Baaghi TV

Category: اوکاڑہ

  • اوکاڑہ: اے سی رب نواز کی چیکنگ، ریٹ لسٹ نہ لگانے پر دکاندار جرمانے کا شکار

    اوکاڑہ: اے سی رب نواز کی چیکنگ، ریٹ لسٹ نہ لگانے پر دکاندار جرمانے کا شکار

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) اسسٹنٹ کمشنر رب نواز نے پٹرول پمپس، کریانہ سٹورز اور بازاروں کا دورہ کرتے ہوئے انسداد تجاوزات اور قیمتوں کے کنٹرول کے حوالے سے چیکنگ کی۔ راوی روڈ پر اشیائے خورونوش کی ریٹ لسٹیں آویزاں نہ کرنے پر کریانہ سٹور مالکان کو 10 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔

    انہوں نے گول چوک اور راوی روڈ پر دکانوں کی انسپیکشن کے دوران تجاوزات کے خلاف کارروائی بھی کی اور ایک دکاندار کو جرمانہ کیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر رب نواز نے دکانداروں کو ہدایت کی کہ اشیائے خورونوش کی قیمتیں نمایاں جگہ پر آویزاں کریں اور مقررہ نرخوں کے مطابق اشیاء کی فروخت کو یقینی بنائیں، بصورت دیگر سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

  • اوکاڑہ:ڈی پی او و ڈپٹی کمشنر کا امام بارگاہ دورہ، امن و امان پر مشاورت

    اوکاڑہ:ڈی پی او و ڈپٹی کمشنر کا امام بارگاہ دورہ، امن و امان پر مشاورت

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) ڈی پی او اوکاڑہ محمد راشد ہدایت اور ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید نے مرکزی امام بارگاہ ایوانِ حسین ایف بلاک کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے اہل تشیع وفد، منتظمین جلوس، ممبران امن کمیٹی اور تاجر برادری سے ملاقات کی۔ اس موقع پر ایم پی اے میاں منیر احمد بھی موجود تھے۔

    پولیس ترجمان کے مطابق محرم الحرام کے پرامن انعقاد کے لیے ضابطہ اخلاق اور تمام ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گا۔ ڈی پی او نے کہا کہ تمام اسٹیک ہولڈرز، علماء و مشائخ، منتظمین اور شہریوں کے تعاون سے شہر میں امن و امان کی فضا برقرار رکھنے کے لیے پولیس ٹیمیں شب و روز متحرک ہیں۔

  • اوکاڑہ: منشیات فروش کو 35 سال قید، 13 لاکھ جرمانہ

    اوکاڑہ: منشیات فروش کو 35 سال قید، 13 لاکھ جرمانہ

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) ایڈیشنل سیشن جج رینالہ خورد محمد مسرور انور خان کی عدالت نے منشیات فروش اظہر عباس کو مجموعی طور پر 35 سال قید اور 13 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنا دی۔ پولیس ترجمان کے مطابق مجرم کو چرس فروشی پر 20 سال قید اور 13 لاکھ روپے جرمانہ جبکہ افیون فروشی پر 15 سال قید کی سزا سنائی گئی۔

    جرمانہ ادا نہ کرنے کی صورت میں مزید 6 ماہ قید کاٹنا ہوگی۔ مجرم کو 2024 میں تھانہ صدر رینالہ پولیس نے گرفتار کیا تھا اور اس کے قبضے سے بھاری مقدار میں چرس و افیون برآمد ہوئی تھی۔ ڈی پی او اوکاڑہ راشد ہدایت نے مقدمے میں بہترین کارکردگی دکھانے پر سب انسپکٹر نوید نزیر اور لیگل ٹیم کو شاباش دی۔

  • اوکاڑہ: پولیس اور فوڈ ونڈو ریسٹورنٹ میں رعایتی سہولیات کا معاہدہ

    اوکاڑہ: پولیس اور فوڈ ونڈو ریسٹورنٹ میں رعایتی سہولیات کا معاہدہ

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) پولیس اور فوڈ ونڈو ریسٹورنٹ کے درمیان مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط ہو گئے۔ ڈی پی او اوکاڑہ راشد ہدایت اور چیئرمین فوڈ ونڈو ریسٹورنٹ سلمان چوہدری نے معاہدے پر دستخط کیے۔

    اس معاہدے کے تحت پولیس شہداء اور فوت شدہ ملازمین کے اہل خانہ کو 25 فیصد رعایت دی جائے گی، جبکہ حاضر سروس ملازمین بھی 25 فیصد رعایت کے مستحق ہوں گے۔

