Baaghi TV

Category: اوکاڑہ

  • اوکاڑہ : قصاب مافیا کا راج، بیمار جانوروں کا گوشت فروخت

    اوکاڑہ : قصاب مافیا کا راج، بیمار جانوروں کا گوشت فروخت

    اوکاڑہ (نامہ نگار،ملک ظفر) اوکاڑہ میں قصاب مافیا بے لگام ہو چکا ہے، جس کے سامنے محکمہ لائیو سٹاک اور انتظامیہ بے بس نظر آتی ہے۔ ملگدا چوک، اڈا نتھیں بودلہ اور گردونواح میں بیمار اور لاغر جانوروں کا گوشت ایک ہزار روپے فی کلو میں فروخت کیا جا رہا ہے۔ شہریوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب سے اس صورتحال کا فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق، پرائس کنٹرول مجسٹریٹ، محکمہ لائیو سٹاک اور فوڈ سیفٹی ڈیپارٹمنٹ کی عدم دلچسپی اور غفلت کے باعث قصاب مافیا سرعام بیمار اور لاغر جانوروں کا گوشت فروخت کر رہا ہے۔ گوشت کی سرکاری ریٹ لسٹ محض کاغذ کا ٹکڑا بن کر رہ گئی ہے، اور ضلعی انتظامیہ دفاتر میں بیٹھ کر سب اوکے کی رپورٹ پیش کر رہی ہے۔

    شہریوں کا کہنا ہے کہ مضر صحت گوشت کی فروخت سے ان کی صحت کو خطرہ لاحق ہے۔ انہوں نے کمشنر ساہیوال اور ڈی سی اوکاڑہ سے مطالبہ کیا ہے کہ پرائس کنٹرول سسٹم کو بہتر بنایا جائے اور قصاب مافیا کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔ شہریوں نے یہ بھی مطالبہ کیا ہے کہ ذمہ دار افسران کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے اور انہیں انصاف فراہم کیا جائے۔

  • اوکاڑہ: ریسکیو 1122 نے گزشتہ ماہ 4567 ایمرجنسی کالز پر رسپانس کیا

    اوکاڑہ: ریسکیو 1122 نے گزشتہ ماہ 4567 ایمرجنسی کالز پر رسپانس کیا

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر احتشام کی زیر صدارت سنٹرل اسٹیشن اوکاڑہ میں ماہانہ کارکردگی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ریسکیو 1122 اوکاڑہ کی گزشتہ ماہ کی کارکردگی رپورٹ پیش کی گئی۔

    رپورٹ کے مطابق ریسکیو 1122 اوکاڑہ کو گزشتہ ماہ کل 14836 کالز موصول ہوئیں، جن میں 4567 ایمرجنسی کالز تھیں۔ ان میں 1021 روڈ ٹریفک حادثات، 3039 میڈیکل ایمرجنسیز، 49 آگ لگنے کے واقعات، 91 کرائم اور 367 دیگر حادثات شامل تھے۔

    روڈ ٹریفک حادثات میں 1174 افراد متاثر ہوئے، جن میں سے 12 افراد جان کی بازی ہار گئے۔ 632 افراد کو موقع پر ہی ابتدائی طبی امداد دی گئی اور 530 متاثرین کو ہسپتال منتقل کیا گیا۔ آگ لگنے کے 49 واقعات میں 31 کمرشل ایریا، 14 رہائشی علاقے اور 4 دیگر مقامات پر پیش آئے۔ ریسکیو 1122 نے تقریباً 27 ملین روپے سے زائد کی املاک کو محفوظ بنایا۔

    ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر نے ریسکیو 1122 کے عملے کی کارکردگی کو سراہا اور شہریوں سے اپیل کی کہ ایمرجنسی کی صورت میں فوری طور پر ریسکیو 1122 سے رابطہ کریں۔

  • اوکاڑہ: رمضان سہولت بازاروں میں اشیائے خوردونوش کے وزن اور نرخوں کی چیکنگ

    اوکاڑہ: رمضان سہولت بازاروں میں اشیائے خوردونوش کے وزن اور نرخوں کی چیکنگ

    اوکاڑہ، باغی ٹی وی( نامہ نگار ملک ظفر)رمضان سہولت بازاروں میں اشیائے خوردونوش کے وزن اور نرخوں کی چیکنگ

    ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید کی ہدایات پر انٹرپرائزز ویٹ اینڈ میئرز ڈیپارٹمنٹ کے افسران نے رمضان سہولت بازاروں میں اشیائے خوردونوش کے وزن اور نرخوں کی جانچ پڑتال کی۔

