Baaghi TV

Category: ننکانہ

  • ننکانہ : ریسکیو 1122 کا ماہانہ اجلاس، جون میں 3930 افراد کو ریسکیو، مون سون میں احتیاط کی ہدایت

    ننکانہ : ریسکیو 1122 کا ماہانہ اجلاس، جون میں 3930 افراد کو ریسکیو، مون سون میں احتیاط کی ہدایت

    ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی، نامہ نگار احسان اللہ ایاز)پنجاب ایمرجنسی سروس ریسکیو 1122 ننکانہ صاحب کے ضلعی ہیڈ کوارٹرز میں ماہ جون 2025 کی کارکردگی کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس کی صدارت ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر محمد اکرم پنوار نے کی۔ اجلاس میں کنٹرول روم انچارج محمد نوید، ریسکیو سیفٹی آفیسر علی عمران، اسٹیشن کوارڈینیٹر محمد سعید، میڈیا کوارڈینیٹر علی اکبر اور دیگر افسران و انچارجز نے شرکت کی۔

    کنٹرول روم انچارج محمد نوید نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ جون کے مہینے میں ریسکیو 1122 ننکانہ صاحب کو کل 17013 کالز موصول ہوئیں جن میں سے 3817 ایمرجنسی کالز تھیں۔ ان کالز پر بروقت کارروائی کرتے ہوئے ریسکیو اہلکاروں نے 3930 افراد کو امداد فراہم کی۔

    تفصیلات کے مطابق 700 روڈ ٹریفک حادثات، 2460 میڈیکل ایمرجنسیز، 43 آگ لگنے کے واقعات، 101 لڑائی جھگڑے و تشدد، 4 پانی میں ڈوبنے اور 509 متفرق نوعیت کی ایمرجنسیز رپورٹ ہوئیں۔ مجموعی طور پر 1451 متاثرین کو موقع پر ابتدائی طبی امداد دی گئی، جبکہ 2371 مریضوں کو ہسپتال منتقل کیا گیا۔ بدقسمتی سے ان ایمرجنسیز کے دوران 108 افراد جانبر نہ ہو سکے۔

    ڈاکٹروں کی سفارش پر 341 مریضوں کو ضلعی سطح پر علاج کی سہولت نہ ہونے کے باعث لاہور اور فیصل آباد کے بڑے ہسپتالوں میں ریسکیو 1122 کی پیشنٹ ٹرانسفر سروس کے ذریعے مفت اور محفوظ طریقے سے منتقل کیا گیا۔

    ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر محمد اکرم پنوار نے مون سون سیزن کے پیش نظر عوام سے خصوصی احتیاطی تدابیر اپنانے کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ والدین بچوں کو جوہڑوں اور سیلابی پانی میں جانے سے روکیں، چھتوں کی صفائی کا خاص خیال رکھیں، اور بجلی کے کھمبوں یا گیلی حالت میں سوئچ بورڈز سے دور رہیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار حادثے سے بچا جا سکے۔

  • ننکانہ صاحب: عدالتی حکم کے باوجود سستے بازار بند، سی ای او پر رشوت خوری کا الزام

    ننکانہ صاحب: عدالتی حکم کے باوجود سستے بازار بند، سی ای او پر رشوت خوری کا الزام

    ننکانہ صاحب(باغی ٹی وی، نامہ نگاراحسان اللہ ایاز) عدالتی احکامات کی خلاف ورزی، سی ای او ضلع کونسل نے سستے بازار زبردستی بند کروا دیے، دکاندار سراپا احتجاج

    ننکانہ صاحب میں مہنگائی سے پریشان عوام کیلئے لگائے گئے سستے بازار بھی بیوروکریسی کی مبینہ رشوت خوری کی نذر ہوگئے۔ عدالت عالیہ کے حکم امتناعی کے باوجود سی ای او ضلع کونسل عامر اختر بٹ نے سیدوالہ اور موڑکھنڈا کے علاقوں میں قائم سستے بازار زبردستی بند کروا دیے، جس سے درجنوں دکاندار بے روزگار ہو گئے اور شہری سستے داموں اشیاء خریدنے کی سہولت سے محروم ہو گئے۔

