Baaghi TV

Category: اوکاڑہ

  • اوکاڑہ: جشن آزادی/معرکہ حق کی تقریبات کے انتظامات پر اجلاس، عوامی جوش و خروش کے ساتھ منانے کی ہدایت

    اوکاڑہ: جشن آزادی/معرکہ حق کی تقریبات کے انتظامات پر اجلاس، عوامی جوش و خروش کے ساتھ منانے کی ہدایت

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) اوکاڑہ میں جشن آزادی و معرکہ حق کی تقریبات کے سلسلے میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ چوہدری عبدالجبار گجر کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں تمام متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔

    اجلاس کے دوران ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ جشن آزادی/معرکہ حق کو قومی جذبے اور مکمل جوش و خروش کے ساتھ منایا جائے۔ اس مقصد کے لیے شہر بھر میں سرکاری عمارات پر قومی پرچم لہرایا جائے اور عمارات کی خوبصورت لائٹنگ کو یقینی بنایا جائے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ پبلک مقامات کی تزئین و آرائش پر خصوصی توجہ دی جائے تاکہ شہری ایک خوشنما ماحول میں آزادی کا دن بھرپور انداز میں منا سکیں۔ اس کے ساتھ ساتھ ڈسٹرکٹ کمپلیکس میں مرکزی تقریب کے لیے جامع انتظامات کیے جائیں تاکہ معرکہ حق کی روح کو اجاگر کیا جا سکے۔

    چوہدری عبدالجبار گجر نے تمام محکموں کو ہدایت کی کہ وہ نہ صرف انتظامی طور پر بلکہ عوامی شمولیت کے ذریعے بھی ان تقریبات کو کامیاب بنائیں، تاکہ وطن عزیز، اس کی افواج اور شہداء سے محبت اور یکجہتی کا عملی مظاہرہ کیا جا سکے۔

    اجلاس کے اختتام پر تمام افسران نے اپنی اپنی تیاریوں سے متعلق بریفنگ دی اور اس بات کا عزم کیا کہ 14 اگست کو اوکاڑہ میں جشن آزادی/معرکہ حق ایک یادگار دن کے طور پر منایا جائے گا۔

  • اوکاڑہ: صوبائی وزیر سید عاشق حسین کرمانی کا پولیس شہداء کو خراج عقیدت، ورثا کے مسائل حل کرنے کی یقین دہانی

    اوکاڑہ: صوبائی وزیر سید عاشق حسین کرمانی کا پولیس شہداء کو خراج عقیدت، ورثا کے مسائل حل کرنے کی یقین دہانی

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) یومِ شہداء پولیس کے سلسلے میں اوکاڑہ میں ایک پُروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں صوبائی وزیر زراعت و لائیو سٹاک سید عاشق حسین کرمانی نے خصوصی شرکت کی۔ تقریب کا مقصد ان بہادر سپاہیوں کو خراجِ تحسین پیش کرنا تھا جنہوں نے ملکی سلامتی اور عوامی جان و مال کی حفاظت کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔

    تقریب میں ممبرانِ صوبائی اسمبلی میاں محمد منیر، چوہدری جاوید علاؤالدین، ریجنل پولیس آفیسر (RPO) محبوب رشید، ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (DPO) راشد ہدایت اور شہداء کے اہلِ خانہ سمیت ضلعی انتظامیہ کے افسران اور معززین شہر کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔

    اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر سید عاشق حسین کرمانی نے کہا:”پولیس کے وہ جانباز جنہوں نے عوامی تحفظ کے لیے اپنی جانیں قربان کیں، وہ ہمارے قومی ہیروز ہیں۔ ان کا خون قوم پر قرض ہے، اور ہم ان کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کریں گے۔”

    انہوں نے مزید کہا کہ شہداء کی فیملیز ہمارے دلوں میں خاص مقام رکھتی ہیں، اور ان کے مسائل کے حل کے لیے محکمہ پولیس سمیت تمام ادارے ہمہ وقت ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔

    تقریب کے اختتام پر شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی گئی اور پنجاب پولیس کے شہداء کے اہل خانہ کو تحائف بھی پیش کیے گئے۔ یہ تقریب نہ صرف شہداء کی عظیم قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کا ذریعہ بنی بلکہ ان کے ورثا سے اظہارِ یکجہتی کا مضبوط پیغام بھی دیا گیا۔

