Baaghi TV

Category: اوکاڑہ

  • اوکاڑہ: فیصل آباد روڈ پر پختہ تجاوزات کا خاتمہ، انسدادِ تجاوزات مہم میں تیزی آگئی

    اوکاڑہ: فیصل آباد روڈ پر پختہ تجاوزات کا خاتمہ، انسدادِ تجاوزات مہم میں تیزی آگئی

    اوکاڑہ (باغی ٹی وی، نامہ نگار ملک ظفر)ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید کی خصوصی ہدایت پر ضلع اوکاڑہ میں انسدادِ تجاوزات مہم میں شدت آگئی۔ سب ڈویژنل انفورسمنٹ آفیسر وسیم جاوید نے فیصل آباد روڈ پر کارروائی کرتے ہوئے دکانوں کی پختہ تجاوزات مسمار کر دیں اور گول چوک و صدر بازار میں دکانداروں کو وارننگ جاری کی۔

    فیصل آباد روڈ پر کارروائی کے دوران سرکاری جگہ پر بنائی گئی مستقل تعمیرات کو گرا دیا گیا۔ وسیم جاوید نے واضح کیا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات پر ضلع بھر میں تجاوزات کے خلاف بلا تفریق مہم جاری ہے، جس کا مقصد شہریوں کو صاف، کشادہ، اور رکاوٹوں سے پاک راستے فراہم کرنا ہے۔

    انہوں نے گول چوک اور صدر بازار میں موقع پر موجود دکانداروں کو خبردار کیا کہ آئندہ تجاوزات کی صورت میں سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ دکانداروں کو تاکید کی گئی کہ وہ اپنی دکانوں کو مقررہ حدود میں رکھیں اور عوامی آمدورفت میں رکاوٹ بننے سے گریز کریں۔

    وسیم جاوید نے کہا کہ عوامی مفاد کے پیش نظر انسدادِ تجاوزات مہم تسلسل کے ساتھ جاری رہے گی اور تجاوزات کے خلاف سخت ترین اقدامات کیے جائیں گے تاکہ شہریوں کو بہتر سہولیات اور صاف ماحول فراہم کیا جا سکے۔

    عوامی حلقوں کی جانب سے تجاوزات کے خاتمے پر ضلعی انتظامیہ کے اقدامات کو سراہا گیا ہے۔

  • اوکاڑہ: وزیراعلیٰ پنجاب کا انقلابی اقدام، محنت کشوں کو راشن کارڈز کی فراہمی

    اوکاڑہ: وزیراعلیٰ پنجاب کا انقلابی اقدام، محنت کشوں کو راشن کارڈز کی فراہمی

    اوکاڑہ (باغی ٹی وی، نامہ نگار ملک ظفر)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی جانب سے محنت کش طبقے کے لیے ایک اور انقلابی قدم، ضلع اوکاڑہ میں 2600 فیکٹری ورکرز کو مریم نواز راشن کارڈز فراہم کر دیے گئے۔ اس کار خیر کے تحت مزدور طبقے کو نہ صرف راشن پر سبسڈی دی جائے گی بلکہ متعدد مالی اور فلاحی سہولیات بھی مہیا کی جائیں گی۔

    راشن کارڈز کی تقسیم کی تقریب میں ممبر قومی اسمبلی چوہدری ریاض الحق جج اور ایم پی اے میاں محمد منیر نے خصوصی طور پر شرکت کی اور مستحق ورکرز میں کارڈز تقسیم کیے۔ اس موقع پر ڈائریکٹر سوشل سیکیورٹی ساہیوال میاں ذوالفقار علی، اسسٹنٹ کمشنر رب نواز چدھڑ، ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل سیکیورٹی حسن اصغر سمیت دیگر افسران، فیکٹری ورکرز اور ان کے اہل خانہ کی بڑی تعداد موجود تھی۔

    ڈائریکٹر سوشل سیکیورٹی میاں ذوالفقار علی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز راشن کارڈ کی افادیت پر تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ یہ کارڈ محنت کشوں کو نہ صرف راشن پر 20 فیصد رعایت فراہم کرے گا بلکہ ان کے معاشی بوجھ کو کم کرنے میں بھی مددگار ثابت ہوگا۔ راشن کارڈ استعمال کرنے والے ورکرز کو ماہانہ 3 ہزار روپے سبسڈی دی جائے گی۔

    تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چوہدری ریاض الحق جج نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز کی قیادت میں عوامی خدمت کا سفر جاری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ راشن کارڈ سے مستفید ہونے والے ورکرز کو کسی حادثے کی صورت میں 3 لاکھ روپے انشورنس جبکہ مستقل معذوری کی صورت میں 2 لاکھ روپے فراہم کیے جائیں گے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ محنت کش طبقے کو یہ حق برسوں پہلے ملنا چاہیے تھا۔

    ڈائریکٹر میاں ذوالفقار علی نے بتایا کہ صوبائی وزیر افرادی قوت فیصل ایوب کھوکھر ورکرز کی فلاح و بہبود کے لیے دن رات کوشاں ہیں، اور ان کی کاوشوں کو محنت کش طبقہ خراجِ تحسین پیش کرتا ہے۔

    چوہدری ریاض الحق نے مزید اعلان کیا کہ محکمہ سوشل سیکیورٹی ورکرز کے بچوں کے لیے اسٹیٹ آف دی آرٹ اسکول قائم کرے گا، جہاں معیاری تعلیم کی سہولت دی جائے گی تاکہ یہ بچے بھی ایک روشن مستقبل کی جانب بڑھ سکیں۔

    فیکٹری ورکرز اور ان کے اہل خانہ نے وزیراعلیٰ مریم نواز اور صوبائی وزیر فیصل ایوب کھوکھر کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا اور اس اقدام کو حقیقی عوامی فلاح کی جانب ایک قدم قرار دیا۔ راشن کارڈ سکیم کو محنت کشوں کی زندگی میں خوشحالی لانے کا ذریعہ قرار دیا جا رہا ہے۔

  • اوکاڑہ:لاہور میں آگ بجھاتے ہوئے دو ریسکیو اہلکار شہید، دو زخمی، ریسکیورز کا خراجِ عقیدت

    اوکاڑہ:لاہور میں آگ بجھاتے ہوئے دو ریسکیو اہلکار شہید، دو زخمی، ریسکیورز کا خراجِ عقیدت

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر)لاہور میں ایک افسوسناک مگر بہادری سے بھرپور واقعہ پیش آیا جہاں دو ریسکیو 1122 اہلکار، فرض کی ادائیگی کے دوران شہادت کے درجے پر فائز ہوگئے۔ واقعہ 10 جولائی کو پیش آیا، جو نہ صرف لاہور بلکہ ریسکیو 1122 کے لیے ایک غمناک اور فخر سے لبریز دن بن گیا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور میں ایک عمارت میں خوفناک آگ بھڑک اٹھی، جہاں پلاسٹک کا دانہ ذخیرہ کیا گیا تھا۔ ریسکیو 1122 کے فائر فائٹرز نے بروقت ریسپانس دیتے ہوئے جانفشانی سے آگ پر قابو پایا۔ تاہم آگ بجھانے کے بعد جب کولنگ کا عمل جاری تھا، اچانک عمارت کا ایک حصہ زمین بوس ہوگیا، جس کے نتیجے میں چار اہلکار ملبے تلے دب گئے۔

    ان میں سے دو بہادر اہلکار فائر فائٹر سید ناظم حسین اور میڈیکل ٹیکنیشن شعیب جانبر نہ ہو سکے اور جامِ شہادت نوش کر گئے، جبکہ دو دیگر اہلکار شدید زخمی حالت میں نکال لیے گئے۔ ریسکیو 1122 کے ان ہیروز نے اپنی جانوں کی قربانی دے کر خدمت، فرض شناسی اور قربانی کی ایسی روشن مثال قائم کی جو ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔

    ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر اوکاڑہ احتشام واہلہ نے واقعے پر گہرے دکھ اور فخر کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ "ریسکیو 1122 کے یہ شہداء ہمارے وہ سچے ہیرو ہیں جنہوں نے دوسروں کی جان و مال بچانے کے لیے اپنی زندگی قربان کر دی۔ ضلع اوکاڑہ کے تمام ریسکیورز اپنے ان عظیم ساتھیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں، جنہوں نے بہادری، قربانی اور انسانیت کی مثال قائم کر دی۔”

