Baaghi TV

Category: سیالکوٹ

  • سیالکوٹ میں آل پاکستان رائٹرز ویلفیئر ایسوسی ایشن(اپووا)کے ضلعی دفتر کا  افتتاح

    سیالکوٹ میں آل پاکستان رائٹرز ویلفیئر ایسوسی ایشن(اپووا)کے ضلعی دفتر کا افتتاح

    اتوار 13 جولائی کو سیالکوٹ کی ادبی فضاؤں میں ایک نئی خوشبو بکھرتی نظر آئی جب سنیئر صحافی خرم میر ،شاہد ریاض، پروفیشنل پرنٹ اینڈ الیکٹرانک میڈیا ایسوسی ایشن، نے آل پاکستان رائٹرز ویلفیئر ایسوسی ایشن کے بانی و صدر جناب ایم ایم علی اور ان کے ہمراہ اپووا عہدیداران کا شہرِاقبال میں پرتپاک استقبال کیا۔ اس موقع پرکاروانِ قلم رائٹر فورم پاکستان و گھوئینکی لائنز کلب کے ممبران و عہدیداران بھی موجود تھے۔

    آل پاکستان رائٹرز ویلفیئر ایسوسی ایشن کے سیالکوٹ میں دفتر کے قیام کی پر وقار افتتاحی تقریب اقبال منزل( رہائش گاہ شاعر مشرق علامہ اقبال )منعقد ہوئی جس میں اپووا کے اعلی سطحی وفد نے شرکت کی ۔ افتتاحی تقریب میں بانی و صدر اپووا ایم ایم علی،سنئیر نائب صدر حافظ محمد زاہد، ایڈیٹر باغی ٹی وی اور اپووا کے متحرک رکن ممتاز اعوان،نائب صدور سفیان علی فاروقی ،محمد اسلم سیال ،سیکرٹری کوآرڈینیشن محمد توصیف ملک،گھوئنکی لائن کلب کے سابقہ صدر اور معروف کاروباری شخصیت عمر سلیم گھمن،سنئیر صحافی مہر اشتیاق ،انچارج سوشل میڈیا سیل ثوبیہ راجپوت،نائب صدر پنجاب قرۃ العین خالد،جنرل سیکرٹری پنجاب الماس العین،فاکہہ قمر ،مہک شہزادی سمیت دیگر اہم عہدیداران شامل تھے۔

    پرنٹ اینڈ الیکٹرانک میڈیا ایسوسی ایشن کے نمائندگان نے مہمانوں کا پھولوں کے ہاروں اور پرجوش نعروں سے استقبال کیا۔پروگرام کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ کلام پاک اور نعتِ رسول مقبول سے کیا گیا۔بانی اپووا ایم ایم علی نے اپنے خطاب میں سیالکوٹ کے اہلِ قلم، دانشوروں اور میزبانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سیالکوٹ ہمیشہ ادب، حب الوطنی اور تہذیب و ثقافت کا مرکز رہا ہے۔ یہاں آل پاکستان رائٹرز ویلفیئر ایسوسی ایشن کا دفتر قائم کرنا ہمارے لیے اعزاز کی بات ہے۔ اس پلیٹ فارم سے ہم ملک بھر کے ادیبوں، شاعروں اور قلم کاروں کو نہ صرف نمائندگی فراہم کریں گے بلکہ ان کے مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات بھی اٹھائیں گے۔انہوں خرم میر اور شاہد ریاض کو ضلعی کور آرڈینیٹراور میڈیا کو آرڈینیٹر کے نوٹیفکیشن بھی دئیے ۔

    ایم ایم علی کےعلاوہ حافظ محمد زاہد، خرم میر،شاہد ریاض،عمر سلیم گھمن،ثوبیہ راجپوت،قرۃ العین خالد سمیت دیگر نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہم اس بات پر خوش ہیں کہ سیالکوٹ میں ایک قومی سطح کی ادبی و فلاحی تنظیم کی بنیاد رکھی جا رہی ہے۔ ہم ہر سطح پر اس مشن کا حصہ بننے کے لیے پرعزم ہیں۔

    تقریب کے آخر میں شرکاء کےلیے پرنٹ اینڈ الیکٹرانک میڈیا ایسوسی ایشن کی طرف سے مقامی ہوٹل میں پرتکلف کھانے کا اہتمام کیا گیاتھا۔ اپووا کے سیالکوٹ میں تنظیمی دفتر کے قیام پر سیالکوٹ کے، ادبی، صحافتی اور سماجی حلقوں کی طرف سے بے حد سراہا جارہا ہے۔

