Baaghi TV

Category: پشاور

  • خیبرپختونخوا حکومت نے اسمارٹ لاک ڈاؤن ختم کردیا

    خیبرپختونخوا حکومت نے اسمارٹ لاک ڈاؤن ختم کردیا

    خیبرپختونخوا میں توانائی کے بحران پر قابو پانے کے لیے نافذ کیا گیا اسمارٹ لاک ڈاؤن ختم کردیا گیا ہے، جس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔

    ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی کے بعد پیدا ہونے والی توانائی صورتحال کے پیش نظر جو پابندیاں لگائی گئی تھیں، وہ اب ختم کردی گئی ہیں اسمارٹ لاک ڈاؤن کے دوران مارکیٹیں، دکانیں اور تجارتی مراکز رات 8 بجے بند کرنے جبکہ شادی ہالز کو رات 10 بجے تک بند کرنے کی ہدایات دی گئی تھیں، تاہم خیبرپختونخوا حکومت نے یہ نظام عارضی طور پر نافذ کیا تھا۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ روز گورنر خیبرپختونخوا نے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی سے رابطہ کر کے اسمارٹ لاک ڈاؤن ختم کرنے کی سفارش کی تھی،صوبائی حکومت نے کاروباری سرگرمیوں اور مارکیٹوں کے اوقات کار سے متعلق تمام پابندیاں فوری طور پر معطل کرتے ہوئے انہیں تاحکم ثانی ختم کردیا ہے۔

    حکومت کی جانب سے شہریوں، تاجروں، مارکیٹ مالکان، پلازہ مالکان، شادی ہالز، ریسٹورنٹس، صنعتکاروں اور سرکاری دفاتر سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ بجلی کی بچت کے اقدامات جاری رکھیں اس کے ساتھ غیر ضروری اور آرائشی لائٹنگ کے استعمال سے گریز، ائیرکنڈیشنرز کا محتاط استعمال اور بجلی کے غیر ضروری استعمال سے بچنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔

  • مولانا شیخ ادریس قتل کیس،7 ملزمان گرفتار

    مولانا شیخ ادریس قتل کیس،7 ملزمان گرفتار

    چارسدہ میں چند روز قبل قاتلانہ حملے میں شہید ہونے والے جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے سابق رکن اسمبلی مولانا شیخ ادریس قتل کیس میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں قانون نافذ کرنے والے اداروں نے کارروائی کرتے ہوئے 7 اہم ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔

    تفتیشی حکام کے مطابق گرفتار کیے گئے مبینہ ملزمان کو مردان ریجن سے حراست میں لیا گیا، جن سے مختلف پہلوؤں پر تفتیش جاری ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کے محرکات اور ممکنہ سہولت کاروں تک رسائی کے لیے تحقیقات کا دائرہ مزید وسیع کر دیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق پشاور، چارسدہ اور نوشہرہ کے مختلف علاقوں میں جیوفینسنگ کا عمل بھی جاری ہے تاکہ حملے میں ملوث افراد کی نقل و حرکت اور رابطوں کا سراغ لگایا جا سکے۔ اس کے علاوہ ایک مبینہ ٹارگٹ کلر کے چارسدہ سے فرار ہونے کی ویڈیو بھی قانون نافذ کرنے والے اداروں کے زیرِ جائزہ ہے۔تفتیشی حکام نے بتایا کہ سی سی ٹی وی فوٹیجز میں مبینہ ٹارگٹ کلر کو پشاور کے علاقے چمکنی اور کوہاٹ روڈ پر دیکھا گیا۔ تحقیقات کے مطابق ملزم واردات کے روز صبح تقریباً ساڑھے پانچ بجے موٹرسائیکل پر چمکنی سے سروس روڈ کے ذریعے چارسدہ پہنچا تھا۔حکام کا کہنا ہے کہ کیس کی تحقیقات میں سیف سٹی ٹیم اور دیگر تفتیشی یونٹس بھی معاونت فراہم کر رہے ہیں، جبکہ جدید ٹیکنالوجی اور سی سی ٹی وی شواہد کی مدد سے ملزمان کے نیٹ ورک تک رسائی کی کوششیں جاری ہیں۔

