ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے اسلام آباد میں فیلڈ مارشل عاصم منیر سے اہم ملاقات کی، جس میں خطے کی موجودہ صورتحال اور جنگ کے خاتمے کے لیے جاری سفارتی کوششوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے امن و استحکام کے قیام کے لیے مشترکہ حکمت عملی پر غور کیا اور اس بات پر زور دیا کہ تنازعات کے حل کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری کو ترجیح دی جانی چاہیے۔ اس موقع پر باہمی تعاون اور علاقائی سیکیورٹی کے امور بھی زیر بحث آئے۔
ایرانی میڈیا کے مطابق عباس عراقچی کا یہ دورہ دراصل مشاورت کے سلسلے کی کڑی ہے، جس کا مقصد خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کو کم کرنا اور مختلف ممالک کے ساتھ رابطوں کو مضبوط بنانا ہے۔ اطلاعات ہیں کہ اس سے قبل بھی ایرانی وزیر خارجہ مختلف ممالک کے دورے کر چکے ہیں تاکہ سفارتی سطح پر پیش رفت ممکن بنائی جا سکے۔
ملاقات میں اس امر پر بھی اتفاق کیا گیا کہ خطے میں پائیدار امن کے لیے مسلسل رابطہ اور مشاورت ناگزیر ہے۔ دونوں جانب سے اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ کشیدگی کو کم کرنے اور مسائل کے پرامن حل کے لیے کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔
ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی اور عاصم منیر کی اہم ملاقات
