Baaghi TV

Category: لاہور

  • مرکزی مسلم لیگ کا دہشت گرد حملوں کو ناکام بنانے پر سیکورٹی اداروں کو خراج تحسین

    مرکزی مسلم لیگ کا دہشت گرد حملوں کو ناکام بنانے پر سیکورٹی اداروں کو خراج تحسین

    مرکزی مسلم لیگ کے صدر خالد مسعود سندھو نے بلوچستان میں فتنۃ الہندوستان کے دہشت گرد حملوں کو ناکام بنانے، دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشتگردی کے ناسور کے خاتمے کے لئے مرکزی مسلم لیگ سیکورٹی اداروں کے ساتھ کھڑی ہے،

    خالد مسعود سندھو کا کہنا تھا کہ اللہ کے فضل سے سیکیورٹی فورسز کی بروقت، جرات مندانہ اور پیشہ ورانہ کارروائیوں نے ایک بڑے قومی سانحے کو ٹال دیا اور یہ ثابت کر دیا کہ پاکستان دشمن عناصر کے ناپاک عزائم کو ہر قیمت پر ناکام بنایا جائے گا۔فتنۃ الہندوستان کے ذریعے بلوچستان میں بدامنی پھیلانے کی منظم کوششیں دراصل پاکستان کے امن، استحکام اور ترقی پر حملہ ہیں، جنہیں قوم کبھی کامیاب نہیں ہونے دے گی،مرکزی مسلم لیگ بہادر سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے ،ضرورت اس امر کی ہے کہ وطن عزیز پاکستان میں دہشتگردوں اور انکے سہولت کاروں کے خلاف بلا تفریق کاروائی کی جائے، دہشت گردی کے پس پردہ ہاتھوں کو عالمی سطح پر بے نقاب کیا جائے اور بلوچستان کی ترقی، روزگار اور عوامی فلاح کے منصوبوں کو مزید تیز کیا جائے ۔

    خالد مسعود سندھو نے دہشتگردوں کیخلاف آپریشن کے دوران شہید سیکورٹی اہلکاروں کے لئے دعائے مغفرت اور لواحقین کے لئے صبر جمیل کی دعا کی ہے.

  • وزیراعظم  نے  پنجاب ایگریکلچر فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی کا افتتاح کردیا

    وزیراعظم نے پنجاب ایگریکلچر فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی کا افتتاح کردیا

    وزیراعظم شہباز شریف نے پنجاب ایگریکلچر فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی کا افتتاح کردیا۔

    افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے امید ظاہر کی کہ پنجاب ایگریکلچر فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی خطے میں معیار، شفافیت اور تحقیق کا مرکز بنے گی۔ انہوں نے کہا کہ خوراک اور ادویات کی شفاف نگرانی صارفین، کسانوں اور برآمدکنندگان کے تحفظ کے لیے ناگزیر ہے 20 سال قبل کراچی میں ایک جدید لیبارٹری ایک دوست ملک کی گرانٹ سے قائم کی گئی تھی مگر اسے استعمال میں لانے کے بجائے نظرانداز کیا گیا، بعد ازاں ایک اسکینڈل کے دورا ن یہ معاملہ سامنے آیا جس نے ادارہ جاتی بدانتظامی کو بے نقاب کیا۔

    انہوں نے کہا کہ اگر عطیہ دینے والے ممالک کو معلوم ہو کہ پاکستان میں گرانٹس اس طرح ضائع کی جاتی ہیں تو اس کے سنگین نتائج ہوسکتے ہیں 6 سے 8 ماہ قبل وفاقی کابینہ میں چاول کی برآمدات سے متعلق شکایت سامنے آئی جس پر تحقیقات ہوئیں اور مکمل بدعنوانی ثابت ہونے پر ذمہ دار افراد کو جیل بھیجا گیا متعلقہ ادارے کو مکمل طور پر ری اسٹرکچر کیا گیا، پرانا عملہ فارغ کیا گیا اور نئی قیادت کے تحت شفاف نظام قائم کیا گیا جو کئی دہائیوں بعد پہلی بار مؤثر انداز میں کام کر رہا ہے۔

