Baaghi TV

Category: اسلام آباد

  • نئی سولر پالیسی ، کروڑوں صارفین کو بھاری سبسڈی فراہم کرنا ممکن نہیں رہا، وزیر توانائی

    نئی سولر پالیسی ، کروڑوں صارفین کو بھاری سبسڈی فراہم کرنا ممکن نہیں رہا، وزیر توانائی

    وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے کہا ہے کہ حکومت کی مجوزہ نئی سولر پالیسی کا اطلاق صرف نئے صارفین پر ہوگا جبکہ موجودہ صارفین کو متاثر نہیں کیا جائے گا۔

    نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئےوفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے واضح کیا کہ ریاست کے لیے کروڑوں صارفین کو بھاری سبسڈی فراہم کرنا ممکن نہیں رہا بجلی کے شعبے میں اصلاحات کے باعث صنعتی صارفین کے لیے بجلی کے نرخ اب خطے کے دیگر ممالک کے قریب آ چکے ہیں بعض حلقوں کی جانب سے بنگلہ دیش میں چھ سے سات سینٹ فی یونٹ بجلی کے دعوے درست نہیں اور زمینی حقائق مختلف ہیں۔

    وفاقی وزیر کے مطابق ملک میں کم بجلی استعمال کرنے والے صارفین کی تعداد تیزی سے بڑھی ہےاضی میں 200 یونٹس سے کم بجلی استعمال کرنے والے صارفین کی تعداد چند ملین تھی جو بڑھ کر کروڑوں تک پہنچ گئی ہے، اور اس طبقے کو بھاری سبسڈی دینا ریاست کے لیے مشکل ہوتا جا رہا ہے اس سے قبل بھی حکومت کی جانب سے بتایا گیا تھا کہ کم یونٹس استعمال کرنے والے صارفین کو 70 فیصد تک سبسڈی دی جاتی رہی ہے۔

    اویس لغاری نے کہا کہ بعض صاحب حیثیت افراد سولر سسٹم لگانے کے بعد اپنی بجلی کی کھپت کم ظاہر کرتے ہیں اور رعایتی صارفین کی فہرست میں شامل ہو جاتے ہیں، جس سے سبسڈی کا بوجھ مزید بڑھتا ہے اتنے بڑے طبقے کو بجلی کی قیمت میں تقریباً 70 فیصد رعایت دینا معاشی طور پر پائیدار نہیں۔

    واضح رہے کہ حکومت ماضی میں بھی یہ عندیہ دے چکی ہے کہ سولر اور نیٹ میٹرنگ پالیسی میں ایسی تبدیلیاں کی جا سکتی ہیں جن سے بجلی کے شعبے پر مالی دباؤ کم ہو اور دیگر صارفین پر اضافی بوجھ نہ پڑے۔

  • حج 2026 کیلئے بائیو میٹرک کرانے کی تاریخ میں توسیع

    حج 2026 کیلئے بائیو میٹرک کرانے کی تاریخ میں توسیع

    حج 2026 کے لئے بائیومیٹرک کرانے کی تاریخ میں 17 فروری تک توسیع کر دی گئی ہے۔

    ترجمان وزارت مذہبی امور کا کہنا ہے کہ سعودی ویزا کے لئے بائیو میٹرک لازمی قرار دی گئی ہے، بائیو میٹرک نہ کرانے والوں کو حج ویزا جاری نہیں کیا جائے گا، 17 فروری کے بعد بائیو میٹرک مکمل کرنے کی اجازت نہیں ہوگی بائیو میٹرک نہ کرانے والے عازمین اس برس حج نہیں کر سکیں گے، موبائل ایپ سعو دی ویزا بائیو کے ذریعے گھر بیٹھے بائیومیٹرک کرائی جا سکتی ہے۔

    عازمین حج کی سہولت کے لئے تاشیر سینٹرز بھی کھلے رہیں گے، عازمین حج کو فوری طور پر بائیو میٹرک کیلئے سعودی ویزا مراکز سے رجوع کرنے کا کہا گیا ہے، 80 برس سے زائد عمر کے عازمین حج کو بائیو میٹرک سے استثنیٰ حاصل ہے، ان کا چہرہ اور فنگر پرنٹ اسکین نہیں ہوں گے، ان کے پاسپورٹ اسکین ہونے کی تصدیقی ای میل ان کو موصول ہو گی، عازمین حج پراسیس مکمل ہونے کے بعد رسید حاصل کریں۔

