Baaghi TV

Category: پشاور

  • بنوں میں صحافی کے گھر پر فائرنگ، چند روز قبل دھمکیاں ملنے کا انکشاف

    بنوں میں صحافی کے گھر پر فائرنگ، چند روز قبل دھمکیاں ملنے کا انکشاف

    بنوں: ضلع بنوں میں صحافیوں کو ہراساں کرنے کا ایک اور واقعہ سامنے آگیا، جہاں سابق صدر بنوں پریس کلب اور اے آر وائی نیوز کے نمائندے احسان خٹک کے گھر پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کر دی۔ واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ صحافتی حلقوں میں شدید تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے
    ۔
    تفصیلات کے مطابق نامعلوم موٹرسائیکل سواروں نے رات کی تاریکی میں احسان خٹک کے گھر کو نشانہ بنایا اور اندھا دھند فائرنگ کر کے فرار ہوگئے۔ خوش قسمتی سے فائرنگ کے نتیجے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، تاہم گھر کی دیواروں اور دروازوں کو نقصان پہنچا ہے۔ذرائع کے مطابق احسان خٹک اور ایک اور مقامی صحافی کو چند روز قبل ایک ٹھیکیدار کی جانب سے دھمکیاں موصول ہوئی تھیں۔ صحافیوں نے مبینہ طور پر ناقص میٹریل کے استعمال اور غیر معیاری سولر لائٹس و کھمبوں کی تنصیب سے متعلق خبر نشر کی تھی، جس کے بعد انہیں سنگین نتائج کی دھمکیاں دی گئیں۔

    احسان خٹک کی جانب سے تھانہ صدر پولیس کو پہلے بھی نامعلوم موٹرسائیکل سواروں کے خلاف درخواست دی جا چکی ہے۔ درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ انہیں مسلسل ہراساں کیا جا رہا ہے اور ان کی جان کو خطرہ لاحق ہے۔ اس کے علاوہ ماضی میں افغانستان کے فون نمبرز سے بھی دھمکی آمیز کالز موصول ہونے کا انکشاف کیا گیا ہے۔واقعے کے بعد پولیس نے موقع پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کیے اور نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی کارروائی شروع کر دی ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مختلف پہلوؤں سے تفتیش جاری ہے اور ملزمان کو جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔

    صحافتی تنظیموں اور سول سوسائٹی نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے صحافیوں کو تحفظ فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ کرپشن اور ناقص کام کی نشاندہی کرنے والے صحافیوں کو نشانہ بنانا آزادی صحافت پر حملہ ہے، جسے ہرگز برداشت نہیں کیا جا سکتا۔

  • باڑہ بازار میں اے این پی کے جلسے کے دوران ہنگامہ آرائی، متعدد کارکن زخمی

    باڑہ بازار میں اے این پی کے جلسے کے دوران ہنگامہ آرائی، متعدد کارکن زخمی

    خیبر: ضلع خیبر کے علاقے باڑہ بازار میں عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے جلسے کے دوران ہنگامہ آرائی اور تصادم کے نتیجے میں متعدد کارکن زخمی ہوگئے، جبکہ پولیس نے صورتحال پر قابو پانے کے لیے ہوائی فائرنگ کر کے شرکاء کو منتشر کردیا۔

    پولیس کے مطابق باڑہ بازار میں اے این پی کے ضلعی صدر کی زیرِ صدارت ایک جلسہ منعقد کیا گیا تھا جس میں پارٹی کارکنان اور مقامی رہنماؤں کی بڑی تعداد شریک تھی۔ ابتدائی طور پر جلسہ پُرامن انداز میں جاری تھا، تاہم صورتحال اس وقت کشیدہ ہوگئی جب بعض مخالف افراد وہاں پہنچے اور نعرے بازی شروع کردی۔عینی شاہدین کے مطابق نعرے بازی کے بعد دونوں جانب سے تلخ کلامی ہوئی جو دیکھتے ہی دیکھتے ہاتھا پائی اور تشدد میں بدل گئی۔ اس دوران لاٹھیوں اور ڈنڈوں کا استعمال بھی کیا گیا جس سے کئی کارکن زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔

    واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی اضافی نفری موقع پر پہنچ گئی۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مشتعل افراد کو منتشر کرنے کے لیے ہوائی فائرنگ کی گئی۔ بعض اطلاعات کے مطابق موقع پر موجود مسلح افراد کی جانب سے بھی فائرنگ کی گئی، جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ تاہم پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے صورتحال کو قابو میں کرلیا۔

    عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما میاں افتخار حسین نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے فائرنگ اور حملے کا الزام پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے کارکنوں پر عائد کیا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حملے میں ملوث افراد کے خلاف فوری طور پر مقدمہ درج کیا جائے اور ذمہ داران کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔
    میاں افتخار حسین کا کہنا تھا کہ پُرامن احتجاج اور سیاسی سرگرمیوں پر براہِ راست فائرنگ نہایت تشویشناک اور جمہوری اقدار کے منافی عمل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر سیاسی کارکنوں کو اپنی رائے کے اظہار کا حق نہیں دیا جائے گا تو یہ جمہوری عمل کے لیے خطرناک ہوگا۔

    سیاسی ماہرین کا کہنا ہے کہ باڑہ بازار میں پیش آنے والا واقعہ سیاسی عدم برداشت کے بڑھتے ہوئے رجحان کی نشاندہی کرتا ہے۔ ان کے مطابق اگر پُرامن احتجاج کو بھی برداشت نہ کیا جائے اور اختلافِ رائے کے جواب میں تشدد کو اختیار کیا جائے تو اس سے معاشرے میں انتشار کو فروغ ملتا ہے۔تجزیہ کاروں کا مزید کہنا ہے کہ ایسے واقعات ماضی میں پیش آنے والے 9 مئی اور 26 نومبر جیسے سانحات کے حوالے سے سرکاری بیانیے کو تقویت دیتے ہیں۔ اگر سیاسی کشیدگی اسی طرح بڑھتی رہی تو کسی بھی حد تک جانے کا خدشہ حقیقی صورت اختیار کرسکتا ہے۔ ماہرین نے تمام سیاسی جماعتوں پر زور دیا ہے کہ وہ تحمل اور برداشت کا مظاہرہ کریں کیونکہ سیاست میں برداشت کے خاتمے کا نقصان صرف ایک فریق نہیں بلکہ پورے معاشرے کو اٹھانا پڑتا ہے۔

  • بنوں: سی ٹی ڈی کی کاروائی اسسٹنٹ کمشنر  کے قتل  میں ملوث دہشتگرد گرفتار

    بنوں: سی ٹی ڈی کی کاروائی اسسٹنٹ کمشنر کے قتل میں ملوث دہشتگرد گرفتار

    محکمہ انسدادِ دہشتگردی (سی ٹی ڈی) خیبرپختونخوا نے بنوں ریجن میں ایک اہم انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران کالعدم دہشتگرد تنظیم کے انتہائی مطلوب کمانڈر اسامہ عرف دانیال عرف باغی کو پیپل بازار بنوں سے گرفتار کر لیا۔ گرفتار دہشتگرد متعدد سنگین وارداتوں میں مطلوب تھا۔

    سی ٹی ڈی کے مطابق ملزم کا تعلق ضلع بنوں سے ہے اور وہ ایف ایس سی تک تعلیم حاصل کرنے کے بعد ٹی ٹی پی اور ٹی ٹی جی کے اشتراک سے قائم تنظیم اتحاد المجاہدین پاکستان (IMP) میں شامل ہوا۔ ابتدائی تفتیش کے دوران ملزم نے مجموعی طور پر 9 بڑی دہشتگردانہ کارروائیوں میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا ہے۔اعترافی بیان کے مطابق ملزم دسمبر 2025 میں بنوں کے علاقے مل اڈہ میں اسسٹنٹ کمشنر میرانشاہ شاہ ولی خان پر ہونے والے مسلح حملے میں ملوث رہا، جس کے نتیجے میں اسسٹنٹ کمشنر اپنے دو محافظوں سمیت شہید ہوئے جبکہ سرکاری گاڑی کو بھی نذرِ آتش کر دیا گیا تھا۔ملزم نے نومبر 2025 میں نالی پل کے قریب سابق ایس ایچ او عابد وزیر کے اغوا اور شہادت، اکتوبر 2025 میں لکی مروت امن کمیٹی کے تین رہنماؤں عطاء اللہ، فرمان اللہ اور ولی اللہ کے اغوا و قتل میں بھی براہِ راست ملوث ہونے کا اعتراف کیا ہے۔

