Baaghi TV

Category: اوکاڑہ

  • اوکاڑہ: زرعی یونیورسٹی میں فائر سیفٹی سیمینار اور ہنگامی حالات سے نمٹنے کی تربیتی مشقوں کا انعقاد

    اوکاڑہ: زرعی یونیورسٹی میں فائر سیفٹی سیمینار اور ہنگامی حالات سے نمٹنے کی تربیتی مشقوں کا انعقاد

    اوکاڑہ( نامہ نگار ملک ظفر )سول ڈیفنس آفیسر جاوید اختر کھچی کی خصوصی زیر نگرانی یونیورسٹی آف ایگریکلچر فیصل آباد اوکاڑہ کیمپس میں فائر سیفٹی اور حفاظتی اقدامات کے حوالے سے ایک اہم آگاہی سیمینار اور موک ایکسرسائز کا انعقاد کیا گیا ہے۔ اس سرگرمی کا بنیادی مقصد یونیورسٹی کے طلبہ، اساتذہ اور دیگر عملے میں کسی بھی ناگہانی یا ہنگامی صورتحال سے مؤثر طریقے سے نمٹنے کی صلاحیت پیدا کرنا تھا۔ سیمینار کے دوران سول ڈیفنس آفیسر جاوید اختر کھچی نے شرکاء کو آگ لگنے کی مختلف وجوہات، ابتدائی حفاظتی تدابیر، آگ بجھانے والے آلات (فائر ایکسٹی نشرز) کے درست استعمال اور عمارت سے ہنگامی انخلا کے طریقہ کار پر تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ہنگامی حالات میں حواس باختہ ہونے کے بجائے پرسکون رہ کر فوری ردعمل دینا ہی قیمتی جانوں اور املاک کو بچانے کا بہترین طریقہ ہے۔

    تربیتی سیشن کے دوسرے مرحلے میں باقاعدہ موک ایکسرسائز کا اہتمام کیا گیا، جس میں طلبہ اور یونیورسٹی اسٹاف نے فائر الارم بجنے پر محفوظ راستوں سے انخلا اور امدادی اداروں کے ساتھ تعاون کرنے کے عملی مظاہرے پیش کیے۔ اس موقع پر محکمہ سول ڈیفنس، پولیس اور دیگر سیکیورٹی اداروں کی جانب سے مشترکہ فرضی مشقیں بھی کی گئیں تاکہ یونیورسٹی کے حفاظتی انتظامات کو مزید فول پروف بنایا جا سکے۔ تقریب کے شرکاء نے سول ڈیفنس کے اس اقدام کو انتہائی مفید قرار دیتے ہوئے کہا کہ تعلیمی اداروں میں اس طرح کی تربیتی سرگرمیاں وقت کی اہم ضرورت ہیں تاکہ نوجوان نسل کسی بھی حادثے کی صورت میں فرسٹ ایڈ اور حفاظتی اقدامات سے مکمل طور پر باخبر ہو۔

  • اوکاڑہ: ڈی پی او محمد راشد ہدایت کا چرچز کا دورہ، کرسمس کے لیے ایک ہزار سے زائد پولیس اہلکار تعینات

    اوکاڑہ: ڈی پی او محمد راشد ہدایت کا چرچز کا دورہ، کرسمس کے لیے ایک ہزار سے زائد پولیس اہلکار تعینات

    اوکاڑہ(نامہ نگار ملک ظفر)ڈی پی او اوکاڑہ محمد راشد ہدایت نے کرسمس کی آمد کے پیش نظر ضلع بھر میں سیکیورٹی انتظامات کو حتمی شکل دیتے ہوئے مختلف گرجا گھروں کا تفصیلی دورہ کیا اور حفاظتی اقدامات کا جائزہ لیا۔ دورے کے دوران ڈی پی او نے کیتھولک چرچ، ناصری چرچ اور کرائسٹ چرچ میں سیکیورٹی کے انتظامات کا معائنہ کیا اور وہاں ڈیوٹی پر مامور افسران و اہلکاروں کو الرٹ رہنے کی سخت ہدایات جاری کیں۔ محمد راشد ہدایت نے اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ مسیحی برادری کے تہوار کے موقع پر ضلع بھر میں فول پروف سیکیورٹی یقینی بنانے کے لیے ایک ہزار سے زائد پولیس افسران اور جوانوں کو خصوصی طور پر تعینات کیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے اور امن و امان کی صورتحال برقرار رہے۔