    ٹھیکیدار آصف اقبال نے مؤقف اختیار کیا کہ اُس نے عدالت عالیہ سے سٹے آرڈر حاصل کر رکھا ہے جس میں واضح طور پر ضلع کونسل کو سستے بازاروں میں مداخلت سے روکا گیا تھا۔ مگر اس عدالتی حکم کو نظر انداز کرتے ہوئے سی ای او ضلع کونسل عامر اختر بٹ نے بازاروں کو اُکھاڑ دیا۔ ٹھیکیدار کا الزام ہے کہ چیف آفیسر اور فنانس آفیسر اس سے مبینہ طور پر رشوت طلب کر رہے تھے اور انکار پر بازار بند کرنے کی دھمکیاں دی گئیں۔

    بازار میں موجود دکانداروں نے شدید احتجاج کرتے ہوئے الزام لگایا کہ انہیں ناجائز طور پر ہراساں کیا جا رہا ہے اور روزگار چھینا جا رہا ہے۔ دکانداروں کا کہنا ہے کہ ہم مہنگائی کے مارے ہوئے عوام کو ریلیف دینے کے لیے بیٹھے ہیں، مگر ضلع کونسل کے افسران رشوت نہ دینے پر زبردستی کاروبار ختم کروا رہے ہیں۔

    انہوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز سے فوری نوٹس لینے اور متعلقہ افسران کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

    دوسری جانب سی ای او ضلع کونسل عامر اختر بٹ کا کہنا ہے کہ یہ کارروائی ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب کے احکامات پر کی گئی ہے، تاہم اس مؤقف پر شہریوں اور متاثرہ دکانداروں نے شکوک کا اظہار کرتے ہوئے عدالتی حکم کی خلاف ورزی کی مکمل انکوائری کا مطالبہ کیا ہے۔



  • واربرٹن: پولیس کی کارروائی، 4 منشیات فروش گرفتار، 6 کلو سے زائد منشیات برآمد

    واربرٹن: پولیس کی کارروائی، 4 منشیات فروش گرفتار، 6 کلو سے زائد منشیات برآمد

    واربرٹن(باغی ٹی وی،نامہ نگار عبدالغفار چوہدری)منشیات فروشوں کے خلاف واربرٹن پولیس کی کامیاب کارروائیاں، 6 کلو سے زائد منشیات برآمد، 4 ملزمان گرفتار

    تھانہ واربرٹن پولیس کی منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیاں تیزی سے جاری ہیں۔ حالیہ آپریشن کے دوران پولیس نے 4 منشیات فروشوں کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر کے مجموعی طور پر 6 کلو 490 گرام منشیات برآمد کر لیں، جب کہ ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر لیے گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق، پولیس نے مختلف کارروائیوں میں ملزم شجاع الرحمن سے 2100 گرام، فلک شیر سے 650 گرام، سلامت سے 2640 گرام اور شعبان سے 1100 گرام منشیات برآمد کی۔ برآمدہ منشیات میں چرس اور دیگر نشہ آور مواد شامل ہے، جو مختلف مقامات پر فروخت کے لیے لے جایا جا رہا تھا۔

    پولیس حکام نے تمام ملزمان کے خلاف منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔ ڈی پی او ننکانہ سید ندیم عباس نے ایس ایچ او تھانہ واربرٹن مجاہد عباس ملہی اور ان کی ہمراہی ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ منشیات کے خلاف بلا امتیاز اور بھرپور کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔

    ڈی پی او نے اپنے بیان میں واضح کیا کہ ضلع ننکانہ کو منشیات کی لعنت سے پاک کرنا پولیس کی اولین ترجیح ہے، اور منشیات فروش کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ عوام سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ منشیات فروشوں کی نشاندہی کر کے پولیس سے تعاون کریں تاکہ نوجوان نسل کو تباہی سے بچایا جا سکے۔

  • واربرٹن: خودسوزی کرنے والا شخص دم توڑ گیا، صدمے سے والد بھی انتقال کرگئے

    واربرٹن: خودسوزی کرنے والا شخص دم توڑ گیا، صدمے سے والد بھی انتقال کرگئے

    واربرٹن (باغی ٹی وی، نامہ نگار عبدالغفار چوہدری) واربرٹن کے نواحی گاؤں جسلانی خورد میں دل خراش واقعہ پیش آیا، جہاں گھریلو حالات سے دلبرداشتہ ہو کر خودسوزی کرنے والا سخاوت علی دم توڑ گیا، جبکہ بیٹے کی موت کی خبر سنتے ہی اس کے والد بھی صدمہ برداشت نہ کرتے ہوئے انتقال کر گئے۔