    یہ المناک واقعہ نہ صرف ریسکیو 1122 کی بے مثال قربانیوں کو اجاگر کرتا ہے بلکہ اس امر کی بھی گواہی دیتا ہے کہ قوم کے یہ محافظ اپنی جانوں کی پرواہ کیے بغیر ہر لمحہ عوام کی خدمت کے لیے ہمہ وقت تیار رہتے ہیں۔

  • اوکاڑہ: پولیس مقابلے میں 2 بین الصوبائی ڈاکو ہلاک، اسلحہ و موٹرسائیکل برآمد

    اوکاڑہ: پولیس مقابلے میں 2 بین الصوبائی ڈاکو ہلاک، اسلحہ و موٹرسائیکل برآمد

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر)اوکاڑہ کے نواحی علاقے پیر دی ہٹی تھانہ سٹی دیپالپور کی حدود میں مبینہ پولیس مقابلے کے دوران دو بین الصوبائی ڈاکو اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہو گئے۔ ہلاک ہونے والے ڈاکوؤں کی شناخت سمیر اور علی حسنین کے ناموں سے ہوئی ہے، جو پنجاب اور سندھ میں اقدامِ قتل، ڈکیتی، راہزنی سمیت کم از کم 20 سے زائد سنگین مقدمات میں پولیس کو مطلوب تھے۔

    پولیس ترجمان کے مطابق چار مسلح ڈاکوؤں نے 38 ڈی کے علاقے میں ایک شہری سے اسلحے کے زور پر موٹر سائیکل چھین لی۔ واقعے کی اطلاع پر ایس ایچ او فخر حیات اور ان کی ٹیم نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزمان کا پیچھا کیا۔ پولیس کو دیکھتے ہی ڈاکوؤں نے اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی۔ جوابی کارروائی میں دو ڈاکو اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ کی زد میں آکر موقع پر ہلاک ہو گئے جبکہ دو فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

    پولیس نے موقع سے چھینی گئی موٹرسائیکل اور اسلحہ برآمد کر لیا ہے۔ ہلاک ملزمان کا ریکارڈ کراچی، لاہور اور پاکپتن کے مختلف تھانوں میں درج ہے۔ فرار ملزمان کی تلاش کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں جبکہ دیپالپور سرکل کی بھاری نفری علاقے میں سرچ آپریشن جاری رکھے ہوئے ہے۔ ہلاک ڈاکوؤں کی لاشیں اسپتال منتقل کر دی گئی ہیں اور مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔

  • اوکاڑہ: خوش نصیب کسانوں میں مفت گرین ٹریکٹرز کی تقسیم، مریم نواز کا وعدہ پورا

    اوکاڑہ: خوش نصیب کسانوں میں مفت گرین ٹریکٹرز کی تقسیم، مریم نواز کا وعدہ پورا

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) وزیراعلیٰ پنجاب کے فلیگ شپ پروگرام "زیادہ گندم اگاؤ” مہم کے تحت اوکاڑہ میں کسانوں میں مفت گرین ٹریکٹرز کی تقسیم کی تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب میں صوبائی وزیر زراعت و لائیو اسٹاک سید عاشق حسین کرمانی نے قرعہ اندازی کے ذریعے کامیاب ہونے والے 26 کسانوں کو مفت ٹریکٹرز تقسیم کیے۔

    تقریب میں ایم پی اے میاں محمد منیر، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو) محمد ابراہیم ارباب، لیگی رہنما راؤ محمد اجمل، ڈائریکٹر زراعت توسیع شہباز اختر، ڈپٹی ڈائریکٹر محمد اعجاز سمیت محکمہ زراعت کے افسران، کاشتکار اور کسان بڑی تعداد میں شریک ہوئے۔

