فیصل آباد(محمد اویس)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایات پر عام صارفین کو معاشی ریلیف کی فراہمی کے لئے ضلعی انتظامیہ نے شہر کے مختلف حصوں میں فوری طور پر چار ماڈل بازار قائم کئے ہیں جن پر مخصوص اشایئے ضروریہ کنٹرول اور سستے داموں فروخت کی جارہی ہیں۔یہ بات ماڈل بازار ریاض شاہد چوک اسلام نگر،ماڈل بازار جھنگ روڈ،کلیم شہید پارک اور فیضان مدینہ چوک مدینہ ٹاؤن میں فنکشنل کردئیے گئے ہیں جن میں آلو،پیاز،ٹماٹر،دال چنا،دال مسور،دال مونگ،سفید چنا،چاول،چینی،آٹا اور گھی بازار سے رعایتی نرخوں پر دستیاب ہیں۔ڈپٹی کمشنر محمد علی نے اشیاء کی دستیابی،معیاراور قیمتوں کاجائزہ لینے کے لئے ان ماڈل بازاروں کا دورہ کیا۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(جنرل)میاں آفتاب احمد،اسسٹنٹ کمشنر(صدر)نازیہ موہل اور دیگر افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔ڈپٹی کمشنر نے فروخت کی جانے والی مقررہ اشیاء کے معیار کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ صارفین کی سہولت کے لئے ان اشیاء کی سپلائی میں کوئی تعطل نہیں آنا چاہیے۔انہوں نے ہدایت کی کہ ان اشیاء کے ماڈل بازار کے نرخ،ڈی سی مقررہ نرخ اور عام بازاروں کے نرخ درج کئے جائیں تاکہ صارفین خریدتے وقت قیمتوں میں واضح فرق دیکھ سکیں۔انہوں نے خریداری کے لئے آئے ہوئے شہریوں سے بات چیت کی اور ان سے اشیاء کے معیار اورقیمتوں کے بارے میں دریافت کیا۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایات پر عوام کوخود ساختہ مہنگائی سے بچانے کے لئے ہرممکن اقدامات کئے جارہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ضلع بھر میں 47 پرائس کنٹرول مجسٹریٹس سرگرم عمل ہیں اور مارکیٹوں میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کی مسلسل جانچ پڑتال کی جارہی ہے کسی دکاندار کو من مانی کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔دریں اثناء ڈپٹی کمشنر محمد علی نے شام کے اوقات میں شہر کی مختلف مارکیٹیوں کا دورہ کرکے اشیاء کی قیمتوں کو چیک کیا۔انہوں نے امین پور بازار کے باہر فروٹ سٹالز پر پھلوں کی زیادہ قیمتیں وصول کرنے پر چار پھل فروشوں اورجناح کالونی میں ایک میگا سٹور پر چینی،آٹا اور دالیں مہنگے داموں فروخت کرنے پر سٹورمینجر کو فوری گرفتار کرلیاجن میں محمد جمال،عزیز،عمرشہزاد،محمد ارشداورناصر شامل تھے۔انہوں نے کہا کہ ناجائز منافع خوروں سے کوئی رعایت نہیں کی جائے گی اور عوام کو ان کے استحصال سے بچانے کے لئے پرائس کنٹرول میکنزم پر جامع انداز میں عملدرآمد جاری ہے۔
Category: فیصل آباد
-
فیصل آباد اینٹی کرپشن ٹیم کی بڑی کاروائی
