Baaghi TV

Category: لاہور

  • نواز شریف اور مریم نواز سے سعودی سفیر کی ملاقات

    نواز شریف اور مریم نواز سے سعودی سفیر کی ملاقات

    پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی نے ملاقات کی –

    نواز شریف اور مریم نواز نے خادمِ حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے لیے نیک تمناؤں اور دلی احترام کا پیغام دیا،ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، اقتصادی تعاون، دفاعی شراکت داری اور مسلم امہ کے اتحاد سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا،پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تاریخی، سیاسی، معاشی اور دفاعی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا دفاعی شراکت داری، مشترکہ تربیت، انٹیلی جنس کے تبادلے اور باہمی تعاون کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا گیا۔

    مریم نواز نے کہا کہ سعودی عرب کی سرزمین ہر مسلمان کے دل میں خاص روحانی و قلبی مقام رکھتی ہے، خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی قیادت مسلم دنیا کے لیے امید، وقار اور ترقی کی علامت ہے، پاکستان اور سعودی عرب کا رشتہ باہمی اعتماد، مشترکہ اقدار اور دیرینہ اخوت پر مبنی ہے۔

    وفاقی کابینہ نے افغانستان کے ساتھ تجارتی ٹیرف میں رعایتوں کی منظوری دےدی

    انہوں نے کہا کہ سعودی عرب سے تعلق پاکستان کی خارجہ پالیسی کا مرکزی ستون ہے جو سیاسی،معاشی اور دیگر شعبوں میں مسلسل مضبوط ہو رہا ہے، پاکستان نے سعودی قیادت میں گلوبل واٹر آرگانئزیشن کے منشور پر بطور بانی رکن دستخط کیے جو آبی چیلنجز سے نمٹنے کے عزم کا اظہار ہے، سعودی قیادت کا خطے میں امن کے لیے کردار قابلِ ستائش ہے۔

    ملک بھر میں سوئی گیس کنکشنز پر عائد پابندی ختم کرنے کا فیصلہ

    وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پاکستان بھارتی جارحانہ اقدامات کے باوجود بات چیت کے ذریعے مسائل کے حل کا خواہاں ہے، پاکستان نے 27 جون 2025 کے ثالثی فیصلے نے سندھ طاس معاہدے کی توثیق کی، پاکستان، جی سی سی فری ٹریڈ معاہدے کی جلد تکمیل کے لیے سعودی تعاون کا خواہاں ہے، اسپیشل انویسٹمنٹ فسیلیٹیشن کونسل (SIFC) منصوبوں کو تیز رفتاری سے مکمل کرنے کا مؤثر پلیٹ فارم ہے، سعودی عرب میں مقیم 25 لاکھ پاکستانیوں کی میزبانی پر سعودی حکومت کے مشکور ہیں، سعودی عرب کے ساتھ قونصلر سطح پر قریبی اور مستقل رابطہ حکومتِ پنجاب کی اولین ترجیح ہے۔

    پی ٹی آئی کو مزید ارشد شریف جیسا کھیل نہیں کھیلنے دوں گا،فیصل واوڈا

  • میری خواہش ہے کہ بین الاقوامی سطح پاکستان کی نمائندگی کروں،نازیہ بتول

    میری خواہش ہے کہ بین الاقوامی سطح پاکستان کی نمائندگی کروں،نازیہ بتول

    لاہور:متعدد مقابلوں میں حصہ لینے والی سوشل میڈیا انفلوئنسراورفٹبال کی شوقین 23 سالہ نازیہ بتول چکوال کے گاؤں سدوال سے لاہور شفٹ ہونے پر مجبور کیوں،ہوئیں-

    نجی خبررسا ں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے نازیہ بتول نے کہا کہ لاہور آنا میرے لیے آسان نہیں تھا لیکن میری مجبوری تھی کیونکہ چکوال میں گراؤنڈ تو تھا لیکن کوچ اور سہولیات نہیں تھیں، میری خواہش ہے کہ بین الاقوامی سطح پاکستان کی نمائندگی کروں، دن میں دیگر کام بھی کرتی ہوں، میرا جو شوق ہے وہ میں کروں گی چاہے مجھے لوگوں کی باتیں سننا پڑیں،انہیں کبھی کسی رکاوٹ کا سامنا نہیں کرنا پڑا-