    ڈی پی او اوکاڑہ کا مزید کہنا تھا کہ چرچز کے ساتھ ساتھ فیملی پارکس، عوامی مقامات اور اہم شاہراہوں پر بھی اضافی نفری تعینات کی گئی ہے اور مسیحی برادری کے تحفظ کے لیے تمام ضروری وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ اوکاڑہ پولیس پرامن کرسمس کے انعقاد کے لیے پوری طرح متحرک ہے اور سیکیورٹی ڈیوٹی میں کسی بھی قسم کی غفلت یا کوتاہی کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ تمام ناکہ جات اور حساس مقامات کی کڑی نگرانی کی جا رہی ہے تاکہ شہری بلا خوف و خطر اپنی خوشیوں میں شریک ہو سکیں اور ضلع بھر میں بھائی چارے کی فضا قائم رہے۔

  • اوکاڑہ: منشیات فروش کو 20 سال قید اور 5 لاکھ روپے جرمانے کی سزا

    اوکاڑہ: منشیات فروش کو 20 سال قید اور 5 لاکھ روپے جرمانے کی سزا

    اوکاڑہ(نامہ نگارملک ظفر) ایڈیشنل سیشن جج عشرت عباس کی عدالت نے منشیات فروشی کے مقدمے میں ملوث ملزم کو جرم ثابت ہونے پر 20 سال قید اور 5 لاکھ روپے جرمانے کی سزا کا حکم سنا دیا ہے۔ استغاثہ کے مطابق تھانہ ستگھرہ پولیس نے جون 2024 میں خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے چک نمبر 10 ون آر کے قریب سے ایک بڑے ڈرگ ڈیلر ناصر علی ولد اللہ بخش کو گرفتار کیا تھا، جس کے قبضے سے 5 کلو 260 گرام چرس برآمد ہوئی تھی۔ پولیس نے ملزم کے خلاف فوری طور پر تھانہ ستگھرہ میں مقدمہ نمبر 359/24 درج کر کے تفتیش کا آغاز کیا اور تمام قانونی تقاضے پورے کرنے کے بعد چالان عدالت میں پیش کیا۔

    دورانِ سماعت پولیس کی لیگل ٹیم نے عدالت میں ٹھوس شواہد اور دستاویزی ثبوت پیش کیے، جس پر استغاثہ نے ملزم کے خلاف مقدمے کا بھرپور دفاع کیا۔ عدالت نے ملزم کو بھی اپنے دفاع کا پورا حق فراہم کیا، تاہم استغاثہ کی جانب سے فراہم کردہ شواہد اور گواہیوں کی روشنی میں جرم مکمل طور پر ثابت ہونے کی بناء پر فاضل جج نے ملزم ناصر علی کو 20 سال قید بامشقت اور 5 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی۔ جرمانے کی عدم ادائیگی کی صورت میں ملزم کو مزید قید بھگتنا ہوگی۔

    ڈی پی او اوکاڑہ راشد ہدایت نے منشیات فروش کو کیفرِ کردار تک پہنچانے پر لیگل ٹیم کی پیشہ ورانہ کارکردگی کو سراہا اور انہیں بہترین تفتیش و پیروی پر شاباش دی۔ انہوں نے اس موقع پر اپنے بیان میں کہا کہ ضلع بھر میں منشیات کے زہر کو پھیلانے والے عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رہے گا اور پولیس ایسے جرائم پیشہ افراد کو عدالتوں سے سخت سزائیں دلوانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لاتی رہے گی تاکہ معاشرے کو اس لعنت سے پاک کیا جا سکے۔

  • اوکاڑہ:کالج کی طالبات کا بہار کے وزیراعلیٰ کے خلاف احتجاج

    اوکاڑہ:کالج کی طالبات کا بہار کے وزیراعلیٰ کے خلاف احتجاج

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) اوکاڑہ میں گورنمنٹ گرلز کالج کی طالبات نے بھارت کی ریاست بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار کی جانب سے حجاب کی مبینہ بے حرمتی کے خلاف شدید احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرین نے واقعے کو خواتین کے احترام اور مذہبی آزادی پر حملہ قرار دیا۔

    تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو میں ایک خاتون کے ساتھ نامناسب رویہ دکھایا گیا، جس میں وہ واضح طور پر بے چینی محسوس کرتی نظر آتی ہیں جبکہ مبینہ طور پر بہار کے وزیر اعلیٰ نے خاتون کے حجاب کو چہرے سے نیچے کی جانب کھینچا۔ اس واقعے پر دنیا بھر میں مسلمانوں کے جذبات مجروح ہونے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔

    گورنمنٹ گرلز کالج اوکاڑہ کی پرنسپل انیلا افضال نے کہا کہ ویڈیو میں نظر آنے والا عمل انتہائی قابلِ مذمت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حجاب عورت کی عزت اور شناخت کی علامت ہے اور اس کی توہین کسی صورت برداشت نہیں کی جا سکتی۔

    احتجاج کے دوران طالبات نے پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر حجاب کے تقدس کے حق میں نعرے درج تھے۔ مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ واقعے کی شفاف تحقیقات کی جائیں اور مذہبی اقدار و خواتین کے احترام کو یقینی بنایا جائے۔

    طالبات اور کالج انتظامیہ نے عالمی برادری اور انسانی حقوق کی تنظیموں سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ اس معاملے کا نوٹس لیں۔ آخر میں مظاہرین نے پرامن احتجاج کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ مذہبی آزادی اور خواتین کے وقار کے تحفظ کے لیے اپنی آواز بلند کرتی رہیں گی۔

  • اوکاڑہ: نجی کالج میں سول ڈیفنس ریزیلینس کور رجسٹریشن اور فائر فائٹنگ آگاہی دی گئی

    اوکاڑہ: نجی کالج میں سول ڈیفنس ریزیلینس کور رجسٹریشن اور فائر فائٹنگ آگاہی دی گئی

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) سول ڈیفنس آفیسر جاوید اختر کھچی کی زیر نگرانی ایک نجی کالج میں سول ڈیفنس ریزیلینس کور میں رجسٹریشن اور فائر فائٹنگ سے متعلق حفاظتی اقدامات پر آگاہی سیشن کا انعقاد کیا گیا۔

    سیشن کے دوران طلبہ کو ریزیلینس کور میں شمولیت، ہنگامی حالات سے نمٹنے کے طریقہ کار، فائر سیفٹی آلات کے درست استعمال اور حفاظتی انتظامات سے آگاہ کیا گیا۔ سیمینار میں طلبہ و طالبات، اساتذہ اور رضاکاروں نے بھرپور شرکت کی۔

    سول ڈیفنس افسران نے شرکاء کو ریزیلینس کور میں شمولیت کے طریقہ کار، رجسٹریشن کے مراحل اور رضاکارانہ خدمات کی اہمیت سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر سول ڈیفنس آفیسر جاوید اختر کھچی نے کہا کہ سول ڈیفنس ریزیلینس کور کا مقصد ہنگامی حالات، قدرتی آفات اور مختلف حادثات کے دوران بروقت اور مؤثر امداد کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔

    انہوں نے طلبہ کو بتایا کہ بروقت احتیاطی تدابیر اور درست معلومات قیمتی جانیں بچانے میں کلیدی کردار ادا کرتی ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ عوامی آگاہی اور رضاکاروں کی شمولیت سے ایک محفوظ اور مضبوط معاشرہ تشکیل دیا جا سکتا ہے، اور اس مقصد کے لیے آگاہی پروگرامز کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رکھا جائے گا۔

  • اوکاڑہ: بلند شرحِ پیدائش اور پائیدار ترقی کے چیلنج پر اہم انٹریکٹیو سیشن

    اوکاڑہ: بلند شرحِ پیدائش اور پائیدار ترقی کے چیلنج پر اہم انٹریکٹیو سیشن

    اوکاڑہ (نامہ نگار، ملک ظفر): ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ کے زیرِ اہتمام صحافیوں، کالم نگاروں اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ ایک اہم انٹریکٹیو سیشن کا انعقاد کیا گیا، جس کا عنوان “پاکستان میں بلند ترین شرحِ پیدائش اور پائیدار ترقی کا چیلنج” تھا۔

    اس نشست میں علمائے کرام، سوشل انفلوئنسرز، صحافیوں، مختلف لائن ڈیپارٹمنٹس، این جی اوز کے نمائندگان، اساتذہ اور پیرامیڈیکل اسٹاف کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ سیشن کے میزبان ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیئر آفیسر چوہدری عاصم ہدایت نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ایک خصوصی تجزیاتی رپورٹ پیش کی۔

