Baaghi TV

Category: ننکانہ

  • واربرٹن کے نوجوان محمد وقاص نے دبئی آرم ریسلنگ چیمپئن شپ میں پہلی پوزیشن حاصل کر لی

    واربرٹن کے نوجوان محمد وقاص نے دبئی آرم ریسلنگ چیمپئن شپ میں پہلی پوزیشن حاصل کر لی

    واربرٹن (نامہ نگار)دبئی میں منعقد ہونے والی ساتویں سالانہ آرم ریسلنگ چیمپئن شپ میں واربرٹن سے تعلق رکھنے والے نوجوان کھلاڑی محمد وقاص نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پہلی پوزیشن حاصل کر لی۔

    تفصیلات کے مطابق دبئی حکومت کے زیر اہتمام آرم ریسلنگ چیمپئن شپ کا انعقاد کیا گیا، جس میں انڈیا، مصر، لبنان، متحدہ عرب امارات، نیپال سمیت ایشیا کے دیگر ممالک اور جنوبی افریقہ کے کھلاڑیوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

    محمد وقاص نے 80 کلوگرام کی کیٹیگری میں اپنی غیر معمولی صلاحیتوں کا لوہا منواتے ہوئے پہلی پوزیشن اپنے نام کی۔ اس مقابلے میں دوسری پوزیشن جنوبی افریقہ کے کھلاڑی ڈینیل نے حاصل کی جبکہ تیسری پوزیشن انڈیا سے تعلق رکھنے والے نوجوان کھلاڑی کے حصے میں آئی۔

    محمد وقاص کی اس کامیابی پر اہلِ علاقہ، دوست احباب اور کھیلوں سے وابستہ حلقوں نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اسے واربرٹن کے لیے اعزاز قرار دیا ہے۔

  • ٹریفک قوانین اور منشیات پر زیرو ٹالرنس، آر پی او شیخوپورہ

    ٹریفک قوانین اور منشیات پر زیرو ٹالرنس، آر پی او شیخوپورہ

    ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی، نامہ نگار احسان اللہ ایاز)آر پی او شیخوپورہ اطہر اسماعیل نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق ٹریفک قوانین پر سختی سے عملدرآمد اور منشیات کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل کیا جا رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع ننکانہ صاحب میں منعقدہ ٹریفک قوانین آگاہی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

    تفصیلات کے مطابق آر پی او شیخوپورہ اطہر اسماعیل نے ڈی پی او ننکانہ صاحب فراز احمد کے ہمراہ ضلع کا دورہ کیا اور ٹریفک آگاہی مہم کے سیمینار میں شرکت کی۔ سیمینار میں ڈی ایس پی ٹریفک عاصم اعوان، حرا ایجوکیشن سسٹم کے سربراہان، اساتذہ، طلباء اور پرائیویٹ سکول ایسوسی ایشن کے عہدیداران نے شرکت کی۔ شرکاء کو ٹریفک آگاہی کے حوالے سے ایک شارٹ فلم بھی دکھائی گئی۔

    اس موقع پر آر پی او نے کہا کہ کسی بھی قوم کی ترقی کا اندازہ سڑکوں پر ٹریفک قوانین کی پابندی سے لگایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ رویوں میں مثبت تبدیلی اور قانون سے متعلق آگاہی پیدا کرنا ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے۔ آر پی او نے واضح کیا کہ تعلیمی اداروں اور معاشرے میں منشیات کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن جاری ہے اور اس معاملے پر کسی قسم کی رعایت نہیں دی جائے گی۔

    انہوں نے اساتذہ اور طلباء پر زور دیا کہ وہ ٹریفک قوانین کی پابندی اور منشیات فروشی کے خلاف پولیس کا ساتھ دیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے شہداء اور غازی شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرتے ہیں، اس لیے ہم سب کو مل کر معاشرتی برائیوں کے خاتمے کا عزم کرنا ہوگا۔

    آر پی او نے مختلف شعبوں میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے طلباء و طالبات کو اعزازی سرٹیفیکیٹس دیے، جبکہ حرا ایجوکیشن سسٹم کی جانب سے آر پی او، ڈی پی او اور ڈسٹرکٹ ٹریفک آفیسر کو اعزازی شیلڈز پیش کی گئیں۔ ہمدرد کتب خانہ کی جانب سے پولیس افسران کو غلافِ کعبہ کا تحفہ بھی دیا گیا۔