    اے ایف ایل پاکستان اور ماس ریسلنگ کے انٹرنیشنل مقابلوں میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والی نازیہ بتول فٹبال میں کیریئر بنانا چاہتی ہیں،نازیہ بتول فٹبال میں کیریئر بنانے کے لیے لاہور میں بھرپور طریقے سے ٹریننگ کر رہی ہیں، وہ متعدد مقابلوں میں حصہ بھی لے چکی ہیں۔

    پہلگام:کسی ملک نےبھارت کے جھوٹے موقف کو تسلیم نہیں کیا،عرفان صدیقی

    خواتین کو تصاویر، ویڈیوز سے بلیک میل اور ہراساں کرنے میں ملوث ملزم گرفتار

    سندھ رینجرز اورپولیس کی مشترکہ کارروائی: مال بردار ٹرکوں کو لوٹنے اور ڈرائیورز کو اغوا کرنے میں ملوث 6 ملزمان گرفتار

  • لاہور ہائی کورٹ ،سلیمان شہباز کی کمپنی کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم  کالعدم قرار

    لاہور ہائی کورٹ ،سلیمان شہباز کی کمپنی کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم کالعدم قرار

    لاہور: لاہور ہائی کورٹ نے وزیراعظم کے بیٹے سلیمان شہباز کی کمپنی کے خلاف مقدمہ درج کرنے کے حکومتی حکم کو کالعدم قرار دیتے ہوئے درخواست منظور کر لی ہے۔ یہ فیصلہ چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ عالیہ نیلم کی سربراہی میں دیا گیا۔

    سلیمان شہباز کی جانب سے دائر درخواست میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ ان کی کمپنی کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم بلا جواز اور قانونی تقاضوں کے خلاف ہے، جس کی روشنی میں عدالت سے درخواست کی گئی کہ مقدمہ درج کرنے کے حکم کو فوری طور پر کالعدم قرار دیا جائے۔چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ عالیہ نیلم نے درخواست پر سماعت کرتے ہوئے مؤقف سنا اور عدالت نے مقدمہ درج کرنے کے حکم کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے اسے کالعدم قرار دے دیا۔ عدالت کا کہنا تھا کہ مقدمہ درج کرنے کے لیے ٹھوس اور قانونی شواہد ہونا ضروری ہیں، جو اس مقدمے میں فراہم نہیں کیے گئے۔

    اس فیصلے کے بعد سلیمان شہباز کی کمپنی کو عارضی طور پر قانونی تحفظ حاصل ہو گیا ہے اور مزید قانونی کارروائی عدالت کی منظوری کے بغیر نہیں کی جا سکتی۔

  • پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کا عہدہ خالی ہونے کا نوٹیفکیشن جاری

    پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کا عہدہ خالی ہونے کا نوٹیفکیشن جاری

    لاہور: پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کا عہدہ خالی ہونے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔

    پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف ملک احمد خان بھچر کو انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت سے 9 مئی 2023 کے مقدمے میں سزا سنائے جانے کے بعد پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کا عہدہ خالی ہونے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا، نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کا عہدہ خالی ہوچکا ہے، قائد حزب اختلاف کی ذمہ داری ڈپٹی اپوزیشن لیڈر انجام دے رہے ہیں،آئندہ اجلاس کے دوران حزب اختلاف کو اپوزیشن لیڈر کا انتخاب کرنا ہوگا۔

    واضح رہے کہ 22 جولائی کو انسداد دہشت گردی عدالت سرگودھا نے 9 مئی 2023 کو میانوالی میں احتجاج کے مقدمے میں اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی ملک احمد بچھر اور دیگر ملزمان کو 10،10 سال قید کی سزا سنائی تھی،سرگودھا کی انسدادِ دہشت گردی عدالت نے سانحہ 9 مئی 2023 کے حوالے سے میانوالی کے تھانہ موسیٰ خیل میں درج مقدمہ نمبر 72 کا فیصلہ سنایا تھا۔