  • اوکاڑہ: ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید کی زیر صدارت اجلاس، افسران کو فیلڈ وزٹس جاری رکھنے کی ہدایت

    اوکاڑہ: ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید کی زیر صدارت اجلاس، افسران کو فیلڈ وزٹس جاری رکھنے کی ہدایت

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید کی زیر صدارت ضلعی انتظامیہ کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ضلع کے مختلف شعبہ جات کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد شعجین وسطرو، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل حافظ محمد عمر طیب، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس و پلاننگ چوہدری عبدالجبار گجر، اسسٹنٹ کمشنر رب نواز، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈیویلپمنٹ مرغوب حسین ڈوگر، سب ڈویژنل انفورسمنٹ آفیسر وسیم جاوید، ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ محمد شہباز سکھیرا، اور ایس این اے افضال حسین شریک تھے۔

    ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے افسران کو ہدایت دی کہ وہ عوامی سہولت کے پیش نظر فیلڈ وزٹس کا تسلسل برقرار رکھیں تاکہ زمینی حقائق سے آگاہی ممکن ہو اور عوامی مسائل کے حل میں تیزی لائی جا سکے۔ انہوں نے زور دیا کہ حکومت پنجاب کی جانب سے جاری کردہ گائیڈ لائنز کی روشنی میں عوامی بہتری اور مسائل کے حل کے لیے گڈ گورننس کے اقدامات کو ترجیحی بنیادوں پر نافذ کیا جائے۔

    ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کا مقصد عوامی ریلیف اور بہتر سروس ڈیلیوری کو یقینی بنانا ہے، اس لیے تمام افسران اپنے فرائض ایمانداری، جانفشانی اور بروقت کارکردگی کے ساتھ انجام دیں۔ اجلاس کے دوران ضلعی ترقیاتی منصوبوں، صفائی، صحت، تعلیم اور انفورسمنٹ سے متعلقہ امور کا بھی جائزہ لیا گیا۔

  • اوکاڑہ: اسسٹنٹ کمشنر کا ڈی ایچ کیو سٹی ہسپتال کا رات گئے اچانک دورہ، سروسز میں بہتری کی ہدایت

    اوکاڑہ: اسسٹنٹ کمشنر کا ڈی ایچ کیو سٹی ہسپتال کا رات گئے اچانک دورہ، سروسز میں بہتری کی ہدایت

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) اسسٹنٹ کمشنر چوہدری رب نواز نے رات کے پچھلے پہر ڈی ایچ کیو سٹی ہسپتال کا اچانک دورہ کر کے ایمرجنسی سمیت مختلف شعبہ جات کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا۔ دورے کے دوران انہوں نے سٹاف کی حاضری، ڈیوٹی روسٹر، ادویات کے اسٹاک، ایئرکنڈیشنرز کی فعالیت اور صفائی ستھرائی کے انتظامات کا معائنہ کیا۔

    اسسٹنٹ کمشنر نے ہدایت کی کہ ہسپتال کی فارمیسی کے باہر سرکاری طور پر فراہم کی جانے والی مفت ادویات کی فہرستیں نمایاں طور پر آویزاں کی جائیں تاکہ مریضوں کو آگاہی حاصل ہو۔ انہوں نے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کو سختی سے ہدایت کی کہ تمام وارڈز اور ان سے ملحقہ واش رومز کی باقاعدگی سے صفائی کی جائے اور مریضوں کو اعلیٰ معیار کی طبی سہولیات مہیا کرنے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔

    چوہدری رب نواز نے مزید کہا کہ عوامی شکایات کے فوری ازالے کے لیے ایک مؤثر شکایتی نظام وضع کیا جائے تاکہ ہسپتال میں آنے والے افراد کو درپیش مسائل کا بروقت حل ممکن ہو سکے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ڈی ایچ کیو سٹی ہسپتال میں صحت کی سہولیات کی فراہمی کے عمل کی مسلسل نگرانی کی جائے گی اور غفلت یا لاپروائی کے مرتکب عملے کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

    انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ ضلعی انتظامیہ عوام کو صحت کی معیاری سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی اور سرکاری اداروں میں کارکردگی کو بہتر بنانے کے لیے اچانک معائنے بھی جاری رہیں گے۔

