Baaghi TV

Category: سیالکوٹ

  • سیالکوٹ: 50 کروڑ سے زائد مالیت کی ترقیاتی اسکیموں کی منظوری

    سیالکوٹ: 50 کروڑ سے زائد مالیت کی ترقیاتی اسکیموں کی منظوری

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی، سٹی رپورٹر مدثر رتو)ڈپٹی کمشنر صبا اصغر علی کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ کمیٹی (DDC) سیالکوٹ کا اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں سالانہ ترقیاتی پروگرام 2025-2026 کے تحت 50 کروڑ 77 لاکھ روپے مالیت کی ترقیاتی اسکیموں کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں لوکل گورنمنٹ، پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ، فنانس، ہائی ویز اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران شریک ہوئے۔

    اجلاس میں مجموعی طور پر 13 ترقیاتی اسکیموں کا جائزہ لیا گیا، جن میں سے 8 اسکیموں کو منظور کیا گیا۔ ان میں لوکل گورنمنٹ اینڈ کمیونٹی ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کی 7 اور ہائی ویز ڈویژن سیالکوٹ کی 1 اسکیم شامل ہے۔ ان اسکیموں کا مقصد شہری و دیہی علاقوں میں سڑکوں کی تعمیر و مرمت، نکاسی آب کے نظام کی بہتری، اور کمیونٹی فلاحی منصوبوں کی تکمیل ہے۔

    ڈپٹی کمشنر صبا اصغر علی نے اس موقع پر ہدایت دی کہ ترقیاتی منصوبوں میں معیار اور شفافیت کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ تمام متعلقہ محکمے منصوبوں پر بروقت عملدرآمد کے لیے مکمل تیاری کریں تاکہ عوام کو جلد از جلد ان کے ثمرات میسر آ سکیں۔

  • سیالکوٹ: پنجاب کسان کارڈ فیز ٹو میں 13 ہزار سے زائد درخواستیں موصول، قرض کی حد 10 ایکڑ تک کر دی گئی

    سیالکوٹ: پنجاب کسان کارڈ فیز ٹو میں 13 ہزار سے زائد درخواستیں موصول، قرض کی حد 10 ایکڑ تک کر دی گئی

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی، سٹی رپورٹر مدثر رتو)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر قیادت جاری پنجاب کسان کارڈ اسکیم کے فیز ٹو کے لیے ضلع سیالکوٹ میں اب تک 13 ہزار 444 آن لائن درخواستیں موصول ہو چکی ہیں، جبکہ 217 کسانوں نے مینول طریقے سے اسکیم میں شمولیت کے لیے درخواست دی ہے۔ یہ اعداد و شمار ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت (توسیع) سیالکوٹ سجاد حیدر نے ایک اہم اجلاس میں فراہم کیے۔

    سجاد حیدر نے بتایا کہ فیز ون کے اختتام تک جون 2024 تک ضلع سیالکوٹ میں 9,841 کسانوں کو کسان کارڈز جاری کیے گئے تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ رواں برس اسکیم میں بڑی تبدیلی کرتے ہوئے بلا سود قرض کی حد پانچ ایکڑ سے بڑھا کر 10 ایکڑ تک کر دی گئی ہے، جس کے تحت فی ایکڑ 30 ہزار روپے کی سہولت دی جا رہی ہے۔

    ڈپٹی ڈائریکٹر کے مطابق، فیز ٹو کے آغاز ہی سے کسانوں کی بڑھتی دلچسپی اس بات کا ثبوت ہے کہ کسان اس اسکیم پر بھرپور اعتماد کرتے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ گزشتہ برس کسان کارڈ کے ذریعے بلا سود قرض حاصل کرنے والے 95 فیصد کاشتکاروں نے اپنی رقم واپس ادا کر دی ہے، جس کے بعد اب وہ فیز ٹو میں دوبارہ اس سہولت سے فائدہ اٹھانے کے اہل ہیں۔

