Baaghi TV

Category: سیالکوٹ

  • سیالکوٹ:عقیدہ ختم نبوت کےتحفظ کے لیے اپنی جانیں قربان کرنے کیلئے تیار ہیں،مقررین

    سیالکوٹ:عقیدہ ختم نبوت کےتحفظ کے لیے اپنی جانیں قربان کرنے کیلئے تیار ہیں،مقررین

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی،بیوروچیف شاہدریاض): پاکستان سنی تحریک کے صوبائی صدر وسطی پنجاب حافظ طاہر رضا قادری نے سرکلر روڈ پر ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ عقیدہ ختم نبوت کے تحفظ کیلئے تحریک کے کارکن اپنی جانوں کی قربانی دینے سے بھی گریز نہیں کریں گے۔ انہوں نے تحفظ ختم نبوت تحریک کے شہداء کو خراج تحسین پیش کیا۔

    حافظ طاہر رضا قادری نے کہا کہ آنحضرت محمد ﷺ کا جشن میلاد دھوم دھام سے منایا جائے گا اور اس سلسلے میں ہونے والے کسی بھی مذہبی پروگرام میں رکاوٹ برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے حکومت اور متعلقہ اداروں سے اپیل کی کہ وہ 12 ربیع الاول سے پہلے میلاد جلوسوں کے راستوں کی مرمت، صفائی ستھرائی اور دیگر انتظامات مکمل کر لیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سنی تحریک انتظامی معاملات میں اداروں کے ساتھ تعاون کرے گی لیکن ساتھ ہی ساتھ حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ ماہ ربیع الاول میں ہونے والے جلوسوں اور محافل کو پوری سیکیورٹی فراہم کرے۔

    پاکستان سنی تحریک کے ضلعی صدر حافظ غلام مرتضیٰ، ضلعی جنرل سیکرٹری حافظ افضال دتے شاہی اور دیگر رہنماؤں نے بھی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قادیانیوں کو اسلام کے شعائر استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور انتظامیہ کا فرض ہے کہ وہ آئین و قانون کے مطابق عمل کرتے ہوئے شر پسندوں کی غیر قانونی سرگرمیوں کو روکے۔

  • سیالکوٹ: پسرور روڈ کی تعمیر کا آغاز، صحت اور صفائی کے اقدامات کا جائزہ لیاگیا

    سیالکوٹ: پسرور روڈ کی تعمیر کا آغاز، صحت اور صفائی کے اقدامات کا جائزہ لیاگیا

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی،سٹی رپورٹر مدثر رتو )سیالکوٹ کے ڈپٹی کمشنر محمد ذوالقرنین نے شہر کی ترقی اور عوام کی بہبود کے لیے کئی اہم اقدامات کا آغاز کردیا ہے۔ انہوں نے 6 ارب روپے کی لاگت سے 27 کلومیٹر طویل سیالکوٹ پسرور روڈ کی تعمیر کا جائزہ لیتے ہوئے بتایا کہ اس منصوبے سے علاقے کی معاشی حالت میں بہتری آئے گی اور لوگوں کو سہولت میسر ہوگی۔

    ڈپٹی کمشنر نے پسرور کے گاؤں مالی پور میں وزیر اعلیٰ پنجاب کے ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت صفائی مہم کا بھی جائزہ لیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ہر گاؤں میں کوڑا کرکٹ جمع کرنے کے لیے مخصوص مقامات بنائے جائیں تاکہ ماحول کو صاف ستھرا رکھا جا سکے۔

    اس کے علاوہ، ڈپٹی کمشنر نے مختلف بنیادی صحت مراکز اور اسکولوں کا بھی دورہ کیا اور وہاں دستیاب سہولیات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ لوگوں کو بہترین صحت کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے مزید کوششیں کریں۔

  • سیالکوٹ:ریسکیو 1122 نے یوم دفاع جوش و جذبے سے منایا

    سیالکوٹ:ریسکیو 1122 نے یوم دفاع جوش و جذبے سے منایا

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی ، سٹی رپورٹر مدثر رتو): پنجاب ایمرجنسی سروس ریسکیو 1122 سیالکوٹ نے یوم دفاع کو جوش و جذبے سے منایا۔ ضلعی حکومت کی جانب سے منعقدہ پرچم کشائی کی تقریب میں ریسکیو 1122 کے ریسکیورز اور ریسکیو سکاوٹس نے ہولیس، سول ڈیفنس اور رینجرز کے دستوں کے ہمراہ پرچم سلامی دی۔ یہ تقریب قلعہ پر منعقد ہوئی۔