    ڈسٹرکٹ آفیسر انٹرپرائزز ویٹ اینڈ میئرز خالد جاوید بھٹی نے تحصیل اوکاڑہ کے مختلف رمضان بازاروں کا دورہ کیا اور مختلف سٹالز پر اشیائے خوردونوش کے وزن اور ناپ تول کے پیمانوں کا جائزہ لیا۔

    اس موقع پر انہوں نے کہا کہ رمضان سہولت بازار عوامی خدمت کے آئینہ دار ہیں، جہاں اشیائے ضروریہ کی کوالٹی اور وزن پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ تمام سٹالز پر درست پیمانے استعمال کیے جائیں اور خریداروں کو ناپ تول کے مطابق اشیاء فراہم کی جائیں۔

  • اوکاڑہ: ریجنل یونین آف جرنلسٹس کے نو منتخب عہدیداران کی حلف برداری، اہم شخصیات کی شرکت

    اوکاڑہ: ریجنل یونین آف جرنلسٹس کے نو منتخب عہدیداران کی حلف برداری، اہم شخصیات کی شرکت

    اوکاڑہ (نامہ نگارملک ظفر) ریجنل یونین آف جرنلسٹس ضلع اوکاڑہ اور ڈی یو جے کے نو منتخب عہدیداران کی تقریب حلف برداری بلدیہ ہال اوکاڑہ میں منعقد ہوئی، جس میں آر یو جے پاکستان کے قائدین سمیت مختلف شعبوں کی نمایاں شخصیات نے شرکت کی۔

    تقریب میں ریجنل یونین آف جرنلسٹس پاکستان کے مرکزی سینئر نائب صدر سید طاہر احمد شاہ، سیکرٹری اطلاعات سید شہزاد نقوی، صوبائی صدر ویسٹ پنجاب رانا خالد محمود، جنرل سیکرٹری جنوبی پنجاب رضوان الحسن قریشی اور پیپلز پارٹی کے رہنما سید علی حسنین نقوی نے حلف لیا۔

    اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس چوہدری جبار گجر، مسلم لیگ (ن) کے رہنما چوہدری فیاض ظفر، پرنسپل کیڈٹ کالج عامر روف، ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر چوہدری شفیق، ڈپٹی ڈائریکٹر انفارمیشن سید سلمان شاہ، ڈی ایس پی لیگل تصدق کچھی، صدر غلہ منڈی چوہدری حبیب الحق، ضلعی صدر پی ایم ایل (ق) علی عمران چوہدری، ممبر ڈسٹرکٹ امن کمیٹی قاری سعید عثمانی، عوامی پریس کلب کے بانی آصف کھوکھر اور سینئر صحافی ملک ظفر اقبال و عمر فاروق سمیت ضلع اوکاڑہ کے 21 پریس کلبز کے عہدیداران نے بھی شرکت کی۔

    تقریب میں صحافیوں کے کردار، میڈیا کی آزادی اور درپیش چیلنجز پر بھی گفتگو کی گئی۔

  • اوکاڑہ یونیورسٹی میں بین الاقوامی کانفرنس، تعلیمی اصلاحات اور تحقیق پر تبادلہ خیال

    اوکاڑہ یونیورسٹی میں بین الاقوامی کانفرنس، تعلیمی اصلاحات اور تحقیق پر تبادلہ خیال

    اوکاڑہ،باغی ٹی وی (نامہ نگارملک ظفر) یونیورسٹی آف اوکاڑہ میں بین الاقوامی کانفرنس، تعلیمی اصلاحات اور تحقیق پر تبادلہ خیال

    اوکاڑہ یونیورسٹی کے شعبہ ایجوکیشنل ریسرچ اینڈ اسیسمنٹ کے زیر اہتمام دو روزہ بین الاقوامی کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، جس میں دنیا بھر سے اسکالرز، محققین اور مقررین نے بھرپور شرکت کی۔

    کانفرنس کی صدارت وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سجاد مبین نے کی، جبکہ چیف آرگنائزر شعبہ کے سربراہ ڈاکٹر طاہر خان فاروقی تھے۔ مختلف ممالک سے آئے ماہرین نے تعلیمی پالیسیوں، نصاب میں اصلاحات اور جدید تعلیمی رجحانات پر تبادلہ خیال کیا۔

    افتتاحی خطاب میں پروفیسر سجاد مبین نے تعلیمی نظام میں مساوی مواقع، نصاب کی بہتری اور اساتذہ کی تربیت پر زور دیا۔ پروفیسر منور سلطانہ نے تعلیمی انصاف اور اجتماعی فیصلہ سازی کی اہمیت پر روشنی ڈالی، جبکہ ڈاکٹر زینن بنت مصطفیٰ نے جنوبی ایشیا میں تعلیمی تحقیق کے رجحانات پر بات کی۔

