Baaghi TV

Category: لاہور

  • گرمی کی شدت میں اضافے کے ساتھ بجلی کی غیر اعلانیہ بندش  شروع

    گرمی کی شدت میں اضافے کے ساتھ بجلی کی غیر اعلانیہ بندش شروع

    گرمی کی شدت میں اضافے کے ساتھ ہی لاہور سمیت مختلف علاقوں میں بجلی کی غیر اعلانیہ بندش کا سلسلہ بھی بڑھ گیا، جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

    بجلی کے نظام پر بڑھتے ہوئے دباؤ کے باعث تکنیکی خرابیوں میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ متعدد علاقوں میں ٹرانسفارمر جلنے اور دیگر فنی مسائل کے باعث بجلی کی آنکھ مچولی جاری ہے، جبکہ کئی مقامات پر صارفین گھنٹوں بجلی سے محروم رہتے ہیں،دیہی علاقوں میں صورتحال مزید سنگین بتائی جا رہی ہے جہاں تکنیکی خرابیوں کے باعث طویل دورانیے کی بندش معمول بن چکی ہے۔ شدید گرمی اور حبس کے موسم میں بجلی کی مسلسل بندش نے عوام کی مشکلات میں اضافہ کر دیا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) کی بجلی کی طلب 3200 میگاواٹ سے تجاوز کر گئی ہے۔ تاہم طلب کے مطابق بجلی فراہم کی جا رہی ہے اور مجموعی طور پر بجلی کی کمی کا سامنا نہیں ہے.لیسکو حکام کے مطابق ہائی لاسز فیڈرز پر شیڈول کے مطابق 4 سے 5 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے، جبکہ دیگر علاقوں میں سامنے آنے والی بندشیں زیادہ تر تکنیکی خرابیوں کا نتیجہ ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ خراب ٹرانسفارمرز اور دیگر فنی مسائل کے فوری ازالے کے لیے ٹیمیں متحرک ہیں تاکہ بجلی کی فراہمی کو جلد از جلد بحال کیا جا سکے۔

  • شوٹنگ کے دوران رومانوی مناظر کو کم کرنے کی درخواست رد کی گئی،علیزے شاہ

    شوٹنگ کے دوران رومانوی مناظر کو کم کرنے کی درخواست رد کی گئی،علیزے شاہ

    لاہور: پاکستانی اداکارہ علیزے شاہ نے گلوکار فلک شبیر کے حالیہ بیان پر ردعمل دیتے ہوئے ان سے متعلق اہم دعوے کیے ہیں اور ماضی میں ایک میوزک ویڈیو کی شوٹنگ کے دوران پیش آنے والے واقعات پر روشنی ڈالی ہے۔

    حال ہی میں گلوکار فلک شبیر نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے مطالبہ کیا تھا کہ عوامی مقامات پر مختصر لباس پہننے والوں کے حوالے سے بھی قانون سازی کی جائے۔ ان کے اس بیان کے بعد سوشل میڈیا پر مختلف حلقوں کی جانب سے ردعمل سامنے آیا۔اس تناظر میں اداکارہ علیزے شاہ نے اپنے سوشل میڈیا پیغام میں فلک شبیر کے ساتھ کیے گئے مشہور میوزک ویڈیو ’’یاداں‘‘ کے تجربے کو بیان کرتے ہوئے متعدد دعوے کیے۔ علیزے شاہ کے مطابق انہیں اس میوزک ویڈیو میں خود فلک شبیر نے کاسٹ کیا تھا،اداکارہ نے الزام عائد کیا کہ شوٹنگ کے دوران انہیں مختصر لباس پہننے پر مجبور کیا گیا، حالانکہ وہ اس حوالے سے مطمئن نہیں تھیں۔ انہوں نے مزید دعویٰ کیا کہ ویڈیو میں استعمال ہونے والے تمام مختصر ملبوسات فلک شبیر کی اہلیہ اور معروف اداکارہ سارہ خان نے ڈیزائن اور اسٹائل کیے تھے،علیزے شاہ نے ایک اور اہم دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے شوٹنگ کے دوران متعدد مرتبہ رومانوی مناظر کو کم کرنے کی درخواست کی، تاہم ان کی درخواست کو قبول نہیں کیا گیا اور انہیں وہ مناظر انجام دینے پڑے۔