    اس کے علاوہ باران ڈیم کے قریب ایف سی کے دو اہلکاروں کے اغوا، جون 2024 میں پولیو افسر ملک اسحاق اور ان کے گن مین کے قتل، اور پیپل بازار میں پولیو ڈیوٹی سے واپسی پر دو پولیس اہلکاروں کے اغوا اور ان سے اسلحہ چھیننے کی وارداتیں بھی ملزم کے اعترافات میں شامل ہیں۔سی ٹی ڈی حکام کے مطابق ملزم حساس اداروں کی ریکی، سیکیورٹی فورسز کی تصاویر فراہم کرنے، جاسوسی کے شبے میں شہریوں کے اغوا اور غیر قانونی ناکہ بندیاں قائم کر کے عوام کو ہراساں کرنے میں بھی سرگرم رہا ہے۔ ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے جبکہ اس کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

    علاوہ ازیں بنوں میں سیکورٹی فورسز کا گزشتہ روز ٹارگٹڈ انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن، 5 دہشت گرد اور سہولت کار گرفتار،پولیس کے مطابق یہ کارروائی گزشتہ روز تھانہ احمدزئی اور چوکی کاشو پل پر ہونے والے سنائپر حملے میں ملوث عناصر اور ان کے سہولت کاروں کی گرفتاری کے لیے عمل میں لائی گئی۔ آپریشن کے دوران پولیس ٹیموں نے مختلف مقامات پر سرچ آپریشن کیا، جبکہ مشتبہ افراد کی کڑی جانچ پڑتال کے بعد پانچ دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں کو حراست میں لے لیا گیا۔

  • ضلع مہمند  میں 37 ایکڑ غیر قانونی پوست کی فصل تلف

    ضلع مہمند میں 37 ایکڑ غیر قانونی پوست کی فصل تلف

    محکمہ ایکسائز خیبرپختونخوا نے منشیات کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن شروع کردیا ہے جس میں مہمند اور صوابی میں مشترکہ گرینڈ آپریشن جاری ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ضلع مہمند تحصیل امبار میں 37 ایکڑ غیر قانونی پوست کی فصل تلف کی گئی،وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت کاررو ائیاں تیز کردی گئی ہیں جس میں بیر گلی صوابی میں بڑے رقبے پر کاشت کی گئی پوست کی فصل تباہ کردی گئی ہے۔

    محکمہ ایکسائز، ضلعی انتظامیہ، پولیس اور اے این ایف کا مشترکہ آپریشن ہے صوبائی وزیر سید فخرجہان نے منشیات فروشوں اور اسمگلرز کے خلاف بے رحم کارروائیوں کے عزم کا اظہار کیا،صوبائی وزیر نے منشیات سے پاک خیبرپختونخوا کے ہدف کیلئے فیلڈ آپریشنز میں مزید تیزی لانے کی ہدایت کردی ہے۔

  • پی ٹی آئی کا عمران خان کی صحت سے متعلق احتجاج  کا اعلان

    پی ٹی آئی کا عمران خان کی صحت سے متعلق احتجاج کا اعلان

    پشاور:پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) خیبر پختونخوا کے صوبائی صدر جنید اکبر نے پارٹی کارکنان اور عوام کو کل جمعہ کے بعد صوبے بھر میں احتجاج کی کال دے دی۔

    جنید اکبر کے مطابق نمازِ جمعہ کے بعد خیبر پختونخوا کے تمام پریس کلبز کے سامنے پارٹی قائد عمران خان کی صحت سے متعلق جاری تشویشناک صورتحال کے خلاف بھرپور احتجاج کیا جائے گا، کارکنان اور عوام بڑی تعداد میں باہر نکل کر اپنے لیڈر سے اظہارِ یکجہتی کریں، قوم اپنے لیڈر کے لیے باہر نکلے۔ عمران خان نے ہماری خاطر قید کاٹی، اب ہماری باری ہے کہ ہم ان کی صحت کے لیے آواز بلند کریں۔

