وزیر تعلیم و محنت سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ محکمہ تعلیم میں جو افسران کام کرنے میں سنجیدہ نہیں ہیں انکی میرے محکمہ میں کوئی جگہ نہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز محکمہ تعلیم سندھ کراچی ریجن میں جاری ترقیاتی اسکیموں کے حوالے سے اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں سیکریٹری اسکول ایجوکیشن احمد بخش ناریجو، سیکریٹری کالجز سید خالد حیدر شاہ، اسپیشل سیکریٹری آصف میمن،چیف انجینئر کراچی و دیگر افسران شریک ہوئے۔ ضلع ملیر میں ترقیاتی اسکیموں پر جاری کاموں پر سست رفتاری کی رپورٹ ملنے پر صوبائی وزیر سعید غنی نے سخت برہمی کا اظہارکیا ۔انہوں نے کہا کہ کوتاہی اور عدم دلچسپی کے باعث ترقیاتی منصوبے تاخیر کا شکار ہوتے ہیں جس سے اس کی لاگت میں اضافہ ہوتا ہے، یہ عمل نا قابل برداشت ہے. جو افسران کام کرنے میں سنجیدہ نہیں ہیں انکی میرے ڈپارٹمنٹ میں کوئی جگہ نہیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ جلد از جلد ضلع ملیر سمیت تمام اضلاع میں جاری اسکیموں کو مکمل کیا جائے۔
Category: کراچی
-

سندھ حکومت کا 50 لاکھ کرونا ویکسین خریدنے کا فیصلہ
کراچی صوبہ سندھ کے شہریوں کے لئے بڑی خوشخبری ہے کہ سندھ سرکار نے اپنی مدد آپ کے تحت کرونا ویکیسن خریدنے کا فیصلہ کیا ہے تفصیلات کے مطابق کراچی میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر عذراپیچوہو نے بتایا کہ این سی او سی نے صوبوں کو ویکسین خریدنے کی اجازت دےدی ہے، جس کے بعد سندھ حکومت نے چینی ویکسین ” کین سائینو” کی پچاس لاکھ ڈوز خریدنے کا فیصلہ کیا ہے اور چین سے یہ سنگل ڈوزویکسین براہ راست لی جائے گی۔صوبائی وزیر صحت نے بتایا کہ چینی ویکسین کین سائینو خریدنے کے لئے سندھ حکومت نے پانچ سو ملین روپے رکھے ہیں، اس کے علاوہ اکتیس مارچ کو مزید بیس ہزار کرونا ویکسین سندھ کو ملیں گی جبکہ دو تین دن میں دس لاکھ ویکسینز وفاقی حکومت کو ملیں گی جن میں سے وفاق دو لاکھ ویکسین سندھ کو دے گا صوبائی وزیر صحت نے اپنی پریس کانفرنس میں کہا کہ ویکسین کی کامیابی اس وقت ہوگی جب اسی فیصد ویکسین کا عمل مکمل ہو، ساتھ ہی وزیر صحت نے واضح کیا کہ ویکسین صرف امیروں کیلئے نہیں ہے سب کو ویکیسن لگوانی چاہیئے۔
نیوز کانفرنس میں صوبائی وزیر صحت نے اعلان کیا کہ چار اپریل کو قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کی یوم شہادت کےموقع پر پنجاب میں کیا جانے والے جلسہ ملتوی کردیا گیا ہے، انہوں نے بتایا کہ بلاول بھٹو کو پنجاب میں کرونا صورتحال سے آگاہ کیا تھا ، میں بلاول بھٹو کی مشکور ہوں کہ انہوں نےجلسہ ملتوی کیا۔ڈاکٹر عذراپیچوہو نے پنجاب کی صورت حال کا تذکرہ کرتے ہوئے بتایا کہ کرونا کے باعث ایک ہفتے میں پنجاب میں ستائیس ہزار افراد متاثر ہوئے ہیں، تاہم ابھی تک سندھ میں برطانیہ سے آنیوالی کرونا کی نئہ قسم نہیں پھیلی کیونکہ سندھ حکومت نے برطانیہ سے آنیوالے چند کیسز کو شروع میں ہی آئیسولیٹ کردیا تھا، ابھی بھی برطانیہ سے آنے والے لوگوں کو مانیٹر کیاجارہا ہے اس کے باوجود عوام سے اپیل ہے کہ ایس او پیز کاخیال رکھیں، اگر سندھ میں کرونا کی تیسری لہر آئی تو صورتحال خطر ناک ہوسکتی ہے۔صوبائی وزیر صحت نے بتایا کہ صوبے کے تین بڑے اسپتالوں کے لیے ایک مرتبہ پھر وفاق کو خط لکھا ہے، خط میں سندھ حکومت نے کہا کہ ان اسپتالوں پر سال دوہزار گیارہ سے لیکر اب تک صوبائی حکومت نے جتنے اخراجات کئے، ان کی ادائیگی کی جائے، وفاق ان تینوں اسپتالوں کو نہیں چلا سکتا ہے، ہم ڈاکٹر فیصل سلطان کےجواب کے منتظر ہیں. -

