Baaghi TV

Category: اوکاڑہ

  • اوکاڑہ: ڈپٹی کمشنر کی زیر نگرانی چینی کی قیمتوں پر مؤثر عملدرآمد، 173 روپے فی کلو پر فراہمی جاری

    اوکاڑہ: ڈپٹی کمشنر کی زیر نگرانی چینی کی قیمتوں پر مؤثر عملدرآمد، 173 روپے فی کلو پر فراہمی جاری

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر ضلع اوکاڑہ میں چینی کی عوام تک سرکاری نرخوں پر فراہمی یقینی بنانے کے لیے ضلعی انتظامیہ متحرک ہو گئی ہے۔ ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید نے ریل بازار میں مختلف کریانہ شاپس کا دورہ کیا اور چینی کے نرخوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر چوہدری رب نواز، مسلم لیگی رہنما چوہدری فیاض ظفر، ایس ڈی ای او پیرا وسیم جاوید اور انجمن کریانہ ایسوسی ایشن کے نمائندے بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔

    میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید نے کہا کہ ضلع بھر میں چینی کا وافر سٹاک موجود ہے اور 173 روپے فی کلو سرکاری نرخ پر چینی عوام کو مہیا کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کریانہ شاپس کے مالکان کو تنبیہ کی کہ چینی کی فروخت نوٹیفائیڈ ریٹس پر ہی کی جائے، کسی قسم کی ذخیرہ اندوزی یا اوور چارجنگ کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔

    انہوں نے مزید کہا کہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس اور ضلعی انتظامیہ کے افسران نہ صرف شہری علاقوں بلکہ گاؤں دیہات کی سطح پر بھی روزانہ کی بنیاد پر چینی کی دستیابی اور قیمتوں کی نگرانی کر رہے ہیں۔ عوام سے اپیل کی گئی کہ مہنگی چینی فروخت کرنے والوں کی فوری اطلاع دیں تاکہ ان کے خلاف کارروائی کی جا سکے۔ ضلعی انتظامیہ زیرو ٹالرنس پالیسی پر کاربند ہے۔

    انجمن کریانہ ایسوسی ایشن کے نمائندوں نے ضلعی انتظامیہ کے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ چینی کی طلب اور رسد کو متوازن رکھنے کے لیے موثر پالیسی اپنائی گئی ہے، جس سے عوام کو ریلیف ملا ہے۔

    مسلم لیگ (ن) کے رہنما چوہدری فیاض ظفر نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق اوکاڑہ میں عوام کو ریلیف دینے کے لیے عملی اقدامات جاری ہیں۔ ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید اور ان کی ٹیم چینی کی وافر فراہمی اور نرخوں کے کنٹرول کے لیے مؤثر طریقے سے کام کر رہی ہے، جبکہ ضلع بھر کے کریانہ اسٹورز اور مارٹس پر چینی کی مسلسل سپلائی بھی جاری ہے۔

  • اوکاڑہ: ظفر اقبال نے بطور ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر چارج سنبھال لیا، ریسکیو ٹیم کا پرتپاک استقبال

    اوکاڑہ: ظفر اقبال نے بطور ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر چارج سنبھال لیا، ریسکیو ٹیم کا پرتپاک استقبال

    اوکاڑہ (باغی ٹی وی، ملک ظفر)ظفر اقبال نے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر اوکاڑہ کے عہدے کا باضابطہ چارج سنبھال لیا۔ سنٹرل اسٹیشن آمد پر ضلع بھر کے افسران اور ریسکیورز نے ان کا پرتپاک استقبال کیا، کنٹرول روم انچارج سلیم مسعود، ریسکیو سیفٹی آفیسرز رانا طارق صدیق، ندیم اصغر اور عارف اقبال نے پھولوں کے گلدستے پیش کیے جبکہ چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش کی۔