    اداکارہ کے ان دعوؤں کے بعد سوشل میڈیا پر بحث کا ایک نیا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔ تاہم فلک شبیر یا سارہ خان کی جانب سے علیزے شاہ کے الزامات پر تاحال کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔

  • پتا نہیں فلک شبیر جیسے لوگوں کا دماغ کب خواتین کے کپڑوں سے نکلےگا،حنا پرویز بٹ

    پتا نہیں فلک شبیر جیسے لوگوں کا دماغ کب خواتین کے کپڑوں سے نکلےگا،حنا پرویز بٹ

    مسلم لیگ (ن) کی رکن پنجاب اسمبلی اور پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی کی چیئرپرسن حنا پرویز بٹ نے گلوکار فلک شبیر کی جانب سے عوامی مقامات پر ڈریس کوڈ نافذ کرنے کے مطالبے پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ خواتین کے لباس کو تنقید کا نشانہ بنانا معاشرتی ترقی کی راہ میں رکاوٹ ہے۔

    فلک شبیر نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر ایک اسٹوری شیئر کرتے ہوئے پنجاب حکومت کی جانب سے ویپنگ پر پابندی کے فیصلے کو سراہا تھا۔ انہوں نے ساتھ ہی وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے درخواست کی تھی کہ عوامی مقامات، بازاروں اور سڑکوں پر مختصر لباس پہننے والوں کے حوالے سے بھی قانون سازی کی جائے، بصورت دیگر ثقافتی طور پر معاشرہ نقصان سے دوچار ہوسکتا ہے۔گلوکار نے اپنی پوسٹ میں لکھا تھا کہ دو بیٹیوں کے والد ہونے کے ناطے وہ مریم نواز سے عاجزانہ اپیل کرتے ہیں کہ عوامی مقامات پر لباس سے متعلق ضابطہ اخلاق متعارف کرایا جائے تاکہ معاشرتی اور ثقافتی اقدار کا تحفظ یقینی بنایا جاسکے۔

    فلک شبیر کے اس بیان پر ردعمل دیتے ہوئے حنا پرویز بٹ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر کہا کہ انہیں سمجھ نہیں آتی کہ پتا نہیں فلک شبیر جیسے لوگوں کا دماغ کب خواتین کے کپڑوں سے نکلےگا۔ آپ کبھی استنبول گئے ہوں تو وہاں خواتین کے لباس پر کوئی بات نہیں کرتا، یہاں پاکستان میں جس کا جو دل کرتا ہے سوشل میڈیا پر آکر بولنا شروع کر دیتا ہے۔ ایسی ذہنیت کی وجہ سے پاکستان آگے نہیں بڑھ رہا۔ خدارا اپنے کام سے کام رکھنا شروع کر دیں تو معاشرے کیلئے یہ ایک بڑی خدمت ہوگی.

  • راولا کوٹ،کالعدم کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کےشرپسندوں کی فائرنگ سے 4 اہلکار شہید

    راولا کوٹ،کالعدم کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کےشرپسندوں کی فائرنگ سے 4 اہلکار شہید

    آزاد کشمیر کے ضلع راولاکوٹ میں سکیورٹی کی صورتحال اس وقت کشیدہ ہو گئی جب کالعدم قرار دی گئی جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی سے منسلک شرپسند عناصر کی مبینہ فائرنگ کے نتیجے میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے چار اہلکار شہید جبکہ 20 سے زائد پولیس اور سکیورٹی اہلکار زخمی ہو گئے۔

    ترجمان انسپکٹر جنرل پولیس آزاد کشمیر کے مطابق واقعے کے دوران شرپسند عناصر نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو باقاعدہ منصوبہ بندی کے تحت نشانہ بنایا۔ فائرنگ کے نتیجے میں متعدد اہلکار شدید زخمی ہوئے جنہیں فوری طور پر قریبی اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا، جبکہ زخمیوں میں بعض کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔آئی جی پولیس آزاد جموں و کشمیر نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کالعدم ایکشن کمیٹی کے شرپسندوں نے امن و امان کو خراب کرنے کی کوشش کی اور ریاستی اداروں پر حملہ کیا۔ انہوں نے شہید اہلکاروں کی قربانی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ قانون ہاتھ میں لینے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

