Baaghi TV

Category: اوکاڑہ

  • اوکاڑہ: بھارتی جارحیت کے خلاف ایپکا کی ریلی، پاک فوج سے یکجہتی کا اظہار

    اوکاڑہ: بھارتی جارحیت کے خلاف ایپکا کی ریلی، پاک فوج سے یکجہتی کا اظہار

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) بھارتی جارحیت کے خلاف اور پاک فوج سے اظہارِ یکجہتی کے لیے آل پاکستان کلرکس ایسوسی ایشن (ایپکا) کے زیرِ اہتمام ایک بڑی ریلی کا انعقاد کیا گیا، جس میں سینکڑوں کارکنوں نے شرکت کی۔ ریلی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفس سے شروع ہوئی اور ڈپٹی کمشنر آفس تک پہنچی، جہاں پہلے سے موجود شہریوں نے ریلی کا پرتپاک استقبال کیا اور اس میں شامل ہو گئے۔

    ریلی کے شرکاء نے قومی پرچم تھام رکھے تھے اور فضا "پاک فوج زندہ باد” اور "بھارت مردہ باد” کے نعروں سے گونجتی رہی۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ بھارت کی طرف سے جاری جارحیت صرف فوج کے خلاف نہیں بلکہ پوری پاکستانی قوم کے خلاف ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ جنگ 25 کروڑ پاکستانیوں کی جنگ ہے، اور پوری قوم اپنی بہادر افواج کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

    ریلی کا مقصد نہ صرف دشمن کو واضح پیغام دینا تھا بلکہ اندرون ملک اتحاد، یکجہتی اور قومی شعور کو اجاگر کرنا بھی تھا۔ ایپکا کے رہنماؤں نے کہا کہ دشمن کی ہر سازش کو ناکام بنانے کے لیے قوم متحد ہے، اور عوام فوج کی ہر قربانی کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

  • اوکاڑہ یونیورسٹی کانووکیشن، 10 ہزار سے زائد طلباء کو ڈگریاں، گورنر پنجاب کی شرکت

    اوکاڑہ یونیورسٹی کانووکیشن، 10 ہزار سے زائد طلباء کو ڈگریاں، گورنر پنجاب کی شرکت

    اوکاڑہ ،باغی ٹی وی(نامہ نگار، ملک ظفر) اوکاڑہ یونیورسٹی کے دوسرے کانووکیشن کی شاندار اور پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں مختلف شعبہ جات کے 10,654 طلباء و طالبات کو ڈگریاں تفویض کی گئیں، جبکہ نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلباء و طالبات کو گولڈ میڈلز سے نوازا گیا۔

    تقریب کے مہمانِ خصوصی گورنر پنجاب و چانسلر سردار سلیم حیدر خان تھے، جنہوں نے فارغ التحصیل طلباء میں ڈگریاں تقسیم کیں اور ان کی علمی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ:
    "اوکاڑہ یونیورسٹی ایک نئی درسگاہ ہونے کے باوجود بہت تیزی سے ترقی کی منازل طے کر رہی ہے۔ وائس چانسلر ڈاکٹر سجاد مبین کی قیادت میں یہ ادارہ نہ صرف قومی بلکہ عالمی سطح پر مقام حاصل کرے گا۔”

    انہوں نے اساتذہ، انتظامیہ اور طلباء کو مبارک باد پیش کی اور کہا کہ چانسلر آفس آئندہ بھی یونیورسٹی کے ساتھ ہر ممکن تعاون جاری رکھے گا۔ گورنر پنجاب نے نوجوانوں کو محنت، دیانت اور کردار سازی کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ:
    "پاکستان کی نوجوان نسل باصلاحیت ہے، ہمیں ان کی اخلاقی و علمی تربیت پر بھرپور توجہ دینی چاہیے تاکہ وہ دنیا بھر میں ملک و ملت کا نام روشن کریں۔”

    تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سجاد مبین نے کہا کہ اوکاڑہ یونیورسٹی کا یہ دن ایک تاریخی سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا:
    "ہماری یونیورسٹی اعلیٰ تعلیم کے ساتھ ساتھ تحقیق، اخلاقیات اور قومی خدمت کے جذبے کو فروغ دے رہی ہے۔ ہماری ٹیم کی انتھک محنت سے ادارے کی ساکھ مستحکم ہوئی ہے۔”

    کانووکیشن میں سابق اراکینِ قومی اسمبلی میاں علی حسن، سجاد الحسن، سماجی رہنما رائے غلام مجتبیٰ، رانا عبد الرحمن ایڈووکیٹ، شبیر حسین جعفری، سلیمان غنی سمیت دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔

    تقریب کے دوران سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے، جن کی نگرانی ڈی پی او اوکاڑہ راشد ہدایت اور ایس پی انویسٹیگیشن ملک داؤد احمد خان نے کی۔ سکیورٹی اہلکاروں نے پیشہ ورانہ انداز میں تقریب کو پرامن اور منظم بنایا۔

  • اوکاڑہ: پاک افواج سے اظہارِ یکجہتی کے لیے ریلی، تمام مکاتب فکر کی بھرپور شرکت

    اوکاڑہ: پاک افواج سے اظہارِ یکجہتی کے لیے ریلی، تمام مکاتب فکر کی بھرپور شرکت

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) ممبر صوبائی اسمبلی چوہدری جاوید علاؤالدین اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد ابراہیم ارباب کی قیادت میں پاک افواج سے اظہارِ یکجہتی کے لیے ریلی نکالی گئی جس میں ضلعی انتظامیہ، مختلف سرکاری محکموں، بار ایسوسی ایشن، انجمن تاجران، طلباء اور شہریوں سمیت زندگی کے ہر شعبے سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

    ریلی میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل حافظ محمد عمر طیب، اسسٹنٹ کمشنر رب نواز اور دیگر افسران بھی شریک تھے۔ شرکاء نے قومی پرچم، پاک افواج کے حق میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے۔ ریلی کے شرکاء نے جوش و جذبے کے ساتھ پاکستان زندہ باد اور پاک فوج کے حق میں نعرے لگائے۔ اس موقع پر چوہدری جاوید علاؤالدین نے کہا کہ پاک افواج قوم کی شان اور ہماری جغرافیائی و نظریاتی سرحدوں کی محافظ ہیں۔

    محمد ابراہیم ارباب نے کہا کہ بھارتی پروپیگنڈے اور جنگی جنون کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا، قوم متحد ہے اور مودی سرکار کے مذموم عزائم کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔ حافظ محمد عمر طیب نے کہا کہ بھارتی جارحیت کے خلاف پوری قوم افواجِ پاکستان کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار بنی ہوئی ہے اور تمام مکاتب فکر کی نمائندگی اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستانی قوم افواجِ پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے۔

    ریلی کے اختتام پر بھارتی جارحیت کے خلاف شدید نعرے بازی کی گئی اور پاک افواج کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا گیا۔

  • اوکاڑہ: پنجاب فوڈ اتھارٹی کا کریک ڈاؤن، ناقص مشروبات تیار کرنے والی فیکٹریوں پر جرمانے

    اوکاڑہ: پنجاب فوڈ اتھارٹی کا کریک ڈاؤن، ناقص مشروبات تیار کرنے والی فیکٹریوں پر جرمانے

    اوکاڑہ (باغی ٹی وی،نامہ نگار ملک ظفر) پنجاب فوڈ اتھارٹی نے گرمیوں کے آغاز کے ساتھ ہی غیر معیاری اور مضر صحت مشروبات تیار کرنے والے عناصر کے خلاف کارروائیاں تیز کر دی ہیں۔ فوڈ سیفٹی ٹیموں نے چک نمبر 1/4 ایل اور صمد پورہ روڈ ریلوے اسٹیشن کے قریب واقع دو سوڈا واٹر فیکٹریوں پر چھاپے مارے، جہاں ناقص صفائی، مصنوعی اجزاء کی ملاوٹ اور غیر معیاری پیداوار کا انکشاف ہوا۔

