صوبائی وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے اسکولوں میں جمعہ کی چھٹی سے متعلق گردش کرنے والی خبروں کی وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ چھٹی مستقل نہیں رہے گی اور جلد ختم کر دی جائے گی۔ ان کے مطابق تعلیمی اداروں کو دوبارہ معمول کے ہفتہ وار شیڈول پر لایا جا رہا ہے۔
وزیر تعلیم نے اپنے بیان میں واضح کیا کہ جمعہ کی چھٹی کو مستقل بنانے کی خبریں درست نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آنے والے ہفتوں میں یہ سہولت مکمل طور پر ختم کر دی جائے گی اور طلبہ کو روایتی شیڈول کے مطابق اسکول آنا ہوگا۔
انہوں نے بتایا کہ اس حوالے سے صوبائی حکومت وفاقی حکومت کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے تاکہ فیصلے کو بہتر انداز میں نافذ کیا جا سکے۔ حکام کے مطابق یہ اقدام عارضی نوعیت کا تھا جسے مخصوص حالات کے تحت متعارف کروایا گیا تھا۔
رانا سکندر حیات نے موسم گرما کی تعطیلات سے متعلق بھی وضاحت کی اور کہا کہ چھٹیوں کے دورانیے یا شیڈول کے بارے میں حتمی فیصلہ 15 مئی کے بعد کیا جائے گا۔ اس حوالے سے کوئی بھی اعلان وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی منظوری کے بعد سامنے آئے گا۔
یاد رہے کہ عالمی سطح پر توانائی بحران اور پیٹرول و ڈیزل کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے باعث تعلیمی اداروں میں جمعہ کی چھٹی دی گئی تھی، جس کے تحت طلبہ کو آن لائن کلاسز لینے کی ہدایت کی گئی تھی۔ اب حالات میں بہتری کے بعد حکومت نے تعلیمی نظام کو مکمل طور پر بحال کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
Category: اسلام آباد
-

جمعہ کی چھٹی ختم، اسکول معمول پر آئیں گے
-

وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس، قیمتی پتھروں کی کٹائی،تین سینٹرز آف ایکسیلینس بنانے کا فیصلہ
وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان میں قیمتی پتھروں کی کان کنی و پراسیسنگ کی بین الاقوامی معیار سے ہم آہنگی اور انکی برآمدات میں اضافے کا عزم کیا ہے،
ملک میں تین سینٹر آف ایکسیلینس کے قیام پر جائزہ اجلاس کی صدارت وزیراعظم شہباز شریف نے کی، وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان کو اللہ تعالی نے قیمتی پتھروں سمیت قدرتی وسائل کی دولت سے مالا مال کیا ہے،یہ ایک ایسا شعبہ ہے جس میں مقامی وسائل سے برآمدات میں اضافہ کیا جا سکتا ہے. معاون خصوصی ہارون اختر اور انکی ٹیم کے شعبے کی ترقی کیلئے اقدامات قابل ستائش ہیں. سینٹرز آف ایکسیلینس کے قیام میں شفافیت کے عنصر کو اہمیت دی جائے.وزیرِ اعظم نے پاکستانی قیمتی پتھروں کی پراسیسنگ کے بعد برآمدات میں اضافے کیلئے لائحہ عمل مرتب کرنے کی ذمہ داری وزارت منصوبہ بندی کو سونپ دی. وزارت منصوبہ بندی جلد جامع لائحہ عمل مرتب کرکے وزیرِ اعظم کو پیش کرے گی.
اجلاس کو قیمتی پتھروں کی پراسیسنگ اور کان کنی کے جدید طریقوں کو رائج کرنے کے حوالے سے بریفنگ دی گئی. اجلاس کو بتایا گیا کہ قیمتی پتھروں کی کٹائی، تراش خراش اور انہیں زیورات میں مزین کرنے کے قابل بنانے کے حوالے سے حکومت تین سینٹرز آف ایکسیلینس کا قیام عمل میں لارہی ہے. گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر میں سینٹرز کیلئے اراضی کی نشاندہی کی جا چکی. علاوہ ازیں اسلام آباد میں سینٹر کے قیام کیلئے اراضی کی نشاندہی پر کام جاری ہے. اجلاس کو بتایا گیا کہ ان سینٹرز آف ایکسیلینس میں قیمتی پتھروں کی بین الاقوامی معیار کی پراسیسنگ کیلئے تربیت فراہم کی جائے گی. اجلاس کو بتایا گیا کہ جولائی 2026 میں پاکستان میں قیمتی پتھروں کے حوالے سے پہلی بین الاقوامی نمائش کا انعقاد بھی کیا جا رہا ہے. اس کے علاوہ سری لنکا اور چین کے تعاون سے مخصوص قیمتی پتھروں کی پراسیسنگ کے حوالے سے افرادی قوت کی تربیت کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں.
اجلاس کو قیمتی پتھروں کی کم سے کم ضیاع کے ساتھ کان کنی کے حوالے سے وزارت پیٹرولیم کے اقدامات پر بھی بریفنگ دی گئی. اجلاس کو بتایا گیا کہ مقامی آبادیوں کو اعتماد میں لے کر اس حوالے اشتراکی منصوبوں کا اجراء کیا جارہا ہے. ایک ہزار لوگوں کو قیمتی پتھروں کی بین الاقوامی معیار سے ہم آہنگ کان کنی کی تربیت بھی دی جارہی ہے. وزیرِ اعظم کو منصوبوں کے مراحل اور انکی تکمیل کی معینہ مدت پر بھی بریفنگ دی گئی. وزیرِ اعظم کی شعبے کی برآمدات میں اضافے کیلئے وزرات منصوبہ بندی کو جامع لائحہ عمل مرتب کرکے جلد پیش کرنے کی ہدایت.
اجلاس میں وفاقی وزراء احسن اقبال، ڈاکٹر مصدق ملک، جام کمال خان، علی پرویز ملک، وزیرِ مملکت بلال اظہر کیانی، معاون خصوصی ہارون اختر، گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر کے چیف سیکریٹریز اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی.
-