    انہوں نے وضاحت کی کہ کسان کارڈ کے ذریعے حاصل کردہ قرض کی تقسیم کچھ یوں ہو گی.30 فیصد رقم کسان کو نقد صورت میں دی جائے گی،20 فیصد رقم ڈیزل کے حصول کے لیے مختص ہو گی.باقی 50 فیصد رقم سے کسان مقرر کردہ ڈیلرز سے کھاد، بیج اور زرعی ادویات خرید سکیں گے۔

    سجاد حیدر نے کسانوں کو ہدایت کی کہ وہ اس سہولت سے بھرپور فائدہ اٹھائیں اور مقررہ مدت میں درخواست جمع کروائیں تاکہ حکومت کی جانب سے دی جانے والی یہ اہم مالی امداد زراعت کی بہتری اور فصلوں کی پیداوار میں اضافہ کا باعث بنے۔

    یہ اسکیم نہ صرف کسانوں کو معاشی استحکام فراہم کر رہی ہے بلکہ زرعی معیشت کی بحالی میں بھی اہم کردار ادا کر رہی ہے۔

  • سیالکوٹ: ممکنہ طوفانی بارشیں، ضلعی ادارے الرٹ، خطرناک عمارتوں کی نگرانی کا حکم

    سیالکوٹ: ممکنہ طوفانی بارشیں، ضلعی ادارے الرٹ، خطرناک عمارتوں کی نگرانی کا حکم

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی، سٹی رپورٹر مدثر رتو)ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ صبا اصغر علی نے مون سون کی ممکنہ شدید بارشوں کے پیش نظر تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات کی روشنی میں ضلع بھر میں پیشگی حفاظتی اقدامات کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔

    ڈپٹی کمشنر کی زیر صدارت ڈی سی آفس کمیٹی روم میں ڈسٹرکٹ ایمرجنسی بورڈ اور ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کا مشترکہ اجلاس منعقد ہوا جس میں تمام متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔

    صبا اصغر علی نے ہدایت کی کہ ضلعی انتظامیہ، پولیس، ریسکیو 1122 اور تمام ادارے ہمہ وقت تیار رہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری اور مؤثر ردعمل دیا جا سکے۔ انہوں نے خستہ حال عمارتوں کی نشاندہی، نشیبی علاقوں میں خصوصی حفاظتی اقدامات اور ضلعی سطح پر مؤثر نگرانی کے نظام کو فعال رکھنے کی ہدایت بھی دی۔

    ڈپٹی کمشنر نے تمام ڈسپوزل اسٹیشنز کو مکمل فعال رکھنے، ایمرجنسی رین کیمپس کے لیے ڈیوٹی روسٹر جاری کرنے اور مشینری کی بروقت دستیابی یقینی بنانے کی ہدایات جاری کیں۔

    عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ تالابوں، نہروں اور ندی نالوں کے قریب جانے سے گریز کریں اور بارش کے پانی میں نہانے سے پرہیز کریں تاکہ کسی بھی قسم کے جانی نقصان سے بچا جا سکے۔ ضلعی کنٹرول روم سیالکوٹ کو 24 گھنٹے فعال کر دیا گیا ہے، کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں شہری 1718 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔

    آخر میں ڈپٹی کمشنر نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو اداروں سے بھرپور تعاون کریں اور سرکاری ہدایات پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں تاکہ قیمتی جان و مال کا تحفظ ممکن بنایا جا سکے۔

  • سیالکوٹ: ڈسکہ میں منی پٹرول پمپ کی بھرمار، اسسٹنٹ کمشنر کی کارروائیاں سوالیہ نشان؟

    سیالکوٹ: ڈسکہ میں منی پٹرول پمپ کی بھرمار، اسسٹنٹ کمشنر کی کارروائیاں سوالیہ نشان؟

