Baaghi TV

Category: اوکاڑہ

  • اوکاڑہ: عیدالاضحیٰ پر ریسکیو 1122 کی شاندار کارکردگی، 899 ایمرجنسیز، 954 افراد متاثر، 34 جاں بحق

    اوکاڑہ: عیدالاضحیٰ پر ریسکیو 1122 کی شاندار کارکردگی، 899 ایمرجنسیز، 954 افراد متاثر، 34 جاں بحق

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر احتشام واہلہ نے عیدالاضحیٰ کی تعطیلات کے دوران ریسکیو 1122 اوکاڑہ کی کارکردگی رپورٹ جاری کرتے ہوئے بتایا کہ ریسکیو کو مجموعی طور پر 4197 کالز موصول ہوئیں، جن میں 899 ایمرجنسی کالز شامل تھیں۔

    ایمرجنسیز میں 261 روڈ ٹریفک حادثات، 539 میڈیکل کیسز، 10 آگ لگنے کے واقعات، 24 کرائم اور 65 متفرق نوعیت کے حادثات شامل تھے۔ ان ایمرجنسیز میں مجموعی طور پر 954 افراد متاثر ہوئے، جن میں سے 408 کو موقع پر ہی ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی جبکہ 512 زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا۔ افسوسناک طور پر 34 افراد جان کی بازی ہار گئے۔

    تحصیل وار تفصیلات کے مطابق تحصیل اوکاڑہ میں 628 ایمرجنسیز کے دوران 651 افراد کو سروس فراہم کی گئی، جن میں 140 روڈ حادثات، 417 میڈیکل، 4 آگ، 17 کرائم اور 50 دیگر واقعات شامل تھے۔

    تحصیل دیپالپور میں 190 ایمرجنسیز میں 202 افراد متاثر ہوئے، جن میں 73 ٹریفک حادثات، 95 میڈیکل، 4 آگ، 7 کرائم اور 11 متفرق واقعات رپورٹ ہوئے۔

    تحصیل رینالہ خورد میں 81 ایمرجنسیز کے دوران 101 افراد کو سروس فراہم کی گئی، جن میں 48 روڈ حادثات، 27 میڈیکل، 2 آگ اور 4 دیگر حادثات شامل تھے۔

    پیشنٹ ریفرل سسٹم کے تحت ضلع بھر میں 34 مریضوں کو بہتر طبی سہولیات کے لیے منتقل کیا گیا، جن میں سے 19 کو ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال اوکاڑہ جبکہ 15 کو دیگر اضلاع کے ہسپتالوں میں ریسکیو 1122 کے تربیت یافتہ عملے کی نگرانی میں منتقل کیا گیا۔

    عیدالاضحیٰ کی تعطیلات کے دوران ضلع بھر کے تفریحی مقامات جیسے کہ پاک-انڈو بارڈر، ہیڈ سلیمانکی پارک، پیپلی پہاڑ فاریسٹ پارک اور دریاؤں و نہروں پر بھی ریسکیو 1122 اوکاڑہ کی جانب سے خصوصی انتظامات کیے گئے، جس کی بدولت کوئی بھی ڈوبنے کا واقعہ پیش نہ آیا۔

    ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر نے ریسکیو ٹیموں کی بروقت اور مؤثر کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ عوام کی جان و مال کی حفاظت ریسکیو 1122 کی اولین ترجیح ہے۔

  • اوکاڑہ: تیز رفتار موٹرسائیکل کی ٹریکٹر ٹرالی سے ٹکر،2 نوجوان جاں بحق، ایک زخمی

    اوکاڑہ: تیز رفتار موٹرسائیکل کی ٹریکٹر ٹرالی سے ٹکر،2 نوجوان جاں بحق، ایک زخمی

    اوکاڑہ (باغی ٹی وی، نامہ نگار ملک ظفر)اوکاڑہ میں دیپالپور روڈ پر 31 ٹو ایل کے قریب ایک افسوسناک ٹریفک حادثے میں دو نوجوان جان کی بازی ہار گئے جبکہ ایک نوجوان شدید زخمی ہو گیا۔ حادثہ اس وقت پیش آیا جب تیز رفتاری کے باعث موٹرسائیکل بے قابو ہو کر سامنے جانے والی ٹریکٹر ٹرالی سے ٹکرا گئی۔