    آل پاکستان رائٹرز ویلفیئر ایسوسی ایشن کا یہ نیا دفتر یقیناً سیالکوٹ اور گردونواح کے ادیبوں، شاعروں اور لکھاریوں کے لیے ایک مرکز کی حیثیت اختیار کرے گا۔ یہاں ادبی سرگرمیوں، مشاعروں، ورکشاپس، اور فلاحی اقدامات کا تسلسل جاری رکھا جائے گا۔ان شاءاللہ

  • ڈسکہ: 5 ارب کے منصوبے، بلدیاتی ایکٹ جلد، کرپشن پر تھرڈ پارٹی کا شکنجہ. ذیشان رفیق

    ڈسکہ: 5 ارب کے منصوبے، بلدیاتی ایکٹ جلد، کرپشن پر تھرڈ پارٹی کا شکنجہ. ذیشان رفیق

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی، بیوروچیف خرم میر)صوبائی وزیر بلدیات پنجاب میاں ذیشان رفیق نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت بلدیاتی نظام کو فعال، شفاف اور عوام دوست بنانے کے لیے انقلابی اقدامات کر رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈسکہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

    میاں ذیشان رفیق نے بتایا کہ آئندہ ایک ماہ کے اندر نیا بلدیاتی ایکٹ پنجاب اسمبلی سے منظور کرایا جائے گا، جس کے بعد الیکشن کمیشن کو انتخابات کے انعقاد کے لیے باضابطہ طور پر آگاہ کیا جائے گا۔

    انہوں نے کہا کہ ترقیاتی کاموں میں بدعنوانی کے مکمل خاتمے کے لیے "تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن” کا نظام متعارف کرایا گیا ہے، جس کے تحت منصوبے کی تکمیل کے بعد صرف معیاری کام پر ادائیگی کی جائے گی۔ ای-ٹینڈرنگ اور ڈیجیٹل پیمنٹ کے شفاف نظام نے کرپشن کے دروازے بند کر دیے ہیں، اور اب تمام ٹھیکے میرٹ پر دیے جا رہے ہیں۔

    ڈسکہ کی ترقی کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے دل کھول کر فنڈز فراہم کیے ہیں، اور شہر میں 5 ارب روپے سے زائد کے ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے۔ ان منصوبوں میں سیوریج، سڑکوں کی تعمیر، پینے کے صاف پانی اور دیگر بنیادی سہولیات شامل ہیں۔ ڈسکہ کے آئندہ 25 سال کی ضروریات کو سامنے رکھتے ہوئے ماسٹر پلاننگ مکمل کر لی گئی ہے، اور پرانے سیوریج نظام کے مستقل حل کے لیے بھی مربوط منصوبہ تیار کر لیا گیا ہے۔

    صوبائی وزیر بلدیات نے کہا کہ ڈسکہ کے عوام باشعور ہیں اور جانتے ہیں کہ ان منصوبوں کی تکمیل سے شہر کے بنیادی مسائل کا مستقل حل ممکن ہوگا۔

    سیاسی معاملات پر گفتگو کرتے ہوئے میاں ذیشان رفیق نے خیبر پختونخواہ کی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہر چھ ماہ بعد پنجاب اور وفاقی حکومت پر حملہ آور ہو جاتی ہے، جس میں منظم انداز سے لوگ اور مشینری استعمال کی جاتی ہے۔ انہوں نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) پر الزام لگایا کہ ان کا ایجنڈا صرف اداروں کے خلاف نفرت پھیلانا اور ملک کو عدم استحکام سے دوچار کرنا ہے، لیکن عوام نے ان کی انتشار پر مبنی سیاست کو یکسر مسترد کر دیا ہے۔

    سانحہ سوات کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ واقعہ پورے ملک، خاص طور پر ڈسکہ کو سوگوار کر گیا۔ انہوں نے وزیراعلیٰ مریم نواز کی جانب سے متاثرہ خاندانوں کی دلجوئی کو سراہتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت نے انسانیت کا مظاہرہ کیا، جبکہ خیبر پختونخواہ حکومت نے نہ صرف اپنی کوتاہی کو تسلیم نہیں کیا بلکہ بے حسی کا مظاہرہ بھی کیا۔

