Baaghi TV

Category: اوکاڑہ

  • رینالہ خورد: مہنگائی اور موبائل فونز نے کھیلوں کے گراؤنڈز ویران کر دیے، سابق قومی کھلاڑی علیم اللہ چودھری کا اظہار تشویش

    رینالہ خورد: مہنگائی اور موبائل فونز نے کھیلوں کے گراؤنڈز ویران کر دیے، سابق قومی کھلاڑی علیم اللہ چودھری کا اظہار تشویش

    رینالہ خورد (سٹی رپورٹر) ہاکی کے سابق قومی کھلاڑی اور اسلامیہ کالج سول لائنز لاہور کے گولڈ میڈلسٹ علیم اللہ چودھری نے کہا ہے کہ مہنگائی اور موبائل فونز نے پاکستان کے کھیلوں کے گراؤنڈز کو ویران کر دیا ہے اور نوجوان نسل کھیلوں سے دور ہوتی جا رہی ہے۔ انہوں نے والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنی نسلوں کو برائیوں اور بے راہ روی سے بچانے کے لیے کھیلوں کی طرف راغب کریں۔

    تفصیلات کے مطابق علیم اللہ چودھری نے ایک خصوصی ملاقات میں کہا کہ ایک وقت تھا جب پاکستان ہاکی، کرکٹ، سکوائش سمیت کئی کھیلوں میں ورلڈ چیمپین تھا اور دنیا کے افق پر چمکتے ستارے کی مانند تھا، لیکن آہستہ آہستہ کھیلوں کی سرگرمیاں گراؤنڈز میں ماند پڑنے لگیں اور وہ ویران ہو گئے۔

    علیم اللہ چودھری نے واضح کیا کہ کھیلوں کے خاتمے اور گراؤنڈز کے ویران ہونے میں سب سے بڑا کردار مہنگائی کا ہے، جس کے باعث نوجوان کھلاڑی ہاکی، کرکٹ اور دیگر کھیلوں کا سامان خریدنے سے محروم رہے۔ مزید برآں، موبائل فونز نے نوجوانوں کی توجہ کھیلوں سے ہٹا دی، کیونکہ نوجوان اب اپنے ہاتھوں میں موبائل فونز لیے گراؤنڈز کا رخ کرنا چھوڑ چکے ہیں۔

    سابق قومی کھلاڑی نے کہا کہ ایک بار پھر کھیلوں کے گراؤنڈز کو آباد کرنے کے لیے حکومت کو ہاکی، کرکٹ، فٹبال، سکوائش سمیت دیگر کھیلوں کا سامان سستا کرنا ہوگا اور والدین کو اپنے بچوں کو موبائل فونز سے دور رکھ کر کھیلوں کی طرف راغب کرنا چاہیے تاکہ نوجوان صحت مند سرگرمیوں میں حصہ لے سکیں اور پاکستان کے کھیلوں کا پرانا جلال دوبارہ بحال ہو۔

  • اوکاڑہ،رینالہ خورد: پولٹری فارم کی عمارت گرنے سے ایک مزدور جاں بحق، 5 زخمی

    اوکاڑہ،رینالہ خورد: پولٹری فارم کی عمارت گرنے سے ایک مزدور جاں بحق، 5 زخمی

    اوکاڑہ،رینالہ خورد (نامہ نگار+سٹی رپورٹر) اوکاڑہ کے علاقے شیر گڑھ روڈ پر واقع ایک پولٹری فارم کی عمارت مرمتی کام کے دوران اچانک گر گئی، جس کے نتیجے میں ملبے تلے دب کر ایک مزدور جاں بحق جبکہ 5 مزدور شدید زخمی ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق پولٹری فارم کی عمارت پر مرمت کا کام جاری تھا کہ اچانک عمارت زمین بوس ہو گئی، جس کے باعث وہاں کام کرنے والے 6 مزدور ملبے تلے دب گئے۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ظفر اقبال 22 ریسکیو اہلکاروں اور جدید مشینری کے ہمراہ فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچ گئے۔ اس دوران اسسٹنٹ کمشنر رینالہ خورد اور پولیس کی نفری بھی موقع پر پہنچ گئی۔