    ڈائریکٹر زراعت شہباز اختر نے کسان دوست پالیسیوں پر تفصیلی بریفنگ دی اور بتایا کہ ای بیلٹنگ کے ذریعے شفاف انداز میں پنجاب بھر کے کسانوں کو ٹریکٹرز فراہم کیے جا رہے ہیں۔ صوبائی وزیر زراعت عاشق کرمانی نے کہا کہ مریم نواز شریف کی قیادت میں شعبہ زراعت کو نئی زندگی دی جا رہی ہے، 123 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں، جب کہ 10 ہزار کسانوں کو 10 لاکھ کی سبسڈی پر گرین ٹریکٹرز دیے گئے ہیں۔

    انہوں نے مزید بتایا کہ کسان کارڈ کے ذریعے 75 ارب کے بلا سود قرضے دیے جا چکے ہیں۔ ایم پی اے میاں محمد منیر نے حکومت کی جانب سے گندم خریداری میں تاخیر کے باعث کسانوں کی مشکلات کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ دیگر انقلابی اقدامات سے اس کا ازالہ کیا جا رہا ہے۔

    اختتام پر کسانوں نے مفت ٹریکٹرز کی فراہمی پر وزیراعلیٰ مریم نواز شریف سے اظہار تشکر کیا اور حکومت کی کسان دوست پالیسیوں کو سراہا۔

  • اوکاڑہ: یومِ عاشورہ پر ریسکیو 1122 کی شاندار کارکردگی، 686 عزاداران کو طبی امداد فراہم، 6 کو ہسپتال منتقل کیا گیا

    اوکاڑہ: یومِ عاشورہ پر ریسکیو 1122 کی شاندار کارکردگی، 686 عزاداران کو طبی امداد فراہم، 6 کو ہسپتال منتقل کیا گیا

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر)یومِ عاشورہ کے موقع پر پنجاب ایمرجنسی سروس ریسکیو 1122 نے ضلع بھر میں 27 ماتمی جلوسوں اور 14 مجالس کو میڈیکل کور فراہم کرتے ہوئے مجموعی طور پر 686 عزاداران کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی۔ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر احتشام کی زیرِ نگرانی اس ریسکیو آپریشن میں 680 عزاداروں کو موقع پر ہی طبی امداد دی گئی، جبکہ 6 عزاداروں کو حالت کی نزاکت کے پیش نظر مختلف ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق، تحصیل اوکاڑہ میں 13 جلوسوں اور 5 مجالس کے دوران 232 عزاداروں کو طبی امداد دی گئی، جن میں سے 4 کو بعد ازاں ہسپتال منتقل کیا گیا۔ تحصیل دیپالپور میں 8 جلوسوں اور 5 مجالس میں 279 افراد کو فوری طبی امداد مہیا کی گئی، جبکہ ایک عزادار کو ہسپتال لے جایا گیا۔ تحصیل رینالہ خورد میں 6 جلوسوں اور 4 مجالس کے دوران 169 افراد کو ریسکیو سروسز فراہم کی گئیں اور ایک شخص کو ہسپتال منتقل کیا گیا۔

    ریسکیو آپریشن میں 20 ایمبولینسز، 57 موٹر بائیکس، 5 فائر وہیکلز، 329 سے زائد ریسکیورز اور 100 سے زائد تربیت یافتہ رضاکاروں نے حصہ لیا۔ ریسکیو ٹیموں نے ہر جلوس اور مجلس میں ایمبولینسز اور میڈیکل سٹاف کے ذریعے بروقت خدمات فراہم کیں۔

    سیکرٹری ایمرجنسی سروسز ڈاکٹر رضوان نصیر (ستارۂ امتیاز) کی ہدایات کے مطابق ضلع بھر میں تمام جلوسوں اور مجالس کو مکمل ایمرجنسی کوریج دی گئی۔ بہترین انتظامات اور فرض شناسی کا مظاہرہ کرنے پر ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر احتشام نے تمام ریسکیورز کو خصوصی شاباش دی اور ان کی خدمات کو سراہا۔

  • اوکاڑہ : 9 محرم الحرام کا فلیگ مارچ، فول پروف سیکیورٹی انتظامات مکمل

    اوکاڑہ : 9 محرم الحرام کا فلیگ مارچ، فول پروف سیکیورٹی انتظامات مکمل

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) اوکاڑہ میں 9 محرم الحرام کے موقع پر امن و امان کے قیام اور شہریوں میں احساسِ تحفظ پیدا کرنے کے لیے پولیس کی جانب سے فلیگ مارچ کا انعقاد کیا گیا۔ فلیگ مارچ کی قیادت ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) راشد ہدایت اور ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید نے کی، جب کہ رینجرز، ضلعی انتظامیہ، پی ای آر اے فورس، ایلیٹ فورس، ریسکیو 1122 اور ٹریفک پولیس کے دستے بھی شریک ہوئے۔

