Baaghi TV

Category: ننکانہ

  • ننکانہ صاحب: محفوظ پنجاب ویژن کے تحت ٹریفک آگاہی مہم، ریلیوں کا انعقاد

    ننکانہ صاحب: محفوظ پنجاب ویژن کے تحت ٹریفک آگاہی مہم، ریلیوں کا انعقاد

    ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی، نامہ نگار احسان اللہ ایاز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے محفوظ پنجاب ویژن کے تحت ننکانہ صاحب میں ٹریفک قوانین سے متعلق شعور اجاگر کرنے کے لیے بھرپور آگاہی مہم جاری ہے۔ اس سلسلے میں ضلع بھر میں ریلیاں نکالی گئیں، جن کی قیادت سٹی ننکانہ میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) سید ندیم عباس نے ڈی ایس پی ٹریفک کے ہمراہ کی۔

    ریلیوں میں انجمن تاجران، ڈی ایس پیز، طلباء، سول سوسائٹی اور میڈیا نمائندگان نے بھرپور شرکت کی۔ اس مہم کا مقصد شہریوں میں ٹریفک قوانین کی اہمیت اجاگر کرنا اور سڑکوں کو محفوظ بنانا ہے۔

    ڈی پی او سید ندیم عباس نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ کم عمر بچوں کو ڈرائیونگ نہ کرنے دیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر سخت کارروائیاں جاری ہیں اور عوامی تعاون ہی ٹریفک نظام کو بہتر بنا سکتا ہے۔

    تاجر برادری نے بھی پولیس کے ساتھ تعاون کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس مہم میں ضلعی پولیس کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں تاکہ ننکانہ صاحب کو ایک محفوظ اور قانون پسند شہر بنایا جا سکے۔

  • ننکانہ صاحب: یومِ تکبیر پر ضلعی انتظامیہ کی شاندار تقریب،اقلیتوں کی بھی شرکت

    ننکانہ صاحب: یومِ تکبیر پر ضلعی انتظامیہ کی شاندار تقریب،اقلیتوں کی بھی شرکت

    ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی، نامہ نگاراحسان اللہ ایاز) ضلعی انتظامیہ ننکانہ صاحب کے زیر اہتمام ضلع کونسل ہال میں یومِ تکبیر کی مناسبت سے ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں طلبہ، افسران، سکھ برادری، اقلیتوں، تاجر تنظیموں اور میڈیا نمائندگان نے بھرپور شرکت کی۔

    تقریب میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل شاہد کھوکھر، اسسٹنٹ کمشنر عطیہ عنائیت، سی او ایجوکیشن شازیہ بانو سمیت متعدد اہم شخصیات شریک ہوئیں۔ اسکول کے بچوں نے وطن سے محبت پر مبنی تقاریر اور خوبصورت ٹیبلو پیش کیے جنہیں شرکاء نے سراہا۔

    تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راؤ نے کہا کہ یومِ تکبیر پاکستان کی خودمختاری، مسلسل جدوجہد اور قربانی کے جذبے کا مظہر ہے۔ 28 مئی 1998 کا دن پاکستان کے دفاعی استحکام کی تاریخ میں سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ ہماری افواج اور سائنسدانوں نے دنیا کو یہ پیغام دیا کہ پاکستان ایک پرامن مگر ناقابلِ تسخیر ایٹمی طاقت ہے۔

    ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ یومِ تکبیر قوم کے اتحاد اور قومی سلامتی کے عزم کا دن ہے۔ پاکستان کی ایٹمی صلاحیت کا مقصد کسی پر حملہ نہیں بلکہ اپنی خودمختاری اور سالمیت کا تحفظ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب ہمیں معاشی استحکام، سائنسی ترقی اور قومی اتحاد کے سفر کو بھی جاری رکھنا ہوگا۔