    وزیراعظم شہباز شریف نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ پنجاب ایگریکلچر فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی کا قیام ان کی قیادت اور عزم کا نتیجہ ہے، جو ایک بڑی عوامی خدمت ہے۔

    تقریب سے خطاب میں وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ ایک زرعی ملک ہونے کے باوجود پاکستان میں عالمی معیار کی ٹیسٹنگ لیبارٹری کا نہ ہونا تشویشناک تھا، جس سے برآمدکنندگان اور صارفین دونوں متاثر ہو رہے تھے، نئی اتھارٹی اور لیبارٹری بین الاقوامی معیار کے مطابق قائم کی گئی ہے، جو فوڈ اور ڈرگ ریگولیشن کے نظام میں ایک اہم خلا کو پُر کرے گی۔

    وزیراعلیٰ نے کہا کہ ماضی میں مستند ٹیسٹنگ سہولیات نہ ہونے کے باعث برآمدکنندگان کو بھاری نقصانات کا سامنا تھا جبکہ صارفین غیر معیاری خوراک اور ادویات کے خطرے میں تھے۔ نئی اتھارٹی کے قیام سے پاکستان کی برآمدات پر عالمی اعتماد بحال ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ اب تک 23 ہزار کاروباری اداروں کو بہتر ریگولیٹری نظام کے تحت پنجاب میں کام کرنے کی اجازت دی جاچکی ہے۔

    اسی موقع پر خواتین سائنسدانوں کے لیے ایک جدید ہاسٹل کا بھی افتتاح کیا گیا جس پر 2.3 ارب روپے لاگت آئی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ اس سہولت سے ملک بھر سے آنے والی خواتین سائنسدانوں کو تحقیق اور کام کے بہتر مواقع میسر آئیں گے، جو شمولیت اور میرٹ پر مبنی ترقی کی علامت ہےمریم نواز نے پنجاب میں ڈیجیٹل اصلاحات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ میرٹ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا رہا،پنجاب ایگریکلچر فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی 10 سال کی مسلسل کوششوں کا نتیجہ ہے اور اب یہ ادارہ مکمل طور پر فعال ہوچکا ہے پنجاب ترقی اور خوشحالی کے راستے پر گامزن ہے اور عوامی خدمت حکومت کا بنیادی نصب العین ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ جرائم کی روک تھام کے لیے ڈرون ٹیکنالوجی استعمال کی جا رہی ہے، سیٹلائٹ کرائم سین یونٹس کو 38 اضلاع تک توسیع دی جا رہی ہے اور خواتین کے تحفظ کے لیے ورچوئل ویمن پولیس اسٹیشنز قائم کیے جاچکے ہیں انہوں نے ای بزنس رجسٹریشن کے آغاز کا بھی اعلان کیا۔

    تقریب کے اختتام پر وزیراعظم اور وزیراعلیٰ نے اتھارٹی اور لیبارٹری کے مختلف شعبوں کا دورہ کیا، جہاں انہیں نظام کار سے متعلق بریفنگ دی گئی، جبکہ پاکستان کی پہلی پنجاب ایگریکلچر فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی پر ایک دستاویزی فلم بھی پیش کی گئی۔

  • دوسرا ٹی ٹوئنٹی:  پاکستان کی آسٹریلیا کو 90 رنز سے شکست،سیریز اپنے نام کرلی

    دوسرا ٹی ٹوئنٹی: پاکستان کی آسٹریلیا کو 90 رنز سے شکست،سیریز اپنے نام کرلی

    لاہور: دوسرے ٹی 20 میچ میں پاکستان نے آسٹریلیا کو 90 رنز سے شکست دے کر 3 میچز کی سیریز 0-2 سے اپنے نام کرلی۔

    قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جارہے دوسرے میچ میں پاکستان نے پہلے اوور سے ہی جارحانہ کھیل کا آغاز کیا دوسرے ہی اوور میں صاحبزادہ فرحان کی وکٹ گرنے کے باجود کپتان سلمان علی آغا اور صائم ایوب نے آسٹریلوی بولرز کی دھلائی جاری رکھی،صائم ایوب چھٹے اوور میں 11 گیندوں پر 23 رنز بناکر آؤٹ ہوئے پاکستان نے پاور پلے میں 3 چھکوں اور 10 چوکوں کی مدد سے 2 وکٹوں کے نقصان پر 72 رنز بنائے،صاحبزادہ فرحان5 اور بابر اعظم 2 رنز پر آؤٹ ہوگئے۔

    بعد ازاں بابر اعظم 2 رنز بناکر ایڈم زیمپا کا شکار بن گئے تاہم کپتان سلمان علی آغا نے جارحانہ کھیل جاری رکھا اور 25 گیندوں پر نصف سنچری اسکور کی،یہ محمد حفیظ کی 23 گیندوں پر نصف سنچری کے بعد کسی بھی پاکستانی کپتان کی جانب سے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز میں دوسری تیز ترین نصف سنچری ہے۔

    عثمان خان نے ذمہ دارانہ اور جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 35 گیندوں پر 52 رنز بنائے، جن میں 4 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے۔ شاداب خان 29 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے جبکہ محمد نواز نے صرف 3 گیندوں پر 9 رنز بنا کر اسکور کو مزید مضبوط کیا،آخری 5 اوورز میں پاکستان نے 59 رنز اسکور کیے اور صرف ایک وکٹ گری۔

    آسٹریلیا کی جانب سے ایڈم زمپا، میتھیو کوہنیمن، کوپر کونولی، شان ایبٹ اور زیویئر بارٹلیٹ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی-

    ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیا کی پوری ٹیم 15.4 اوورز میں 108 رنز پر ڈھیر ہوگئی،آسٹریلوی اننگز کا آغاز انتہائی مایوس کن رہا۔ کپتان مچل مارش 18 اور ٹریوس ہیڈ 4 رنز بنا کر جلد آؤٹ ہو گئے۔ جوش انگلس 5 اور میٹ رینشا 2 رنز کے مہمان ثابت ہوئے، جس کے باعث آسٹریلیا کی بیٹنگ لائن دباؤ کا شکار رہی۔

    کیمیرون گرین نے 20 گیندوں پر 35 رنز بنا کر کچھ مزاحمت کی، جبکہ میتھیو شارٹ نے 27 رنز اسکور کیے، تاہم کوئی بھی بیٹر وکٹ پر جم نہ سکا۔ دیگر کھلاڑیوں میں کوپر کونولی ایک، ژاویر بارٹلیٹ 10 اور ایڈم زمپا 3 رنز بنا سکے۔

    ابرار احمد نے 3 اوورز میں صرف 14 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں اور میچ کے بہترین بولر ثابت ہوئے شاداب خان نے بھی 4 اوورز میں 26 رنز دے کر 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ عثمان طارق نے 2.4 اوورز میں 16 رنز کے عوض 2 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ محمد نواز نے ایک وکٹ اپنے نام کی۔

    دوسرے ٹی ٹوٹنٹی میچ کے لیے پاکستان کی پلیئنگ الیون میں تین تبدیلیاں کی گئی ہیں،عثمان طارق، فہیم اشرف اور نسیم شاہ کو پلیئنگ الیون میں شامل کیا گیا ہے جبکہ شاہین شاہ آفریدی، سلمان مرزا اور فخر زمان کو آرام دیا گیا ہےتین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز میں پاکستان کو ایک صفر کی سبقت حاصل ہے، پہلے میچ میں پاکستان نے آسٹریلیا کو 26 رنز سے شکست دی تھی۔

  • سانحہ بھاٹی کیس،خاتون کے شوہر پر پولیس تشدد کی تصدیق،ابتدائی رپورٹ جاری

    سانحہ بھاٹی کیس،خاتون کے شوہر پر پولیس تشدد کی تصدیق،ابتدائی رپورٹ جاری

    لاہور کے علاقے بھاٹی میں مین ہول میں گر کر جاں بحق ہونے والی خاتون کے شوہر پر پولیس تشدد کی تصدیق ہو گئی۔

