Baaghi TV

Category: اوکاڑہ

  • اوکاڑہ: دو مختلف روڈ حادثات میں خاتون سمیت دو افراد جاں بحق

    اوکاڑہ: دو مختلف روڈ حادثات میں خاتون سمیت دو افراد جاں بحق

    اوکاڑہ (نامہ نگار: ملک ظفر)اوکاڑہ میں پیش آنے والے دو الگ الگ ٹریفک حادثات میں ایک خاتون سمیت دو افراد جاں بحق ہو گئے، جبکہ دونوں کی لاشیں ہسپتال منتقل کر دی گئیں۔

    ریسکیو ذرائع کے مطابق پہلا حادثہ ستگھرہ روڈ، چک 14 ون آر کے قریب پیش آیا جہاں ایک تیز رفتار ڈمپر اور موٹر سائیکل میں تصادم کے نتیجے میں موٹر سائیکل سوار 35 سالہ جمشید احمد ولد محمد صدیق سکنہ ہڑپہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا۔

    دوسرا افسوسناک حادثہ پاکپتن روڈ، مرزا پل کے مقام پر پیش آیا، جہاں ایک ٹرک نے موٹر سائیکل کو ٹکر مار دی۔ حادثے کے نتیجے میں موٹر سائیکل پر سوار 60 سالہ غلام فاطمہ سکنہ موچی پورہ پاکپتن جان کی بازی ہار گئیں۔

    حادثات کی اطلاع ملتے ہی مقامی پولیس اور ریسکیو 1122 اوکاڑہ کی ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔ ریسکیو اہلکاروں نے امدادی کارروائیاں مکمل کرنے کے بعد دونوں جاں بحق افراد کی لاشیں ہسپتال منتقل کر دیں، جبکہ پولیس نے واقعات کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

  • اوکاڑہ: نیشنل کراٹے چیمپئن شپ میں دی ماسٹرز کی تاریخی فتح

    اوکاڑہ: نیشنل کراٹے چیمپئن شپ میں دی ماسٹرز کی تاریخی فتح

    اوکاڑہ (نامہ نگار: ملک ظفر)33ویں نیشنل ٹین شن کان کراٹے چیمپئن شپ میں اوکاڑہ کی معروف ٹیم دی ماسٹرز کراٹے نیشنل ہیروز نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے تاریخ رقم کر دی۔ پنجاب وائٹ کی نمائندگی کرتے ہوئے دی ماسٹرز کی ٹیم نے میڈلز کی دوڑ میں سب کو پیچھے چھوڑ دیا اور 6 گولڈ، 8 سلور اور 5 برانز میڈلز اپنے نام کر کے اوکاڑہ کا نام روشن کر دیا۔

    اس تاریخی کامیابی پر سول ڈیفنس ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے دی ماسٹرز کراٹے نیشنل ہیروز کے اعزاز میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں کھلاڑیوں اور کوچز کی خدمات کو سراہا گیا۔ تقریب کے دوران سول ڈیفنس ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے نیشنل ہیروز کو اعزازی ممبر شپ اور تعریفی اسناد بھی پیش کی گئیں۔

    واضح رہے کہ یہ نیشنل کراٹے چیمپئن شپ گزشتہ دنوں لاہور میں منعقد ہوئی، جس میں پاکستان بھر سے ٹیموں نے شرکت کی۔ دی ماسٹرز کے کھلاڑیوں نے جارحانہ اور بااعتماد کھیل پیش کرتے ہوئے مختلف کیٹیگریز میں نمایاں پوزیشنز حاصل کیں اور کئی مقابلوں میں گولڈ میڈلز جیتے۔

    تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سول ڈیفنس آفیسر جاوید اختر نے دی ماسٹرز کے کھلاڑیوں اور انسٹرکٹرز نعیم اختر اور وسیم طارق کی محنت، لگن اور پیشہ ورانہ تربیت کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ اس موقع پر کھلاڑیوں میں تعریفی سرٹیفکیٹس تقسیم کیے گئے جبکہ ان کے اعزاز میں پرتکلف ظہرانے کا بھی اہتمام کیا گیا۔

