Baaghi TV

Category: سیالکوٹ

  • ڈسکہ: ولیمے کی رات خون، پسند کی شادی نہ ہونے پر دلہن کے عاشق نے دولہا کو قتل کر دیا

    ڈسکہ: ولیمے کی رات خون، پسند کی شادی نہ ہونے پر دلہن کے عاشق نے دولہا کو قتل کر دیا

    ڈسکہ (باغی ٹی وی نامہ نگار ملک عمران) ڈسکہ کے علاقے میں پسند کی شادی نہ ہونے پر ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں ولیمے کی رات دلہن کے مبینہ عاشق نے فائرنگ کر کے دولہا کو قتل کر دیا۔ پولیس نے فوری طور پر مقدمہ درج کر کے کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق دھیدووالی کے رہائشی محمد جاوید عرف عدنان کی شادی تھانہ ستراہ کے موضع منڈ میں انجام پائی تھی۔ گزشتہ رات جب وہ اپنی دعوت ولیمہ کے بعد سسرال پہنچا تو وہاں پر دلہن کے مبینہ عاشق محمد بوٹا نے اس پر اندھا دھند فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہو گیا۔ تشویشناک حالت کے پیش نظر جاوید کو فوری طور پر سول ہسپتال ڈسکہ سے گوجرانوالہ ریفر کیا جا رہا تھا کہ اس نے راستے میں ہی دم توڑ دیا۔

    مقتول دولہا کے والد محمد ناصر کی مدعیت میں درج کی گئی ایف آئی آر کے مطابق دلہن الفا سویرا اپنے مبینہ عاشق محمد بوٹا سے شادی کرنا چاہتی تھی لیکن گھر والوں نے اس کی زبردستی شادی محمد جاوید سے کر دی تھی۔ ایف آئی آر میں دلہن الفا سویرا اور اس کے عاشق محمد بوٹا دونوں کو نامزد کیا گیا ہے۔

    مقتول کے والد نے الزام لگایا ہے کہ دلہن نے مقتول دولہا کی جیب سے سلامیوں والی رقم، طلائی انگوٹھی، پرس اور موبائل فون بھی نکال لیا تھا۔ ستراہ پولیس نے مقتول کی میت کو سول ہسپتال کے مردہ خانے منتقل کر کے واقعے کی مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔

  • سیالکوٹ:وزیر اعلیٰ کے حکم پر ڈپٹی کمشنر کا ہسپتال پر چھاپہ، 4 ڈاکٹروں کو شوکاز نوٹس

    سیالکوٹ:وزیر اعلیٰ کے حکم پر ڈپٹی کمشنر کا ہسپتال پر چھاپہ، 4 ڈاکٹروں کو شوکاز نوٹس

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی بیوروچیف شاہد ریاض) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ صبا اصغر علی نے علامہ اقبال میموریل ٹیچنگ ہسپتال کا اچانک دورہ کیا اور مریضوں کی جانب سے موصول ہونے والی شکایات پر فوری ایکشن لیتے ہوئے چار ڈاکٹروں کو اظہار وجوہ کے نوٹس جاری کرنے کے احکامات صادر کر دیے۔ ڈپٹی کمشنر صبح آٹھ بجے ہسپتال پہنچیں اور تقریباً ڈیڑھ گھنٹے تک مختلف شعبوں کا معائنہ کرتی رہیں۔

    ڈپٹی کمشنر صبا اصغر علی نے ہسپتال کے میڈیکل وارڈز، ایمرجنسی، پیڈز (بچوں کا وارڈ) اور گائنی وارڈز کا تفصیلی معائنہ کیا۔ اس کے علاوہ انہوں نے ہسپتال میں ادویات کے موجودہ سٹاک اور بلڈ کلیکشن سنٹر کا بھی جائزہ لیا۔ دورے کے دوران انہوں نے براہ راست مریضوں اور ان کے تیمارداروں سے ہسپتال میں فراہم کی جانے والی سہولیات کے بارے میں دریافت کیا اور ان کی جانب سے پیش کی جانے والی شکایات کے فوری حل کے لیے موقع پر ہی متعلقہ افسران کو احکامات جاری کیے۔

    اس موقع پر ڈپٹی کمشنر صبا اصغر علی نے واضح طور پر کہا کہ ڈیوٹی میں کسی قسم کی کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے تمام ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل اسٹاف کے لیے لازم قرار دیا کہ وہ اپنی ڈیوٹی پر بروقت حاضر ہوں کیونکہ مریض ان کے منتظر ہوتے ہیں۔ انہوں نے مزید ہدایت کی کہ مریضوں کی سہولت کے لیے ہسپتال میں دستیاب ادویات کی مکمل فہرست اور ڈیوٹی روسٹر نمایاں مقامات پر آویزاں کیے جائیں تاکہ ہر ایک آسانی سے معلومات حاصل کر سکے۔