    سیالکوٹ (بیوروچیف خرم میر) ڈسکہ میں اسسٹنٹ کمشنر کی جانب سے غیر قانونی منی پٹرول پمپس کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے متعدد غیر قانونی سٹینڈز کو سیل کیا گیا اور بھاری جرمانے بھی عائد کیے گئے۔ تاہم شہری حلقوں کی جانب سے سوال اٹھایا جا رہا ہے کہ یہ کارروائی کہاں کی گئی؟ کیونکہ ڈسکہ شہر میں تاحال متعدد مقامات پر پورے اختیارات کے ساتھ غیر قانونی طور پر منی پٹرول پمپس کام کر رہے ہیں۔

    زیر نظر تصویر سمبڑیال روڈ کی ہے جہاں چوک کے عین وسط میں کئی مہینوں سے یہ خطرناک اور غیر قانونی کاروبار زور و شور سے جاری ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ ہر بار وقتی کارروائی کے بعد یہ پمپس بند تو کر دیے جاتے ہیں، مگر چند دنوں بعد دوبارہ کھل جاتے ہیں جیسے انہیں کسی ’’پوشیدہ ہاتھ‘‘ کی پشت پناہی حاصل ہو۔

    شہریوں نے اسسٹنٹ کمشنر ڈسکہ سے اپیل کی ہے کہ اگر کسی قسم کی سیاسی یا بااثر سفارشات رکاوٹ نہیں تو برائے مہربانی شہر کے اندر موجود ان غیر قانونی منی پٹرول پمپس کے خلاف مؤثر اور مستقل کارروائی کی جائے تاکہ کسی بڑے حادثے سے بچا جا سکے۔

    عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ یہ چلتے پھرتے منی پٹرول بم ہیں جو کسی بھی لمحے دھماکہ خیز سانحے کا باعث بن سکتے ہیں۔ شہریوں کی قیمتی جانیں داؤ پر لگی ہیں، اس لیے وقتی اقدامات کی بجائے مکمل اور مربوط حکمت عملی کی اشد ضرورت ہے۔

  • سیالکوٹ: لیبر افسران کی خدمات کے اعتراف میں پروقار تقریب، یادگاری شیلڈز اور ظہرانہ پیش

    سیالکوٹ: لیبر افسران کی خدمات کے اعتراف میں پروقار تقریب، یادگاری شیلڈز اور ظہرانہ پیش

    سیالکوٹ (بیورچیف خرم میر)آل محنت کش لیبر فیڈریشن سیالکوٹ کے زیر اہتمام لیبر افسران کی اعلیٰ کارکردگی اور خدمات کے اعتراف میں ایک پر وقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جو سرجیکل انسٹرومنٹس مینوفیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن (سیماپ) کے آڈیٹوریم میں منعقد ہوئی۔

    تقریب کی صدارت صدر آل محنت کش لیبر فیڈریشن سیالکوٹ نیاز احمد ناجی نے کی، جبکہ نظامت کے فرائض ممبر انسداد انسانی تجارت و سمگلنگ نگران کمیٹی حکومت پنجاب عبدالشکور مرزا نے انجام دیے۔

    تقریب میں ڈائریکٹر پنجاب ایمپلائز سوشل سکیورٹی انسٹی ٹیوشن سیالکوٹ/نارووال اظہر عباس گوندل، ڈپٹی ڈائریکٹر لیبر ویلفیئر ضلع سیالکوٹ محمد طیب ورک، سابق ڈائریکٹر وحید ڈار، سیکرٹری لیبر فیڈریشن میاں محمد اقبال، مزدور رہنما محمد علی بٹ، چوہدری محمد اشرف، ڈاکٹر محمد عدنان و دیگر سماجی و مزدور رہنماؤں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔

    تقریب میں افسران کی خدمات کو سراہتے ہوئے انہیں خراج تحسین پیش کیا گیا اور یادگاری شیلڈز سے نوازا گیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے اظہر عباس گوندل نے کہا کہ ورکرز کے مسائل کے حل کو ترجیح دی جائے گی، کیونکہ “ورکر ہے تو صنعت ہے، اور صنعت ہے تو ملک کی معیشت ہے”۔

    انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب میں سب سے زیادہ ریونیو جمع کرانے والے ادارے کو سہولیات بھی اسی نسبت سے ملنی چاہئیں، اور ہم اس مقصد کے لیے کوشاں ہیں۔