    ایم او یو کا مقصد پولیس شہداء کے خاندانوں، حاضر سروس پولیس اہلکاروں اور ان کے اہل خانہ کو معیاری اور رعایتی سہولیات فراہم کرنا ہے۔

  • اوکاڑہ: معذور افراد میں 73 معاون آلات تقسیم، وزیراعلیٰ فلیگ شپ پروگرام کے تحت تقریب

    اوکاڑہ: معذور افراد میں 73 معاون آلات تقسیم، وزیراعلیٰ فلیگ شپ پروگرام کے تحت تقریب

    اوکاڑہ( نامہ نگار ملک ظفر)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے فلیگ شپ پروگرام کے تحت خصوصی افراد میں معاون آلات کی تقسیم کے لیے گورنمنٹ ایم سی ہائی اسکول اوکاڑہ میں ایک پُروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ یہ تقریب محکمہ سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال کے زیر اہتمام منعقد ہوئی، جس میں 73 معذور افراد میں معاون آلات تقسیم کیے گئے۔

    تقریب کے مہمانانِ خصوصی ایم پی اے چوہدری غلام رضا ربیرہ اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ چوہدری عبدالجبار گجر تھے، جنہوں نے معاون آلات خصوصی افراد میں تقسیم کیے۔ اس موقع پر لیگی رہنما چوہدری فیاض ظفر، ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر محمد اشتیاق خاں، دیگر محکموں کے افسران، اور خصوصی افراد کے اہل خانہ بھی موجود تھے۔

    ڈپٹی ڈائریکٹر محمد اشتیاق خاں نے خصوصی افراد کی فلاح و بہبود سے متعلق حکومتی اقدامات پر بریفنگ دی۔ ایم پی اے غلام رضا ربیرہ نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب خصوصی افراد کی سہولیات کو اولین ترجیح دے رہی ہیں، تاکہ انہیں معاشرے کا مفید شہری بنایا جا سکے۔ انہوں نے بتایا کہ پروگرام کے دوسرے مرحلے میں 73 اہل افراد میں معاون آلات تقسیم کیے جا رہے ہیں، جو ان کی روزمرہ زندگی میں آسانی پیدا کریں گے۔

    ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر چوہدری عبدالجبار گجر نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب کی یہ کاوش معذور افراد کی خودمختاری اور بہتر زندگی کی جانب ایک مثبت قدم ہے۔ معاون آلات حاصل کرنے والے افراد اور ان کے اہل خانہ نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔

  • ایران پر امریکی حملے کی شدید مذمت، عالمی امن خطرے میں ہے: سابق ناظم خان نور نبی

    ایران پر امریکی حملے کی شدید مذمت، عالمی امن خطرے میں ہے: سابق ناظم خان نور نبی

    اوکاڑہ( نامہ نگار ملک ظفر)سابق ناظم خان نور نبی خان نے ایران پر امریکہ کی جانب سے ہونے والے حملے کو عالمی امن کے لیے سنگین خطرہ قرار دیتے ہوئے شدید مذمت کی ہے۔ اخبار نویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ حملہ بین الاقوامی قوانین کی صریح خلاف ورزی اور امریکہ کی مسلسل جارحانہ پالیسیوں کا تسلسل ہے، جو دنیا کے مختلف خطوں میں بدامنی کو ہوا دے رہا ہے۔

    خان نور نبی خان نے واضح کیا کہ ہر خودمختار ریاست کو اپنے دفاع کا حق حاصل ہے اور ایران پر کسی بھی قسم کی جارحیت ناقابل برداشت ہے۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ اس غیر قانونی اقدام کا فوری نوٹس لے اور امریکہ کو اس کے نتائج سے آگاہ کرے۔

    انہوں نے امت مسلمہ سے بھی اپیل کی کہ وہ اتحاد کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایسے جارحانہ اقدامات کے خلاف مشترکہ مؤقف اختیار کرے، کیونکہ اگر آج ایک اسلامی ملک نشانہ بنا ہے تو کل دیگر اسلامی ممالک بھی نشانہ بن سکتے ہیں۔

    خان نور نبی نے اقوام متحدہ اور او آئی سی سے مطالبہ کیا کہ وہ امریکہ کی اس کھلی جارحیت کے خلاف مؤثر اور عملی قدم اٹھائیں۔ انہوں نے حکومتِ پاکستان سے بھی مطالبہ کیا کہ ایران کے ساتھ کھل کر یکجہتی کا اظہار کرے اور عالمی فورمز پر امریکہ کی اس کارروائی کی شدید مخالفت کرے۔

