لاہور کے علاقے نواب ٹاؤن میں 4 کروڑ روپے مالیت کی بڑی نقب زنی کا معمہ پولیس نے حل کر لیا ہے۔ حیران کن طور پر واردات کی مرکزی ملزمہ گھر میں کام کرنے والی ملازمہ آمنہ نکلی، جس نے اپنے بہن بھائی کے ساتھ مل کر چوری کی منصوبہ بندی کی تھی۔
ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق نواب ٹاؤن پولیس نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے مرکزی ملزمہ آمنہ سمیت تین افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔ گرفتار افراد میں آمنہ کی بہن جنت اور بھائی علی حسن بھی شامل ہیں۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزمہ آمنہ کافی عرصے سے گھر میں ملازمت کر رہی تھی اور اس دوران اس نے گھر کے معمولات، مالکن کی مصروفیات اور قیمتی سامان رکھنے کی خفیہ جگہوں کے بارے میں مکمل معلومات حاصل کر لی تھیں۔
تحقیقات کے مطابق واردات کے روز گھر کی مالکن دیگر ملازمین کو چھٹی دے کر اپنے والد کے گھر گئی تھیں۔ واپسی پر انہوں نے دیکھا کہ گھر سے 80 تولے سونا اور 3 لاکھ روپے نقدی غائب تھی، جس کے بعد فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی گئی اور مقدمہ درج کر لیا گیا۔
پولیس نے مختلف پہلوؤں سے تحقیقات شروع کیں تو دورانِ تفتیش ملازمہ آمنہ کے بیانات میں تضاد سامنے آیا، جس سے اس پر شک مزید بڑھ گیا۔ مزید پوچھ گچھ اور تفتیش کے دوران ملزمہ نے مبینہ طور پر واردات میں ملوث ہونے کا اعتراف کر لیا۔
ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق ملزمان نے انتہائی منصوبہ بندی کے ساتھ چوری کی تھی اور زیورات و نقدی کو مختلف مقامات پر چھپایا گیا تھا۔ پولیس نے الکبیر ٹاؤن میں کارروائی کرتے ہوئے چوری شدہ طلائی زیورات اور نقد رقم برآمد کر لی ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ آیا اس گروہ کا تعلق کسی اور واردات سے بھی ہے یا نہیں۔
Category: لاہور
-

لاہور میں 4 کروڑ کی چوری کا معمہ حل، گھریلو ملازمہ ہی ماسٹر مائنڈ نکلی
-

لاہور ائیرپورٹ پر شراب اسمگلنگ کی کوشش ناکام، پی آئی اے افسر معطل
علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ لاہور پر کسٹمز حکام نے مبینہ طور پر پروٹوکول کے نام پر شراب کی بوتلیں باہر لے جانے کی کوشش ناکام بنا دی۔ واقعے میں ملوث پی آئی اے کے ایک افسر کو معطل کر دیا گیا ہے جبکہ تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق دو روز قبل ایک بین الاقوامی پرواز کے ذریعے آنے والے مسافر کے سامان سے تقریباً 65 اعلیٰ معیار کی شراب کی بوتلیں برآمد ہوئیں۔ اطلاعات کے مطابق پی آئی اے کے پیسنجر سروس افسر صفدر گوندل اپنے ایک ساتھی کے ہمراہ مسافر کو پروٹوکول کے ذریعے کلیئر کروانے کے لیے پہنچے تھے۔
تاہم کسٹمز حکام نے مشکوک صورتحال پر کارروائی کرتے ہوئے بوتلیں ضبط کر لیں اور سامان کلیئر کرنے کی اجازت نہیں دی۔ کارروائی کے دوران متعلقہ مسافر موقع سے فرار ہو گیا جبکہ صفدر گوندل اور ان کے ساتھی بھی ائیرپورٹ چھوڑ کر چلے گئے۔
بعد ازاں کسٹمز حکام نے واقعے سے متعلق پی آئی اے اسٹیشن منیجر کو آگاہ کیا، جس کے بعد جب متعلقہ افسران ڈیوٹی پر واپس آئے تو ان کے خلاف محکمانہ کارروائی شروع کر دی گئی۔ اسٹیشن منیجر نے دونوں افراد کے بیانات ریکارڈ کیے جبکہ ائیرپورٹ سکیورٹی فورس نے بھی اپنی الگ تحقیقات شروع کر دیں۔