    اس موقع پر ظفر اقبال نے تمام ریسکیورز سے فرداً فرداً مصافحہ کیا اور شاندار استقبال پر شکریہ ادا کیا۔ اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ اور بروقت ایمرجنسی سروسز کی فراہمی ان کی اولین ترجیح ہوگی۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ ماضی کی طرح مستقبل میں بھی ایک مضبوط ٹیم کی صورت میں عوامی خدمت کو یقینی بنایا جائے گا۔

  • اوکاڑہ: پولیس مقابلے میں 115 وارداتوں میں ملوث 3 خطرناک ڈاکو ہلاک، 3 فرار

    اوکاڑہ: پولیس مقابلے میں 115 وارداتوں میں ملوث 3 خطرناک ڈاکو ہلاک، 3 فرار

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر)اوکاڑہ کے نواحی علاقے دیپالپور میں پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان مبینہ مقابلے کے دوران تین بین الاضلاعی خطرناک ڈاکو ہلاک ہو گئے، جب کہ تین ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ پولیس ترجمان کے مطابق ہلاک ہونے والے ملزمان 115 سے زائد قتل، اقدامِ قتل اور ڈکیتی جیسی سنگین وارداتوں میں ملوث تھے۔

    واقعہ اس وقت پیش آیا جب شہری اسد نے پکار 15 پر اطلاع دی کہ گنگووال کے علاقے میں چھ ڈاکو واردات کر کے فرار ہو رہے ہیں۔ اطلاع ملتے ہی ایس ایچ او صدر دیپالپور انسپکٹر غازی اختر خان اپنی ٹیم کے ہمراہ موقع پر پہنچے اور ڈاکوؤں کا تعاقب شروع کیا۔ ڈاکوؤں نے پولیس کو دیکھتے ہی اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی، جس کے جواب میں پولیس نے مؤثر کارروائی کی۔

    فائرنگ کے تبادلے کے دوران تین ڈاکو اپنے ہی ساتھیوں کی گولیوں کی زد میں آکر ہلاک ہو گئے۔ ہلاک ہونے والے ڈاکوؤں کی شناخت شعبان عرف جانو، نزیر عرف بگی اور عبدالمنان کے ناموں سے ہوئی، جو لاہور، قصور، پاکپتن اور فیصل آباد سمیت کئی اضلاع میں پولیس کو مطلوب تھے۔

    پولیس نے موقع سے اسلحہ، شناختی کارڈز اور نقدی بھی برآمد کر لی ہے، جبکہ فرار ہونے والے تین ڈاکوؤں کی تلاش جاری ہے۔ علاقے کی مکمل ناکہ بندی کر دی گئی ہے اور سرچ آپریشن میں پولیس کی بھاری نفری حصہ لے رہی ہے۔

    ترجمان پولیس کے مطابق جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی اور عوام کی جان و مال کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔

  • اوکاڑہ: محکمہ تحفظ جنگلی حیات کی بڑی کارروائی، بھاری تعداد میں بھورے جنگلی تیتر برآمد، ملزم فرار

    اوکاڑہ: محکمہ تحفظ جنگلی حیات کی بڑی کارروائی، بھاری تعداد میں بھورے جنگلی تیتر برآمد، ملزم فرار

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر)محکمہ تحفظ جنگلی حیات اوکاڑہ نے ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے بھاری تعداد میں نایاب بھورے جنگلی تیتر برآمد کر لیے۔ یہ کارروائی اسسٹنٹ چیف وائلڈ لائف رینجر شہباز انور مان کی ہدایت پر عمل میں لائی گئی، جس میں سینئر رینجر آفیسر رائے اعجاز احمد، میاں طارق عزیز، محمد مشتاق احمد اور محمد عمران خان پر مشتمل وائلڈ لائف ٹیم نے حصہ لیا۔

    کارروائی کے دوران اوکاڑہ کے رہائشی مشتاق عرف بگی کے گھر پر قانونی سرچ وارنٹ کے تحت چھاپہ مارا گیا، جہاں سے بڑی تعداد میں جنگلی تیتر برآمد ہوئے۔ تاہم ملزم وائلڈ لائف رینجر عملے کو دیکھتے ہی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔

    محکمہ وائلڈ لائف نے تمام برآمد شدہ پرندے مالِ مقدمہ کے طور پر اپنی تحویل میں لے کر قانونی کارروائی مکمل کی اور مقدمہ عدالتِ اسپیشل جوڈیشل مجسٹریٹ اوکاڑہ میں پیش کر دیا گیا۔

    اس موقع پر شہباز انور مان نے کہا کہ جنگلی جانوروں اور پرندوں کے تحفظ کے لیے وائلڈ لائف ایکٹ کے تحت کارروائیاں جاری رہیں گی، اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔

  • اوکاڑہ: اسسٹنٹ کمشنر  کا مختلف علاقوں کا دورہ، صفائی کے انتظامات کا جائزہ

    اوکاڑہ: اسسٹنٹ کمشنر کا مختلف علاقوں کا دورہ، صفائی کے انتظامات کا جائزہ

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر)اسسٹنٹ کمشنر اوکاڑہ چوہدری رب نواز نے شہر کے مختلف علاقوں کا اچانک دورہ کر کے صفائی ستھرائی کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے ڈسٹرکٹ کمپلیکس، چرچ روڈ، سی بلاک، میونسپل کمیٹی روڈ، گول چوک اور اس سے ملحقہ بازاروں، صمد پورہ اور فیصل آباد روڈ سمیت اہم مقامات پر صفائی کے انتظامات کا معائنہ کیا۔

    دورے کے دوران اسسٹنٹ کمشنر نے گول چوک سے ملحقہ علاقوں میں نالیوں کی صفائی کا جائزہ لیتے ہوئے سینٹری ورکرز کو ہدایات جاری کیں کہ تمام علاقوں کی فوری اور مکمل کلیرنس کو یقینی بنایا جائے۔ میونسپل کمیٹی روڈ پر واٹر فلٹریشن پلانٹ کی فعالیت چیک کی گئی اور عوامی سہولت کے پیش نظر پلانٹ آپریٹر کا نمبر نمایاں مقام پر آویزاں کرنے کا حکم دیا گیا۔

    صمد پورہ میں انہوں نے گھروں سے سالڈ ویسٹ کی کلیکشن کے عمل کا جائزہ لیتے ہوئے مقامی شہریوں سے صفائی انتظامات پر فیڈ بیک بھی حاصل کیا۔ اس موقع پر چوہدری رب نواز نے کہا کہ شہر کی خوبصورتی اور صفائی ستھرائی کو برقرار رکھنے کے لیے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے مربوط اقدامات کیے جا رہے ہیں اور ان کی خود نگرانی بھی جاری ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ صفائی عملے سے بھرپور تعاون کریں تاکہ شہر کو صاف ستھرا اور خوبصورت بنایا جا سکے۔

  • اوکاڑہ: ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید کی زیر صدارت اہم اجلاس، عوامی فلاحی اقدامات پر زور

    اوکاڑہ: ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید کی زیر صدارت اہم اجلاس، عوامی فلاحی اقدامات پر زور

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر)ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ احمد عثمان جاوید کی زیر صدارت ضلعی افسران کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد شعجین وسترو، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل حافظ محمد عمر طیب، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ چوہدری عبدالجبار گجر، اسسٹنٹ کمشنر چوہدری رب نواز، ایس ڈی ای او پیرا وسیم جاوید، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ مرغوب حسین ڈوگر اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس سمیت دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

    اجلاس کے دوران ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید نے عوامی مفاد عامہ کے مختلف اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی اور ان کی مؤثر انجام دہی کے لیے احکامات جاری کیے۔ ان اقدامات میں "ستھرا پنجاب مہم”، آوارہ کتوں کی تلفی، تجاوزات کے خلاف آپریشن، بازاروں کی خوبصورتی اور پرائس کنٹرول کارروائیاں شامل تھیں۔