    ریسکیو حکام کے مطابق ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر کی نگرانی میں ریسکیو آپریشن شروع کیا گیا، جس کے دوران ملبے تلے دبے تمام مزدوروں کو باہر نکالا گیا۔ حادثے میں 35 سالہ مزدور شاہد موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا، جبکہ زخمی ہونے والوں میں 28 سالہ شعیب، 42 سالہ عباس، 32 سالہ عرفان، 55 سالہ اکرم اور 30 سالہ رمضان شامل ہیں۔

    ریسکیو ٹیم نے زخمیوں کو موقع پر ابتدائی طبی امداد فراہم کی، جس کے بعد ضروری کارروائی مکمل کرتے ہوئے جاں بحق مزدور کی لاش اور زخمیوں کو قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

    مقامی افراد کا کہنا ہے کہ اگر ریسکیو ٹیم بروقت موقع پر نہ پہنچتی تو جانی نقصان مزید بڑھ سکتا تھا۔ شہریوں نے ریسکیو اہلکاروں کی فوری کارروائی اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا۔ واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے متعلقہ حکام کی جانب سے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

  • اوکاڑہ: اسسٹنٹ کمشنر کا ڈی ایچ کیو ہسپتال کا اچانک دورہ، طبی سہولیات کا سخت جائزہ

    اوکاڑہ: اسسٹنٹ کمشنر کا ڈی ایچ کیو ہسپتال کا اچانک دورہ، طبی سہولیات کا سخت جائزہ

    اوکاڑہ (باغی ٹی وی/نامہ نگار ملک ظفر)اوکاڑہ میں اسسٹنٹ کمشنر احمد شیرگوندل نے ڈی ایچ کیو ہسپتال کا اچانک دورہ کر کے مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات، ادویات کی دستیابی اور صفائی ستھرائی کے انتظامات کا تفصیلی معائنہ کیا۔

    اس موقع پر انہوں نے ایمرجنسی وارڈ، فارمیسی اور دیگر شعبوں کا دورہ کیا، زیر علاج مریضوں کی خیریت دریافت کی اور علاج معالجے کے معیار پر توجہ دی۔ اس کے علاوہ ہسپتال کے سٹاک رجسٹر اور عملے کے حاضری رجسٹر کی پڑتال بھی کی گئی، جبکہ فارمیسی میں ادویات کے سٹاک اور معیاد کا جائزہ بھی لیا گیا۔

    اسسٹنٹ کمشنر احمد شیرگوندل نے ہسپتال کے ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف سے کہا کہ عوامی خدمت کے جذبے کے تحت فرائض انجام دیں اور صحت عامہ کی سہولیات کی فراہمی میں کسی قسم کی کوتاہی ہرگز نہ کریں، تاکہ مریضوں کو معیاری علاج اور سہولیات بروقت میسر آ سکیں۔

  • اوکاڑہ میں گڈ گورننس اقدامات پر عملدرآمد کے لیے اہم اجلاس

    اوکاڑہ میں گڈ گورننس اقدامات پر عملدرآمد کے لیے اہم اجلاس

    اوکاڑہ (باغی ٹی وی/نامہ نگار ملک ظفر)ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ احمد عثمان جاوید کی زیر صدارت مفادِ عامہ کے پیش نظر حکومتِ پنجاب کے گڈ گورننس اقدامات پر مؤثر عملدرآمد کے سلسلے میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد شعجین وسطرو، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ چوہدری عبدالجبار گجر، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل احمد سلیم چشتی، تینوں تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز، اسسٹنٹ کمشنر ہیڈ کوارٹر نور محمد، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ مرغوب حسین ڈوگر، ایس ڈی ای او پیرا وسیم جاوید، ایس این اے افضال حسین بلوچ سمیت دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