تحقیقات کے دوران متعلقہ افسران کے ائیرپورٹ انٹری پاسز منسوخ کر دیے گئے اور انہیں ڈیوٹی سے ہٹا دیا گیا۔ حکام کے مطابق معاملے کی مکمل چھان بین جاری ہے اور ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
پی آئی اے کے ترجمان عبداللہ خان نے تصدیق کی کہ متعلقہ افسر کو معطل کر دیا گیا ہے اور قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر مزید افراد بھی اس معاملے میں ملوث پائے گئے تو ان کے خلاف بھی قانون کے مطابق کارروائی ہوگی۔ -

لاہور کے اسپتالوں میں کینسر کی جعلی ادویات استعمال ہونے کا انکشاف
ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان نے ایک تشویشناک انکشاف کرتے ہوئے بتایا ہے کہ لاہور کے مختلف اسپتالوں میں استعمال ہونے والی کینسر کے علاج کی دو اہم ادویات جعلی ثابت ہوئی ہیں۔ اس معاملے نے مریضوں اور طبی حلقوں میں شدید تشویش پیدا کر دی ہے۔
ڈریپ حکام کے مطابق جعلی ادویات کی نشاندہی لاہور کے ماہر ڈاکٹروں اور طبی عملے نے کی، جس کے بعد فوری طور پر تحقیقات کا آغاز کیا گیا۔ ابتدائی جانچ کے دوران ادویات کی پیکنگ، لیبلنگ اور بارکوڈ میں سنگین تضادات سامنے آئے، جس سے شبہ مزید مضبوط ہوا۔
حکام کا کہنا ہے کہ متاثرہ ادویات میں کینسر کے علاج کے لیے استعمال ہونے والا “امفنزی” انجکشن اور “اینہرٹو” دوا شامل ہیں۔ تحقیقات کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ یہ ادویات اصل کمپنی کی تیار کردہ نہیں تھیں۔
غیر ملکی دوا ساز کمپنی ایسٹرازینیکا نے بھی ان ادویات کے جعلی ہونے کی تصدیق کر دی ہے۔ کمپنی کی جانب سے فراہم کردہ معلومات کے بعد ڈریپ نے معاملے کو انتہائی حساس قرار دیتے ہوئے فوری کارروائی شروع کر دی۔
ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی نے تمام اسپتالوں، فارمیسیز اور متعلقہ اداروں کو ہدایت جاری کی ہے کہ جعلی ادویات کا موجودہ اسٹاک فوری طور پر قبضے میں لیا جائے اور ان کی فروخت روکی جائے۔ اس کے ساتھ ساتھ سپلائی چین کا سراغ لگانے اور ذمہ دار عناصر کی نشاندہی کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔
طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ کینسر جیسے مہلک مرض کے مریضوں کو جعلی ادویات دینا انتہائی خطرناک اور غیر انسانی عمل ہے، کیونکہ اس سے مریضوں کی زندگیوں کو شدید خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔
ڈریپ حکام نے یقین دہانی کرائی ہے کہ مریضوں کی حفاظت کے لیے سخت اقدامات کیے جا رہے ہیں اور اس معاملے میں ملوث افراد کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
ماہرین کے مطابق اس واقعے نے ملک میں ادویات کی نگرانی، سپلائی چین اور صحت کے نظام پر کئی اہم سوالات کھڑے کر دیے ہیں، جبکہ عوامی حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ جعلی ادویات کے کاروبار میں ملوث عناصر کے خلاف سخت ترین کارروائی کی جائے۔ -

پاکستان میں چیمپئنز ٹرافی نے ریکارڈ توڑ دیئے،17,700 کروڑ پاکستانی روپے کی ریکارڈ آمدنی