    سیمینار کے اختتام پر شرکاء میں ٹریفک آگاہی پمفلٹس تقسیم کیے گئے اور ٹریفک قوانین آگاہی واک بھی کی گئی۔ سیمینار میں حرا ایجوکیشن سسٹم کے ڈائریکٹر چوہدری مجید، ایگزیکٹیو ڈائریکٹر قیصر عرفان چوہدری، پاکستان چیمبر آف ایجوکیشن کے چیئرمین نصیب الٰہی گجر، ہمدرد بک ڈپو لاہور کے جمیل احمد، ماہر تعلیم سعید اختر اور پرائیویٹ سکول ایجوکیشن ننکانہ کے عہدیداران بھی موجود تھے۔

  • ننکانہ صاحب :پیرا فورس میں بھرتی، سخت اسکرونٹی کا عمل جاری

    ننکانہ صاحب :پیرا فورس میں بھرتی، سخت اسکرونٹی کا عمل جاری

    ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی، نامہ نگار احسان اللہ ایاز)تجاوزات اور مصنوعی مہنگائی کے خاتمے کے لیے پیرا فورس میں انویسٹیگیشن افسران کی بھرتی کا عمل سخت اسکرونٹی کے تحت جاری ہے۔ یہ بھرتی ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب محمد تسلیم اختر راو، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز اور اسسٹنٹ کمشنرز کی براہِ راست نگرانی میں مکمل کی جا رہی ہے جبکہ متعلقہ ضلعی افسران بھی عمل کی نگرانی پر مامور ہیں۔

    ضلعی انتظامیہ ننکانہ صاحب کی جانب سے انویسٹیگیشن افسران کے لیے رننگ اور فزیکل ٹیسٹ کامیابی سے مکمل کر لیے گئے۔ خواتین امیدواروں کے لیے رننگ ٹیسٹ میں مجموعی طور پر 37 خواتین نے حصہ لیا، جنہیں 12 منٹ میں ایک میل کا فاصلہ طے کرنا تھا۔ مقررہ وقت میں 16 خواتین رننگ ٹیسٹ پاس کرنے میں کامیاب ہوئیں جبکہ 21 خواتین فیل قرار پائیں۔ فزیکل ٹیسٹ میں 15 خواتین کامیاب جبکہ ایک خاتون ناکام رہی۔

    مرد امیدواروں کے لیے رننگ ٹیسٹ میں 155 امیدواروں نے شرکت کی، جنہیں 8 منٹ میں ایک میل کا فاصلہ مکمل کرنا تھا۔ 76 مرد امیدوار رننگ ٹیسٹ میں کامیاب رہے جبکہ 79 امیدوار مقررہ وقت میں فاصلہ طے نہ کر سکے۔ رننگ ٹیسٹ میں محمد مدثر نے پہلی، محسن عباس نے دوسری اور محمد طیب نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔

    فزیکل ٹیسٹ کے دوران 64 مرد امیدوار کامیاب ہوئے جبکہ 12 امیدوار فیل قرار پائے۔ رننگ اور فزیکل ٹیسٹ کے مقامات پر پینے کے صاف پانی، صفائی ستھرائی اور میڈیکل سہولیات کا مکمل انتظام کیا گیا تھا۔

    ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ بھرتی کے عمل میں شفافیت اور میرٹ پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور تمام مراحل مکمل طور پر قانون کے مطابق مکمل کیے جا رہے ہیں۔

  • ننکانہ صاحب: زگ زیگ ٹیکنالوجی استعمال نہ کرنے والے بھٹوں کے خلاف کارروائی، بھٹہ مسمار

    ننکانہ صاحب: زگ زیگ ٹیکنالوجی استعمال نہ کرنے والے بھٹوں کے خلاف کارروائی، بھٹہ مسمار

    ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی،نامہ نگاراحسان اللہ ایاز) ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب محمد تسلیم اختر راو کی ہدایت پر محکمہ ماحولیات نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے زگ زیگ ٹیکنالوجی استعمال نہ کرنے والے اینٹوں کے بھٹے کو مسمار کر دیا۔