    واضح رہے کہ چند روز قبل آزاد کشمیر حکومت نے جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کو کالعدم تنظیم قرار دیا تھا۔ حکومت کی جانب سے یہ اقدام امن و امان کی صورتحال اور ریاستی سلامتی سے متعلق خدشات کے پیش نظر اٹھایا گیا تھا۔دوسری جانب کالعدم جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی نے 9 جون کو ہڑتال کی کال دے رکھی ہے،

  • شاہدرہ ٹاؤن: تیزاب گردی کے واقعے میں ملوث ملزم گرفتار

    شاہدرہ ٹاؤن: تیزاب گردی کے واقعے میں ملوث ملزم گرفتار

    شاہدرہ ٹاؤن میں پیش آنے والے تیزاب گردی کے سنگین واقعے میں پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے مرکزی ملزم یاسر محمود کو گرفتار کر لیا، ملزم کے خلاف تھانہ شاہدرہ ٹاؤن میں تیزاب گردی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

    پولیس ترجمان کے مطابق ملزم نے ایک پان شاپ پر موجود دو افراد پر تیزاب پھینکا، جس کے نتیجے میں 26 سالہ شفیق شدید جھلس کر زخمی ہو گیا، جبکہ 17 سالہ اسلے جان کے بازو پر بھی تیزاب کے باعث گہرے زخم آئے واقعے کے فوراً بعد دونوں متاثرہ افراد کو قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں انہیں بروقت طبی امداد فراہم کی گئی۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ پولیس نے جدید ٹیکنالوجی اور دستیاب شواہد کی مدد سے ملزم کو ٹریس کر کے حراست میں لیا، گرفتار ملزم سے تفتیش کا عمل جاری ہے، جس دوران مزید اہم انکشافات متوقع ہیں۔

    ڈی آئی جی آپریشنز کے ترجمان نے واضح کیا ہے کہ تیزاب گردی جیسے گھناؤنے جرائم میں ملوث عناصر کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور متاثرہ شہریوں کو ہر صورت انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔

  • برہنہ ویڈیو اے آئی سے بنائی گئی،رکن اسمبلی نے درخواست دے دی

    برہنہ ویڈیو اے آئی سے بنائی گئی،رکن اسمبلی نے درخواست دے دی

    تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رکن پنجاب اسمبلی سلمان شاہد نے اپنی مبینہ نازیبا ویڈیو کے سوشل میڈیا پر پھیلاؤ کے معاملے پر کارروائی کے لیے نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) سے رجوع کر لیا ہے۔

    رکن اسمبلی نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ ان کے خلاف مصنوعی ذہانت (اے آئی) کی مدد سے جعلی ویڈیو تیار کر کے سوشل میڈیا پر وائرل کی گئی، جس سے ان کی ساکھ کو شدید نقصان پہنچا اور انہیں ذہنی اذیت کا سامنا کرنا پڑا۔درخواست میں سلمان شاہد نے دو افراد، مدثر اور شیخ عبداللہ، کو نامزد کیا ہے جبکہ 25 دیگر افراد کو نامعلوم ملزمان کے طور پر شامل کیا گیا ہے۔ درخواست گزار کے مطابق مذکورہ ویڈیوز مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز اور فیس بک گروپس کے ذریعے پھیلائی گئیں جن میں ’’انصاف گروپ آف پاکستان بورے والا‘‘ بھی شامل ہے۔سلمان شاہد کا کہنا ہے کہ وائرل کی جانے والی ویڈیو حقیقت پر مبنی نہیں بلکہ جدید اے آئی ٹیکنالوجی کے ذریعے تیار کردہ جعلی مواد ہے جس کا مقصد ان کی سیاسی اور ذاتی ساکھ کو نقصان پہنچانا تھا۔ انہوں نے متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ معاملے کی مکمل تحقیقات کر کے ذمہ دار عناصر کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔

    این سی سی آئی اے نے درخواست موصول ہونے کے بعد کارروائی کا آغاز کرتے ہوئے نامزد دونوں ملزمان کو نوٹس جاری کر دیے ہیں۔ ادارے کی جانب سے مدثر اور شیخ عبداللہ کو 8 جون کو این سی سی آئی اے لاہور کے دفتر میں پیش ہو کر اپنا مؤقف اور جواب جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ذرائع کے مطابق شیخ عبداللہ کا تعلق بورے والا سے ہے .