  • پاکستان میں موجود امریکا منتقلی کے منتظر افغان شہریوں سے متعلق اہم پیشرفت

    پاکستان میں موجود امریکا منتقلی کے منتظر افغان شہریوں سے متعلق اہم پیشرفت

    پاکستان میں موجود امریکا منتقلی کے منتظر افغان شہریوں کو واپس افغانستان بھیجنے کا فیصلہ کیے جانے کی اطلاعات ہیں۔

    ذرائع کے مطابق ہزاروں افغان شہری کئی برس سے امریکا میں آبادکاری کے منتظر ہیں، تاہم طویل تاخیر کے باعث اب ان کی واپسی کا عمل شروع کیے جانے کا امکان ہے پاکستان میں موجود تقریباً 19 ہزار سے زائد افغان شہری امریکا منتقلی کے انتظار میں ہیں، تاہم افغانستان میں طالبان حکومت کے قیام کے بعد کئی سال گزرنے کے باوجود امریکا کی جانب سے ان کی مکمل آبادکاری ممکن نہیں ہو سکی۔ اس صورتحال کے باعث پاکستان نے افغان شہریوں کو واپس ان کے ملک بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق وفاقی وزارت داخلہ نے افغان شہریوں کی واپسی کے حوالے سے صوبوں کو آگاہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے اس سلسلے میں تمام صوبائی چیف سیکریٹریز، پولیس سربراہان، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور اسلام آباد انتظامیہ کو باقاعدہ خطوط ارسال کیے جانے کا امکان ہے۔

    یاد رہے کہ پاکستان پہلے بھی غیر قانونی مقیم غیر ملکیوں خصوصاً افغان شہریوں کی واپسی کا عمل شروع کر چکا ہے، اور ماضی میں بڑی تعداد میں افغان شہریوں کو ملک چھوڑنے کی ہدایات دی گئی تھیں پاکستان نے اس سے قبل مغربی ممالک، خصوصاً امریکا، پر زور دیا تھا کہ وہ ان افغان شہریوں کی بروقت آبادکاری یقینی بنائیں، بصورت دیگر انہیں واپس بھیجنے کا فیصلہ کیا جا سکتا ہے۔

    واضح رہے کہ افغانستان میں طالبان حکومت آنے کے بعد بڑی تعداد میں افغان شہری پاکستان منتقل ہوئے تھے، جن میں وہ افراد بھی شامل تھے جنہیں غیر ملکی حکومتوں کے ساتھ کام کرنے کے باعث خطرات لاحق تھے اب کئی سال گزرنے کے باوجود ان کے کیسز مکمل نہ ہونے سے صورتحال پیچیدہ ہو گئی ہے۔

  • طالبان نے نائن الیون سے پہلے کے دور سے زیادہ خطرناک حالات پیدا کر دیئے ہیں،صد مملکت

    طالبان نے نائن الیون سے پہلے کے دور سے زیادہ خطرناک حالات پیدا کر دیئے ہیں،صد مملکت

    صدر مملکت آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ پاکستان کا مشرقی ہمسایہ طالبان رجیم کی مدد کر رہا ہے جو نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے اور عالمی امن کے لیے خطرہ بن چکا ہے۔

    ایک بیان میں صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ بعض ہمسایہ ممالک اپنی سرزمین سے دہشت گرد عناصر کو پاکستان کے خلاف کارروائیوں کی اجازت دے کر جرائم میں شراکت دار بن گئے ہیں، کچھ ممالک ناصرف ان کی براہِ راست مالی معاونت کرتے ہیں بلکہ انہیں تکنیکی اور عسکری ذرائع بھی فراہم کرتے ہیں۔

    صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ طالبان رجیم نے ایسے حالات پیدا کر دیے ہیں جو نائن الیون سے پہلے کے دور سے بھی زیادہ خطرناک ہیں صدرِ پاکستان نے حالیہ دہشت گردی کے واقعے کے بعد پاکستان سے اظہارِ یکجہتی کرنے پر عالمی رہنماؤں اور ممالک کا شکریہ ادا کیا۔

