Baaghi TV

Category: اوکاڑہ

  • اوکاڑہ:ڈسٹرکٹ کمپلیکس میں ترقیاتی کاموں کا جائزہ اجلاس

    اوکاڑہ:ڈسٹرکٹ کمپلیکس میں ترقیاتی کاموں کا جائزہ اجلاس

    اوکاڑہ (نامہ نگار): ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں ڈسٹرکٹ کمپلیکس، ڈی سی آفس، تحصیل کمپلیکس اور ڈسٹرکٹ اٹارنی آفس میں جاری ترقیاتی منصوبوں اور تعمیراتی کاموں کا جائزہ لیا گیا۔

    اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ چوہدری عبدالجبار گجر، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ مرغوب حسین ڈوگر، اسسٹنٹ ڈسٹرکٹ اٹارنی عمران رشید سمیت دیگر افسران موجود تھے۔

    ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ ترقیاتی منصوبوں کی تعمیر اور مرمت کے کاموں کو مستحکم بنیادوں پر انجام دیا جائے اور اس سلسلے میں ایک جامع حکمت عملی مرتب کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی امور کو عملی طور پر پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لیے موثر اقدامات کیے جائیں۔

  • اوکاڑہ :تجاوزات کے خلاف آپریشن، خان کالونی اور حسین کالونی میں پختہ تجاوزات مسمار

    اوکاڑہ :تجاوزات کے خلاف آپریشن، خان کالونی اور حسین کالونی میں پختہ تجاوزات مسمار

    اوکاڑہ (نامہ نگار) ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید کی ہدایت پر انتظامیہ نے تجاوزات کے خلاف بڑا آپریشن کرتے ہوئے خان کالونی اور حسین کالونی میں متعدد پختہ تجاوزات مسمار کر دیں۔

    سب ڈویژنل انفورسمنٹ آفیسر وسیم جاوید کی زیر نگرانی ٹیموں نے عوامی شکایات پر یہ کارروائی کی۔ آپریشن کے دوران ایسی تمام پختہ تجاوزات کو ختم کر دیا گیا جو شہریوں کی آمد و رفت میں دشواری کا باعث بن رہی تھیں۔

    اس موقع پر وسیم جاوید نے کہا کہ تجاوزات کے خلاف کارروائیاں حکومتی ہدایات کے مطابق جاری رہیں گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ کسی بھی قسم کا دباؤ قبول نہیں کیا جائے گا اور تجاوزات کرنے والوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ اس مہم کا مقصد شہریوں کے لیے راستے ہموار کرنا اور تجاوزات کو ختم کرنا ہے۔

  • اوکاڑہ: ڈپٹی کمشنر کی زیر صدارت ضلعی افسران کا اجلاس، عوامی مسائل کے حل پر زور

    اوکاڑہ: ڈپٹی کمشنر کی زیر صدارت ضلعی افسران کا اجلاس، عوامی مسائل کے حل پر زور

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید کی زیر صدارت ضلعی انتظامیہ کے افسران کا اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ چوہدری عبدالجبار گجر، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل علیزہ ریحان، اسسٹنٹ کمشنر اوکاڑہ چوہدری رب نواز، اسسٹنٹ کمشنر ایچ آر نور محمد، ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ شہباز سکھیرا، ایس ڈی ای او پیرا وسیم جاوید اور سسٹم نیٹ ورک ایڈمنسٹریٹر افضال حسین بلوچ سمیت دیگر افسران نے شرکت کی۔

    اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے گڈ گورننس اقدامات کے ذریعے عوام الناس کے لیے زیادہ سے زیادہ آسانیاں پیدا کی جائیں اور ان کے مسائل کے حل کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ پرائس کنٹرول میکانزم پر عمل درآمد کو مزید مؤثر بنایا جائے، تجاوزات کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں اور ضلع بھر میں بیوٹیفکیشن سمیت ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت کا باقاعدگی سے جائزہ لیا جائے۔