  • اوکاڑہ: رواں ماہ 965 روڈ حادثات، ٹریفک کنٹرول اتھارٹی کی کارکردگی پر سوالیہ نشان

    اوکاڑہ: رواں ماہ 965 روڈ حادثات، ٹریفک کنٹرول اتھارٹی کی کارکردگی پر سوالیہ نشان

    اوکاڑہ( نامہ نگار ملک ظفر)اوکاڑہ میں بڑھتے ہوئے ٹریفک حادثات نہ صرف ضلعی ٹریفک کنٹرول اتھارٹی کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہیں بلکہ اس کی نااہلی بھی کھل کر سامنے آ گئی ہے۔ رواں ماہ کے ابتدائی تین ہفتوں میں ضلع بھر سے 965 روڈ حادثات رپورٹ ہوئے جن میں 17 قیمتی جانیں ضائع ہو گئیں، جب کہ سینکڑوں مرد، خواتین اور بچے زخمی ہوئے۔

    تفصیلات کے مطابق تحصیل اوکاڑہ میں 557، دیپالپور میں 274 اور رینالہ خورد میں 134 حادثات رپورٹ ہوئے۔ ان حادثات میں 90 سے 95 فیصد موٹر سائیکل شامل ہیں، جو تیز رفتاری اور بے ہنگم ٹریفک کی علامت ہیں۔

    عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ ٹریفک کنٹرول اتھارٹی شاہراہوں پر قانونی حفاظت کے لیے ہر ماہ کروڑوں روپے خرچ کر رہی ہے، لیکن عملی کارکردگی صفر ہے۔ سڑکوں پر قانون کی حکمرانی دکھائی نہیں دیتی، جبکہ افسران صرف عہدوں کے تمغے سجائے بیٹھے ہیں۔

    عوام نے ڈی پی او محمد راشد ہدایت سے سوال کیا ہے کہ اگر کسی اور جرم پر فوری نوٹس لیا جا سکتا ہے، تو روڈ حادثات میں ملوث نااہل عناصر کے خلاف کارروائی کیوں نہیں کی جاتی؟

    عوامی مطالبہ ہے کہ فوری ہنگامی اقدامات کیے جائیں تاکہ قیمتی جانوں کے ضیاع اور عمر بھر کی معذوری جیسے حادثات سے بچا جا سکے اور ٹریفک قانون کی بالا دستی یقینی ہو۔

  • دیپالپور: شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی 72ویں سالگرہ کی پروقار تقریب منعقدہوئی

    دیپالپور: شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی 72ویں سالگرہ کی پروقار تقریب منعقدہوئی

    دیپال پور (باغی ٹی وی، نامہ نگار امتیاز شاہین چوہدری) پاکستان کی پہلی خاتون وزیر اعظم شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی 72 ویں سالگرہ اور سٹی دیپال پور کے نومنتخب عہدیداران کی تقریب ضیافت فیملی ریسٹورنٹ کچہری چوک میں پروقار انداز میں منعقد ہوئی۔ تقریب کا آغاز تلاوت قرآن پاک اور نعت رسول مقبول ﷺ سے ہوا، جس کی سعادت بالترتیب شفیق جٹ اور سردار کھوکھر نے حاصل کی، جبکہ نظامت کے فرائض میاں آفتاب سعید خاں وٹو ایڈووکیٹ نے انجام دیے۔

    سالگرہ کی تقریب میں محترمہ بے نظیر بھٹو کی جمہوری خدمات پر روشنی ڈالتے ہوئے میاں ریاض احمد وٹو ایڈووکیٹ، سید جعفر حسین شاہ بخاری ایڈووکیٹ، چودھری طارق رفیق ایڈووکیٹ، میاں ذوالفقار علی وٹو ایڈووکیٹ، میاں محمد جہانگیر خاں وٹو ایڈووکیٹ، پیرزادہ شاھد محمود ایڈووکیٹ، اور دیگر مقررین نے انہیں زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔ میاں ریاض وٹو نے خطاب میں کہا کہ محترمہ بے نظیر بھٹو نے اپنی جان دے کر جمہوریت کی شمع روشن رکھی اور وہ ہر مظلوم کی آواز تھیں، ان کے مشن کو جاری رکھا جائے گا۔

    چودھری سجاد الحسن سابق وزیر مملکت و ضلعی صدر پیپلز پارٹی اوکاڑا نے کہا کہ محترمہ کی خدمات عوام کے دلوں میں آج بھی زندہ ہیں، وہ پسماندہ طبقات کی امید تھیں۔ میڈم شازمہ اعزاز رامے صدر پیپلز لائر فورم دیپالپور نے کہا کہ محترمہ بے نظیر بھٹو نے مشکل حالات میں بھی عوامی خدمت کو شعار بنایا اور آج بھی ان کا وژن "بینظیر انکم سپورٹ پروگرام” کے ذریعے زندہ ہے۔

