Baaghi TV

Category: اوکاڑہ

  • اوکاڑہ:صفائی مہم، اکبر روڈ سے کوڑے کے ڈھیروں کا خاتمہ

    اوکاڑہ:صفائی مہم، اکبر روڈ سے کوڑے کے ڈھیروں کا خاتمہ

    اوکاڑہ(باغی ٹی وی،نامہ نگارملک ظفر) ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر چوہدری رب نواز کی زیر نگرانی اکبر روڈ سے کوڑے کے ڈھیروں کا صفایا کر دیا گیا۔ شہر کو صاف ستھرا اور خوبصورت بنانے کی مہم کے تحت یہ کارروائی کی گئی جس میں بھاری مشینری کی مدد سے سڑک کے اطراف سے گندگی کے ڈھیر ہٹائے گئے۔

    اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر چوہدری رب نواز نے کہا کہ شہر کی صفائی ستھرائی کو یقینی بنانے کے لیے صفائی ٹیموں کی نگرانی جاری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بیوٹیفیکیشن پلان کے تحت اکبر روڈ پر گرین بیلٹس بھی بنائی جائیں گی تاکہ صفائی کے ساتھ ساتھ روڈ کی خوبصورتی میں بھی اضافہ ہو سکے۔

    انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ایک صاف ستھرا ماحول صحت مند زندگی کی ضمانت ہوتا ہے۔ انتظامیہ شہر کو صاف اور خوبصورت بنانے کے لیے مسلسل اقدامات کر رہی ہے تاکہ شہریوں کو ایک بہتر اور صحت مند ماحول فراہم کیا جا سکے۔

  • اوکاڑہ:حلقہ پی پی 190 میں ٹوٹ پھوٹ کا شکار سڑکیں، شہریوں کا فوری مرمت کا مطالبہ

    اوکاڑہ:حلقہ پی پی 190 میں ٹوٹ پھوٹ کا شکار سڑکیں، شہریوں کا فوری مرمت کا مطالبہ

    اوکاڑہ(باغی ٹی وی،نامہ نگار) حلقہ پی پی 190 کے دیہی علاقوں کی سڑکیں شدید ٹوٹ پھوٹ اور خستہ حالی کا شکار ہیں، جس پر شہریوں نے فوری مرمت اور تعمیر نو کا مطالبہ کیا ہے۔ آل پاکستان بھوہڑ ایسوسی ایشن کے رہنما اور سماجی کارکن ملک ظفر اقبال نے ایک بیان میں کہا کہ ان سڑکوں کی حالت اب اتنی خراب ہو چکی ہے کہ روزانہ کی بنیاد پر سفر کرنے والے افراد کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

    ملک ظفر اقبال نے بتایا کہ 22 فور ایل تا 31 فور ایل کوڑی روڈ گزشتہ 25 سال سے زبوں حالی کا شکار ہے۔ اس سڑک پر جگہ جگہ گڑھے اور ٹوٹ پھوٹ کی وجہ سے سفر کرنا مشکل ہو چکا ہے اور حادثات کا خطرہ بھی بڑھ گیا ہے۔

    اسی طرح 31 فور ایل تا شاہبھور طبروق روڈ جو کروڑوں روپے کی لاگت سے تعمیر ہوا تھا، اب مناسب دیکھ بھال نہ ہونے کی وجہ سے خستہ حالی کا شکار ہے۔ سڑک کے کناروں پر حفاظتی دیوار نہ ہونے کے باعث یہ ٹوٹ رہی ہے، جس کے نتیجے میں کئی چھوٹے بڑے حادثات ہو چکے ہیں۔

    ملک ظفر اقبال نے ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ اور کمشنر ساہیوال سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ان سڑکوں کی بروقت مرمت اور تعمیر نو نہ کی گئی تو یہ مکمل طور پر ناقابل استعمال ہو جائیں گی، جس سے پورے علاقے کو نقصان ہوگا۔ انہوں نے حکام سے اپیل کی کہ عوامی مشکلات کو ختم کرنے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔

  • اوکاڑہ:ڈپٹی کمشنر  کی زیر صدارت اجلاس، ضلعی انتظامیہ کو عوامی مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ہدایت

    اوکاڑہ:ڈپٹی کمشنر کی زیر صدارت اجلاس، ضلعی انتظامیہ کو عوامی مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ہدایت