    ڈپٹی کمشنر نے افسران پر زور دیا کہ وہ فیلڈ میں متحرک رہتے ہوئے عوامی خدمت کے جذبے کے تحت لوگوں کی شکایات کا ازالہ کریں اور مسائل کے فوری حل کو ترجیح بنائیں

  • اوکاڑہ:اسسٹنٹ کمشنر کا دریائے ستلج میں سیلاب کی صورتحال کا جائزہ، فلڈ ریلیف کیمپ کا دورہ

    اوکاڑہ:اسسٹنٹ کمشنر کا دریائے ستلج میں سیلاب کی صورتحال کا جائزہ، فلڈ ریلیف کیمپ کا دورہ

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر فیصل ولید نے دریائے ستلج میں پانی کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا اور اٹاری کے مقام پر قائم فلڈ ریلیف کیمپ میں انتظامات کا معائنہ کیا۔ اس دورے کا مقصد سیلاب کی ممکنہ صورتحال میں عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانا تھا۔

    اسسٹنٹ کمشنر نے اٹاری میں پانی کے بہاؤ کو خود دیکھا اور ریلیف کیمپ میں فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ بھی لیا۔ انہوں نے کیمپ میں موجود ابتدائی طبی امداد، میڈیکل سہولیات، جانوروں کے لیے ادویات اور چارے کے بندوبست کو چیک کیا۔

    اس موقع پر ریسکیو حکام نے انہیں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ہیڈ گنڈا سنگھ والا پر پانی کا اخراج 67 ہزار کیوسک ہے جبکہ ہیڈ سلیمانکی پر پانی کی آمد 60 ہزار اور اخراج 50 ہزار کیوسک ہے۔ حکام نے بتایا کہ فی الحال دریائے ستلج میں نچلے درجے کی سیلابی صورتحال ہے۔

    اسسٹنٹ کمشنر فیصل ولید نے اس موقع پر کہا کہ دریائے ستلج میں سیلابی صورتحال کے دوران عوام کے جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ سیلاب سے متاثر ہونے والے افراد کو کھانے، پینے اور طبی امداد سمیت تمام ضروری سہولیات فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدام کیا جائے۔ انہوں نے ریسکیو اہلکاروں پر زور دیا کہ وہ دریائی علاقے سے لوگوں کے باحفاظت انخلاء کو یقینی بنائیں اور کشتیوں میں لوگوں کی نقل و حمل کے لیے تمام حفاظتی اقدامات (ایس او پیز) پر مکمل عمل کریں۔

    انہوں نے فلڈ ریلیف کیمپس کے عملے کو بھی ہدایت کی کہ وہ دیے گئے اوقات کار کے مطابق اپنی ڈیوٹیاں سرانجام دیں اور کسی قسم کی غفلت کا مظاہرہ نہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کی ہدایات پر سختی سے عمل کیا جائے گا۔

  • اوکاڑہ: صوبائی وزیر صحت کا میڈیکل کالج سائٹ کا دورہ، پیش رفت کا جائزہ

    اوکاڑہ: صوبائی وزیر صحت کا میڈیکل کالج سائٹ کا دورہ، پیش رفت کا جائزہ

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے میڈیکل کالج اوکاڑہ کی سائٹ کا دورہ کیا۔ اس موقع پر سپیشل سیکرٹری ڈویلپمنٹ محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن ذیشان شبیر رانا، رکن پنجاب اسمبلی میاں محمد منیر، ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید، پرنسپل ساہیوال میڈیکل کالج پروفیسر اختر ملک اور مسلم لیگ (ن) کے رہنما چوہدری فیاض ظفر بھی موجود تھے۔

    صوبائی وزیر صحت نے جاری ترقیاتی کاموں کا تفصیلی جائزہ لیا، جبکہ متعلقہ حکام نے منصوبے کی پیش رفت پر بریفنگ دی۔ خواجہ سلمان رفیق نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب کی جانب سے شروع کیے گئے تمام صحت کے منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مانیٹر کیا جا رہا ہے۔ لیہ سمیت دیگر شہروں میں بھی نئے میڈیکل کالجز قائم کیے جا رہے ہیں تاکہ عوام کو ان کی دہلیز پر معیاری طبی سہولیات میسر ہوں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق میڈیکل ایجوکیشن کے فروغ اور شعبہ صحت میں انقلابی اقدامات پر عمل جاری ہے۔ عوام کا معیارِ زندگی بلند کرنے اور سرکاری ہسپتالوں میں بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات یقینی بنائے جا رہے ہیں۔