    پی ٹی آئی قیادت نے کارکنان کو پرامن احتجاج کی ہدایت کرتے ہوئے بھرپور شرکت کی اپیل کی ہے۔

    واضح رہے کہ سپریم کورٹ میں جمع کرائی گئی فرینڈ آف دی کورٹ بیرسٹر سلمان صفدر کی رپورٹ میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کو جیل میں دستیاب سہولیات کی تفصیلات سامنے آگئی ہیں رپورٹ کے مطابق عمران خان نے جیل میں سیکیورٹی اور فراہم کردہ خوراک پر اطمینان کا اظہار کیا ہے جبکہ سیل میں ہوا اور روشنی کے مناسب انتظام کو بھی تسلی بخش قرار دیا ہے بانی پی ٹی آئی کو کپڑے دھونے اور صفائی کے لیے مشقتی دستیاب ہے جس کے ذ مے واش روم اور سیل کی صفائی بھی ہے انہوں نے صفائی ستھرائی کے انتظام پر اطمینان بھی ظاہر کیاہے۔

    علاوہ ازیں سردی کے موسم میں انہیں چھوٹے سائز کا ہیٹر اور بلور فراہم ہے جبکہ سیل میں ہر وقت گرم پانی دستیاب رہتا ہے گرمیوں میں شدید گرمی اور حبس کے پیش نظر انہیں روم کولر بھی فراہم کیا جاتا ہے، تاہم انہوں نے بتایا کہ گرمیوں کے مہینوں میں مچھر اور کیڑے ہوتے ہیں اور انہیں دو سے تین مرتبہ فوڈ پوائزننگ بھی ہوچکی ہے۔

    عمران خان کے سیل میں تقریباً 10 کیمرے نصب ہیں ایک کیمرہ شاور ایریا سے پہلے تک ہے تاہم کمرے کے اندر کوئی کیمرہ موجود نہیں عمران خان نے کیمرے نصب ہونے پر اعتراض نہیں کیا اور کہا کہ یہ ان کی حفاظت کے لیے ہیں سیل کے قریب 30×12 فٹ کا گرین ایریا بھی موجود ہے تاکہ وہ دھوپ لے سکیں،انہیں ناشتے میں ایک کپ کافی، دلیہ اور کچھ کھجوریں ملتی ہیں انہیں پورے ہفتے کے مینیو کا انتخاب خود کرنے کا اختیار ہے اور کھانا وہ ذاتی خرچ پر کھاتے ہیں ہفتے میں 2 دن چکن، 2 دن گوشت اور 2 دن دال یا چاٹ/سینڈوچ دیا جاتا ہے جبکہ نیسلے کا بوتل بند پانی فراہم کیا جاتا ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ وہ رات کو مکمل کھانا نہیں کھاتے بلکہ پھل، دودھ اور کھجوروں پر اکتفا کرتے ہیں سیل کے اندر انہیں چھری، کانٹے اور برتن رکھنے کی اجازت نہیں ہےعمران خان صبح 9:45 پر ناشتہ کرتے ہیں اور ایک گھنٹہ قرآن پڑھتے ہیں جسمانی ورزش کے لیے محدود آلات دستیاب ہیں جن میں ایکسرسائز مشین اور 9 کلوگرام کے پتھر شامل ہیں شام ساڑھے پانچ بجے سے رات 10 بجے تک وہ سیل میں ہی رہتے ہیں انہیں تقریباً 100 کتابیں دستیا ب تھیں جب کہ 32 انچ کا ٹی وی بھی دیا گیا جو چلانے پر نہیں چلا دو سال سے ان کا دانتوں کا چیک اپ نہیں ہوا۔

    ملاقاتوں کے حوالے سے رپورٹ میں بتایا گیا کہ بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ 5 ماہ سے ان کی ملاقات وکلا سے نہیں کرائی گئی اور اہل خانہ سے بھی ملاقات نہیں ہو رہی تھی، تاہم جیل سپرنٹنڈنٹ کی تبدیلی کے بعد انہیں اہلیہ سے ہفتے میں ایک دن منگل کو 30 منٹ کی ملاقات کی اجازت دی گئی انہوں نے بتایا کہ 2025 میں ان کے بیٹوں قاسم اور سلمان سے دو مرتبہ ٹیلیفون پر رابطہ کرایا گیا۔