    واضح رہے کہ 5 مئی کو چارسدہ میں نامعلوم دہشت گردوں نے معروف عالم دین اور جے یو آئی کے سابق رکن اسمبلی مولانا شیخ ادریس کو فائرنگ کر کے شہید کر دیا تھا، جس کے بعد علاقے میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔

  • خیبر گرلز میڈیکل کالج پشاور، ٹیلر ماسٹر کی بیٹی کا 17 گولڈ میڈل حاصل کرنے کا ریکارڈ

    خیبر گرلز میڈیکل کالج پشاور، ٹیلر ماسٹر کی بیٹی کا 17 گولڈ میڈل حاصل کرنے کا ریکارڈ

    پشاور: خیبر گرلز میڈیکل کالج کی ذہین طالبہ قندیل مرتضیٰ نے 17 گولڈ میڈلز حاصل کر کے شاندار ریکارڈ قائم کر دیا، جس پر کانووکیشن ہال تالیوں سے گونج اُٹھا۔

    غیر معمولی صلاحیتوں کی حامل طالبہ قندیل مرتضیٰ کا تعلق ہری پور سے ہے اور وہ ایک ٹیلر ماسٹر کی بیٹی ہیں۔ ان کی یہ کامیابی نہ صرف ان کے خاندان بلکہ پورے علاقے کے لیے باعثِ فخر بن گئی ہے۔کانووکیشن تقریب میں قندیل مرتضیٰ کے بعد مقدس نے 10 گولڈ میڈلز حاصل کر کے دوسری جبکہ سبین نے 7 گولڈ میڈلز کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی۔

    سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ جیسے ہی قندیل مرتضیٰ کا نام اسٹیج پر پکارا گیا تو حاضرین نے بھرپور تالیاں بجا کر ان کا استقبال کیا۔ بعد ازاں وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے انہیں گولڈ میڈلز پہنائے تو ہال ایک بار پھر داد و تحسین سے گونج اُٹھا۔تقریب کے دوران قندیل مرتضیٰ کے والدین کو بھی اسٹیج پر مدعو کیا گیا، جہاں شرکاء نے ان کی جدوجہد اور بیٹی کی کامیابی کو خوب سراہا۔سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے بھی قندیل مرتضیٰ کی اس شاندار کامیابی کو بے حد پسند کیا جا رہا ہے، جبکہ صارفین انہیں نوجوانوں کے لیے ایک مثالی شخصیت قرار دے رہے ہیں۔

  • بنوں،خود کش حملے کے شہدا کی نمازجنازہ ادا،وزیراعظم کا وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سے رابطہ

    بنوں،خود کش حملے کے شہدا کی نمازجنازہ ادا،وزیراعظم کا وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سے رابطہ

    وزیر اعظم شہباز شریف نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں خیبر پختونخوا حکومت کو ہر ممکن معاونت فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔

    وزیراعظم شہباز شریف نے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی سے ٹیلیفونک رابطہ کیا جس میں انہوں نے گزشتہ روز بنوں میں پولیس چوکی پر ہونے والے دہشتگرد حملے کی شدید مذمت کی، وزیراعظم نے شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کے درجات کی بلندی کی دعا کی اور ساتھ ہی شہدا کے اہلخانہ سے اظہار تعزیت بھی کیا،وزیراعظم
    شہباز شریف نے کہا کہ ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پر عزم ہیں، دہشتگردی کے خلاف صوبائی حکومت کو ہر ممکن معاونت فراہم کریں گے۔

    دوسری جانب وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے بھی واقعے کی مذمت کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی،وزیر اعلیٰ نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ صرف خیبرپختونخوا کی نہیں بلکہ پورے ملک کی جنگ ہے، دہشتگردی سے متاثرہ ہر خاندان کے ساتھ خیبر پختونخوا حکومت کھڑی ہے۔

    صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے شہدا کے خاندانوں کو صبر کی تلقین کی اور شہدا کی مغفرت اور درجات کی بلندی کی دعا کی۔صدرِ مملکت نےواقعے میں مقامی افراد کے گھروں کو پہنچنے والے نقصان پر اظہارِ افسوس کیا،صدرِ مملکت نے صوبے اور وفاق کو زخمیوں اور متاثرین کی ہر ممکن مدد کی ہدایت کی اور کہا کہ دہشتگرد عناصر کے ناپاک عزائم ناکام بنائے جائیں گے، قوم فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے،امن کیلئے کوشاں پاکستان کو بھارتی پشت پناہی پر پلنے والے دہشتگرد طالبان رجیم کی پناہ گاہوں سے نشانہ بنا رہے ہیں،پاکستان عالمی امن کی کوششوں میں بھی کامیاب ہوگا اور ہم دہشتگردوں اور ان کے سرپرستوں کو بھی شکست دیں گے،ہم دہشتگردوں کوہی نہیں بلکہ ان کے سہولت کاروں اور سرپرستوں کو بھی نشانہ بنائیں گے.

    علاوہ ازیں گورنر کے پی فیصل کریم کنڈی کا واقعے پر کہنا تھا کہ دہشتگرد صوبے کے امن اور انسانیت کے دشمن ہیں، خیبرپختونخوا پولیس بہادری سے دہشتگردوں کا مقابلہ کر رہی ہے۔

    دوسری جانب بنوں کے علاقے فتح خیل میں شہید ہونے والے اہلکاروں کی نمازِ جنازہ بنوں پولیس لائن میں سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کی گئی۔ نمازِ جنازہ میں اعلیٰ حکام، پولیس افسران، اہلکاروں اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ .

  • بنوں، تھانے کے قریب خود کش حملہ،13 شہید ،6 زخمی

    بنوں، تھانے کے قریب خود کش حملہ،13 شہید ،6 زخمی

    ضلع بنوں میں خودکش حملے کے نتیجے میں 13 پولیس اہلکاروں اور شہریوں کی شہادت جبکہ 6 افراد زخمی ہونے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔

    واقعہ 9 مئی 2026 کو فتحہ خیل پولیس اسٹیشن کے قریب پیش آیا، جہاں سیکیورٹی اہلکاروں نے ایک مشکوک گاڑی کو روکنے کی کوشش کی۔رپورٹس کے مطابق مشتبہ گاڑی گنجان آباد شہری علاقے کی جانب بڑھ رہی تھی کہ پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے اسے فتحہ خیل پولیس اسٹیشن کے قریب روک لیا۔ پولیس کی جانب سے تلاشی اور پوچھ گچھ کے دوران گاڑی میں موجود خودکش حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا، جس کے نتیجے میں زور دار دھماکہ ہوا۔دھماکے کی شدت اس قدر زیادہ تھی کہ فتحہ خیل پولیس اسٹیشن کی چھت منہدم ہوگئی جبکہ اطراف میں موجود متعدد رہائشی مکانات کو بھی شدید نقصان پہنچا۔ ملبے تلے دب کر اور دھماکے کے باعث مجموعی طور پر 13 افراد شہید ہوئے جن میں پولیس اہلکار اور شہری شامل ہیں۔

    واقعے میں 6 افراد زخمی بھی ہوئے، جن میں تین سویلین شہری شامل بتائے جا رہے ہیں۔ زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔سیکیورٹی ذرائع کے مطابق حالیہ کامیاب کارروائیوں کے بعد شدت پسند عناصر شدید دباؤ کا شکار ہیں اور اب نرم اہداف اور عام شہریوں کو نشانہ بنا رہے ہیں۔دوسری جانب واقعے کے بعد بنوں کے عوام میں شدید غم و غصہ پایا جا رہا ہے۔ شہریوں نے حملے کی سخت مذمت کرتے ہوئے سیکیورٹی فورسز سے مطالبہ کیا ہے کہ دہشت گرد عناصر کے خلاف مزید سخت اور فیصلہ کن کارروائیاں کی جائیں تاکہ علاقے میں امن و امان کو یقینی بنایا جا سکے۔