    ریسکیو ذرائع کے مطابق موٹرسائیکل پر سوار تین نوجوان دیپالپور روڈ پر سفر کر رہے تھے کہ اچانک ایک ٹریکٹر ٹرالی سے ٹکرا گئے۔ ٹکر اتنی شدید تھی کہ دو نوجوان موقع پر ہی دم توڑ گئے، جبکہ تیسرے کو شدید زخمی حالت میں قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

    واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو 1122 کی ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچ گئیں، جاں بحق ہونے والے نوجوانوں کی لاشوں کو ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کر دیا گیا۔ پولیس نے حادثے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

    عینی شاہدین کے مطابق حادثے کی بنیادی وجہ موٹرسائیکل کی تیز رفتاری اور لاپروائی بتائی جا رہی ہے۔ عوامی حلقوں نے ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ دیپالپور روڈ پر ٹریفک قوانین پر سختی سے عملدرآمد کروایا جائے تاکہ قیمتی جانوں کا ضیاع روکا جا سکے۔

  • اوکاڑہ: عیدالاضحیٰ پر صفائی مہم، اسسٹنٹ کمشنر کا کیمپ و ڈمپنگ سائٹس کا دورہ

    اوکاڑہ: عیدالاضحیٰ پر صفائی مہم، اسسٹنٹ کمشنر کا کیمپ و ڈمپنگ سائٹس کا دورہ

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) اسسٹنٹ کمشنر رب نواز نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر صفائی کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے قائم کردہ کیمپ کا دورہ کیا، جہاں شہریوں میں جانوروں کی آلائشیں اکٹھی کرنے کے لیے شاپرز تقسیم کیے گئے۔ اس موقع پر انہوں نے کلیکشن پوائنٹس کا معائنہ بھی کیا اور شہریوں سے اپیل کی کہ قربانی کے جانوروں کی آلائشیں گلیوں، محلوں اور سڑکوں پر پھینکنے کے بجائے دیے گئے شاپرز میں ڈال کر مقررہ پوائنٹس پر جمع کروائیں۔

    اسسٹنٹ کمشنر نے 6/4 ایل میں قائم ڈمپنگ سائٹس کا بھی معائنہ کیا اور صفائی عملے کو ہدایت دی کہ تمام ایس او پیز کے مطابق فوری طور پر ڈمپنگ پوائنٹس کی تیاری مکمل کی جائے تاکہ عید کے ایام میں تعفن اور گندگی سے پاک ماحول یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے واضح کیا کہ حکومت پنجاب کی ہدایت کے مطابق عوام کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنا اولین ترجیح ہے اور اس سلسلے میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

  • اوکاڑہ: ترقیاتی منصوبوں میں تاخیر ناقابل برداشت،عاشق حسین کرمانی

    اوکاڑہ: ترقیاتی منصوبوں میں تاخیر ناقابل برداشت،عاشق حسین کرمانی

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) صوبائی وزیر زراعت سید عاشق حسین کرمانی کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ کمپلیکس میں اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ترقیاتی منصوبوں اور عیدالاضحیٰ صفائی پلان پر تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس پلاننگ چوہدری عبدالجبار گجر، ایکسین ہائی وے، ایکسین پی ایچ ای، ایکسین لوکل گورنمنٹ، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر سیف اللہ وڑائچ، سی ای او ایجوکیشن محمد یوسف، اسسٹنٹ ڈائریکٹر پلاننگ محمد رضوان وارث سمیت متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔

    اجلاس میں اے ڈی پی اور ایس ڈی جیز 2024-25 کے تحت سڑکوں کی تعمیر و مرمت، سیوریج، ڈرینج، ٹف ٹائل، واٹر فلٹریشن پلانٹس، سپورٹس سٹیڈیمز اور مراکز صحت کے منصوبوں پر بریفنگ دی گئی۔ صوبائی وزیر نے حجرہ شاہ مقیم تا حویلی لکھا روڈ اور اختر آباد تا شیرگڑھ روڈ پر ترقیاتی کام کی سست روی پر سخت برہمی کا اظہار کیا اور کہا کہ دونوں منصوبے جلد از جلد مکمل کیے جائیں، جبکہ ڈپٹی کمشنر کو ان سڑکوں کی انسپکشن کروانے کی ہدایت بھی کی۔