فیصل آباد (محمد اویس) ڈائریکٹر اینٹی کرپشن عمران رانا عباسی کی ہدایت پر اینٹی کرپشن ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے جعلی ڈیتھ سرٹیفکیٹ تیار کرنے پر چک نمبر 415 گ ب کے پٹواری اور سیکرٹری یونین کونسل سمیت پانچ افراد کے خلاف مقدمہ درج کرادیا۔ تفصیلات کی مطابق ڈائریکٹر اینٹی کرپشن کو چک 61/4 آر ضلع ساہیوال کے رہائشی محمد منشاء نے درخواست گزار تھی کہ آصف عرف بلو‘ اسد اللہ‘ جویریہ اور بتول بی بی نے سیکرٹری یونین کونسل چک نمبر 415 تاندلیانوالہ عبدالقیوم اور پٹواری نور جمال سے ساز باز کرکے جمیل بی بی کا جعلی ڈیتھ سرٹیفکیٹ تیار کیا جس میں متوفیہ کو کنواری ظاہرکرکے پٹواری سے مل کر 56 کنال 6 مرلہ قیمتی اراضی اپنے نام منتقل کرالی اور سائلان کو ان کے وراثتی حق سے محروم کر دیا۔ ڈائریکٹر اینٹی کرپشن نے اسسٹنٹ ڈائریکٹر (مانیٹرنگ) زاہد مسعود نظامی کو انکوائری کی ہدایت کی جنہوں نے پٹواری نور جمال‘ سیکرٹری یونین کونسل عبدالقیوم‘ فیاض احمد‘ شفیق احمد‘نمبردار اویس خان کو گہنگار تحریر کیا جن کے خلاف مقدمہ درج کرا دیا گیا۔ مقدمہ کی مزید تفتیش ریجنل انسپکٹر مظہر الحق کے سپرد کر دی گئی ہے۔
-
فیصل آباد کمشنر کمپلیکس کے احاطہ میں فائر فائٹنگ کے حوالے سے تربیتی ورکشاپ کا انعقاد
فیصل آباد( )کمشنر کمپلیکس کے احاطہ میں فائر فائٹنگ کے حوالے سے تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا جس میں ایس ایس پی (ایس پی او)میجر(ر) احسان اور ریسکیو1122کے ماہر عبدالرحمن نے کمشنر آفس کے سٹاف ممبران کو فائر فائٹنگ سمیت کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نپٹنے کے بارے میں عملی طور پر آگاہ کیا۔انہوں نے آگ بجھانے ودیگر ایمرجنسی سیکورٹی سے متعلق بھی بریفنگ دی۔ڈویژنل کمشنر محمود جاوید بھٹی نے فائر فائٹنگ کے لئے تربیتی ورکشاپ کے انعقاد کو سراہا اور کہا کہ کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نپٹنے کے لئے ہرفرد کا تربیت یافتہ ہونا ضروری ہے۔انہوں نے ریسکیو اداروں کی طرف سے آگ بجھانے کے عملی مظاہرہ کو بھی دیکھا اور کہا کہ ایسی ورکشاپس باقاعدگی سے منعقد ہونی چاہیں۔اسسٹنٹ کمشنر جنرل مصور خاں نیازی،میاں فاروق،جاوید باجوہ اور کمشنر آفس کے دیگر سٹاف کے ارکان بھی موجود تھے۔
-
غیر معمولی صلاحیتوں کے حامل طالب علم وطن عزیز کا روشن مستقبل ہیں۔ صوبائی وزیر آشفہ ریاض
فیصل آباد(محمد اویس)صوبائی وزیر وومن ڈویلپمنٹ آشفہ ریاض فتیانہ نے کہا ہے کہ غیر معمولی صلاحیتوں کے حامل طالب علم وطن عزیز کا روشن مستقبل ہیں حکومت پنجاب ایسے طالب علموں کو جدید وعالمی معیار کی تعلیم وتربیت فراہم کرنے والے اداروں کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے جن کی بھرپورحوصلہ افزائی جاری رکھی جائے گی۔انہوں نے یہ بات نیشنل فرٹیلائزر کارپوریشن انسٹیٹیوٹ آف انجینئرنگ اینڈ فرٹیلائزر ریسرچ جڑانوالہ روڑ میں طالب علموں کے تیار کردہ ریسرچ پراجیکٹس دیکھتے ہوئے کہی۔ڈائریکٹر انسٹی ٹیوٹ اشرف ڈوگر،آرگنائزرکنزا طیب اور دیگر اساتذہ وطالب علم بھی موجود تھے۔صوبائی وزیر وومن ڈویلپمنٹ نے طالب علموں کے تیار کردہ پراجیکٹس دیکھے اور ان میں گہری دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ایسے پراجیکٹس کی نمائش کی بدولت نہ صرف طالب علموں کی حوصلہ افزائی بلکہ علوم وفنون کی نئی راہیں کھلتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب زرعی ایجوکیشن کلچر کو پروان چڑھانے کے لئے سرگرم ہے تاکہ جدید ترین ایجادات سامنے آسکیں۔