Baaghi TV

Category: اوکاڑہ

  • اوکاڑہ: پنجاب فوڈ اتھارٹی کی کارروائی، 25 من مردہ مرغیاں برآمد

    اوکاڑہ: پنجاب فوڈ اتھارٹی کی کارروائی، 25 من مردہ مرغیاں برآمد

    اوکاڑہ(باغی ٹی وی،نامہ نگارملک ظفر)پنجاب فوڈ اتھارٹی نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے ون فور ایل کے قریب 25 من مردہ مرغیوں کی کھیپ پکڑ لی۔ حکام کے مطابق ملزمان مردہ مرغیوں کو مشین میں کریش کرکے مختلف فوڈ پوائنٹس پر فروخت کر رہے تھے۔

    فوڈ اتھارٹی کی ٹیم نے موقع پر ہی مردہ مرغیوں کا گوشت تلف کر دیا جبکہ ملزمان کے زیر استعمال کریش مشین اور لوڈڈ رکشہ بھی قبضے میں لے لیا گیا ہے۔ حکام نے ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔

  • اوکاڑہ: سول ڈیفنس کا سیلاب متاثرین کے لیے ریسکیو آپریشن جاری

    اوکاڑہ: سول ڈیفنس کا سیلاب متاثرین کے لیے ریسکیو آپریشن جاری

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) سول ڈیفنس آفیسر چوہدری وقار اکبر کی زیرِ نگرانی محکمہ کے اہلکار اور رضا کار سیلابی صورتحال میں عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لیے سرگرم عمل ہیں۔ سول ڈیفنس کی ٹیموں نے دریائے ستلج سے ملحقہ نواحی علاقوں کنڈ بہڑ، ماڑی پتن، گوگیرہ، لکھن اور جندراکہ میں امدادی کارروائیوں میں حصہ لیتے ہوئے لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا۔

    رپورٹ کے مطابق سیلابی ریلوں کے باعث درجنوں خاندانوں کو اپنے گھروں سے نکلنا پڑا جنہیں سول ڈیفنس کے رضا کاروں نے محفوظ مقامات تک پہنچایا۔ اس دوران ریسکیو آپریشن میں عوامی تعاون بھی دیکھنے میں آیا۔

    اس موقع پر سول ڈیفنس آفیسر چوہدری وقار اکبر نے کہا کہ عوام الناس کو اونچے درجے کے سیلاب سے بچانے کے لیے انخلائی آپریشن جاری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ محکمہ سول ڈیفنس کے اہلکار اور رضا کار پیشہ ورانہ خدمات سر انجام دیتے ہوئے عوامی ریلیف کے لیے بڑھ چڑھ کر سرگرمیوں میں حصہ لے رہے ہیں۔

  • اوکاڑہ: ایگزیکٹو ڈائریکٹر پنجاب کونسل آف دی آرٹس کا اوکاڑہ آرٹس کونسل کا دورہ

    اوکاڑہ: ایگزیکٹو ڈائریکٹر پنجاب کونسل آف دی آرٹس کا اوکاڑہ آرٹس کونسل کا دورہ

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) ایگزیکٹو ڈائریکٹر پنجاب کونسل آف دی آرٹس محمد اطہر مسعود نے اوکاڑہ آرٹس کونسل کا دورہ کیا اور جاری ترقیاتی کاموں کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر محکمہ بلڈنگز کے افسران، ڈائریکٹر ساہیوال آرٹس کونسل ڈاکٹر سید ریاض ہمدانی، ڈپٹی ڈائریکٹر اوکاڑہ آرٹس کونسل حماد احمد چیمہ، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ ثاقب علی اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔

    محکمہ بلڈنگز کے افسران نے ایگزیکٹو ڈائریکٹر کو ترقیاتی کاموں کے حوالے سے بریفنگ دی۔ محمد اطہر مسعود نے اس موقع پر ہدایت کی کہ تمام ترقیاتی کام مقررہ مدت میں مکمل کیے جائیں اور معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اوکاڑہ آرٹس کونسل ہال کو بہترین سہولیات سے مزین کیا جائے گا، جدید ساونڈ سسٹم اور نیا ایئر کنڈیشنر سسٹم نصب کیا جائے گا۔

