فیصل آباد (محمد اویس ) ڈویژنل کمشنر محمود جاوید بھٹی نے کہا ہے کہ فن فیئر جیسے پروگرامز طلبہ میں تعمیری و فکری صلاحتیں پیدا کرتے ہیں جس سے ان میں علمی شعبے میں نئی اختراعات کی دریافت کا جذبہ اجاگر ہوتا ہے۔انہوں نے یہ بات ڈویژنل پبلک سکول و کالج کے گرلز سیکشن میں فن فیئر کا افتتاح کرتے ہوئے کہی۔ پرنسپل شاہد محمود‘مسزرفعت نوید اور دیگر اساتذہ کرام کے علاوہ طالبات کی بڑی تعداد اور ان کے والدین بھی فن فیئر میں موجود تھے۔ کمشنر نے فن فیئر میں طالبات کی طرف سے لگائے گئے مختلف سٹالز کا دورہ کیا اور سٹالز میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ کمشنر نے کہا کہ معیاری تعلیم کے ساتھ ساتھ ہم نصابی سرگرمیوں کی اہمیت سے انکار نہیں کیا جا سکتا لہذا طالبات کو معیاری تفریح کی سہولتیں بھی تسلسل کے ساتھ فراہم کی جائیں تاکہ وہ توانا جسم کے ساتھ پروان چڑھ سکیں۔ انہوں نے سٹالز سجانے و الی طالبات سے بھی بات چیت کی اور سٹال کی تیاری کے حوالے سے مختلف سوالات کئے۔ فن فیئر کے دوران طالبات کے لئے مختلف جھولوں کی سہولت بھی موجود تھی اور طالبات نے بھر پور شرکت کرکے فن فیئر کو چار چاند لگا دئیے۔ فن فیئر میں طالبات کی طرف سے بکس‘ کھانے پینے‘ڈریس اور دیگر اقسام کے سٹالز لگائے گئے تھے جنہیں حاضرین نے بے حد سراہا۔
۔۔۔///۔۔۔
Category: فیصل آباد
ڈی سی محمود جاوید بھٹی نےڈویژنل پبلک سکول و کالج کے گرلز سیکشن میں فن فیئر کا افتتاح کیا
ماحولیاتی تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے فیصل آباد میں زگ زیگ ٹیکنالوجی والا اینٹوں کا بھٹہ فنکشنل ہوگیا
فیصل آباد ( محمد اویس) حکومت پنجاب کے ویژن کے مطابق ماحولیاتی تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے فیصل آباد میں مکوانہ کھرڑیانوالہ بائی پاس روڑ پر زگ زیگ ٹیکنالوجی پر منتقل کیا جانے والا اینٹوں کا بھٹہ فنکشنل ہوگیا ہے۔ایڈیشنل کمشنر محبوب احمد اور ایس پی سپیشل برانچ انجم کمال نے زگ زیگ ٹیکنالوجی پر منتقل کئے گئے بھٹہ کے مقام کا دورہ کرکے ٹیکنالوجی کے فوائد سے آگاہی حاصل کی۔بھٹہ مالک حافظ عثمان نے بتایا کہ زگ زیگ ٹیکنالوجی سے دھوئیں کے اخراج میں 40 فیصد کمی آئے گی۔انہوں نے بتایا کہ زگ زیگ ٹیکنالوجی والا بھٹہ سفید دھواں خارج کرتا ہے جو سیاہ دھوئیں کے مقابلے میں کم نقصان دہ ہے۔ انہوں نے بھٹہ کے مقام کا دورہ کرنے پر ایڈیشنل کمشنر محبوب احمد،ایس پی انجم کمال ودیگر کا شکریہ ادا کیا۔ایڈیشنل کمشنر نے کہا کہ ماحول کو آلودگی سے پاک کرنے اور شہریوں کو مختلف بیماریوں سے بچانے کے لئے حکومتی سطح پر موثر اقدامات کئے جا رہے ہیں اور بھٹوں کو زگ زیگ ٹیکنالوجی پر منتقل کرانا بھی انہی اقدامات کا حصہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ دیگر بھٹہ مالکان کو بھی اس ٹیکنالوجی کا استعمال کرکے آلودگی کے خاتمے میں اپنا حصہ ڈالنا ہوگا۔ایس پی نے کہا کہ سموگ کے باعث دمہ، سانس کی بیماریاں، آنکھوں کی انفیکشن اور پھیپھڑوں کی بیماریاں پیدا ہورہی ہیں اورزگ زیگ ٹیکنالوجی کی بدولت فضائی آلودگی میں کمی آئے گی۔