    تفصیلات کے مطابق سخاوت علی، جو کہ 6 بچوں کا باپ تھا، نے چار روز قبل اپنے کھیتوں میں پٹرول چھڑک کر خود کو آگ لگا لی تھی۔ وہ بری طرح جھلس گیا تھا جسے ابتدائی طور پر ڈی ایچ کیو اسپتال ننکانہ منتقل کیا گیا، بعد ازاں تشویشناک حالت کے باعث لاہور اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ تاہم چار روز تک زندگی و موت کی کشمکش میں مبتلا رہنے کے بعد وہ جاں بر نہ ہو سکا۔

    سخاوت علی کی میت جب آبائی گاؤں پہنچی تو اس کے والد بیٹے کی موت کا صدمہ برداشت نہ کر سکے اور دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے۔ دونوں باپ بیٹے کی نماز جنازہ ایک ساتھ ادا کی گئی جس میں اہل علاقہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ بعد ازاں انہیں مقامی قبرستان میں سپردِ خاک کر دیا گیا۔

    علاقے میں اس المناک واقعے پر گہرے دکھ اور سوگ کی فضا قائم ہے۔

  • ننکانہ: زیڈ بلاک گندے پانی میں ڈوبا، سیوریج بند، میونسپل افسران کی لڑائی سے عوام بے حال

    ننکانہ: زیڈ بلاک گندے پانی میں ڈوبا، سیوریج بند، میونسپل افسران کی لڑائی سے عوام بے حال

    ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی نامہ نگار احسان اللہ ایاز)ننکانہ صاحب ہاؤسنگ کالونی زیڈ بلاک کے مکین گزشتہ پانچ روز سے شدید اذیت میں مبتلا ہیں، جہاں بند سیوریج لائنوں نے پورے علاقے کو بدبو، گندگی، تعفن اور مچھروں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا ہے۔ گلیاں اور سڑکیں گندے پانی سے بھر چکی ہیں، اسکول جانے والے بچے، بزرگ اور بیمار افراد گھروں میں محصور ہو چکے ہیں۔ بدترین صورتحال کے باوجود میونسپل کمیٹی خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے، شہریوں کا کہنا ہے کہ کئی بار شکایات کے باوجود تاحال کوئی عملی قدم نہیں اٹھایا گیا۔

    زیڈ بلاک، جو شہر کے مہنگے رہائشی علاقوں میں شمار ہوتا ہے، آج گندے پانی کے جوہڑ میں تبدیل ہو چکا ہے۔ مکینوں کے مطابق رات دن بدبو کے بھبکے اٹھتے ہیں، مچھر گھروں کے اندر تک داخل ہو چکے ہیں، اور بیماریاں پھیلنے کا خدشہ شدید ہوتا جا رہا ہے۔

    صورتحال کی سنگینی اس وقت دوگنی ہو گئی جب یہ انکشاف ہوا کہ قائم مقام چیف آفیسر راؤ انوار اور میونسپل آفیسر سروسز صدام کے درمیان چپقلش اور اختیارات کی جنگ نے پورے بلدیاتی نظام کو مفلوج کر دیا ہے۔ عملہ بے یار و مددگار ہے، صفائی و نکاسی کی مشینری نایاب ہے، سیورمین بانس، رسے، لہو کی تار اور دیگر ضروری سامان کے بغیر ننگے ہاتھوں سے کام کرنے پر مجبور ہیں۔ ایک طرف میونسپل ادارے کو عملے اور وسائل کی شدید کمی کا سامنا ہے، دوسری طرف افسران کی باہمی رنجش عوام کے لیے عذاب بن چکی ہے۔

    ذرائع کے مطابق سسٹم کی اس مکمل ناکامی کے نتیجے میں بیماریوں کے پھیلنے کا خطرہ پیدا ہو گیا ہے۔ گندے پانی میں ڈینگی، ٹائیفائیڈ، اور ہیضے جیسے امراض کا امکان بڑھ رہا ہے، لیکن متعلقہ افسران کی لاپرواہی برقرار ہے۔