    کارروائی کے دوران ٹیموں نے دونوں فیکٹریوں سے 150 لٹر ناقص اور مضر صحت مشروبات موقع پر ہی تلف کر دیے، جبکہ صفائی کے ناقص انتظامات، مصنوعی کیمیکلز کے استعمال اور خوراک کے معیار کی سنگین خلاف ورزیوں پر دونوں فیکٹریوں کو 20، 20 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔

    ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی محمد عاصم جاوید کے مطابق فیکٹریوں میں سوڈا واٹر کی تیاری کے دوران صحت دشمن کیمیکلز اور ملاوٹ شدہ اجزاء کا استعمال کیا جا رہا تھا، جب کہ پروڈکشن ایریا میں صفائی ستھرائی کا کوئی مناسب نظام موجود نہیں تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ فوڈ اتھارٹی کی ٹیموں نے ملاوٹ شدہ مشروبات کو فوری تلف کر کے عوام کو ممکنہ نقصان سے بچایا۔

    انہوں نے مزید کہا کہ گرمیوں کے موسم میں ناقص مشروبات کے باعث صحت کو لاحق خطرات کے پیش نظر پنجاب فوڈ اتھارٹی ایسے غیر ذمہ دار عناصر کے خلاف بھرپور اور بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھے گی تاکہ شہریوں کو معیاری اور محفوظ اشیائے خوردونوش کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔

  • اوکاڑہ: معذور افراد کے 3 فیصد کوٹہ اور سفری رعایت پر عملدرآمد کا حکم

    اوکاڑہ: معذور افراد کے 3 فیصد کوٹہ اور سفری رعایت پر عملدرآمد کا حکم

    اوکاڑہ (باغی ٹی وی،نامہ نگار ملک ظفر) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ چوہدری عبدالجبار گجر کی زیر صدارت ضلعی بہبود و بحالی یونٹ برائے معذور افراد کا اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں تمام متعلقہ محکموں کے افسران اور معذور افراد کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اجلاس میں معذور افراد کو درپیش مسائل، روزگار میں ان کے لیے مختص 3 فیصد کوٹہ، اور سفری سہولیات میں رعایت جیسے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

    اجلاس کو بتایا گیا کہ بعض سرکاری و نجی اداروں میں معذور افراد کے لیے مختص کوٹہ پر مکمل عملدرآمد نہیں ہو رہا جبکہ پبلک ٹرانسپورٹ میں رعایتی سہولیات بھی ناکافی ہیں۔ اس پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر چوہدری عبدالجبار گجر نے سختی سے ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ تمام سرکاری و نجی ادارے معذور افراد کے لیے مقررہ 3 فیصد کوٹہ پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں اور اس سے متعلق مکمل ریکارڈ ڈی سی آفس میں جمع کروائیں۔

    انہوں نے کہا کہ معذور افراد کے لیے پبلک ٹرانسپورٹ میں رعایت ہر صورت فراہم کی جائے اور اس ضمن میں سیکرٹری ڈی آر ٹی اے اڈہ مالکان کو پابند کریں کہ وہ ان ہدایات پر عمل کریں۔ چوہدری عبدالجبار گجر نے متنبہ کیا کہ جو ٹرانسپورٹرز معذور افراد کو رعایت فراہم نہیں کریں گے ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

    انہوں نے اجلاس کے شرکاء کو یقین دہانی کرائی کہ ضلعی انتظامیہ معذور افراد کو درپیش مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ ہے اور اس سلسلے میں ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں گے تاکہ معاشرے کا یہ نظرانداز شدہ طبقہ باعزت زندگی گزار سکے۔

  • اوکاڑہ: ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام پاک فوج سے یکجہتی ریلی کا انعقاد

    اوکاڑہ: ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام پاک فوج سے یکجہتی ریلی کا انعقاد