فیصل آباد ضلعی امن کمیٹی وڈسٹرکٹ ایمرجنسی بورڈ کا مشترکہ اجلاس
فیصل آباد(محمد اویس)ضلعی امن کمیٹی وڈسٹرکٹ ایمرجنسی بورڈ کا مشترکہ اجلاس ڈپٹی کمشنر محمد علی کی زیر صدارت ان کے آفس کے کمیٹی روم میں منعقد ہوا جس میں جشن عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی تقریبات کے انتظامی و حفاظتی امور کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ایس ایس پی اپریشنز سید علی رضا، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل)میاں آفتاب احمد اور دیگر افسران بھی موجود تھے جبکہ اسسٹنٹ کمشنرزنازیہ موہل،زوہا شاکر،اورنگزیب،خرم شہزادبھٹی،سی ای اوویسٹ مینجمنٹ کمپنی کاشف رضا اعوان،چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن سردار نصیر احمد،ڈسٹرکٹ خطیب اوقاف مولانا فتح محمدراشدی،مفتی ضیاء مدنی،مولانا محمد ریاض کھرل،سید محمد جعفر نقوی،مولانا محمد حفیظ خان،محمد سعید قادری،سید تجمل حسین زیدی،صاحبزادہ منشاء سالک،اسلم بھلی،ڈاکٹر افتخار نقوی،چاچا عبدالرشید،ڈاکٹر ممتاز حسین،مولانا عبدالقادر،عبدالقیوم انور،ارسلان ظفر ودیگرنے اجلاس میں شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ آقائے دو عالم حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت و سعادت تمام مسلمانوں کے لئے باعث رحمت ہے اور آمد رسولؐ کی خوشی بھی تمام مسلمان اپنے عقیدہ کے مطابق بھر پور مذہبی عقیدت و احترام سے منائیں گے لہذا اس موقع پر مثالی اتحاد،مذہبی رواداری اور اخوت و یگانگت کی ضرورت ہے تاکہ دشمن ہمارے مذہبی جذبات سے کھیل کر بدامنی پھیلانے میں کامیاب نہ ہو سکے۔انہوں نے امن کمیٹی کے ارکان سمیت تمام مکاتب فکر کے علماء کرام،مذہبی رہنماؤں وتاجروں کی مثالی معاونت کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ فرقہ وارانہ ہم آہنگی‘ بھائی چارے اور اتحاد و اتفاق کے ایسے شاندار ماحول میں امن کا قیام قابل بھروسہ ہے۔انہوں نے کہا کہ جشن عید میلاد النبیؐ مناتے وقت ہمیں غیر شرعی حرکات سے اجتناب اور اس بابرکت دن کا تقدس برقرار رکھنا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ حساس مقامات کی خصوصی نگرانی کی جائے گی جبکہ ضلعی امن کمیٹی کے ارکان بھی امن و امان اور مذہبی ہم آہنگی برقرار رکھنے کے لئے متحرک رہیں۔انہوں نے کہا کہ پولیس اور ضلعی انتظامیہ کی طرف سے ماہ ربیع الاول کی تقریبات اور خصوصا 12 ربیع الاول کے جلوسوں کی سیکورٹی اور دیگر انتظامی امور پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے اجلاس میں موجود محکموں کے افسران سے کہا کہ جلوسوں کے راستوں سے رکاوٹوں کو ہٹانے سمیت صفائی ستھرائی اور ٹریفک کی آسان روانی قائم رکھنے کے لئے ضروری انتظامات کو فوری حتمی شکل دی جائے۔