  • اوکاڑہ: حکومت فائر سیفٹی آگاہی مہم شروع کرے، حادثات سے بچاؤ ممکن ہے. ارشد علی

    اوکاڑہ: حکومت فائر سیفٹی آگاہی مہم شروع کرے، حادثات سے بچاؤ ممکن ہے. ارشد علی

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) ابراہیم اینٹی فائر پروٹیکشن کے منیجنگ ڈائریکٹر ارشد علی نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ کمرشل بلڈنگز، تعلیمی اداروں، اسکولوں اور یونیورسٹیوں کی سطح پر فائر سیفٹی سے متعلق عوامی آگاہی مہم کا فوری آغاز کیا جائے تاکہ آگ لگنے کے بڑھتے واقعات کی روک تھام ممکن ہو سکے۔

    صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ارشد علی کا کہنا تھا کہ بیشتر آتشزدگی کے واقعات صرف فائر سیفٹی کے بنیادی اصولوں سے لاعلمی کے سبب پیش آتے ہیں، جبکہ بروقت تربیت، شعور اور ضروری معلومات کی فراہمی کے ذریعے قیمتی جانوں اور املاک کو بچایا جا سکتا ہے۔

    انہوں نے یقین دہانی کروائی کہ ان کی کمپنی "ابراہیم اینٹی فائر پروٹیکشن” فائر سیفٹی کے حوالے سے حکومت کو ہر ممکن تکنیکی اور عملی معاونت فراہم کرنے کے لیے تیار ہے، تاکہ معاشرے میں فائر پروٹیکشن کا موثر نظام رائج ہو سکے۔

    ارشد علی نے متعلقہ اداروں اور ضلعی انتظامیہ سے بھی اپیل کی کہ فائر ایکوئپمنٹ کی دستیابی، انسدادی اقدامات کی پابندی، اور فائر سیفٹی ٹریننگ کو لازم قرار دیا جائے تاکہ آگ لگنے جیسے مہلک واقعات پر قابو پایا جا سکے۔

  • اوکاڑہ: ڈپٹی کمشنر کی زیر نگرانی چینی کی قیمتوں پر مؤثر عملدرآمد، 173 روپے فی کلو پر فراہمی جاری

    اوکاڑہ: ڈپٹی کمشنر کی زیر نگرانی چینی کی قیمتوں پر مؤثر عملدرآمد، 173 روپے فی کلو پر فراہمی جاری

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر ضلع اوکاڑہ میں چینی کی عوام تک سرکاری نرخوں پر فراہمی یقینی بنانے کے لیے ضلعی انتظامیہ متحرک ہو گئی ہے۔ ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید نے ریل بازار میں مختلف کریانہ شاپس کا دورہ کیا اور چینی کے نرخوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر چوہدری رب نواز، مسلم لیگی رہنما چوہدری فیاض ظفر، ایس ڈی ای او پیرا وسیم جاوید اور انجمن کریانہ ایسوسی ایشن کے نمائندے بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔

    میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید نے کہا کہ ضلع بھر میں چینی کا وافر سٹاک موجود ہے اور 173 روپے فی کلو سرکاری نرخ پر چینی عوام کو مہیا کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کریانہ شاپس کے مالکان کو تنبیہ کی کہ چینی کی فروخت نوٹیفائیڈ ریٹس پر ہی کی جائے، کسی قسم کی ذخیرہ اندوزی یا اوور چارجنگ کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔

    انہوں نے مزید کہا کہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس اور ضلعی انتظامیہ کے افسران نہ صرف شہری علاقوں بلکہ گاؤں دیہات کی سطح پر بھی روزانہ کی بنیاد پر چینی کی دستیابی اور قیمتوں کی نگرانی کر رہے ہیں۔ عوام سے اپیل کی گئی کہ مہنگی چینی فروخت کرنے والوں کی فوری اطلاع دیں تاکہ ان کے خلاف کارروائی کی جا سکے۔ ضلعی انتظامیہ زیرو ٹالرنس پالیسی پر کاربند ہے۔

    انجمن کریانہ ایسوسی ایشن کے نمائندوں نے ضلعی انتظامیہ کے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ چینی کی طلب اور رسد کو متوازن رکھنے کے لیے موثر پالیسی اپنائی گئی ہے، جس سے عوام کو ریلیف ملا ہے۔