    انسداد دہشت گردی عدالت نے اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان بچھر اور رکن قومی اسمبلی احمد چٹھہ سمیت پی ٹی آئی کے 32 رہنماؤں اور کارکنوں کو 10، 10 سال قید کی سزا سنادی تھی،سزا پانے والوں میں سابق ایم این اے بلال اعجاز بھی شامل ہیں، ملزمان پر پُرتشدد احتجاج، جلاؤ گھیراؤ اور دیگر سنگین الزامات عائد کیے گئے تھے۔

  • پنجاب اسمبلی،اعجاز شفیع کی رکنیت 15 اجلاسوں کے لیے معطل

    پنجاب اسمبلی،اعجاز شفیع کی رکنیت 15 اجلاسوں کے لیے معطل

    پنجاب اسمبلی میں پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے رکن اسمبلی اعجاز شفیع کو معطل کر دیا گیا ہے۔ پی ٹی آئی کے اس رکن کو 15 اجلاسوں کے لیے معطلی کی سزا دی گئی ہے، جس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔

    نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ اعجاز شفیع نے اسمبلی میں غیر شائستہ الفاظ استعمال کیے اور ان کا رویہ ایوان کے نظم و ضبط کو متاثر کرنے والا تھا۔ اس کے علاوہ، ان کے غیر پارلیمانی رویے کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی، جس سے اسمبلی کی حرمت اور وقار کو شدید نقصان پہنچا ہے۔حکام نے اس معاملے میں سخت کارروائی کرتے ہوئے اعجاز شفیع کو 15 اجلاسوں کے لیے معطل کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ ایوان میں نظم و ضبط کو برقرار رکھا جا سکے اور اس قسم کے رویوں کی حوصلہ شکنی ہو۔

  • جماعت اسلامی کا "حق دو بلوچستان” لانگ مارچ،لاہور میں دھرنا دے دیا

    جماعت اسلامی کا "حق دو بلوچستان” لانگ مارچ،لاہور میں دھرنا دے دیا

    جماعت اسلامی کی جانب سے بلوچستان کے عوام کے آئینی، معاشی اور انسانی حقوق کے لیے جاری "حق دو بلوچستان” لانگ مارچ آج لاہور میں منصورہ سے لاہور پریس کلب تک پہنچا، جہاں یہ دھرنے میں تبدیل ہو گیا۔

    مارچ کی قیادت امیر جماعت اسلامی بلوچستان مولانا ہدایت الرحمان نے کی، جب کہ لاہور میں امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ اور جماعت کی ضلعی قیادت نے شاندار استقبال کیا۔استقبالیہ جلسے اور دھرنے سے مولانا ہدایت الرحمان، امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ، اظہر بلال، انجینئر اخلاق احمد، وقاص احمد بٹ، چوہدری محمد شوکت، عبدالعزیز عابد سمیت دیگر قائدین نے خطاب کیا۔مولانا ہدایت الرحمان نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہم اسلام آباد جانا چاہتے تھے تاکہ بلوچستان کی ماؤں، بہنوں، بیٹیوں اور عوام کے حقوق کی آواز اعلیٰ ایوانوں تک پہنچا سکیں، لیکن پنجاب حکومت اور ظالم نظام ہمارے راستے میں رکاوٹ بنے۔ ہم واضح کرتے ہیں کہ وزیر اعظم، وزیر اعلیٰ پنجاب اور بلوچستان کے حکمران سن لیں،جب تک ہمارے 8 نکاتی مطالبات منظور نہیں ہوتے، احتجاج اور دھرنا جاری رہے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب حکومت کی رکاوٹیں ہمارے حوصلے پست نہیں کر سکتیں۔ ہم یہاں سے واپس نہیں جائیں گے جب تک بلوچستان کے عوام کو ان کا حق نہیں ملتا۔

    مولانا ہدایت الرحمان نے اہل لاہور اور جماعت اسلامی لاہور کے کارکنان کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ لاہور کے عوام اور جماعت کے غیور کارکنان نے ہمارا بھرپور ساتھ دیا، جس پر میں ان کا شکر گزار ہوں۔دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ نے کہا کہ بلوچستان کے لیے پیش کیے گئے 8 نکاتی مطالبات وہاں کے عوام کے جائز حقوق کی ترجمانی کرتے ہیں۔ جماعت اسلامی لاہور ان مطالبات کی مکمل حمایت کرتی ہے۔انہوں نے مولانا ہدایت الرحمان کی عوامی جدوجہد کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ بلوچستان کے عوام کی آواز بن کر ابھرے ہیں۔پریس کلب کے باہر جاری دھرنا پُرامن ہے اور ملک بھر میں بلوچستان کے عوام کے ساتھ یکجہتی کے اظہار کی ایک اہم کڑی کے طور پر دیکھا جا رہا ہے