    مارچ ضلع کونسل سے شروع ہو کر ایم اے جناح روڈ، تحصیل روڈ، بے نظیر روڈ، گول چوک اور مین بازار سمیت شہر کے مختلف علاقوں سے ہوتا ہوا ڈسٹرکٹ کمپلیکس پر اختتام پذیر ہوا۔ فلیگ مارچ کا مقصد 9 اور 10 محرم الحرام کے دوران شہریوں کو پرامن ماحول فراہم کرنا اور دہشت گردی یا شرپسندی کے کسی بھی خدشے کو ختم کرنا تھا۔

    ڈی پی او راشد ہدایت نے کہا کہ محرم کے جلوسوں اور مجالس کے لیے سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں۔ 9 محرم کو ضلع بھر میں 26 عزاداری کے جلوس اور 66 مجالس کا انعقاد متوقع ہے، جن کی سیکیورٹی کے لیے 1200 سے زائد پولیس افسران اور جوان تعینات کیے گئے ہیں۔ جلوس کے راستوں کو قناتیں اور خاردار تاریں لگا کر مکمل طور پر سیل کر دیا جائے گا، جب کہ ریزرو نفری اور کیو آر ایف (کِک رسپانس فورس) کو ہائی الرٹ پر رکھا گیا ہے۔

    ڈی سی احمد عثمان جاوید کا کہنا تھا کہ ضابطہ اخلاق کی مکمل پابندی یقینی بنائی جائے گی، اور کسی بھی قسم کی خلاف ورزی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے شہریوں سے تعاون کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ امن کے دشمنوں کو ناکام بنانے کے لیے انتظامیہ اور عوام کا اشتراک ضروری ہے۔

  • دیپالپور: سرکاری ادویات چوری کا اسکینڈل بے نقاب، مرکزی ملزم گرفتار، لاکھوں مالیت کی دوا برآمد

    دیپالپور: سرکاری ادویات چوری کا اسکینڈل بے نقاب، مرکزی ملزم گرفتار، لاکھوں مالیت کی دوا برآمد

    اوکاڑہ (نامہ نگار، ملک ظفر)ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید کی خصوصی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر دیپالپور نعیم بشیر نے سرکاری ادویات کی چوری میں ملوث گینگ کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے ایک منظم نیٹ ورک کو بے نقاب کر دیا ہے۔ اس کارروائی کے دوران سرکاری ادویات چوری کے مرکزی ملزم نعیم اللہ ولد سخی محمد کو گرفتار کر لیا گیا، جس کے قبضے سے سات اقسام کی لاکھوں روپے مالیت کی سرکاری ادویات برآمد کر لی گئیں۔

    تحقیقات کے دوران انکشاف ہوا کہ ملزم نعیم اللہ سوشل سکیورٹی ہسپتال لاہور میں ملازمت کے دوران سرکاری ادویات چوری کر کے مقامی نجی فارمیسیز کو فروخت کرتا رہا۔ مزید تفتیش کے دوران سرویڈ فارمیسی حویلی لکھا سے بھی بھاری مقدار میں چوری شدہ ادویات برآمد کی گئیں، جس پر اس غیرقانونی کاروبار میں ملوث فارمیسی کو موقع پر ہی سیل کر دیا گیا۔

    اسسٹنٹ کمشنر نعیم بشیر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے واضح کیا کہ سرکاری ادویات کی چوری ایک سنگین جرم ہے اور اس مکروہ دھندے میں ملوث افراد کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ نہ صرف چوروں کے خلاف بلکہ چوری شدہ دوا خریدنے اور بیچنے والی فارمیسیز کے خلاف بھی قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی۔

    پولیس نے مرکزی ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید شواہد اکٹھے کرنے اور ملوث گروہ کی مکمل تحقیقات کے لیے کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔ ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ سرکاری وسائل کے تحفظ اور عوامی صحت کے حق میں اس قسم کے جرائم کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔

