پاکستانی ٹی وی کی معروف اداکارہ لائبہ خان نے حال ہی میں شادی کر کے زندگی کے نئے سفر کا آغاز کر دیا ہے۔ شادی کے موقع پر ہونے والی رخصتی کی ایک جذباتی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے، جس میں لائبہ خان کو اپنے شوہر کے ہمراہ گاڑی میں سوار ہوتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
ویڈیو میں لائبہ خان اپنی والدہ سے گلے ملتی ہیں اور والدہ جذباتی ہو جاتی ہیں، جس پر لائبہ خان نے کہا: "ما ما، آپ کو پتہ ہے نہ کہ میں نہیں رونا، تو اب آپ بھی مت روئیں، سب اچھا ہوگا انشاء اللہ، یہ بندہ اچھا ہے۔” یہ لمحہ لائبہ خان اور ان کے خاندان کے جذبات کو واضح طور پر ظاہر کرتا ہے۔
لائبہ خان کے سوشل میڈیا پر چالیس لاکھ سے زائد فالوورز ہیں اور انہوں نے شادی کی تقریب اور منگنی کی تصاویر مداحوں کے ساتھ شیئر کیں، جس سے خوشی اور جوش و خروش میں اضافہ ہوا۔
مداح اور سوشل میڈیا صارفین نے شادی کی خوشخبری پر ردعمل ظاہر کیا اور لائبہ خان اور ان کے شوہر کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ یہ شادی پاکستانی شوبز انڈسٹری میں بھی خاصی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے، جہاں مداح ان کے نئے سفر کے لیے محبت بھرے پیغامات بھیج رہے ہیں۔
Category: کراچی

لائبہ خان شادی کے بندھن میں بندھ گئی، رخصتی کی جذباتی تصاویر وائرل

پاکستان میں فی تولہ سونے کی قیمت میں اضافہ
پاکستان میں فی تولہ سونے کی قیمت میں 14800 روپے کا اضافہ ہو گیا۔
ملک میں فی تولہ سونا 14800 روپے اضافے کے بعد 529,162 روپے کا ہوگیا جب کہ 10 گرام سونا 12689 روپے اضافے کے بعد 453,671 روپے کا ہو گیا ہےاس کے علاوہ 10 گرام 22 قیراط سونے کی قیمت 415,880 روپے ہو گئی،جبکہ عالمی بازار میں سونا 148 ڈالر اضافے کے بعد 5064 ڈالر فی اونس کا ہوگیا ہے۔
فی تولہ چاندی کی قیمت 109روپے کے اضافے سے 9ہزار 255روپے کی سطح پر آگئی، فی دس گرام چاندی کی قیمت 93روپے کے اضافے سے 7ہزار 934روپے کی سطح پر آگئی۔

کراچی: رابی پیرزادہ کے ساتھ ڈیفنس میں ہراسانی کا واقعہ، ملزم گرفتار
کراچی کے پوش علاقے ڈیفنس فیز 7 میں گلوکارہ رابی پیرزادہ کو ہراساں کرنے کا واقعہ پیش آیا، جس پر پولیس نے فوری اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق یہ واقعہ گزشتہ روز اس وقت پیش آیا جب ایک کار میں سوار شخص نے رابی پیرزادہ اور ان کے ڈرائیور کو ہراساں کیاابتدائی معلومات کے مطابق ملزم نے نہ صرف بدتمیزی کی بلکہ تشدد کا بھی مظاہرہ کیا، اور مزاحمت کرنے پر ڈرائیور کو بھی نشانہ بنایا ، واقعے کی نوعیت اور جارحانہ رویے کے باعث صورتحال انتہائی کشیدہ ہو گئی، جس پر متاثرہ فریق نے فوری طور پر پولیس سے رجوع کیا۔
ڈیفنس سی پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو حراست میں لے لیا اور مقدمہ درج کر کے قانونی کارروائی کا آغاز کیا پولیس حکام کا کہنا ہے کہ تفتیش کے دوران تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ حقائق سامنے آ سکیں اور انصاف یقینی بنایا جا سکے۔
پولیس نے واضح کیا ہے کہ شہریوں، خصوصاً خواتین، کے ساتھ کسی بھی قسم کی ہراسانی یا تشدد کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا، اور ایسے عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔

کراچی میں شب برات کے موقع پر سیکیورٹی سخت
کراچی میں شب برات کے موقع پر پولیس اور انتظامیہ نے شہر بھر میں سیکیورٹی سخت کرنے کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔ نیشنل آئی جی کراچی نے تمام زونل ڈی آئی جیز، ضلعی ایس ایس پیز، ایس پیز، ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز کو ہدایت دی ہے کہ مرکزی شاہراہوں، گلیوں اور اہم مقامات پر پولیس موبائل اور موٹر سائیکل گشت بڑھایا جائے۔