    انکوائری رپورٹ میں ایس پی سٹی اور ایس ایچ او بھاٹی کو تشدد کا ذمے دار قرار دے دیا گیا، دونوں کے خلاف کارروائی کی سفارش بھی کی گئی ہے، رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ایس پی اور ایس ایچ او خاتون کے شوہر غلام مرتضیٰ کو تھانہ بھاٹی لے گئے، پونے 5 گھنٹے غیر قانونی حراست میں رکھا اور تشدد کرتے رہے، رپورٹ آئی جی پنجاب کو پیش کر دی گئی جو وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز کو دیں گے۔

    دوسری جانب ضلع کچہری کی عدالت نے نامزد ملزمان کا 4 روزہ جسمانی ریمارنڈ منظور کر لیا،جاں بحق خاتون کے والد کی مدعیت میں درج مقدمے میں دفعہ 322 کے ساتھ 316 بھی لگا دی گئی،ڈی آئی جی انویسٹی گیشن کا کہنا ہے کہ دفعہ 316 کے بعد ملزمان کا چالان پیش کرنے میں مدد ملے گی۔

  • سانحہ بھاٹی گیٹ،وزیرِ اطلاعات پنجاب، ڈپٹی سپیکر،افسروں کیخلاف کاروائی کی درخواست

    سانحہ بھاٹی گیٹ،وزیرِ اطلاعات پنجاب، ڈپٹی سپیکر،افسروں کیخلاف کاروائی کی درخواست

    سانحہ بھاٹی گیٹ میں خاتون اور بچی کی مین ہول میں ہلاکت کا معاملہ,واقعے کو جعلی قرار دینےپروزیرِ اطلاعات پنجاب، ڈپٹی سپیکراور افسروں کےخلاف کاروائی کی درخواست دائرکر دی گئی

    لاہور ہائیکورٹ میں یہ درخواست شہری آمنہ ملک نے وکیل کےتوسط سے دائر کی،درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ وزیرِ اطلاعات اورڈپٹی سپیکرنے ماں بیٹی کے سانحے کو فیک نیوز قرار دیا۔وزیرِ اطلاعات اورڈپٹی سپیکرکا بیان شواہد سے متصادم ہے۔سرکاری بیانات نے ریسکیوکاروائی متاثر کیں۔شواہد کے باوجود متاثرہ شوہرکو غیر قانونی حراست میں رکھ کرہراساں کیا گیا۔جھوٹے سرکاری بیانات پر سائبر کرائم انکوائری کا حکم دیا جائے۔وزیرِ اطلاعات سمیت ذمہ دار عہدیداروں کے خلاف کارروائی کی جائے،ڈی سی لاہور، ماتحت افسران اور ایس ایچ او کے خلاف ایف آئی آر کے اندراج کا حکم دیا جائے۔ملک میں مین ہولز کو موت کا کنواں بننے سے روکنے کے لیے نیشنل سیفٹی آرڈیننس نافذ کرنے کا حکم دیا جائے

  • سانحہ بھاٹی گیٹ،ملزمان عدالت پیش،4 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور

    سانحہ بھاٹی گیٹ،ملزمان عدالت پیش،4 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور

    لاہور کی ضلع کچہری میں بھاٹی گیٹ کے قریب مین ہول میں گر کر ماں اور بیٹی کے جاں بحق ہونے کے افسوسناک واقعے کے مقدمے میں اہم پیش رفت سامنے آ گئی ہے۔ جوڈیشل مجسٹریٹ شفقت عباس نے پولیس کی درخواست پر محفوظ کیا گیا فیصلہ سناتے ہوئے نامزد ملزمان کو چار روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا۔