  • ہرن مینار شیخوپورہ کا مطالعاتی دورہ، وفد کو تاریخی و قدرتی اہمیت پر بریفنگ

    ہرن مینار شیخوپورہ کا مطالعاتی دورہ، وفد کو تاریخی و قدرتی اہمیت پر بریفنگ

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے ماہرین اور شخصیات کے ایک وفد نے ہرن مینار شیخوپورہ کا مطالعاتی دورہ کیا۔ اس دورے کا مقصد اس تاریخی اور قدرتی ورثے کی اہمیت کو سمجھنا تھا۔

    وفد میں کیمیکل، مکینیکل اور انوائرمنٹل انجینئرز کے علاوہ مینجنگ ڈائریکٹر اور سینئر صحافی ملک ظفر اقبال شامل تھے، جنہوں نے وفد کی قیادت بھی کی۔ دورے کے موقع پر ڈویژنل فاریسٹ آفیسر شیخوپورہ افتخار احمد جنجوعہ، بلاک آفیسر عمران ورک اور ایس ڈی ایف او شرافت علی نے وفد کا استقبال کیا اور انہیں ہرن مینار کی تاریخی، قدرتی اور ماحولیاتی اہمیت پر تفصیلی بریفنگ دی۔

    افتخار احمد جنجوعہ نے بتایا کہ ہرن مینار صرف ایک تاریخی یادگار نہیں بلکہ حیاتیاتی تنوع اور جنگلی حیات کے تحفظ کا ایک اہم مرکز بھی ہے۔ انہوں نے جنگلات کی موجودہ صورتحال، شجرکاری مہمات اور ماحولیاتی تحفظ کے جاری منصوبوں پر بھی روشنی ڈالی۔

    وفد کے شرکاء نے ہرن مینار کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا اور ماحولیاتی توازن برقرار رکھنے کے لیے محکمہ جنگلات کی کوششوں کو سراہا۔ وفد نے اس دورے کو ماحولیاتی آگاہی میں ایک مثبت قدم قرار دیا۔ افتخار احمد جنجوعہ نے یقین دلایا کہ مستقبل میں ہرن مینار شیخوپورہ اس علاقے کا ایک خوبصورت اور دلکش تفریحی مقام بنے گا۔

  • قصور: پتنگ بازوں کے خلاف کریک ڈاؤن، 20 گرفتار

    قصور: پتنگ بازوں کے خلاف کریک ڈاؤن، 20 گرفتار

    قصور (باغی ٹی وی ،ڈسٹرکٹ رپورٹرطارق نویدسندھو) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) محمد عیسیٰ خاں کی ہدایت پر پولیس نے پتنگ بازوں اور پتنگ فروشی میں ملوث افراد کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن شروع کر دیا ہے۔ اس مہم کے دوران 20 ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے اور ان کے قبضے سے 238 پتنگیں اور 32 ڈور کی چرخیاں برآمد ہوئی ہیں۔

    یہ کارروائیاں تھانہ اے ڈویژن، بی ڈویژن، صدر قصور اور مصطفیٰ آباد پولیس نے کیں۔ گرفتار ملزمان کے خلاف کائیٹ فلائنگ ایکٹ کی خلاف ورزی کے تحت الگ الگ مقدمات درج کیے گئے ہیں۔

    ڈی پی او محمد عیسیٰ خاں نے اس موقع پر کہا کہ پتنگ بازی ایک خونی کھیل اور جرم ہے، اور جو بھی اسے اڑائے گا اسے جیل جانا پڑے گا۔ انہوں نے والدین سے بھی اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کو اس خطرناک کھیل سے دور رکھیں تاکہ ان کا مستقبل محفوظ رہے۔