    کارروائی ننکانہ صاحب کے نواحی قصبہ واربرٹن میں کی گئی، جہاں آلودگی پھیلانے اور سموگ کا سبب بننے والے بھٹے کے خلاف سخت ایکشن لیا گیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راو نے کہا کہ ماحولیاتی آلودگی پھیلانے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن بلا امتیاز جاری رہے گا۔

    انہوں نے بتایا کہ متعلقہ ادارے روزانہ کی بنیاد پر صنعتی یونٹس اور بھٹہ جات کی چیکنگ کر رہے ہیں تاکہ ماحولیاتی قوانین پر عملدرآمد یقینی بنایا جا سکے۔ ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ حکومت پنجاب عوام کو صاف اور صحت مند ماحول فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے اور اس مقصد کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ماحول کو بہتر بنانے کے لیے گرینڈ شجرکاری مہم بھی جاری ہے، جبکہ صاف ماحول کے قیام کے لیے شہریوں کا تعاون ناگزیر ہے۔

  • ننکانہ صاحب: ڈپٹی کمشنر اور وائس چانسلر کا بابا گرو نانک یونیورسٹی کے تعمیراتی کاموں کا جائزہ

    ننکانہ صاحب: ڈپٹی کمشنر اور وائس چانسلر کا بابا گرو نانک یونیورسٹی کے تعمیراتی کاموں کا جائزہ

    ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی نامہ نگار احسان اللہ ایاز)ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب محمد تسلیم اختر راؤ اور وائس چانسلر بابا گرو نانک یونیورسٹی ڈاکٹر شاہد عمران نے بابا گرو نانک یونیورسٹی کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے نئے کیمپس میں جاری تعمیراتی کاموں کا تفصیلی جائزہ لیا۔

    ڈپٹی کمشنر اور وائس چانسلر نے دیگر افسران کے ہمراہ یونیورسٹی کے اکیڈمک بلاکس کا دورہ کیا اور تعمیراتی پیش رفت، معیار اور رفتار کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر ایکسین بلڈنگ کاشف خورشید نے بابا گرو نانک یونیورسٹی کے تعمیراتی کاموں سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی اور مختلف منصوبوں کی موجودہ صورتحال سے آگاہ کیا۔

    دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز اور وائس چانسلر نے بابا گرو نانک یونیورسٹی میں پودے بھی لگائے اور سرسبز و شاداب ماحول کے فروغ کے عزم کا اظہار کیا۔ وائس چانسلر ڈاکٹر شاہد عمران نے اس موقع پر کہا کہ تعلیمی سرگرمیوں کے بلا تعطل تسلسل کے لیے ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل ناگزیر ہے، جبکہ یونیورسٹی کے تعمیراتی کاموں کی جلد تکمیل بڑھتی ہوئی تعلیمی اور انتظامی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے انتہائی اہم ہے۔

    ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راؤ نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ نئے کیمپس کو جلد از جلد یونیورسٹی کے حوالے کرنے کے لیے پرعزم ہے، اس مقصد کے لیے تعمیراتی معیار کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ کام کی رفتار کو بھی تیز کیا جائے گا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ کیمپس کو صاف ستھرا اور سرسبز ماحول فراہم کرنے کے لیے بڑے پیمانے پر شجرکاری کی جائے اور گرین کیمپس کے تصور کو عملی شکل دی جائے۔

    دورے کے موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز، اسسٹنٹ کمشنر ننکانہ، رجسٹرار، ڈی ڈی ڈویلپمنٹ، ایکسین بلڈنگ، ڈی او انفارمیشن سمیت دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔

  • ننکانہ : ڈی سی کی زیر صدارت پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کا اہم اجلاس، مصنوعی مہنگائی کے خلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ

    ننکانہ : ڈی سی کی زیر صدارت پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کا اہم اجلاس، مصنوعی مہنگائی کے خلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ

    ننکانہ صاحب( باغی ٹی وی نامہ نگار احسان اللہ ایاز) ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راؤ کی زیر صدارت پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کا اہم اجلاس، مصنوعی مہنگائی کے خلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ

    ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب محمد تسلیم اختر راؤ کی زیر صدارت ضلعی پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لیے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز، اسسٹنٹ کمشنرز اور تمام ضلعی پرائس مجسٹریٹس نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو ماہین فاطمہ نے تمام مجسٹریٹس کی انفرادی کارکردگی کے حوالے سے ڈپٹی کمشنر کو تفصیلی بریفنگ دی۔ اجلاس میں ضلعی انتظامیہ نے مصنوعی مہنگائی کرنے والے عناصر کے خلاف شکنجہ سخت کرنے کا دوٹوک فیصلہ کرتے ہوئے ہدایت کی کہ اشیاء ضروریہ کی مقررہ نرخوں سے زائد پر فروخت کرنے والوں کو بھاری جرمانے کیے جائیں اور سنگین خلاف ورزیوں پر فوری ایف آئی آرز (FIRs) درج کی جائیں تاکہ عام آدمی کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔

    ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راؤ نے گوشت کی فروخت میں ہونے والی بے ضابطگیوں کا سخت نوٹس لیتے ہوئے غیر معیاری اور پانی لگا کر گوشت بیچنے والوں کے خلاف روزانہ کی بنیاد پر کریک ڈاؤن کرنے کا حکم دیا۔ انہوں نے قصابوں کے خلاف کارروائیوں کو مزید مؤثر بنانے کے لیے لائیو اسٹاک پرائس مجسٹریٹس کے ساتھ ساتھ پیرا فورس کو بھی خصوصی اختیارات تفویض کر دیے ہیں، جبکہ اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ قصبوں کی سطح پر سلاٹر ہاؤسز کے لیے فوری جگہ تلاش کریں اور بازاروں یا گھروں میں غیر قانونی طور پر جانور ذبح کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ روٹی اور نان کی حکومت کی جانب سے مقرر کردہ قیمتوں پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور ہر ہوٹل و تندور پر ریٹ لسٹ کی فلیکسز واضح جگہ پر آویزاں کرنا لازمی ہوگا۔

    اجلاس کے اختتام پر ڈپٹی کمشنر نے تمام پرائس مجسٹریٹس کو روزانہ کی بنیاد پر کم از کم 40 مقامات کی چیکنگ کا ہدف دیتے ہوئے خبردار کیا کہ کام نہ کرنے والے افسران کی ضلع میں کوئی جگہ نہیں ہے۔ انہوں نے سخت لہجہ اختیار کرتے ہوئے کہا کہ نااہلی اور سستی کا مظاہرہ کرنے والے افسران ننکانہ صاحب سے اپنا تبادلہ کروا لیں کیونکہ وہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی کارکردگی کا ہفتہ وار بنیادوں پر خود جائزہ لیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ عوامی مفاد اور اشیاء خورونوش کی سستے داموں فراہمی ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے اور اس حوالے سے کسی بھی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

  • ریسکیو 1122 ننکانہ صاحب کی 2025 کارکردگی، پیشہ ورانہ مثالی خدمت

    ریسکیو 1122 ننکانہ صاحب کی 2025 کارکردگی، پیشہ ورانہ مثالی خدمت

    ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی نامہ نگار احسان اللہ ایاز) ضلعی ہیڈ کوارٹرز پنجاب ایمرجنسی سروس ریسکیو 1122 ننکانہ صاحب میں سال 2025 کی سالانہ کارکردگی کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا، جس کی صدارت ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر محمد اکرم پنوار نے کی۔ اجلاس میں ریسکیو سیفٹی آفیسر علی عمران، عمران شہزاد، کنٹرول روم انچارج محمد نوید، اسٹیشن کوآرڈینیٹرز محمد سعید، محمد نواز، شاہد یوسف، ریسکیو افسران اور میڈیا کوآرڈینیٹر علی اکبر نے شرکت کی۔

    اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے کنٹرول روم انچارج محمد نوید نے بتایا کہ سال 2025 کے دوران ریسکیو 1122 ننکانہ صاحب کو مجموعی طور پر 1 لاکھ 84 ہزار 269 کالز موصول ہوئیں، جن میں 43 ہزار 81 ایمرجنسی کالز شامل تھیں۔ ان ایمرجنسیز میں 54 ہزار 553 متاثرین کو ریسکیو کیا گیا، جن میں 8 ہزار 597 روڈ ٹریفک حادثات، 28 ہزار 145 میڈیکل ایمرجنسیز، 555 آتشزدگی کے واقعات، 889 لڑائی جھگڑوں و تشدد کے کیسز، پانی میں ڈوبنے کے 32، عمارتوں کے منہدم ہونے کے 73 اور 4 ہزار 790 دیگر نوعیت کی ایمرجنسیز شامل تھیں۔

    ریسکیو 1122 نے اوسطاً 7 منٹ کا ریسپانس ٹائم برقرار رکھتے ہوئے 26 ہزار 776 زخمیوں کو موقع پر طبی امداد فراہم کی، جبکہ 26 ہزار 783 متاثرین کو ابتدائی طبی امداد کے بعد مختلف ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔ سڑک حادثات اور میڈیکل ایمرجنسیز کے دوران 994 متاثرین جانبر نہ ہو سکے۔ ضلعی سطح پر سہولیات دستیاب نہ ہونے کے باعث 3 ہزار 895 مریضوں کو لاہور اور فیصل آباد کے ہسپتالوں میں پیشنٹ ٹرانسفر سروس کے ذریعے بلا معاوضہ منتقل کیا گیا۔

    رپورٹ میں بتایا گیا کہ جنگی حالات کے دوران ریسکیو 1122 ہائی الرٹ رہی اور شاہ کوٹ کے علاقے دھارو والی میں ڈرون گرنے کے واقعے میں بروقت امدادی کارروائیاں کی گئیں۔ دریائے راوی میں شدید سیلاب کے دوران 6 ہزار 728 متاثرہ افراد اور 10 ہزار 368 جانوروں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا جبکہ 2 ہزار 972 افراد کو ٹرانسپورٹ سہولت فراہم کی گئی۔ ریسکیو 1122 اور ضلعی انتظامیہ کے باہمی تعاون سے سیلاب کے دوران کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔

    ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر محمد اکرم پنوار نے ریسکیورز اور افسران کی شبانہ روز محنت کو سراہتے ہوئے کہا کہ ریسکیو 1122 کی سالانہ رپورٹ احساسِ ذمہ داری اور شاندار پیشہ ورانہ کارکردگی کی عکاس ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ وقت کے تقاضوں کے مطابق ریسکیورز کی جسمانی فٹنس اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں مزید بہتری لائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ سال 2026 میں عوامی روابط، آگاہی مہمات اور بنیادی تربیت کو مزید فروغ دیا جائے گا تاکہ حادثات اور سانحات کی روک تھام ممکن بنائی جا سکے۔

  • ننکانہ:ضلعی انتظامیہ کی جانب سے نئے سال کی آمد پر شاندار آتشبازی کامظاہرہ

    ننکانہ:ضلعی انتظامیہ کی جانب سے نئے سال کی آمد پر شاندار آتشبازی کامظاہرہ

    ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی ،نامہ نگار احسان اللہ ایاز) ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام نئے سال کی آمد کے موقع پر ریلوے اسٹیشن ننکانہ صاحب پر شاندار آتشبازی کا اہتمام کیا گیا۔ تقریب میں ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راؤ اور ڈی پی او فراز احمد نے خصوصی شرکت کی، جبکہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز، اسسٹنٹ کمشنرز، ضلعی افسران اور میڈیا نمائندگان بھی موجود تھے۔

    آتشبازی دیکھنے کے لیے شہریوں کی بڑی تعداد ریلوے اسٹیشن پہنچ گئی۔ اس موقع پر نوجوانوں نے ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے اور نئے سال کی خوشیاں منائیں۔ ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راؤ نے شہریوں کو نئے سال کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ دعا ہے نیا سال اہلِ پاکستان کے لیے خوشیوں، ترقی اور خوشحالی کا پیامبر ثابت ہو۔ انہوں نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ ہم سب مل کر ملکی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کریں گے اور نئے سال میں اپنے شہر کو مزید خوبصورت بنانے کے لیے متحد ہو کر کام کریں گے۔