    کانفرنس کے اختتام پر طلبہ اور محققین کو تحقیق کے فروغ اور بین الاقوامی تعلیمی اشتراک پر زور دیا گیا۔ تقریب کے دوران شرکاء میں شیلڈز اور اسناد بھی تقسیم کی گئیں، جبکہ باہمی روابط بڑھانے کے لیے قوالی نائٹ کا اہتمام کیا گیا۔

  • اوکاڑہ: حضرت کرمانوالہ سرکار کے عرس کی تقریبات، سخت سیکیورٹی انتظامات

    اوکاڑہ: حضرت کرمانوالہ سرکار کے عرس کی تقریبات، سخت سیکیورٹی انتظامات

    اوکاڑہ،باغی ٹی وی (نامہ نگارملک ظفر) حضرت کرمانوالہ سرکار کے سالانہ عرس کی تقریبات کا آغاز، فول پروف سیکیورٹی انتظامات

    اوکاڑہ میں حضرت اسماعیل شاہ بخاری المعروف کرمانوالہ سرکار کے 58 ویں سالانہ عرس مبارک کی تین روزہ تقریبات کا آغاز ہوگیا۔ زائرین کی بڑی تعداد نہ صرف ملک بھر سے بلکہ بیرون ممالک سے بھی شرکت کے لیے پہنچ رہی ہے۔

    ضلعی انتظامیہ نے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے ہیں، جن میں 600 سے زائد پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر راشد ہدایت نے دربار کرمانوالہ شریف کا دورہ کر کے سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا اور کنٹرول روم کا معائنہ بھی کیا۔

    ڈی پی او نے ہدایات جاری کیں کہ زائرین کی مکمل چیکنگ تین مقامات پر یقینی بنائی جائے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔

  • اوکاڑہ: چینی کا سٹاک کم ظاہر کرنے پر کریانہ دکانداروں کوجرمانے

    اوکاڑہ: چینی کا سٹاک کم ظاہر کرنے پر کریانہ دکانداروں کوجرمانے

    اوکاڑہ,باغی ٹی وی (نامہ نگار ملک ظفر) سول ڈیفنس کے افسران نے کریانہ شاپس پر چینی کے سٹاک کی چیکنگ کرتے ہوئے ڈکلیئریشن میں کمی پر دو دکانداروں کو جرمانہ کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق سول ڈیفنس آفیسر وقار اکبر نے فیصل آباد روڈ پر واقع ایک کریانہ شاپ کی انسپیکشن کے دوران گودام میں چینی کی بوریوں کی تعداد کم ظاہر کرنے پر مالک کو 10 ہزار روپے جرمانہ کر دیا، جبکہ نواحی علاقے 49/2 ایل میں چینی کی 90 سے زائد بوریوں کے ڈکلیئریشن ریکارڈ کی عدم فراہمی پر ایک اور دکاندار کو 10 ہزار روپے کا جرمانہ عائد کیا گیا۔

    اس موقع پر سول ڈیفنس آفیسر وقار اکبر کا کہنا تھا کہ رمضان المبارک میں چینی کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کیلئے سخت اقدامات کیے جا رہے ہیں، اور جو دکاندار چینی کا سٹاک ظاہر نہیں کریں گے، ان کے خلاف مزید سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ سٹاک ڈکلیئر نہ کرنا بھی ذخیرہ اندوزی کے زمرے میں آتا ہے، لہٰذا کریانہ شاپس اور مارٹس مالکان سٹاک کا مکمل اندراج یقینی بنائیں بصورت دیگر سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔

  • اوکاڑہ: پنجابی ثقافت کے فروغ کے لیے "جگت ماں بولی دیہاڑ” کی شاندار تقریب

    اوکاڑہ: پنجابی ثقافت کے فروغ کے لیے "جگت ماں بولی دیہاڑ” کی شاندار تقریب

    اوکاڑہ ،باغی ٹی وی(نامہ نگارملک ظفر) کھرل فاؤنڈیشن پاکستان کے زیر اہتمام پنجابی زبان، ثقافت اور کلچر کے فروغ کے لیے "جگت ماں بولی دیہاڑ” منایا گیا۔ میونسپل کارپوریشن اوکاڑہ میں منعقدہ اس تقریب میں سینکڑوں کارکنان نے بھرپور شرکت کی۔