انہوں نے ہسپتالوں میں میڈیکل ایمرجنسی سروسز کو چوکس،ریسکیو 1122کی گاڑیوں کو جلوسوں کے ہمراہ رکھنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ڈی سی آفس میں ضلعی کنٹرول روم فنکشنل رہے گا۔ایس ایس پی اپریشنز نے مذہبی امن اور رواداری کے جذبات کے فروغ میں تمام مکاتب فکر کے علماء کرام کے مثالی کردار کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کے تعاون سے عید میلادالنبیؐ کو بھی بھر پور عقیدت و احترام اور خوشگوار انداز میں منایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ سیکورٹی امور کے سلسلے میں ضلعی پولیس اپنی ذمہ داریوں کو کما حقہ پورا کرے گی اور کائنات کی عظیم ہستی سرکار دو عالم حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت و سعادت کے مقدس دن پر آنچ نہیں آنے دیں گے۔انہوں نے جلوسوں کے منتظمین سے کہا کہ وہ رضا کارگارڈز کا بھی بندوبست کریں جن کی ضلعی پولیس کی طرف سے حفاظتی امورکے بارے میں ٹریننگ کرائی جائے گی۔اجلاس کے دوران امن کمیٹی کے ارکان نے اپنے بھر پور تعاون کا یقین دلاتے ہوئے کہاکہ تمام مسالک کے علماء کرام آپس میں شیر و شکر ہیں تاہم امن کے دشمنوں سے ہمہ وقت چوکنا رہنا چاہیے۔انہوں نے جشن عید میلادالنبیؐ کے انتظامات کے حوالے سے بعض تجاویز بھی پیش کیں۔آخر میں ملک و قوم کی ترقی‘ امن وآشتی‘ اتحاد و اتفاق اور خیر و برکت کے لئے دعا کی گئی۔اجلاس کے آغاز پر ضلعی امن کمیٹی کے ممبر اسلم بھلی کی والدہ کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔
فیصلآباد میں عوامی مسائل سے آگاہی اور ان کے حل کے لئے سرکٹ ہاؤس میں ہفتہ وار کھلی کچہری کا انعقاد
فیصل آباد(محمد اویس)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایات پر عوامی مسائل سے آگاہی اور ان کے حل کے لئے سرکٹ ہاؤس میں ہفتہ وار کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا۔ڈپٹی کمشنر محمد علی اور سی پی او اطہر اکرم نے عوامی مسائل سنے اور موقع پر ہی افسران کو دادرسی کی ہدایت کی۔ارکان صوبائی اسمبلی میاں وارث عزیز اور فردوس رائے بھی موجود تھیں۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل میاں آفتاب احمد،اسسٹنٹ کمشنرز نازیہ موہل،خرم شہزاد بھٹی،محمداورنگزیب،ایس پی محمد معاذ،سی ای اوز ہیلتھ‘ ایجوکیشن،ویسٹ مینجمنٹ کمپنی ڈاکٹر مشتاق سپرا،علی احمد سیان،کاشف رضا اعوان،ڈائریکٹر پی ایچ اے عثمان اکرم کے علاوہ مختلف محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر نے کھلی کچہری کے دوران لوگوں کی ریونیو،اسسٹنٹ کمشنرز آفس،میونسپل کارپوریشن،پارکنگ کمپنی،ویسٹ مینجمنٹ کمپنی ودیگر محکموں سے متعلقہ شکایات سنتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی شکایات ومسائل کے حل کے لئے بالکل فکرمند نہ ہو ان کے ازالہ کے سلسلے میں ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کئے جارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جو کرپشن میں ملوث ہوگا اسے منطقی انجام تک پہنچائیں گے اور کام چور سٹاف کو کڑا احتساب کیا جائے گا۔