    تقریب کے اختتام پر ڈی سی آفس سے گوردوارہ جنم استھان تک یومِ تکبیر ریلی نکالی گئی جس کی قیادت خود ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راؤ نے کی۔ اس ریلی میں ضلعی افسران، سکھ کمیونٹی، علما کرام، تاجر برادری اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ ریلی کے شرکاء نے “افواج پاکستان زندہ باد” اور “پاکستان زندہ باد” کے فلک شگاف نعرے لگا کر قومی جوش و جذبے کا اظہار کیا۔

    یومِ تکبیر کی یہ تقریب قومی یکجہتی، بین المذاہب ہم آہنگی اور پاکستان کی دفاعی خودمختاری کے عزم کی علامت بن گئی۔

  • ننکانہ: باغی ٹی وی کے احسان اللہ ایاز کو بہترین صحافتی خدمات پر بابا گورونانک یونیورسٹی کا اعزاز

    ننکانہ: باغی ٹی وی کے احسان اللہ ایاز کو بہترین صحافتی خدمات پر بابا گورونانک یونیورسٹی کا اعزاز

    ننکانہ صاحب(باغی ٹی وی رپورٹ) باغی ٹی وی کے نامہ نگار احسان اللہ ایاز باغی کو بابا گورونانک یونیورسٹی نے صحافت کے میدان میں ان کی نمایاں خدمات کے اعتراف میں اعزاز سے نوازا ہے۔ یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر شاہد مبین نے انہیں شیلڈ اور تعریفی سرٹیفکیٹ پیش کیا۔ یہ اعزاز احسان اللہ ایاز باغی کی بے لوث، جرات مندانہ اور ذمہ دارانہ رپورٹنگ کا اعتراف ہے۔

    اس موقع پر جرنلسٹس ایسوسی ایشن آف پاکستان/یوکے کے مرکزی صدر میاں عامر علی، جرنلسٹس ایسوسی ایشن آف پاکستان کے صدر سمیع اللہ عثمانی، ننکانہ صاحب پریس کلب کے صدر شیخ آصف اقبال اور جنرل سیکرٹری عرفان رشید بھٹی، پنجاب یونین آف جرنلسٹس ڈسٹرکٹ ننکانہ صاحب کے جنرل سیکرٹری راؤ توقیر السلام، پاکستان مرکزی مسلم لیگ ڈسٹرکٹ ننکانہ صاحب کے صدر میاں عابد علی، اور پیر سید زاہد حسین ترمزی سجادہ نشین درگاہ پیر سید یعقوب شاہ رحمتہ اللہ سمیت دیگر سیاسی و سماجی شخصیات نے احسان اللہ ایاز باغی کو مبارکباد پیش کی۔

    ان شخصیات نے کہا کہ ایسے باصلاحیت اور محنتی صحافی معاشرے میں سچ اور حق کی آواز بن کر سامنے آتے ہیں اور ایسے صحافیوں کو سراہنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ سیاسی و سماجی حلقوں نے امید ظاہر کی کہ احسان اللہ ایاز باغی آئندہ بھی اپنے صحافتی فرائض اسی جذبے اور دیانتداری سے نبھاتے رہیں گے اور نوجوان صحافیوں کے لیے ایک مثالی کردار ادا کریں گے۔

  • ننکانہ صاحب: عیدالاضحیٰ انتظامات کیلئے ڈپٹی کمشنر کی زیرصدارت اجلاس، دفعہ 144 نافذ

    ننکانہ صاحب: عیدالاضحیٰ انتظامات کیلئے ڈپٹی کمشنر کی زیرصدارت اجلاس، دفعہ 144 نافذ

    ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی، نامہ نگار احسان اللہ ایاز) ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب محمد تسلیم اختر راؤ کی زیرصدارت عید الاضحیٰ کے انتظامات کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز، اسسٹنٹ کمشنرز، اور تمام ضلعی افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں عید کے ایام میں صفائی، سیکیورٹی، اور دیگر ضروری انتظامات کو فول پروف بنانے کے لیے جامع حکمت عملی وضع کی گئی۔

    ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ میونسپل کمیٹیز، ضلع کونسل، اور ایل ڈبلیو ایم سی صفائی ستھرائی کے بہترین انتظامات کو یقینی بنائیں۔ پولیس سمیت تمام متعلقہ اداروں کو عید کے دنوں میں ہائی الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کی گئیں۔

    عید کے موقع پر شہری حدود میں سری پائے جلانے، نہروں میں نہانے اور ون ویلنگ جیسے خطرناک عوامل پر دفعہ 144 نافذ کی جائے گی۔ سیل پوائنٹس کے علاوہ کسی بھی مقام پر جانوروں کی فروخت پر بھی دفعہ 144 لاگو رہے گی۔ ضلع میں چار عارضی مویشی منڈیاں قائم کی جا رہی ہیں، جہاں متعلقہ ادارے صفائی، سیکیورٹی، پانی اور سایہ دار جگہوں کی فراہمی یقینی بنائیں گے۔

    محکمہ لائیو اسٹاک کی ٹیمیں مویشی منڈیوں کے داخلی راستوں پر جانوروں کی صحت کی جانچ کریں گی، اور صرف صحت مند جانوروں کو منڈی میں داخلے کی اجازت دی جائے گی۔ پولیس اور دیگر ادارے منڈیوں کے داخلی راستوں پر سیکیورٹی کیمپ قائم کریں گے۔ میونسپل کمیٹیز کو ہدایت کی گئی کہ وہ منڈیوں میں پارکنگ کے مناسب انتظامات بھی کریں۔

    ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ نماز عید صرف مساجد کے اندر ادا کی جائے گی، سڑکوں پر نماز پڑھنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ جانوروں کے فضلے کے لیے یکم جون سے گھر گھر شاپر بیگز کی تقسیم شروع کی جائے گی۔ عید کے دوران کنٹرول رومز کی نگرانی اسسٹنٹ کمشنرز خود کریں گے۔

    ڈپٹی کمشنر نے تمام افسران کو ہدایت کی کہ عوامی شکایات کا فوری ازالہ یقینی بنایا جائے، اداروں کو شکایات کے حل کے لیے 10 سے 15 منٹ کا وقت دیا جائے گا، بصورت دیگر غفلت کے مرتکب افسران کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

    مزید برآں، تمام پبلک پارکس میں سخت سیکیورٹی انتظامات کیے جائیں گے، جبکہ واپڈا حکام کو ہدایت دی گئی ہے کہ عید کے ایام میں بجلی کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ میونسپل کمیٹیز اور لوکل گورنمنٹ کو قبرستانوں میں صفائی ستھرائی کے اقدامات تیز کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔

  • ننکانہ صاحب: بابا گورو نانک یونیورسٹی میں حیاتیاتی تنوع پر عالمی سمپوزیم

    ننکانہ صاحب: بابا گورو نانک یونیورسٹی میں حیاتیاتی تنوع پر عالمی سمپوزیم

    ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی،نامہ نگار احسان اللہ ایاز)بابا گورو نانک یونیورسٹی ننکانہ صاحب کے شعبہ بوٹنی اور آفس آف ریسرچ، انوویشن اینڈ کمرشلائزیشن (ORIC) کے اشتراک سے عالمی یومِ حیاتیاتی تنوع کے موقع پر "حیاتیاتی تنوع اور تحفظ میں حالیہ پیش رفت” کے عنوان سے ایک بین الاقوامی سمپوزیم کا انعقاد کیا گیا۔ یہ علمی و تحقیقی اجلاس نہ صرف ایک سائنسی مکالمے کا پلیٹ فارم فراہم کرتا ہے بلکہ حیاتیاتی تنوع جیسے حساس موضوع پر آگاہی پھیلانے اور عملی اقدامات کی راہ ہموار کرنے کی ایک بامعنی کوشش بھی ہے۔