انہوں نے طالب علموں سے گفتگو بھی کی اور ان کی ذہنی وفکری صلاحیتوں کو سراہا۔انہوں نے تعلیمی وتحقیقی اداروں اور صنعتی وکمرشل یونٹس کے آپس میں مضبوط رابطے پر زور دیا تاکہ علم وتحقیق کو بروئے کار لاکر ترقی میں جدت پیدا کی جاسکے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ تعلیم میں ریسرچ کی اہمیت سے انکار نہیں کیا جاسکتا جس سے نہ صرف تحقیق کی علمی گہرائیوں میں اضافہ بلکہ شعبہ جاتی ترقی کو بھی فروغ ملتا ہے۔قبل ازیں سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر وومن ڈویلمپنٹ نے بتایا کہ محکمہ وومن ڈویلمپنٹ خواتین کو معاشرے میں معاشی طور پر مستحکم بنانے کے ساتھ ان کی فلاح وبہبود وترقی کے لئے سرگرم عمل ہے۔انہوں نے کہاکہ معاشرے کی تعمیر وترقی کے لئے خواتین کا کردار یکساں اہمیت کا حامل ہے اس سلسلے میں حکومت پنجاب کی طرف سے دیگر اقدامات کے علاوہ ورکنگ وومن کے بچوں کی دیکھ بھال کے لئے ڈے کیئر سنٹرز بھی قائم کئے جارہے ہیں۔انہوں نے ادارہ کی انتظامیہ سے کہا کہ وہ ڈے کیئر سنٹر کے قیام کے لئے محکمہ کو تحریر کریں جس پر جلد عملدرآمد کرایا جائے گا۔انہوں نے طلباء وطالبات سے کہا کہ وہ تعلیم سے فارغ ہونے کے بعد اپنے پاؤں پر کھڑے ہونے کے لئے بزنس کو بھی ترجیح دیں جنہیں ہر ممکن سپورٹ فراہم کی جائے گی۔انہوں نے ادارہ کی مثالی کارکردگی کو سراہا اور اساتذہ میں تعریفی شیلڈز بھی تقسیم کیں۔ڈائریکٹر انسٹیٹیوٹ اشرف ڈوگر نے تقریب میں شرکت اور طالب علموں کی بھرپور حوصلہ افزائی پرصوبائی وزیر وومن ڈویلپمنٹ کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے کالج کی تعلیمی وتحقیقی میدان میں پراگریس کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ انسٹیٹیوٹ میں طالب علموں کو بیچلر آف بزنس ایڈمنسٹریشن،بی ایس سی کمپیوٹر سائنس،بی ایس سی سول انجینئرنگ ٹیکنالوجی،بی ایس سی کیمیکلز انجینئرنگ،بی ایس سی الیکٹریکل انجینئرنگ،بی ایس سی مکینیکل انجینئرنگ ٹیکنالوجی،بی ایس سی مکینیکل انجینئرنگ کے علاوہ کیمیکل انجینئرنگ میں ایم ایس سی بھی کرائی جارہی ہے اوریہ ادارہ یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی لاہور سے الحاق شدہ ہے۔
۔۔۔///۔۔۔ -
فیصل آباد پچھلے دو ماہ سے ٹرانسفارمر خراب ہونے کی وجہ سے بجلی کی سپلائی معطل ہونے کے باوجود 3 ہزار سے زائد کا بل بھیج دیا گیا
فیصل آباد (محمد اویس) تفصیلات کے مطابق فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (فیسکو) نے کنزیومر کو بجلی بند ہونے اور ٹرانسفارمر خراب ہونے کے باوجود 3 ہزار سے زائد کا بل فیول پرائس ایڈجسمنٹ کی مد میں بھیج دیا ۔ اس حوالے سے صارف کا کہنا تھا کہ میری فیکٹری دو ماہ سے بند ہے اور ٹرانسفارمر بھی خراب ہے جس کی وجہ سے بجلی بھی معطل ہے ۔ بجلی کی کھپت نہ ہونے کے باوجود بل کا آنا سمجھ سے بالاتر ہے ۔ بجلی ہم نے جولائی میں چلائی ہے اور اس کا بل مجھے اکتوبر میں آرہا ہے جس وقت میں ٹرانسفارمر کی قیمت ڈیمانڈ نوٹس کی مد میں جمع کرواچکا ہوں اور کاروبار بند ہونے کی وجہ سے ذہنی و مالی مشکلات کا شکار ہوں۔ ایسے میں اس طرح کے بل کی ادائیگی کرنا میرے لیے قدرے مشکل ہے ۔ حکومت کو اس طرح کی ناانصافیوں کو ختم کرنا ہوگا ۔