    صدر آصف علی زرداری نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان کو عالمی رہنماؤں، حکومتوں اور بین الاقوامی اداروں کی جانب سے ملنے والی ہمدردی اور حمایت نے مشکل وقت میں پاکستانی عوام اور متاثرہ خاندانوں کو حوصلہ دیا ہےان کے مطابق یہ پیغامات اس بات کا ثبوت ہیں کہ دہشت گردی اور اس کے پیچھے موجود پرتشدد نظریات کے خلاف جنگ ایک عالمی جدوجہد ہے۔

    صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان کا مؤقف ہمیشہ واضح رہا ہے کہ دہشتگردی کا مقابلہ کوئی ایک ملک اکیلے نہیں کر سکتا پاکستان کے تجربے نے ثابت کیا ہے کہ جب دہشت گرد تنظیموں کو سرحد پار پناہ، سہولت یا آزادی دی جاتی ہے تو اس کے نتائج دنیا بھر کے بے گناہ شہریوں کو بھگتنا پڑتے ہیں۔

    واضح رہے کہ دو روز قبل اسلام آباد کے نواحی علاقے ترلائی میں نماز جمعہ کے دوران مسجد و امام بارگاہ خدیجۃ الکبریٰ میں خودکش دھماکا ہوا تھا جس میں 33 افراد شہید اور 150 سے زائد زخمی ہوئے تھے۔

  • رمضان المبارک: کن ممالک میں روزے سب سے طویل اور سب سے چھوٹے ہوں گے؟

    رمضان المبارک: کن ممالک میں روزے سب سے طویل اور سب سے چھوٹے ہوں گے؟

    رمضان المبارک 2026 کی آمد میں صرف چند دن باقی رہ گئے ہیں اور دنیا بھر میں روزوں کے دورانیے کے حوالے سے تفصیلات سامنے آ گئی ہیں۔

    ماہرین فلکیات کے مطابق رمضان 2026 کا آغاز 19 فروری 2026 کو متوقع ہے، تاہم اگر ہلال 18 فروری کو نظر آئے تو یہ ایک دن قبل شروع ہو سکتا ہے رمضان کے روزے گزشتہ سال کے مقابلے میں کچھ کم دورانیے کے ہوں گے، جس سے عبادت گزاروں کو کچھ راحت ملے گی۔

    خلیج ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق اسلامی ہجری کیلنڈر قمری چاند کے مدار پر مبنی ہے، جس کے مطابق ہر ماہ 29 یا 30 دن پر مشتمل ہوتا ہے، چاند کے نظر آنے کی بنیاد پر مہینے کی شروعات طے کی جاتی ہے۔ رواں برس بھی رمضان کا آغاز تقریباً 10 سے 12 دن پہلے ہونے جا رہا ہے، جس کا اثر روزے کے دورانیے اور دن کی روشنی پر پڑے گا۔

    رمضان کے روزے کا آغاز صبح صادق سے غروب آفتاب تک ہوتا ہے، اور روزے کی مدت ہر مقام پر سورج کے طلوع و غروب کے وقت کے مطابق مختلف ہوتی ہے جغرافیائی محل وقوع کے فرق کی وجہ سے دنیا کے مختلف ممالک میں روزے کے اوقات مختلف ہوتے ہیں۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق شمالی ممالک جیسے روس کے شمالی حصے، گرین لینڈ، آئس لینڈ، ناروے، سویڈن اور فن لینڈ میں روزے کا دورانیہ 16 گھنٹے سے زیادہ ہو سکتا ہے جبکہ بعض علاقوں میں یہ مدت 20 گھنٹے تک بھی پہنچ سکتی ہے دوسری جانب جنوبی اور معتدل خطوں میں روزے کا دورانیہ نسبتاً کم رہے گا، بر ازیل، جنوبی افریقہ، چلی، نیوزی لینڈ، انڈونیشیا، ملائیشیا اور کینیا جیسے ممالک میں روزے کا دورانیہ 11 سے 14 گھنٹے کے درمیان متوقع ہے۔