    انہوں نے واضح کیا کہ تعمیراتی کاموں میں معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ برداشت نہیں کیا جائے گا۔ وزیر موصوف نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف جدید تقاضوں کے مطابق عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں پر بھرپور توجہ دے رہی ہیں اور ان منصوبوں پر بھاری فنڈز کے ساتھ ساتھ سخت مانیٹرنگ بھی کی جا رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ترقیاتی سکیمیں عوام کی سہولت کا ذریعہ ہیں، اس لیے ان میں تاخیر کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ تمام محکمے کام کی رفتار تیز کریں اور جلد از جلد منصوبوں کو مکمل کرنے کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائیں۔

  • دیپالپور : عید الاضحی کی نماز کے بڑے اجتماعات، 60 سے زائد مساجد اور امام بارگاہوں کے اوقات جاری

    دیپالپور : عید الاضحی کی نماز کے بڑے اجتماعات، 60 سے زائد مساجد اور امام بارگاہوں کے اوقات جاری

    دیپالپور (باغی ٹی وی ،نامہ نگار امتیاز شاہین چوہدری)ملک بھر کی طرح دیپالپور اور گردونواح میں بھی عید الاضحی کے موقع پر حسب سابق بڑے پیمانے پر اجتماعات کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ رواں برس بھی مختلف مکاتبِ فکر کی 60 سے زائد مساجد و امام بارگاہوں میں نماز عید الاضحی کے اوقات کا تفصیلی شیڈول جاری کر دیا گیا ہے، جس کا مقصد اہل اسلام کی سہولت اور بروقت اطلاع فراہم کرنا ہے۔

    پریس کلب دیپالپور اور انجمن صحافیاں (رجسٹرڈ) 1991ء کے صدر حاجی محمد اشفاق چوہدری کی ہدایات پر جنرل سیکرٹری مرزا فاروق احمد سلفی نے حسب سابق خصوصی محنت اور لگن سے تمام اہم مساجد و مقامات کے نماز عید الاضحی کے اوقات یکجا کر کے جاری کیے ہیں۔ موسم کی شدت کے پیش نظر بیشتر مقامات پر نماز عید الفجر کے فوراً بعد ادا کی جائے گی تاکہ نمازی شدید گرمی سے محفوظ رہ سکیں۔

    ذیل میں دیپالپور شہر، گردونواح اور تحصیل بھر کی اہم مساجد و مقامات کے نماز عید الاضحی کے اوقات اور پیش نماز حضرات کے نام تفصیل کے ساتھ پیش کیے جا رہے ہیں:

    جامع شاہی مسجد دیپالپور: مولانا سید انظر محمود بخاری – 7:00 بجے صبح

    جامع مسجد فریدیہ: علامہ قاری مسرور احمد – 8:00 بجے صبح

    جامع مسجد نوری، ٹینکی گراؤنڈ: مولانا پروفیسر قاری ساجد ستار نوری – 6:30 بجے صبح

    جامع مسجد زیب النساء، نوبہار کالونی: پروفیسر قاری روح الامین – 5:30 بجے صبح

    جامع مسجد صداقت یوسف رضوی چوک: مولانا محمد ادریس اثری – 6:30 بجے صبح

    جامع مسجد امام الانبیاء ﷺ، حامد شاہ کالونی: حافظ محمد عمار حسین – 6:45 بجے صبح

    جامع مسجد محمدی اہلحدیث، رتہ کھنہ روڈ: مولانا حمید احمد لکھوی – 6:00 بجے صبح

    جامع مسجد ابو بکر، بستی نور محمد: 7:00 بجے صبح

    جامع مسجد ختم نبوت، گلبرگ ٹاؤن کے نزدیک: مولانا فضل الرحمٰن – 6:30 بجے صبح

    جامع مسجد چشتیہ خلیل آباد کالونی: حافظ محمد ظہور نقشبندی – 8:00 بجے صبح

    مرکزی جامع مسجد امیر حمزہ، فاخر شاہ کالونی: قاری محمد حذیفہ – 7:30 بجے صبح

    امام بارگاہ ایوان حسین، محلہ لالو جسرائے (فقہ جعفریہ): رائے عامر حسین کھرل – 7:00 بجے صبح