    اس موقع پر بچوں نے ملی نغمے گائے اور دلکش ٹیبلو بھی پیش کیے۔ ریسکیو 1122 نے یوم دفاع کے موقع پر تمام سینٹرل ریسکیو اسٹیشنز پر تھیلیسیمیا کے مریض بچوں کے لیے بلڈ کیمپ کا انعقاد کیا۔ اس موقع پر بڑی تعداد میں ریسکیورز اور ریسکیو سکاوٹس نے خون کا عطیہ دیا۔

  • سیالکوٹ:لاکھوں ادھورے خواب,بے روزگار تعلیم یافتہ نوجوانوں کی سرکاری نوکریوں کے لیے 8 لاکھ درخواستیں

    سیالکوٹ:لاکھوں ادھورے خواب,بے روزگار تعلیم یافتہ نوجوانوں کی سرکاری نوکریوں کے لیے 8 لاکھ درخواستیں

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی بیورو چیف شاہد ریاض) صوبہ بھر سے 8 لاکھ سے زائد تعلیم یافتہ نوجوانوں نے حکومت سے ملازمت کے لیے اپیل کی ہے۔ ان بے روزگار افراد نے سرکاری نوکریوں کے مواقع فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

    نوجوانوں نے پنجاب جاب سنٹر کے آن لائن پلیٹ فارم پر بڑی تعداد میں درخواستیں جمع کروائیں۔ یہ پلیٹ فارم لیبر اینڈ ہیومن ریسورس ڈیپارٹمنٹ نے روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے لیے تیار کیا ہے۔

    اس کے علاوہ، ڈیلی ویجز کی ملازمتیں حاصل کرنے کے لیے بھی 86 ہزار سے زائد افراد نے آن لائن رجسٹریشن کروائی ہے۔ یہ پورٹل ہر مہینے ہزاروں بے روزگار افراد کو درخواستیں جمع کرانے کا موقع فراہم کر رہا ہے۔

  • سیالکوٹ: یوم دفاع کے موقع پر تبدیلی ہلال استقلال کی شاندار تقریب منعقد ہوئی

    سیالکوٹ: یوم دفاع کے موقع پر تبدیلی ہلال استقلال کی شاندار تقریب منعقد ہوئی

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی بیوروچیف شاہد ریاض+سٹی رپورٹرمدثراتو): یوم دفاع پاکستان کے سلسلے میں سیالکوٹ کے تاریخی قلعے میں جناح ہال میں تبدیلی ہلال استقلال کی مرکزی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس شاندار تقریب میں مہمان خصوصی کے طور پر اسٹیشن کمانڈر برگیڈیئر اویس توقیر، ڈپٹی کمشنر محمد ذوالقرنین، ڈی پی او رانا عمر فاروق اور رکن صوبائی اسمبلی چوہدری فیصل اکرام نے شرکت کی اور ہلال استقلال کی رسم ادا کی۔

    اس موقع پر شہر کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد، طلبہ و طالبات، چناب رینجرز، پنجاب پولیس، تنظیم شہری دفاع کے رضاکاروں، ریسکیو 1222 کے وارڈنز اور اسکاؤٹس کے دستوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ طلبہ و طالبات کے بینڈز نے بھی خصوصی طور پر شرکت کی اور اپنے دلنشین نغموں سے ماحول کو قومی جذبے سے لبریز کر دیا۔

    تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی نے پاکستان کی مسلح افواج کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ ہماری افواج ملک کی سلامتی اور استحکام کے لیے ہمیشہ پیش قدم رہی ہیں۔ انہوں نے نوجوان نسل کو ملک کی خدمت کے لیے آگے آنے کی تلقین کی۔

    اس موقع پر طلبہ نے ملی نغمے اور دلچسپ ٹیبلو پیش کیے۔ تقریب کے اختتام پر ملک و قوم کی سلامتی اور استحکام کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔

    اس تقریب میں شامل دیگر اہم شخصیات میں ایڈمنسٹریٹر میونسپل کارپوریشن سیالکوٹ محمد اقبال، اسسٹنٹ کمشنر انعم بابر، سی او میونسپل کارپوریشن ملک افضل، چیف وارڈن تنظیم شہری دفاع طاہر مجید کپور، سی سی او ایجوکیشن جاوید اقبال، ڈی او سیکنڈری ملک اللہ، ڈی اوز ایلیمنٹری اسماء ڈار اور مجاہد حسین علوی شامل تھے۔

    یہ تقریب وطن عزیز کے دفاع میں شہید ہونے والے جوانوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کا ایک موقع تھا۔

  • سیالکوٹ: 30 ہزار سے زائد کسانوں کو وزیر اعلیٰ پنجاب کسان کارڈ دیئے جائیں گے

    سیالکوٹ: 30 ہزار سے زائد کسانوں کو وزیر اعلیٰ پنجاب کسان کارڈ دیئے جائیں گے

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی): ڈپٹی کمشنر محمد ذوالقرنین نے بتایا ہے کہ ضلع سیالکوٹ میں 30 ہزار 173 زمینداروں کو وزیر اعلیٰ پنجاب کسان کارڈ دیئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ کسان کارڈ 2024-24 کے تحت پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا کسان پیکج کا حصہ ہے۔