آئی سی سی (ICC) نے پاکستان میں ہونے والی چیمپئنز ٹرافی 2025 سے تقریباً 17,700 کروڑ پاکستانی روپے کی ریکارڈ آمدنی حاصل کی ہے، یہ ایونٹ پاکستا ن کرکٹ کی تاریخ میں تجارتی لحاظ سے ایک بہت بڑی کامیابی ثابت ہوا ہے۔
آئی سی سی (ICC) نے پاکستان میں ہونے والی چیمپئنز ٹرافی 2025 سے تقریباً 17,700 کروڑ پاکستانی روپے کی ریکارڈ آمدنی حاصل کی جبکہ خالص منافع 16,300 کروڑ پاکستانی روپے سے تجاوز کر گیا جبکہ 2025 کی چیمپئنز ٹرافی کے لیے مجموعی انعامی رقم میں 53 فیصد اضافہ کیا گیا، جس میں فاتح ٹیم کو 2.24 ملین ڈالر (تقریباً 62 کروڑ سے زائد پاکستانی روپے) ملیں گے۔
یہ ٹورنامنٹ فروری 2025 میں پاکستان میں منعقد ہوا، جو دو دہائیوں بعد ملک میں ہونے والا بڑا آئی سی سی ایونٹ تھا یہ اعداد و شمار ایونٹ کی تجارتی مقبولیت اور پاکستان میں کرکٹ کی واپسی کے حوالے سے ایک اہم سنگ میل ہے۔
-

الحمرا آرٹس کونسل کے تحت شہید لیاقت پر ڈرامہ تیار کر نے کی منظوری
قومی یکجہتی اور معرکۂ حق کے حوالے سے نجی اسکولوں میں بھی پروگرام شروع کرنے کی ہدایت جاری-
وزیراطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کی زیرِ صدارت نیشنل ایکشن پلان کے تحت انفارمیشن اسٹیئرنگ کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں صوبے میں قومی یکجہتی، حب الوطنی اور نفرت انگیز مواد کے تدارک سے متعلق متعدد اہم فیصلے کیے گئے، اجلاس میں سیکریٹری اطلاعات طاہر رضا ہمدانی، ایڈیشنل سیکریٹری ہوم ماہم آصف، ڈپٹی سیکریٹری فنانس شہزاد ہوتیانہ، ڈائریکٹر لاء شاہد امتیاز سمیت دیگر حکام نے شرکت کی۔
کمیٹی نے تعلیمی نصاب اور صبح کی دعا میں حب الوطنی اور نیشنلزم کو شامل کرنے کا فیصلہ کیا، جبکہ معرکۂ حق اور قومی جذبے سے متعلق مضامین نصاب کا حصہ بنانے پر بھی اتفاق کیا گیا،اجلاس میں اس بات پر تشویش ظاہر کی گئی کہ نجی تعلیمی اداروں میں قومی یکجہتی اور معرکۂ حق کے حوالے سے وہ سرگرمیاں نہیں ہوئیں جو سرکاری اداروں میں منعقد کی گئیں، جس پر نجی اسکولوں میں بھی ایسے پروگرام شروع کرنے کی ہدایت جاری کی گئی۔
اجلاس میں فلم فنڈ کے تحت معرکۂ حق اور قومی یکجہتی پر مبنی فلمیں بنانے کا فیصلہ بھی کیا گیا، جبکہ الحمرا آرٹس کونسل کے تحت شہید لیاقت پر ڈرامہ تیار کر نے کی منظوری دی گئی ،شرکا نے ڈی جی آئی ایس پی آر سے تعلیمی اداروں کے دورے جاری رکھنے کی بھی درخواست کی، محرم الحرام کے پیش نظر ا جلاس میں سوشل میڈیا اور دیگر ذرائع پر نفرت انگیز مواد کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
عظمیٰ بخاری نے ہدایت دی کہ انفارمیشن اور ہوم ڈیپارٹمنٹ مشترکہ طور پر ایک خصوصی سیل قائم کریں گے جو نفرت انگیز مواد پھیلانے والے عناصر کی فور ی نشاندہی کرے گا اور عوام تک بروقت و درست معلومات پہنچائے گامحرم الحرام کے دوران کسی بھی قسم کی اشتعال انگیزی یا نفرت انگیزی برداشت نہیں کی جائے گی اور ایسے عناصر کے خلاف فوری کارروائی عمل میں لائی جائے گی اجلاس میں قومی یکجہتی کے فروغ کے لیے عوامی آگاہی مہم شرو ع کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔
-

سینٹر فار پبلک پالیسی اینڈ گورننس کے زیر اہتمام بین الاقوامی کانفرنس،مبشر لقمان مہمان خصوصی