گینگ وار کے سرغنہ عذیر بلوچ ایک اور مقدمے میں بری
کراچی کی عدالت نے لیاری گینگ وار کے سرغنہ عذیر بلوچ کو ایک اور مقدمے میں بری کردیا۔ کراچی کے جوڈیشل مجسٹریٹ جوڈیشل کمپلیکس نے عذیر بلوچ کی بریت کی درخواست پر فیصلہ سنایا اور کلری تھانے میں درج مقدمے میں ملزم کی بریت کی درخواست منظور کرلی۔ پولیس کے مطابق عذیر بلوچ اور دیگر پر ہنگامہ آرائی، بلوہ، جلاؤ گھیراؤ اور گاڑیوں پر پتھراؤ کا الزام تھا، ملزمان کے خلاف کلری تھانے میں 2012 میں مقدمہ درج کیا گیا تھا جب کہ کیس میں تین ملزمان طارق سیاپا، عمر کچھی اور سعید پٹھان پہلے ہی بری ہوچکے ہیں۔ لیاری گینگ وار کے سرغنہ عذیر بلوچ کو اب تک 12 مقدمات میں بری کیا جاچکا ہے۔
-

کراچی موٹرسائیکل چھیننے کی کوشش کرنے والا مبینہ پولیس اہلکار گرفتار
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد میں موٹرسائیکل چھیننے کی کوشش کرنے والے مبینہ پولیس اہلکار کوگرفتار کرلیا گیاہے۔ پولیس کے مطابق ملزم دھوکے باز ہے، پولیس رضا کار کا ایکسپائرڈ کارڈ دکھا کر جرائم کرتا ہے ۔ ملزم پر جعل سازی، ہتھیار کے غلط استعمال، ڈکیتی اور اغوا کی کوشش کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ گرفتار ملزم کو موقع واردات پر چھوڑنے والے اہلکاروں کو بھی شوکاز جاری کردیئے گئے ہیں۔
-