    دی ماسٹرز کی اس شاندار اور تاریخی فتح پر اوکاڑہ سمیت مختلف سیاسی و سماجی حلقوں کی جانب سے ٹیم کو بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا جا رہا ہے۔

  • اوکاڑہ: ڈپٹی کمشنر کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ڈیویلپمنٹ کمیٹی کا اجلاس

    اوکاڑہ: ڈپٹی کمشنر کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ڈیویلپمنٹ کمیٹی کا اجلاس

    اوکاڑہ (نامہ نگار: ملک ظفر)ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ احمد عثمان جاوید کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ڈیویلپمنٹ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ مرغوب حسین ڈوگر نے سسٹین ایبل ایکشن پروگرام (SAP) کے تحت محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ اور ہائی وے کے ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔

    ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کی بروقت اور معیاری تکمیل انتہائی اہم ہے۔ انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ ترقیاتی کاموں میں شفافیت کو یقینی بنایا جائے اور عوامی فلاح و بہبود کو مدنظر رکھتے ہوئے منصوبوں پر تیزی سے کام مکمل کیا جائے۔

    انہوں نے کہا کہ تمام ترقیاتی منصوبے جدت، شفافیت اور پائیداری کے آئینہ دار ہونے چاہیں اور اس سلسلے میں کام کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔

  • اوکاڑہ:ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ کی زیر صدارت نیشنل ایکشن پلان پر ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کا اجلاس

    اوکاڑہ:ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ کی زیر صدارت نیشنل ایکشن پلان پر ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کا اجلاس

    اوکاڑہ (نامہ نگار، ملک ظفر)ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ احمد عثمان جاوید کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی برائے نیشنل ایکشن پلان کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں ڈی پی او محمد راشد ہدایت، صوبائی و وفاقی محکموں کے افسران، آرمی افسران اور ضلعی انتظامیہ کے متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

    اجلاس میں ٹریفک قوانین پر عملدرآمد، نان کسٹم پیڈ گاڑیوں، سمگلنگ اور تجاوزات کے خلاف اقدامات، غیر قانونی ایل پی جی شاپس اور پٹرول پمپس، گداگری، بجلی چوری کے خلاف کارروائیوں، مدارس کی رجسٹریشن، تعلیمی اداروں میں مثبت رویوں کے فروغ اور سیکیورٹی ایڈوائزری پر عملدرآمد سے متعلق امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

    ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام کے حقوق کے تحفظ کے لیے قانون کے نفاذ کے سلسلے میں تمام متعلقہ محکمے باہمی ربط و رابطہ کو مزید مؤثر بنائیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ تمام شعبہ جات میں قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے۔

    ڈپٹی کمشنر نے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ حکومتی پالیسیوں اور وضع شدہ قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور قانون توڑنے والے عناصر کے خلاف بلا امتیاز سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ وہ اپنے فرائض دیانتداری، پیشہ ورانہ صلاحیت اور ذمہ داری کے ساتھ انجام دیں اور حکومتی پالیسیوں پر مکمل عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔

    ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید نے اس بات پر زور دیا کہ قانون کا نفاذ محض کاغذی کارروائی تک محدود نہیں ہونا چاہیے بلکہ عملی اور مؤثر اقدامات کے ذریعے عوامی مفاد، شفافیت اور قانون کی بالادستی کو یقینی بنایا جائے تاکہ عوام کو حقیقی معنوں میں اس کے ثمرات مل سکیں۔

  • جرنلسٹس ایسوسی ایشن آف پاکستان/یوکے (رجسٹرڈ) کی مرکزی باڈی برائے 2026 کا باضابطہ اعلان

    جرنلسٹس ایسوسی ایشن آف پاکستان/یوکے (رجسٹرڈ) کی مرکزی باڈی برائے 2026 کا باضابطہ اعلان

    اوکاڑہ (نامہ نگار: ملک ظفر)جرنلسٹس ایسوسی ایشن آف پاکستان/یوکے (رجسٹرڈ) نے تنظیم کی مرکزی باڈی برائے سال 2026 کے قیام کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔ یہ مرکزی باڈی دنیا بھر میں قائم تنظیم کے تمام چیپٹرز کی باہمی مشاورت، اعتماد اور متفقہ حمایت سے تشکیل دی گئی ہے۔