ایڈیشنل آئی جی کراچی آزاد خان نے کہا کہ مساجد، امام بارگاہوں، مزارات، قبرستانوں اور درگاہوں پر فول پروف سیکیورٹی یقینی بنائی جائے۔ شب برات کی محافل اور اجتماعات کے منتظمین اور رضاکاروں کے ساتھ رابطہ رکھا جائے گا اور دہشت گرد عناصر، فورتھ شیڈول کے ملزمان اور مشکوک افراد پر خصوصی نظر رکھی جائے گی۔
عوامی املاک اور اہم تنصیبات کی حفاظت کے ساتھ ساتھ آتش بازی اور پٹاخوں کی فروخت میں ملوث افراد کے خلاف فوری کارروائی کی جائے گی۔ بم ڈسپوزل اسکواڈ الرٹ پر ہوگا اور ٹریفک روانی کے لیے خصوصی انتظامات کیے جائیں گے۔
یہ اقدامات شہریوں کی حفاظت اور شب برات کے موقع پر امن و امان کو برقرار رکھنے کے لیے کیے جا رہے ہیں۔
کراچی: صدر موبائل مارکیٹ میں آگ لگ گئی
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے صدر میں واقع موبائل مارکیٹ میں آتشزدگی کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے کمشنر کراچی سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔ متاثرہ عمارتوں میں فوری ریسکیو اور امدادی کارروائی کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔
مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ آگ لگنے کے اسباب اور ذمہ داران کا تعین کیا جائے گا اور شہریوں کی جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
ترجمان کے مطابق فائربریگیڈ کی پانچ گاڑیاں آگ بجھانے میں مصروف ہیں جبکہ ریسکیو 1122 کے اہلکار بھی موقع پر موجود ہیں۔
آئی جی سندھ کے مطابق ٹریفک پولیس نے ریسکیو اور امدادی ٹیموں کے لیے راستہ بنانے کی ہدایت دی ہے تاکہ ریسکیو کاموں میں کوئی رکاوٹ نہ آئے۔
سابق ڈی آئی جی ٹریفک پیر محمد شاہ کی برطرفی کی اصل وجہ سامنے آ گئی
سابق ڈی آئی جی ٹریفک کراچی پیر محمد شاہ کو عہدے سے ہٹائے جانے کے معاملے کی تفصیلات سامنے آ گئی ہیں، جن میں ان پر ذاتی اثر و رسوخ استعمال کرتے ہوئے ایک تاجر کو اغوا کروانے کا سنگین الزام عائد کیا گیا ہے۔
تفتیشی حکام کے مطابق آئی جی سندھ پولیس نے تاجر اغوا کیس میں ڈی آئی جی پیر محمد شاہ سے باضابطہ وضاحت طلب کی تھی، جبکہ واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں۔
آئی جی سندھ کی جانب سے لکھے گئے خط میں بتایا گیا کہ 19 دسمبر 2025 کو پیر محمد شاہ نے حیدرآباد میں ایک تاجر کے خلاف مقدمہ درج کروایا، جس میں بزنس مین سے 31 کروڑ روپے سے زائد رقم کی واپسی کا مطالبہ ظاہر کیا گیا۔ خط کے مطابق رواں برس 14 جنوری کی شام حیدرآباد پولیس کراچی پہنچی اور ڈیفنس فیز 6 سے مقدمے میں نامزد تاجر کو اپنے ساتھ لے گئی۔
تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ تاجروں کی مداخلت کے بعد حیدرآباد پولیس نے مغوی تاجر کو رہا کر دیا۔ بعد ازاں تاجر کی مدعیت میں 22 جنوری کو گزری تھانے میں پیر محمد شاہ کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا۔
مقدمے کے متن کے مطابق مدعی دانش متین نے بیان دیا کہ وہ 14 جنوری کو ڈیفنس فیز 6 میں اپنے گھر سے دفتر جا رہا تھا کہ ایک سفید گاڑی میں سوار تین افراد نے اسے روکا اور زبردستی ساتھ لے جانے کی کوشش کی۔ مدعی کے مطابق ان میں سے دو افراد نے پولیس یونیفارم سے ملتا جلتا لباس پہن رکھا تھا۔
درخواست گزار تاجر نے بتایا کہ ملزمان نے اس سے 31 کروڑ روپے سے زائد رقم کا مطالبہ کیا اور اس کے گھر فون کر کے 30 لاکھ روپے تاوان بھی مانگا۔ اس نے بتایا کہ ملزمان نے اسی روز ہائی وے کے قریب 10 لاکھ روپے وصول کیے اور رات ساڑھے 11 بجے کے قریب اسے دفتر کے نزدیک چھوڑ دیا۔
ایس ایس پی حیدرآباد کے مطابق واقعے میں ملوث حیدرآباد پولیس کے تین اہلکاروں کو معطل کر دیا گیا ہے، جن میں ایک اے ایس آئی اور دو کانسٹیبل شامل ہیں۔