    علاقہ مکینوں نے شدید احتجاج کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راؤ اور ایڈمنسٹریٹر شہزاد کھوکھر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری نوٹس لیتے ہوئے زیڈ بلاک کی بند سیوریج لائن کو کھولا جائے، مستقل بنیادوں پر نئی سیوریج لائن ڈالی جائے، صفائی کے لیے مشینری، بانس، تار، رسہ اور دیگر بنیادی سامان مہیا کیا جائے، اور میونسپل افسران کو ان کے دائرہ اختیار میں رہ کر فرائض انجام دینے کا پابند بنایا جائے۔

    شہریوں نے خبردار کیا ہے کہ اگر فوری اقدامات نہ کیے گئے تو احتجاج کا دائرہ کار ڈی سی آفس اور میونسپل کمیٹی تک بڑھا دیا جائے گا۔

  • واربرٹن:پولیس اور صحافت کا چولی دامن کا ساتھ ہے، ایس ایچ او آغا حسین

    واربرٹن:پولیس اور صحافت کا چولی دامن کا ساتھ ہے، ایس ایچ او آغا حسین

    واربرٹن (نامہ نگار) پولیس اور صحافت کا چولی دامن کا ساتھ ہے، ایس ایچ او آغا حسین.عوامی خدمت اور امن و امان کے قیام میں میڈیا کا کردار قابلِ تحسین ہے، مہر عبدالغفور

    تفصیلات کے مطابق ایس ایچ او منڈی فیض آباد آغا حسین نے کہا ہے کہ پولیس اور صحافت کا چولی دامن کا ساتھ ہے، عوام کو بروقت اور درست معلومات کی فراہمی میں میڈیا کا کردار قابلِ تحسین ہے۔ وہ سٹی پریس کلب رجسٹرڈ واربرٹن کے صحافیوں سے گفتگو کر رہے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ پولیس عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے اور میڈیا کے تعمیری کردار کو ہمیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔

    اس موقع پر سینئر صحافی مہر عبدالغفور نے کہا کہ ایس ایچ او آغا حسین نہ صرف ایک فرض شناس اور باصلاحیت پولیس آفیسر ہیں بلکہ خوش اخلاق، نرم گو اور عوام دوست شخصیت کے حامل انسان ہیں۔ ان کی عوامی خدمت، انصاف پسندی اور خوش اخلاقی کے باعث علاقے کے لوگ ان سے دلی محبت اور اعتماد رکھتے ہیں۔

    مہر عبدالغفور نے امن و امان کے قیام کے لیے آغا حسین کی کوششوں کو سراہتے ہوئے جرائم کے خاتمے میں بھرپور تعاون کی یقین دہانی کروائی۔ آخر میں انہوں نے کہا کہ آئندہ بھی پولیس اور میڈیا باہمی رابطے اور تعاون کے ساتھ عوام کی خدمت کرتے رہیں گے۔

  • واربرٹن: آندھی سے چھت سے گری سولر پلیٹ، 17 ماہ کا بچہ جاں بحق

    واربرٹن: آندھی سے چھت سے گری سولر پلیٹ، 17 ماہ کا بچہ جاں بحق

    واربرٹن (نامہ نگار عبدالغفار چوہدری) واربرٹن شہر اور گردونواح میں آنے والی تیز آندھی نے ایک معصوم جان لے لی۔

    محلہ عیدگاہ نزد مدرسہ جامعہ امینیہ رضویہ میں آندھی کے دوران ایک ہمسائے کے گھر کی چھت پر نصب سولر پلیٹ اڑ کر نیچے آ گری، جو صحن میں کھیلتے 17 ماہ کے معصوم محمد موسیٰ ولد شاہ زیب انور پر آ گری،جس سے معصوم بچہ شدید زخمی ہوگیا،

    شدید زخمی ہونے والےبچے کو المصطفیٰ ویلفیئر ایمبولینس کے ذریعے فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال ننکانہ صاحب منتقل کیا گیا جہاں وہ جانبر نہ ہو سکا اور زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ واقعے پر اہلِ علاقہ افسردہ اور سوگوار ہیں۔

  • واربرٹن: پولیس کی بڑی کارروائی، ڈکیت گینگ سرغنہ سمیت گرفتار، لاکھوں کی نقدی و موٹرسائیکلیں برآمد