    تقریب کے اختتام پر نومنتخب عہدیداران کو مبارکباد دی گئی، شرکاء کیلئے ظہرانے کا اہتمام کیا گیا، اور ملکی سلامتی و خوشحالی کیلئے دعا کی گئی۔

  • اوکاڑہ :صفائی کے ناقص انتظامات،ہوٹل اور فیکٹری کیخلاف کارروائی

    اوکاڑہ :صفائی کے ناقص انتظامات،ہوٹل اور فیکٹری کیخلاف کارروائی

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر)ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر رب نواز نے عوام کو معیاری اشیائے خورونوش کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے متحرک اقدامات کا آغاز کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں انہوں نے محکمہ فوڈ اتھارٹی کے افسران کے ہمراہ شہر میں صفائی ستھرائی کے ناقص انتظامات اور فوڈ سیفٹی ایس او پیز کی خلاف ورزیوں پر کارروائیاں کیں۔

    کارروائی کے دوران اسسٹنٹ کمشنر رب نواز نے مہر عظیم ہوٹل کے مختلف حصوں خصوصاً کچن کا معائنہ کیا، جہاں صفائی کے غیر معیاری انتظامات اور ایس او پیز کی خلاف ورزی پائی گئی۔ ان خلاف ورزیوں پر ہوٹل انتظامیہ کو 50 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔

    اسی طرح نواحی علاقے ستگھرہ میں واقع کولڈ ڈرنکس فیکٹری میں بھی صفائی کے ناقص انتظامات پائے گئے، جس پر فیکٹری مالک کو 10 ہزار روپے جرمانہ کیا گیا۔

    اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر رب نواز نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ناقص صفائی، غیر معیاری اشیاء اور مضر صحت مٹیریل کے استعمال پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ عوام الناس کو محفوظ، معیاری اور صاف ستھری خوراک کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے، اور اس سلسلے میں خلاف ورزی کے مرتکب کاروباروں کے خلاف سخت کارروائیاں جاری رہیں گی۔

  • اوکاڑہ :پولیس کا ضلع بھر میں سرچ اینڈ کومبنگ آپریشن، 33 ملزمان گرفتار

    اوکاڑہ :پولیس کا ضلع بھر میں سرچ اینڈ کومبنگ آپریشن، 33 ملزمان گرفتار

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) ڈی پی او اوکاڑہ راشد ہدایت کی ہدایت پر ضلع بھر میں سرچ اینڈ کومبنگ آپریشن کیا گیا، جس کے دوران مجموعی طور پر 33 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ پولیس ترجمان کے مطابق یہ کارروائیاں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کا حصہ ہیں، جن کا مقصد امن و امان کی فضا کو یقینی بنانا ہے، خصوصاً محرم الحرام کے پیشِ نظر۔

    کارروائی کے دوران گوگیرہ پولیس نے ڈکیت گینگ کے 3 ملزمان کو گرفتار کیا، جب کہ 4 خطرناک اشتہاری ملزمان کو بھی حراست میں لیا گیا۔ ناجائز اسلحہ رکھنے کے الزام میں 4 افراد کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے 3 پستول، ایک رائفل اور 15 گولیاں برآمد کی گئیں۔

    منشیات کے خلاف کارروائی میں سٹی دیپالپور پولیس نے بڑی کامیابی حاصل کی، جہاں ایک منشیات فروش سے 2 کلو 200 گرام چرس برآمد کی گئی۔ اس کے علاوہ شراب فروشی میں ملوث 4 ملزمان کو گرفتار کرتے ہوئے 76 لیٹر شراب قبضے میں لے لی گئی۔

    پولیس ترجمان کے مطابق سرچ آپریشن کے دوران جوا کھیلنے میں ملوث 11 افراد کو بھی حراست میں لیا گیا، جبکہ عارضی قیام گاہ ایکٹ کی خلاف ورزی پر ایک ملزم کو گرفتار کیا گیا۔

    ڈی پی او راشد ہدایت کا کہنا ہے کہ یہ سرچ اینڈ کومبنگ آپریشنز آئندہ بھی تسلسل کے ساتھ جاری رہیں گے تاکہ امن و امان کو یقینی بنایا جا سکے اور جرائم پیشہ عناصر کا مکمل طور پر قلع قمع کیا جا سکے۔