  • سیالکوٹ،شاہد ریاض باغی ٹی وی کے ڈویژنل  ،خرم میرضلعی بیوروچیف مقرر

    سیالکوٹ،شاہد ریاض باغی ٹی وی کے ڈویژنل ،خرم میرضلعی بیوروچیف مقرر

    سیالکوٹ: باغی ٹی وی نے سیالکوٹ میں اپنے نمائندوں کی نئی تقرریوں کا اعلان کر دیا ہے۔ یہ فیصلہ باغی ٹی وی کے ایک اہم اجلاس کے بعد کیا گیا جس کا انعقاد اقبال منزل، سیالکوٹ میں ہوا۔ اجلاس میں ایڈیٹر باغی ٹی وی ممتاز اعوان، شاہد ریاض، خرم میر اور دیگر عہدیداران نے شرکت کی۔

    اجلاس کے دوران مختلف امور پر غور و خوض کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا کہ سیالکوٹ میں باغی ٹی وی کے بیوروچیف شاہد ریاض اب ڈویژنل بیوروچیف کے طور پر خدمات انجام دیں گے۔ اسی طرح خرم میر کو سیالکوٹ کا ضلعی بیوروچیف مقرر کیا گیا ہے، جو ضلع کی سطح پر رپورٹنگ اور دیگر خبری سرگرمیوں کی ذمہ داری سنبھالیں گے۔

    اجلاس کے دوران سینئر صحافی اور اینکر پرسن، سی ای او باغی ٹی وی مبشر لقمان کو ان کی شاندار خدمات اور صحافت میں نمایاں کردار پر بھرپور خراج تحسین پیش کیا گیا،مبشر لقمان نے اپنی صحافتی خدمات کے ذریعے معاشرتی مسائل کو اجاگر کرنے اور عوام کی آواز بننے میں نمایاں کردار ادا کیا ہے، جسے اجلاس میں سراہا گیا۔

    اسی موقع پر انچارج نمائندگان باغی ٹی وی ڈاکٹر غلام مصطفیٰ بڈانی کو بھی ان کی محنت اور نمائندگان کی ذمہ داریوں کو بہتر انداز میں نبھانے پر داد دی گئی۔ ڈاکٹر غلام مصطفیٰ بڈانی نے اس موقع پر نمائندگان کی نئی تقرریوں کے نوٹیفکیشنز جاری کیے، جو ادارے کی ترقی اور کارکنوں کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے میں مددگار ثابت ہوں گے۔ شاہد ریاض کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر غلام مصطفیٰ بڈانی باغی ٹی وی کی ٹیم کو ایک گھر کی طرح پیارومحبت سے چلا رہے ہیں،ڈاکٹر غلام مصطفیٰ بڈانی کی باغی ٹی وی کیلئے خدمات قابل قدر ہیں،

    ممتاز اعوان نے اس موقع پر کہا کہ سیالکوٹ کی رپورٹنگ کو مزید بہتر اور مربوط بنانے کے لیے یہ تقرریاں کی گئی ہیں تاکہ عوام تک درست اور بروقت خبریں پہنچائی جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ شاہد ریاض اور خرم میر کی مہارت اور تجربہ اس شعبے میں باغی ٹی وی کے کام کو مزید مستحکم کرے گا۔

    شاہد ریاض نے کہا کہ انہیں ڈویژنل بیوروچیف بنانے پر فخر ہے اور وہ اپنی تمام تر توانائیاں باغی ٹی وی کی ترقی اور سیالکوٹ کی خبریں موثر انداز میں پیش کرنے کے لیے صرف کریں گے۔خرم میر نے بھی کہا کہ ضلعی بیوروچیف کے طور پر وہ مقامی سطح پر خبری ذرائع کو فعال اور بااثر بنانے کے لیے بھرپور کوشش کریں گے تاکہ عوام کی حقیقی آواز میڈیا تک پہنچ سکے۔

    اجلاس میں آل پاکستان رائیٹرز ویلفیئر ایسوسی ایشن کے بانی صدر ایم ایم علی کی قیادت میں اپووا وفد نے بھی شرکت کی،اپووا وفد نے باغی ٹی وی کی صحافتی خدمات پر باغی ٹی وی کی ٹیم کو خراج تحسین پیش کیا، اپووا وفد میں حافظ محمد زاہد،سفیان علی فاروقی،اسلم سیال،ثوبیہ راجپوت،قرۃ العین خالد،فاکہہ قمر،مہر اشتیاق،توصیف ملک سمیت شامل تھے،

    اجلاس میں شاہد ریاض اور خرم میر کو صحافتی خدمات کے اعتراف میں شیلڈ بھی پیش کی گئیں.