  • بچی کو دم کروانے کے بہانےہوٹل لے جاکر جوان بیٹی کے ساتھ جنسی زیادتی کرنے والا سوتیلا باپ گرفتار

    بچی کو دم کروانے کے بہانےہوٹل لے جاکر جوان بیٹی کے ساتھ جنسی زیادتی کرنے والا سوتیلا باپ گرفتار

    لاہور میں 18 سالہ بیٹی کے ساتھ مبینہ زیادتی کرنے والے سفاک سوتیلے باپ کو پولیس نے گرفتار کر لیا۔

    ایس پی کینٹ اختر نواز کے مطابق واقعے کی اطلاع ملتے ہی ان کی ہدایت پر ایس ایچ او ڈیفنس اے محمد افضال نے پولیس ٹیم کے ہمراہ فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم محمد شاکر کو گرفتار کر لیا ملزم محمد شاکر بچی کو دم کروانے کے بہانے دی گرینڈ آرچرڈ ون ہوٹل کے کمرے میں لے گیا، جہاں اس نے مبینہ طور پر زبردستی زیادتی کا نشانہ بنایا اور کسی کو واقعے سے آگاہ کرنے پر سنگین نتائج کی دھمکیاں دیں۔

    ایس پی کینٹ کا کہنا ہے کہ متاثرہ لڑکی کی والدہ کی مدعیت میں نامزد ملزم محمد شاکر کے خلاف فوری مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، جبکہ مزید تفتیش کے لیے کیس جینڈر سیل کے حوالے کر دیا گیا ہے انہوں نے بروقت کارروائی پر ایس ایچ او ڈیفنس اے محمد افضال، ایس آئی محمد آصف اور پولیس ٹیم کو شاباش د ی کہا کہ خواتین کے جنسی استحصال میں ملوث عناصر کو قانون کے مطابق کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔

  • اپنا کماؤ،مرکزی مسلم لیگ کے زیر اہتمام صحافیوں کے لئے عملی ٹریننگ ورکشاپ

    اپنا کماؤ،مرکزی مسلم لیگ کے زیر اہتمام صحافیوں کے لئے عملی ٹریننگ ورکشاپ

    اپنا کماؤ،مرکزی مسلم لیگ اور لاہور پریس کلب کے اشتراک سے صحافیوں اور میڈیا پروفیشنلز کے لیے منعقد کی جانے والی خصوصی اور عملی ٹریننگ ورکشاپ "Journalism in the Age of AI” کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہو گئی،ورکشاپ سے ترجمان مرکزی مسلم لیگ ڈاکٹر مزمل اقبال ہاشمی ،اپنا کماؤ کے ہیڈ ملک وقاص سعید نے خطاب کیا،

    لاہور پریس کلب کے نثار عثمانی آڈیٹوریم میں منعقدہ ورکشاپ میں میڈیا انڈسٹری سے وابستہ افراد کو مصنوعی ذہانت (AI) کے جدید ٹولز کے ذریعے ریسرچ کو تیز کرنے، فیک نیوز کے سدباب کے لیے فوری حقائق کی تصدیق (Fact-checking) کرنے، اور ایک مضبوط ڈیجیٹل شناخت قائم کرنے کی عملی تربیت دی گئی، اپنا کماؤ کے سیشن میں صحافیوں اور پریس کلب کے ممبران کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور ڈیجیٹل دور کے ان جدید تقاضوں کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیا،ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی مسلم کے ترجمان ڈاکٹر مزمل اقبال ہاشمی کا کہنا تھا کہ پاکستان کے تمام صحافیوں کو سکلز سکھائیں گے، مرکزی مسلم لیگ صحافیوں کے بچوں کو بھی اے آئی کے استعمال کی تربیت دے گی،مرکزی مسلم لیگ اہل صحافت کے ساتھ کھڑی ہے،لاہور پریس کلب میں یہ دوسری ورکشاپ ہے، باقی شہروں میں صحافیوں کے لئے تربیتی کورسز کا انعقاد کریں گے، میڈیا کے نمائندوں کو جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کرتے ہوئے سچائی، تحقیق اور قومی مفاد کو اپنی پیشہ ورانہ ترجیحات میں شامل رکھنا چاہیے، ملک وقاص سعید، آئی ٹی ہیڈ مرکزی مسلم لیگ اور لیڈ اپنـا کماؤ نے شرکاء کو مصنوعی ذہانت کے جدید ٹولز کے صحافتی استعمال، ڈیجیٹل ریسرچ، فیکٹ چیکنگ، کنٹینٹ ویریفکیشن، ذاتی برانڈنگ اور میڈیا کے بدلتے ہوئے ڈیجیٹل منظرنامے کے بارے میں عملی تربیت فراہم کی۔ انہوں نے کہا کہ مصنوعی ذہانت صحافیوں کے لیے متبادل نہیں بلکہ ایک طاقتور معاون ہے، جو تحقیق کے عمل کو تیز، معلومات کو زیادہ قابلِ تصدیق اور صحافی کی پیشہ ورانہ کارکردگی کو مزید مؤثر بنا سکتی ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ مستقبل کا کامیاب صحافی وہ ہوگا جو روایتی صحافتی اصولوں کو جدید ٹیکنالوجی کے ساتھ جوڑنے کی صلاحیت رکھتا ہو۔

