Baaghi TV

Category: اوکاڑہ

  • اوکاڑہ:سرکاری واجبات کی وصولی اور ریونیو سہولیات پر اجلاس، وصولی تیز کرنے کی ہدایت

    اوکاڑہ:سرکاری واجبات کی وصولی اور ریونیو سہولیات پر اجلاس، وصولی تیز کرنے کی ہدایت

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو کی زیر صدارت سرکاری واجبات کی وصولی اور ریونیو سہولیات سے متعلق اجلاس منعقد ہوا، جس میں واجبات کی وصولی اور عوامی سروس ڈلیوری کے حوالے سے کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔

    اجلاس کے دوران ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے سرکاری واجبات کی وصولی کے لیے اقدامات تیز کرنے کی ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ آبیانہ، زرعی ٹیکس اور سٹیمپ ڈیوٹی کی وصولی پر خصوصی توجہ دی جائے اور نادہندگان کے خلاف مؤثر کارروائی عمل میں لائی جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ مقررہ مدت میں وصولی کے اہداف مکمل کرنے کے لیے فیلڈ افسران بھرپور کردار ادا کریں۔

    ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ ریونیو سہولیات کے حوالے سے پبلک سروس ڈلیوری میں بہتری لانا انتظامیہ کی اولین ذمہ داری ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ فرد اور انتقال کے معاملات کو کمپیوٹرائزڈ سسٹم کے ذریعے کم سے کم وقت میں نمٹایا جائے اور عوامی شکایات کے فوری ازالے کو یقینی بنایا جائے۔

  • اسسٹنٹ کمشنر کا ٹی ایچ کیو ہسپتال اوکاڑہ کا اچانک دورہ، سہولیات کا جائزہ

    اسسٹنٹ کمشنر کا ٹی ایچ کیو ہسپتال اوکاڑہ کا اچانک دورہ، سہولیات کا جائزہ

    اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر) اسسٹنٹ کمشنر فیصل شہزاد چیمہ نے ٹی ایچ کیو ہسپتال اوکاڑہ کا اچانک دورہ کیا اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ دورے کے دوران انہوں نے ایمرجنسی، ان ڈور وارڈز، لیبارٹری اور فارمیسی سمیت مختلف شعبوں کا معائنہ کیا۔

    اسسٹنٹ کمشنر نے زیر علاج مریضوں کی خیریت دریافت کی اور ان سے ہسپتال عملے کے رویے اور علاج کے معیار بارے بھی استفسار کیا۔ انہوں نے ادویات کی دستیابی، صفائی ستھرائی کے انتظامات، ہسپتال کے اسٹاک رجسٹر اور عملے کے حاضری رجسٹر کی بھی پڑتال کی۔

    فارمیسی میں مریضوں کو حکومت کی جانب سے فراہم کی جانے والی مفت ادویات کی بروقت فراہمی یقینی بنانے کے لیے متعلقہ عملے کو ہدایات جاری کی گئیں۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر فیصل شہزاد چیمہ کا کہنا تھا کہ حکومتِ پنجاب کی اولین ترجیح عوام کو ان کی دہلیز پر معیاری طبی سہولیات فراہم کرنا ہے، ہسپتالوں میں مریضوں کی دیکھ بھال میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کوالٹی میڈیکل سروسز کے تسلسل کے لیے تواتر سے مانیٹرنگ پر بھی زور دیا۔

  • اوکاڑہ: فوڈ سیفٹی مقدمات کی مؤثر تفتیش کے لیے دو روزہ تربیتی کورس کا آغاز

    اوکاڑہ: فوڈ سیفٹی مقدمات کی مؤثر تفتیش کے لیے دو روزہ تربیتی کورس کا آغاز

    اوکاڑہ (نامہ نگار: ملک ظفر)ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر اوکاڑہ محمد راشد ہدایت کی خصوصی ہدایات پر پنجاب فوڈ اتھارٹی ایکٹ کے تحت درج مقدمات میں تفتیش کے معیار کو بہتر بنانے اور ملزمان کو قانون کے مطابق سخت سزائیں دلوانے کے لیے کمیونٹی لائنز ہال میں دو روزہ تربیتی کورس کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