  • سیالکوٹ: شیراز عرف شم پم گینگ کے 4 خطرناک ڈاکو گرفتار، لاکھوں کا مال مسروقہ اور اسلحہ برآمد

    سیالکوٹ: شیراز عرف شم پم گینگ کے 4 خطرناک ڈاکو گرفتار، لاکھوں کا مال مسروقہ اور اسلحہ برآمد

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی، بیوروچیف شاہد ریاض)ڈی پی او سیالکوٹ فیصل شہزاد کی خصوصی ہدایات پر ضلع بھر میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف جاری کریک ڈاؤن میں پولیس کو بڑی کامیابی ملی ہے۔ تھانہ کوٹلی سید امیر پولیس نے ڈی ایس پی صدر سرکل کی نگرانی اور ایس ایچ او سب انسپکٹر طیب حسین کی قیادت میں جدید ٹیکنالوجی اور مؤثر حکمتِ عملی کے ذریعے کارروائی کرتے ہوئے خطرناک ڈکیت گینگ کے سرغنہ شیراز عرف شم پم سمیت چار ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

    ترجمان پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان شہریوں سے اسلحہ کے زور پر موٹر سائیکلیں، نقدی، قیمتی موبائل فونز اور طلائی زیورات چھین کر فرار ہو جاتے تھے۔ ابتدائی تفتیش میں ان ملزمان نے درجنوں وارداتوں کا انکشاف کیا ہے، جن میں تھانہ کوٹلی سید امیر اور تھانہ صدر کے علاقوں کی متعدد وارداتیں شامل ہیں۔

    پولیس نے ملزمان کے قبضہ سے درج ذیل مسروقہ سامان برآمد کر لیا:

    * 4 عدد چوری شدہ موٹرسائیکلیں
    * 31 ہزار روپے نقدی
    * 2 عدد قیمتی اسمارٹ موبائل فونز
    * طلائی زیورات
    * 2 عدد ناجائز پسٹل 30 بور بمعہ متعدد گولیاں
    * کل مالیتی رقم: 6 لاکھ 71 ہزار روپے

    گرفتار ملزمان کی شناخت درج ذیل ہے:

    1. شیراز عرف شم پم ولد محمد الیاس سکنہ پریم نگر، سیالکوٹ
    2. ستار ولد محمد صدیق سکنہ سیدڑہ خورد، سیالکوٹ
    3. نبیل احمد ولد نذیر احمد سکنہ ریسواں، سیالکوٹ
    4. شہباز ولد محمد افتخار سکنہ گامو گڑھ، سیالکوٹ

    پولیس کے مطابق ان ملزمان کے خلاف اب تک 9 مقدمات ٹریس کیے جا چکے ہیں اور انہیں جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوا دیا گیا ہے۔

    ڈی پی او سیالکوٹ فیصل شہزاد نے اس کامیاب کارروائی پر پولیس ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے افسران و جوانوں کے لیے تعریفی سرٹیفکیٹس اور نقد انعام کا اعلان کیا ہے۔ عوامی حلقوں نے بھی پولیس کی اس پیشہ ورانہ کارکردگی کو سراہا ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ ایسے آپریشنز سے جرائم پیشہ عناصر کا نیٹ ورک جلد ختم ہو جائے گا۔

  • سیالکوٹ: وزیر دفاع خواجہ آصف کا ڈی پی او آفس کا دورہ، سیف سٹی پراجیکٹ و پولیس خدمت مرکز پر بریفنگ

    سیالکوٹ: وزیر دفاع خواجہ آصف کا ڈی پی او آفس کا دورہ، سیف سٹی پراجیکٹ و پولیس خدمت مرکز پر بریفنگ

    سیالکوٹ( باغی ٹی وی ،بیوروچیف شاہد ریاض) وزیر دفاع خواجہ آصف کا ڈی پی او آفس کا دورہ، سیف سٹی پراجیکٹ و پولیس خدمت مرکز پر بریفنگ

    وزیرِ دفاع خواجہ محمد آصف نے ڈی پی او آفس سیالکوٹ کا اہم دورہ کیا، جہاں ڈی پی او سیالکوٹ فیصل شہزاد نے کمانڈر آپریشنز سیف سٹی ساجد حمید ورک کے ہمراہ ان کا پرتپاک استقبال کیا اور پولیسنگ کے جدید اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔

    وزیر دفاع کو سیف سٹی آپریشنز مانیٹرنگ سنٹر میں جدید حکمت عملی، عوامی سہولیات اور سیالکوٹ پولیس کی جانب سے متعارف کرائے گئے اقدامات پر تفصیل سے آگاہ کیا گیا۔ ڈی پی او فیصل شہزاد نے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق ضلع میں جدید ٹیکنالوجی پر مبنی آرٹیفیشل انٹیلیجنس سسٹم، باڈی کیم کے ساتھ سنیپ چیکنگ، اور جرائم کی موثر نگرانی جیسے اقدامات سے جرائم کی شرح میں نمایاں کمی آئی ہے۔

    خواجہ آصف کو ضلع سیالکوٹ کی آبادی، معاشی اور جغرافیائی اہمیت کے ساتھ موجودہ پولیس فورس و وسائل کی صورتحال دیگر اضلاع کے ساتھ موازنہ کی صورت میں پیش کی گئی۔ ڈی پی او نے زور دیا کہ سیالکوٹ کو "سٹی ڈسٹرکٹ” کا درجہ دیا جانا اشد ضروری ہے تاکہ یہاں کے لیے درکار وسائل اور نفری کو بہتر انداز میں مہیا کیا جا سکے۔

    وزیر دفاع کو سیالکوٹ میں بڑھتے ہوئے ٹریفک چیلنجز اور ان کے حل کے لیے تجویز کردہ اقدامات سے بھی آگاہ کیا گیا جن میں ٹریفک مینجمنٹ سسٹم کو جدید خطوط پر استوار کرنا شامل ہے۔

    اس موقع پر وزیر دفاع نے پولیس لائنز میں زیرِ تعمیر پاکستان کے پہلے ڈرائیو تھرو پولیس خدمت مرکز کا بھی دورہ کیا، جہاں شہریوں کو گاڑی سے اترے بغیر 14 اہم پولیس سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ خواجہ آصف نے اس منفرد اور عوام دوست منصوبے کو پولیس کی جدید سوچ اور سہل کاری کی بہترین مثال قرار دیا۔

    دورے کے اختتام پر وزیر دفاع نے ڈی پی او فیصل شہزاد اور سیالکوٹ پولیس کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے یقین دہانی کروائی کہ حکومت پنجاب ضلع سیالکوٹ کو مزید محفوظ، جدید اور ترقی یافتہ بنانے کے لیے درکار وسائل ترجیحی بنیادوں پر فراہم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ تمام اقدامات وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے اُس وژن کی حقیقی تصویر ہیں جس کا مقصد جدید، مؤثر اور عوام دوست پولیسنگ کو فروغ دینا ہے۔

  • سیالکوٹ: سوشل میڈیا پر فرقہ وارانہ پوسٹ شیئر کرنے والا شہری گرفتار، مقدمہ درج

    سیالکوٹ: سوشل میڈیا پر فرقہ وارانہ پوسٹ شیئر کرنے والا شہری گرفتار، مقدمہ درج

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی، بیوروچیف شاہد ریاض)سوشل میڈیا پر فرقہ وارانہ پوسٹ شیئر کرنے والا شہری گرفتار، مقدمہ درج،محرم الحرام میں شر انگیزی کی اجازت نہیں، ڈی پی او سیالکوٹ کا سخت پیغام

    سیالکوٹ پولیس نے محرم الحرام کے دوران فرقہ واریت پر مبنی مواد سوشل میڈیا پر پوسٹ کرنے والے ایک شہری کو فوری کارروائی کرتے ہوئے گرفتار کر لیا۔ ملزم کے خلاف تھانہ مراد پور میں مقدمہ درج کر کے اسے جوڈیشل حوالات بھجوا دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ملزم نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر ایسا مواد شیئر کیا جو مذہبی منافرت اور فرقہ واریت کو ہوا دینے والا تھا۔ پولیس نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے فوری ایکشن لیا اور قانون کے مطابق کارروائی کرتے ہوئے شہری کو گرفتار کرلیا۔ گرفتاری کے بعد مذکورہ شخص نے اپنے اقدام پر ندامت کا اظہار کیا اور معافی کی درخواست بھی دی۔

    ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سیالکوٹ فیصل شہزاد نے کہا ہے کہ محرم الحرام کے مقدس ایّام میں سوشل میڈیا پر شر انگیز اور فرقہ وارانہ مواد شیئر کرنے والوں پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ کسی بھی مسلک یا مذہب کے خلاف اشتعال انگیز پوسٹس یا تبصرے برداشت نہیں کیے جائیں گے، اور ایسے عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں

  • سیالکوٹ: چیمبر آف کامرس کا بجٹ 2025-26 مسترد، 19 جولائی کو شٹر ڈاؤن ہڑتال کا اعلان

    سیالکوٹ: چیمبر آف کامرس کا بجٹ 2025-26 مسترد، 19 جولائی کو شٹر ڈاؤن ہڑتال کا اعلان

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی، بیوروچیف شاہد ریاض) چیمبر آف کامرس کا بجٹ 2025-26 مسترد، 19 جولائی کو شٹر ڈاؤن ہڑتال کا اعلان،اکرام الحق، ریاض الدین شیخ، تاجر برادری کا ایف بی آر، IMF اور 37A/37B پر شدید ردعمل

    ملک بھر کی بزنس کمیونٹی کی طرح سیالکوٹ کے تاجروں نے بھی قومی بجٹ 2025-26 کو مکمل طور پر مسترد کر دیا ہے۔ اس کا اظہار سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر اکرام الحق نے ایک اہم اجلاس سے خطاب کے دوران کیا، جس میں بزنس کمیونٹی کی بڑی تعداد شریک تھی۔

    اجلاس میں سینیئر نائب صدر شہباز وسیم لودھی، نائب صدر عمر خالد، چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹری کے صدر محمد خلیل، چیئرمین میڈیا کمیٹی محمد اعجاز غوری، چیئرمین پولیس کمیٹی لالہ ظفر، شیخ خالد اور صحافی برادری بھی موجود تھی۔

    صدر اکرام الحق نے حکومت پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہاکہ”پورا ملک سراپا احتجاج ہے، مگر وزیر خزانہ اور دیگر حکام ایک ایسے بجٹ پر مُصر ہیں جو مکمل طور پر بزنس کمیونٹی کے خلاف ہے۔ کاروباری طبقے کو 37A اور 37B جیسے کالے قوانین کے تحت دبایا جا رہا ہے، جسے کسی صورت قبول نہیں کیا جا سکتا۔ ہم ٹیکس ریٹرنز جمع نہیں کرائیں گے، یہ ملک بھر کے تاجروں کا متفقہ فیصلہ ہے۔”

    انہوں نے خبردار کیا کہ اگر حکومتی رویہ یہی رہا تو بزنس کمیونٹی مجبور ہو کر سڑکوں پر نکلے گی۔ ایف بی آر سے متعلق شکایات پر بھی برہمی کا اظہار کیا گیا کہ

    "کاروباری طبقہ سالوں سے ایف بی آر کے ہتھکنڈوں کا نشانہ بن رہا ہے، مگر اصلاحات کے بجائے مزید دباؤ ڈالا جا رہا ہے۔”

    اس موقع پر اتحاد فاؤنڈرز گروپ کے چیئرمین ریاض الدین شیخ نے کہا کہ”ہم حکومت کے ساتھ چلنے کو تیار ہیں، مگر اس کے لیے ضروری ہے کہ EFS کا اصل اور مؤثر ماڈل بحال کیا جائے۔”

    اجلاس کے اختتام پر مرکزی انجمن تاجران سیالکوٹ اور سیالکوٹ چیمبر آف کامرس نے متفقہ طور پر 19 جولائی 2025 بروز ہفتہ کو شہر بھر میں شٹر ڈاؤن ہڑتال کا اعلان کیا۔ مقررین نے کہا کہ اگر حکومت نے ہوش کے ناخن نہ لیے تو احتجاج کا دائرہ ملک گیر تحریک میں تبدیل ہو سکتا ہے، جس کی تمام تر ذمہ داری حکومتی پالیسی سازوں پر عائد ہو گی۔

  • سیالکوٹ: بزنس کمیونٹی کا بجٹ 2025-26 مسترد، 19 جولائی کو ملک گیر احتجاج کا اعلان