    تنظیم کی نئی مرکزی قیادت میں میاں عامر علی (برطانیہ) کو مرکزی صدر، محمد آصف قائمی (پاکستان) کو مرکزی سیکرٹری جنرل اور سمیع اللہ عثمانی (پاکستان) کو مرکزی فنانس سیکرٹری منتخب کیا گیا ہے، جبکہ وومن ونگ کی مرکزی صدر کی ذمہ داریاں حمیرا ثناء (برطانیہ) کے سپرد کی گئی ہیں۔

    مرکزی باڈی میں پاکستان اور بیرونِ ملک مقیم سینیئر، متحرک اور پیشہ ور صحافیوں کو شامل کیا گیا ہے تاکہ تنظیم کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر مزید مضبوط، مؤثر اور فعال بنایا جا سکے۔

    مرکزی باڈی کے دیگر عہدیداران میں چیف کوآرڈینیٹر شاہین بٹ (برطانیہ)، سینیئر نائب صدور امان اللہ کھوکھر اور محمد بلال قریشی (پاکستان)، نائب صدور نعیم خان (پاکستان)، رانا عظیم (سعودی عرب)، ممتاز منیر سہوترہ (اسپین) اور میر مختار میر (ہالینڈ) شامل ہیں۔ ڈپٹی سیکرٹری جنرل کی ذمہ داریاں عامر کفایت (پاکستان) کے سپرد کی گئی ہیں۔

    اسی طرح انفارمیشن سیکرٹریز کے طور پر سید علی عمران نقوی اور گل محمد لغاری (پاکستان)، جوائنٹ سیکرٹریز کے طور پر شبیر احمد اعوان اور محمد اقبال قائم خانی (پاکستان)، ڈپٹی سیکرٹری ملک ظفر اقبال (پاکستان) اور آفس سیکرٹری عامر حیات (پاکستان) کو نامزد کیا گیا ہے۔ جبکہ ایگزیکٹیو ممبران میں محمد خرم قادری، سلمان جاوید چوہدری، رانا شاہد خلیل اور محمد شمعون نذیر کھوکھر (تمام پاکستان) شامل ہیں۔

    مرکزی باڈی کے اراکین نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ وہ صحافت کے فروغ، صحافیوں کے حقوق کے تحفظ، آزادیٔ اظہار کے دفاع اور فلاحی مقاصد کے لیے بھرپور اور مؤثر کردار ادا کریں گے۔

    دنیا بھر میں قائم تنظیم کے تمام چیپٹرز، جن میں برطانیہ، یورپ، مشرقِ وسطیٰ اور پاکستان شامل ہیں، نے نئی مرکزی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ یہ قیادت صحافی برادری کو درپیش مسائل کے حل، تنظیمی نظم و ضبط کے استحکام، بین الاقوامی روابط کے فروغ اور صحافیوں کے تحفظ کے لیے مؤثر اور عملی اقدامات کرے گی۔

    مرکزی قیادت نے اس موقع پر اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ جرنلسٹس ایسوسی ایشن آف پاکستان/یوکے (رجسٹرڈ) کو ایک مضبوط، متحد اور عالمی سطح پر مؤثر صحافتی پلیٹ فارم بنایا جائے گا، جہاں صحافیوں کے حقوق، عزت اور وقار کا ہر صورت تحفظ یقینی بنایا جائے گا۔

  • اوکاڑہ: شفاف ای۔ٹکٹنگ اور روڈ سیفٹی، ریجنل آفیسر پٹرولنگ پولیس کا فیلڈ دورہ

    اوکاڑہ: شفاف ای۔ٹکٹنگ اور روڈ سیفٹی، ریجنل آفیسر پٹرولنگ پولیس کا فیلڈ دورہ

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر)شفاف ای۔ٹکٹنگ نظام کے نفاذ، ٹریفک قوانین کی یقینی عملداری اور دھند کے دوران ممکنہ ٹریفک حادثات سے بچاؤ کے لیے عوامی آگاہی فراہم کرنے کی غرض سے ریجنل آفیسر پنجاب ہائی وے پٹرول پولیس ساہیوال جمیل احمد ساجد فیلڈ میں متحرک نظر آئے۔