    یہ تقریب حیاتیاتی نظام کو لاحق خطرات، ماحولیاتی تبدیلیوں، اور ان کے حل کی جانب جدید سائنسی تحقیق و پائیدار حکمتِ عملیوں پر روشنی ڈالنے کے لیے منعقد کی گئی، جس میں قومی و بین الاقوامی ماہرین، محققین، اساتذہ کرام اور طلبہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس اہم سمپوزیم کا مقصد نہ صرف تحقیقی اشتراک کو فروغ دینا تھا بلکہ طلبہ کو عالمی سائنسی معیار اور ماحول دوست طرزِ فکر سے روشناس کروانا بھی اس کی ترجیحات میں شامل تھا۔

    تقریب کا آغاز چیئرمین شعبہ بوٹنی اور ڈائریکٹر اکیڈمکس، پروفیسر ڈاکٹر کفیل احمد کے استقبالیہ خطاب سے ہوا، جنہوں نے معزز مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور حیاتیاتی تنوع کے تحفظ کی ناگزیر اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی نظام میں توازن کے لیے حیاتیاتی تنوع کا تحفظ نہایت اہم ہے، اور بابا گورو نانک یونیورسٹی اس سلسلے میں اپنا تعلیمی اور تحقیقی کردار بھرپور طریقے سے ادا کر رہی ہے۔

    رجسٹرار بابا گورو نانک یونیورسٹی، جناب مبشر طارق نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ انہوں نے مہمان مقررین اور شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس نوعیت کی علمی سرگرمیاں طلبہ کے لیے سیکھنے اور تحقیق کے نئے افق کھولتی ہیں۔ انہوں نے ORIC اور شعبہ بوٹنی کی کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ یونیورسٹی مستقبل میں بھی ماحولیاتی تحفظ کے حوالے سے ایسے اقدامات جاری رکھے گی۔

    سمپوزیم میں مختلف موضوعات پر گراں قدر علمی و تحقیقی مقالات پیش کیے گئے۔ مقررین میں محترمہ فوزیہ اکرم (ڈپٹی ڈائریکٹر، ایجنسی برائے ماحولیاتی تحفظ)، محترمہ فریحہ اکرم (سینئر سائنٹسٹ، سائل اینڈ واٹر ٹیسٹنگ لیب، حکومت پنجاب)، ڈاکٹر محمد حمزہ (چائنیز اکیڈمی آف ایگریکلچرل سائنسز، چین)، ڈاکٹر عدنان ارشاد (لانژو یونیورسٹی، چین) اور ڈاکٹر محمد عدیل غفار (شعبہ بوٹنی، بی جی این یو) شامل تھے۔ انہوں نے حیاتیاتی تنوع کے عالمی رجحانات، ماحولیاتی عدم توازن کے مقامی چیلنجز، اور پائیدار ماحولیاتی نظام کے قیام کے لیے عالمی سطح پر کی جانے والی کوششوں پر سیر حاصل گفتگو کی۔

    اس سمپوزیم میں سامعین کو ماحولیاتی توازن کے تحفظ میں جدید تحقیق، ٹیکنالوجی کے استعمال، اور زمینی حقائق پر مبنی پالیسی سازی کی اہمیت سے روشناس کرایا گیا۔ مقررین نے زور دیا کہ حیاتیاتی تنوع نہ صرف قدرتی وسائل کی بقا کا ضامن ہے بلکہ انسانی زندگی کے معیار کو بھی براہ راست متاثر کرتا ہے۔

    اختتام پر مقررین اور شرکاء کو شیلڈز اور اسناد پیش کی گئیں اور طلبہ نے علمی نمائش کے ذریعے اپنے تحقیقی منصوبے پیش کیے، جنہیں ماہرین نے سراہا۔
    یہ تقریب اس عزم کے ساتھ اختتام پذیر ہوئی کہ بابا گورو نانک یونیورسٹی ماحولیاتی تحفظ، حیاتیاتی تنوع، اور سائنسی تحقیق کے میدان میں اپنی خدمات جاری رکھے گی اور نوجوان نسل کو ذمہ دار ماحولیاتی شہری بنانے کے لیے اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔

  • آر پی او شیخوپورہ کی ننکانہ صاحب میں کھلی کچہری، شہریوں کے مسائل کے حل کے احکامات

    آر پی او شیخوپورہ کی ننکانہ صاحب میں کھلی کچہری، شہریوں کے مسائل کے حل کے احکامات

    ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی، نامہ نگار احسان اللہ ایاز) آر پی او شیخوپورہ رینج اطہر اسماعیل نے ڈی پی او سید ندیم عباس کے ہمراہ تھانہ سید والا اور مانگٹانوالا میں کھلی کچہری منعقد کی۔ آر پی او نے شہریوں کی شکایات سن کر موقع پر حل کے احکامات جاری کیے۔

    تھانہ سید والا میں صحافیوں نے ٹریفک مسائل اور پولیس نفری کی تعیناتی کے سوالات اٹھائے، جس پر آر پی او نے مسائل کے حل کی یقین دہانی کروائی۔ تھانہ مانگٹانوالا میں قصبہ موڑ کھنڈا کے دار ارقم سکول اور جاوید ہسپتال کے ساتھ پولیس ویلفیئر معاہدوں پر دستخط کیے گئے۔ معاہدوں کے تحت شہداء پولیس کے خاندانوں کو علاج اور تعلیمی اخراجات میں سہولیات، جبکہ حاضر سروس ملازمین کے بچوں کو 40 فیصد فیس رعایت اور دو بچوں کو مفت تعلیم دی جائے گی۔ جاوید ہسپتال موڑ کھنڈا میں ملازمین کے بچوں کو 50 فیصد فیس رعایت ملے گی۔

    صحافیوں نے موڑ کھنڈا میں ٹریفک، تجاوزات اور منشیات فروشی کے مسائل اٹھائے، جس پر آر پی او نے فوری حل اور منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن کی ہدایات دیں۔ تھانہ مانگٹانوالا میں مسیحی برادری سے ملاقات کرتے ہوئے چرچوں کی سیکیورٹی اور تعاون کی یقین دہانی کروائی گئی۔ تھانہ فیض آباد میں انجمن تاجران و امن کمیٹی سے میٹنگ کی گئی۔

    آر پی او نے تینوں تھانوں (سید والا، مانگٹانوالا، فیض آباد) کا دورہ کیا اور ریکارڈ رجسٹرز کا جائزہ لے کر اپنے تاثرات قلمبند کیے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس شہداء کے خاندانوں اور ویلفیئر کے لیے تمام اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں، اور کھلی کچہریوں کا مقصد شہریوں کو انصاف فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ اور آئی جی پنجاب کے ویژن کے مطابق کھلی کچہریوں کے سلسلے کو جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا۔

    دورے کے دوران ایس پی انویسٹی گیشن حنا نیک بخت سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔

  • ننکانہ : مرکزی مسلم لیگ کی سول ڈیفنس آگاہی ورکشاپس

    ننکانہ : مرکزی مسلم لیگ کی سول ڈیفنس آگاہی ورکشاپس

    ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی نامہ نگار احسان اللہ ایاز)پاکستان مرکزی مسلم لیگ ڈسٹرکٹ ننکانہ صاحب کے زیرِ اہتمام تحصیل سانگلہ ہل اور تحصیل شاہ کوٹ میں سول ڈیفنس آگاہی اور تربیتی ورکشاپس کا انعقاد کیا گیا جن میں نوجوانوں اور عام شہریوں کو قدرتی آفات، آگ لگنے، ہنگامی صورتحال میں فوری ردعمل، ابتدائی طبی امداد اور شہری تحفظ جیسے اہم موضوعات پر عملی تربیت دی گئی۔