    امام بارگاہ سجادیہ دیپالپور: علامہ حسن طاہری – 7:00 بجے صبح

    اس کے علاوہ دیگر درجنوں مساجد، مدرسوں اور تبلیغی مراکز جیسے تبلیغی مرکز بستی نیاز آباد، جامع مسجد نورالسلام، جامع مسجد ربانی، جامع مسجد معاذ بن جبل، جامع مسجد انوار رحمت، جامع مسجد تاج کالونی، جامع مسجد سرور کونین ﷺ، جامع مسجد مزدلفہ، اور جامع مسجد گورنمنٹ کالونی وغیرہ میں بھی نماز عید مقررہ اوقات میں ادا کی جائے گی۔

    عید الاضحی کے ان اجتماعات میں تمام مکاتب فکر کے علمائے کرام اپنے اپنے مسالک کے مطابق نماز عید الاضحی پڑھائیں گے۔ انتظامیہ اور مقامی شہریوں نے عوام سے گزارش کی ہے کہ وہ وقت کی پابندی کرتے ہوئے نماز میں شرکت کریں، صفائی کا خیال رکھیں، اور قربانی کے جانوروں کی آلائشیں مقررہ مقامات پر ٹھکانے لگائیں تاکہ ماحول صاف ستھرا رہے۔

    عید کے اجتماعات کی فہرست کے مطابق شہر کے مختلف حصوں میں نماز کے اوقات صبح 5:30 سے لے کر 8:00 بجے تک ہیں، اور لوگوں کی سہولت کے لیے مختلف مکاتب فکر کی عبادت گاہوں میں متعدد وقت رکھے گئے ہیں تاکہ ہر فرد اپنی سہولت سے نماز ادا کر سکے۔

    (ان شاء اللہ الرحمن) ان تمام مقامات پر عید الاضحی کی نماز باجماعت ادا کی جائے گی، اور شہر بھر میں عید کے ان روح پرور اجتماعات کے پرامن انعقاد کے لیے شہری انتظامیہ اور سیکیورٹی ادارے متحرک ہیں۔

  • اوکاڑہ: کاروباری رنجش پر بیوپاری پر انسانیت سوز تشدد، 5 ملزمان گرفتار

    اوکاڑہ: کاروباری رنجش پر بیوپاری پر انسانیت سوز تشدد، 5 ملزمان گرفتار

    اوکاڑہ (باغی ٹی وی،نامہ نگار ملک ظفر )اوکاڑہ کے نواحی گاؤں چک نمبر 52/3R میں کاروباری رنجش پر مویشیوں کے بیوپاری شہزاد حسین پر پانچ ملزمان نے انسانیت سوز سلوک کرتے ہوئے تشدد کیا، سر کے بال اور مونچھیں مونڈھ ڈالیں اور اس کا منہ بھی کالا کر دیا۔ واقعہ نے علاقے میں خوف و ہراس پھیلا دیا، جبکہ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے مقدمہ درج کر کے ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔

    ایف آئی آر کے مطابق متاثرہ شخص شہزاد حسین مویشیوں کا کاروبار کرتا ہے جبکہ ملزمان دانش، لیاقت، اظہر، بگی اور زین بھی اسی کاروبار سے منسلک ہیں اور ان کے شہزاد سے کاروباری رنجش چلی آ رہی تھی۔ گزشتہ شب ان افراد نے شہزاد کو اغوا کر کے ملزم لیاقت کے گھر لے جا کر اسے بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا، اس کی تذلیل کی، اور اس کی شکل بگاڑ کر ویڈیوز بنانے کی کوشش کی۔

    واقعے کی اطلاع ملنے پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) اوکاڑہ محمد راشد ہدایت نے سخت نوٹس لیتے ہوئے پولیس تھانہ اوکاڑہ کینٹ کو فوری کارروائی کا حکم دیا۔ پولیس نے چابکدستی سے کارروائی کرتے ہوئے تمام نامزد ملزمان کو گرفتار کر لیا اور ان کے خلاف مقدمہ نمبر 225/25 درج کر لیا گیا۔