    اوکاڑہ ،باغی ٹی وی(نامہ نگار ملک ظفر) ضلع اوکاڑہ میں ضلعی انتظامیہ نے پاک فوج کے ساتھ مضبوط یکجہتی کا اظہار کرنے کے لیے ایک شاندار ریلی کا اہتمام کیا۔

    ریلی کا باقاعدہ آغاز ضلع کونسل آفس سے ہوا، جس کی قیادت خود ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید نے کی۔ اس اہم ریلی میں ضلع بھر کے تمام سرکاری محکموں کے سربراہان، معزز علما کرام، وکلا برادری، تاجر تنظیموں کے نمائندگان، طلبہ اور سول سوسائٹی کے فعال افراد نے جوش و خروش سے شرکت کی۔

    ریلی کے شرکاء نے اپنے ہاتھوں میں قومی پرچم اٹھا رکھے تھے اور فضا "پاکستان زندہ باد” اور "پاک فوج زندہ باد” کے فلک شگاف نعروں سے گونجتی رہی۔ شرکاء نے اپنے گہرے حب الوطنی کے جذبے کا بھرپور مظاہرہ کیا۔

    ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید نے واضح الفاظ میں کہا کہ پوری پاکستانی قوم اپنی بہادر افواج کے شانہ بشانہ سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑی ہے اور وطن عزیز کا ہر بچہ ملکی دفاع کے لیے ہمہ وقت پرعزم ہے۔

    انجمن تاجران کے صدر شیخ ریاض انور نے اپنے پرجوش خطاب میں کہا کہ تاجر برادری ہر مشکل گھڑی میں اپنی پاک فوج کے ساتھ کھڑی ہے اور اگر وطن کو ضرورت پڑی تو وہ ہراول دستے کا کردار ادا کرتے ہوئے دشمن کو نیست و نابود کرنے سے بھی دریغ نہیں کریں گے۔

    یہ عظیم الشان ریلی ضلع کونسل سے شروع ہوئی اور شہر کے مختلف اہم راستوں سے گزرتی ہوئی آخر کار ٹینک چوک پر اختتام پذیر ہوئی۔ اختتام پر ملک کی سلامتی، استحکام اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔

  • اوکاڑہ: ڈی ایچ کیو ہسپتال میدان جنگ بن گیا، ڈنڈے، سوٹے اور فائرنگ، 5 زخمی، 2 کی حالت نازک

    اوکاڑہ: ڈی ایچ کیو ہسپتال میدان جنگ بن گیا، ڈنڈے، سوٹے اور فائرنگ، 5 زخمی، 2 کی حالت نازک

    اوکاڑہ ،باغی ٹی وی(نامہ نگار ملک ظفر) اوکاڑہ کے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں میڈیکل حاصل کرنے کے لیے آنے والے دو گروپوں کے درمیان دوبارہ تصادم ہو گیا، جس میں اینٹوں، ڈنڈوں، سوٹوں اور فائرنگ کا آزادانہ استعمال کیا گیا۔ جھگڑے کے نتیجے میں پانچ افراد زخمی ہو گئے جن میں سے دو کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق نواحی گاؤں 39 تھری آر کے رہائشی دو گروپوں کے درمیان پہلے جھگڑا ہوا، جو میڈیکل رپورٹ کے حصول کے لیے ڈی ایچ کیو ہسپتال اوکاڑہ پہنچے۔ وہاں ایک بار پھر تلخ کلامی شدت اختیار کر گئی اور دیکھتے ہی دیکھتے ہسپتال کا ماحول میدان جنگ میں تبدیل ہو گیا۔ فریقین نے ایک دوسرے پر اینٹوں، ڈنڈوں اور سوٹوں سے حملہ کر دیا، جبکہ فائرنگ بھی کی گئی، جس کے نتیجے میں پانچ افراد زخمی ہو گئے۔

    فائرنگ کے نتیجے میں شدید زخمی ہونے والے غلام دستگیر اور علی رضا کو ابتدائی طبی امداد کے بعد تشویشناک حالت میں ساہیوال ریفر کر دیا گیا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور فوری کارروائی کرتے ہوئے تین ملزمان اللہ دتہ، غلام حیدر اور حنیف کو گرفتار کر لیا۔

    ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر راشد ہدایت نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت دی ہے کہ جھگڑے میں ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔

  • اوکاڑہ: ‘ستھرا پنجاب’ کے کارکن فاقہ کشی پر مجبور، خودسوزی کی دھمکی

    اوکاڑہ: ‘ستھرا پنجاب’ کے کارکن فاقہ کشی پر مجبور، خودسوزی کی دھمکی

    اوکاڑہ ،باغی ٹی وی(نامہ نگار ملک ظفر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے اہم وژن ‘ستھرا پنجاب’ مہم میں دن رات محنت سے کام کرنے والے صفائی کے کارکن گزشتہ دو ماہ سے اپنی تنخواہوں سے محروم ہیں، جس کے باعث ان کے گھروں کے چولہے ٹھنڈے پڑ گئے ہیں۔

    متاثرہ ورکرز نے الزام عائد کیا ہے کہ میونسپل کارپوریشن کے عملے کی ٹھیکیدار ملک زین کے ساتھ مبینہ ملی بھگت کے باعث انہیں دو ماہ کی تنخواہیں ادا نہیں کی جا رہیں۔ اپنی مشکلات اور حکام کی بے حسی پر احتجاج کرتے ہوئے ان کارکنوں نے نول پلاٹ پریس کلب کے سامنے ایک احتجاجی مظاہرہ کیا۔

    مظاہرین نے بتایا کہ ان سے دن رات شہر کی صفائی کا کام لیا جاتا ہے، لیکن جب وہ اپنی جائز تنخواہوں کا مطالبہ کرتے ہیں تو انہیں دھمکیاں دی جاتی ہیں۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اوکاڑہ شہر کو صاف رکھنے والے یہ محنت کش خود ظلم کا شکار ہیں اور فاقہ کشی پر مجبور ہیں۔

    مایوس اور دلبرداشتہ کارکنوں نے انتہائی قدم اٹھانے کی دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ بھوک اور گھروں میں چولہے نہ جلنے کے باعث وہ خودسوزی کرنے پر مجبور ہو گئے ہیں۔ انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف، کمشنر ساہیوال اور ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ سے فوری طور پر اس سنگین صورتحال کا نوٹس لینے اور ان کے مسائل حل کرنے کا پرزور مطالبہ کیا ہے۔

  • اوکاڑہ: ‘دھی رانی’ پروگرام کا شاندار انعقاد، 50 بیٹیاں رشتہ ازدواج میں منسلک

    اوکاڑہ: ‘دھی رانی’ پروگرام کا شاندار انعقاد، 50 بیٹیاں رشتہ ازدواج میں منسلک

    اوکاڑہ ،باغی ٹی وی(نامہ نگار ملک ظفر) وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کے فلاحی وژن کے تحت ضلعی انتظامیہ اوکاڑہ نے ایک شاندار تقریب کا انعقاد کیا، جس میں ‘دھی رانی’ پروگرام کے تحت پچاس جوڑے ازدواجی بندھن میں بندھ گئے۔ یہ تقریب اوکاڑہ کے ایک نجی میرج ہال میں منعقد ہوئی، جہاں خوشیوں اور دعاؤں کی ایک دلفریب فضا قائم تھی۔

    اس پروقار تقریب کے مہمانانِ اعزاز میں کمشنر ساہیوال ریجن شعیب سید، ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ احمد عثمان جاوید، اسسٹنٹ کمشنر اوکاڑہ رب نواز اور ممبر قومی اسمبلی چوہدری ریاض الحق جج شامل تھے۔

    تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ آج فضاؤں میں ایک خاص قسم کی خوشبو رچی ہوئی ہے، جو خوشیوں، والدین کے سکون اور بیٹیوں کے خوابوں کی تعبیر کی علامت ہے۔ ‘دھی رانی’ پروگرام کا انعقاد درحقیقت ایک ایسا نیک عمل ہے جس کے ذریعے پچاس بیٹیوں کو ان کا حق، ان کا اپنا گھر اور ان کا جیون ساتھی میسر آیا ہے۔ اس موقع پر حکومت پنجاب کی جانب سے ہر بیٹی کو ایک لاکھ روپے کی نقدی بطور سلامی پیش کی گئی۔