’‘ٹٴْک ٹٴْک مارچ‘‘کے نام سے تقریب میں فنکاروں کی شرکت
ٹٴْک ٹٴْک مارچ ایک این جی اوکی جانب سے شروع کی گئی رکشہ سواری ہے جسے معذور افراد کے لیے شروع کیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستانی شوبز انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے متعدد فنکاروں نے حال ہی میں ’ٹٴْک ٹٴْک مارچ‘ کے نام سے ہونے والی ایک تقریب میں شرکت کی۔ جن میں ماہرہ خان، ہمایوں سعید، بلال اشرف، ایچ ایس وائے، صنم سعید، فیروز خان، مایا علی اور عائشہ عمر سمیت پاکستانی شوبز انڈسٹری کے دیگر فنکار شامل تھے۔ پاکستانی فنکاروں کی اس تقریب میں شرکت کا مقصد یہ تھا کہ معذور افراد بھی اس معاشرے کا حصہ ہیں، انہیں کمتر نہ سمجھا جائے اور ان کے ساتھ سفر کرتے ہوئے کسی قسم کا خوف محسوس نہ کیا جائے۔ تقریب میں شریک اداکار فیروز خان کا ایک معذور کیپٹن کے ساتھ رکشے پر سواری کرتے ہوئے کہنا تھا کہ میں بہت پرجوش اور بہت خوش ہوں کہ ہم ان جیسے لوگوں کے لیے کچھ کر رہے ہیں۔فیروز خان نے کراچی کے شہریوں اور اپنے چاہنے والوں سے اپیل کی کہ وہ باہر نکلیں اور ان رکشہ ڈرائیورز پر بھروسہ کریں، ان کے ساتھ سفر کرتے ہوئے فکرمند نہ ہوں، مجھے امید ہے کہ آپ ان کے ساتھ اور یہ (رکشہ ڈرائیورز) آپ کے ساتھ خود کو محفوظ سمجھیں گے۔
-

قبرستانوں کے اطراف ٹوٹی سڑکوں اور کیچڑ سے شہری اذیت میں مبتلا, ضلع کورنگی
کراچی کے ضلع کورنگی میں قبرستانوں کے اطراف ٹوٹی سڑکوں، کیچڑ اور کچرے نے شہریوں کو اذیت میں مبتلا کر دیا کراچی کے ضلع کورنگی کے قبرستانوں کے باہر کیچڑ اور کچرے کے ڈھیر لگ گئے۔ ٹوٹی سڑکوں، کیچڑ اور تعفن نے پیاروں کی قبروں پر آنے والے افراد کو امتحان میں ڈال دیا۔ شہری ضلعی انتظامیہ پر پھٹ پڑے اور کہا کہ شب برات کے موقع پر بھی صفائی نہیں کی گئی۔ بلدیاتی حکومتوں میں جو صورتحال تھی، اب بھی اسی کا سامنا ہے، برسوں سے یہاں سیوریج کا پانی اور کچرا جمع ہے لیکن صفائی کرنے والا عملہ آتا ہی نہیں۔ قبرستانوں میں آنے والے شہریوں کا کہنا تھا کہ حکومت صورتحال کی بہتری کیلئے اقدامات کرے۔
-

محنت کش مزدور فیکٹری کی چھت تلے دب کر جاں بحق
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے شیر شاہ میں لوہے کی فیکٹری میں کرنے والی چھت کے نیچے دب کر بابل خان جمالی نامی مذدور جان بحق ہو گیا ۔ جان بحق ہونے والے محنت کش کا تعلق بدین کی تحصیل ٹنڈوباگو کے گوٹھ علی خان جمالی سے ہے . گوٹھ علی خان جمالی کے غریب محنت کش غلام حسین جمالی کا بیٹا مزدوری کے لئے کراچی کی فیکٹری میں مزدوری کرتا تھا جہاں پر افسوس ناک واقع میں ہلاک ہو گیا. اطلاع کے مطابق حادثہ میں دیگر آٹھ مزدور بھی زخمی ہوئے ہیں جو کراچی کے ہسپتال میں زیرعلاج ہیں۔
-