    سیالکوٹ: بزنس کمیونٹی کا بجٹ 2025-26 مسترد، 19 جولائی کو ملک گیر احتجاج کا اعلان

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی، بیوروچیف شاہد ریاض) بزنس کمیونٹی کا بجٹ 2025-26 مسترد، 19 جولائی کو ملک گیر احتجاج کا اعلان،PSGMEA ایگزیکٹو کمیٹی کا ہنگامی اجلاس، حکومت پر تنقید، ایف بی آر پر سنگین الزامات

    پاکستان سپورٹس گڈز مینوفیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن (PSGMEA) کی ایگزیکٹو کمیٹی کا اہم اجلاس چیئرمین خواجہ مسعود اختر کی صدارت میں منعقد ہوا، جس میں سینیئر چیئرمین شیخ ابرار احمد، وائس چیئرمین چوہدری اسلم، سابق چیئرمین ملک ذوالفقار احمد، شیخ رفیع سونی اور دیگر ایگزیکٹو ممبران نے شرکت کی۔

    اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین خواجہ مسعود اختر نے وفاقی بجٹ 2025-26 کو مکمل طور پر مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ملک بھر کی بزنس کمیونٹی اس عوام دشمن بجٹ کے خلاف سراپا احتجاج ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیر خزانہ اور دیگر متعلقہ حکام کی پالیسیوں کا مقصد بزنس کمیونٹی کا گلا گھونٹنا ہے، جو ناقابل قبول ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ٹیکس قوانین 37A اور 37B جیسے "کالے قانون” کے ذریعے کاروباری طبقے کو ڈرایا اور دبایا جا رہا ہے۔

    "ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ اس دھونس اور جبر کے خلاف ٹیکس ریٹرن جمع نہیں کرائیں گے، کیونکہ آئی ایم ایف کو خوش کرنے کے لیے مقامی صنعتوں کا جنازہ نکالا جا رہا ہے۔”

    خواجہ مسعود اختر نے خبردار کیا کہ اگر بزنس کمیونٹی کے دیرینہ مسائل بشمول FTR اسکیم، ایکسپورٹرز کی پریشانیاں، اور ایف بی آر سے متعلق شکایات فوری طور پر حل نہ کی گئیں تو تاجر اور صنعت کار مجبور ہو کر سڑکوں پر نکلیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ ملک بھر کی طرح سیالکوٹ کی بزنس کمیونٹی بھی 19 جولائی کو بھرپور احتجاج کرے گی، اور اس دن کاروبار بند کر کے اپنے حقوق کے لیے سڑکوں پر آئیں گے۔

    ایگزیکٹو ممبران نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ بزنس دوست پالیسیاں اپنائی جائیں اور صنعت کو برباد کرنے والے اقدامات فوری واپس لیے جائیں، ورنہ ملکی معیشت کو ناقابلِ تلافی نقصان پہنچے گا۔

    اجلاس کے اختتام پر متفقہ قرارداد کے ذریعے حکومت کو خبردار کیا گیا کہ بزنس کمیونٹی کو مزید نظر انداز نہ کیا جائے، وگرنہ ملک گیر تحریک شروع کی جائے گی جس کی تمام تر ذمہ داری حکومت پر عائد ہو گی۔

  • سیالکوٹ: وزیراعلیٰ مریم نواز کی ہدایت پر سانحہ سوات کے ڈسکہ متاثرین میں امدادی چیک تقسیم

    سیالکوٹ: وزیراعلیٰ مریم نواز کی ہدایت پر سانحہ سوات کے ڈسکہ متاثرین میں امدادی چیک تقسیم

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی، بیوروچیف شاہد ریاض)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر سانحہ سوات میں جاں بحق ہونے والے ڈسکہ کے متاثرین کے لواحقین کو مالی امداد کے چیک تقسیم کیے گئے۔

    سانحہ میں جان کی بازی ہارنے والے 10 افراد کے تین مختلف لواحقین کو 80، 80 اور 40 لاکھ روپے مالیت کے چیک فراہم کیے گئے۔امدادی چیکس صوبائی وزیر بلدیات میاں ذیشان رفیق، رکن قومی اسمبلی سیدہ نوشین افتخار، اور رکن صوبائی اسمبلی نوید اشرف نے جاں بحق افراد کے گھروں جا کر ان کے اہلِ خانہ کے سپرد کیے۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ صبا اصغر علی اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو اقبال سنگھیڑا بھی موجود تھے۔

