سیالکوٹ،مدثر رتو سے، آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے دوسرے مرحلے کے انتخابات کے سلسلے میں حلقہ LA-36 جموں 3 میں 2 اگست کو پولنگ ہوگی، جس کے لیے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق پولنگ کا عمل صبح 8 بجے شروع ہوگا اور بغیر کسی وقفے کے شام 5 بجے تک جاری رہے گا۔حلقہ LA-36 جموں 3 میں مجموعی طور پر 13 امیدوار انتخابی میدان میں ہیں، جبکہ رجسٹرڈ ووٹرز کی کل تعداد 99 ہزار 772 ہے۔ ان میں 57 ہزار 857 مرد اور 41 ہزار 915 خواتین ووٹرز شامل ہیں۔انتخابی عمل کے لیے حلقے میں مجموعی طور پر 140 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں، جن میں 17 مردانہ، 17 خواتین اور 106 مشترکہ پولنگ اسٹیشن شامل ہیں۔ اس کے علاوہ ووٹنگ کے لیے مجموعی طور پر 265 پولنگ بوتھ قائم کیے گئے ہیں۔سیاسی حلقوں کے مطابق اس نشست پر مسلم لیگ (ن) کے امیدوار محمد حسن رضا اور پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار احسن اسماعیل کے درمیان سخت اور کانٹے دار مقابلے کی توقع کی جا رہی ہے، تاہم دیگر امیدوار بھی انتخابی دوڑ میں موجود ہیں۔
دوسری جانب ڈسٹرکٹ پولیس نے انتخابات کے پرامن انعقاد کے لیے فول پروف سکیورٹی پلان ترتیب دیا ہے۔ پولیس حکام کے مطابق امن و امان برقرار رکھنے کے لیے 1,900 سے زائد پولیس اہلکار، افسران اور ایلیٹ فورس کے جوان ڈیوٹی انجام دیں گے تاکہ پولنگ کا عمل شفاف، محفوظ اور پرامن ماحول میں مکمل ہو سکے۔