  • اوکاڑہ:ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو کا ڈی ایچ کیو ہسپتال کا اچانک دورہ، سہولیات بہتر بنانے کی ہدایت

    اوکاڑہ:ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو کا ڈی ایچ کیو ہسپتال کا اچانک دورہ، سہولیات بہتر بنانے کی ہدایت

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد شجعین وسطرو نے گزشتہ رات ڈی ایچ کیو سٹی ہسپتال کا اچانک دورہ کیا۔ انہوں نے ہسپتال کے مختلف شعبہ جات کا معائنہ کیا اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات اور مفت ادویات کے بارے میں دریافت کیا۔

    اس موقع پر انہوں نے ٹراما سینٹر اور بچوں کے وارڈ میں صفائی کے ناقص انتظامات پر تشویش کا اظہار کیا اور انہیں فوری طور پر بہتر بنانے کی ہدایت کی۔ اس کے علاوہ، انہوں نے خراب ایئر کنڈیشنرز کو بھی جلد از جلد ٹھیک کروانے کا حکم دیا۔

    محمد شجعین وسطرو نے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ وہ سہولیات کی فراہمی کے لیے موثر نگرانی کریں اور صفائی ستھرائی کے بہترین انتظامات کو یقینی بناتے ہوئے معیاری طبی خدمات فراہم کریں۔

  • اوکاڑہ:ڈپٹی کمشنر کی اوپن پالیسی، شہریوں کے مسائل سنے اور فوری حل کی ہدایت

    اوکاڑہ:ڈپٹی کمشنر کی اوپن پالیسی، شہریوں کے مسائل سنے اور فوری حل کی ہدایت

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ احمد عثمان جاوید نے پنجاب حکومت کی اوپن پالیسی کے تحت شہریوں کے مسائل سنے اور ان کے فوری حل کے لیے موقع پر ہی متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایات جاری کیں۔

    اس موقع پر ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید نے کہا کہ عوام کو درپیش مسائل کے حل کے لیے ان کی درخواستوں پر فوری کارروائی کی جائے اور ان کے مسائل کو فوری طور پر حل کیا جائے۔ انہوں نے سختی سے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اس سلسلے میں تاخیری حربے استعمال کرنے والے افسران کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

    انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ وہ سائلین کے مسائل کو حل کرنے میں دلچسپی لیں اور ان کی مشکلات کو دور کریں۔ یہ اقدام شہریوں کے مسائل کو براہ راست سن کر ان کا فوری حل نکالنے کی حکومت کی کوششوں کا حصہ ہے۔

  • اوکاڑہ:نامعلوم گاڑی کی موٹرسائیکل کو ٹکر، کمسن بیٹا جاںبحق، باپ زخمی

    اوکاڑہ:نامعلوم گاڑی کی موٹرسائیکل کو ٹکر، کمسن بیٹا جاںبحق، باپ زخمی

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر)دیپالپور کے نواحی علاقے پیر دی ہٹی کے قریب ایک افسوسناک ٹریفک حادثہ پیش آیا، جس میں ایک نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے موٹر سائیکل پر سوار 12 سالہ بچہ علی حمزہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا، جبکہ اس کا 45 سالہ والد مرتضیٰ شدید زخمی ہو گیا۔

    ریسکیو 1122 اوکاڑہ کے ترجمان کے مطابق، اطلاع ملنے پر فوری طور پر دو ایمبولینسز جائے حادثہ کی طرف روانہ کی گئیں۔ ریسکیو ٹیموں نے زخمی مرتضیٰ کو ابتدائی طبی امداد کے بعد ہسپتال منتقل کیا، جبکہ بچے کی لاش کو بھی قانونی کارروائی کے لیے ہسپتال پہنچایا گیا۔

    جاں بحق ہونے والے علی حمزہ اور زخمی مرتضیٰ کا تعلق طاہر کلاں، بصیر پور سے بتایا گیا ہے۔ حادثے کے بعد سے گاڑی کا ڈرائیور فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا، اور پولیس مزید تفتیش کر رہی ہے۔