    تفصیلات کے مطابق ریجنل آفیسر پنجاب ہائی وے پٹرول پولیس جمیل احمد ساجد نے ضلع اوکاڑہ کی متعدد اہم شاہراہوں سمیت پٹرولنگ پولیس کے مختلف انفورسمنٹ ایریاز کا دورہ کیا۔ اس دوران سنیپ چیکنگ کے عمل کا جائزہ لیا گیا، جہاں پٹرولنگ پولیس کی جانب سے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف ای۔ٹکٹنگ، مقدمات کے اندراج اور گاڑیوں کی ایمپاؤنڈنگ جیسے اقدامات کا معائنہ کیا گیا۔

    ریجنل آفیسر کی زیر نگرانی پٹرولنگ پولیس افسران نے ٹریفک قوانین کی سنگین خلاف ورزیوں کے مرتکب روڈ یوزرز کے خلاف مؤثر تادیبی کارروائیاں عمل میں لائیں۔ اس موقع پر شہریوں کو دھند اور دیگر موسمی حالات کے دوران جان لیوا ٹریفک حادثات سے بچاؤ کے لیے اختیار کیے جانے والے حفاظتی اقدامات بارے تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔

    بریفنگ کے دوران واضح کیا گیا کہ پٹرولنگ پولیس کی اولین ترجیح عوام الناس کے جان و مال اور عزتِ نفس کا تحفظ ہے، جس کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ ریجنل آفیسر نے پٹرولنگ پولیس افسران کو ہدایت کی کہ وہ پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کو مزید مؤثر انداز میں انجام دیتے ہوئے شہریوں کو محفوظ اور سہل سفر کی سہولیات فراہم کریں۔

  • اوکاڑہ: پنجاب پولیس شہداء کے بچوں کی تعلیمی معاونت، لیپ ٹاپ تقسیم

    اوکاڑہ: پنجاب پولیس شہداء کے بچوں کی تعلیمی معاونت، لیپ ٹاپ تقسیم

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر)انسپکٹر جنرل پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کے ویژن کے مطابق پولیس شہداء کے اہلِ خانہ کی فلاح و بہبود کے لیے عملی اقدامات کا سلسلہ جاری ہے۔ اسی تسلسل میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر اوکاڑہ محمد راشد ہدایت کی جانب سے شہداء کے بچوں میں جدید تعلیمی سہولیات فراہم کرتے ہوئے لیپ ٹاپ تقسیم کیے گئے۔

    اس موقع پر شہید ریاض احمد کی صاحبزادی آمنہ ریاض، جو فزکس میں ایم فل کی تعلیم حاصل کر رہی ہیں، کو ان کی ریسرچ کے لیے لیپ ٹاپ فراہم کیا گیا۔ اس کے علاوہ اشرف طاہر شہید اور محمد حسین شہید کے بچوں کو بھی تعلیمی معاونت کے تحت لیپ ٹاپ دیے گئے۔

    ڈی پی او محمد راشد ہدایت نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پولیس شہداء کے بچوں کے روشن مستقبل کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن تعلیمی اور فلاحی سہولیات فراہم کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہداء ہماری قوم کا فخر ہیں اور ان کے اہلِ خانہ کی ویلفیئر پولیس کی اولین ترجیح ہے، جس کے لیے تمام ضروری اقدامات مستقبل میں بھی جاری رکھے جائیں گے۔

  • اوکاڑہ:فور ایل مسلم لیگ (ن) کا گڑھ مگر ترقی سے محروم،ملک ظفر کی ڈائری

    اوکاڑہ:فور ایل مسلم لیگ (ن) کا گڑھ مگر ترقی سے محروم،ملک ظفر کی ڈائری

    اوکاڑہ کی ڈائری

    تحریر: ملک ظفر اقبال بھوہڑ
    جس طرح موسم بدلتے ہیں، عین اسی طرح سیاست دانوں کی سوچ اور وعدے بھی بدلتے دکھائی دیتے ہیں۔ موسم کی تبدیلی کے ساتھ بہت کچھ دھل جاتا ہے، شاید اسی بہانے سیاست دان بھی اپنے علاقوں کی تعمیر و ترقی کے وعدے پسِ پشت ڈال دیتے ہیں۔ حقیقت یہ ہے کہ وقت گزرنے کے ساتھ عوامی مسائل وہیں کے وہیں رہتے ہیں، مگر وعدے فائلوں اور تقاریر تک محدود ہو کر رہ جاتے ہیں۔