  • ڈسکہ: صوبائی وزیر بلدیات کا ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح

    ڈسکہ: صوبائی وزیر بلدیات کا ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح

    ڈسکہ ،باغی ٹی وی( نامہ نگار ملک عمران) صوبائی وزیر بلدیات میاں ذیشان رفیق نے ڈسکہ سول ہسپتال میں سٹی سکین مشین اور ڈسکہ شہر کی پانچ اہم سڑکوں کی تعمیر کے منصوبوں کا باضابطہ افتتاح کر دیا۔ اس موقع پر رکن صوبائی اسمبلی چوہدری نوید اشرف، سابق ایم پی اے چودھری جمیل اشرف، ایم ایس ڈاکٹر محمد علی بٹ کے علاوہ پاکستان مسلم لیگ ن کے مقامی رہنما، کارکنان اور معززین شہر کی بڑی تعداد موجود تھی۔

    صوبائی وزیر بلدیات میاں ذیشان رفیق نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب اور ورلڈ بینک کے باہمی تعاون سے ڈسکہ کی خستہ حال پسرور روڈ، جامکے روڈ، بینک روڈ، کالج روڈ اور سمبڑیال روڈ کی تعمیر نو پر 55 کروڑ روپے کی لاگت آئے گی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ان سڑکوں کے ساتھ ساتھ نکاسی آب کے نظام (اسٹرم ڈرینز/نالوں) کی تعمیر اور اسٹریٹ لائٹس کی تنصیب بھی اس منصوبے کا حصہ ہے۔

    اس سے قبل صوبائی وزیر بلدیات نے سول ہسپتال ڈسکہ میں پرائیویٹ پبلک پارٹنر شپ کے تحت نصب کی گئی 16 سلائس سٹی سکین مشین کا افتتاح کیا۔ انہوں نے سول ہسپتال ڈسکہ کو پنجاب کا نمبر ون ٹی ایچ کیو ہسپتال قرار دیتے ہوئے ایم ایس ڈاکٹر محمد علی بٹ اور ان کی ٹیم کی پیشہ ورانہ خدمات اور خلوص نیت سے کام کرنے پر ان کی تعریف کی۔ میاں ذیشان رفیق نے اعلان کیا کہ سول ہسپتال ڈسکہ میں ایمرجنسی کی صورت میں سٹی سکین کی سہولت مفت فراہم کی جائے گی جبکہ روٹین کے کیسز میں صرف 2500 روپے فیس وصول کی جائے گی۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ سٹی سکین مشین پی ایم یو سے منسلک ہے جس کی رپورٹ 4 گھنٹوں کے اندر آن لائن دستیاب ہو سکے گی۔

  • ڈسکہ: آٹے کے کنستر میں دم گھٹنے سے دو معصوم بہن بھائی جاں بحق

    ڈسکہ: آٹے کے کنستر میں دم گھٹنے سے دو معصوم بہن بھائی جاں بحق

    ڈسکہ،باغی ٹی وی (نامہ نگارملک عمران) ڈسکہ کے قصبہ منڈیکی گورائیہ میں ایک انتہائی افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے، جہاں معمولی غفلت اور لاپرواہی کے باعث دو کمسن بھائی اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ پانچ سالہ عبیداللہ اور چھ سالہ ارحم گھر کی چھت پر رکھی ہوئی آٹے والی ایک ناکارہ پیٹی (کنستر) میں دم گھٹنے سے جاں بحق ہو گئے۔ اس المناک خبر نے پورے علاقے کو سوگوار کر دیا اور گھر میں کہرام مچ گیا۔

    تفصیلات کے مطابق گھر والوں نے آٹے والی ایک خالی پیٹی کو ناکارہ سمجھ کر چھت پر رکھا ہوا تھا۔ کھیلتے ہوئے دونوں معصوم بھائی اس پیٹی میں داخل ہو گئے اور اتفاقاً پیٹی کا ڈھکن بند ہو گیا۔ اندر بند ہونے کے باعث دونوں کمسن بھائی دم گھٹنے کے سبب موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔

    بچوں کے لاپتہ ہونے پر گھر والے پریشان ہو گئے اور انہیں ہر جگہ تلاش کرتے رہے۔ یہاں تک کہ مساجد میں بھی ان کی گمشدگی کے اعلانات کروائے گئے لیکن ان کی تلاش بے سود ثابت ہوئی۔ بالآخر جب بچوں کی نعشیں اس آٹے والی پیٹی سے ملیں تو گھر میں کہرام برپا ہو گیا۔