    تقریب میں وحید ڈار کی ریٹائرمنٹ پر انہیں خصوصی طور پر الوداعی پارٹی دی گئی اور ان کی خدمات پر بھرپور انداز میں خراج تحسین پیش کیا گیا۔

    تقریب کے اختتام پر میاں محمد اقبال کی جانب سے مہمانوں کے اعزاز میں پرتکلف ظہرانے کا اہتمام بھی کیا گیا۔

  • سیالکوٹ: ریسکیو 1122 اور روز ویلفیئر کی شجرکاری مہم

    سیالکوٹ: ریسکیو 1122 اور روز ویلفیئر کی شجرکاری مہم

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی، سٹی رپورٹر مدثر رتو)سیالکوٹ میں ریسکیو 1122 اور روز ویلفیئر آرگنائزیشن کے اشتراک سے مون سون شجرکاری مہم کا انعقاد کیا گیا۔ یہ اقدام سیکرٹری ایمرجنسی سروسز ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر رضوان نصیر کی خصوصی ہدایات کے تحت زمین کو درپیش ماحولیاتی خطرات کے سدباب اور عوامی شعور اجاگر کرنے کے لیے کیا گیا۔

    شجرکاری مہم کی قیادت ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر نوید اقبال نے کی۔ ان کے ہمراہ کلین گرین پاکستان کے ایوارڈ یافتہ قومی چیمپئن و روز ویلفیئر کے صدر اشفاق نذر، سماجی رہنما مرزا عبدالشکور، عبدالجلیل (چاچا کرکٹ)، میاں سرفراز نواز، پیر غلام حسین سلطانی، میاں شمیل، چوہدری آفاق، ملک زاہد حسین، اظہر اقبال مغل، محمد زاہد، چوہدری موسیٰ اشفاق، محمد وسیم عطاری، حافظ محمد سلیم، محمد رمضان سمیت مختلف سماجی و سیاسی شخصیات، ریسکیورز اور کمیونٹی ممبران شریک ہوئے۔ پسرور روڈ پر گرین بیلٹ میں شجرکاری کی گئی۔

    اس موقع پر ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر نے کہا کہ عوام ایسے تمام اعمال سے گریز کریں جو فضائی یا زمینی آلودگی کا باعث بنتے ہیں، جیسے پلاسٹک اشیاء کو جلانا، پانی کا ضیاع، فصلوں کی باقیات کو آگ لگانا اور فیکٹریوں کا زہریلا دھواں چھوڑنا۔ ان کا کہنا تھا کہ شجرکاری ہی وہ واحد ذریعہ ہے جس سے ہم اپنے ماحول کو خوشگوار اور صحت مند بنا سکتے ہیں۔

    اشفاق نذر نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ روز ویلفیئر آرگنائزیشن ماحولیاتی بہتری کے ہر اقدام میں شریک رہے گی اور ملک کو آلودگی سے پاک کرنے میں اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی۔

  • سیالکوٹ: ریجنل ایمرجنسی آفیسر کا دورہ، ریسکیورز کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار

    سیالکوٹ: ریجنل ایمرجنسی آفیسر کا دورہ، ریسکیورز کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی، سٹی رپورٹر مدثر رتو) ریجنل ایمرجنسی آفیسر گوجرانوالہ سید کمال عابد نے سیالکوٹ کا خصوصی دورہ کرتے ہوئے ریسکیو 1122 کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر ایڈمنسٹریٹر نے سینٹرل ریسکیو اسٹیشن پر موجود مارننگ اور ایوننگ شفٹ کی پریڈ، فائر اور میڈیکل ڈرلز، ریسکیو وہیکلز، موٹر سائیکل ایمبولینسز اور اسٹور کا معائنہ کیا۔

    ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر نوید اقبال نے اسٹیشن اور ریسکیورز کی کارکردگی سے متعلق بریفنگ دی، جس پر ریجنل آفیسر نے اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے ریسکیورز کی ظاہری حالت، جسمانی فٹنس اور آپریشنل صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے انہیں ہدایت کی کہ ہر شفٹ میں باقاعدگی سے مشق کریں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری اور مؤثر امداد ممکن بنائی جا سکے۔

    ریجنل آفیسر نے ریسکیو کنٹرول روم کا بھی دورہ کیا، ایمرجنسی کالز سنیں اور EMDS سسٹم کا جائزہ لیا۔ انہوں نے ریکارڈ کی باقاعدہ اپ ڈیٹ رکھنے اور ہر سطح پر تیاری برقرار رکھنے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ ریسکیو ادارہ عوام کی خدمت اور جان و مال کے تحفظ کا اہم فریضہ انجام دے رہا ہے، جسے مزید بہتر بنانے کی مسلسل ضرورت ہے۔

  • سیالکوٹ: بارش کے باعث کچے مکان کی چھت گرنے سے تین کمسن بہنیں زخمی

    سیالکوٹ: بارش کے باعث کچے مکان کی چھت گرنے سے تین کمسن بہنیں زخمی

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی،بیوروچیف خرم میر)تحصیل پسرور کے گاؤں پریل میں بارش کے باعث ایک کچے مکان کی چھت گرنے کا افسوسناک واقعہ پیش آیا، جس میں تین کمسن بہنیں ملبے تلے دب گئیں۔ واقعے نے علاقے میں کہرام برپا کر دیا جبکہ مقامی آبادی نے اپنی مدد آپ کے تحت فوری امدادی کارروائیاں کیں۔

    تفصیلات کے مطابق پریل گاؤں چونڈہ روڈ پسرور میں واقع ایک غریب گھرانے کے کچے مکان کی ایک کمرے کی چھت گزشتہ رات شدید بارشوں کے باعث گر گئی۔ چھت مٹی، لکڑی کے بانسوں اور گھاس پھوس سے بنی ہوئی تھی، جو بارش کا پانی جذب کر کے بھاری ہو چکی تھی اور اچانک زوردار آواز کے ساتھ منہدم ہو گئی۔

    حادثے کے وقت کمرے میں گھر کے تین کمسن بچیاں 14 سالہ نور فاطمہ، 13 سالہ ایمان فاطمہ، اور 12 سالہ عریب فاطمہ سورہی تھیں، جو ملبے تلے دب گئیں۔ واقعہ کی آواز سن کر اہلِ محلہ فوراً مدد کو پہنچے اور ہاتھوں سے ملبہ ہٹانا شروع کیا۔ اطلاع ملنے پر ریسکیو 1122 کی ٹیم موقع پر پہنچ گئی اور امدادی کارروائیوں میں حصہ لیا۔

    ریسکیو ذرائع کے مطابق 14 سالہ نور اور 12 سالہ عریب کو زخمی حالت میں نکال کر فوری طور پر علامہ اقبال میموریل ہسپتال سیالکوٹ منتقل کیا گیا، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔ 13 سالہ ایمان کو معمولی چوٹیں آئی تھیں، جسے موقع پر ہی ابتدائی طبی امداد دی گئی۔ خوش قسمتی سے تینوں بچیاں زندہ بچ گئیں، تاہم انہیں شدید جسمانی اور ذہنی صدمہ پہنچا ہے۔

    اہلِ خانہ کا کہنا ہے کہ وہ کئی ماہ سے اس چھت کی مرمت کرانے کا ارادہ رکھتے تھے لیکن مالی وسائل نہ ہونے کے باعث ایسا نہ کر سکے۔ متاثرہ خاندان نے حکومت سے فوری امداد اور کچے مکانات کی مرمت کے لیے مالی تعاون کی اپیل کی ہے۔

    علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ گاؤں پریل میں متعدد کچے گھر ایسے ہیں جن کی چھتیں پرانی اور بوسیدہ ہیں اور مون سون کی بارشوں میں کسی بھی وقت خطرناک حادثات کا باعث بن سکتی ہیں۔ انہوں نے ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر ایسے گھروں کا سروے کر کے مرمت یا امدادی اقدامات کرے۔

