سابق وزیر اعلیٰ پنجاب اور مسلم لیگ (ن) کے نائب صدر حمزہ شہباز سے ن لیگ بیٹ رپورٹرز کی ملاقات ہوئی جس میں انہوں نے پارٹی امور اور ملکی صورتحال پر گفتگو کی۔
حمزہ شہباز نے کہا کہ پارٹی ورکرز ہمارے ماتھے کا جھومر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ن لیگ کی قیادت کے مشکل ترین دور میں پارٹی ورکرز نے سب سے زیادہ ساتھ دیا، پارٹی ورکرز نے کڑے حالات میں مشکلات اور صعوبتیں برداشت کیں لیکن پارٹی کا ساتھ نہیں چھوڑا،قومی اسمبلی سے ایک ایسا بل منظور ہونا چاہیے جس کے مطابق پورے ملک میں بلدیاتی انتخابات ایک ہی وقت میں کرائے جائیں، بلدیاتی انتخابات سے اختیارات نچلی سطح تک منتقل ہوں گے اور عوام کو بہتر انداز میں ریلیف ملے گا،ن لیگ کی ہمیشہ کوشش رہی ہے کہ عوام کی فلاح و بہبود کے لیے دن رات کام کیا جائے۔
حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ پاکستان ڈیفالٹ کے دہانے پر پہنچ گیا تھا لیکن ن لیگ کی مثبت پالیسیوں نے ملک کو اس صورتحال سے بچایا، میرے والد وزیر اعظم شہباز شریف اور میں نے جیل میں مشکل ترین وقت گزارا لیکن غلط باتوں کو تسلیم نہیں کیا،ہمیں سب سے زیادہ محنت ملکی معیشت کو بہتر بنانے پر کرنی ہے جبکہ وزیر اعظم شہباز شریف اس مقصد کے لیے دن رات کوشاں ہیں۔