    انہوں نے انکشاف کیا کہ پاکستان میں بلند شرحِ پیدائش براہِ راست عالمی پائیدار ترقی کے اہداف (SDGs) کے حصول میں بڑی رکاوٹ بن رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جب تک آبادی اور دستیاب وسائل میں توازن قائم نہیں کیا جاتا، کوئی بھی معاشی پالیسی کامیاب نہیں ہو سکتی۔ انہوں نے میڈیا، اساتذہ اور مذہبی رہنماؤں پر زور دیا کہ وہ اس مسئلے کو “قومی بقا” کے تناظر میں اجاگر کریں۔

    تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ خطیب محکمہ اوقاف قاری سعید احمد عثمانی نے کہا کہ اسلام تعداد کے بجائے معیار کا درس دیتا ہے۔ ڈاکٹر عشناء رحمان، ویمن میڈیکل آفیسر ویل ویمن کلینک ڈی ایچ کیو ہسپتال نے کہا کہ فیملی پلاننگ کے بغیر ماں اور بچے کی صحت کو برقرار رکھنا ممکن نہیں، صحت مند خاندان ہی خوشحال پاکستان کی بنیاد ہیں۔

    مہمانِ خصوصی ڈپٹی ڈائریکٹر اطلاعات سید سلمان حسین نے کہا کہ آبادی میں غیر معمولی اضافے نے ملکی وسائل پر شدید دباؤ ڈال دیا ہے، جس کے منفی اثرات صحت اور تعلیم کے شعبوں پر واضح طور پر نظر آ رہے ہیں۔

    تقریب کے اختتام پر موجود علمائے کرام، کالم نگاروں اور دیگر اسٹیک ہولڈرز نے محکمہ پاپولیشن ویلفیئر کے ساتھ مکمل تعاون کی یقین دہانی کرواتے ہوئے حکومتِ پنجاب کا پیغام عوام تک پہنچانے کے عزم کا اظہار کیا۔

  • کمشنر ساہیوال کا رینالہ خورد ہسپتال کا معائنہ

    کمشنر ساہیوال کا رینالہ خورد ہسپتال کا معائنہ

    اوکاڑہ(نامہ نگارملک ظفر)کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل نے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال رینالہ خورد کا تفصیلی دورہ کیا اور وہاں مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے ہسپتال کے مختلف وارڈز، پرچی کاؤنٹر، استقبالیہ اور ذیابیطس کاؤنٹر کا معائنہ کرنے کے ساتھ ساتھ مریضوں کو انسولین کی فراہمی اور صفائی ستھرائی کے انتظامات کو بھی چیک کیا۔ اس موقع پر انہوں نے ہسپتال انتظامیہ کو صفائی کے معیار کو مزید بہتر بنانے اور مختلف مقامات پر ڈسٹ بنز کی تعداد بڑھانے کی خصوصی ہدایت جاری کی۔

    دوران معائنہ ڈاکٹر آصف طفیل نے فارمیسی میں ادویات کے اسٹاک اور متعلقہ ریکارڈ کی جانچ پڑتال کی اور ڈیوٹی ڈاکٹرز کو ہدایت کی کہ وہ اپنے فرائض مکمل ایمانداری اور تندہی سے سرانجام دیں۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ سرکاری ہسپتالوں میں وزیراعلیٰ پنجاب کے عوامی خدمت کے مشن کو ہر صورت عملی جامہ پہنایا جائے گا اور طبی خدمات کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہسپتال انتظامیہ، ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف عوام کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام ممکنہ اقدامات بروئے کار لائیں۔

  • گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان کی سابق وزیراعلیٰ میاں منظور احمد وٹو کے جنازے میں شرکت

    گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان کی سابق وزیراعلیٰ میاں منظور احمد وٹو کے جنازے میں شرکت

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر):گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب میاں منظور احمد وٹو مرحوم کی نمازِ جنازہ میں شرکت کی اور مرحوم کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کیا۔

    گورنر پنجاب نے مرحوم کے بلند درجات کے لیے دعا کرتے ہوئے کہا کہ میاں منظور احمد وٹو کی پاکستان پیپلز پارٹی کے لیے خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ مرحوم ایک منجھے ہوئے اور مدبر سیاستدان تھے جنہوں نے اپنی سیاسی زندگی میں اہم کردار ادا کیا۔