    علمائے کرام کے مطابق ایسے علاقوں میں جہاں دن یا رات غیر معمولی طور پر طویل یا مختصر ہو، وہاں مکہ مکرمہ یا کسی قریبی معتدل شہر کے اوقات کے مطابق روزہ رکھنے کی اجازت ہے۔

  • آئین، جمہوریت اور پاکستان: ایک بے لاگ احتساب،تجزیہ :شہزاد قریشی

    آئین، جمہوریت اور پاکستان: ایک بے لاگ احتساب،تجزیہ :شہزاد قریشی

    آئین، جمہوریت اور پاکستان: ایک بے لاگ احتساب

    پاکستان کی سیاسی اور مذہبی جماعتوں سے ایک بنیادی سوال برسوں سے جواب مانگ رہا ہے:کیا اس ملک میں کبھی آئین پر حقیقی معنوں میں عمل ہوا ہے؟آئین کسی بھی ریاست میں عوامی حقوق، وسائل کی منصفانہ تقسیم اور مستقبل کی منصوبہ بندی کا ضامن ہوتا ہے۔ مگر اگر پاکستان کے زمینی حقائق کا جائزہ لیا جائے تو آئین اور عملی سیاست کے درمیان ایک گہری خلیج صاف نظر آتی ہے۔ آبادی میں مسلسل اضافہ، پانی کی شدید قلت اور توانائی کے بحرا ن جیسے مسائل دہائیوں سے ہمارے سامنے ہیں، مگر فوجی ادوار کے بعد کسی منتخب حکومت نے بڑے آبی ذخائر یا طویل المدتی منصوبہ بندی کو قومی ترجیح کیوں نہ بنایا؟

    آج پاکستان کی اکثریت بجلی، گیس، صاف پانی، تعلیم اور صحت جیسی بنیادی سہولتوں کے لیے جدوجہد کر رہی ہے، حالانکہ یہ تمام حقوق آئین میں واضح طور پر درج ہیں۔ سوال یہ نہیں کہ مسائل کیوں ہیں، بلکہ سوال یہ ہے کہ جن جماعتوں نے بار بار اقتدار حاصل کیا، انہوں نے ان آئینی ذمہ داریوں کو پورا کرنے میں کیا کردار ادا کیا؟

    پاکستانی سیاست میں آئین اور جمہوریت زیادہ تر نعروں تک محدود رہے ہیں ہر انتخابی مہم میں عوام کو بہتر مستقبل کے خواب دکھائے گئے، مگر اقتدار میں آنے کے بعد ترجیحات بدل گئیں احتساب، ادارہ جاتی اصلاحات اور عوامی فلاح کے بجائے طاقت، اختیار اور سیاسی بقا مرکزِ توجہ بنی رہی اگر یہ واقعی آئین کی جنگ ہوتی تو آج عام پاکستانی بنیادی سہولتوں کے لیے دربدر نہ ہوتا۔

    میری نسل کے لوگ اس تلخ حقیقت کے عینی شاہد ہیں کہ کس طرح قوم کو دہائیوں تک بلند بانگ، مگر کھوکھلے نعروں کے سہارے رکھا گیا اسی لیے آج نوجوانوں کے نام ایک سنجیدہ پیغام ضروری ہے: سیاستدانوں اور مذہبی جماعتوں کے دعوؤں کو صرف الفاظ کی بنیاد پر قبول نہ کریں، بلکہ ان کے ماضی، ان کی کارکردگی اور ان کے فیصلوں کو کسوٹی بنائیں۔

    یہ بھی ایک حقیقت ہے کہ پاکستان کی بقا میں سب سے زیادہ مسلسل قربانیاں ریاستی اداروں، بالخصوص پاک فوج نے دی ہیں، جو اپنے آئینی عہد کے تحت ملک اور عوام کے تحفظ کی ذمہ داری نبھا رہے ہیں اس کے برعکس سیاسی نظام اب تک ایسا فریم ورک فراہم کرنے میں ناکام رہا ہے جو عوامی مفاد کو ذاتی یا جماعتی مفاد پر ترجیح دے سکے۔