  • اظہر عباس ادب اطفال پاکستان کی شان تھے، اختر عباس

    اظہر عباس ادب اطفال پاکستان کی شان تھے، اختر عباس

    ادبِ اطفال کے ممتاز ادیب، دانشور اور سماجی کارکن اظہر عباس کی وفات پرامیدِ روشنی فورم پاکستان اور گلبل فورم پاکستان کے زیرِاہتمام، وفائے پاکستان ادبی فورم کے تعاون سے ایک تعزیتی ریفرنس کا انعقاد کیا گیا۔

    تقریب سے خطاب کرتے ہوئے معروف ادیب و تربیت کار اختر عباس نے کہااظہر عباس نے ادبِ اطفال میں جو بے مثال خدمات انجام دی ہیں، وہ ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ وہ بچوں کے لیے سنجیدہ اور معیاری لکھنے والے ان چند گنے چنے اہل قلم میں سے تھے جنہوں نے کبھی سطحی پن کو اپنے قلم پر حاوی نہیں ہونے دیا۔اس موقع پر اشفاق احمد خان نے اپنے خطاب میں کہا اظہر عباس کی وفات صرف ادبی دنیا کا نہیں بلکہ انسانیت، فکر اور اخلاقی اقدار کا ایک بڑا نقصان ہے۔ وہ نہایت مخلص، محبت کرنے والے، خالص انسان اور بچوں کی تربیت کے حوالے سے ایک تحریک تھے۔ ان کی تحریریں نئی نسل کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔مرحوم اظہر عباس کے صاحبزادے برہان اظہر نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا میرے والد نہ صرف ہمارے لیے ایک شفیق والد تھے بلکہ قوم کے بچوں کے لیے ایک روحانی رہنما تھے۔ ان کا مشن بچوں کی تربیت اور کردار سازی تھا، جسے ہم ان شاء اللہ جاری رکھیں گے۔

    تقریب میں شریک دیگر ادبی، سماجی اور فکری حلقوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے بھی اظہر عباس کی علمی، ادبی اور سماجی خدمات کو بھرپور انداز میں سراہا اور ان کی شخصیت کو محبت، خلوص اور انسان دوستی کا نمائندہ قرار دیا۔ایم ایم علی، اشرف سہیل، سہیل قیصر ہاشمی، عبدالصمد مظفر پھول بھائی، علی عمران ممتاز، غلام زادہ محمد نعمان صابری، کاشف بشیر کاشف، محمد وسیم کھوکھر، محمد نادر کھوکھر، محمد قاسم کھوکھر، حاجی محمد لطیف کھوکھر، محمد ناصر زیدی، احمد عدنان طارق، ڈاکٹر طارق ریاض خان، ابوالحسن طارق، محمد ندیم اختر، امجد نذیر، غلام مصطفیٰ قادری، سرفراز اجمل، علی رضا ترابی، شہباز اکبر الفت و دیگر نے بھی اظہار خیال کیا اور کہا کہ یہ تعزیتی ریفرنس نہ صرف اظہر عباس مرحوم کی شخصیت کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کا ذریعہ بنا بلکہ ادب، اخلاق، محبت اور انسان دوستی کے پیغام کو ایک نئے عزم اور حوصلے کے ساتھ فروغ دینے کا سبب بھی ثابت ہوا۔ اس موقع پر دعا کی گئی کہ اللہ تعالیٰ اظہر عباس کو جوارِ رحمت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔ آمین۔

  • استحکام پاکستان کانفرنس کی تیاریاں،ایم ایم علی کی سینئر وائس چیئرمین اپووا ملک یعقوب اعوان سے ملاقات

    استحکام پاکستان کانفرنس کی تیاریاں،ایم ایم علی کی سینئر وائس چیئرمین اپووا ملک یعقوب اعوان سے ملاقات