    اجلاس میں پرائس کنٹرول میکانزم، ستھرا پنجاب مہم، تجاوزات کے خلاف جاری اور آئندہ سخت کارروائیوں، شہر کی خوبصورتی کے لیے جاری ڈویلپمنٹ اسکیمز، پارکس کی تزئین و آرائش اور وزیراعلیٰ پنجاب کے دیگر گڈ گورننس اقدامات پر تفصیلی غور کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید نے تمام افسران کو ہدایت کی کہ ان منصوبوں پر مکمل سنجیدگی، شفافیت اور تسلسل کے ساتھ عملدرآمد یقینی بنایا جائے تاکہ عوام کو براہِ راست ریلیف مل سکے۔

    ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف عوامی خدمت کی واضح پالیسی پر عمل پیرا ہیں اور انہی گائیڈ لائنز کے مطابق حکومتِ پنجاب فلاحِ عامہ کے لیے وسیع اور مؤثر اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے افسران پر زور دیا کہ وہ فیلڈ میں موجود رہ کر عوامی مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کریں، لوگوں کی شکایات کے فوری ازالے کے لیے متحرک انداز اپنائیں اور حکومتی پالیسیوں کے ثمرات نچلی سطح تک پہنچانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔

  • رینالہ خورد: ڈرینوں کی تعمیر میں مبینہ کرپشن اور مجرمانہ بے ضابطگیاں، عمارتیں گرنے کا خدشہ

    رینالہ خورد (باغی ٹی وی/نامہ نگار)رینالہ خورد میں جاری ڈرینوں کی تعمیر کے دوران ناقص میٹریل کے استعمال اور بنیادوں (بیڈز) کی غیر معیاری کمپیکشن کے سنگین الزامات سامنے آئے ہیں، جس کے باعث نہ صرف قومی خزانے کو بھاری نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے بلکہ مستقبل میں کروڑوں روپے مالیت کی تجارتی عمارتوں کو بھی شدید خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب کی ضلعی و تحصیل انتظامیہ کی جانب سے شہروں میں بیوٹیفیکیشن منصوبے کے پہلے مرحلے کے تحت بازاروں میں ڈرینوں کی تعمیر کا سلسلہ جاری ہے۔ رینالہ خورد کے مصروف ترین علاقوں صدر بازار، پھاٹک بازار اور گوشت مارکیٹ میں بھی ڈرینوں کی تعمیر جاری ہے۔ تاہم شہریوں اور تاجروں کا کہنا ہے کہ متعلقہ اداروں اور ٹھیکیداروں کی مبینہ ملی بھگت سے ڈرینوں کے بیڈز کی کمپیکشن مناسب طریقے سے نہیں کی جا رہی اور تعمیر میں مبینہ طور پر ناقص میٹریل استعمال کیا جا رہا ہے۔

    شہری حلقوں کے مطابق غیر معیاری تعمیر کے باعث ڈرینوں میں بہنے والا سیوریج اور بارشی پانی مستقبل میں ڈرینوں کے کناروں پر واقع دکانوں اور عمارتوں کی بنیادوں کو کمزور کر سکتا ہے، جس سے بڑے مالی نقصانات اور حادثات کا خدشہ بڑھ جائے گا۔ تاجروں کا کہنا ہے کہ اگر بروقت اصلاح نہ کی گئی تو یہ مسئلہ آنے والے وقت میں ایک بڑے بحران کی شکل اختیار کر سکتا ہے۔

    تاجروں اور شہریوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف، کمشنر ساہیوال، اینٹی کرپشن، ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ اور اسسٹنٹ کمشنر رینالہ خورد سے مطالبہ کیا ہے کہ معاملے کی فوری تحقیقات کر کے ذمہ دار عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے اور ڈرینوں کی تعمیر کو معیاری اصولوں کے مطابق یقینی بنایا جائے تاکہ شہر اور شہریوں کو ممکنہ نقصانات سے بچایا جا سکے۔