    میاں ذیشان رفیق نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ“وزیراعلیٰ مریم نواز شریف ہر مشکل گھڑی میں اپنے عوام کے ساتھ کھڑی ہوتی ہیں۔ ہم ان کی خصوصی ہدایت پر یہاں آئے ہیں تاکہ متاثرہ خاندانوں کو یہ پیغام دیں کہ حکومت ان کے ساتھ ہے۔”

    انہوں نے کہا کہ متاثرین کو دی جانے والی یہ مالی امداد ہرگز ان قیمتی جانوں کا نعم البدل نہیں ہو سکتی۔ آج بھی دل خون کے آنسو رو رہا ہے، اور یہ زخم کبھی نہیں بھریں گے۔ ہنستے بستے خاندان ایک بدترین انتظامی کوتاہی اور بدانتظامی کی بھینٹ چڑھ گئے۔

    سانحے کے حوالے سے میاں ذیشان رفیق نے مزید بتایا کہ ایک ڈوبنے والے بچے عبداللہ کا تاحال کچھ پتہ نہیں چل سکا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی ہدایت پر خیبرپختونخوا کی حکومت سے مسلسل رابطے میں ہیں تاکہ تحقیقات اور امدادی کارروائیاں آگے بڑھائی جا سکیں۔

    ذیشان رفیق نے دیگر صوبوں کی حکومتوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ“دوسرے صوبوں کی قیادت کو وزیراعلیٰ مریم نواز شریف سے سیکھنا چاہیے، کہ کس طرح بروقت اقدامات سے عوام کا دکھ بانٹا جاتا ہے۔”

    انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ متاثرہ افراد حادثے کے وقت دو گھنٹے تک مدد کے لیے پکارتے رہے لیکن کوئی ان کی مدد کو نہ پہنچا، جو کہ انتظامیہ کی نااہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

    متاثرین کے لواحقین نے وزیراعلیٰ پنجاب اور ان کی ٹیم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی یہ ہمدردی ان کے زخموں پر مرہم ہے، اور وہ امید کرتے ہیں کہ ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی تاکہ آئندہ ایسے سانحات سے بچا جا سکے۔

  • سیالکوٹ: 7 سالہ بچی سے زیادتی کی کوشش، ملزم گرفتار، والد کو دھمکیاں

    سیالکوٹ: 7 سالہ بچی سے زیادتی کی کوشش، ملزم گرفتار، والد کو دھمکیاں

    سیالکوٹ(باغی ٹی وی، بیوروچیف شاہد ریاض) 7 سالہ بچی سے زیادتی کی کوشش، ملزم گرفتار، والد کو دھمکیاں

    سیالکوٹ کے تھانہ صدر کے علاقے ملہو چھت میں 7 سالہ معصوم بچی کے ساتھ مبینہ زیادتی کی کوشش کا دل دہلا دینے والا واقعہ سامنے آیا ہے۔ والدین کی غیر موجودگی میں ایک اوباش شخص نے مبینہ طور پر کمسن بچی کو نشانہ بنانے کی کوشش کی، تاہم بچی کے شور مچانے پر ملزم موقع سے فرار ہو گیا۔

    متاثرہ بچی کے والد پطرس مسیح نے تھانہ صدر میں تحریری درخواست دی، جس پر پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے نامزد ملزم کو گرفتار کر لیا اور اس کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

    پطرس مسیح کا کہنا ہے کہ اسے ملزم کی گرفتاری اور قانونی کارروائی پر سنگین نتائج کی دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ”میری بیٹی پر ظلم کی کوشش کی گئی، میں نے انصاف کے لیے قانونی راستہ اختیار کیا، لیکن اب ہمیں مسلسل دباؤ اور دھمکیوں کا سامنا ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب اور ڈی پی او سیالکوٹ سے اپیل ہے کہ ہمیں انصاف دلایا جائے اور جان و مال کا تحفظ فراہم کیا جائے۔”

    پولیس ترجمان نے تصدیق کی ہے کہ واقعے کی رپورٹ پر فوری مقدمہ درج کیا گیا اور نامزد ملزم کو گرفتار کر کے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ متاثرہ خاندان کو مکمل قانونی تحفظ فراہم کیا جائے گا اور مقدمے کی تفتیش میرٹ پر کی جائے گی۔

    علاقے کے شہریوں نے اس افسوسناک واقعہ پر شدید ردعمل دیتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے اس کیس کو سنجیدگی سے لیں اور درندہ صفت مجرم کو قرار واقعی سزا دلوائیں تاکہ آئندہ کوئی ایسی جرأت نہ کر سکے۔