آئینی عدالت نے پاسپورٹ اینڈ امیگریشن رولز کی کالعدم شدہ دفعات بحال کردیں
وفاقی آئینی عدالت سے حکومت کو بڑا ریلیف مل گیا، آئینی عدالت نے پاسپورٹ اینڈ امیگریشن رولز کی کالعدم شدہ دفعات بحال کردیں، دفعات بحالی سے شہریوں کے نام پاسپورٹ کنٹرول لسٹ میں شامل کرنے کا اختیار بحال ہوگیا۔
رپورٹ کے مطابق عدالت نے حکومت کا شہریوں کے پاسپورٹ غیرفعال قرار دینے کا اختیار بھی بحال کردیا۔
آئینی عدالت نے لاہور ہائیکورٹ کا فیصلہ معطل کردیا، حکومتی اپیل سماعت کیلئے منظور کرلی۔جسٹس حسن اظہر رضوی کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے فریقین کو نوٹس جاری کردیئے۔ جسٹس حسن اظہر رضوی نے سوال کیا کہ کیا یہ ڈنکی لگا کر جانے والوں کا کیس ہے؟۔ ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا کہ فرحان علی نامی شہری غیرقانونی طور پر ایران گیا جہاں سے ڈی پورٹ ہوا تھا، غیرقانونی اقدامات پر پاسپورٹ کنٹرول لسٹ میں نام شامل کیا گیا۔عامر رحمان نے بتایا کہ پاسپورٹ کنٹرول لسٹ میں نام کی شمولیت اور پاسپورٹ غیرفعال ہونا چیلنج کیا گیا۔ جسٹس حسن نے کہا کہ یہ خود باہر جانے والا تھا یا لوگوں سے پیسہ لے کر اٹلی بھیجتا تھا؟، ایف آئی اے نے اب تک کیا تفتیش کی ہے؟۔ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے جواب دیا کہ اس حوالے سے ایف آئی اے سے معلومات نہیں لیں، لاہور ہائیکورٹ نے پاسپورٹ اینڈ امیگریشن کے رول 3 اور 10 کالعدم قرار دے دیئے۔وفاقی آئینی عدالت نے لاہور ہائی کورٹ کا فیصلہ معطل کرتے ہوئے سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کردی۔
-