    مسلم لیگ (ن) کے رہنما چوہدری فیاض ظفر نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق اوکاڑہ میں عوام کو ریلیف دینے کے لیے عملی اقدامات جاری ہیں۔ ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید اور ان کی ٹیم چینی کی وافر فراہمی اور نرخوں کے کنٹرول کے لیے مؤثر طریقے سے کام کر رہی ہے، جبکہ ضلع بھر کے کریانہ اسٹورز اور مارٹس پر چینی کی مسلسل سپلائی بھی جاری ہے۔

  • اوکاڑہ: ظفر اقبال نے بطور ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر چارج سنبھال لیا، ریسکیو ٹیم کا پرتپاک استقبال

    اوکاڑہ: ظفر اقبال نے بطور ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر چارج سنبھال لیا، ریسکیو ٹیم کا پرتپاک استقبال

    اوکاڑہ (باغی ٹی وی، ملک ظفر)ظفر اقبال نے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر اوکاڑہ کے عہدے کا باضابطہ چارج سنبھال لیا۔ سنٹرل اسٹیشن آمد پر ضلع بھر کے افسران اور ریسکیورز نے ان کا پرتپاک استقبال کیا، کنٹرول روم انچارج سلیم مسعود، ریسکیو سیفٹی آفیسرز رانا طارق صدیق، ندیم اصغر اور عارف اقبال نے پھولوں کے گلدستے پیش کیے جبکہ چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش کی۔

    اس موقع پر ظفر اقبال نے تمام ریسکیورز سے فرداً فرداً مصافحہ کیا اور شاندار استقبال پر شکریہ ادا کیا۔ اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ اور بروقت ایمرجنسی سروسز کی فراہمی ان کی اولین ترجیح ہوگی۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ ماضی کی طرح مستقبل میں بھی ایک مضبوط ٹیم کی صورت میں عوامی خدمت کو یقینی بنایا جائے گا۔

  • اوکاڑہ: پولیس مقابلے میں 115 وارداتوں میں ملوث 3 خطرناک ڈاکو ہلاک، 3 فرار

    اوکاڑہ: پولیس مقابلے میں 115 وارداتوں میں ملوث 3 خطرناک ڈاکو ہلاک، 3 فرار

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر)اوکاڑہ کے نواحی علاقے دیپالپور میں پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان مبینہ مقابلے کے دوران تین بین الاضلاعی خطرناک ڈاکو ہلاک ہو گئے، جب کہ تین ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ پولیس ترجمان کے مطابق ہلاک ہونے والے ملزمان 115 سے زائد قتل، اقدامِ قتل اور ڈکیتی جیسی سنگین وارداتوں میں ملوث تھے۔

    واقعہ اس وقت پیش آیا جب شہری اسد نے پکار 15 پر اطلاع دی کہ گنگووال کے علاقے میں چھ ڈاکو واردات کر کے فرار ہو رہے ہیں۔ اطلاع ملتے ہی ایس ایچ او صدر دیپالپور انسپکٹر غازی اختر خان اپنی ٹیم کے ہمراہ موقع پر پہنچے اور ڈاکوؤں کا تعاقب شروع کیا۔ ڈاکوؤں نے پولیس کو دیکھتے ہی اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی، جس کے جواب میں پولیس نے مؤثر کارروائی کی۔

    فائرنگ کے تبادلے کے دوران تین ڈاکو اپنے ہی ساتھیوں کی گولیوں کی زد میں آکر ہلاک ہو گئے۔ ہلاک ہونے والے ڈاکوؤں کی شناخت شعبان عرف جانو، نزیر عرف بگی اور عبدالمنان کے ناموں سے ہوئی، جو لاہور، قصور، پاکپتن اور فیصل آباد سمیت کئی اضلاع میں پولیس کو مطلوب تھے۔

    پولیس نے موقع سے اسلحہ، شناختی کارڈز اور نقدی بھی برآمد کر لی ہے، جبکہ فرار ہونے والے تین ڈاکوؤں کی تلاش جاری ہے۔ علاقے کی مکمل ناکہ بندی کر دی گئی ہے اور سرچ آپریشن میں پولیس کی بھاری نفری حصہ لے رہی ہے۔