    رپورٹ میں طبی امور سے متعلق بھی تفصیلات شامل ہیں عمران خان نے بتایا کہ وہ گزشتہ دو سال چار ماہ سے قید ہیں اکتوبر 2025 تک ان کی نظر 6/6 تھی مگر بعد ازاں دھندلا دکھائی دینا شروع ہوا اور دائیں آنکھ کی بینائی متاثر ہوئی جو اب 15 فیصد کام کر رہی ہے۔ انہیں بلڈ کلاٹ ہونے کے بارے میں بتایا گیا۔

    ملاقات کے دوران ان کی آنکھوں سے مسلسل پانی نکلتا رہا انہوں نے کہا کہ 3 ماہ تک ان کا علاج صرف آنکھوں کے قطروں سے کیا جاتا رہا جس سے فائدہ نہیں ہوا انہوں نے اپنی عمر کے پیش نظر باقاعدہ بلڈ ٹیسٹ کرانے کی ضرورت پر بھی زور دیا اور ذاتی معالجین ڈاکٹر فیصل سلطان اور ڈاکٹر عاصم یوسف یا کسی ماہر آنکھوں کے ڈاکٹر سے معائنے کا مطالبہ کیا۔

  • بنوں،دہشتگردوں کے ساتھ مقابلے کے بعد 3 جہنم واصل، 9 زخمی

    بنوں،دہشتگردوں کے ساتھ مقابلے کے بعد 3 جہنم واصل، 9 زخمی

    خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں میں پولیس اور دہشت گردوں کے درمیان ہونے والے شدید فائرنگ کے تبادلے میں 3 دہشت گرد ہلاک جبکہ 9 زخمی ہو گئے، جبکہ دو پولیس اہلکار بھی معمولی زخمی ہوئے ہیں۔

    ڈی آئی جی بنوں ریجن سجاد خان کے مطابق دہشت گردوں نے رات گئے اچانک پولیس اسٹیشن احمدزالی اور پولیس چوکی فتح خیل پر حملے کیے۔ حملہ آوروں نے خودکار ہتھیاروں سے اندھا دھند فائرنگ کی، جس کے بعد پولیس نے فوری طور پر جوابی کارروائی کرتے ہوئے بھرپور مزاحمت کی۔ڈی آئی جی سجاد خان کا کہنا تھا کہ پولیس کی بروقت اور مؤثر کارروائی کے نتیجے میں دہشت گردوں کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا۔ فائرنگ کے تبادلے میں 3 دہشت گرد موقع پر ہلاک جبکہ 9 زخمی ہو گئے۔ زخمی دہشت گردوں کے فرار ہونے کی اطلاعات ہیں، جن کی تلاش کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ دہشت گردوں کی فائرنگ سے دو پولیس اہلکار معمولی زخمی ہوئے جنہیں فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے اور ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔

    واقعے کے بعد سیکیورٹی فورسز اور پولیس کی اضافی نفری علاقے میں طلب کر لی گئی ہے جبکہ حساس تنصیبات اور تھانوں کی سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے۔ داخلی و خارجی راستوں پر ناکہ بندیاں کر کے مشکوک افراد کی تلاشی کا عمل بھی جاری ہے،پولیس حکام کا کہنا ہے کہ علاقے میں مکمل امن و امان کی بحالی تک سرچ اور کلیئرنس آپریشن جاری رکھا جائے گا، جبکہ حملے میں ملوث عناصر اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف بھی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

  • امن ہوگا تو ترقی آئے گی، ادارے ایک دوسرے کے کام میں مداخلت بند کریں، سہیل آفریدی