-
اشیائے ضروریہ کی بے جا مہنگائی اور گرانفروشی پر قابو پانے کیلئے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو سخت ہدایت
فیصل آباد(محمد اویس)ڈویژنل کمشنر محمود جاوید بھٹی نے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو سخت ہدایت کی ہے کہ ڈویژن بھر میں اشیائے ضروریہ کی بے جا مہنگائی اور گرانفروشی پر قابو پانے کے لئے جارحانہ اقدامات کئے جائیں اس سلسلے میں من مانی قیمتیں وصول کرنے والوں کا سختی سے محاسبہ کریں۔انہوں نے یہ بات ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کی جس میں پرائس کنٹرول میکنزم پر عملدرآمد کا جائزہ لیا گیا۔آر پی او غلام محمود ڈوگر،ڈپٹی کمشنر محمد علی،ایس ایس پی آپریشنز سید علی رضا،ایڈیشنل کمشنر محبوب احمد،ڈائریکٹر زراعت چوہدری عبدالحمید،ای اے ڈی اے عبدالرحمن ودیگر افسران موجود تھے جبکہ جھنگ ٹوبہ ٹیک سنگھ اور چنیوٹ کے ڈپٹی کمشنرزنے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔ڈویژنل کمشنر نے واضح کیا کہ حکومتی ہدایات کے مطابق اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کو قابو میں رکھنا چاروں اضلاع کی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہونی چاہیے تاکہ صارفین کو مہنگائی مافیا سے بچایا جاسکے۔انہوں نے کہا کہ اشیائے ضروریہ کی مقررہ نرخوں پر فروخت کے ساتھ ان کے معیار اور وزن پر بھی گہری نظر رکھیں جبکہ غلہ منڈی اور سبزی منڈیوں کے آڑھتیوں وتاجروں سے قریبی رابطہ رکھیں تاکہ سبزیوں،پھلوں اورکریانہ کی اشیاء کی طلب کے مطابق سپلائی میں تعطل نہ آئے۔ڈویژنل کمشنر نے کہا کہ عوام کو معاشی ریلیف فراہم کرنے کے لئے ناجائز منافع خوروں سے کوئی رعایت نہ برتی جائے۔اس ضمن میں پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی روزانہ کی کارکردگی چیک کی جائے گی۔انہوں نے چاروں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز سے کہا کہ وہ سہولت بازار قائم کرکے صارفین کو آلو،پیاز،ٹماٹر،سیب،دالیں چاول،چینی،آٹا اور گھی ودیگر اشیاء کی مقررہ نرخوں پر فروخت کویقینی بنائیں۔آر پی او نے کہا کہ اشیائے ضروریہ کے گرانفروشوں کے خلاف قانونی کارروائی کے سلسلے میں پولیس اپنی ذمہ داریاں احسن انداز میں نبھارہی ہے اور عوام کی جیبوں پر ڈاکہ ڈالنے والوں سے کوئی رعایت نہیں ہوگی۔ڈپٹی کمشنر فیصل آباد نے بتایا کہ حکومت پنجاب کی ہدایات پر صارفین کو مختلف اشیائے ضروریہ مقررہ نرخوں پر فراہم کرنے کے لئے شہر میں چار سہولت بازار قائم کرنے کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے جو ماڈل بازار جھنگ روڈ کے علاوہ ریاض شاہد چوک،کلیم شہید پارک اور فیضان مدینہ چوک سوساں روڈ میں قائم ہونگے۔دیگر اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز نے پرائس کنٹرول میکنزم پر عملدرآمد کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔
۔۔۔///۔۔۔ -
عیدمیلادالنبیؐ کا تقاضا ہے کہ ہم سنت نبویؐ پر صدق دل سے عمل پیرا ھوں۔ ڈی سی محمد علی
فیصل آباد(محمد اویس)ڈپٹی کمشنر محمد علی نے کہا ہے کہ جشن عیدمیلادالنبیؐ کا تقاضا ہے کہ ہم سنت نبویؐ پر صدق دل سے عمل پیرا ہونے کا پختہ عہد کریں کیونکہ اسی سے ہماری دنیاوی واخروی زندگی سنور سکتی ہے۔انہوں نے یہ بات چوک گھنٹہ گھر میں سی پی اظہر اکرم اور مرکزی میلادکمیٹی کے ممبران کے ہمراہ جشن عیدمیلادالنبیؐ کا کیک کاٹنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل میاں آفتاب احمد،ایس ایس پی اپریشنز سید علی رضا،اسسٹنٹ کمشنر سٹی زوہا شاکر،منیر احمد نورانی اورمیلادکمیٹی کے دیگر ارکان کے علاوہ عاشقان رسولؐ کی بہت بڑی تعداد موجود تھی۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ سیرت مبارکہ سے ہمیں احترام انسانیت،صبروتحمل،امن و آشتی اور پیار ومحبت کا درس ملتا ہے ایسے اسلامی اقدار کو فروغ دیکر ہم ہر طرح مسائل پر قابو پاسکتے ہیں اور ایک فلاحی معاشرہ تشکیل پاسکتا ہے۔انہوں نے عیدمیلادالنبیؐ کے موقع پر مثالی اتحادو اتفاق کو سراہتے ہوئے کہا ہمیں قرآن وسنت کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوڑنا چاہیے جو کہ حب رسولؐ کا اہم ترتین تقاضا ہے۔انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ معاشرتی امن وسلامتی کو برقرار رکھنے کے لئے عام حالات اور خصوصاً مذہبی ایام اور تہواروں پر بھی انتظامی وحفاظتی اقدامات کے لئے ہمہ تن پرعزم ہے تاہم اس سلسلے میں کمیونٹی کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔انہوں نے میلادکمیٹی کے زیراہتمام جشن عیدمیلادکی تقریب کے انعقاد پر منتظمین کی کاوشوں کو سراہا۔سی پی او اظہر اکرم نے کہا کہ نبی آخرالزمانؐ سے گہری محبت ہمارا ایمان ہے اورہمیں سیرت النبی کو اپنی زندگیوں کا اوڑھنا بچھونا بنانا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ ضلعی پولیس نے عیدمیلادالنبیؐ کو شایان شان طریقے سے منانے کے لئے سخت ترین سیکورٹی انتظامات پر عملدرآمد کیا جا رہا ہے۔منیر احمد نورانی نے کہا کہ عشق رسولؐ ہمارے ایمان کا حصہ ہے اورہم آپس میں مثالی اتحاد واتفاق ویگانگت کے ذریعے حضرت محمدؐ سے گہری عقیدت کا اظہار کررہے ہیں۔ میلادکمیٹی کے دیگرارکان نے جشن عیدمیلادالنبیؐ کے جلوسوں کی بہترین سیکورٹی اوردیگر انتظامات پرعمدہ انداز میں عملدرآمد کے سلسلے میں ضلعی انتظامیہ وپولیس کی موثر اورجامع حکمت عملی کو سراہا اور تقریب میں شرکت پر ڈپٹی کمشنر،سی پی او اور دیگر کا شکریہ ادا کیا۔تقریب کے اختتام پر ملک وقوم کی ترقی وسربلندی اورامن وآشتی کی خصوصی دعا بھی کی گئی۔
۔۔۔///۔۔۔ -
فیصل آباد عید میلاد النبیؐ پر امن ماحول میں بھر پور مذہبی عقیدت و احترام اور جوش و جذبے سے منایا گیا