بشریٰ بی بی کی 29 مقدمات میں ضمانت میں توسیع
راولپنڈی کی انسدادِ دہشت گردی کی عدالت نے 26 نومبر کے احتجاج سے متعلق درج 29 مقدمات میں بشریٰ بی بی کی عبوری ضمانت میں 18 مئی تک توسیع کر دی ہے۔
انسدادِ دہشت گردی کی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے کیس کی سماعت کی، جس کے دوران بشریٰ بی بی کے وکیل فیصل ملک اور قانونی ٹیم عدالت پیش ہوئے۔عدالت میں سماعت کے دوران تفتیشی افسران کی عدم دستیابی کے باعث کارروائی کو آگے نہ بڑھایا جا سکا، جس پر عدالت نے کیس کی سماعت ملتوی کرتے ہوئے آئندہ تاریخ 18 مئی مقرر کر دی۔واضح رہے کہ یہ مقدمات 26 نومبر کو ہونے والے احتجاج سے متعلق درج کیے گئے تھے، جن میں مختلف الزامات کے تحت کارروائی جاری ہے۔
-

آئی ایم ایف اجلاس 8 مئی، پاکستان کو قسط متوقع
پاکستان کے قرض پروگرام کے حوالے سے ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں عالمی مالیاتی فنڈ کے ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس 8 مئی کو طلب کر لیا گیا ہے۔ اس اجلاس میں پاکستان کے لیے قرض کی اگلی قسط کی منظوری متوقع ہے، جسے ملکی معیشت کے لیے اہم قرار دیا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق اس اجلاس میں پاکستان کو 1.2 ارب ڈالر سے زائد رقم کی منظوری دی جا سکتی ہے، جو 7 ارب ڈالر کے توسیعی فنڈ سہولت پروگرام اور آر ایس ایف کے تحت فراہم کی جائے گی۔ اس رقم کا مقصد پاکستان کی معاشی صورتحال کو مستحکم کرنا اور مالیاتی دباؤ کو کم کرنا ہے۔
رپورٹس کے مطابق اگر تیسرا جائزہ کامیابی سے مکمل ہو جاتا ہے تو پاکستان کو تقریباً 1 ارب ڈالر کی قسط ملنے کا امکان ہے، جبکہ آر ایس ایف کے دوسرے جائزے کے بعد مزید 210 ملین ڈالر فراہم کیے جا سکتے ہیں۔ یہ فنڈز زرمبادلہ کے ذخائر کو بہتر بنانے اور مالیاتی استحکام کے لیے اہم سمجھے جا رہے ہیں۔
یاد رہے کہ پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان 27 مارچ کو اسٹاف لیول معاہدہ طے پایا تھا، جس کے بعد اب اس پروگرام کو اگلے مرحلے میں لے جانے کے لیے ایگزیکٹو بورڈ کی منظوری درکار ہے۔
ماہرین معاشیات کے مطابق اس قسط کی منظوری پاکستان کے لیے مثبت اشارہ ہوگی، جس سے نہ صرف عالمی مالیاتی اداروں کا اعتماد بڑھے گا بلکہ سرمایہ کاری کے مواقع بھی بہتر ہوں گے۔ -

ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی اور عاصم منیر کی اہم ملاقات
ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے اسلام آباد میں فیلڈ مارشل عاصم منیر سے اہم ملاقات کی، جس میں خطے کی موجودہ صورتحال اور جنگ کے خاتمے کے لیے جاری سفارتی کوششوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے امن و استحکام کے قیام کے لیے مشترکہ حکمت عملی پر غور کیا اور اس بات پر زور دیا کہ تنازعات کے حل کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری کو ترجیح دی جانی چاہیے۔ اس موقع پر باہمی تعاون اور علاقائی سیکیورٹی کے امور بھی زیر بحث آئے۔
ایرانی میڈیا کے مطابق عباس عراقچی کا یہ دورہ دراصل مشاورت کے سلسلے کی کڑی ہے، جس کا مقصد خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کو کم کرنا اور مختلف ممالک کے ساتھ رابطوں کو مضبوط بنانا ہے۔ اطلاعات ہیں کہ اس سے قبل بھی ایرانی وزیر خارجہ مختلف ممالک کے دورے کر چکے ہیں تاکہ سفارتی سطح پر پیش رفت ممکن بنائی جا سکے۔
ملاقات میں اس امر پر بھی اتفاق کیا گیا کہ خطے میں پائیدار امن کے لیے مسلسل رابطہ اور مشاورت ناگزیر ہے۔ دونوں جانب سے اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ کشیدگی کو کم کرنے اور مسائل کے پرامن حل کے لیے کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔ -

ڈیزل قیمت فارمولا تبدیلی، دباؤ کی تردید
وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے ڈیزل کی قیمت کے فارمولے میں تبدیلی سے متعلق وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ فیصلہ کسی دباؤ کے تحت نہیں بلکہ باہمی رضامندی سے کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پیٹرولیم ڈویژن اور ملکی ریفائنریز کے درمیان رضاکارانہ معاہدہ طے پایا ہے جس کے بعد یہ نیا فارمولا متعارف کرایا گیا۔
وزیر پیٹرولیم کے مطابق اس حوالے سے ماہرین اور ریسرچ ٹیم سے مشاورت کے بعد ایک عبوری فارمولا تیار کیا گیا ہے، جس کا مقصد نہ صرف موجودہ نظام کو بہتر بنانا ہے بلکہ مستقبل میں ریفائنریز کو جدید خطوط پر استوار کرنا بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کا ہدف ریفائننگ سیکٹر کو اپ گریڈ کر کے مکمل ڈی ریگولیشن کی طرف لے جانا ہے۔
علی پرویز ملک نے اس بات پر زور دیا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کو طویل مدت تک مستحکم رکھنے کے لیے عالمی سطح پر تنازعات کا حل بھی انتہائی اہم ہے، کیونکہ بین الاقوامی مارکیٹ میں اتار چڑھاؤ براہ راست مقامی قیمتوں کو متاثر کرتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی معاشی بہتری کے لیے پالیسیوں کا تسلسل ضروری ہے اور توانائی کے شعبے میں مستقل مزاجی سے فیصلے کرنے ہوں گے۔ ان کے مطابق نئے فارمولے کے تحت قیمتوں کی ادائیگی کا نظام مقامی ریفائنریز کو علاقائی سطح پر مسابقت کے قابل بنائے گا اور انہیں دیگر ممالک، خصوصاً بھارت کی ریفائنریز کے برابر لانے میں مدد دے گا۔
وزیر پیٹرولیم کا کہنا تھا کہ اس تبدیلی کا ایک اہم مقصد ویلیو ایڈڈ مصنوعات کی پیداوار میں اضافہ کرنا ہے تاکہ ملک کو زیادہ اقتصادی فائدہ حاصل ہو سکے۔ ان کے مطابق مسابقتی ماحول پیدا ہونے سے نہ صرف صنعت ترقی کرے گی بلکہ صارفین کے مفادات کا بھی بہتر تحفظ ممکن ہو سکے گا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر اس پالیسی پر مؤثر عمل درآمد کیا گیا تو توانائی کے شعبے میں مثبت تبدیلیاں آ سکتی ہیں اور معیشت کو استحکام مل سکتا ہے۔ -

وفاقی دارالحکومت میں ٹریفک بحال
وفاقی دارالحکومت میں مختلف راستے کھول دیے گئے ہیں اور ٹریفک کی روانی بحال ہوگئی ہے۔
ذرائع کے مطابق اسلام آباد میں بند شاہراہوں کو مرحلہ وار کھول دیا گیا ہے جس کے بعد شہریوں کو آمدورفت میں درپیش مشکلات میں نمایاں کمی آئی ہے راولپنڈی اسلام آباد میٹرو بس سروس اور گرین بس سروس بھی دوبارہ بحال کردی گئی ہیں اور معمول کے مطابق سڑکوں پر رواں دواں ہیں۔
انتظامیہ کے مطابق شہر کے ٹریلز اور پبلک پارکس بھی عوام کے لیے کھول دیے گئے ہیں، جہاں شہریوں کی آمد کا سلسلہ دوبارہ شروع ہوگیا ہے۔ تاہم سیکیورٹی وجوہات کے پیش نظر فیض آباد اور پیرودھائی ٹرانسپورٹ اڈے تاحکمِ ثانی بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے شہر میں ٹریفک معمول کے مطابق رواں دواں ہے اور مرکزی شاہراہوں پر گاڑیوں کی آمدورفت بغیر کسی بڑی رکاوٹ کے جاری ہے، جس سے شہریوں نے بھی اطمینان کا اظہار کیا ہے۔
-