  • اوکاڑہ میں ہارٹیکلچر ایجنسی کا قیام، پبلک پارکس کی خوبصورتی کے سفر کا نیا آغاز

    اوکاڑہ میں ہارٹیکلچر ایجنسی کا قیام، پبلک پارکس کی خوبصورتی کے سفر کا نیا آغاز

    اوکاڑہ (باغی ٹی وی/نامہ نگار ملک ظفر) ضلع اوکاڑہ کے پبلک پارکس اور شہری خوبصورتی کے فروغ کا سفر ایک نئے مرحلے میں داخل ہو گیا ہے، جہاں ہارٹیکلچر ایجنسی اوکاڑہ کے افتتاح کی پروقار تقریب ڈی سی آفس کے لان میں منعقد کی گئی۔ افتتاحی تقریب میں رکن قومی اسمبلی چوہدری ریاض الحق جج، ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ احمد عثمان جاوید اور رکن صوبائی اسمبلی میاں محمد منیر نے باقاعدہ طور پر ہارٹیکلچر ایجنسی کا افتتاح کیا۔

    تقریب میں ضلعی انتظامیہ، مختلف محکموں کے افسران، میڈیا نمائندگان اور دیگر سٹیک ہولڈرز نے شرکت کی۔ افتتاحی تقریب کے اختتام پر ایم این اے چوہدری ریاض الحق جج، ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید اور ایم پی اے میاں محمد منیر نے ڈی سی آفس کے لان میں پودے لگا کر شجرکاری مہم کا بھی آغاز کیا۔ اس موقع پر ضلع اوکاڑہ میں ہارٹیکلچر ایجنسی کے قیام پر وزیراعلیٰ پنجاب کا شکریہ ادا کیا گیا۔

    تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایم این اے چوہدری ریاض الحق جج نے کہا کہ عوام سے دو سال قبل کیے گئے وعدوں کو عملی جامہ پہنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام متعلقہ ادارے اور عوام مل کر پارکس کی خوبصورتی کو مزید بہتر بنائیں گے، جبکہ مستقبل کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے جدید طرز کے نئے پارکس بھی قائم کیے جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ریلوے لائنز سے ملحقہ فلتھ ڈپو کو خوبصورت پھولوں اور پودوں سے مزین کیا جائے گا اور اوکاڑہ کے شہریوں کو تفریح کے بہترین مواقع فراہم کرنے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جائیں گے۔

    ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ احمد عثمان جاوید نے اس موقع پر کہا کہ اوکاڑہ کے عوام کے لیے آج کا دن نہایت خوش آئند ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضلع کی تعمیر و ترقی اور خوبصورتی کے لیے ہارٹیکلچر ایجنسی کا قیام ترقی کے سفر کی ایک اہم کڑی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہارٹیکلچر ایجنسی کے لیے ضلع کونسل اور میونسپل کمیٹی سے پارکس کا عملہ شامل کیا گیا ہے، جو پارکس، گرین بیلٹس کی دیکھ بھال اور دیگر اہم امور انجام دے گا۔ ہارٹیکلچر ایجنسی کے قیام سے شہروں کی خوبصورتی میں نمایاں بہتری آئے گی، جبکہ موجودہ پارکس کی بہتری کے ساتھ ساتھ عوام کے لیے نئے پارکس بھی تعمیر کیے جائیں گے۔

    ایم پی اے میاں محمد منیر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی قیادت میں عوام کے بے شمار دیرینہ مسائل حل کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ضلع اوکاڑہ کی خوبصورتی کے لیے ہارٹیکلچر ایجنسی کا قیام ایک سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے اور عوام کی فلاح و بہبود کے لیے ترقی کا یہ سفر تسلسل کے ساتھ جاری رکھا جائے گا۔