    امن ہوگا تو ترقی آئے گی، ادارے ایک دوسرے کے کام میں مداخلت بند کریں، سہیل آفریدی

    ‎
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کا کہنا ہے کہ صوبے اور ملک کا سب سے بڑا مسئلہ امن و امان ہے، جب تک امن قائم نہیں ہوگا، ترقی ممکن نہیں۔
    ‎انہوں نے کہا کہ ہر شعبے سے تعلق رکھنے والے افراد کو چاہیے کہ دوسرے اداروں کے معاملات میں مداخلت نہ کریں۔ پاکستان میں بدقسمتی سے ہر ادارہ دوسرے کے دائرہ اختیار میں دخل اندازی کرتا ہے، جس کے باعث معاشی استحکام نہیں آ پا رہا۔
    ‎سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ اگر ملک کے بہترین دماغ بیرونِ ملک چلے گئے تو یہاں صرف پٹواری ہی رہ جائیں گے۔ ان کے مطابق 45 فیصد عوام مہنگائی کے بوجھ تلے دبے ہوئے ہیں، جبکہ توشہ خانہ سے گاڑیاں لینے پر کوئی مقدمات نہیں بنے۔
    ‎انہوں نے الزام عائد کیا کہ 5,300 ارب روپے کی کرپشن کی گئی جو عوام کا پیسہ ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ آواز اٹھانا، جنازے اٹھانے سے بہتر ہے۔

  • ہمارا مقصد بنگلہ دیش کو عزت دلانا تھا اور کوئی ذاتی مقصد نہیں تھا ،محسن نقوی

    چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے کہا ہے کہ ہمارا مقصد بنگلہ دیش کو عزت دلانا تھا اور اس معاملے میں ہمارا کوئی ذاتی مقصد نہیں تھا۔

    پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ و چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے کہا ہے کہ ڈومیسٹک کرکٹ کو فروغ دینے کے لیے ٹیمو ں کی تعداد میں 2 کا اضافہ کردیا گیا ہے، ٹورنامنٹ کی فاتح ٹیم کو 50 لاکھ جبکہ رنر اپ ٹیم کو 25 لاکھ روپے دیے جائیں گے تاکہ کرکٹ کی ترقی کے عمل کو مز ید مضبوط بنایا جا سکےپاکستان کی قومی ٹیم میں 60 فیصد کھلاڑیوں کا تعلق خیبر پختونخوا سے ہے جو اس بات کا ثبوت ہے کہ صوبے میں کرکٹ ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں۔

    انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا اسپورٹس بورڈ کے ساتھ قریبی اشتراک سے کام کیا جا رہا ہے، صوبے میں کرکٹ اکیڈمیز اور گراؤنڈز کے قیام و بہتری کے لیے قابل ذکر اقدامات کیے گئے ہیں اور آنے والے دنوں میں ان کے مثبت نتائج سامنے آئیں گے ریجنل ٹیلنٹ کو جتنا زیادہ پروموٹ کیا جائے گا وہ پاکستان کی کرکٹ کے لیے اتنا ہی فائدہ مند ہوگا، ہمارا مقصد یہ ہے کہ ٹیلنٹ ضائع نہ ہو بلکہ اسے مزید نکھار کر قومی سطح تک پہنچایا جائے، پشاور ریجن میں 2 ٹیمیں بنارہے ہیں۔

    آئی سی سی سے متعلق معاملات پر محسن نقوی کا کہنا تھا کہ ہمارا مقصد بنگلہ دیش کو عزت دلانا تھا اور اس معاملے میں ہمارا کوئی ذاتی مقصد نہیں تھا بنگلہ دیش کے ساتھ زیادتی ہوئی تھی اور اب ان کی بات مانی گئی ہے، اسی لیے ہم انڈیا کے ساتھ کھیل رہے ہیں مستقبل کے بارے میں صرف اللہ بہتر جا نتا ہے، تاہم حکومت کی کوشش ہے کہ کھیل کو سیاست سے دور رکھا جائے اور خطے میں کرکٹ کے فروغ کے لیے مثبت اقدامات کیے جائیں۔

    امن و امان کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ ایپیکس کمیٹی کا اجلاس ہو چکا ہے اور اس کے بعد فالو اپ میٹنگ بھی ہوئی ہے، ایک بات واضح ہے کہ انسداد دہشتگردی کے لیے تمام ادارے مل کر کام کر رہے ہیں، دہشتگردی کے خلاف جنگ میں خیبر پختونخوا پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کا کردار قابل تعریف ہے، اسلام آباد میں ہونے والے واقعات میں بھی اداروں نے مؤثر کارروائی کی ہے اور آئندہ بھی مشترکہ کوششو ں سے دہشتگردوں کو شکست دی جائے گی۔