    ڈپٹی کمشنر نے مزید بتایا کہ اس اسکیم سے 1 ایکڑ سے 12.5 ایکڑ زرعی اراضی کے مالک کسانوں کو فائدہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ کسان کارڈ کے ذریعے کسان محکمہ زراعت کی تمام سکیموں اور سہولیات سے مستفید ہو سکیں گے۔

    کسان کارڈ حاصل کرنے کا طریقہ:

    1 ایکڑ سے زائد اور 12.5 ایکڑ سے کم زرعی اراضی کا مالک ہونا چاہیے۔
    اراضی ریکارڈ مرکز سے تصدیق شدہ کاشتکار ہونا چاہیے۔
    موبائل فون کی سیم موبائل فون پر رجسٹرڈ ہونی چاہیے اور اس میں بیلنس موجود ہونا چاہیے۔
    8070 پر ایس ایم ایس کرنا ہوگا۔ ایس ایم ایس میں pkc کے بعد سپیس دے کر اپنا شناختی کارڈ نمبر لکھنا ہوگا۔
    کسان کارڈ بینک آف پنجاب کی برانچ پر موصول ہوگا۔

  • سیالکوٹ: ریٹائرڈ پٹواریوں کی الوداعی تقریب، اسسٹنٹ کمشنر نے خدمات پر خراج تحسین پیش کیا

    سیالکوٹ: ریٹائرڈ پٹواریوں کی الوداعی تقریب، اسسٹنٹ کمشنر نے خدمات پر خراج تحسین پیش کیا

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی،بیوروچیف شاہدریاض): انجمن پٹواریان و گردواران تحصیل سیالکوٹ نے ریٹائرڈ ہونے والے پٹواریوں کی الوداعی تقریب کا اہتمام کیا۔ اس تقریب میں اسسٹنٹ کمشنر سیالکوٹ انعم بابر نے مہمان خصوصی کے طور پر شرکت کی۔

    انجمن پٹواریان کے صدر آصف امین اعوان نے ریٹائرڈ ہونے والے پٹواریوں کی خدمات پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنی زندگی عوامی خدمت کے لیے وقف کر دی۔

    اسسٹنٹ کمشنر سیالکوٹ نے کہا کہ پٹواری معاشرے کا اہم حصہ ہیں اور ان کی خدمات کے بغیر معاشرہ نامکمل ہے۔ انہوں نے ریٹائرڈ ہونے والے پٹواریوں کو مبارکباد دیتے ہوئے ان کی بہتر زندگی کے لیے دعا کی۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ پٹواریوں کو ان سے سیکھنا چاہیے۔

    تقریب میں تحصیل سمبڑیال، تحصیل ڈسکہ اور تحصیل پسرور انجمن پٹواریان کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔

  • سیالکوٹ میں 2432 طلباء ایم ڈی کیٹ کا امتحان دیں گے

    سیالکوٹ میں 2432 طلباء ایم ڈی کیٹ کا امتحان دیں گے

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی بیوروچیف شاہدریاض): ضلع سیالکوٹ میں میڈیکل اور ڈینٹل کالجز میں داخلے کے لیے ایم ڈی کیٹ کا امتحان 22 ستمبر کو گورنمنٹ کالج فار ویمن یونیورسٹی سیالکوٹ میں منعقد ہوگا۔ اس امتحان میں 2432 طلباء اور طالبات حصہ لیں گے جن میں سے 1956 لڑکیاں اور 476 لڑکے شامل ہیں۔

    یہ بات ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ محمد ذوالقرنین اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سیالکوٹ رانا عمر فاروق نے ایم ڈی کیٹ انٹری ٹیسٹ 2024 کے پر امن اور شفاف انعقاد کے لیے انتظامی و سیکیورٹی امور کے لائحہ عمل کو تشکیل دینے کے لیے منعقدہ اجلاس میں بتائی۔

    ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ نے کہا کہ ایم ڈی کیٹ امتحان میں دیانتداری کو برقرار رکھنے اور شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔ اس سلسلے میں تمام محکموں کو ذمہ داریاں تفویض کی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک قومی اور آئینی ذمہ داری ہے جسے ایمانداری سے انجام دیا جائے گا اور اس میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