    دنیا کی مستحکم جمہوریتیں، چاہے وہ یورپ میں ہوں یا امریکہ میں، مضبوط اداروں، شفاف احتساب اور عوامی فلاح کو بنیاد بناتی ہیں وہاں جمہوریت ایک نعرہ نہیں بلکہ ایک نظام ہے۔ بدقسمتی سے پاکستان میں جمہوریت اکثر ایک سیاسی کاروبار کی شکل اختیار کر چکی ہے، جہاں اقتدار عوامی خدمت کے بجائے ذاتی دولت اور اثر و رسوخ میں اضافے کا ذریعہ بن جاتا ہے۔

    آج کا نوجوان اگر واقعی پاکستان کا مستقبل سنوارنا چاہتا ہے تو اسے تاریخ کا غیرجانبدار مطالعہ کرنا ہوگا، دعوؤں کے بجائے نتائج کو دیکھنا ہوگا، اور آئین کو صرف ایک مقدس دستاویز نہیں بلکہ قابلِ عمل سماجی معاہدہ بنانے کا مطالبہ کرنا ہوگا یہ وقت جذباتی نعروں کا نہیں، سنجیدہ سوالات کا ہےکیونکہ جب تک آئین کو عوامی مفاد کے ساتھ جوڑا نہیں جاتا، جمہوریت محض ایک خواب اور سیاست محض اقتدار کی جنگ ہی رہے گی۔

  • خواجہ آصف سرکاری دورے  پر سعودی عرب پہنچ گئے

    خواجہ آصف سرکاری دورے پر سعودی عرب پہنچ گئے

    ریاض:وزیر دفاع خواجہ آصف سعودی حکومت کی باضابطہ دعوت پر سرکاری دورے کے لیے ریاض پہنچ گئے ہیں جہاں وہ ورلڈ ڈیفنس شو میں شرکت کریں گے۔

    ریاض ایئرپورٹ پر سعودی حکام اور سعودی عرب میں تعینات پاکستان کے سفیر نے وزیر دفاع کا استقبال کیا،دورے کے دوران خواجہ آصف کی اعلیٰ سعودی حکام سے ملاقاتیں متوقع ہیں جن میں دوطرفہ دفاعی تعاون، خطے کی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گاذرائع کے مطابق یہ دورہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دفاعی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور مشترکہ تعاون کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرے گا۔

  • اسلام آباد خودکش دھماکا: وفاق المدارس العربیہ پاکستان کی شدید مذمت

    اسلام آباد خودکش دھماکا: وفاق المدارس العربیہ پاکستان کی شدید مذمت

    وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے قائدین نے اسلام آباد کی ایک امام بارگاہ میں ہونے والے خودکش حملے کو انتہائی افسوسناک، ظالمانہ اور قابلِ مذمت قرار دیا ہے۔

    یہ مذمتی بیان صدر وفاق المدارس مولانا مفتی محمد تقی عثمانی، سینئر نائب صدر مولانا انوار الحق، ناظم اعلیٰ مولانا محمد حنیف جالندھری اور دیگر رہنماؤں کی جانب سے جاری کیا گیاوفاق المدارس کے قائدین نے واضح کیا کہ بے گناہ انسانوں کی جان لینا اور خون بہانا اسلام اور انسانیت دونوں کے سراسر خلاف ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ مساجد، امام بارگاہوں اور مدارس جیسے مقدس مقامات پر حملے کرنے والے انسان کہلانے کے بھی مستحق نہیں،اس نوعیت کی خونریز کاررو ائیاں پاکستان کو عدم استحکام، انتشار اور خوف و ہراس کی طرف دھکیلنے کی دانستہ کوشش ہیں، جن کا مقصد قومی یکجہتی کو نقصان پہنچانا ہے۔

    وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے قائدین نے مطالبہ کیا کہ اس دلخراش واقعے میں ملوث عناصر اور ان کے سہولت کار نیٹ ورک کا سراغ لگا کر انہیں نشانِ عبرت بنایا جائے تاکہ آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام ممکن ہو،ملک بھر کی تمام مساجد، امام بارگاہوں اور دینی مدارس کو فوری طور پر فول پروف سیکیورٹی فراہم کی جائے، تاکہ عبادت گاہوں کو دہشت گردی سے محفوظ بنایا جا سکے۔