انہوں نے بعض درخواستوں پر کئی علاقوں میں واسا،تجاوزات،مال سے متعلقہ مسائل فوری حل کرنے کا حکم دیا۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ہفتہ وار کھلی کچہری کے ساتھ ساتھ وہ اپنے دفتر میں روزانہ عوامی شکایات سنتے ہیں کیونکہ عوام سے رابطہ اور ان کے مسائل کا حل اولین مشن ہے۔اس سلسلے میں پبلک سروس محکموں /اداروں کو بھی متحرک کیا گیا ہے۔سی پی او اظہر اکرم نے پولیس سے متعلقہ لوگوں کی شکایات سنتے ہوئے کہا کہ مظلوم کو جلد انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ میرٹ پالیسی کے تحت درخواستیں نمٹانے کاکام جاری ہے۔انہوں نے پولیس افسران کو بعض شکایات پر موقع کا دورہ کرنے اور فریقین کو طلب کرکے مسائل کا ازالہ کرنے کی تاکید کی۔کھلی کچہری کے دوران لوگوں کی طرف سے مجموعی طور پر 44درخواستیں پیش کی گئیں جن میں 22ضلعی انتظامیہ اور 22پولیس سے متعلقہ تھیں۔ارکان اسمبلی میاں وارث عزیز اورفردوس رائے نے کہا کہ عام آدمی کے مسائل حل کرنا اولین ترجیح ہے اس ضمن میں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایت پر حکومت پنجاب ٹھوس اور جامع حکمت عملی کے تحت کام کررہی ہے۔انہوں نے کہا کہ مختلف محکموں سے متعلقہ عوام کے مسائل حل کرنے کے لئے افسران کی طرف سے اوپن ڈور پالیسی پر عملدرآمد اور ہفتہ وار کھلی کچہری کا انعقاد کیا جارہا ہے جس کے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں۔
۔۔۔///۔۔۔ہفتہ انسداد سموگ
فیصل آباد(محمد اویس )حکومت پنجاب کی ہدایت پر ضلع بھر میں 2سے 8نومبر تک ”ہفتہ انسداد سموگ“منایا جائے گا اسی سلسلے میں سموگ سے بچاؤ کے لئے احتیاطی وانسدادی اقدامات کو یقینی بنانے کے علاوہ عوامی آگاہی کے لئے ہمہ نوعیت کے پروگرامز منعقدہوں گے۔ڈپٹی کمشنر محمد علی نے بتایا کہ بدلتے موسم میں سموگ کے خطرات موجود ہیں جس کے مضر اثرات سے بچنے کے لئے عوامی سطح پر آگہی اشد ضروری ہے۔انہوں نے محکمہ تعلیم،صحت،سماجی بہبود،تحفظ ماحولیات،ویسٹ مینجمنٹ کمپنی،میونسپل کارپوریشن،ضلع کونسل اور دیگر محکموں سے کہا کہ وہ سموگ کی صورت حال پر قابو پانے کے لئے قانونی ومحکمانہ اقدامات کے علاوہ عوام کو سموگ کی وجوہات،اس کے مضر اثرات اوربچاؤ کی تدابیر سے آگاہ کریں۔اس ضمن میں ہفتہ انسداد سموگ کے دوران آگاہی سیمینار،واکس،تعلیمی اداروں میں لیکچرز،طالب علموں کے مابین تقریری مقابلوں،عوام میں معلوماتی پمفلٹس کی تقسیم سمیت سموگ سے بچاؤ کے لئے شعور کو اجاگر کرنے کے لئے دیگر نوعیت کے پروگرامز منعقد کریں اورمحکمانہ کارکردگی سے متعلق رپورٹس فراہم کی جائیں۔ڈپٹی کمشنر نے محکمہ ماحولیات کے افسران سے کہا کہ دھواں چھوڑنے والے بھٹہ جات کی بندش کے شیڈول پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے جبکہ ٹریفک پولیس وسیکرٹری آر ٹی اے کی طرف سے ایسی گاڑیوں کو فوری بند کیا جائے جو شدید دھواں چھوڑ رہی ہوں۔انہوں نے کوڑا کرکٹ کو آگ لگانے،گردوغبار پر قابو پانے کے لئے پانی کے چھڑکاؤ،مٹی لیکر چلنے والی ٹرالیوں کو ترپال سے ڈھاپنے کا پابند بنانے،فصلوں کی باقیات کو جلانے اور ٹائروں وغیرہ کو آگ لگانے پر پابندی کویقینی بنانے کی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ سموگ کی صورت میں عوام کو اسکی شدت،گاڑیوں پر سفر سے اجتناب کرنے اور ماسک کے استعمال سے متعلق آگاہ رکھا جائے۔