  • سیالکوٹ:نکاسی آب کیلئے 1600 فٹ لمبا نالہ تعمیر ہوگا

    سیالکوٹ:نکاسی آب کیلئے 1600 فٹ لمبا نالہ تعمیر ہوگا

    سیالکوٹ( باغی ٹی وی بیورو چیف شاہد ریاض ) نکاسی آب کے مسئلے کا حل، 1600 فٹ لمبا نالہ تعمیر کیا جائے گا

    ڈپٹی کمشنر اور ایڈمنسٹریٹر ضلع کونسل سیالکوٹ محمد ذوالقرنین نے اعلان کیا ہے کہ کوٹلی لوہاراں مشرقی میں نکاسی آب کے دیرینہ مسئلے کو حل کرنے کے لیے 1600 فٹ لمبا نالہ تعمیر کیا جائے گا۔ نالے کی توسیع اور تعمیر کے لیے 6.5 کنال نجی اراضی کی ایکوائرمنٹ کی ضرورت ہے، جس کے لیے سیکرٹری لوکل گورنمنٹ پنجاب کو خط لکھا گیا ہے۔

    ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ کوٹلی لوہاراں مشرقی کے دو زمین مالکان نے نالے کی تعمیر کے لیے 4 کنال اراضی بغیر معاوضے کے فراہم کرنے کا حلف نامہ جمع کروا دیا ہے۔ باقی 2.5 کنال اراضی (600 فٹ لمبی) کی ایکوائرمنٹ کے لیے سیکرٹری لوکل گورنمنٹ سے ایڈوائس مانگی گئی ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ کوٹلی لوہاراں مشرقی 30 ہزار آبادی پر مشتمل ایک قصبہ ہے جہاں بارشوں کے دوران نالے کی ناکافی گنجائش کی وجہ سے پانی کی اوور فلو کا مسئلہ پیدا ہوا ہے۔ مقامی لوگوں نے نالے کی توڑ پھوڑ کی جس سے پانی کی نکاسی مشکل ہو گئی تھی۔

    ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ نالے اور پلیوں کی ڈی سلٹنگ کے بعد پانی کی سطح کم ہو رہی ہے اور ڈی واٹر سیٹ بھی لگائے گئے ہیں۔ اگر مزید بارش نہ ہوئی تو پانی ایک دن میں اتر جائے گا۔

    اس مسئلے کا مستقل حل نالے کی تعمیر میں ہے، جس کے لیے نجی زمین کی ایکوائرمنٹ کے بعد ساڑھے تین کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیراتی کام شروع کر دیا جائے گا۔

    یہ بات انہوں نے ڈویلپمنٹ ریویو کے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر پلاننگ مظفر مختار، ڈسٹرکٹ آفیسر انفراسٹرکچر اینڈ سروسز ملک ریاض، ڈی ڈی ڈویلپمنٹ چودھری آصف، محکمہ پبلک ہیلتھ اور ایریگیشن کے حکام بھی موجود تھے۔

    ڈپٹی کمشنر نے ایریگیشن کے مقامی حکام کو ہدایت کی کہ ضلع سیالکوٹ میں بارشی اور سیلابی پانی کی نکاسی کے لیے نالوں پر تجاوزات اور غیر قانونی تعمیرات کے حوالے سے ایک مفصل رپورٹ فراہم کریں تاکہ سیلابی پانی کی گزرگاہوں کو ناجائز قابضین سے واگزار کرایا جا سکے۔

  • سیالکوٹ: رنگپورہ میں ڈاکوؤں کا کنٹرول، بہن بھائی سے گن پوائنٹ پر ڈکیتی، شہرمیں خوف

    سیالکوٹ: رنگپورہ میں ڈاکوؤں کا کنٹرول، بہن بھائی سے گن پوائنٹ پر ڈکیتی، شہرمیں خوف

    سیالکوٹ (باغی ٹی وی،بیوروچیف شاہدریاض): شہر اور گردونواح میں ڈکیتی اور رہزنی کے واقعات میں اضافے سے شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔ تازہ ترین واقعہ تھانہ رنگپورہ کے علاقے مرے کالج کے قریب پیش آیا جہاں دو مسلح ڈاکوؤں نے ایک بہن بھائی سے ان کی موٹرسائیکل چھین لی۔

    باغی ٹی وی کو موصول ہونے والی سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ڈاکوؤں نے اسلحے کے زور پر موٹرسائیکل چھیننے کے علاوہ متاثرین کے ساتھ تشدد بھی کیا۔ یہ واقعہ دن کے اوقات میں پیش آیا جس نے شہریوں میں تشویش پیدا کردی ہے۔

    پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے کوششیں جاری ہیں اور جلد ہی انہیں قانون کے شکنجے میں لے لیا جائے گا۔ انہوں نے شہریوں سے اپنی سلامتی کا خود خیال رکھنے اور کسی مشکوک سرگرمی پر پولیس کو فوری طور پر اطلاع دینے کی اپیل کی ہے۔