    اوکاڑہ(نامہ نگارملک ظفر) ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ احمد عثمان جاوید کی زیر صدارت ضلعی انتظامیہ کے افسران کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز اور اسسٹنٹ کمشنرز سمیت تمام متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

    اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد شجعین وسطرو، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ چوہدری عبدالجبار گجر، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل علیزہ ریحان، اسسٹنٹ کمشنر چوہدری رب نواز اور دیگر افسران نے شرکت کی، جبکہ اسسٹنٹ کمشنر دیپال پور فیصل ولید اور اسسٹنٹ کمشنر رینالہ خورد انعم علی خان نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی۔

    ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید نے افسران کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ضلع کی خوبصورتی (بیوٹیفکیشن) کے جاری منصوبوں کی نگرانی کی جائے اور ریونیو سے متعلق معاملات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے۔ انہوں نے زور دیا کہ ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت جاننے کے لیے تواتر سے فیلڈ وزٹس کیے جائیں۔

    احمد عثمان جاوید نے تمام افسران پر زور دیا کہ عوام کی خدمت ان کی اولین ترجیح ہونی چاہیے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ عوامی مسائل کے حل کے لیے تمام افسران فیلڈ میں موجود رہیں تاکہ شہریوں کو کسی بھی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

  • اوکاڑہ: روٹی کی اوورچارجنگ پر ہوٹل مالک کو 10 ہزار روپے جرمانہ

    اوکاڑہ: روٹی کی اوورچارجنگ پر ہوٹل مالک کو 10 ہزار روپے جرمانہ

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) ڈپٹی کمشنر احمد عثمان کی ہدایت پر روٹی کی مقررہ نرخوں پر فروخت یقینی بنانے کے لیے چیکنگ کا عمل جاری ہے۔ سب ڈویژنل انفورسمنٹ آفیسر وسیم جاوید نے شہر کے مختلف مقامات پر تندوروں اور ہوٹلوں کا معائنہ کیا۔

    چیکنگ کے دوران حکومتی ہدایات کے برخلاف مہنگے داموں روٹی فروخت کرنے والے ایک ہوٹل مالک کو 10 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔

    اس موقع پر سب ڈویژنل انفورسمنٹ آفیسر وسیم جاوید نے کہا کہ حکومت پنجاب کے احکامات کے مطابق کنٹرول ریٹس پر آٹے کی فراہمی جاری ہے، اس لیے روٹی کی اوور چارجنگ کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ مہنگے داموں روٹی فروخت کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

  • اوکاڑہ:حکومت پنجاب مسیحی برادری کو مکمل تحفظ فراہم کرے گی، رمیش سنگھ اروڑہ

    اوکاڑہ:حکومت پنجاب مسیحی برادری کو مکمل تحفظ فراہم کرے گی، رمیش سنگھ اروڑہ

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) اوکاڑہ کے جناح اسٹیڈیم میں مسیحی برادری کی جانب سے ایک پروقار دعائیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں صوبائی وزیر اقلیتی امور رمیش سنگھ اروڑہ اور ممبر صوبائی اسمبلی چوہدری غلام رضا ربیرہ نے بطورِ مہمان خصوصی شرکت کی۔

    تقریب میں پنجاب بھر سے مسیحی برادری کے سینکڑوں افراد اور بیرون ملک سے آئے ہوئے مہمانوں نے حصہ لیا۔ اس موقع پر پاسٹر شاہد، سردار پاسٹر طارق، پاسٹر سجاد انور، پاسٹر رفیق بٹ، ڈاکٹر پطرس آصف اور سلمان گل بھی موجود تھے۔ پاسٹر سجاد انور اور پاسٹر طارق نے مسیحی برادری کے لیے اجتماعی دعا کروائی، جس پر شرکاء نے منتظمین کا شکریہ ادا کیا۔

    صوبائی وزیر رمیش سنگھ اروڑہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان کی ترقی میں مسیحی برادری کا کردار ہمیشہ سے مثالی رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت مسیحی برادری کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے، اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اکثریت اور اقلیت میں کوئی فرق نہیں رکھتیں۔ انہوں نے منیارٹی کارڈز کی تقسیم کو ایک انقلابی اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کے ذریعے 75 ہزار خاندانوں کو ہر تین ماہ بعد 10 ہزار روپے کی مالی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ آخر میں، رمیش سنگھ اروڑہ نے تقریب میں شرکت کرنے والوں کا شکریہ ادا کیا اور مسیحی برادری پر زور دیا کہ وہ سیلاب سے متاثرہ افراد کی مدد کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔

  • اوکاڑہ: آٹے اور روٹی کی کنٹرول ریٹ پر فراہمی کے لیے سخت اقدامات کا فیصلہ

    اوکاڑہ: آٹے اور روٹی کی کنٹرول ریٹ پر فراہمی کے لیے سخت اقدامات کا فیصلہ

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ احمد عثمان جاوید کی زیر صدارت منعقدہ ایک اہم اجلاس میں آٹے اور روٹی کی کنٹرول ریٹ پر فراہمی یقینی بنانے کے لیے سخت اقدامات کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ چوہدری عبدالجبار گجر، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل علیزہ ریحان، اسسٹنٹ کمشنر چوہدری رب نواز اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے شرکت کی۔

    ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید نے آٹے کی ذخیرہ اندوزی کرنے والے ڈیلرز اور دکانداروں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا عندیہ دیتے ہوئے کہا کہ ذخیرہ اندوزی کرنے والوں کے گرد گھیرا تنگ کیا جائے گا۔ انہوں نے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو ہدایت کی کہ وہ عوام کو مقررہ نرخوں پر آٹا اور روٹی کی فروخت یقینی بنانے کے لیے فیلڈ میں موجود رہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ 10 کلو آٹے کا تھیلا 905 روپے اور 20 کلو کا تھیلا 1810 روپے میں فروخت کیا جائے۔

    ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی کارکردگی کی روزانہ کی بنیاد پر مانیٹرنگ کی جائے گی۔ آٹے کی ذخیرہ اندوزی کرنے والے ڈیلرز اور دکانداروں پر بھاری جرمانے عائد کیے جائیں گے اور جرمانہ ادا نہ کرنے والوں کے خلاف مقدمات درج کر کے انہیں گرفتار کروایا جائے گا۔ انہوں نے دکانداروں کو ہدایت کی کہ آٹے کے نرخوں کی فہرست نمایاں جگہوں پر آویزاں کی جائے اور مقرر کردہ ریٹ اور وزن کے مطابق فروخت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

  • اوکاڑہ:اہم سڑک گزشتہ 25 برسوں سے خستہ حالی کا شکار ،ارباب اختیارخاموش،عوام پریشان

    اوکاڑہ:اہم سڑک گزشتہ 25 برسوں سے خستہ حالی کا شکار ،ارباب اختیارخاموش،عوام پریشان

    اوکاڑہ(نامہ نگارملک ظفر) اوکاڑہ میں 22 فور ایل سے 31 فور ایل تک جانے والی اہم سڑک گزشتہ 25 برسوں سے خستہ حالی کا شکار ہے۔ یہ سڑک قریبی دیہاتوں کو کئی شہر سوں ے جوڑتی ہے اور روزانہ سینکڑوں افراد اس پر سفر کرتے ہیں۔ سڑک پر جگہ جگہ بڑے گڑھے پڑ چکے ہیں، جس کی وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

    سڑک کی اس خراب حالت کے باعث ٹریفک حادثات میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ خاص طور پر موٹر سائیکل اور رکشہ ڈرائیور روزانہ حادثات کے خطرے سے دوچار رہتے ہیں۔ مقامی کسانوں نے بھی شکایت کی ہے کہ خراب سڑک کی وجہ سے ان کی فصلیں اور دیگر اجناس وقت پر منڈیوں تک نہیں پہنچ پاتیں، جس سے انہیں مالی نقصان اٹھانا پڑتا ہے۔

    شہریوں نے حکومت اور ضلعی انتظامیہ سے فوری طور پر اس سڑک کی مرمت اور از سر نو تعمیر کا مطالبہ کیا ہے تاکہ عوام کو اس پریشانی سے نجات مل سکے۔

  • اوکاڑہ: کمشنر ساہیوال کا دریائے راوی میں سیلابی صورتحال اور فلڈ کیمپس کا معائنہ

    اوکاڑہ: کمشنر ساہیوال کا دریائے راوی میں سیلابی صورتحال اور فلڈ کیمپس کا معائنہ

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) کمشنر ساہیوال ڈاکٹر آصف طفیل نے ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید کے ہمراہ دریائے راوی میں سیلابی صورتحال کا جائزہ لیا۔ انہوں نے ماڑی پتن کے مقام پر دریا میں نچلے درجے کی سیلابی کیفیت کا معائنہ کیا اور ڈرون کیمرہ کی مدد سے دریائی علاقے کی مانیٹرنگ بھی کی۔