    تربیتی کورس میں پنجاب فوڈ سیفٹی اتھارٹی کے افسران اور پولیس کے تفتیشی افسران شریک ہو رہے ہیں۔ کورس کا بنیادی مقصد فوڈ سیفٹی قوانین سے مکمل آگاہی، تفتیشی صلاحیتوں میں اضافہ اور فوڈ سیفٹی سے متعلق مقدمات میں مؤثر اور مضبوط چالان نویسی کو یقینی بنانا ہے۔

    کورس کے دوران اسسٹنٹ ڈسٹرکٹ پبلک پراسیکیوٹر نعمان علی، ڈی ایس پی لیگل کلیم اللہ، انسپکٹر مشتاق احمد شاہد اور سب انسپکٹر محمد اکرم نے تفصیلی لیکچرز دیے۔ مقررین نے شواہد کے درست اندراج، قانونی تقاضوں کی مکمل پاسداری اور مضبوط پراسیکیوشن کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔

    مقررین کا کہنا تھا کہ معیاری تفتیش اور مؤثر کیس فائلنگ کے ذریعے فوڈ سیفٹی قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کو مثال بننے والی سزائیں دلوانا ممکن ہے، جس سے عوامی صحت کے تحفظ میں مدد ملے گی۔

    یہ تربیتی اقدام اوکاڑہ پولیس کے اس عزم کا عملی اظہار ہے کہ عوامی صحت کے تحفظ کے لیے متعلقہ اداروں کے ساتھ قریبی تعاون کے ذریعے فوڈ سیفٹی قوانین کا سختی سے نفاذ یقینی بنایا جائے گا۔

  • اوکاڑہ: ضلعی افسران کا اجلاس، عوامی ریلیف پر زور

    اوکاڑہ: ضلعی افسران کا اجلاس، عوامی ریلیف پر زور

    اوکاڑہ (نامہ نگار: ملک ظفر)ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ احمد عثمان جاوید کی زیر صدارت ضلعی افسران کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز، ضلع کی تینوں تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز سمیت دیگر ضلعی افسران نے شرکت کی۔

    اجلاس میں ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید کو پرائس کنٹرول میکانزم، ستھرا پنجاب مہم، آوارہ کتوں کی تلفی، بیوٹیفکیشن پلان، ڈویلپمنٹ سکیمز میں پیش رفت اور مفادِ عامہ سے متعلق دیگر اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

    اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید نے ہدایات جاری کیں کہ عوام کو حقیقی ریلیف فراہم کرنے کے لیے تمام افسران محنت، دیانت داری اور لگن کے ساتھ کام کریں، عوامی مسائل کے حل اور شکایات کے بروقت ازالے کے لیے فیلڈ میں اپنی موجودگی یقینی بنائیں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کی عوام دوست پالیسیوں پر مؤثر عملدرآمد کو ہر صورت یقینی بنایا جائے اور عوامی مسائل کے فوری حل کے لیے مربوط اور عملی حکمتِ عملی اپنائی جائے۔ ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ مفادِ عامہ کے منصوبوں میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی اور تمام محکمے باہمی تعاون کے ساتھ خدمات کی فراہمی کو مزید بہتر بنائیں۔

  • اوکاڑہ: ڈی ایچ کیو ہسپتال میں طبی سہولیات کا جائزہ

    اوکاڑہ: ڈی ایچ کیو ہسپتال میں طبی سہولیات کا جائزہ

    اوکاڑہ (نامہ نگار: ملک ظفر)ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ احمد سلیم چشتی نے اسسٹنٹ کمشنر احمد شیر گوندل کے ہمراہ ڈی ایچ کیو سٹی ہسپتال کا دورہ کیا اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔

    دورے کے دوران انہوں نے مختلف وارڈز، ایمرجنسی، لیبارٹری، ادویات کی دستیابی اور صفائی ستھرائی کے انتظامات کا معائنہ کیا، جبکہ مریضوں اور ان کے لواحقین سے سہولیات سے متعلق براہِ راست دریافت بھی کی۔

    اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر احمد سلیم چشتی نے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ مریضوں کو معیاری اور بروقت طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے مؤثر اقدامات کا سلسلہ تسلسل کے ساتھ جاری رکھا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ سرکاری ہسپتالوں میں علاج معالجہ عوام کا بنیادی حق ہے اور اس ضمن میں کسی قسم کی کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔

    انہوں نے ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کی حاضری، صفائی ستھرائی کے معیار، ادویات کی بروقت دستیابی اور ایمرجنسی سروسز کو مزید بہتر بنانے پر بھی زور دیا۔ دورے کے اختتام پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر احمد سلیم چشتی نے ہسپتال میں مریضوں کو فراہم کی جانے والی مجموعی طبی سہولیات پر اطمینان کا اظہار کیا۔

  • اوکاڑہ پولیس کی بڑی کارروائی، مبارکی ڈکیت گینگ کے سرغنہ سمیت 4 ملزمان گرفتار

    اوکاڑہ پولیس کی بڑی کارروائی، مبارکی ڈکیت گینگ کے سرغنہ سمیت 4 ملزمان گرفتار

    اوکاڑہ (نامہ نگار: ملک ظفر)اوکاڑہ پولیس نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے مبارکی ڈکیت گینگ کے سرغنہ سمیت چار ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے، جن کے قبضے سے لاکھوں روپے مالیت کا مال مسروقہ اور ناجائز اسلحہ برآمد کیا گیا ہے۔

    پولیس ترجمان کے مطابق ایس ایچ او تھانہ ڈھلیانہ نوید نزیر نے اپنی ٹیم کے ہمراہ کامیاب کارروائی کرتے ہوئے مبارکی گینگ کے چار ملزمان کو گرفتار کیا۔ گرفتار ملزمان کی شناخت مبارک عرف مبارکی (سرغنہ)، عمران، منظور اور رستم کے نام سے ہوئی ہے۔

    پولیس کے مطابق ملزمان کے قبضے سے مجموعی طور پر 4 لاکھ 60 ہزار روپے سے زائد مالیت کا مال مسروقہ برآمد کیا گیا، جس میں ایک لاکھ روپے نقدی بھی شامل ہے۔ برآمد ہونے والے سامان میں 13 بوریاں کھاد، 3 جنریٹر ٹینکس، ایک سپرے ٹینک، ایک گریس گن، 2 بالٹیاں گریس، 3 کراس روٹاویٹر، 895 بوریاں باردانہ و سیبہ، 2 سنگل، 4 بیگ پوٹاش اور ناجائز اسلحہ شامل ہے۔

    ابتدائی تفتیش کے دوران ملزمان نے اوکاڑہ اور گردونواح میں درجنوں چوری اور ڈکیتی کی وارداتوں میں ملوث ہونے کا انکشاف کیا ہے۔ پولیس کے مطابق ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے، جبکہ مزید انکشافات اور برآمدگیوں کی توقع ہے۔

  • اوکاڑہ: ریونیو افسران کا اجلاس، عوامی سہولت اور شفافیت پر زور

    اوکاڑہ: ریونیو افسران کا اجلاس، عوامی سہولت اور شفافیت پر زور

    اوکاڑہ (نامہ نگار: ملک ظفر)ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو اوکاڑہ محمد شجعین وسطرو کی زیر صدارت ریونیو افسران کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ضلع کی تینوں تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز، ریونیو افسران اور محکمہ مال کے دیگر افسران نے شرکت کی۔