    ترجمان پولیس کے مطابق جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی اور عوام کی جان و مال کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔

  • اوکاڑہ: محکمہ تحفظ جنگلی حیات کی بڑی کارروائی، بھاری تعداد میں بھورے جنگلی تیتر برآمد، ملزم فرار

    اوکاڑہ: محکمہ تحفظ جنگلی حیات کی بڑی کارروائی، بھاری تعداد میں بھورے جنگلی تیتر برآمد، ملزم فرار

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر)محکمہ تحفظ جنگلی حیات اوکاڑہ نے ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے بھاری تعداد میں نایاب بھورے جنگلی تیتر برآمد کر لیے۔ یہ کارروائی اسسٹنٹ چیف وائلڈ لائف رینجر شہباز انور مان کی ہدایت پر عمل میں لائی گئی، جس میں سینئر رینجر آفیسر رائے اعجاز احمد، میاں طارق عزیز، محمد مشتاق احمد اور محمد عمران خان پر مشتمل وائلڈ لائف ٹیم نے حصہ لیا۔

    کارروائی کے دوران اوکاڑہ کے رہائشی مشتاق عرف بگی کے گھر پر قانونی سرچ وارنٹ کے تحت چھاپہ مارا گیا، جہاں سے بڑی تعداد میں جنگلی تیتر برآمد ہوئے۔ تاہم ملزم وائلڈ لائف رینجر عملے کو دیکھتے ہی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔

    محکمہ وائلڈ لائف نے تمام برآمد شدہ پرندے مالِ مقدمہ کے طور پر اپنی تحویل میں لے کر قانونی کارروائی مکمل کی اور مقدمہ عدالتِ اسپیشل جوڈیشل مجسٹریٹ اوکاڑہ میں پیش کر دیا گیا۔

    اس موقع پر شہباز انور مان نے کہا کہ جنگلی جانوروں اور پرندوں کے تحفظ کے لیے وائلڈ لائف ایکٹ کے تحت کارروائیاں جاری رہیں گی، اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔

  • اوکاڑہ: اسسٹنٹ کمشنر  کا مختلف علاقوں کا دورہ، صفائی کے انتظامات کا جائزہ

    اوکاڑہ: اسسٹنٹ کمشنر کا مختلف علاقوں کا دورہ، صفائی کے انتظامات کا جائزہ

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر)اسسٹنٹ کمشنر اوکاڑہ چوہدری رب نواز نے شہر کے مختلف علاقوں کا اچانک دورہ کر کے صفائی ستھرائی کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے ڈسٹرکٹ کمپلیکس، چرچ روڈ، سی بلاک، میونسپل کمیٹی روڈ، گول چوک اور اس سے ملحقہ بازاروں، صمد پورہ اور فیصل آباد روڈ سمیت اہم مقامات پر صفائی کے انتظامات کا معائنہ کیا۔

    دورے کے دوران اسسٹنٹ کمشنر نے گول چوک سے ملحقہ علاقوں میں نالیوں کی صفائی کا جائزہ لیتے ہوئے سینٹری ورکرز کو ہدایات جاری کیں کہ تمام علاقوں کی فوری اور مکمل کلیرنس کو یقینی بنایا جائے۔ میونسپل کمیٹی روڈ پر واٹر فلٹریشن پلانٹ کی فعالیت چیک کی گئی اور عوامی سہولت کے پیش نظر پلانٹ آپریٹر کا نمبر نمایاں مقام پر آویزاں کرنے کا حکم دیا گیا۔

    صمد پورہ میں انہوں نے گھروں سے سالڈ ویسٹ کی کلیکشن کے عمل کا جائزہ لیتے ہوئے مقامی شہریوں سے صفائی انتظامات پر فیڈ بیک بھی حاصل کیا۔ اس موقع پر چوہدری رب نواز نے کہا کہ شہر کی خوبصورتی اور صفائی ستھرائی کو برقرار رکھنے کے لیے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے مربوط اقدامات کیے جا رہے ہیں اور ان کی خود نگرانی بھی جاری ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ صفائی عملے سے بھرپور تعاون کریں تاکہ شہر کو صاف ستھرا اور خوبصورت بنایا جا سکے۔