  • ننکانہ صاحب: پتنگ بازی اور مینوفیکچرنگ پر مکمل پابندی عائد

    ننکانہ صاحب: پتنگ بازی اور مینوفیکچرنگ پر مکمل پابندی عائد

    ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی، نامہ نگار احسان اللہ ایاز):ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب محمد تسلیم اختر راو نے ضلع میں پتنگ بازی اور مینوفیکچرنگ پر مکمل پابندی کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب ریگولیشن آف کائٹ فلائنگ آرڈیننس 2025 کے تحت خلاف ورزی کرنے والے افراد کو 50 لاکھ روپے جرمانہ اور 7 سال تک کی سزا ہوسکتی ہے۔

    ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے کسی کو پتنگ اڑانے یا بنانے کا لائسنس جاری نہیں کیا گیا اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔ والدین کو بھی اپنے بچوں پر گہری نظر رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے، اور اگر کوئی بچہ پتنگ اڑاتے پکڑا گیا تو والدین کو بھی سزا یا جرمانہ ہو سکتا ہے۔

    شہری انتظامیہ سے اپیل کرتے ہوئے پتنگ، ڈور بنانے یا اڑانے والوں کی اطلاع متعلقہ اسسٹنٹ کمشنرز، ضلعی انتظامیہ کے کنٹرول روم نمبرز 056-9201046، 056-9201157، پولیس 15 یا متعلقہ ایس ایچ او کو دینے کی ہدایت کی گئی ہے۔ اطلاع دینے والے شہریوں کا نام رازداری کے ساتھ رکھا جائے گا اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے 5 ہزار روپے انعام بھی دیا جائے گا۔

  • قائداعظم کے اصولوں پر عمل پیرا ہو کر ہی ملک کو بحرانوں سے نکالا جا سکتا ہے، شیخ خلیل الرحمن چاولہ

    قائداعظم کے اصولوں پر عمل پیرا ہو کر ہی ملک کو بحرانوں سے نکالا جا سکتا ہے، شیخ خلیل الرحمن چاولہ

    واربرٹن (باغی ٹی وی ،نامہ نگارعبدالغفارچوہدری) سٹی پریس کلب رجسٹرڈ واربرٹن کے صدر شیخ خلیل الرحمن چاولہ نے بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے یومِ ولادت کے سلسلے میں اپنے ایک خصوصی بیان میں کہا ہے کہ پاکستان محض ایک اتفاق نہیں بلکہ قائداعظم کی قائدانہ صلاحیتوں، بے مثال اصول پسندی اور انتھک جدوجہد کا ثمر ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ قائداعظم کے افکار اور فرمودات آج بھی قوم کے لیے مشعلِ راہ ہیں اور ان کے بتائے ہوئے رہنما اصول ہی قومی ترقی اور خوشحالی کی اصل بنیاد سمجھے جاتے ہیں۔ شیخ خلیل الرحمن چاولہ کا کہنا تھا کہ قائداعظم نے ایمان، اتحاد اور تنظیم کا جو سنہری سبق قوم کو دیا، وہ محض ایک نعرہ نہیں بلکہ ایک مکمل فلسفہ ہے جس پر خلوصِ دل سے عمل پیرا ہو کر ہی پاکستان کو درپیش موجودہ اندرونی اور بیرونی مشکلات کے گرداب سے نکالا جا سکتا ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ آج کے دور میں اس امر کی اشد ضرورت ہے کہ ہم تمام تر ذاتی مفادات سے بالاتر ہو کر صرف قومی مفادات کو ملحوظِ خاطر رکھیں اور اپنی نئی نسل کو قائداعظم کے نظریات سے روشناس کروائیں۔ صدر سٹی پریس کلب نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ملک کی تعمیر و ترقی میں نوجوانوں کا کردار کلیدی ہے، اور اگر ہم اپنی نسل کی فکری آبیاری قائداعظم کے اصولوں کے مطابق کریں گے تو وہ ملک و قوم کی خوشحالی میں اپنا مثبت اور مؤثر کردار ادا کرنے کے قابل ہو سکیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ قائداعظم کے نقشِ قدم پر چل کر ہی ہم ایک مضبوط اور مستحکم پاکستان کا خواب شرمندہ تعبیر کر سکتے ہیں جس کا خواب بانیِ پاکستان نے دیکھا تھا۔