حافظ طاہر محمود اشرفی کے ساتھ لندن میں ہراسانی کا واقعہ،ویڈیو وائرل
چیئرمین پاکستان علماء کونسل حافظ طاہر محمود اشرفی کے ساتھ لندن میں ہراسانی کا واقعہ پیش آیا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
علامہ طاہر اشرفی نے اس واقعے کے حوالے سے اپنے ویڈیو بیان میں بتایا کہ وہ لندن میں اہل خانہ کے ہمراہ ایک دعوت میں شرکت کے لیے جا رہے تھے کہ راستے میں بعض افراد نے انہیں روک لیا۔ مجھے اور میرے اہل خانہ کو ہراساں کیا گیا اور نازیبا زبان استعمال کی گئی متعلقہ افراد نے فوج اور سپہ سالار کے حوالے سے سوالات کیے اور تلخ جملوں کا تبادلہ کیا-
انہوں نے الزام عائد کیا کہ واقعے میں پاکستان تحریک انصاف سے وابستہ بعض افراد بھی موجود تھے سیاسی اختلاف کی بنیاد پر اہل خانہ کے سامنے ہنگامہ آرائی اور بدزبانی قابل قبول نہیں اگر کسی کے اہل خانہ کے ساتھ ایسا رویہ اختیار کیا جائے تو اسے برداشت کرنا مشکل ہوگا اختلاف رائے کو اخلاقیات اور برداشت کے دائرے میں رہ کر آگے بڑھایا جانا چاہیے۔
انہوں نے سابق وزیر اعظم عمران خان کے ساتھ اپنے ماضی کے تعلقات اور سفارتی سرگرمیوں کا بھی ذکر کیا انہوں نے کہا کہ انہوں نے مختلف ادوار میں پاکستان اور عالم اسلام کے تعلقات کی بہتری کے لیے کردار ادا کیا اور کسی ذاتی فائدے کے لیے کوئی عہدہ یا منصب حاصل نہیں کیا، انہوں نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں، اپنے ساتھیوں اور عرب نوجوانوں کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے واقعے کے بعد ان سے اظہار یکجہتی کیا۔
-

آئی ایم ایف سے رعایت نہ ملی تو اگلے جمعہ تک پیٹرول یا ڈیزل پربھاری لیو ی لگانی پڑے گی،علی پرویز ملک
وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے خبردار کیا ہے کہ اگر عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) سے شرائط میں نرمی یا رعایت حاصل نہ ہو سکی تو حکومت کے پاس پیٹرولیم لیوی میں 50 سے 55 روپے تک کے اضافے کے سوا کوئی چارہ نہیں رہے گا۔
نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر علی پرویز ملک نے واضح کیا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے کی پاسداری ناگزیر ہے، بصورتِ دیگر معیشت کو مزید سنگین خطرات کا سامنا کرنا پڑسکتا ہےحکومت آئی ایم ایف کے ساتھ مستقل رابطے میں ہے اور ہماری پوری کوشش ہے کہ عوام پر مزید بوجھ نہ ڈالا جائے، تاہم، انہوں نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ اگر عالمی ادارے نے رعایت نہ دی تو اگلے جمعہ تک پیٹرول یا ڈیزل پر 50 سے 55 روپے تک لیو ی لگانے کا مشکل فیصلہ کرنا ہوگا۔
انہوں نے بتایا کہ اس وقت دنیا میں سستا ترین ڈیزل پاکستان میں فراہم کیا جا رہا ہے اور ڈیزل پر لیوی صفر ہونے کی وجہ سے اس کا بوجھ پیٹرول پر منتقل کرنا پڑاہ آئی ایم ایف کے تعاون کے بغیر موجودہ معاشی حالات میں نظام چلانا ممکن نہیں ہے، اس لیے معاہدے کی خلاف ورزی کی قیمت بہت زیادہ ہو سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جب ملک معاشی مشکلات کا شکار ہوا تو ہمارے پاس اربوں ڈالرز کے اسٹریٹجک ذخائر موجود نہیں تھے، لیکن اس کے باوجود حکومت نے صوبوں کے ساتھ مل کر 100 ارب روپے کے فنڈز سے عوام کو ریلیف فراہم کرنے کی کوشش کی، وزیراعظم شہباز شریف اور اسحاق ڈار معاشی استحکام کے لیے دن رات کوشاں ہیں-
علی پرویز ملک نے ناقدین کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ جب پیٹرول کی قیمتوں میں 80 روپے کی کمی کی گئی تو سیاسی مخالفین نے اس کا کریڈٹ لینے کی کوشش کی، لیکن حقیقت یہ ہے کہ حکومت نے انتہائی کٹھن حالات میں تیل کی دستیابی کو یقینی بنایا اور عوام کو بڑی تکلیف سے بچایا، وزیراعظم اور ایرانی صدر کے درمیان حالیہ ٹیلیفونک رابطہ بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے تاکہ علاقائی تعاون کے ذریعے توانائی کے مسائل کو حل کیا جاسکے۔