    پروگرام میں کھرل فاؤنڈیشن پاکستان کے مرکزی صدر رائے غلام احمد کھرل، بانی و جنرل سیکریٹری رائے بارش کھرل، بانی پیر رائے گلزار شاکر کھرل، دیپالپور ایگری ایسوسی ایشن کے صدر چوہدری محمد امین صادق، جنرل سیکریٹری صاحبزادہ فخر حیات کھرل، ڈسٹرکٹ اوکاڑہ کے صدر رائے محمد مجتبیٰ کھرل، سینئر نائب صدر رائے عبدالرحمن کھرل، نائب صدر رائے ضمیر حیدر کھرل، رائے ظفر اقبال نوری کھرل، سینئر سیاستدان ریاض ناگوری، شاعر رائے ظہیر کھرل ایڈووکیٹ سمیت دیگر نمایاں شخصیات نے شرکت کی۔

    خصوصی مہمانوں میں بزرگ شاعر رائے محمد خان ناصر، رائے عتیق الرحمن کھرل اور کھرل برادری کے افراد شامل تھے۔ شرکاء نے ڈھول کی تھاپ پر روایتی پنجابی بھنگڑا ڈال کر تقریب کو مزید رنگین بنا دیا۔

    مقررین نے پنجابی زبان کے فروغ کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں اپنی روزمرہ زندگی میں پنجابی زبان کا زیادہ سے زیادہ استعمال کرنا چاہیے تاکہ ہماری آنے والی نسلیں اپنی مادری زبان سے جڑی رہیں اور اس کی ترقی ممکن ہو سکے۔

  • اوکاڑہ: عوام کی خدمت میری اولین ترجیح ہے، چوہدری ریاض الحق جج

    اوکاڑہ: عوام کی خدمت میری اولین ترجیح ہے، چوہدری ریاض الحق جج

    اوکاڑہ ,باغی ٹی وی(نامہ نگار ملک ظفر) حلقہ این اے 136 کے ایم این اے چوہدری ریاض الحق جج نے کہا ہے کہ حلقے کے عوام کے مسائل کو حل کرنا ان کی اولین ترجیح ہے اور وہ عوامی خدمت کے مشن کو ہر صورت جاری رکھیں گے۔

    چوہدری ریاض الحق جج کا کہنا تھا کہ ان کی کامیابی کا راز عوام کے اعتماد اور اللہ تعالیٰ کی مدد ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ سیاست کو عبادت سمجھ کر کرتے ہیں اور ان کے دروازے ہر شہری کے لیے ہمیشہ کھلے ہیں۔ عوام نے ہمیشہ ان پر بھروسہ کیا، یہی وجہ ہے کہ لوگ انہیں سیاستدان کے بجائے دوست سمجھتے ہیں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ اوکاڑہ میں کئی میگا پروجیکٹس پر کام جاری ہے، جن کے مکمل ہونے سے عوام کو دیرینہ مسائل سے نجات ملے گی اور انہیں ریلیف حاصل ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ حلقے میں ترقیاتی کاموں کو اپنی ذمہ داری سمجھ کر سرانجام دے رہے ہیں اور عوام کی خدمت کا یہ مشن آئندہ بھی جاری رہے گا۔

  • اوکاڑہ: میگا پروجیکٹس پر تیزی سے کام جاری، عوام کو جلد ریلیف ملے گا، ملک خالد یعقوب

    اوکاڑہ: میگا پروجیکٹس پر تیزی سے کام جاری، عوام کو جلد ریلیف ملے گا، ملک خالد یعقوب

    اوکاڑہ (باغی ٹی وی) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اور سماجی کارکن ملک خالد یعقوب نے کہا ہے کہ اوکاڑہ میں کئی میگا پروجیکٹس پر کام تیزی سے جاری ہے، جن کی تکمیل سے شہریوں کو درپیش مشکلات کا خاتمہ ہوگا۔

    اخبار نویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ ایم این اے چوہدری ریاض الحق جج نے ہمیشہ اوکاڑہ کی ترقی میں خصوصی دلچسپی لی، جس کے نتیجے میں اہم ترقیاتی منصوبے پایہ تکمیل کی جانب گامزن ہیں۔

    ملک خالد یعقوب کے مطابق حلقہ کے عوام کے لیے خصوصی منصوبے اپنے آخری مراحل میں داخل ہو چکے ہیں، جو عوام کے لیے خوشخبری سے کم نہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اوکاڑہ کی تعمیر و ترقی ہی چوہدری ریاض الحق جج کا ویژن ہے، جس پر عملدرآمد جاری ہے۔