    ایگزیکٹو ڈائریکٹر نے کہا کہ ڈویلپمنٹ کے ساتھ ساتھ پلانٹیشن پر بھی بھرپور توجہ دی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ اوکاڑہ آرٹس کونسل کی تکمیل سے اہلِ علاقہ کو تفریح کی معیاری سہولیات میسر آئیں گی اور نیا ٹیلنٹ سامنے آنے کا موقع ملے گا۔

  • اوکاڑہ: ڈی پی او، ڈی سی اور پاک فوج کا دریائے ستلج کا دورہ، متاثرہ دیہاتوں میں 900 پولیس اہلکار تعینات

    اوکاڑہ: ڈی پی او، ڈی سی اور پاک فوج کا دریائے ستلج کا دورہ، متاثرہ دیہاتوں میں 900 پولیس اہلکار تعینات

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) اوکاڑہ کے ڈی پی او راشد ہدایت، ڈپٹی کمشنر احمد عثمان اور پاک فوج کے افسران نے دریائے ستلج کے مقام اٹاری پر دریا میں پانی کے بہاؤ کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر رکن صوبائی اسمبلی افتخار حسین چھچر بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔

    سیلاب سے متاثرہ دیہاتوں میں 900 سے زائد پولیس افسران و اہلکار تعینات کیے گئے ہیں جبکہ ڈی پی او خود متاثرین اور ان کے مال مویشیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے عمل کی نگرانی کر رہے ہیں۔ متاثرہ علاقوں کے گرد گشت میں اضافہ کر دیا گیا ہے اور تمام اہلکار بیس کیمپ سے وائرلیس کے ذریعے منسلک ہیں۔

    ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی امدادی کارروائیاں جاری ہیں اور متاثرہ دیہات سے لوگوں کے انخلا اور انہیں محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ حکام کے مطابق پولیس اور ضلعی انتظامیہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ہمہ وقت سرگرم ہیں۔

  • اوکاڑہ: سیلابی صورتحال، سول ڈیفنس کی ٹیمیں عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے متحرک

    اوکاڑہ: سیلابی صورتحال، سول ڈیفنس کی ٹیمیں عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے متحرک

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) سول ڈیفنس آفیسر چوہدری وقار اکبر کی زیر نگرانی محکمہ کے اہلکار اور رضاکار رات گئے تک سیلابی صورتحال کے دوران عوامی جان و مال کے تحفظ کے لیے سرگرم رہے۔ محکمہ سول ڈیفنس کی ٹیموں نے دریائے راوی سے ملحقہ ماڑی پتن کے مقام پر موضع بھوجیاں میں لوگوں کے انخلا اور محفوظ مقامات پر منتقلی کے سلسلے میں امدادی کارروائیوں میں حصہ لیا۔

    سول ڈیفنس کے اہلکار رات گئے تک ماڑی پتن اور گردونواح کے دیہات سے متاثرہ افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے میں مصروف رہے۔ اس موقع پر سول ڈیفنس آفیسر چوہدری وقار اکبر نے کہا کہ سیلابی صورتحال میں عوام کو تحفظ فراہم کرنے اور انہیں محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے لیے محکمہ سول ڈیفنس کی ٹیمیں پوری طرح متحرک ہیں اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ہر دم تیار ہیں۔

    انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ سیلاب کے دوران اپنی حفاظت اور مال مویشیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے لیے انتظامیہ اور محکمہ سول ڈیفنس کی ٹیموں سے مکمل تعاون کریں۔

  • اوکاڑہ: بھارت کی آبی جارحیت، دریائے راوی و ستلج میں درمیانے درجے کا سیلاب، ضلعی انتظامیہ ہائی الرٹ

    اوکاڑہ: بھارت کی آبی جارحیت، دریائے راوی و ستلج میں درمیانے درجے کا سیلاب، ضلعی انتظامیہ ہائی الرٹ