  • سیالکوٹ: الخدمت چلڈرنز ہسپتال کی مثالی خدمات، رکن اسمبلی منشاء بٹ کا خراجِ تحسین

    سیالکوٹ: الخدمت چلڈرنز ہسپتال کی مثالی خدمات، رکن اسمبلی منشاء بٹ کا خراجِ تحسین

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی، سٹی رپورٹر مدثر رتو)رکنِ صوبائی اسمبلی محمد منشاء اللہ بٹ نے الخدمت چلڈرنز ہسپتال، خادم علی روڈ سیالکوٹ کا دورہ کیا اور ادارے کی شاندار خدمات پر خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے اسے بچوں کی صحت کے شعبے میں ایک مثالی ادارہ قرار دیا۔

    منشاء بٹ نے کہا کہ الخدمت ہسپتال فلاحی جذبے کے تحت مستحق بچوں کو معیاری طبی سہولیات فراہم کر رہا ہے، جہاں جدید مشینری، تربیت یافتہ عملہ اور صاف ستھرا ماحول موجود ہے، جو کسی بڑے نجی اسپتال سے کم نہیں۔ انہوں نے اس امر پر خوشی کا اظہار کیا کہ پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن نے ہسپتال کی خدمات کے اعتراف میں اس کا لائسنس 2030 تک تجدید کر دیا ہے۔

    انہوں نے ادارے کے بانیان، منتظمین اور عملے کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ الخدمت چلڈرنز ہسپتال دکھی انسانیت کی خدمت، خصوصاً بچوں کے علاج کے لیے مشعلِ راہ ہے اور ایسے ادارے ہی معاشرے کی حقیقی ترقی کی علامت ہوتے ہیں۔

    منشاء بٹ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ حکومتی سطح پر ایسے فلاحی اداروں کی سرپرستی اور سہولت کاری کے لیے ہر ممکن اقدامات کریں گے تاکہ ان کی خدمات کو مزید وسعت دی جا سکے۔

  • ڈسکہ: تنظیم الااخوان کا ماہانہ ذکر قلبی اجتماع، سالکین کی کثیر تعداد میں شرکت

    ڈسکہ: تنظیم الااخوان کا ماہانہ ذکر قلبی اجتماع، سالکین کی کثیر تعداد میں شرکت

    ڈسکہ (باغی ٹی وی، نامہ نگار عمران ملک)سلسلہ نقشبندیہ اویسیہ تنظیم الااخوان ضلع سیالکوٹ کا ماہانہ ذکر قلبی اجتماع دارالعرفان ڈسکہ مرکز میں روحانی جذب و کیف کے ماحول میں منعقد ہوا، جس میں خواتین سمیت ضلع بھر سے سالکین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

    اجتماع سے شیخِ سلسلہ اور تنظیم الااخوان پاکستان کے سربراہ امیر عبدالقدیر اعوان نے ویڈیو لنک کے ذریعے خصوصی خطاب کیا۔ انہوں نے سالکین کو ذکرِ قلبی کی اہمیت اور روحانی تربیت کے مراحل پر روشنی ڈالی۔ اس موقع پر صاحبِ مجاز عبدالحمید چھینہ ایڈووکیٹ نے نئے آنے والے سالکین کو طریقۂ ذکر سکھایا۔

    ضلعی جنرل سیکرٹری عارف رفیق نے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے سالانہ اجتماع دارالعرفان منارہ میں بھرپور شرکت کی اپیل کی، اور تمام ذمہ داران و سالکین کو دعوت دی کہ وہ روحانی ترقی کے اس عظیم موقع سے بھرپور استفادہ کریں۔

    اجتماع کے اختتام پر ملکی سلامتی، اتحادِ امت، اور ترقی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں، جبکہ شرکاء کی لنگر سے تواضع بھی کی گئی۔ سالکین نے اجتماع کو روحانی سکون اور تعلق باللہ کے لیے ایک نادر موقع قرار دیا۔