    لاہور کے معروف تجارتی و ثقافتی مرکز ایم ایم عالم روڈ پر واقع آل پاکستان رائیٹرز ویلفیئر ایسوسی ایشن ،اپوو،ا کے مرکزی دفتر میں تنظیم کے بانی و صدر ایم ایم علی اور سینئروائس چیئرمین ملک یعقوب اعوان کے درمیان ایک تفصیلی اور اہم ملاقات ہوئی۔

    اس ملاقات میں اپوواکی موجودہ صورتحال، کارکردگی، اور مستقبل کے اہداف پر جامع تبادلہ خیال کیا گیا۔ خاص طور پر آئندہ ہونے والے ایونٹ، یعنی "استحکام پاکستان کانفرنس و تقریب تقسیم شان پاکستان ایوارڈ” کے حوالے سے خصوصی مشاورت کی گئی۔تقریب کو کامیاب بنانے کے لیے مکمل لائحہ عمل مرتب کیا گیا، جس میں دعوت ناموں کی تقسیم، مہمانانِ خصوصی کا انتخاب، میڈیا کوریج، اور سیکیورٹی انتظامات سمیت دیگر اہم امور شامل تھے۔

    ایم ایم علی اور ملک یعقوب اعوان نے ملاقات کے بعد کہا کہ ان شاء اللہ، یہ ایک تاریخی اور شاندار پروگرام ہوگا جو ملک و قوم کے لیے ایک مثبت پیغام لے کر آئے گا۔ ہماری کوشش ہے کہ اپووا کے پلیٹ فارم سے عوامی فلاح، قومی ہم آہنگی، اور نوجوان نسل کی رہنمائی کے لیے ٹھوس اقدامات کیے جائیں۔

    دونوں رہنماؤں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ تنظیم اپنی فلاحی سرگرمیوں کو مزید وسعت دے گی اور سماجی ترقی کے لیے نئے منصوبے متعارف کرائے جائیں گے۔ ملاقات میں آئندہ کے پروگرامز، ورکشاپس،دفاتر کے افتتاح،اضلاع میں کوآرڈینیٹر کی تقرری پر بھی سیر حاصل گفتگو کی گئی تاکہ اپووا کی سرگرمیوں کو مزید مؤثر اور نتیجہ خیز بنایا جا سکے۔

    14 اگست کو لاہور کے مقامی ہوٹل میں استحکام پاکستان کانفرنس میں ممتاز قومی شخصیات شریک ہوں‌گی، شان پاکستان ایوارڈ ان افراد کو دیا جائے گا جنہوں نے اپنے شعبہ جات میں نمایاں خدمات سر انجام دی ہیں۔

  • لاہور ہائیکورٹ، جمشید دستی کی نااہلی، این اے 175 میں ضمنی انتخاب کا شیڈول معطل

    لاہور ہائیکورٹ، جمشید دستی کی نااہلی، این اے 175 میں ضمنی انتخاب کا شیڈول معطل

    لاہور: لاہور ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما جمشید دستی کی نااہلی کے خلاف دائر درخواست پر اہم سماعت کرتے ہوئے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 175 میں ہونے والے ضمنی انتخاب کا شیڈول معطل کر دیا ہے۔

    لاہور ہائیکورٹ میں جمشید دستی کی نااہلی کے خلاف درخواست زیر سماعت تھی، جس پر عدالت نے ضمنی انتخاب کے شیڈول کو معطل کرتے ہوئے الیکشن کمیشن آف پاکستان، اٹارنی جنرل اور دیگر متعلقہ حکام کو نوٹس جاری کر دیا ہے۔عدالت نے تمام فریقین کو آئندہ سماعت پر اپنے دلائل پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔ اس فیصلہ کے بعد حلقہ این اے 175 میں ضمنی انتخاب مؤخر ہو گیا ہے جب کہ پی ٹی آئی کے رہنما جمشید دستی کی نااہلی سے متعلق کیس کی مزید سماعت کی جائے گی۔