    اجلاس میں عوامی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے محکمہ ریونیو کے جاری اقدامات، افسران کی کارکردگی اور سروس ڈیلیوری سے متعلق امور پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر محمد شجعین وسطرو نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو ریونیو سے متعلق سہولیات کی بروقت، شفاف اور مؤثر فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

    انہوں نے پلس پراجیکٹ کے تحت جاری اقدامات کی رفتار مزید تیز کرنے، سروس ڈیلیوری کو بہتر بنانے اور ٹیکنالوجی کے زیادہ سے زیادہ استعمال پر خصوصی زور دیا۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے افسران کو ہدایت کی کہ سرکاری واجبات کی وصولی میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی اور مقررہ اہداف کے حصول کے لیے فیلڈ میں مؤثر مانیٹرنگ کو یقینی بنایا جائے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ قانون کے دائرہ کار میں رہتے ہوئے ریکوری کے عمل کو شفاف اور منظم بنایا جائے۔ اس کے ساتھ ساتھ عوامی سہولت مراکز میں آنے والے سائلین کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آنے، ان کے مسائل کے فوری حل اور بہتر رہنمائی کو یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی گئی۔

    ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر محمد شجعین وسطرو کا کہنا تھا کہ ریونیو نظام کی بہتری، پلس پراجیکٹ کی کامیاب تکمیل اور ریونیو ریکوری میں اضافہ کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے تاکہ عوام کو بہتر اور معیاری سہولیات میسر آ سکیں۔

  • ریجنل یونین آف جرنلسٹس پاکستان سینٹرل پنجاب، نو منتخب عہدیداران کا نوٹیفکیشن جاری

    ریجنل یونین آف جرنلسٹس پاکستان سینٹرل پنجاب، نو منتخب عہدیداران کا نوٹیفکیشن جاری

    ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی نامہ نگار، احسان اللہ ایاز)ریجنل یونین آف جرنلسٹس پاکستان (RUJ) سینٹرل پنجاب کے انتخابات کے نتائج کے بعد نو منتخب عہدیداران کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔ صوبائی الیکشن بورڈ کی زیر نگرانی منعقد ہونے والے انتخابات میں مرزا قیصر فاروق صدر اور میاں تنویر شہزاد ساحل جنرل سیکرٹری منتخب ہوئے۔

    صوبائی الیکشن 2026/27 میں سینٹرل پنجاب کے دیگر منتخب عہدیداران میں سینئر نائب صدر حاجی رمضان (قصور)، نائب صدر شیخ آصف اقبال (ننکانہ صاحب)، جوائنٹ سیکرٹری رانا خضر حیات (شخوپوہ) اور سیکرٹری خواتین ونگ آمنہ اقبال (لاہور) شامل ہیں۔

    چیئرمین الیکشن بورڈ محمد ارشد گولڈن نے پانچ رکنی الیکشن بورڈ کی نگرانی میں منتخب عہدیداران 2026/2027 کا نوٹیفکیشن جاری کیا۔

  • اوکاڑہ: ممبر قومی اسمبلی چوہدری ریاض الحق جج کا چرچ روڈ سیوریج سکیم اور ڈسپوزل اسٹیشنز کا دورہ

    اوکاڑہ: ممبر قومی اسمبلی چوہدری ریاض الحق جج کا چرچ روڈ سیوریج سکیم اور ڈسپوزل اسٹیشنز کا دورہ

    اوکاڑہ (نامہ نگار، ملک ظفر)ممبر قومی اسمبلی چوہدری ریاض الحق جج نے ایم ڈی واسا عبدالوحید کے ہمراہ چرچ روڈ سیوریج سکیم کی سائٹ اور ڈسپوزل اسٹیشنز کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے سائٹ کا معائنہ کرتے ہوئے ترقیاتی کاموں کو جلد از جلد شروع کرنے کے سلسلے میں ایکسین میونسپل کمیٹی مہر مبارک کو ہدایات جاری کیں۔