    حلقہ این اے 136 سے منتخب رکنِ قومی اسمبلی چوہدری ریاض الحق جج اور پی پی 190 سے رکنِ صوبائی اسمبلی میاں یاور زمان گزشتہ کئی برسوں سے اسی حلقے کی نمائندگی کرتے آ رہے ہیں۔ بلاشبہ اگر عوام اپنے نمائندوں کو پسند نہ کرتے تو وہ بار بار منتخب نہ ہوتے۔ وعدے بھی کیے جاتے ہیں اور بعض کام بھی ہوتے ہیں، مگر اگر مجموعی ترقیاتی تصویر دیکھی جائے تو فور۔ایل کا علاقہ آج بھی لاوارث نظر آتا ہے۔

    اگر موجودہ دور سے چند سال پیچھے جا کر جائزہ لیا جائے تو فور۔ایل اور اس سے ملحقہ علاقوں میں ترقی کے آثار نہ ہونے کے برابر ہیں۔ یہاں کے لوگ اپنے محبوب قائدین کو ووٹ دینے کے بعد ان سے سوال نہیں کرتے، شاید اس خدشے کے تحت کہ کہیں ناراضی مول نہ لے لیں۔ یہی خاموشی اس علاقے کو ترقیاتی منصوبوں کی فہرست سے باہر رکھے ہوئے ہے، جس کی واضح مثال سڑکوں کی خستہ حالی ہے۔

    یہ علاقہ مسلم لیگ (ن) کا مضبوط گڑھ سمجھا جاتا ہے، مگر بدقسمتی سے ترقیاتی سرگرمیوں کے فقدان نے اسے دیگر علاقوں کے مقابلے میں پیچھے دھکیل دیا ہے۔ فور۔ایل اور شاہبھور کے علاقوں کو فوری توجہ درکار ہے تاکہ یہاں کے باسی بھی بنیادی سہولیات سے مستفید ہو سکیں۔

    اس حلقے کی اکثریت زراعت سے وابستہ ہے، مگر افسوس کہ بیشتر چکوک سیم و تھور جیسے سنگین مسئلے کا شکار ہیں۔ خصوصاً چک نمبر 22 فور ایل اور 23 فور ایل، جو آخری ٹیلوں پر واقع ہیں، نہری پانی کی چوری اور ناقص تقسیم کے باعث شدید زرعی بحران سے گزر رہے ہیں۔ نتیجتاً یہاں سے بڑی تعداد میں لوگ نقل مکانی پر مجبور ہو چکے ہیں۔ اس صورتحال کی بنیادی وجہ انتظامیہ اور سیاست دانوں کی مسلسل عدم دلچسپی ہے۔

    تعلیم کے شعبے کی صورتحال یہ ہے کہ طلبہ کی بڑی تعداد بہتر مستقبل کی تلاش میں شہروں کا رخ کر چکی ہے۔ صحت کے شعبے میں سرکاری مراکز موجود ہونے کے باوجود عوام شہروں میں علاج کروانے پر مجبور ہیں، جو خود ایک بڑا سوالیہ نشان ہے۔ یہ سب اس امر کی نشاندہی کرتا ہے کہ محض عمارتیں کھڑی کر دینا کافی نہیں، جب تک نظام مؤثر اور فعال نہ ہو۔

    سڑکوں کی تعمیر و بحالی بھی مسلسل نظرانداز کی جا رہی ہے۔ 22 فور ایل تا 31 فور ایل روڈ، طبروق روڈ اور غیاث چوک روڈ شدید ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں، مگر متعلقہ اداروں کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگتی۔