اسی کیس کے تناظر میں ڈی آئی جی ٹریفک کراچی پیر محمد شاہ کو عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے، جبکہ معاملے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔
حضرت لعل شہباز قلندرؒ کے عرس پر سیہون میں دفعہ 144 نافذ
کمشنر حیدرآباد نے حضرت لعل شہباز قلندرؒ کے عرس کے موقع پر سیہون میں دفعہ 144 نافذ کر دی ہے۔ اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر اور ایس ایس پی جامشورو کی درخواست پر باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق عرس کے دوران زائدالمیعاد ایل پی جی سلنڈرز کے استعمال پر مکمل پابندی ہوگی جبکہ غیرقانونی ایل پی جی ڈیکینٹنگ کے خلاف کریک ڈاؤن کی ہدایت بھی جاری کی گئی ہے۔
انتظامیہ نے عرس کے دوران سیہون میں نہروں پر نہانے اور ہیوی ٹریفک کے داخلے پر بھی پابندی عائد کر دی ہے۔ 15 شعبان سے 20 شعبان تک نہروں میں نہانے پر دفعہ 144 نافذ رہے گی۔
کمشنر حیدرآباد فیاض عباسی نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ زائرین کی حفاظت، سہولت اور ٹریفک کے مؤثر انتظام کے لیے یہ اقدامات کیے گئے ہیں۔ دفعہ 144 کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
لیاری ایکسپریس وے ری سیٹلمنٹ پروجیکٹ کی سرکاری زمین پر قبضہ مافیا کا حملہ
کراچی میں لیاری ایکسپریس وے ری سیٹلمنٹ پروجیکٹ کی قیمتی سرکاری زمین پر ایک بار پھر قبضہ مافیا کی نظریں جم گئی ہیں۔ ذرائع کے مطابق نامعلوم افراد نے تیسر ٹاؤن میں قائم واٹر بورڈ اور یو سی آفس کو نقصان پہنچایا۔
یہ زمین 2006 سے اس منصوبے کے لیے مختص تھی اور 2008 سے یہاں واٹر بورڈ اور یو سی آفس فعال ہیں۔ اس منصوبے کے تحت لیاری ایکسپریس وے کے 30 ہزار سے زائد متاثرین کو پلاٹ الاٹ کیے جانے تھے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ماضی میں بھی اس منصوبے کی زمین پر غیر قانونی قبضے اور ہزاروں رفاہی و کمرشل پلاٹس کی جعلی خرید و فروخت کی جا چکی ہے۔ نیب کی تحقیقات میں تاخیر کے باعث ہزاروں شہری متاثر ہوئے ہیں اور سرکاری خزانے کو بھی نقصان پہنچ رہا ہے۔
کورنگی عوامی کالونی میں دن دہاڑے جیولرز مارکیٹ پر ڈکیتی، متعدد دکانیں لٹ گئیں
کراچی کے علاقے کورنگی عوامی کالونی میں دن دہاڑے مبینہ ڈکیتی کی بڑی واردات سامنے آئی ہے، جہاں آٹھ سے زائد ملزمان جیولرز کی کئی دکانیں لوٹ کر فرار ہو گئے۔
رپورٹ کے مطابق ملزمان نے جیولرز مارکیٹ کے چوکیدار کو یرغمال بنا کر واردات کی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان نے چار دکانوں کے تالے کاٹ کر وہاں موجود سونا اور نقدی لوٹ لی۔
واقعے کے بعد پولیس نے دکانوں میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج حاصل کر لی ہے اور ملزمان کی تلاش شروع کر دی گئی ہے۔ پولیس حکام کے مطابق واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں۔
بنگلا دیش کی بیمان ایئر لائنز کو ہفتہ وار تین پروازیں آپریٹ کرنے کی اجازت
کراچی:پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی نے بنگلا دیش کی بیمان ایئر لائنز کو ہفتہ وار تین پروازیں آپریٹ کرنے کی اجازت جاری کر دی ہے۔
اب بنگلا دیش کی بیمان ایئر لائنز ڈھاکا سے کراچی کے لیے ہفتہ وار تیسری پرواز بھی آپریٹ کرے گی ایئر لائن کی جانب سے تیسری پرواز کے لیے مسافروں کی تعداد سمیت مارکیٹ فیکٹر اور دیگر عوامل کو مد نظر رکھا جائے گا بیمان ایئر اس وقت بوئنگ 737 کے ساتھ ہفتہ وار دو پروازیں ڈھاکا سے کراچی کے درمیان آپریٹ کر رہی ہے۔
واضح رہے کہ بنگلا دیش کی بیمان ایئر لائنز نے 14 سال بعد 29 جنوری سے جمعرات اور ہفتہ کو دو طرفہ پروازوں کا آغاز کیا تھا۔