سینٹر فار پبلک پالیسی اینڈ گورننس کے زیر اہتمام ایف سی کالج لاہور میں بین الاقوامی کانفرنس کل بدھ کو ہو گی، سینئر صحافی و اینکر پرسن، سی ای او باغی ٹی وی مبشر لقمان کانفرنس میں بطور مہمان خصوصی شریک ہو ں گے،سینٹر فار پبلک پالیسی اینڈ گورننس کی جانب سے خصوصی دعوت نامہ موصول ہو گیا ہے
سینٹر فار پبلک پالیسی اینڈ گورننس کے زیر اہتمام “پاکستان کے لیے مستقبل کے رجحانات اور تبدیلی کے راستوں کی سمت” کے عنوان سے دو روزہ بین الاقوامی کانفرنس 13 اور 14 مئی 2026 کوایف سی کالج میں منعقد ہوگی۔ کانفرنس میں ملکی و غیرملکی پالیسی سازوں، ماہرینِ تعلیم، سیکیورٹی تجزیہ کاروں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے ماہرین شرکت کریں گے۔کانفرنس میں سینئر صحافی و اینکر پرسن ، سی ای او باغی ٹی وی مبشر لقمان “مشرقِ وسطیٰ میں استحکام، پاکستان کا اسٹریٹجک کردار اور مفادات” کے عنوان سے ہونے والے خصوصی سیشن میں خطا ب کریں گے، اس نشست میں سعودی عرب کے ساتھ پاکستان کے دفاعی تعاون، امریکہ اور ایران کے درمیان کشیدگی میں پاکستان کی ثالثی کوششوں، اور خطے میں اقتصادی و توانائی سلامتی کو درپیش چیلنجز پر تفصیلی گفتگو کی جائے گی۔
سینٹر فار پبلک پالیسی اینڈ گورننس منتظمین کا کہنا ہے کہ سینئر صحافی و اینکر پرسن مبشر لقمان کی سیاسی و علاقائی امور پر مہارت اور تجزیاتی بصیرت کانفرنس کے مباحث کو مؤثر بنانے میں اہم کردار ادا کرے گی،مذکورہ سیشن 13 مئی کو صبح 11 بجے ایف سی کالج لاہور کے کمرہ نمبر E-002 میں منعقد ہوگا .
-

نواب ٹاؤن میں کروڑوں کی ڈکیتی، چور زیورات اور نقدی لے کر فرار
لاہور کے علاقے نواب ٹاؤن میں چوری کی ایک بڑی واردات نے شہریوں میں خوف و ہراس پھیلا دیا۔ نامعلوم چور ایک گھر سے کروڑوں روپے مالیت کے زیورات اور نقدی چوری کرکے فرار ہوگئے، جبکہ پولیس نے مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
پولیس کے مطابق واردات اس وقت پیش آئی جب گھر کے افراد کسی کام کے سلسلے میں باہر گئے ہوئے تھے۔ چوروں نے اہلخانہ کی غیر موجودگی کا فائدہ اٹھایا اور بالائی منزل کے دروازے کا شیشہ توڑ کر گھر میں داخل ہوئے۔ ملزمان نے گھر کے مختلف کمروں کی تلاشی لی اور قیمتی سامان سمیٹ کر باآسانی فرار ہو گئے۔
ایف آئی آر میں بتایا گیا ہے کہ چور تقریباً 4 کروڑ روپے مالیت کے زیورات اور 3 لاکھ روپے نقدی ساتھ لے گئے۔ چوری ہونے والے زیورات میں 80 تولہ سونا شامل ہے، جبکہ 30 طلائی انگوٹھیاں، 4 قیمتی طلائی سیٹ اور ایک ڈائمنڈ سیٹ بھی واردات میں چوری کیا گیا۔
واقعے کے بعد پولیس اور فرانزک ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔ تفتیشی حکام نے گھر سے فنگر پرنٹس اور دیگر شواہد اکٹھے کر لیے ہیں تاکہ ملزمان تک جلد رسائی حاصل کی جا سکے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں اور قریبی علاقوں کے سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیجز بھی حاصل کی جا رہی ہیں۔
علاقہ مکینوں نے شہر میں بڑھتی ہوئی چوری اور ڈکیتی کی وارداتوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ پولیس گشت میں اضافہ کیا جائے اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔
پولیس حکام کا دعویٰ ہے کہ جدید ٹیکنالوجی اور شواہد کی مدد سے ملزمان کو جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔ تاہم شہریوں کا کہنا ہے کہ ایسے واقعات نے گھروں کی سکیورٹی پر سوالیہ نشان کھڑا کر دیا ہے۔ -

پنجاب حکومت کا خواتین کیلئے ‘ای لرن شی ارن’ پروگرام شروع
پنجاب حکومت نے خواتین کو معاشی طور پر خودمختار بنانے اور انہیں جدید ڈیجیٹل مہارتوں سے آراستہ کرنے کے لیے 70 کروڑ روپے مالیت کا “ای لرن شی ارن” پروگرام شروع کر دیا ہے۔ اس منصوبے کے تحت میٹرک پاس خواتین کو مفت تربیت، لیپ ٹاپ، انٹرنیٹ سہولت اور ماہانہ وظیفہ فراہم کیا جائے گا۔
حکام کے مطابق اس پروگرام کا مقصد صوبے بھر کی خواتین کو آن لائن روزگار، فری لانسنگ اور ڈیجیٹل کاروبار کے مواقع فراہم کرنا ہے تاکہ وہ گھر بیٹھے جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے آمدن حاصل کر سکیں۔
پروگرام کے تحت منتخب امیدواروں کو تین ماہ کی مفت آن لائن ٹریننگ دی جائے گی۔ اس تربیت میں ڈیجیٹل مارکیٹنگ، ای کامرس، آن لائن مصنوعات کی فروخت، برانڈ مینجمنٹ اور گرافک ڈیزائننگ جیسے شعبے شامل ہیں۔ خواتین کو تخلیقی صلاحیتوں کے استعمال کے ساتھ بصری مواد تیار کرنے کی مہارت بھی سکھائی جائے گی۔
اس کے علاوہ ورچوئل اسسٹنٹ کی تربیت بھی پروگرام کا حصہ ہوگی، جس کے ذریعے خواتین بین الاقوامی کلائنٹس کو انتظامی اور آن لائن سپورٹ فراہم کرنے کے قابل بن سکیں گی۔ آن لائن کسٹمر ریلیشن شپ مینجمنٹ اور جدید ڈیجیٹل ٹولز کی پیشہ ورانہ تربیت بھی دی جائے گی۔
حکومت نے خواتین کو تربیت کے دوران درپیش مالی اور تکنیکی مشکلات کم کرنے کے لیے خصوصی سہولیات فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ منتخب خواتین کو مفت لیپ ٹاپ، ماہانہ وظیفہ، انٹرنیٹ پیکج اور کورس مکمل کرنے پر پیشہ ورانہ سرٹیفکیٹ دیے جائیں گے۔
پروگرام میں درخواست دینے کے لیے عمر کی حد 15 سے 35 سال مقرر کی گئی ہے، تاہم بعض کورسز کے لیے 40 سال تک رعایت دی جائے گی۔ صرف پنجاب کی مستقل رہائشی خواتین درخواست دینے کی اہل ہوں گی جن کے پاس شناختی کارڈ یا ب فارم موجود ہو۔ کم از کم تعلیمی قابلیت میٹرک یا انٹرمیڈیٹ رکھی گئی ہے۔
خواہشمند خواتین پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے پورٹل اور پنجاب اسکلز ڈویلپمنٹ فنڈ کی ویب سائٹ کے ذریعے آن لائن رجسٹریشن کروا سکتی ہیں۔ امیدواروں کا انتخاب میرٹ اور اہلیتی امتحان کی بنیاد پر کیا جائے گا۔
ماہرین کے مطابق یہ منصوبہ خواتین کو ڈیجیٹل معیشت کا حصہ بنانے اور بے روزگاری کم کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔ -

اٹک میں مشتبہ نوجوان کو روکنے والا شہری جان کی بازی ہار گیا
پنجاب کے ضلع اٹک کے سرحدی علاقے میں پیش آنے والے ایک افسوسناک واقعے نے علاقے میں خوف و ہراس پھیلا دیا۔ گاؤں منکور کے رہائشی 40 سالہ لیاقت علی ایک مشتبہ نوجوان کو روکنے کی کوشش کے دوران جان کی بازی ہار گئے۔ واقعہ گیارہ مئی کی شام دریائے سندھ کے قریب پیش آیا جہاں مقامی افراد معمول کے مطابق اپنے مویشی چرا رہے تھے۔