صدر ڈاکٹر عارف علوی اور وزیر دفاع پرویز خٹک کی صحتیابی کے لیے دعاگو، خرم شیر زمان
پی ٹی آئی کراچی کے صدر خرم شیر زمان صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیر دفاع پرویز خٹک کی صحتیابی کے لیے دعاگو ہیں،اس سلسلے میں انھوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ تمام بیماروں کو شفا عطا فرمائے،واضع رہے کہ صدر مملکت کورونا ویکسین کی ایک ڈوز لے چکے ہیں اور دوسری ڈوز ایک ہفتے بعد لگنی تھی جس کے بعد اینٹی باڈیز بننا شروع ہوتی ہیں۔صدر مملکت نے احتیاطی تدابیر اپنانے کی اپیل کی ہے اور کہاکہ دعا ہے کہ اللہ کورونا کے تمام متاثرین پر رحم فرمائے۔عوام احتیاطی تدابیر کے ساتھ اپنا اور دوسروں کا خیال رکھیں۔
-

نیو کراچی کے دو بڑے پارکس حکومتی عدم توجہی کے سبب اجڑ گئے
نیو کراچی کے دو بڑے پارکس حکومتی عدم توجہی کے سبب اجڑ گئے، بنچ غائب ہوگئے، گھاس ختم ہونے سے مٹی اور دھول ہے، جا بجا کچرے کے ڈھیرلگنے سے اطراف کی آبادی کو مشکلات کا سامنا ہے۔نیو کراچی سیکٹر فائیو ایف پردہ پارک کی بنیاد 2009 میں رکھی گئی۔ ماضی میں مکینوں کی تفریح کا مرکز بنے رہنے والے پارک پر اب قبضہ مافیا کا راج ہے، کہیں رکشوں کی پارکنگ ہے تو کہیں کباڑہ گاڑیاں نظر آتی ہیں، بنچیں تو لگتا ہے کبھی تھی ہی نہیں، بلدیاتی عملہ کی عدم توجہ کے باعث پارک میں نہ کہیں گھاس ہے اور نہ ہی درخت۔مکین پارک کی بدحالی کا ذمہ دار علاقہ سے منتخب نمائندوں اور ضلعی انتظامیہ کو قرار دیتے ہیں۔ سیکٹر فائیو ایف کا ایک اور طویل رقبے پر پارک عدم توجہ کے باعث اجڑ گیا۔ بارہ برسوں سے دم توڑتے پارکس عدم توجہ کے سبب اب ختم ہو رہے ہیں، اس سے پہلے بھی دنیانیوز نے انتظامیہ کو توجہ دلانے کی کوشش کی، مکین حکومت اور بلدیاتی نمائندوں سے نالاں دکھائی دیئے۔صوبائی وزیر سعید غنی کا کہنا ہے کہ ڈی ایم سیز کو فنڈز دیئے جا رہے ہیں، پارکس کی صورتحال بہتر بنائی جائے گی۔ کھیل کے میدان اور پارک شہریوں کا بنیادی حق ہے، لیکن حالیہ برسوں میں کراچی سے میدان اور پارکس دونوں ختم ہوتے جا رہے ہیں۔
-

کراچی کے ضلع وسطی کے مزید تین علاقوں میں سمارٹ لاک ڈاؤن
کراچی کے ضلع وسطی کے مزید تین علاقوں میں مائیکرو سمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کر دیا گیا۔ لاک ڈاون کا نفاذ 12 اپریل تک ہوگا۔ نوٹیفکیش جاری کر دیا گیا۔ گلبرگ، نارتھ کراچی، نارتھ ناظم آباد کے مختلف علاقوں میں سمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کیا گیا۔ متاثرہ علاقوں میں آنے اور جانے والےافراد کو ماسک پہننا لازمی قرار دیا گیا ہے۔ کریانہ اور میڈیکل سٹورز کو ایس او پیز کے تحت کھلنے کی اجازت ہوگی، غیر ضروری آمدورفت، ڈبل سواری پر پابندی ہوگی۔ کاروباری، صنعتی سرگرمیوں اور اجتماعات پر پابندی ہوگی، متاثرہ علاقوں کے کورونا مثبت افراد گھروں میں قرنطینہ رہیں گے، ان علاقوں میں ہر قسم کی ٹرانسپورٹ پر پابندی ہوگی۔