  • پنجاب سے گندم کی ترسیل میں رکاوٹ، خیبرپختونخوا میں آٹے کی قیمتیں پھر بڑھ گئیں

    پنجاب سے گندم کی ترسیل میں رکاوٹ، خیبرپختونخوا میں آٹے کی قیمتیں پھر بڑھ گئیں

    خیبرپختونخوا میں پنجاب سے گندم اور آٹے کی بین الصوبائی ترسیل میں رکاوٹوں کے باعث آٹے کی قیمتوں میں ایک بار پھر نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس سے شہریوں خصوصاً کم آمدن والے طبقے کی مشکلات میں اضافہ ہوگیا ہے۔

    فلور ملز انڈسٹری کے مطابق خیبرپختونخوا کی گندم کی ضروریات کا بڑا حصہ پنجاب سے آنے والی سپلائی پر مشتمل ہے۔ صوبے میں سالانہ تقریباً 12 لاکھ میٹرک ٹن گندم پیدا ہوتی ہے، جبکہ مجموعی ضرورت 52 لاکھ میٹرک ٹن ہے۔ اس طرح صوبے کو ہر سال تقریباً 40 لاکھ میٹرک ٹن گندم کی کمی کا سامنا رہتا ہے، جسے پنجاب سے گندم اور آٹا خرید کر پورا کیا جاتا ہے۔فلور ملز ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ پنجاب سے سپلائی متاثر ہونے کے باعث ملز مالکان کو مہنگے داموں گندم خریدنا پڑ رہی ہے، جس کے اثرات براہ راست آٹے کی قیمتوں پر پڑ رہے ہیں۔

    اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ ایک ہفتے کے دوران 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 2200 روپے سے بڑھ کر 2400 روپے تک پہنچ گئی ہے۔ تاجروں اور صارفین کا کہنا ہے کہ قیمتوں میں مسلسل اضافے نے گھریلو بجٹ کو شدید متاثر کیا ہے۔

    دوسری جانب خیبرپختونخوا حکومت نے صورتحال سے نمٹنے کے لیے 2 لاکھ 25 ہزار میٹرک ٹن گندم خریدنے کی منظوری دے دی ہے اور اس مقصد کے لیے فنڈز بھی جاری کردیے گئے ہیں۔صوبائی حکومت نے وفاقی حکومت اور پنجاب حکومت کو خطوط ارسال کیے ہیں جن میں گندم کی بین الصوبائی ترسیل پر عائد پابندی کو غیر آئینی قرار دیتے ہوئے فوری طور پر پابندی ختم کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔معاشی ماہرین کے مطابق اگر گندم کی سپلائی بحال نہ ہوئی تو آنے والے دنوں میں آٹے سمیت دیگر اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہوسکتا ہے، جس سے مہنگائی کا دباؤ مزید بڑھنے کا خدشہ ہے۔

  • خیبرپختونخوا :محکمہ تعلیم میں پبلک سروس کمیشن کے ذریعے جعلی بھرتیوں کا انکشاف

    خیبرپختونخوا :محکمہ تعلیم میں پبلک سروس کمیشن کے ذریعے جعلی بھرتیوں کا انکشاف

    خیبرپختونخوا کے محکمہ تعلیم میں خیبرپختونخوا پبلک سروس کمیشن کے ذریعے بڑے پیمانے پر جعلی اساتذہ کی بھرتیوں کا انکشاف ہوا ہے۔

    سرکاری دستاویزات کے مطابق محکمہ تعلیم نے 2012 میں عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے دور حکومت کے آخری سال میں بھرتی ہونے والے 436 اساتذہ کے خلاف باقاعدہ انکوائری شروع کر دی ہے ان جعلی بھرتیوں کا انکشاف اس وقت ہوا جب محکمہ تعلیم میں اساتذہ کی سینیارٹی لسٹ تیار کی جا رہی تھی۔