    پولیس ترجمان کے مطابق واقعے کی مکمل تفتیش جاری ہے اور ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔ ڈی پی او نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی، اور شہریوں کے وقار و تحفظ کو ہر حال میں یقینی بنایا جائے گا۔

  • اوکاڑہ: تھانہ گوگیرہ کے قریب پولیس مقابلہ، 4 ڈاکو گرفتار، 2 زخمی، 3 فرار

    اوکاڑہ: تھانہ گوگیرہ کے قریب پولیس مقابلہ، 4 ڈاکو گرفتار، 2 زخمی، 3 فرار

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر)تھانہ گوگیرہ کی حدود میں پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان ہونے والے مقابلے میں 4 خطرناک ڈاکو گرفتار کر لیے گئے جن میں سے 2 زخمی حالت میں پکڑے گئے جبکہ 3 ڈاکو فرار ہو گئے۔ پولیس نے مقابلے کے بعد علاقے میں سرچ آپریشن کیا جس کے دوران مزید 2 ڈاکو گرفتار کر لیے گئے۔

    پولیس ترجمان کے مطابق ڈی پی او اوکاڑہ راشد ہدایت کی ہدایت پر ڈاکو ناکہ جات کے خاتمے کے لیے سپیشل ٹیمیں تشکیل دی گئی تھیں اور گشت کے نظام کو مزید مؤثر بنایا گیا۔ تھانہ گوگیرہ کے علاقہ 42 جی ڈی میں 7 ڈاکو ناکہ لگانے کی کوشش کر رہے تھے، جس پر شہری دلشاد نے پکار 15 پر پولیس کو اطلاع دی۔

    ایس ایچ او گوگیرہ نے فوری طور پر اپنی ٹیم کے ہمراہ کارروائی کی، تاہم ڈاکوؤں نے پولیس پارٹی کو دیکھتے ہی اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی۔ پولیس نے جوابی فائرنگ کی جس کے نتیجے میں دو ڈاکو اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے زخمی ہو گئے اور گرفتار کر لیے گئے۔

    بعد ازاں سرچ آپریشن کے دوران مزید دو ڈاکو عثمان اور علی حیدر کو گرفتار کر لیا گیا، جبکہ تین ڈاکو فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ گرفتار ڈاکو سنگین نوعیت کے 36 مقدمات میں مطلوب اور اشتہاری نکلے۔

    ابتدائی تفتیش میں زخمی ڈاکوؤں کی شناخت رحیم اور تنویر کے ناموں سے ہوئی، جو ڈکیتی اور راہزنی کے 9 مقدمات میں ملوث پائے گئے۔ پولیس کے مطابق ڈاکوؤں کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد کر لیا گیا ہے جبکہ فرار ہونے والے تین ملزمان کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔ پولیس نے تفتیش شروع کر دی ہے۔

  • عیدالاضحی ایثار، خلوص اور محبت کا پیغام ہے: احتشام جمیل شامی

    عیدالاضحی ایثار، خلوص اور محبت کا پیغام ہے: احتشام جمیل شامی

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر)پاکستان فیڈرل کونسل آف کالمسٹس کے مرکزی صدر، معروف شاعر، صحافی و کالم نگار احتشام جمیل شامی نے عیدالاضحی کے بابرکت موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ یہ عظیم دن حضرت ابراہیمؑ اور حضرت اسماعیلؑ کی بے مثال قربانی کی یاد تازہ کرتا ہے، جو ہمیں اطاعتِ الٰہی، خلوص، ایثار اور محبت کا درس دیتا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ قربانی محض جانور ذبح کرنے کا نام نہیں بلکہ اصل قربانی اپنے نفس، لالچ، بغض، حسد اور نفرتوں کو مٹا کر خلوص و وفا کا راستہ اپنانا ہے۔ آج کے معاشرے میں ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم قربانی کی حقیقی روح کو سمجھیں اور اس پر عمل کر کے ایک پرامن، روادار اور محبت بھرا سماج تشکیل دیں۔

    احتشام جمیل شامی نے کہا کہ عیدالاضحی ہمیں موقع دیتی ہے کہ ہم اپنے گردونواح میں موجود محروم طبقے کو بھی اپنی خوشیوں میں شامل کریں۔ یہی عمل اس تہوار کو حقیقی معنوں میں "بڑی عید” بناتا ہے۔