    ورکشاپس میں صدر مسلم یوتھ لیگ وسطی پنجاب عدیل عامر، جنرل سیکرٹری پاکستان مرکزی مسلم لیگ ننکانہ ڈاکٹر ثاقب مجید، اور ضلع صدر مسلم یوتھ لیگ انجینئر علی احمد ملک نے خصوصی شرکت کی۔ مقررین نے اس بات پر زور دیا کہ موجودہ حالات میں ہر شہری کے لیے سول ڈیفنس کی تربیت ناگزیر ہو چکی ہے تاکہ وہ نہ صرف اپنی بلکہ دوسروں کی جانیں بچانے کے قابل ہو سکیں۔

    ماہرین کی جانب سے شرکاء کو ابتدائی طبی امداد، فائر فائٹنگ، ہنگامی انخلاء اور ریلیف اقدامات کے اصولوں سے آگاہ کیا گیا۔ عملی مظاہروں نے ورکشاپ کو نہ صرف مفید بلکہ دلچسپ بھی بنا دیا۔ مقررین نے کہا کہ پاکستان مرکزی مسلم لیگ نوجوانوں کو صرف سیاسی نہیں بلکہ عملی طور پر قومی خدمت کے لیے بھی تیار کر رہی ہے۔

    ورکشاپ کے اختتام پر شرکاء میں اسناد تقسیم کی گئیں اور اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ ایسے آگاہی پروگرامز کو پورے ضلع ننکانہ اور پنجاب بھر میں وسعت دی جائے گی۔ والدین اور اساتذہ نے ان اقدامات کو سراہتے ہوئے انہیں وقت کی اہم ضرورت قرار دیا۔

  • بابا گرو نانک یونیورسٹی میں نیشنل کانفرنس آن میتھمیٹکس کا کامیاب انعقاد

    بابا گرو نانک یونیورسٹی میں نیشنل کانفرنس آن میتھمیٹکس کا کامیاب انعقاد

    ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی، احسان اللہ ایاز) بابا گرو نانک یونیورسٹی کے شعبہ ریاضی اور بابا گرو نانک میتھمیٹیکل سوسائٹی کے اشتراک سے "پائیدار ترقی کے لیے معیاری تعلیم” کے عنوان سے دو روزہ نیشنل کانفرنس آن میتھمیٹکس (NCM) کامیابی سے منعقد ہوئی، جس میں ملک بھر کی 27 جامعات سے 60 سے زائد محققین اور معزز مقررین نے شرکت کی۔

    افتتاحی اجلاس میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سجاد مبین، رجسٹرار مبشر طارق اور چیئرمین شعبہ ریاضی ڈاکٹر شاہد مبین نے شرکاء کو خوش آمدید کہا۔ وائس چانسلر نے کانفرنس کو علمی ترقی کی جانب اہم قدم قرار دیا جبکہ ڈاکٹر شاہد مبین نے اس کے تحقیقی و تربیتی مقاصد پر روشنی ڈالی۔

    کانفرنس کے مؤثر انعقاد میں ڈاکٹر عامر عباس (فوکل پرسن)، ڈاکٹر عامر شہزاد، مریم شفیق، محمد فاروق، محمد ذیشان، حلیمہ سادیہ، اقرا نیاب، ڈاکٹر افتخار علی، بلال خان اور عطیہ حمید سمیت پوری تنظیمی ٹیم نے اہم کردار ادا کیا۔ کانفرنس نے طلباء و محققین کو سیکھنے، تبادلہ خیال، اور ریسرچ نیٹ ورکنگ کا منفرد موقع فراہم کیا۔

  • ننکانہ : فصلوں کی باقیات جلانے پر ڈی سی متحرک، رات گئے موٹروے پر اچانک دورہ، سخت کارروائی کا حکم

    ننکانہ : فصلوں کی باقیات جلانے پر ڈی سی متحرک، رات گئے موٹروے پر اچانک دورہ، سخت کارروائی کا حکم

    ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی، نامہ نگار احسان اللہ ایاز) ضلع ننکانہ صاحب میں فصلوں کی باقیات کو آگ لگانے کے بڑھتے واقعات پر ضلعی انتظامیہ حرکت میں آ گئی۔ ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راؤ نے رات گئے موٹروے ایم تھری کا اچانک دورہ کرتے ہوئے فصلوں کو نذر آتش کیے جانے کا سخت نوٹس لیا اور متعلقہ افسران کو موقع پر طلب کر کے فوری کارروائی کی ہدایات جاری کیں۔

    ڈی سی ننکانہ کے ہمراہ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر ننکانہ عطیہ عنایت، ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت محمد اشرف اور ریونیو فیلڈ سٹاف بھی موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ فصلوں کی باقیات جلانے والوں کے خلاف دفعہ 144 کے تحت مقدمات درج کیے جائیں اور بھاری جرمانے عائد کیے جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ موٹروے کے اطراف فصلوں کو آگ لگانا نہ صرف سموگ بلکہ ممکنہ ٹریفک حادثات کا بھی سبب بن سکتا ہے، جس سے انسانی جانوں کو خطرہ لاحق ہو سکتا ہے۔

    بعد ازاں ڈی سی کمیٹی روم میں فصلوں کی باقیات جلانے کے انسداد کے لیے ایک اہم اجلاس بھی منعقد ہوا، جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو رائے ذوالفقار علی، ایڈیشنل ڈی سی جنرل شاہد کھوکھر، ڈپٹی ڈائریکٹر تحفظ ماحول فوزیہ اکرم، اور دیگر افسران شریک ہوئے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ فیلڈ فارمیشنز کو فوری طور پر متحرک کیا جائے اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت ایکشن یقینی بنایا جائے۔

    ڈپٹی کمشنر تسلیم اختر نے ہدایت کی کہ تمام متعلقہ ادارے روزانہ کی بنیاد پر کارروائی کی رپورٹ ان کے دفتر میں جمع کرائیں تاکہ ضلعی سطح پر سموگ سے بچاؤ کے اقدامات کو مؤثر بنایا جا سکے۔

  • ننکانہ : خواجہ عمران نذیر کی بھارتی ڈرون حملے میں زخمی شہری محمد احمد کی عیادت

    ننکانہ : خواجہ عمران نذیر کی بھارتی ڈرون حملے میں زخمی شہری محمد احمد کی عیادت

    ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی، نامہ نگار احسان اللہ ایاز) صوبائی وزیر صحت و آبادی خواجہ عمران نذیر اور ملٹری افسران نے بھارتی ڈرون حملے میں زخمی ہونے والے نوجوان محمد احمد کے گھر تحصیل شاہ کوٹ کا دورہ کیا۔ اس موقع پر زخمی نوجوان کی عیادت کی گئی اور ملٹری افسران نے اسے پھولوں کے گلدستے پیش کیے۔ ضلعی انتظامیہ کو زخمی شہری کی بہترین طبی سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایات دی گئیں۔

    صوبائی وزیر خواجہ عمران نذیر نے اہل دیہہ کے ہمراہ پاکستان زندہ باد اور پاکستان فوج زندہ باد کے نعرے بھی لگائے۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج بھارت کی جارحیت کے سامنے سیسہ پلائی دیوار کی مانند ہے اور قوم اپنی بہادر افواج پر فخر کرتی ہے۔ خواجہ عمران نذیر نے مزید کہا کہ آپریشن "بُنْيَانٌ مَّرْصُوْصٌ” کی کامیابی نے دشمن کے غرور کو خاک میں ملا دیا ہے اور ہماری افواج نے عالمی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔

    اس موقع پر ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راو نے بھی اپنی گفتگو میں کہا کہ افواجِ پاکستان نے ہر محاذ پر بھارت کو شکست دی اور پوری قوم اپنی فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