    اطلاع ملنے پر تھانہ صدر ڈسکہ کی پولیس فوری طور پر موقع پر پہنچی اور دونوں بچوں کی لاشوں کو تحویل میں لے کر سول ہسپتال ڈسکہ منتقل کیا۔ بعد ازاں غم و اندوہ کی فضا میں دونوں کمسن بھائیوں کی نماز جنازہ ادا کی گئی اور انہیں سپرد خاک کر دیا گیا۔ اس دلخراش واقعہ نے پورے علاقے کو گہرے صدمے سے دوچار کر دیا ہے۔

  • سیالکوٹ: جماعت اسلامی خواتین کا "فری غزہ یوتھ گالا”، فلسطین سے یکجہتی ریلی کا انعقاد

    سیالکوٹ: جماعت اسلامی خواتین کا "فری غزہ یوتھ گالا”، فلسطین سے یکجہتی ریلی کا انعقاد

    سیالکوٹ ،باغی ٹی وی(سٹی رپورٹر مدثر رتو) جماعت اسلامی حلقہ خواتین کی جانب سے سیالکوٹ بھر کے اسکولز اور کالجز کی طالبات کے لیے "فری غزہ یوتھ گالا” کا انعقاد کیا گیا۔ اس پُراثر تقریب میں قیمہ پاکستان جماعت اسلامی حلقہ خواتین محترمہ حمیرا طارق مہمانِ خصوصی تھیں، جن کے ہمراہ ان کی ٹیم اور موٹیویشنل اسپیکر ڈاکٹر جاوید اقبال اور ٹرینر زیر منصوری بھی موجود تھے۔ مختلف سیشنز میں طالبات سے خطاب کرتے ہوئے مہمانانِ گرامی نے ان کی رہنمائی کی۔

    حمیرا طارق نے اپنے خطاب میں نوجوان لڑکیوں کو صحابیات اور امہات المومنین کی زندگیوں کو مشعلِ راہ بنانے کی تلقین کی۔ انہوں نے کہا کہ آج کی یوتھ ہی کل کی قیادت ہے، اور ضروری ہے کہ ہماری بیٹیاں ام عمارہ، ام سلمہ، حضرت خدیجہ اور حضرت عائشہ رضی اللہ عنہن جیسی عظیم خواتین کے نقش قدم پر چلیں، اور مغرب کے چکا چوند ایجنڈوں سے ہوشیار رہیں۔

    موٹیویشنل اسپیکر ڈاکٹر جاوید اقبال نے طالبات کو ایک کامیاب، بااعتماد اور باعلم زندگی گزارنے کے حوالے سے مفید نکات بتائے۔ ان کا کہنا تھا کہ ذہنی، جسمانی اور روحانی صحت کے ساتھ ساتھ قرآن و سنت اور تاریخِ اسلام و موجودہ حالات کا علم حاصل کرنا موجودہ فتنوں سے بچاؤ اور اُمت کی فلاح کے لیے نہایت اہم ہے۔

    پروگرام کے اختتام پر فلسطین سے اظہارِ یکجہتی کے طور پر ایک پُرامن ریلی نکالی گئی، جس کی قیادت امیرِ ضلع جماعت اسلامی چوہدری امتیاز احمد بریار نے کی۔ اس ریلی میں شہر سیالکوٹ کی بڑی تعداد میں طالبات اور خواتین نے بھرپور شرکت کی اور فلسطینی عوام کے ساتھ محبت و حمایت کا اظہار کیا۔

    یہ یوتھ گالا نہ صرف طالبات کے لیے سیکھنے اور شعور بیدار کرنے کا ذریعہ بنا بلکہ امتِ مسلمہ کے اہم مسائل پر آواز بلند کرنے کا مؤثر پلیٹ فارم بھی ثابت ہوا۔

  • سیالکوٹ: ریسکیو 1122 اور عمران ادریس ہسپتال کے مابین باہمی تعاون کی یادداشت پر دستخط

    سیالکوٹ: ریسکیو 1122 اور عمران ادریس ہسپتال کے مابین باہمی تعاون کی یادداشت پر دستخط

    سیالکوٹ،باغی ٹی وی( سٹی رپورٹر مدثر رتو) ریسکیو 1122 سیالکوٹ اور عمران ادریس ٹیچنگ ہسپتال کے درمیان باہمی تعاون کی یادداشت پر دستخط کی تقریب ڈسکہ روڈ پر واقع ہسپتال میں منعقد ہوئی۔

    ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر نوید اقبال نے سیکرٹری پنجاب ایمرجنسی سروس ڈاکٹر رضوان نصیر کے وژن "سیفر کمیونٹی” کے تحت، ریجنل ایمرجنسی آفیسر ڈاکٹر فواد شہزاد مرزا کی نگرانی میں معاہدے پر دستخط کیے۔ تقریب میں عمران ادریس گروپ کے چئیرمین ڈاکٹر عمران ادریس، سی ای او ڈاکٹر جاوید، ایم ایس ڈاکٹر منیم، ڈائریکٹر لائف سیونگ ونگ ڈاکٹر محمد ادریس، ایمرجنسی آفیسر عرفان یعقوب، تحصیل انچارج سیالکوٹ محمد رضا، کمیونٹی ونگ انچارج محمد وسیم، ڈپٹی ڈائریکٹر عدیل انجم، DDMC سیالکوٹ کیوان حسن، اور ریسکیو سکاؤٹس ہنزلہ شریک ہوئے۔

    انجینئر نوید اقبال نے بتایا کہ اس معاہدے کے تحت ریسکیو 1122 اور عمران ادریس ہسپتال مل کر سکولز، کالجز کے طلبہ و طالبات اور کمیونٹی کو زندگی بچانے کی تربیت دیں گے تاکہ وہ ہنگامی حالات میں قیمتی جانیں بچا سکیں۔ ہسپتال انتظامیہ ریسکیو 1122 کو AED پیڈ فراہم کرے گی اور ریسکیورز کو American Heart Association کے تحت CPR کی تربیت بھی دی جائے گی۔

    ڈاکٹر عمران ادریس نے کہا کہ ریسکیو 1122 ایک قابلِ تحسین ادارہ ہے جو دن رات عوام کی خدمت میں مصروف ہے۔ انہوں نے اسے فخر قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ادارے مل کر معاشرے میں جان بچانے کی تربیت کو فروغ دیں گے، جو ہر شہری کے لیے لازمی ہے۔ انہوں نے اپنے بھرپور تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔

  • سیالکوٹ: وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی چوہدری ارشد وڑائچ مرحوم کے گھر آمد، تعزیت و فاتحہ خوانی

    سیالکوٹ: وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی چوہدری ارشد وڑائچ مرحوم کے گھر آمد، تعزیت و فاتحہ خوانی

    سیالکوٹ،باغی ٹی وی( سٹی رپورٹر مدثر رتو) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کینال سٹی سیالکوٹ میں حلقہ پی پی 52 سمبڑیال کے رکن صوبائی اسمبلی چوہدری ارشد جاوید وڑائچ مرحوم کی رہائش گاہ کا دورہ کیا۔

    مریم نواز شریف نے مرحوم کی بیٹیوں حنا ارشد وڑائچ اور زینا مصطفیٰ وڑائچ سے تعزیت کی اور چوہدری ارشد وڑائچ کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی۔ انہوں نے سوگوار خاندان کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔ مریم نواز نے کہا کہ چوہدری ارشد وڑائچ شرافت کی سیاست کا پیکر تھے، اور ان کی سیاسی و سماجی خدمات کو تادیر یاد رکھا جائے گا۔

    اس موقع پر سینئر وزیر مریم اورنگزیب، دیگر صوبائی و قومی اسمبلی کے ممبران، اور چیف سیکرٹری بھی موجود تھے۔ دعا کی گئی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔ آمین۔

  • سیالکوٹ: سینئر صحافی مہر مصطفیٰ کے والد کا انتقال،نمازجنازہ  میں مختلف شخصیات کی شرکت

    سیالکوٹ: سینئر صحافی مہر مصطفیٰ کے والد کا انتقال،نمازجنازہ میں مختلف شخصیات کی شرکت

    سیالکوٹ،باغی ٹی وی( بیوروچیف شاہد ریاض)سینئر صحافی مہر محمد مصطفیٰ کے والد انتقال کر گئے، نماز جنازہ میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے وابستہ افراد کی شرکت

    پروفیشنل پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا ایسوسی ایشن سیالکوٹ کے سرپرستِ اعلیٰ اور باغی ٹی وی کے نامہ نگار سینئرصحافی مہر محمد مصطفیٰ کے والد محترم طویل علالت کے بعد گزشتہ روز انتقال کر گئے۔ ان کی نماز جنازہ میں شہر بھر کی ممتاز شخصیات، صحافی برادری، وکلاء، سیاسی، سماجی اور رفاحی تنظیموں کے نمائندوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