    فور۔ایل میں کئی بااثر اور نامور شخصیات موجود ہیں، مگر افسوس کہ اجتماعی طور پر کسی نے علاقے کے لیے مضبوط آواز بلند نہیں کی۔ یہ حقیقت اپنی جگہ مسلم ہے کہ فور۔ایل کے لوگ اوکاڑہ کی سیاست میں انفرادی حیثیت میں اہم مقام رکھتے ہیں، مگر اجتماعی طاقت کا مظاہرہ کہیں دکھائی نہیں دیتا۔

    اب وقت آ گیا ہے کہ انتظامیہ اور منتخب نمائندے اس علاقے کے بنیادی مسائل کو سنجیدگی سے لیں۔ اگر یہاں سڑکیں، صحت، تعلیم اور زرعی سہولیات بہتر بنا دی جائیں تو لوگ شہروں کی بجائے اپنے علاقوں میں رہ کر نہ صرف باعزت زندگی گزار سکتے ہیں بلکہ ملکی پیداوار میں بھی مؤثر کردار ادا کر سکتے ہیں۔

    آخر میں بس اتنا ہی کہنا ہے کہ:
    امید کا دامن تھامے رکھو، مگر سوال اٹھانا مت چھوڑو — آخر کب تک؟

  • اوکاڑہ:ڈی پی او کی کھلی کچہری، شہری شکایات پر فوری کارروائی کے احکامات

    اوکاڑہ:ڈی پی او کی کھلی کچہری، شہری شکایات پر فوری کارروائی کے احکامات

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) ڈی پی او اوکاڑہ محمد راشد ہدایت نے مسجد شرطہ ڈسٹرکٹ کمپلیکس میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا، جس میں ضلع بھر سے آئے ہوئے شہریوں نے اپنے مسائل اور شکایات پیش کیں۔ ڈی پی او نے عوامی مسائل توجہ سے سنے اور متعلقہ افسران کو موقع پر ہی فوری اور مؤثر کارروائی کی ہدایات جاری کیں تاکہ شہریوں کو بروقت انصاف اور ریلیف فراہم کیا جا سکے۔

    کھلی کچہری سے خطاب کرتے ہوئے ڈی پی او محمد راشد ہدایت نے کہا کہ احتساب کا آغاز خود سے ہوتا ہے اور ہر فرد کو اپنی ذمہ داریوں کا احساس ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ نظم و ضبط، قانون کی پاسداری اور مثبت طرزِ عمل ہی ایک پرامن اور ترقی یافتہ معاشرے کی بنیاد ہیں۔

    ڈی پی او نے پولیس افسران کو ہدایت کی کہ وہ عوام کے ساتھ خوش اخلاقی، شفافیت اور میرٹ کو یقینی بناتے ہوئے اپنے فرائض سرانجام دیں اور شہریوں کے مسائل کے حل کو اپنی اولین ترجیح بنائیں۔

  • اوکاڑہ میں آر پی او کی کھلی کچہریاں، عوامی مسائل موقع پر حل

    اوکاڑہ میں آر پی او کی کھلی کچہریاں، عوامی مسائل موقع پر حل

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) عوام کو ان کی دہلیز پر انصاف کی فراہمی کے لیے ریجنل پولیس آفیسر ساہیوال محمد ایاز سلیم نے ڈی پی او اوکاڑہ محمد راشد ہدایت کے ہمراہ ایک ہی روز دو مقامات، تھانہ حویلی لکھا اور چورستہ میاں خاں میں کھلی کچہریوں کا انعقاد کیا۔

    تفصیلات کے مطابق کھلی کچہریوں میں خواتین اور مرد شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور اپنے مسائل براہِ راست آر پی او کے سامنے پیش کیے۔ ریجنل پولیس آفیسر محمد ایاز سلیم نے شکایات سن کر موقع پر ہی متعلقہ افسران کو قانونی اور فوری ازالے کے احکامات جاری کیے۔

    اس موقع پر آر پی او محمد ایاز سلیم کا کہنا تھا کہ عوام کو بروقت اور بلا امتیاز انصاف کی فراہمی پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کھلی کچہریوں جیسے اقدامات سے پولیس اور عوام کے درمیان اعتماد کا رشتہ مضبوط ہو رہا ہے، جس کے نتیجے میں پولیس کارکردگی اور معیار میں نمایاں بہتری آئی ہے۔