    بعد ازاں کمشنر نے فلڈ ریلیف کیمپ بنگلہ گوگیرہ کا دورہ کیا، جہاں سیلاب متاثرین کو دستیاب سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل پی ایچ اے فضائل مدثر، اسسٹنٹ کمشنر چوہدری رب نواز سمیت متعلقہ اداروں کے افسران بھی موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید نے متاثرین کو فراہم کی جانے والی سہولیات سے آگاہ کیا۔

    کمشنر ساہیوال نے کیمپ میں ہیلتھ کاؤنٹر پر طبی سہولیات اور ایجوکیشن کاؤنٹر میں متاثرہ بچوں کی تعلیمی سرگرمیوں کا معائنہ کیا اور ضلعی انتظامیہ کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ سیلاب متاثرین کو رہائش، کھانے پینے سمیت تمام سہولیات کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جائے۔

    ڈاکٹر آصف طفیل نے کہا کہ تمام محکموں کے اہلکار بڑھ چڑھ کر متاثرین کی خدمت میں حصہ لیں اور متاثرہ جانوروں کے لیے طبی سہولیات اور چارے کی وافر مقدار فراہم کی جائے تاکہ کسی قسم کی کمی محسوس نہ ہو۔

  • اوکاڑہ: ڈسٹرکٹ جیل میں سول ڈیفنس کی موک ایکسرسائز

    اوکاڑہ: ڈسٹرکٹ جیل میں سول ڈیفنس کی موک ایکسرسائز

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) سول ڈیفنس آفیسر چوہدری وقار اکبر کی زیر نگرانی ڈسٹرکٹ جیل میں موک ایکسرسائز کا انعقاد کیا گیا۔ فرضی مشقوں میں سول ڈیفنس ریزیلینس کور پنجاب، بم ڈسپوزل سکوارڈ اور سول ڈیفنس کے رضاکاروں نے شرکت کی۔

    مشق کے دوران ہنگامی صورتحال کے پیش نظر اسیران کو تحفظ فراہم کرنے اور انہیں محفوظ انداز میں منتقل کرنے کا عملی مظاہرہ کیا گیا۔ اس موقع پر سول ڈیفنس آفیسر چوہدری وقار اکبر نے کہا کہ جیل میں کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں اسیران کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے سول ڈیفنس کی ٹیمیں ہر وقت تیار ہیں اور اس مقصد کے لیے تربیتی مشقیں وقت کی اہم ضرورت ہیں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ سول ڈیفنس کے جوان ہر وقت تیار رہیں اور لوگوں کی زندگیوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے اپنا کردار بھرپور طریقے سے ادا کریں۔

  • اوکاڑہ: سیلابی پانی میں کمی، متاثرین گھروں کو لوٹنے لگے، انتظامیہ کی جانب سے راشن و تحائف تقسیم

    اوکاڑہ: سیلابی پانی میں کمی، متاثرین گھروں کو لوٹنے لگے، انتظامیہ کی جانب سے راشن و تحائف تقسیم

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) دریائے راوی سے ملحقہ علاقوں میں سیلابی پانی میں کمی کے بعد فلڈ ریلیف کیمپس میں مقیم متاثرین اپنے گھروں کو واپس جانے لگے۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر چوہدری رب نواز نے گھروں کو لوٹنے والے متاثرین میں راشن اور تحائف تقسیم کیے۔

    سیلاب متاثرین نے ضلعی انتظامیہ کے بہترین انتظامات پر اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ فلڈ ریلیف کیمپس میں رہائش، کھانے پینے سمیت تمام سہولیات فراہم کی گئیں اور ہمیں گھر جیسا آرام میسر ہوا۔ متاثرین نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا خصوصی شکریہ ادا کیا کہ ان کی ہدایت پر کیمپس میں 15 روزہ قیام کے دوران ضروریاتِ زندگی کی تمام سہولیات بہم پہنچائی گئیں۔

    اسسٹنٹ کمشنر چوہدری رب نواز نے کہا کہ فلڈ ریلیف کیمپس سے رخصت ہونے والے متاثرین کو راشن اور تحائف دیے جا رہے ہیں جبکہ گھروں کو واپس جانے والوں کے لیے ٹرانسپورٹ کا بندوبست بھی کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب متاثرین کی خدمت ہمارے لیے باعثِ مسرت ہے۔