    اوکاڑہ (نامہ نگارملک ظفر) اوکاڑہ میں سیلاب کی تباہ کاریاں جاری ہیں، دریائے راوی اور ستلج کے مقام پر درمیانے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا جا رہا ہے۔ حالیہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ نے ہیڈ سلیمانکی کے علاقے میں 7 فلیڈ ریلیف کیمپ قائم کیے ہیں جہاں ریسکیو 1122 کے اہلکاروں نے 12 سو کے قریب متاثرہ افراد کو ان کے مال مویشی سمیت محفوظ مقامات پر منتقل کیا ہے۔

    دریائے راوی کے مقام پر بھی دو فلیڈ ریلیف کیمپ قائم کیے گئے ہیں جہاں محکمہ سول ڈیفنس اور پنجاب پولیس کے اہلکار متاثرہ خاندانوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے میں مصروف ہیں۔ دوسری جانب پی ڈی ایم اے کی جانب سے جاری الرٹ کے مطابق بھارت کی طرف سے ایک لاکھ ساٹھ ہزار کیوسک پانی کا نیا ریلا چھوڑا گیا ہے جو آج کسی بھی وقت دریائے راوی اوکاڑہ سے گزرے گا۔ اس صورتحال کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ نے تمام تر حفاظتی انتظامات مکمل کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

  • اوکاڑہ: اسسٹنٹ کمشنر کا فلڈ ریلیف کیمپس کا دورہ، انتظامات کا جائزہ

    اوکاڑہ: اسسٹنٹ کمشنر کا فلڈ ریلیف کیمپس کا دورہ، انتظامات کا جائزہ

    اوکاڑہ(نامہ نگارملک ظفر) دریائے راوی میں اونچے درجے کے سیلاب کے خدشے کے پیش نظر، اسسٹنٹ کمشنر انعم علی خان نے فلڈ ریلیف کیمپس کا دورہ کیا اور وہاں فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے موضع موپالکے، بامہ بالا اور چوچک میں قائم کیے گئے ریلیف کیمپس میں انتظامات کا معائنہ کیا۔

    دورے کے دوران، انہوں نے کیمپس میں موجود سٹاف کی حاضری بھی چیک کی اور انہیں محنت اور لگن سے کام کرنے کی ہدایت کی۔ اسسٹنٹ کمشنر نے کہا کہ سیلاب سے متاثرہ افراد کی مدد کے لیے قائم کیے گئے ان کیمپس میں ڈیوٹی پر مامور عملہ مکمل طور پر الرٹ رہے۔

    انہوں نے واضح ہدایات جاری کیں کہ سیلاب متاثرین کو تمام ضروری سہولیات فراہم کی جائیں۔ ان میں متاثرین کے لیے کھانے پینے کی اشیاء اور ان کے جانوروں کے لیے چارے کا مکمل انتظام شامل ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ ان انتظامات میں کسی قسم کی کمی نہیں آنی چاہیے۔

  • اوکاڑہ:دریائے راوی میں انتہائی اونچے درجے کے سیلاب کا خطرہ، انتظامیہ الرٹ

    اوکاڑہ:دریائے راوی میں انتہائی اونچے درجے کے سیلاب کا خطرہ، انتظامیہ الرٹ

    اوکاڑہٰ(نامہ نگارملک ظفر) دریائے راوی میں پانی کی سطح خطرناک حد تک بڑھنے کے بعد ضلع اوکاڑہ میں انتہائی اونچے درجے کے سیلاب کا الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید نے ایم پی اے چوہدری غلام رضا ربیرہ اور دیگر افسران کے ہمراہ دریائے راوی کے علاقے کا دورہ کیا اور صورتحال کا جائزہ لیا۔