    ڈپٹی کمشنر نے زور دیا کہ عوام الناس کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنے کے لیے مؤثر انداز میں مانیٹرنگ کی جائے اور آوارہ کتوں کی تلفی کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے مزید ہدایت کی کہ انسداد تجاوزات مہم کے تحت جنرل بس اسٹینڈ میں آپریشن کیا جائے۔

  • اوکاڑہ: بابا فرید شوگر مل میں 12,600 میٹرک ٹن چینی کا سٹاک موجود،کیا ہوپائے گی شوگرمافیا کے خلاف کارروائی

    اوکاڑہ: بابا فرید شوگر مل میں 12,600 میٹرک ٹن چینی کا سٹاک موجود،کیا ہوپائے گی شوگرمافیا کے خلاف کارروائی

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد شوجین وسٹرو نے اسسٹنٹ کمشنر چوہدری رب نواز کے ہمراہ بابا فرید شوگر مل کا دورہ کیا اور چینی کے سٹاک کی دستیابی کا جائزہ لیا۔ مل انتظامیہ کے مطابق اس وقت 12,600 میٹرک ٹن چینی کا ذخیرہ موجود ہے اور کسی قسم کی قلت کا سامنا نہیں۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ عوام کے لیے وافر مقدار میں چینی موجود ہے، تاہم ذخیرہ اندوزی اور اوور چارجنگ کی کسی صورت اجازت نہیں دی جائے گی۔

    انہوں نے واضح کیا کہ حکومت پنجاب کی ہدایت کے مطابق چینی کی مصنوعی قلت پیدا کرنے یا بلیک مارکیٹنگ میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ ایسے عناصر کے خلاف مقدمات درج کیے جائیں گے اور ان کے چینی کے ذخائر ضبط کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی مفاد کو مقدم رکھتے ہوئے مہنگائی کے ذمہ داروں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

  • اوکاڑہ: بہادر نگر ادارہ افزائش حیوانات کا معائنہ، لائیو اسٹاک منصوبوں پر بریفنگ

    اوکاڑہ: بہادر نگر ادارہ افزائش حیوانات کا معائنہ، لائیو اسٹاک منصوبوں پر بریفنگ

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر)چیئرپرسن وزیراعلیٰ پنجاب ڈائریکٹوریٹ آف انسپکشن و مانیٹرنگ بریگیڈیئر (ر) بابر علاؤالدین نے ادارہ تحقیقات افزائش حیوانات بہادر نگر کا دورہ کیا اور مویشیوں کی افزائش نسل کے حوالے سے جاری منصوبہ جات و سہولیات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر چوہدری رب نواز، ڈائریکٹر لائیو اسٹاک ڈاکٹر مقصود اختر، میجر نوید اسلم اور اسٹاف آفیسر عبدالجبار بھٹی سمیت دیگر افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔

    دورے کے دوران ڈائریکٹر لائیو اسٹاک نے ادارے میں جاری تحقیقی سرگرمیوں، جانوروں کی افزائش نسل کے جدید سائنسی طریقہ کار، ادویات، بہتر چارہ (فوڈر)، اور گوشت و دودھ کی پیداوار بڑھانے سے متعلق فراہم کی جانے والی سہولیات پر تفصیلی بریفنگ دی۔

    بریگیڈیئر (ر) بابر علاؤالدین نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف صوبے میں لائیو اسٹاک سیکٹر کی ترقی کے لیے انقلابی اور مثالی اقدامات کر رہی ہیں، جن کے ثمرات نچلی سطح تک پہنچائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ادارہ افزائش حیوانات بہادر نگر جدید تحقیق، اختراعات اور فیلڈ لیول پر اطلاق کے حوالے سے اہم کردار ادا کر رہا ہے۔

    چیئرپرسن نے ہدایت کی کہ تحقیقاتی عمل، آپریشنل کارکردگی، اور وسائل کے شفاف استعمال کو جاری رکھتے ہوئے ادارے کو جدید خطوط پر استوار کیا جائے تاکہ مویشی پال کسان براہِ راست مستفید ہو سکیں۔

  • اوکاڑہ: ڈپٹی کمشنر کا دورہ، بس اسٹینڈ پر سہولیات کی ہدایت، تجاوزات کیخلاف کارروائی