    کمشنر ساہیوال ریجن شعیب سید نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ‘دھی رانی’ صرف ایک شادیوں کا پروگرام نہیں، بلکہ یہ ایک طاقتور پیغام ہے کہ بیٹیاں کبھی بھی بوجھ نہیں ہوتیں، بلکہ وہ تو گھروں کی روشنی اور رحمت ہوتی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ آج پچاس شادیاں ہو رہی ہیں، یہ دراصل پچاس نئی کہانیاں ہیں، پچاس ایسے خواب ہیں جو اب حقیقت کا روپ دھارنے جا رہے ہیں۔ ان بیٹیوں کے چہروں پر جو خوشی اور شکرگزاری نمایاں ہے، اسے لفظوں میں بیان کرنا ممکن نہیں ہے۔

    مقررین نے اس دن کو نہ صرف دلہنوں کے لیے یادگار قرار دیا بلکہ اسے تمام شرکاء کے لیے ایک سبق آموز لمحہ بھی قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر نیت صاف ہو اور جذبے سچے ہوں تو معاشرہ خود بخود مثبت تبدیلی کی طرف گامزن ہونے لگتا ہے۔

    تقریب کے اختتام پر ان تمام نئی زندگی شروع کرنے والی بیٹیوں کے لیے لاکھوں دعائیں کی گئیں اور شریک والدین و دیگر مہمانوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے اس قابل تحسین وژن کو بھرپور خراج تحسین پیش کیا۔

  • اوکاڑہ: ٹیل کے دیہات پانی کی قلت کا شکار،کسانوں کا معاشی قتل بند کیا جائے۔ ڈاکٹر الطاف

    اوکاڑہ: ٹیل کے دیہات پانی کی قلت کا شکار،کسانوں کا معاشی قتل بند کیا جائے۔ ڈاکٹر الطاف

    اوکاڑہ,باغی ٹی وی( نامہ نگار ملک ظفر)سابقہ نائب ناظم ڈاکٹر الطاف خاں بلوچ نے کہا ہے کہ ملک کی تعمیر و ترقی میں ریاستی اداروں کا کردار کلیدی ہے، تاہم بعض اداروں کی ناقص کارکردگی عوامی مسائل میں اضافے کا باعث بن رہی ہے۔ انہوں نے ایک بیان میں انکشاف کیا کہ 22 فور-ایل اور 23 فور-ایل کے چکوک جو کہ آخری ٹیلوں پر واقع ہیں، پانی کی شدید قلت کا سامنا کر رہے ہیں۔

    ڈاکٹر الطاف خاں بلوچ نے کہا کہ ان علاقوں میں زیر زمین پانی کھارا ہے، جو زراعت کے لیے انتہائی نقصان دہ ہے۔ اس پانی کے استعمال سے زمینیں مزید سیم و تھور کا شکار ہو رہی ہیں، جس سے کسانوں کی معیشت تباہی کے دہانے پر پہنچ چکی ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ محکمہ انہار نے ملی بھگت سے راجباہ 18 فور-ایل پر ناجائز موگہ جات لگوا کر پانی کی ترسیل میں مصنوعی رکاوٹ پیدا کی ہے، جس سے آخری ٹیلوں کے دیہات مسلسل معاشی قتل کا شکار ہو رہے ہیں۔

    سابقہ نائب ناظم نے ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ اور کمشنر ساہیوال سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ان دیہاتوں کی حالت زار کا نوٹس لیں، پانی کی منصفانہ تقسیم کو یقینی بنائیں، ناجائز موگہ جات کو فوری بند کروائیں اور کسانوں کو ان کے حق کا پانی فراہم کیا جائے تاکہ وہ اپنی زمینیں قابل کاشت رکھ سکیں اور زرعی معیشت کو سہارا دیا جا سکے۔