    کیس کی سماعت کے بعد جمشید دستی نے ایکس پر پوسٹ میں کہا کہ چیف جسٹس آف پنجاب لاہور ہائیکورٹ میڈم عالیہ نیلم صاحبہ کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے جمشید احمد خان دستی کی نا اہلی کیس کی سماعت کی اور الیکشن کمیشن آف پاکستان کے حکم بابت نااہلی کو معطل کرکے جمشید احمد خان دستی کو بطور MNA حلقہ NA175 مظفرگڑھ بحال کرکے ضمنی الیکشن ملتوی کرنے کا حکم جاری کر دیا

  • ندا صالح پاکستان کی پہلی خاتون ٹرین ڈرائیور بن گئیں

    ندا صالح پاکستان کی پہلی خاتون ٹرین ڈرائیور بن گئیں

    پاکستان کی ٹرانسپورٹیشن کی دنیا میں خواتین کے لیے ایک سنگ میل عبور کرتے ہوئے ندا صالح نے پہلی بار بطور خاتون ٹرین ڈرائیور اپنی ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں۔

    لاہور کی اورنج لائن میٹرو ٹرین کی ڈرائیونگ میں تربیت حاصل کرنے والی ندا نے نہ صرف اپنے جذبے اور محنت کی بدولت یہ مقام حاصل کیا بلکہ اس سنگِ میل نے پاکستانی خواتین کے لیے تکنیکی اور روایتی طور پر مردوں کے لیے مخصوص شعبوں میں نئے دروازے کھول دیے ہیں۔ندا صالح نے اس تاریخی کامیابی کے لیے چینی اور پاکستانی ماہرین کی جانب سے فراہم کردہ جدید تربیتی پروگرام میں شرکت کی، جس میں انہیں میٹرو ٹرین کے تمام فنی، تکنیکی اور حفاظتی پہلوؤں کی مکمل جانکاری دی گئی۔ اورنج لائن میٹرو کے اس جدید ٹرانزٹ نظام میں تربیت حاصل کرنا آسان نہیں تھا، تاہم ندا نے اپنے عزم اور ہنر کے ذریعے اس چیلنج کو کامیابی میں بدل دیا۔

    ندا صالح نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ بچپن سے ہی انہیں ریل گاڑیوں اور ان کی ڈرائیونگ کا گہرا شوق تھا۔ انہوں نے ٹرانسپورٹیشن انجینئرنگ میں گریجویشن مکمل کی اور اورنج لائن منصوبے میں انجینئرنگ کے شعبے میں ملازمت کے لیے درخواست دی۔ جب انہیں پتہ چلا کہ میٹرو ٹرین ڈرائیورز کی تربیت جاری ہے تو انہوں نے چینی انتظامیہ سے درخواست کی کہ خواتین کو بھی اس تربیتی پروگرام میں شامل کیا جائے، جس پر مثبت ردعمل آیا اور انہیں اس پروگرام کا حصہ بنایا گیا۔ندا نے بتایا کہ شروع میں ان کے اہلِ خانہ نے اس غیر روایتی پیشے میں ان کے شامل ہونے پر کچھ تشویش ظاہر کی، مگر ان کے عزم، محنت اور سنجیدگی کو دیکھ کر انہوں نے مکمل حمایت کی اور آج ندا اس میدان میں کامیابی کے جھنڈے گاڑنے میں کامیاب ہوئیں۔

    ان کا کہنا ہے کہ ٹرین چلانا بظاہر آسان کام نظر آتا ہے مگر یہ ایک انتہائی ذمہ داری کا کام ہے جو مکمل توجہ، نظم و ضبط اور حفاظتی معیار کی پابندی کا متقاضی ہے۔ ندا روزانہ ٹرین آپریٹ کرنے سے پہلے ذاتی طور پر تمام سروسنگ اور مینٹیننس ایریاز کا معائنہ کرتی ہیں تاکہ مسافروں کی حفاظت یقینی بنائی جا سکے۔

    ندا صالح کی یہ کامیابی نہ صرف خواتین کی حوصلہ افزائی کا باعث ہے بلکہ پاکستان میں خواتین کو ٹیکنیکل اور غیر روایتی شعبوں میں بڑھانے کی حکومت اور سماجی تنظیموں کی کوششوں کا بھی منہ بولتا ثبوت ہے۔ امید کی جاتی ہے کہ ندا کی اس کامیابی سے اور زیادہ خواتین اپنے خوابوں کو حقیقت میں بدلنے کے لیے حوصلہ پائیں گی۔