    واربرٹن: پولیس کی بڑی کارروائی، ڈکیت گینگ سرغنہ سمیت گرفتار، لاکھوں کی نقدی و موٹرسائیکلیں برآمد

    واربرٹن (نامہ نگارعبدالغفار چوہدری)پولیس کی بڑی کارروائی، ڈکیت گینگ سرغنہ سمیت گرفتار، لاکھوں کی نقدی و موٹرسائیکلیں برآمد

    تھانہ واربرٹن پولیس نے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے ڈکیت گینگ کے سرغنہ اعجاز عرف ججی اور اس کے ساتھی رضوان کو گرفتار کر لیا۔ گرفتار ملزمان کے قبضے سے لاکھوں روپے نقدی، شہریوں سے چھینی گئی چار موٹرسائیکلیں اور ناجائز اسلحہ برآمد کر لیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ڈی پی او ننکانہ صاحب سید ندیم عباس کی ہدایت پر واربرٹن پولیس نے انٹیلیجنس بیسڈ کارروائی کی، جس کے دوران ملزمان کو حراست میں لے کر ان کے خلاف رابری اور موٹرسائیکل چوری سمیت 15 وارداتوں کا سراغ لگا لیا گیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ تفتیش کا عمل جاری ہے اور مزید انکشافات کی توقع کی جا رہی ہے۔

    ڈی پی او سید ندیم عباس نے پولیس ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ڈکیت گینگ کی گرفتاری پولیس کی پیشہ وارانہ مہارت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ سماج دشمن عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی اور عوام کے جان و مال کا تحفظ ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔

  • ننکانہ:مرکزی مسلم لیگ کا محور خدمتِ انسانیت ہے، چوہدری شفیق الرحمن

    ننکانہ:مرکزی مسلم لیگ کا محور خدمتِ انسانیت ہے، چوہدری شفیق الرحمن

    ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی، نامہ نگار احسان اللہ ایاز)پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے صدر شعبہ خدمت خلق چوہدری شفیق الرحمن وڑائچ نے کہا ہے کہ ہماری جماعت کی سیاست اقتدار نہیں، بلکہ انسانیت کی خدمت کے اصول پر استوار ہے۔ وہ ضلع ننکانہ صاحب میں شعبہ خدمت خلق اور تاجر برادری کے تحصیلی ذمہ داران سے ایک خصوصی ملاقات میں گفتگو کر رہے تھے، جس میں پارٹی کے جنرل سیکرٹری ضلع ننکانہ ڈاکٹر ثاقب مجید بھی شریک تھے۔

    اس موقع پر چوہدری شفیق الرحمن وڑائچ نے "نیکی فاؤنڈیشن” کا تعارف پیش کرتے ہوئے کہا کہ مرکزی مسلم لیگ کا وژن ہر گاؤں، ہر تحصیل اور ہر ضلع میں منظم، شفاف اور دیرپا فلاحی نیٹ ورک قائم کرنا ہے تاکہ دکھی انسانیت کی بلا تفریق خدمت کی جا سکے۔

    انہوں نے کہا کہ ننکانہ صاحب میں تھلیسیمیا کے مریض بچوں کے لیے بلڈ سپورٹ پروگرامز، ڈائیلاسز سینٹرز اور روزانہ بنیاد پر عوام کے لیے مفت دسترخوان جیسے منصوبے جلد شروع کیے جا سکتے ہیں بشرطیکہ خلوص، اتحاد اور مسلسل جدوجہد کو اپنایا جائے۔

    چوہدری شفیق الرحمن نے پارٹی کارکنوں اور سماجی خدمت کے جذبے سے سرشار افراد سے اپیل کی کہ وہ آگے بڑھ کر ان منصوبوں میں عملی کردار ادا کریں تاکہ فوری ریلیف کے ساتھ ساتھ دیرپا سماجی تبدیلی کی بنیاد رکھی جا سکے۔

    مجلس میں شامل تاجر برادری اور دیگر ذمہ داران نے اس فلاحی ویژن کو سراہتے ہوئے اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔ شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان مرکزی مسلم لیگ کا خدمت خلق کا شعبہ حقیقی معنوں میں عوام کی امیدوں کا مرکز بنے گا۔