    اوکاڑہ: ڈپٹی کمشنر کا دورہ، بس اسٹینڈ پر سہولیات کی ہدایت، تجاوزات کیخلاف کارروائی

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) حکومت پنجاب کی ہدایات پر عمل درآمد کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید نے شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا۔ ان کے ہمراہ اسسٹنٹ کمشنر چوہدری رب نواز، سیکرٹری ڈی آر ٹی اے آصف یاسین اور سب ڈویژنل انفورسمنٹ آفیسر وسیم جاوید بھی موجود تھے۔

    ڈپٹی کمشنر نے جنرل بس سٹینڈ پر مسافروں کو درپیش سہولیات کا جائزہ لیا اور فوری بہتری کے احکامات جاری کیے۔ انہوں نے نئے شیڈز، ویٹنگ رومز اور پینے کے صاف پانی کے انتظامات کی ہدایت دی تاکہ عوام کو بہتر سفری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

    فیصل آباد روڈ پر صفائی ستھرائی کے ناقص انتظامات اور سڑک کے اطراف کھڑے پانی کی شکایت پر ڈپٹی کمشنر نے نکاسی آب کے موثر انتظامات کرنے کی ہدایات دیں۔ انہوں نے میونسپل کمیٹی حکام کو ان امور کی براہِ راست نگرانی کا حکم بھی دیا۔

    دورے کے دوران صدر بازار اور گول چوک میں انسداد تجاوزات آپریشن کی بھی نگرانی کی گئی، جہاں عارضی تجاوزات کرنے والے دکانداروں کا سامان قبضہ میں لے لیا گیا۔

    ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید نے واضح کیا کہ عوامی سہولت کے پیش نظر انسداد تجاوزات مہم کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا اور حکومتی ہدایات کی خلاف ورزی کرنے والوں سے کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ شہر کو صاف، منظم اور شہریوں کے لیے آسان بنانے کے لیے تمام متعلقہ ادارے فعال کردار ادا کریں۔

  • اوکاڑہ: چینی 173 روپے فی کلو فروخت کا فیصلہ، ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا اعلان

    اوکاڑہ: چینی 173 روپے فی کلو فروخت کا فیصلہ، ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا اعلان

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید کی زیر صدارت ضلع اوکاڑہ میں چینی کی کنٹرول ریٹ پر فراہمی یقینی بنانے کے لیے اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل حافظ محمد عمر طیب، اسسٹنٹ کمشنر ایچ آر نور محمد، شوگر ملز مالکان، کریانہ ایسوسی ایشن اور انجمن تاجران کے نمائندوں نے شرکت کی۔

    ڈپٹی کمشنر نے اجلاس کے دوران واضح طور پر ہدایت جاری کی کہ ضلع بھر میں چینی کی فروخت 173 روپے فی کلو کے مقررہ نرخ پر ہی کی جائے گی۔ انہوں نے چینی کے ذخیرہ اندوزوں کے خلاف سخت کارروائی اور کریک ڈاؤن کا عندیہ بھی دیا۔

    اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تمام کریانہ شاپس اور مارٹس پر چینی کے نرخ نامے نمایاں جگہوں پر آویزاں کیے جائیں گے تاکہ عوام کو معلومات با آسانی میسر ہوں۔ اس موقع پر شوگر ملز مالکان، کریانہ ایسوسی ایشن اور انجمن تاجران نے ڈپٹی کمشنر کو یقین دہانی کروائی کہ وہ چینی کی کنٹرول ریٹس پر فراہمی میں مکمل تعاون کریں گے۔

    ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ حکومت پنجاب کے احکامات پر ہر صورت عمل درآمد کروایا جائے گا، اور چینی مہنگے داموں فروخت کرنے والوں کے خلاف کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ تمام اسٹیک ہولڈرز سے اپیل کی گئی کہ وہ نرخ ناموں پر عمل درآمد میں انتظامیہ سے مکمل تعاون کریں۔