فیصل آباد(محمد اویس)ضلع میں جشن عید میلاد النبیؐ پر امن ماحول میں بھر پور مذہبی عقیدت و احترام اور جوش و جذبے سے منایا گیا اس موقع پر ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی طرف سے جامع حفاظتی و انتظامی اقدامات کئے گئے تھے۔ڈپٹی کمشنرمحمد علی اور سی پی او اظہر اکرم عید میلاد النبیؐ کے جلوسوں،ریلیوں اور محافل میلاد کے سیکیورٹی انتظامات پر عملدرآمد کیلئے سارا دن شہر بھر میں متحرک رہے۔انہوں نے عید میلاد النبیؐ کے مرکزی جلوسوں کے منتظمین سے بھی ملاقات کی اور گول جامع مسجد غلام محمد آباد سمیت جلوسوں کے بعض دیگر حساس مقامات پر موجود رہے اور تمام تر سیکیورٹی کو ہائی الرٹ رکھا۔انہوں نے تمام مکاتب فکر کے علماء کرام اور جلوسوں کے منتظمین کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ امن و امان قائم رکھنے کیلئے سیکیورٹی انتظامات کو فول پروف بنانے کے سلسلے میں ان کی طرف بھر پور تعاون قابل ستائش ہے اور اتحاد و اتفاق کی یہ شاندار روایات آئندہ بھی قائم و دائم رکھی جائیں گی۔انہوں نے دائمی اور پائیدار امن و سلامتی کیلئے علماء کرام سے اپیل کی کہ وہ اسی طرح اپنے پیروکاروں میں صبر و تحمل،برداشت،پیار و محبت،باہمی احترام،اتحاد و اتفاق اور مذہبی رواداری کو مزید فروغ دینے کا سلسلہ جاری رکھیں تاکہ سماجی ترقی اور فلاحی معاشرے کے قیام میں کوئی رکاوٹ نہ رہے۔ ڈپٹی کمشنر اور سی پی او نے ڈی سی آفس میں قائم مرکزی کنٹرول روم کا بھی دورہ کیا اور سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے عید میلاد النبیؐ کے جلوسوں کی سیکیورٹی کی مانیٹرنگ کے عمل کا معائنہ کیا۔عید میلاد النبیؐ کے مرکزی جلوس جامع مسجد سنی رضوی جھنگ بازار اور جامع قاسمیہ غلام محمد آباد سے برآمد ہوئے اور مختلف راستوں سے گزرتے ہوئے انہی مقامات پر پہنچ کر اختتام پذیر ہوئے۔مختلف علاقوں سے جشن عید میلاد النبیؐ کے جلوس مرکزی جلوسوں میں شامل ہوتے رہے۔جہاں شرکاء پر پھولوں کی پتیاں بھی نچھاور کی گئیں۔جلوسوں کو سیکیورٹی اہلکاروں نے اپنے حصار میں لیا ہوا تھا جبکہ سول ڈیفنس،ریسکیو 1122 اور محکمہ صحت کی موبائل میڈیکل سروسز کا بھی جلوسوں کے ہمراہ بندوبست موجود تھا۔عید میلاد النبیؐ کے موقع پر گلی کوچوں،بازاروں،شاہراؤں،چوکوں اور مساجد کو رنگ برنگی جھنڈیوں، بینروں اور دیگر آرائشی اشیاء و لائٹس سے سجایا گیا تھا جبکہ رات کے وقت مساجد،نجی و سرکاری عمارتوں پر رنگ برنگی لائٹنگ خوبصورت منظر پیش کر رہی تھی۔قبل ازیں دن کا آغاز مساجد میں نماز فجر کے بعد خصوصی دعاؤں،ذکر الٰہی اور درود و سلام سے ہوا۔عاشقان رسولؐ سائیکلوں،موٹرسائیکلوں،کاروں،ٹرالیوں،اونٹ ریڑھیوں اور دیگر گاڑیوں کو روضہ رسولؐ اور خانہ کعبہ کے ماڈلز سے سجا کر کلمہ طیبہ اور درود سلام کا ورد کرتے جلوسوں میں شریک ہوئے اور جگہ جگہ لوگوں میں نیاز تقسیم کرنے کا سلسلہ دن بھر جاری رہا۔جشن عید میلاد النبیؐ کے موقع پر ہسپتالوں،یتیم خانوں،دارالامان،ایس او ایس ویلج اور دیگر فلاحی اداروں میں کھانا اور پھل بھی تقسیم کیا گیا۔
۔۔۔///۔۔۔ -
عید میلاد النبیؐ کے موقع پر الائیڈ ہسپتال کے مختلف وارڈز میں مریضوں میں مٹھائی تقسیم کی گئی