    ڈیجیٹل شناخت اور ای کے وائی سی سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ حکومت ملک بھر میں ڈیجیٹل شناختی نظام متعارف کرانے پر کام کر رہی ہے، جس کے تحت ہر شہری کی تصدیق شدہ ڈیجیٹل شناخت ہوگی، اس سے سرمایہ کاری، بینکاری اور دیگر شعبوں میں شفافیت بڑھے گی اور فراڈ کے امکانات کم ہوں گے، اسلام آباد دھماکے کی تحقیقات میں سی ٹی ڈی نے اہم کردار ادا کیا ہے۔

  • پی ایس ایل 11: پشاور زلمی نے اوٹس گبسن کو ہیڈ کوچ مقرر کر دیا

    پی ایس ایل 11: پشاور زلمی نے اوٹس گبسن کو ہیڈ کوچ مقرر کر دیا

    پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 11 کے لیے پشاور زلمی نے تجربہ کار کوچ اوٹس گبسن کو ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

    پشاور زلمی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ وہ آزمودہ اسٹار اوٹس گبسن کو اپنی ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کرنے پر فخر محسوس کر رہے ہیں،بیان میں انہیں ایک ‘ثابت شدہ رہنما’ قرار دیا گیا جو چیمپئن ذہنیت کے حامل ہیں اور ٹیم کو واضح حکمت عملی، مضبوط قیادت اور واضح مقصد کے ساتھ آگے لے جانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

    فرنچائز کے مطابق اوٹس گبسن کی تقرری سے ’ییلو اسٹورم‘ کی مہم مزید مضبوط ہو گئی ہے،پشاور زلمی نے اپنے پیغام میں نئے کوچ کو خوش آمدید کہتے ہوئے انہیں ’زلمی فیملی‘ کا حصہ بننے پر خیرمقدم کیا۔

  • صوبے کے مفاد کیلئے ہر کسی کے ساتھ بیٹھوں گا، سہیل آفریدی

    صوبے کے مفاد کیلئے ہر کسی کے ساتھ بیٹھوں گا، سہیل آفریدی

    وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ کے پی کے ساتھ ہمیشہ سوتیلی ماں جیسا سلوک کیا گیا، ہر کسی نے پختونخوا کو تجربہ گاہ بنایا لیکن اب صوبے کو مزید تجربہ گاہ نہیں بننے دوں گا۔

    یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے سالانہ کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ پختونخوا میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں ہے، یہاں تعلیم، صحت یا اسپورٹس، ہر شعبے میں ٹیلنٹ موجود ہے، یہاں مواقع کے مسائل ہیں،خیبر پختونخوا کو ہمیشہ تجربہ گاہ بنایا گیا، ہر ایک نے اپنا تجربہ کیا جس کے باعث بے امنی پیدا ہوئی، میں صوبے کو مزید تجربہ گاہ نہیں بننے دوں گا، میں اپنے لیے کسی کے در پر نہیں جاؤں گا، لیکن اپنے صوبے کے مفاد کیلئے ہر کسی کے ساتھ بیٹھوں گا، چاہے کوئی مجھے کتنا ہی ناپسند ہو۔

    سہیل آفریدی کا مزید کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا کے ساتھ ہمیشہ امتیازی سلوک روا رکھا گیا، ہمیشہ سوتیلی ماں جیسا سلوک کیا گیا، بعض مائنڈ سیٹ کے لوگ نہیں چاہتے کہ خیبر پختونخوا کے لوگ ترقی کریں، وفاق نےکے پی کے 4000 ارب سے زیادہ روپے روک رکھے ہیں، یہ پیسا میں آپ کی مدد سے وفاق سے لوں گا،جامعات میں بے روزگاروں کی کھیپ تیار کی جا رہی ہیں، لیکن ہم کوشش کر رہے ہیں کہ ہمارے نوجوان روزگار کے بغیر نہ ہوں، ہم سب نے مل کر پاکستان کو عظیم ملک بنانا ہے.