کہ فرضی وجعلی کارروائی برداشت نہیں کی جائے گی اور عدم توجہی کی صورت میں متعلقہ افسران جوابدہ ہونگے۔ڈپٹی کمشنر نے بعض محکموں کو آئندہ اجلاس سے قبل کارکردگی مزید بہتر بنانے کی تاکید کی۔اس موقع پر افسران نے موصولہ شکایات کے ازالہ کے لئے کئے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا۔اجلاس کے دوران بتایا گیا کہ پاکستان سٹیزن پورٹل پر موصول ہونے والی51مختلف محکموں واداروں کی طرف سے اب تک 24ہزار961درخواستوں کو نمٹادیاگیا ہے جبکہ دیگر پرمحکمانہ عمل جاری ہے۔

  • حکومت پنجاب شہریوں کو ممکنہ سموگ کے صحت پر نقصانات سے بچانے کے لئے ہنگامی اقدامات کررہی ہے

    فیصل آباد(محمد اویس ) حکومت پنجاب شہریوں کو ممکنہ سموگ کے صحت پر نقصانات سے بچانے کے لئے ہنگامی اقدامات کررہی ہے تاہم احتیاط اور پرہیز بڑی اہمیت کی حامل ہے لہذا شہری ایسی صورتحال میں احتیاطی تدابیر پر ذمہ داری سے عمل پیرارہیں۔یہ بات میڈیکل سوشل آفیسر آسیہ فقیر حسین نے ہارٹ سیور فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام فیصل آباد انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے مختلف شعبوں اور ملحقہ گراؤنڈ میں شہریوں میں حفاظتی ماسک اور احتیاطی تدابیر پر مشتمل پمفلٹس تقسیم کرتے ہوئے کہی۔جنرل سیکرٹری ہارٹ سیورفاؤنڈیشن کاشف فاروق،عاصمہ مزمل اور دیگر سٹاف ممبران بھی موجود تھے۔میڈیکل سوشل آفیسر نے کہا کہ دھواں،گرد،نمی اور دھند کی گہری تہہ سموگ کی موجب ہے جس سے صحت محفوظ رکھنے کے لئے احتیاطی تدابیر سے متعلق طرز زندگی میں تبدیلی لائیں۔انہوں نے شہریوں سے کہا کہ وہ خصوصاً موٹرسائیکل چلاتے وقت چہرے پرحفاظتی ماسک کا استعمال یقینی بنائیں تاکہ بیماریوں سے محفوظ رہا جاسکے۔جنرل سیکرٹری ہارٹ سیور فاؤنڈیشن نے ممکنہ سموگ سے محفوظ رہنے کے لئے احتیاطی تدابیر اپنانے کی ضرورت پر زور دیا۔انہوں نے کہا کہ سموگ سے گھبرانے کی نہیں بلکہ احتیاط کی ضرورت ہے۔

  • ایف ڈی اے افسران اورسٹاف کے دیگر ارکان کو سرکاری فرائض میں غفلت پر مختلف محکمانہ سزائیں دیں

    فیصل آباد(محمد اویس )فیصل آباد ترقیاتی ادارہ(ایف ڈی اے) کے سات افسران اورسٹاف کے دیگر 17ارکان کو سرکاری فرائض میں غفلت،لاپرواہی اور دفتری اوقات کی پابندی نہ کرنے پر مختلف محکمانہ سزائیں دی گئی ہیں جن میں ایک ڈائریکٹر،ڈپٹی ڈائریکٹر،اسسٹنٹ ڈائریکٹرز،3سٹینوگرافرز،3سب انجینئرز،ایک بلڈنگ انسپکٹر دو کلرک اور درجہ چہارم کے 7ملازمین شامل ہیں۔ڈپٹی کمشنر/ڈائریکٹر جنرل محمد علی نے چارج سنبھالنے کے بعد ماہ اکتوبر میں ایف ڈی اے کے دفاتر کا اچانک معائنہ کیا تو اس دوران بعض افسران وسٹاف کو ڈیوٹی سے غیر حاضراوردیگر دفتری قواعدوضوابط کی خلاف ورزی کے مرتکب پایا اور بعد ازاں بھی افسران وسٹاف کی حاضری اور دفتری کارکردگی کی مانیٹرنگ کی جاتی رہی لیکن خاطر خواہ اصلاح سامنے نہ آئی توڈپٹی کمشنر /ڈائریکٹر جنرل نے سرکاری فرائض سے پہلو تہی اور دفتری اوقات کی پابندی نہ کرنے والے قصور وارافسران وسٹاف کے خلاف محکمانہ سزاؤں کا فیصلہ کیا۔اس ضمن میں ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے عامر عزیز کی طرف سے جاری ہونے والے احکامات کے مطابق ڈائریکٹر پی اینڈ ڈی حسن ظہیر کو 3دن کی تنخواہ کی کٹوتی کی سزادی گئی ہے جبکہ ڈپٹی ڈائریکٹر الیکٹریکل عاصم محمود،اسسٹنٹ ڈائریکٹر انجینرنگ طلحہ تبسم،اسسٹنٹ ڈائریکٹر ٹی پی II احمد ابراہیم،اسسٹنٹ ڈائریکٹر محمود عالم،اسٹیٹ آفیسر امتیاز علی گورایہ،سٹینوگرافرز یاسر اقبال،سب انجینئر رضوان احمد چیمہ،سب انجینئر محمد سعود،بلڈنگ انسپکٹرمحمد بلال،جونیئر کلرک فرقان پرویز کی دود،دودن کی تنخواہ کی کٹوتی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔اسسٹنٹ ڈائریکٹر ای ایم رابعہ مبشرہ،سب انجینئر عاصم اصغر،سٹینوگرافرانیب اسلم،جونیئر کلرک کچی آبادی عظیم صابر،نائب قاصد عمر اور بیلدارخرم شہزاد کو شوکاز نوٹسزجاری کرنے کے علاوہ سٹینوگرافر ایڈمن محمد طاہر کو شوکاز نوٹس کے بعد دوران انکوائری محکمانہ فرائض سے غفلت وعدم دلچسپی ثابت ہونے پراسے تنخواہ میں چارسالانہ انکریمنٹس روکنے کی سزا دی گئی ہے۔ڈپٹی کمشنر/ڈی جی محمد علی نے خبردار کیا ہے کہ سرکاری فرائض میں سست روی وعدم توجہی کی قطعاً گنجائش نہیں،دفتری نظم وضبط اوراوقات کی پابندی نہ کرنے والوں کے خلاف محکمانہ ایکشن سے گریز نہیں کرینگے۔انہوں نے شہری ترقی اورعوامی بہبود کے حوالے سے ادارہ کی کارکردگی کے معیار میں ہمہ جہت بہتری لانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے ایف ڈی اے کے سٹاف کو ہدایت کی ہے کہ دفتری امور میں شفافیت برقرار رکھی جائے اور تیزرفتار سروس ڈلیوری میں ان کی کارکردگی کے واضح نتائج نظر آنے چاہیں تاکہ ادارہ کی ساکھ بہتراورعوام کا اعتماد مضبوط ہو۔ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل عامر عزیز کے مطابق ایف ڈی اے کے افسران و سٹاف کی حاضری روپورٹ صبح نو بج کر پانچ منٹ پر ارسال کی جارہی ہے جس کا مقصد دفتری اوقات کی پابندی،سست روی کا خاتمہ اور ادارہ کی سروسز میں بہتری لانا ہے۔
    ۔۔۔///۔۔۔