فیصل آباد (محمد اویس)عید میلاد النبیؐ کے موقع پر الائیڈ ہسپتال کے مختلف وارڈز میں مریضوں میں مٹھائی تقسیم کی گئی۔ ڈپٹی میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر اکرم چیمہ،انچارج آئسولیشن وارڈڈاکٹر معصومہ سردار، میڈیکل سوشل آفیسرزعنبرین اقبال اورثناء اللہ نے الائیڈ ہسپتال کے چلڈرن وارڈ،ڈینگی آئسولیشن اور دیگروارڈ میں زیر علاج مریضوں کو عید میلاد النبیؐ کی مبارکباد دی اور ان میں مٹھائی تقسیم کی۔ڈپٹی میڈیکل سپرنٹنڈنٹ اور میڈیکل سوشل آفیسرز نے کہا کہ نبی آخرالزمان ؐ سے گہری محبت ہمارا ایمان ہے اور ہمیں سیرت مبارکہ کو اپنی زندگیوں کا اوڑھنا بچھونا بنانا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ والہ وسلم نے دکھی انسانیت کی خدمت کا درس دیا ہے لہذا آقائے دوعالم کے فرمان کے مطابق مشکل کی گھڑی میں مبتلا انسانوں کی دلجوئی کی جائے۔انہوں نے مریضوں کی جلد صحت یابی کی دعا بھی کی۔
۔۔۔///۔۔۔ -
آقا کریم کی حیات طیبہ ایک کامل نمونہ ھے۔ صوبائی وزیر پبلک پراسیکیوشن
فیصل آباد (محمد اویس)صوبائی وزیر پبلک پراسیکیوشن چوہدری ظہیر الدین نے کہا ہے کہ آقا کریم کی حیات طیبہ ایک کامل نمونہ اور آپؐ کی ذات اطہر ہمارے لئے رہنمائی اور دنیا و آخرت کی نجات کا ذریعہ ہے۔انہوں نے یہ بات جشن عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ والہ وسلم کے موقع پر میونسپل کمیٹی جڑانوالہ کے زیر اہتمام کمیٹی باغ میں منعقدہ محفل میلاد میں شرکت کرتے ہوئے کہی۔اسسٹنٹ کمشنر جڑانوالہ عمر دراز گوندل،ایس پی طارق سکھیرا،چوہدری تیمور علی خان،چوہدری عمران یوسف،حاجی نصر اللہ،مولانا یونس رضوی،مفتی سلیم چشتی،مولانا ناصرکے علاوہ میونسپل کمیٹی کے افسران،سٹاف ممبران اورنعت خوان حضرات بھی موجود تھے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ عشق رسولؐ کے بغیر ہمارا ایمان مکمل نہیں اور نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے محبت کے لئے ضروری ہے کہ سچے اور پکے مسلمان بن جائیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہم اپنی زندگی سیرت طیبہ کے مطابق گزارتے ہیں تو یہی ہمارے لئے حقیقی نجات ہے۔ انہوں نے کہا کہ بہترین مسلمان وہ ہے جس کے ہا تھ اوار زبان سے دوسرے محفوظ رہیں لہذا ہمیں اسلام کے سنہری اصولوں پر صدق دل سے عمل پیرا ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ صبر و تحمل‘ رواداری اور برداشت جیسے اوصاف حمیدہ کو اپنی زندگی کا شعار بنائیں۔انہوں نے کہا کہ جشن عیدمیلادالنبیؐ کا تقاضا ہے کہ ہم اپنی زندگیوں کو اسوہ حسنہؐ کے مطابق گزارنے کا عزم کر لیں جس میں ہمارے سماجی مسائل کا حل موجود ہے۔انہوں نے محفل میلاد کے بابرکت انعقاد کو سراہا اور کہاکہ آپؐ نے دشمنی کو محبت اور بیگانگی کو یگانگت میں تبدیل کرنے کی تعلیم دی۔اسسٹنٹ کمشنر،ایس پی اور دیگر نے بھی سیرت النبی صلی اللہ علیہ والہ وسلم پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ نبی کریم کی تعلیمات پر صدق دل سے عمل پیرا ہوکر ہم ہر موڑ پر کامیابی حاصل کر سکتے ہیں۔اس موقع پر نعت خواں حضرات نے خوش الہانی سے سرور کائنات کے حضور گلہائے عقیدت اور حاضرین نے درود و سلام پیش کیا۔
۔۔۔///۔۔۔