کشمیری بھائیوں سے یکجہتی کیلئے محکمہ محنت کے زیر اہتمام ریلی
فیصل آباد(محمد اویس )حکومت پنجاب کی ہدایات پر کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی اور بھارتی مظالم کے خلاف محکمہ محنت کے زیر اہتمام ریلی نکالی گئی جس کی قیادت ڈائریکٹر لیبر ملک منور اعوان نے کی۔ریلی میں محکمہ لیبر کے افسران،مزدور رہنما اورسول سوسائٹی کے افراد نے انڈین فوج کے مظالم کی بھرپور انداز میں مذمت کی۔کشمیریوں سے اظہار یکجہتی ریلی لیبر آفس سے شروع ہو کر اکبر آباد چوک سے ہوتی ہوئی جیل روڈ پر جا کر اختتام پذیر ہوئی۔ریلی کے شرکاء نے بھارتی مظالم کے خلاف تحریروں پر مشتمل بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے۔ڈائریکٹر لیبر نے کشمیریوں کی آزادی کے لئے لازوال قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی قوم کے دل کشمیری بھائیوں کے ساتھ ڈھرکتے ہیں اور جدوجہد آزادی میں کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔انہوں نے کشمیری عوام سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شہیدوں کا خون ضرور رنگ لائے گا۔اس موقع پر کشمیر کی آزادی کی دعا بھی کی گئی۔
جڑانوالہ روڈ فیصل آباد میں ویگن کو حاڈثہ، زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا
فیصل آباد(محمد اویس) جڑانوالا روڈ محمد والا کے قریب ویگن کا ٹائر پھٹنے سے الٹ گئی ریسکیو 1122 کی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی کی اور 12 زخمیوں کو سول ہسپتال فیصل آباد منتقل کر دیا
غیر قانونی ہاﺅسنگ کالونیز کو برداشت نہیں کیا جائے
فیصل آباد (محمد اویس )ڈپٹی کمشنر / ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد علی نے کہا ہے کہ غیر قانونی ہاﺅسنگ کالونیز کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کے سلسلے میں کسی قسم کی مزاحمت یا قانون شکنی کو قطعا برداشت نہیں کیا جائے گا اور ایف ڈی اے کے سٹاف کو زد و کوب کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی سے گریز نہیں کریں گے اس سلسلے میں سرکاری کام میں مداخلت اور ملازمین کو زخمی کرنے پر ملت روڈ پر غیر قانونی ہاﺅسنگ کالونی ابراھیم وی آئی پی بلاک کی انتظامیہ کے خلاف مقدمہ درج کرادیا گیا ہے ۔ ڈپٹی کمشنر / ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے اور ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے عامر عزیزنے کہا کہ تمام غیر قانونی ہاﺅسنگ سکیموں کے خلاف جارحانہ اپریشن جاری رہے گا اس ضمن میں اثر و رسوخ یا دھونس کو خاطر میں نہیں لائیں گے اور مزاحمت کرنے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نپٹا جائے گا ۔ ذرائع کے مطابق ملت روڈ پر غیر قانونی ہاﺅسنگ سکیم ابراھیم وی آئی پی بلاک کے خلاف قانونی کارروائی میں مزاحمت کرنے والے جن ملزمان کے خلاف تھانہ ملت ٹاﺅن میں مقدمہ درج کرایا گیا ہے ان میں محمد ارشد کمبوہ ڈویلپر سمیت مزید دس ملزمان شامل ہیں جنہوں نے پولیس کی کم نفری کا فائد اٹھا کر نہ صرف ایف ڈی اے سٹاف پر حملہ کرکے انہیں زخمی کیا بلکہ انہیں یرغمال بھی بنائے رکھا ۔ مزید برآں ایف ڈی اے کی تین گاڑیوں سمیت میڈیا کی گاڑی کو بھی تباہ کر دیا۔ تاہم ڈی ایس پی کی سربراہی میں تھانہ ملت ٹاﺅن کی مزید پولیس فورس موقع پر پہنچ گئی اور تین ملزمان کو موقع پر گرفتار کر لیا ۔ مزید کارروائی جاری ہے ۔
ایف ڈی اے کے بعض افسران وسٹاف کو نئی ذمہ داریاں تفویض
فیصل آباد(محمد اویس )ڈپٹی کمشنر/ڈائریکٹر جنرل فیصل آباد ڈویلپمنٹ اتھارٹی محمد علی نے ایف ڈی اے کے دفتری امور میں مزید بہتری اور شہریوں کو مختلف شعبوں میں تیزرفتار سروسز ڈلیوی کی فراہمی کے لئے ایف ڈی اے کے بعض افسران وسٹاف کو نئی ذمہ داریاں تفویض کی ہیں۔اس سلسلے میں ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے کی طرف سے جاری ہونے والے نوٹیفکیشن کے مطابق اسسٹنٹ ڈائریکٹر(فنانس) طارق جاوید فیصل کوآڈٹ سیل جبکہ اسسٹنٹ ڈائریکٹر محمد افضل سے اضافی چارج کی ذمہ داری واپس لے لی گئی ہے۔اسی طرح اسسٹنٹ ڈائریکٹر ٹاؤن پلاننگ IIمحمد صدیق کومزید ذمہ داریوں کے لئے ڈائریکٹر ٹاؤن پلاننگ Iکے سپرد کردیا گیا ہے۔اسسٹنٹ ڈائریکٹر ٹاؤن پلاننگ Iمحمد اسلم ساقی کو ملت ٹاؤن،گلستان کالونی کا چارج،سینئر بلڈنگ انسپکٹر شوکت جاوید کو علامہ اقبال کالونی کا چارج سونپ دیا گیا ہے۔کلیم اللہ بلڈنگ انسپکٹر ٹاؤن پلاننگ IIکو مزید پوسٹنگ کے لئے ڈائریکٹر ٹاؤن پلاننگ Iکے سپرد،سب انجینئر ہنی شہزاد کو چیف انجینئر کے سپرد،سینئر کلرک(ای ایمI) رانا محمدارشد کو ڈپٹی ڈائریکٹر (لیگل) کے سپرد،جونیئر کلرک محمد عمران کو مزید پوسٹنگ کے لئے ڈائریکٹر(ای ایم II)،جونیئر کلرک رانا محمد شبیر کو ڈائریکٹر(ای یم) کے سپرد،انکروچمنٹ انسپکٹر(اسٹیٹ آفیسر)ثناء اللہ کو آئندہ پوسٹنگ کے لئے پراجیکٹ ڈائریکٹر اورانکروچمنٹ انسپکٹر محمد اسلم کو اسٹیٹ آفیسر کے سپرد کردیا گیا ہے۔
۔۔۔///۔۔۔پاکستان نیوی میں پی این کیڈٹ برائے مستقل کمشن کی بھرتی کے لئے رجسٹریشن 10نومبر تک جاری
فیصل آباد(محمد اویس )پاکستان نیوی میں پی این کیڈٹ برائے مستقل کمشن کی بھرتی کے لئے رجسٹریشن 10نومبر تک جاری رہے گی۔کمانڈر پاکستان نیوی/آفیسر انچارج فاروق خاں نے بتایا کہ ایف ایس سی یا او لیول 60نمبر کے ساتھ پاس اور فزکس،ریاضی اور کیمسٹری،فزکس،ریاضی اور کمپیوٹر سائنس،فزکس،ریاضی اور شماریات کے حامل مضامین رکھنے والے خواہشمند رجسٹریشن کراسکتے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ انٹرنس ٹیسٹ 13نومبر کو ہوگا۔انہوں نے بتایا کہ www.joinpaknavy.gov.pkپر آں لائن رجسٹریشن بھی کرائی جاسکتی ہے۔
۔۔۔///۔۔۔