    واقعے کے مقدمے میں نامزد پروجیکٹ منیجر اصغر سندھو، احمد نواز، دانیال سمیت مجموعی طور پر پانچ ملزمان کو سخت سکیورٹی میں، ہتھکڑی لگا کر عدالت میں پیش کیا گیا۔ سماعت کے دوران پولیس نے مؤقف اختیار کیا کہ تفتیش کے لیے ملزمان کا جسمانی ریمانڈ ناگزیر ہے تاکہ واقعے کی ذمہ داری، غفلت کے پہلو اور ممکنہ مجرمانہ کوتاہیوں کا تعین کیا جا سکے۔پولیس حکام نے عدالت کو بتایا کہ ابتدائی تفتیش کے مطابق مین ہول کی حفاظت اور دیکھ بھال میں سنگین غفلت برتی گئی، جس کے نتیجے میں یہ دلخراش حادثہ پیش آیا۔ پولیس نے مزید کہا کہ ملزمان سے ریکارڈ کی برآمدگی، متعلقہ محکموں کے درمیان رابطوں، اور حفاظتی اقدامات سے متعلق حقائق جاننے کے لیے جسمانی ریمانڈ ضروری ہے۔

    دوسری جانب ملزمان کے وکیل نے جسمانی ریمانڈ کی سخت مخالفت کرتے ہوئے مؤقف اپنایا کہ ملزمان کو بلاوجہ ہراساں کیا جا رہا ہے اور تفتیش کے لیے جوڈیشل ریمانڈ کافی ہے۔ وکیل نے کہا کہ واقعہ ایک حادثہ ہے، جسے دانستہ جرم کے طور پر پیش کرنا ناانصافی ہے۔فریقین کے دلائل سننے کے بعد جوڈیشل مجسٹریٹ شفقت عباس نے پولیس کی درخواست منظور کرتے ہوئے ملزمان کو چار روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کرنے کا حکم دیا اور تفتیش میں پیش رفت رپورٹ آئندہ سماعت پر پیش کرنے کی ہدایت کی۔

  • بسنت سے قبل ہی پتنگ بازی،ڈور پھرنے سے دو افراد زخمی

    بسنت سے قبل ہی پتنگ بازی،ڈور پھرنے سے دو افراد زخمی

    لاہور میں بسنت سے قبل ہی پتنگ بازی شروع،لاہور میں گزشتہ روز موٹرسائیکل سواروں پر ڈور پھرنے کے 2 واقعات سامنے آئے،ویلنشیا ٹاؤن میں 10 سالہ بچے کے گلے پر ڈور پھرگئی،فیروزپور روڈ پر گجومتہ کے قریب گلے پر ڈور پھرنے سے نوجوان زخمی ہو گیا ،20سالہ فیصل منظور موٹر سائیکل پر جاتے ہوئے حادثے کا شکار ہوا،متاثرہ نوجوان طبی امداد کیلئے جنرل ہسپتال منتقل کر دیا گیا جسے طبی امداد دی گئی ۔خوش قسمتی سے نوجوان کی حالت خطرے سے ہے۔

    ویلنشیاء ٹاؤن،10 سالہ بچے کے گلے پر ڈور پھرنے کا معاملہ،ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نےسخت نوٹس لے لیا،مصطفی آفندی کو ویلنشیاء ٹاؤن میں پتنگ ڈور سے کٹ لگا،ڈور پھرنے کا واقعہ گزشہ شام 5 بجے کے قریب پیش آیا، زخمی نوجوان کو فوری ہسپتال منتقل کیا گیا،حالت خطرے سے باہر، طبی امداد کے بعد شام کو ہی ڈسچارج کر دیا گیا،ڈی آئی جی آپریشنز نےسیف سٹی کیمروں کی مدد سے پتنگ بازوں کی نشاندہی کا حکم دے دیا،ڈی آئی جی آپریشنز نےذمہ داران کو قانون کے کٹہرے میں لانے کا حکم دے دیا، شہر بھر میں غیر قانونی پتنگ بازی کے خلاف کریک ڈاؤن مزید تیز کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ مقررہ تاریخوں کے علاوہ پتنگ بازی مکمل ممنوع ہے. صرف مقررہ تواریخ میں ہی پتنگ بازی کی اجازت ہو گی.پتنگ بازی ایکٹ کی خلاف ورزی جان لیوا جرم، زیروٹالرنس پالیسی ہے، پابندی پر عملدرآمد نہ کروانے والے افسران بھی جوابدہ ہوں گے،