    نماز جنازہ کے موقع پر مرحوم کے لیے دعائے مغفرت اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کی گئی۔ اس موقع پر اہلِ علاقہ اور رفقاء نے مہر محمد مصطفیٰ سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے ان کے والد کی دینی، اخلاقی و سماجی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا۔

  • سیالکوٹ: شوہر سے جھگڑے پر 32 سالہ خاتون نے زہریلی گولیاں کھا کر خودکشی کر لی

    سیالکوٹ: شوہر سے جھگڑے پر 32 سالہ خاتون نے زہریلی گولیاں کھا کر خودکشی کر لی

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی، بیوروچیف شاہد ریاض) شوہر سے جھگڑے پر 32 سالہ خاتون نے زہریلی گولیاں کھا کر خودکشی کر لی

    تفصیل کے مطابق سیالکوٹ کے علاقے موضع منڈیر خورد میں گھریلو جھگڑے نے ایک اور جان لے لی۔ شوہر سے جھگڑے کے بعد 32 سالہ خاتون اقراء نے دلبرداشتہ ہو کر گندم میں رکھنے والی زہریلی گولیاں کھا لیں، جس کے باعث اس کی حالت تشویشناک ہو گئی۔

    یہ خبر بھی پڑھیں
    ڈیرہ غازی خان:دری میرو کے قریب لڑکی کی پراسرار موت، قتل یاخودکشی ؟

    خاتون کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا جا رہا تھا مگر وہ راستے ہی میں دم توڑ گئی۔ افسوسناک واقعہ تھانہ ائیرپورٹ کی حدود میں پیش آیا۔ پولیس نے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے جبکہ لاش پوسٹ مارٹم کے لیے ہسپتال منتقل کر دی گئی ہے۔ اہلِ علاقہ نے واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

  • سیالکوٹ: جی سی ویمن یونیورسٹی میں فکرِ اقبال اور امتِ مسلمہ کے مسائل پر فکری سیمینار،

    سیالکوٹ: جی سی ویمن یونیورسٹی میں فکرِ اقبال اور امتِ مسلمہ کے مسائل پر فکری سیمینار،

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی، بیوروچیف شاہد ریاض)گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی سیالکوٹ میں شاعر مشرق علامہ محمد اقبال کے یوم وفات کے موقع پر "عصرِ حاضر میں اُمتِ مسلمہ کے مسائل اور فکرِ اقبال” کے عنوان سے ایک فکری و ادبی سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ اس تقریب کا اہتمام اقبال چئیر، ڈائریکٹوریٹ آف سٹوڈنٹس افیئرز، اوورِک اور شعبہ اردو کے باہمی تعاون سے کیا گیا۔

    تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ اقبال سے ہوا، جس کے بعد طالبات کے مابین بیت بازی کے مقابلے میں علامہ اقبال کے افکار کو اجاگر کیا گیا۔ نمایاں کارکردگی دکھانے والی ٹیموں کو نقد انعامات اور دیگر طالبات کو تعریفی اسناد دی گئیں۔

    مہمانِ خصوصی پروفیسر رانا اعجاز حسین نے خطاب میں کہا کہ فکرِ اقبال آج بھی امتِ مسلمہ کے لیے مشعلِ راہ ہے اور نوجوانوں کو علم، کردار اور اتحاد کا پیغام دیتی ہے۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شازیہ بشیر نے سیمینار سے خطاب میں اقبال کے افکار کو نوجوان نسل کے لیے مکمل ضابطہ حیات قرار دیا اور اقبال سینٹر آف ایکسیلینس اور سیرت سینٹر آف ایکسیلینس کے قیام کی منظوری کا اعلان کیا تاکہ طالبات علامہ اقبال اور سیرت النبی ﷺ پر تحقیق کر سکیں۔

    صدر شعبہ اردو ڈاکٹر افضال بٹ نے انتظامیہ، مہمانانِ گرامی اور منتظمین کا شکریہ ادا کیا، جبکہ ڈاکٹر رفعت چوہدری، پروفیسر عذرہ سبطین، ڈاکٹر فرح دیبا اور اسد اعجاز نے بھی سیمینار میں شرکت کی اور اقبال سنٹر آف ایکسیلینس کے قیام کے لیے عطیات دیے۔

    سیمینار کا اختتام مہمانانِ گرامی کو اعزازی شیلڈز اور کامیاب طالبات میں سرٹیفکیٹس کی تقسیم کے ساتھ ہوا۔ اس فکری نشست کو طالبات کی علمی، فکری اور قومی تربیت کی جانب اہم قدم قرار دیا گیا۔