  • 
2050 تک لاہور دنیا کے گرم ترین شہروں میں شامل ہو سکتا ہے

    
2050 تک لاہور دنیا کے گرم ترین شہروں میں شامل ہو سکتا ہے

    ‎حالیہ تحقیقی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلی کے عالمی نظام ایل نینو سے شدید متاثر ہونے والے ممالک میں شامل ہے۔ ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ اگر موجودہ رجحانات برقرار رہے تو 2050 تک لاہور اور فیصل آباد دنیا کے گرم ترین شہروں میں شمار ہو سکتے ہیں، جبکہ شدید گرمی کے باعث اموات کی شرح میں بھی نمایاں اضافہ متوقع ہے۔
    ‎تحقیق کے مطابق ایل نینو کے اثرات کے باعث پاکستان میں درجہ حرارت مسلسل بڑھ رہا ہے اور موسمیاتی نظام میں غیر معمولی تبدیلیاں دیکھنے میں آ رہی ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ بڑھتی ہوئی گرمی نہ صرف انسانی صحت بلکہ زراعت، آبی وسائل اور معیشت پر بھی منفی اثرات مرتب کر سکتی ہے۔
    ‎دوسری جانب محکمہ موسمیات نے بھی ہیٹ ویوز کے بڑھتے ہوئے خطرے سے خبردار کیا ہے۔ چیف میٹرولوجسٹ لاہور ڈاکٹر ظہیر بابر کے مطابق ایل نینو کے اثرات کے تحت درجہ حرارت میں مسلسل اضافہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور، فیصل آباد اور ملتان جیسے بڑے شہری مراکز میں بلند عمارتوں، گاڑیوں کے دھوئیں، سبزہ زاروں کی کمی اور تیزی سے بڑھتی ہاؤسنگ سوسائٹیز کے باعث گرمی کی شدت مزید بڑھ رہی ہے۔
    ‎ماہر ماحولیات ڈاکٹر ذوالفقار احمد نے بتایا کہ عالمی سطح پر اوسط درجہ حرارت میں تقریباً 1.5 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، تاہم پاکستان کے بڑے شہروں میں یہ شرح کہیں زیادہ ہے۔ ان کے مطابق کراچی میں درجہ حرارت میں 4.5 فیصد جبکہ لاہور میں 4.1 فیصد اضافہ دیکھا گیا، جو موسمیاتی تبدیلیوں کے سنگین اثرات کی نشاندہی کرتا ہے۔
    ‎پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی لاہور کے حکام کا کہنا ہے کہ درخت لگانے کے مختلف منصوبوں پر کام جاری ہے۔ ان کے مطابق نئی ہاؤسنگ سوسائٹیز کو این او سی جاری کرنے کے لیے کم از کم 7 فیصد رقبے پر شجرکاری کو لازمی قرار دیا گیا ہے تاکہ شہری علاقوں میں سبزہ بڑھایا جا سکے۔
    ‎ماہرین نے زور دیا ہے کہ اگر آنے والی نسلوں کو شدید گرمی، ہیٹ ویوز اور موسمیاتی بحران کے اثرات سے محفوظ رکھنا ہے تو حکومت کو فوری اور مؤثر اقدامات کرنا ہوں گے۔ ان میں بڑے پیمانے پر شجرکاری، ماحول دوست شہری منصوبہ بندی، آلودگی میں کمی اور موسمیاتی پالیسیوں پر سختی سے عمل درآمد شامل ہے۔
    ‎ماہرین کے مطابق موسمیاتی تبدیلی اب مستقبل کا نہیں بلکہ موجودہ دور کا چیلنج بن چکی ہے، جس سے نمٹنے کے لیے حکومت، نجی شعبے اور عوام کو مشترکہ طور پر کردار ادا کرنا ہوگا۔