    انہوں نے تمام اہل اسلام کو عید کی مبارکباد دیتے ہوئے دعا کی کہ یہ عید ہمارے لیے رحمت، برکت اور قربتِ الٰہی کا ذریعہ بنے۔

  • اوکاڑہ: محرم الحرام انتظامات پر اجلاس، اوقات میں رد و بدل اور زیرو ٹالرنس پالیسی پر اتفاق

    اوکاڑہ: محرم الحرام انتظامات پر اجلاس، اوقات میں رد و بدل اور زیرو ٹالرنس پالیسی پر اتفاق

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل حافظ محمد عمر طیب کی زیر صدارت محرم الحرام کی مجالس اور جلوسوں کے پرامن اور منظم انعقاد کے لیے ایک اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں اہل تشیع کے نمائندگان سید کوثر رضوی، صداقت علی بھٹی، سید امیر حسین کے علاوہ محکمہ صحت، واپڈا، میونسپل کمیٹی اور پولیس حکام نے شرکت کی۔

    اجلاس میں حکومت پنجاب کی ہدایات کی روشنی میں موسم کی شدت کے پیش نظر جلوسوں اور مجالس کے اوقات میں ممکنہ رد و بدل، مجالس میں ذاکرین کی ویڈیو ریکارڈنگ، مشی واک پر زیرو ٹالرنس پالیسی، اور سیکیورٹی سمیت دیگر اہم انتظامات پر غور کیا گیا۔

    ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل حافظ محمد عمر طیب نے واضح کیا کہ حکومت پنجاب کی جانب سے جاری کردہ گائیڈ لائنز پر ہر صورت عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے مجالس اور جلوسوں کی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ وہ ضلعی انتظامیہ، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور دیگر متعلقہ محکموں کے ساتھ قریبی روابط قائم رکھیں تاکہ کسی بھی ممکنہ صورتحال سے موثر طور پر نمٹا جا سکے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ تمام محکمے محرم الحرام کے دوران اپنی ذمہ داریوں کو بخوبی نبھانے کے لیے مکمل تیار رہیں اور امن و امان کے قیام کے لیے بھرپور تعاون کو یقینی بنائیں۔

  • ملک ظفر اقبال بھوہڑ کو عوامی میڈیا کونسل کا چیئرمین منتخب ہونے پر آل پاکستان بھوہڑ ایسوسی ایشن کی مبارکباد

    ملک ظفر اقبال بھوہڑ کو عوامی میڈیا کونسل کا چیئرمین منتخب ہونے پر آل پاکستان بھوہڑ ایسوسی ایشن کی مبارکباد

    اوکاڑہ (نامہ نگار باغی ٹی وی) آل پاکستان بھوہڑ ایسوسی ایشن نے سینئر صحافی، معروف کالم نگار اور سماجی رہنما ملک ظفر اقبال بھوہڑ کو عوامی میڈیا کونسل اوکاڑہ کا چیئرمین منتخب ہونے پر دلی مبارکباد پیش کی ہے۔ ایسوسی ایشن کے مرکزی قائدین نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ ملک ظفر اقبال جیسے باہمت، سچ گو اور مخلص صحافی کی قیادت میں عوامی میڈیا کونسل مزید مؤثر اور فعال کردار ادا کرے گی۔

    بیان میں کہا گیا کہ ملک ظفر اقبال بھوہڑ کی صحافتی خدمات، عوامی مسائل کو اجاگر کرنے میں ان کی مسلسل جدوجہد، اور بے باک اندازِ صحافت ان کی قیادت کو قابل اعتماد بناتا ہے۔ ایسوسی ایشن نے امید ظاہر کی کہ وہ صحافیوں کے حقوق کے تحفظ اور مقامی سطح پر عوامی مسائل کے حل میں نمایاں کردار ادا کریں گے۔

    اس موقع پر عوامی میڈیا کونسل اوکاڑہ کی جانب سے "بہترین رپورٹر” کی شیلڈ بھی دی گئی جو صدر اوکاڑہ پریس کلب شہباز شاہین نے ملک ظفر اقبال کے حوالے کی۔ اس اعزاز کو صحافتی برادری نے ایک خوش آئند اقدام قرار دیا۔