    میاں منظور احمد وٹو مرحوم کی نمازِ جنازہ ان کے آبائی گاؤں وساوے والا، حویلی لکھا میں ادا کی گئی، جس میں گورنر پنجاب کے علاوہ سیاسی رہنماؤں، صحافیوں، کاروباری شخصیات اور مختلف شعبۂ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

  • اوکاڑہ پولیس کی بڑی کارروائی،  ڈکیت گینگ کے 2 کارندے گرفتار، لاکھوں روپے مالیت کا مال مسروقہ اور اسلحہ

    اوکاڑہ پولیس کی بڑی کارروائی، ڈکیت گینگ کے 2 کارندے گرفتار، لاکھوں روپے مالیت کا مال مسروقہ اور اسلحہ

    اوکاڑہ (نامہ نگار، ملک ظفر) اوکاڑہ پولیس نے ڈکیتی اور راہزنی کی وارداتوں میں ملوث خطرناک گینگ کے خلاف بڑی کامیابی حاصل کرتے ہوئے دو ملزمان کو گرفتار کر لیا جن کے قبضے سے 5 لاکھ روپے سے زائد مالیت کا مال مسروقہ اور اسلحہ برآمد کر لیا گیا ہے۔ پولیس ترجمان کے مطابق ڈی پی او اوکاڑہ کی ہدایت پر جرائم پیشہ عناصر کے خلاف جاری مہم کے دوران تھانہ راوی کی پولیس ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے ڈکیت گینگ کے دو اہم کارندوں محمد اشرف عرف تکلی اور ممتاز کو دھر لیا۔ ملزمان کے قبضے سے برآمد ہونے والے مال مسروقہ میں 2 لاکھ روپے نقد رقم، 2 موٹر سائیکلیں اور 2 موبائل فون شامل ہیں جن کی مجموعی مالیت 5 لاکھ روپے سے زائد بنتی ہے۔

    پولیس حکام کا مزید کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان کے قبضے سے وارداتوں میں استعمال ہونے والے 2 عدد 30 بور پسٹل اور متعدد گولیاں بھی برآمد کی گئی ہیں۔ دورانِ تفتیش ملزمان نے تھانہ راوی کے مختلف علاقوں میں ڈکیتی اور راہزنی کی درجنوں وارداتیں کرنے کا اعتراف کیا ہے جس کے بعد پولیس نے ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان سے مزید پوچھ گچھ کے نتیجے میں دیگر وارداتوں کے سراغ اور مزید ریکوری کی قوی امید ہے، جبکہ علاقے میں امن و امان کے قیام کے لیے اس طرح کی کارروائیاں آئندہ بھی جاری رہیں گی۔

  • سیالکوٹ: ریسکیو 1122 کےرضاکار پولیو مہم میں شامل

    سیالکوٹ: ریسکیو 1122 کےرضاکار پولیو مہم میں شامل

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی، نامہ نگار مدثر رتو) ملک بھر میں جاری پانچ روزہ پولیو مہم کے دوران سیالکوٹ میں ریسکیو 1122 کے رضاکار اور 20 ریسکیو سکاؤٹس بھی حصہ لے رہے ہیں۔ یہ مہم ضلع انتظامیہ کی نگرانی میں جاری ہے تاکہ پانچ سال تک کے بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جا سکیں۔

    ریسکیو اہلکار اور سکاؤٹس ڈسٹرکٹ وارڈن جمیل جنجوعہ کی زیر نگرانی شہر کے مختلف مقامات جیسے بلال ٹریولز، مسجد چوک، ویگن اسٹینڈ، لاہور کوچ اسٹینڈ، وزیر آباد روڈ سبلائم چوک اور ڈسکہ روڈ دبرجی چوک پر سرگرم ہیں، جہاں آنے جانے والے مسافروں کے بچوں کو بھی ویکسین دی جا رہی ہے۔

    ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر نوید اقبال نے پولیو ویکسین کیمپس کا دورہ کیا، بچوں کو قطرے پلائے اور ریسکیورز و ریسکیو سکاؤٹس کی محنت کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ سب مل کر ملک کو پولیو فری بنانے کے مشن میں کامیابی حاصل کر سکتے ہیں۔