    موضع جندراکہ کے مقام پر پانی کی صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد محکمہ انہار کے افسران نے ڈپٹی کمشنر کو بریفنگ دی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ دریائے راوی میں جسڑ کے مقام پر پانی کا اخراج 2 لاکھ 29 ہزار کیوسک سے زائد جبکہ ہیڈ بلوکی پر 80 ہزار کیوسک سے تجاوز کر چکا ہے۔ اگلے 24 گھنٹوں کے دوران دریائے راوی میں انتہائی اونچے درجے کے سیلاب کا خدشہ ہے۔
    علاقے خالی کرانے کے احکامات: ڈپٹی کمشنر نے دریا سے ملحقہ تمام علاقوں کو فوری طور پر خالی کروانے کے احکامات جاری کر دیئے ہیں۔

    تمام محکموں کو الرٹ رہنے کی ہدایت: ممکنہ سیلاب سے نمٹنے کے لیے تمام متعلقہ محکموں کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔

    عوام اور مال کا تحفظ:
    ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ عوام اور ان کے مال کو محفوظ بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل استعمال کیے جائیں گے۔

    ایمرجنسی رسپانس ٹیمیں متحرک:
    ایمرجنسی رسپانس ٹیموں کو ریسکیو اور ریلیف آپریشنز کو متحرک انداز میں سرانجام دینے کی ہدایت کی گئی ہے۔

    ضلعی انتظامیہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ان ہدایات پر عمل کریں اور کسی بھی غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کریں۔

  • اوکاڑہ: لرزہ خیز قتل کی واردات،گھات لگائےدشمنوں کی فائرنگ، شہری سے جاں بحق

    اوکاڑہ: لرزہ خیز قتل کی واردات،گھات لگائےدشمنوں کی فائرنگ، شہری سے جاں بحق

    اوکاڑہ(نامہ نگار ملک ظفر) اوکاڑہ کے تھانہ اے ڈویژن کی حدود میں فائرنگ کے ایک لرزہ خیز واقعے میں ایک شہری جاں بحق ہو گیا۔

    تفصیلات کے مطابق، نواحی گاؤں 40 تھری آر کا رہائشی حبیب بھٹی کسی کام کے سلسلے میں لالہ زار کالونی میں زرعی ترقیاتی بینک آیا جہاں پہلے سے گھات لگائے اس کے مخالفین نے اس پر فائرنگ کر دی۔ فائرنگ کے نتیجے میں حبیب بھٹی موقع پر ہی دم توڑ گیا۔

    پولیس ترجمان کے مطابق، مقتول اور ملزمان کے درمیان دیرینہ دشمنی چلی آ رہی تھی۔ چھ ماہ قبل بھی اسی دشمنی کی بنا پر مقتول کے بھائی کو قتل کر دیا گیا تھا۔

    واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے لیا اور سیف سٹی کیمروں کی مدد سے ملزمان کی تلاش شروع کر دی۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر راشد ہدایت نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے پولیس کو ملزمان کی جلد گرفتاری یقینی بنانے کی ہدایت جاری کی ہے۔

  • اوکاڑہ:شعور ویلفیئر آرگنائزیشن کی تقریب، علی حسن سیال چینوٹی کو تعریفی سرٹیفکیٹ سے نوازا گیا

    اوکاڑہ:شعور ویلفیئر آرگنائزیشن کی تقریب، علی حسن سیال چینوٹی کو تعریفی سرٹیفکیٹ سے نوازا گیا

    اوکاڑہ(نامہ نگارملک ظفر)شعور ویلفیئر آرگنائزیشن کے زیر اہتمام ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس کی صدارت تنظیم کے چیئرمین ڈاکٹر احمد طارق سالوترہ نے کی۔

    تقریب میں سماجی خدمات کے اعتراف کے طور پر علی حسن سیال چینوٹی کو تعریفی سرٹیفکیٹ پیش کیا گیا۔ اس موقع پر تنظیم کی ڈائریکٹر محترمہ خان سمیت دیگر عہدیداران اور ٹیم کے ارکان بھی موجود تھے۔

    شرکاء نے علی حسن سیال چینوٹی کی خدمات کو سراہا اور کہا کہ نوجوانوں کی حوصلہ افزائی اور ان کی خدمات کو تسلیم کرنا معاشرے میں مثبت رویوں کو فروغ دیتا ہے۔