    ملاقات کے اختتام پر ملک و ملت کی سلامتی، خدمت خلق کے جذبے کی کامیابی، اور معاشرے میں یکساں فلاحی نظام کے قیام کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔

  • ننکانہ بارش سے وینس بن گیا، مشینری ناکارہ، افسران غائب، عوام پانی میں خوار

    ننکانہ بارش سے وینس بن گیا، مشینری ناکارہ، افسران غائب، عوام پانی میں خوار

    ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی، نامہ نگار احسان اللہ ایاز)مون سون کی پہلی بارش نے ننکانہ صاحب کو یورپ کے "وینس” کا منظر تو دے دیا، مگر یہ منظر خوبصورتی نہیں، اذیت اور غفلت کی داستان لیے ہوئے ہے۔ شہر کی گلیاں، بازار اور سڑکیں ندی نالوں میں تبدیل ہو گئیں، شہری پانی میں گھِر کر رہ گئے، جبکہ میونسپل کمیٹی کے دعوے اور منصوبے بہہ گئے۔ ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راؤ کی تمام کوششیں، نیک نیتی اور وژن محض کاغذی دکھائی دینے لگیں، کیونکہ میدانِ عمل میں افسران کی لاپرواہی اور نااہلی نے سب کچھ خاک کر دیا۔

    ذرائع کے مطابق، میونسپل کمیٹی کے قائم مقام چیف آفیسر راؤ انوار اور سروسز آفیسر صدام حسین کے درمیان اختیارات کی جنگ اور ذاتی چپقلش نے پورے نظام کو مفلوج کر دیا ہے۔ شہر کی صفائی، نکاسیِ آب اور سیوریج نظام پر ان دونوں افسران کے جھگڑے کی چھاپ صاف نظر آ رہی ہے۔ یہ اندرونی لڑائی اس حد تک بڑھ چکی ہے کہ عوام کا سکون برباد ہو چکا ہے۔ دفتر کی جنگ نے شہر کو پانی میں ڈبو دیا ہے۔

    مزید براں، سیوریج نظام کی بہتری کے لیے درکار سکرمشین، جیٹرمشین اور دیگر ضروری مشینری گزشتہ کئی برسوں سے ناکارہ پڑی تھی، جنہیں حالیہ دنوں میں ایڈمنسٹریٹر و ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل شہزاد کھوکھر نے مرمت کے لیے بیرون شہر بھجوا تو دیا ہے، مگر نتائج آنے سے پہلے ہی بارش نے سب کچھ بےنقاب کر دیا۔ شہر کی سڑکوں پر گٹر ابلنے لگے، بازاروں میں دکاندار اپنے سامان کو بچاتے رہے، اور شہری کیچڑ، تعفن اور گندے پانی سے بچنے کی تگ و دو کرتے رہے۔

    یہی صورتحال اسمبلی اجلاس میں بھی زیرِ بحث آئی، جہاں ایم پی اے مہر کاشف رنگ الٰہی پڈھیار نے حکومت سے سخت مطالبہ کیا کہ ننکانہ صاحب کے لیے ہنگامی بنیادوں پر سیوریج کی خصوصی گرانٹ دی جائے۔ انہوں نے کہا: "اب ننکانہ کو سڑکیں نہیں، کشتیاں درکار ہیں۔”

    شہری حلقوں میں سخت غم و غصہ پایا جا رہا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر مون سون سے قبل مشینری کو ٹھیک کر لیا جاتا، افسران ذاتی رنجشوں کو بالا رکھ کر کام کرتے، اور پیشگی انتظامات کر لیے جاتے، تو آج پورا شہر پانی میں نہ ڈوبا ہوتا۔ ہر سال مون سون آتا ہے، مگر ہر سال یہی تماشہ ہوتا ہے۔ ستم ظریفی یہ ہے کہ فنڈز موجود ہیں، افسران موجود ہیں، مگر کام کرنے کا جذبہ ندارد۔

    شہر کی عوام نے اعلیٰ حکام، وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور وزیر بلدیات سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے، تاکہ عوامی مسائل کا مستقل اور عملی حل نکالا جا سکے۔ بصورت دیگر، ہر سال ننکانہ "وینس” بنتا رہے گا، اور عوام مشکلات کی دلدل میں دھنسے رہیں گے۔