    چوہدری ریاض الحق جج نے کہا کہ سیوریج سکیم کی تعمیر سے شہر کی مرکزی سڑک کے رہائشیوں کو ریلیف ملے گا اور عوام کے سیوریج کے مسائل کا حل ناگزیر ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ڈسپوزل اسٹیشنز کی مؤثر کارکردگی سیوریج سسٹم کی کامیابی کے لیے بنیادی حیثیت رکھتی ہے۔

    ایم ڈی واسا عبدالوحید نے ڈسپوزل اسٹیشنز کی ورکنگ کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ سولرائزیشن کے ذریعے بلا تعطل بجلی کی فراہمی سے ڈسپوزل اسٹیشن کی کارکردگی میں اضافہ ہوا ہے اور اس منصوبے سے سالانہ کروڑوں روپے کی بچت ہوگی۔

    انہوں نے مزید کہا کہ بارشی پانی کی نکاسی کے لیے سکاڈا پراجیکٹ کی تکمیل سے شہر کے وسط سے 5 کیوسک بارشی پانی کی نکاسی کا منصوبہ مئی تک مکمل کر دیا جائے گا۔ ممبر قومی اسمبلی چوہدری ریاض الحق جج نے ڈسپوزل اسٹیشنز کی ورکنگ پر اطمینان کا اظہار کیا۔

  • رزق کا حقیقی رازق صرف اللہ ہے، دنیاوی انحصار بے چینی پیدا کرتا ہے: سید سرفراز احمد شاہ

    رزق کا حقیقی رازق صرف اللہ ہے، دنیاوی انحصار بے چینی پیدا کرتا ہے: سید سرفراز احمد شاہ

    اوکاڑہ (نامہ نگار، ملک ظفر)معروف اسکالر سید سرفراز احمد شاہ نے کہا ہے کہ رزق کا حقیقی رازق صرف اللہ تعالیٰ ہے اور دنیاوی وسائل پر حد سے زیادہ انحصار انسان میں بے چینی اور حرص کو جنم دیتا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ روحانیت کا راستہ نیکی اور عبادت کے امتزاج سے طے ہوتا ہے، جبکہ رب سے براہِ راست تعلق ہی حقیقی سکون کی بنیاد ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد کے ایک مقامی ہوٹل میں منعقدہ سوال و جواب کی نشست سے خطاب کرتے ہوئے کیا، جس میں صاحبزادگان سید شیراز احمد شاہ، سید سہیل احمد شاہ سمیت عقیدت مندوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

    اپنی گفتگو میں سید سرفراز احمد شاہ نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے ہر جاندار کے رزق کی ضمانت دے رکھی ہے، مگر انسان کی بے چینی کی اصل وجہ رب پر مکمل بھروسے کے بجائے دنیاوی ذرائع پر انحصار ہے۔ انہوں نے حضرت علیؓ کے قول کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ رزق کی دو قسمیں ہیں، ایک وہ جسے انسان تلاش کرتا ہے اور دوسرا وہ جو انسان کو خود تلاش کرتا ہے۔

    انہوں نے زور دیا کہ روحانیت محض ذکر و اذکار کا نام نہیں بلکہ نیکی، عبادت اور عملی زندگی میں اخلاقی قدروں کو اپنانے سے حاصل ہوتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ شکر گزاری اور اللہ سے براہِ راست تعلق روحانی سکون کی بنیاد ہے، جبکہ روحانیت کا سفر کسی تکلیف کے بجائے ایک طالب علم کی محنت کی مانند ہے، جس میں قربِ الٰہی کے لیے قربانیاں دینا پڑتی ہیں۔

    اس موقع پر صاحبزادہ سید شیراز احمد شاہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حضور اکرم ﷺ کی سنتوں پر عمل پیرا ہو کر زندگی کو آسان اور بامقصد بنایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ والدین کی خدمت اور ان سے محبت کو عبادت سمجھ کر انجام دینا چاہیے، کیونکہ اس میں دنیا اور آخرت دونوں کی بھلائی پوشیدہ ہے۔