  • اوکاڑہ : پولیس نے مسروقہ مال برآمد کر کے شہریوں کے حوالے کر دیا

    اوکاڑہ : پولیس نے مسروقہ مال برآمد کر کے شہریوں کے حوالے کر دیا

    اوکاڑہ (باغی ٹی وی/نامہ نگار ملک ظفر) آر پی او ساہیوال محمد ایاز سلیم کی کھلی کچہری کے مثبت ثمرات سامنے آ گئے، جہاں پولیس نے قلیل وقت میں مؤثر کارروائی کرتے ہوئے مسروقہ مال برآمد کر کے شہریوں کا اعتماد بحال کر دیا۔ اس سلسلے میں ڈی پی او آفس اوکاڑہ میں تقریبِ تقسیمِ مالِ مسروقہ کا انعقاد کیا گیا، جس میں برآمد شدہ مال اصل مالکان کے حوالے کیا گیا۔

    پولیس حکام کے مطابق بروقت اور مؤثر تفتیش کے نتیجے میں ساڑھے چھ لاکھ روپے سے زائد مالیت کا مسروقہ مال برآمد کیا گیا، جس میں 5 موٹر سائیکلیں اور 50 ہزار روپے نقد شامل ہیں۔ یہ کامیاب ریکوریاں تھانہ حویلی لکھا کے دائرہ اختیار میں کی گئیں، جو آر پی او ساہیوال محمد ایاز سلیم کی جانب سے منعقدہ کھلی کچہری میں شہریوں کی جانب سے دی گئی درخواستوں پر فوری عمل درآمد کا نتیجہ ہیں۔

    تقریب کے دوران مسروقہ مال وصول کرنے والے شہریوں نے پولیس کی فوری داد رسی، شفاف تفتیش اور مؤثر کارکردگی کو سراہتے ہوئے اظہارِ تشکر کیا اور کہا کہ کھلی کچہری جیسے اقدامات سے عوام اور پولیس کے درمیان اعتماد کی فضا مضبوط ہو رہی ہے۔

    پولیس حکام کا کہنا تھا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ، فوری اور منصفانہ انصاف کی فراہمی اور عوامی اعتماد کا فروغ پولیس کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ کھلی کچہریوں کے ذریعے عوامی شکایات کے فوری ازالے اور جرائم کی روک تھام کے لیے اقدامات کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رکھا جائے گا۔

  • اوکاڑہ میں ٹریفک حادثات پر سخت اقدامات کا فیصلہ

    اوکاڑہ میں ٹریفک حادثات پر سخت اقدامات کا فیصلہ

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ احمد عثمان جاوید کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ایکسیڈنٹ ریویو کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل احمد سلیم چشتی، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ چوہدری عبدالجبار گجر، ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر چوہدری ظفر اقبال، سیکرٹری ڈی آر ٹی اے اقصیٰ ریاض، ڈی ایس پی ٹریفک سمیت متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔

    اجلاس میں ضلع بھر میں پیش آنے والے ٹریفک حادثات کے ڈیٹا کا تفصیلی جائزہ لیا گیا جبکہ متعلقہ افسران نے حادثات کی وجوہات، ذمہ دار عناصر اور ان کی روک تھام کے اقدامات پر بریفنگ دی۔

    اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید نے کہا کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی انسانی جانوں کے ضیاع کا سبب بنتی ہے، جبکہ احتیاطی تدابیر اپنا کر ٹریفک حادثات سے بچاؤ ممکن ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ اوور اسپیڈنگ، بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل چلانے، اوور لوڈنگ، ون ویلنگ اور بغیر لائسنس ڈرائیونگ کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کی جائے۔

    ڈپٹی کمشنر نے ٹریفک پولیس اور دیگر متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ حادثات کے مقامات کی نشاندہی کر کے فوری حفاظتی اقدامات کیے جائیں، آگاہی مہمات کو مزید مؤثر بنایا جائے اور ٹریفک قوانین پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ جان لیوا ٹریفک حادثات کی روک تھام کے لیے عوام کو بھی مثبت رویہ اختیار کرتے ہوئے ٹریفک قوانین کی پابندی کرنا ہوگی، اور اس مقصد کے لیے متحرک آگاہی مہم کے ذریعے عوام میں شعور اجاگر کرنے پر خصوصی توجہ دی جائے۔