  • ہم فخر سے کہہ سکتے ہیں کہ گلگت کو لاہور جیسا خوبصورت بنائیں گے،عظمیٰ بخاری

    ہم فخر سے کہہ سکتے ہیں کہ گلگت کو لاہور جیسا خوبصورت بنائیں گے،عظمیٰ بخاری

    وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان میں ن لیگ کے سوا کسی جماعت نے ایک اینٹ تک نہیں لگائی، ہم فخر سے کہہ سکتے ہیں کہ گلگت کو لاہور جیسا خوبصورت بنائیں گے-

    گلگت بلتستان میں انتخابات کے حوالے سے اپنے بیان میں عظمیٰ بخاری نے کہا کہ جی بی میں ہر طرف شیر،شیر اور شیر کی آوازیں آرہی ہیں مسلم لیگ (ن) کو عوام ہمیشہ کارکردگی کی بنیاد پر ووٹ دیتے ہیں،مخالفین مسلم لیگ (ن) پر کیچڑ اچھال کر ووٹ مانگتے ہیں گلگت بلتستان میں مسلم لیگ (ن) کے سوا کسی جماعت نے ایک اینٹ تک نہیں لگائی-

    عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان میں تحریک انصاف کا صفر ووٹ بینک ہے ان کے لوگ ایک ہفتے سے شور مچا رہے ہیں کہ تحریک انصاف کو کمپین نہیں کرنے دی جارہی جن کے امیدوار بھی پورے نہیں، وہ قبل از وقت دھندلی کا واویلا کس منہ سے کررہے؟ تحریک انصاف کا بطور جماعت ہر بیانیہ ریت کی دیوار ثابت ہوتا ہے مسلم لیگ(ن) کا مقابلہ کارکردگی سے کریں، جھوٹ اور پروپیگنڈے ناکام سیاسی چالیں ہیں ہم فخر سے کہہ سکتے ہیں کہ گلگت کو لاہور جیسا خوبصورت بنائیں گے۔

    دوسری جانب گلگت بلتستان کے انتخابی حلقے جی بی اے 17 داریل کے علاقے ڈوڈشال میں مسلم لیگ (ن) کے نامزد امیدوار ڈاکٹر محمد زمان کے حامیوں کی گاڑی پر فائرنگ کا افسوسناک واقعہ پیش آیا ہےنامعلوم افراد کی جانب سے کی جانے والی اس فائرنگ کے واقعے کی تصدیق خود ن لیگ کے امیدوار ڈاکٹر محمد زمان نے کر دی ہے۔

    ڈاکٹر محمد زمان کے مطابق فائرنگ کے اس حملے کے نتیجے میں خوش قسمتی سے کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے انہوں نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ کھلی دہشت گردی ہے اور وہ علاقے میں پُرامن انتخابات کا انعقاد چاہتے ہیں فائرنگ کے اس واقعے کے ذمہ دار پا کستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے امیدوار محمد نسیم ہیں۔

    انہوں نے انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے کی فوری اور شفاف تحقیقات کرائی جائیں اور ملوث عناصر کے خلاف قانون کے مطابق سخت ترین کارروائی عمل میں لائی جائے۔

    واضح رہے کہ کل ہونے والے عام انتخابات کے سلسلے میں امن و امان کی صورتحال اور عوامی تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ دیامر لیفٹیننٹ (ر) محمد اویس نے ضلع بھر میں دفعہ 144 نافذ کر رکھی ہے۔