    تحقیقات کے دوران معلوم ہوا کہ پبلک سروس کمیشن کی جانب سے فراہم کردہ اصل فہرست میں مبینہ طور پر ردو بدل کر کے اصل امیدواروں کی جگہ دوسرے افراد کو بھرتی کیا گیا اس مشکوک صورتحال کے پیش نظر محکمہ تعلیم نے ان اساتذہ کی پروموشن روک دی ہے اور معاملے کی گہرائی تک پہنچنے کے لیے ایک 4 رکنی اعلیٰ سطح کی تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ پبلک سروس کمیشن کی سفارشاتی فہرست میں شامل اصل امیدوار 14 سال سے اپنے تقرر ناموں کے انتظار میں تھے، جنہیں اب معلو م ہوا ہے کہ ان کی جگہ کوئی اور ملازمت کر رہا ہے اس بڑے اسکینڈل پر پبلک سروس کمیشن، موجودہ صوبائی وزیر تعلیم اور اے این پی دور کے سابق وزیر تعلیم سردار حسین بابک نے تاحال خاموشی اختیار کر رکھی ہے اور کوئی موقف دینے سے گریز کیا ہے۔

  • عمران خان حکم کریں تو پورا پاکستان بند کردیں گے، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا

    عمران خان حکم کریں تو پورا پاکستان بند کردیں گے، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا

    وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ بیرسٹر سلمان صفدر کے ذریعے عمران خان کو پیغام بھیجا کہ میں بھی تیار ہوں اور قوم بھی تیار ہے ، حکم کریں تو پورا پاکستان بند کر دیں، میرا لیڈر عمران خان ہے میں اس کے ہر حکم کی تعمیل کروں گا۔

    مانسہرہ میں پی ٹی آئی کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے ہزارہ ڈویژن کیلیے 200 ارب روپے کے جامع ترقیاتی پیکج کا اعلان کیا،200 ارب روپے میں سے 50 ارب روپے صرف سیاحتی منصوبوں پر خرچ ہونگے جبکہ مانسہرہ میں میڈیکل کالج ، نرسنگ کالج، ٹراما سینٹر کا قیام بھی عمل میں لایا جائے گا تناول فیڈر کے قیام اور 15 کلومیٹر اوگی روڈ کی تعمیر جبکہ تناول اور دربند تحصیلوں کو بھی بہت جلد مکمل فعال کرنے کا اعلان بھی کیا۔

    سہیل آفریدی نے کہا کہ کل شیخ ادریس صاحب کو شہید کیا گیا، اس سے قبل بھی قیمتی لوگوں کو شہید کیا گیا، جب ہم دہشت گردی کے خلاف آواز بلند کرتے تھے تو کہا جاتا یہ جھوٹ بول رہے ہیں، جب معصوم لوگ شہید ہونا شروع ہوگئے تو اب کہتے ہیں آپریشنز کریں گےخیبر پختونخوا کو لیبارٹری سمجھ کر تجربات کیے جا رہے ہیں، اس کا نقصان غریب عوام کو ہو رہا ہے-

    سہیل آفریدی نے کہا کہ 180 نشستیں جیتنے والے شخص کو قید کیا گیا، 17 نشستیں جیتنے والوں کو ہم پر مسلط کیا گیا، جب تک ہم اپنے حق کے لیے کھڑے نہیں ہوں گے تب تک ہم ہر ظلم و جبر کرتے رہیں گے ہم نے متحد ہوکر اپنے حقوق کی جنگ لڑنی ہے، ہم نے عمران خان کے نظریے پر اپنی جانیں قربان کی ہیں ، ان کو تکلیف میں دیکھ کر درد ہوتا ہے بیرسٹر سلمان صفدر کے ذریعے عمران خان کو پیغام بھیجا کہ میں بھی تیار ہوں اور قوم بھی تیار ہے ، حکم کر یں تو پورا پاکستان بند کر دیں، میرا لیڈر عمران خان ہے میں اس کے ہر حکم کی تعمیل کروں گا۔

    سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ عمران خان کے حکم کے بغیر نہ کسی کی بات سنوں گا اور نہ مانوں گا، جب میری نامزدگی کا اعلان ہوا تو طرح طرح کے الزامات لگائے گئے لیکن میں ڈٹا رہا، جب ناکام ہوئے تو میرے آبائی علاقے میں آپریشن کا اعلان کیا گیا میرے لوگ میرے ساتھ کھڑے ہیں، وہ جانتے ہیں ان کے ووٹ پر کس نے ڈاکہ ڈالا، جزیرے کون خریدتا ہے، میں اپنے لیڈر اور لیڈر کی پارٹی کو کبھی نقصان نہیں پہنچاؤں گا، تمام آئینی وقانونی راستے عمران خان سے ملاقات کے لیے استعمال کر چکے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان اور ان کی اہلیہ کا ذاتی معالجین و فیملی کی موجودگی میں علاج نہیں کرایا جا رہا، جب سارے رستے بند کر دیئے جائیں ، دیوار سے لگایا جائے ، تو ہمارے پاس صرف احتجاج کا راستہ بچتا ہےہم نے ایک دوسرے کی طاقت بن کر کندھے سے کندھا ملا کر انہیں شکست دینی ہے، ایلیٹ مافیا کبھی بھی نہیں چاہے گا مڈل کلاس آگے آئے، عمران خان نے پہلی دفعہ ایک مڈل کلاس لڑکے کو وزارت اعلیٰ کی کرسی پر بٹھایا ہےآپ سے وعدہ کرتا ہوں عمران خان اور عوام کے اعتماد کو ٹھیس نہیں پہنچاؤں گا۔

  • پشاور میں امریکی قونصل خانے کی مرحلہ وار بندش کا اعلان

    پشاور میں امریکی قونصل خانے کی مرحلہ وار بندش کا اعلان

    امریکی محکمۂ خارجہ نے پشاور میں قائم امریکی قونصل خانے کو مرحلہ وار بند کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ اس فیصلے کے تحت خیبر پختون خوا سے متعلق تمام سفارتی امور اب اسلام آباد میں قائم امریکی سفارتخانے کو منتقل کیے جائیں گے۔

    جاری کردہ بیان کے مطابق یہ اقدام سفارتی عملے کی سیکیورٹی کو یقینی بنانے اور دستیاب وسائل کے مؤثر استعمال کے پیش نظر اٹھایا گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ بدلتے ہوئے سیکیورٹی حالات اور انتظامی ضروریات کے باعث یہ فیصلہ ناگزیر ہو گیا تھا۔بیان میں واضح کیا گیا ہے کہ قونصل خانے کی بندش کے باوجود پاکستان کے حوالے سے امریکی پالیسی ترجیحات میں کوئی تبدیلی نہیں آئے گی۔ امریکا خیبر پختون خوا کے عوام اور مقامی حکام کے ساتھ اپنے روابط برقرار رکھے گا تاکہ معاشی تعاون اور ترقیاتی سرگرمیوں کو فروغ دیا جا سکے۔مزید برآں، امریکی محکمۂ خارجہ نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ علاقائی سلامتی کے فروغ اور امریکی مفادات کے تحفظ کے لیے خیبر پختون خوا میں عوامی و سرکاری سطح پر رابطے جاری رکھے جائیں گے۔

  • ضلع خیبر، نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے سرکاری اسکول ٹیچر جاں بحق

    ضلع خیبر، نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے سرکاری اسکول ٹیچر جاں بحق

    ضلع خیبر کے علاقے برقمبر خیل میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے ایک سرکاری اسکول ٹیچر جاں بحق ہوگئے، واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر وقار احمد نے بتایا کہ مقتول مسافر شاہ جیسے ہی گورنمنٹ ہائی اسکول جان خان کلے پہنچے تو گھات لگائے نامعلوم حملہ آوروں نے اسکول کے مرکزی گیٹ پر ان پر اندھا دھند فائرنگ کردی۔ شدید فائرنگ کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی دم توڑ گئے۔پولیس حکام کے مطابق حملہ آور واردات کے فوراً بعد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی، علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کیے گئے جبکہ لاش کو قانونی کارروائی کے لیے قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا۔

    ڈی پی او وقار احمد نے مزید بتایا کہ مقتول مسافر شاہ گورنمنٹ ہائی اسکول جان خان کلے میں ایس ایس ٹی (سیکنڈری سکول ٹیچر) کے عہدے پر خدمات انجام دے رہے تھے۔ ابتدائی طور پر واقعے کی وجوہات سامنے نہیں آسکیں، تاہم پولیس مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کر رہی ہے۔پولیس نے ملزمان کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیا ہے جبکہ واقعے کے بعد تعلیمی حلقوں اور مقامی آبادی میں شدید تشویش پائی جاتی ہے۔