  • بسنت پر سیاسی شخصیات کی تصاویر،نک دا کوکا گانے پر پابندی،نوٹس جاری

    بسنت پر سیاسی شخصیات کی تصاویر،نک دا کوکا گانے پر پابندی،نوٹس جاری

    لاہور ہائیکورٹ،بسنت کے موقع پر سیاسی شخصیات کی تصاویر اور نک دا کوکا گانے پر پابندی کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی

    عدالت نے فریقین کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے دو فروری کو جواب طلب کر کیا،جسٹس اویس خالد نے پی ٹی آئی ایم پی اے شیخ امتیاز کی درخواست پر سماعت کی،عدالت نے کہا کہ کیا درخواست گزار یہ گانا گنگناتا ہے؟وکیل اظہر صدیق نے کہا کہ درخواست گزار بھی گائے گا، یہ گانا میں بھی گنگاؤں گا، عدالت نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ آپکی آواز تو ویسے بھی بہت سریلی ہے،پابندی تو فحش گانوں پر لگائی گئی،وکیل درخواست گزار نے کہا کہ نک دا کوکا گانے میں فحاشی کا کوئی عنصر موجود نہیں،

    لاہور ہائیکورٹ میں دائر درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ حکومت نے سیاسی شخصیات کی تصویر والی پتنگ اڑانے پر پابندی عائد کی،حکومت نے فحش گانوں کی فہرست میں نک دا کوکا کو بلاجواز شامل کیا،عدالت حکومت کے ان اقدامات کو کلعدم قرار دے،

  • سیوریج لائن حادثہ، لاہور ہائیکورٹ کا انڈ گراؤنڈ پارکنگ منصوبہ روکنے کا حکم

    سیوریج لائن حادثہ، لاہور ہائیکورٹ کا انڈ گراؤنڈ پارکنگ منصوبہ روکنے کا حکم

    لاہور کے علاقے میں سیوریج لائن میں گر کر ماں بیٹی کے جاں بحق ہونے کے افسوسناک واقعے پر لاہور ہائیکورٹ نے ٹیکسالی گیٹ اور شیرانوالہ گیٹ کے علاقوں میں جاری انڈ گراؤنڈ پارکنگ پروجیکٹ کو فوری طور پر روکنے کا حکم دے دیا ہے۔

    لاہور ہائیکورٹ میں اس سانحے کے خلاف دائر درخواست پر سماعت ہوئی، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ انڈ گراؤنڈ پارکنگ منصوبے کے دوران حفاظتی انتظامات نہ ہونے کے باعث شہریوں کی زندگیاں شدید خطرے میں ڈال دی گئی ہیں، جس کا نتیجہ ماں بیٹی کی جانوں کے ضیاع کی صورت میں سامنے آیا۔عدالت نے ریمارکس دیے کہ شہری علاقوں میں ترقیاتی منصوبوں کے دوران حفاظتی اقدامات کو نظرانداز نہیں کیا جا سکتا اور کسی بھی منصوبے کی وجہ سے انسانی جانوں کو خطرے میں ڈالنا ناقابلِ قبول ہے۔سماعت کے دوران لاہور ہائیکورٹ نے ایڈووکیٹ جنرل پنجاب امجد پرویز کو پیر کے روز ذاتی حیثیت میں عدالت میں پیش ہونے کا حکم دیتے ہوئے ہدایت کی کہ وہ واقعے سے متعلق صوبائی حکومت کا واضح مؤقف اور ذمہ داران کے خلاف کی گئی کارروائی کی تفصیلات پیش کریں۔