  • اوکاڑہ: انسداد ڈینگی مہم تیز، مون سون میں چیکنگ اور سرویلنس بڑھانے کی ہدایت

    اوکاڑہ: انسداد ڈینگی مہم تیز، مون سون میں چیکنگ اور سرویلنس بڑھانے کی ہدایت

    اوکاڑہ (باغی ٹی وی، نامہ نگار ملک ظفر)ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد ابراہیم ارباب کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ایمرجنسی رسپانس کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں محکمہ صحت سمیت تمام متعلقہ اداروں کے افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں انسدادِ ڈینگی مہم کے تحت جاری اقدامات، ڈینگی سرویلنس، ہاٹ سپاٹس کی چیکنگ، اور انسپیکشن اہداف کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

    ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر محمد ابراہیم ارباب نے ہدایت کی کہ مون سون کے دوران ڈینگی سرویلنس کو مزید مؤثر اور مربوط بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ بارشی پانی کے جمع ہونے سے ڈینگی مچھر کی افزائش ہوتی ہے، اس لیے نکاسی آب کو یقینی بنایا جائے اور کسی بھی مقام پر پانی کھڑا نہ ہونے دیا جائے۔

    انہوں نے متعلقہ اداروں کو تاکید کی کہ حکومت پنجاب کی جانب سے طے کردہ انسپیکشن ٹارگٹس کو ہر صورت مکمل کیا جائے اور کارروائیوں کا ریکارڈ باقاعدگی سے ڈیش بورڈ پر اپلوڈ کیا جائے۔ ڈینگی سکواڈ کو متحرک کرنے اور موذوں مقامات پر مسلسل چیکنگ کو یقینی بنانے کی ہدایت بھی دی گئی تاکہ ڈینگی لاروا کو پنپنے کا موقع نہ ملے۔

    ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے انسداد ڈینگی مہم میں تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن کے عمل کو بھی تسلسل سے جاری رکھنے پر زور دیا تاکہ شفافیت اور کارکردگی کا درست اندازہ لگایا جا سکے۔ اجلاس میں انسداد ڈینگی کے لیے تمام محکموں کے مابین بھرپور تعاون کی ضرورت پر بھی اتفاق کیا گیا۔

  • اوکاڑہ: نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کا عزم، غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف سخت اقدامات کا فیصلہ

    اوکاڑہ: نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کا عزم، غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف سخت اقدامات کا فیصلہ

    اوکاڑہ (باغی ٹی وی، نامہ نگار ملک ظفر)ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی برائے نیشنل ایکشن پلان کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ڈی پی او راشد ہدایت، پاک آرمی کے افسران اور وفاقی و صوبائی محکموں کے نمائندہ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس کا مقصد ضلع میں نیشنل ایکشن پلان کے مختلف نکات پر عملدرآمد کا جائزہ لینا تھا۔

    اجلاس میں غیر قانونی پیٹرول پمپس اور ایل پی جی شاپس کے خلاف کارروائیاں، ہیومن ٹریفکنگ کی روک تھام، بجلی چوری کے خلاف کریک ڈاؤن، نان کسٹم پیڈ گاڑیوں کے خلاف آپریشن، ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر ٹرانسپورٹرز کے خلاف اقدامات، گداگری کے خاتمے، انسداد تجاوزات مہم، مدارس کی رجسٹریشن اور اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل جیسے اہم امور پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

    ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید نے تمام محکموں کو ہدایت کی کہ عوامی مفاد کو مقدم رکھتے ہوئے ذمہ داریوں کی ادائیگی میں کوئی کوتاہی نہ برتی جائے۔ انہوں نے زور دیا کہ حکومت پنجاب کے احکامات پر مؤثر عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور قانون شکنی کے مرتکب افراد سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے۔ اجلاس میں طے پایا کہ ضلعی سطح پر بین المحکماتی رابطے کو مزید مؤثر بنایا جائے گا تاکہ نیشنل ایکشن پلان کے تمام اہداف بروقت اور مکمل طور پر حاصل کیے جا سکیں۔