  • اوکاڑہ میں فائر سیفٹی اقدامات تیز، 48 گھنٹوں میں آڈٹ مکمل کرنے کا حکم

    اوکاڑہ میں فائر سیفٹی اقدامات تیز، 48 گھنٹوں میں آڈٹ مکمل کرنے کا حکم

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ احمد عثمان جاوید کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ایمرجنسی بورڈ کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز، تینوں تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز، چیف افسران، محکمہ ریسکیو 1122، ہیلتھ، ٹریفک پولیس، سیکرٹری ڈی آر ٹی اے، سول ڈیفنس، انڈسٹری سمیت تمام متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔

    اجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے احکامات کی روشنی میں ہنگامی بنیادوں پر ضلع بھر کے کاروباری مراکز اور اہم عمارات میں فائر سیفٹی کے انتظامات فوری طور پر مکمل کرنے کے احکامات جاری کیے گئے۔ ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید نے تمام متعلقہ محکموں کو 48 گھنٹوں کے اندر فائر سیفٹی آڈٹ مکمل کرنے کا ٹاسک سونپ دیا۔

    ڈپٹی کمشنر نے ضلع بھر میں 16 مختلف مقامات پر فائر ہائیڈرنٹس نصب کرنے کے احکامات بھی جاری کیے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تین یا اس سے زائد منزلہ رہائشی و کمرشل عمارات کا فائر سیفٹی آڈٹ کیا جائے اور حفاظتی اقدامات ان کی براہِ راست نگرانی میں مکمل کرائے جائیں۔ فائر سیفٹی انتظامات میں تعاون نہ کرنے والے بلڈنگ مالکان کے خلاف قانونی کارروائی کے ساتھ عمارات کو فوری سیل کرنے کا حکم بھی دیا گیا۔

    اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ تینوں تحصیلوں کی میونسپل کمیٹیوں کے چیف افسران بلڈنگ مالکان سے میٹنگز کر کے انہیں فوری حفاظتی اقدامات کی پابندی کروائیں گے، جبکہ ایکسین بلڈنگز اہم سرکاری عمارات کا سیکیورٹی آڈٹ کریں گے۔ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں ریسکیو 1122 عوام کے بحفاظت انخلا، ٹریفک پولیس سڑکوں کی کلیئرنس، واپڈا حکام بجلی کی وائرنگ اور بورڈز کی چیکنگ، جبکہ محکمہ صحت سرکاری ہسپتالوں میں تمام بنیادی طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائے گا۔

    ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید نے کہا کہ رہائشی اور کمرشل عمارات میں فائر سیفٹی انتظامات ناگزیر ہیں اور تمام متعلقہ ادارے عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری کریں۔

  • رینالہ خورد میں ٹریفک حادثہ، ایک نوجوان جاں بحق

    رینالہ خورد (نامہ نگار) قومی شاہراہ رینالہ خورد شرقی بائی پاس پر افسوسناک ٹریفک حادثہ پیش آیا جہاں ایک مزدا لوڈر وین بے قابو ہو کر سڑک پر جاتے ہوئے موٹر سائیکل پر الٹ گئی۔ حادثے کے نتیجے میں ایک موٹرسائیکل سوار موقع پر ہی جاں بحق جبکہ دوسرا شدید زخمی ہو گیا۔

    تفصیلات کے مطابق مزدا لوڈر وین اچانک بے قابو ہوئی اور موٹر سائیکل پر جا گری، جس کے باعث موٹر سائیکل پر سوار 28 سالہ محمد اصغر ولد شمشاد علی، سکنہ چک نمبر 15 ون اے ایل جاں بحق ہو گیا، جبکہ راجہ ٹاؤن اختر آباد کا رہائشی 25 سالہ وقار شدید زخمی ہو گیا۔

    حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیم اور پولیس موقع پر پہنچ گئی، جاں بحق نوجوان کی نعش اور زخمی کو فوری طور پر مقامی ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