    اس کے ساتھ ہی عدالت نے ڈی جی پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی (پی ایچ اے) کو بھی آئندہ سماعت پر ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کا حکم دے دیا ہے تاکہ منصوبے کی منظوری، نگرانی اور حفاظتی اقدامات سے متعلق مکمل ریکارڈ عدالت کے سامنے رکھا جا سکے۔عدالت نے مزید کہا کہ اگر یہ ثابت ہوا کہ منصوبے کے دوران غفلت یا لاپرواہی برتی گئی تو ذمہ دار افسران اور متعلقہ اداروں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔لاہور ہائیکورٹ نے کیس کی مزید سماعت پیر تک ملتوی کرتے ہوئے واقعے سے متعلق مکمل رپورٹ طلب کر لی ہے۔

  • بھاٹی گیٹ حادثہ، آنکھوں سے بیوی ،بیٹی کو گرتے دیکھا،پولیس نے تشدد کیا،شوہر

    بھاٹی گیٹ حادثہ، آنکھوں سے بیوی ،بیٹی کو گرتے دیکھا،پولیس نے تشدد کیا،شوہر

    لاہور کے تاریخی علاقے بھاٹی گیٹ میں داتا دربار کے قریب سیوریج لائن میں گر کر جاں بحق ہونے والی خاتون اور اس کی کمسن بچی کے واقعے نے نیا رخ اختیار کر لیا ہے۔

    جاں بحق خاتون کے شوہر غلام مرتضیٰ نے پولیس پر الزامات عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ واقعے کی اطلاع دینے پر انہیں ہی حراست میں لے لیا گیا، تشدد کا نشانہ بنایا گیا اور بیوی و بچی کے قتل کا جھوٹا اعتراف کرانے کے لیے دباؤ ڈالا جاتا رہا۔جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے غلام مرتضیٰ نے بتایا کہ جب وہ اپنی اہلیہ اور بچی کے سیوریج لائن میں گرنے کی اطلاع دینے کے لیے پولیس اسٹیشن پہنچے تو پولیس نے ان کی بات سننے کے بجائے انہیں گرفتار کر لیا۔ ان کے مطابق ایس پی بلال اور ایس ایچ او زین نے انہیں تشدد کا نشانہ بنایا اور بار بار یہ کہا جاتا رہا کہ وہ سچ نہیں بول رہے۔غلام مرتضیٰ کا کہنا تھا کہ ان کی اہلیہ کے ساتھ کسی قسم کی لڑائی یا تلخ کلامی نہیں ہوئی تھی، وہ اہلِ خانہ کے ہمراہ سیر کے لیے آئے تھے۔ انہوں نے پولیس کو بتایا کہ انہوں نے اپنی آنکھوں سے بیوی اور بچی کو سیوریج لائن میں گرتے دیکھا، تاہم پولیس افسران ان کے بیان کو جھوٹ قرار دیتے رہے۔ ان کا دعویٰ ہے کہ پولیس نے ان کا موبائل فون بھی تحویل میں لے لیا، جبکہ واقعے کے وقت ان کا ایک بیٹا اپنی والدہ کے پاس موجود تھا۔

    متاثرہ شخص نے مزید الزام عائد کیا کہ پولیس افسران مسلسل یہ کہتے رہے کہ وہ یہ بیان دے کہ اس نے خود اپنی بیوی اور بچی کو قتل کیا ہے۔ غلام مرتضیٰ کے مطابق پولیس زبردستی دونوں کے قتل کا اعتراف کروانا چاہتی تھی، جبکہ ان کے کزن تنویر کو بھی حراست میں رکھا گیا اور دونوں پر دباؤ ڈالا جاتا رہا۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز بھاٹی گیٹ کے علاقے میں داتا دربار کے قریب ایک خاتون اور اس کی بچی کے سیوریج لائن میں گرنے کی اطلاعات سامنے آئیں، تاہم ابتدائی طور پر پولیس اور دیگر متعلقہ اداروں نے اس واقعے کو غلط قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ ایسا کوئی حادثہ پیش ہی نہیں آیا۔ بعد ازاں تقریباً دس گھنٹے کی تاخیر کے بعد خاتون اور اس کی بچی کی لاشیں جائے وقوعہ سے تقریباً تین کلومیٹر دور سے برآمد ہوئیں .