منکور، تحصیل جنڈ کا ایک سرحدی گاؤں ہے جو دریائے سندھ کے قریب واقع ہے۔ دریا کے دوسری جانب خیبر پختونخوا کے ضلع کوہاٹ کا علاقہ شروع ہو جاتا ہے۔ عینی شاہدین کے مطابق لیاقت علی اپنے بڑے بھائی نوید علی اور دیگر دیہاتیوں کے ساتھ موجود تھے جب ایک نوجوان تیزی سے خوشحال گڑھ چیک پوسٹ کی طرف دوڑتا ہوا دکھائی دیا۔
نوید علی نے بتایا کہ نوجوان کی مشکوک حرکات دیکھ کر لیاقت علی فوراً اس کی طرف بڑھے اور راستہ روکنے کی کوشش کی۔ ان کے مطابق لیاقت علی نے نوجوان کے قریب پہنچ کر دونوں ہاتھ پھیلا کر اسے روک لیا اور اس سے پوچھا کہ وہ کون ہے اور کہاں جا رہا ہے۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ نوجوان کو پنجابی زبان سمجھ نہیں آ رہی تھی۔ نوید علی کے مطابق اس شخص نے جواب دیا کہ اسے پنجابی نہیں آتی۔ موقع پر موجود افراد کے مطابق صورتحال کچھ لمحوں میں کشیدہ ہو گئی اور بعد ازاں افسوسناک واقعہ پیش آیا جس میں لیاقت علی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔
واقعے کے بعد علاقے میں شدید خوف پایا جا رہا ہے جبکہ سکیورٹی اداروں اور پولیس نے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ پولیس حکام کے مطابق مختلف پہلوؤں سے واقعے کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور مشتبہ شخص کے بارے میں معلومات اکٹھی کی جا رہی ہیں۔
مقامی لوگوں نے لیاقت علی کی جرات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنے علاقے اور لوگوں کی حفاظت کے لیے بہادری کا مظاہرہ کیا۔ اہلِ علاقہ نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ سرحدی علاقوں میں سکیورٹی مزید سخت کی جائے تاکہ ایسے واقعات کی روک تھام ممکن ہو سکے۔ -

آزاد کشمیر انتخابات:ابھی تک کسی امیدوار کو پارٹی ٹکٹ جاری نہیں کیا ،ن لیگ
پاکستان مسلم لیگ (ن) آزاد جموں و کشمیر نے عام انتخابات کے لیے جماعتی ٹکٹوں سے متعلق گردش کرنے والی خبروں کو مسترد کرتے ہوئےکہا ہے کہ ابھی تک کسی امیدوار کو پارٹی ٹکٹ جاری نہیں کیا گیا۔
پارٹی کے سیکریٹری جنرل چوہدری طارق فاروق کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ بعض میڈیا چینلز اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر مختلف حلقوں کے لیے امیدواروں کے نام فائنل ہونے کی خبریں چلائی جا رہی ہیں، تاہم ان میں کوئی صداقت نہیں، مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کا پارلیمانی بورڈ تاحال کسی حتمی فیصلے یا اعلان پر نہیں پہنچا، اس لیے میڈیا میں سامنے آنے والی تمام قیاس آرائیاں بے بنیاد ہیں۔
چوہدری طارق فاروق نے بعض میڈیا نمائندگان کے طرزِ عمل پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ریٹنگ اور توجہ حاصل کرنے کی خاطر تجزیوں کو خبر کا رنگ دینا صحافتی اصولوں اور اخلاقی ذمہ داریوں کے خلاف ہے انہوں نے امید ظاہر کی کہ میڈیا ذمہ دارانہ صحافت کو فروغ دے گا اور صرف مصدقہ معلومات عوام تک پہنچائے گا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز نواز شریف کی تشکیل کردہ کمیٹی کا اجلاس وفاقی وزیر امور کشمیر امیر مقام کی صدارت میں ہوا تھا، جس میں آزاد کشمیر کی لیگی قیادت نے شرکت کی، ٹکٹوں سے متعلق سفارشات نواز شریف کو ارسال کی جائیں گی، جس کے بعد حتمی اعلان متوقع ہے۔