  • وزیراعظم نے  وزارتِ خارجہ میں 24 اہم سفارتی تقرریوں اور تبادلوں کی منظوری دیدی

    وزیراعظم نے وزارتِ خارجہ میں 24 اہم سفارتی تقرریوں اور تبادلوں کی منظوری دیدی

    وزیراعظم شہباز شریف نے وزارتِ خارجہ میں 24 اہم سفارتی تقرریوں اور تبادلوں کی منظوری دے دی ہے، جن میں اقوامِ متحدہ، برطانیہ، افغانستان، یورپ اور دیگر اہم ممالک میں نئی تعیناتیاں شامل ہیں۔

    وزارتِ خارجہ کے ترجمان طاہر حسین اندرابی کو پاکستان کا اقوامِ متحدہ میں مستقل نمائندہ (جنیوا) مقرر کر دیا گیا ہے ان کی تقرری کو ایک اہم سفارتی پیشرفت قرار دیا جا رہا ہے اس رد و بدل کے تحت کیپٹن (ر) عثمان ٹِیپو کو پاکستان کا نیا ہائی کمشنر برائے برطانیہ نامزد کیا گیا ہے وہ ڈاکٹر فیصل کی جگہ ذمہ داریاں سنبھا لیں گے، جو ستمبر میں متوقع طور پر موجودہ سیکرٹری خارجہ آمنہ بلوچ کی ریٹائرمنٹ کے بعد اس عہدے کے مضبوط امیدوار سمجھے جا رہے ہیں۔

    وزیراعظم کی منظوری سے بلال احمد کو جنیوا میں اقوامِ متحدہ کے مشن سے سعودی عرب تعینات کر دیا گیا احمد فاروق کو واپس اسلام آباد طلب کر لیا گیا جبکہ مدثر ٹِیپو کو ایران سے ازبکستان منتقل کیا گیا جبکہ ڈاکٹر سید اسد علی گیلانی کو پاکستان کے سفیر برائے افغانستان،عبیدالرحمٰن نظامانی کو سفیر برائے سویڈن، سلمان (وز یراعظم آفس سے) کو سفیر برائے جرمنی اور ثانیہ افضل قاضی کو سفیر برائے تھائی لینڈ مقرر کیا گیا ہے،اسی طرح عاصم علی خان کو سفیر برائے نارو ے ،سرا ج احمد خان کو قونصل جنرل، لاس اینجلس ،اسد شہزاد کو سفیر برائے یوگنڈا اور محمد فیصل ابڑو کو قونصل جنرل، مونٹریال تعینات کیا گیا ہے-

    میڈیا رپورٹس کے مطابق خلیل ہاشمی (سفیر برائے چین)، علی جاوید (سفیر برائے اٹلی)، جبکہ عامر آفتاب قریشی (سفیر برائے یونان) کو مدت ملازمت میں توسیع دیدی گئی ہے۔

  • ملک علاقوں میں آج سے بارش اور برفباری کا سلسلہ شروع

    ملک کے مختلف علاقوں میں آج سے بارش اور برفباری کا سلسلہ شروع ہو گا۔

    بارش اور برفباری کا سلسلہ منگل تک جاری رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے، محکمہ موسمیات نے 8 سے 10 فروری تک پنجاب کے بالائی علاقوں میں بارش و برفباری کا امکان ظاہر کیا ہے پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بھی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے، 9 سے 10 فروری کے دوران فیصل آباد ڈویژن میں بھی گھنے بادلوں سمیت بارش ہونے کی توقع ہے۔

    بلوچستان کے 19 اضلاع میں آج ہلکی بارش جبکہ چمن، پشین، قلعہ عبد اللہ، قلعہ سیف اللہ اور زیارت میں پہاڑوں پر ہلکی برفباری کا امکان ہے خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں بھی آج سے منگل تک بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، پشاور سمیت صوبے کے بیشتر میدانی اضلاع میں آج رات سے بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہےکراچی میں بھی مطلع ابرآلود رہنے اور چند مقامات پر بارش کا امکان ہے، پی ڈی ایم اے نے تمام ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے اور پیشگی اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