Baaghi TV

Category: سکھر

  • قادرپور: تیز رفتار موٹرسائیکل دینگڑو واہ میں جا گری، دو سوار محفوظ

    قادرپور: تیز رفتار موٹرسائیکل دینگڑو واہ میں جا گری، دو سوار محفوظ

    گہوٹکی باغی ٹی وی / نامہ نگار مشتاق علی لغاری
    گھوٹکی، قادرپور: قادرپور پولیس چوکی کے قریب تیز رفتاری کے باعث ایک موٹرسائیکل بے قابو ہو کر دینگڑو واہ میں جا گری، جس کے نتیجے میں موٹرسائیکل پر سوار دو لڑکے پانی میں پھنس گئے۔ قریب موجود مقامی افراد نے فوری طور پر موقع پر پہنچ کر اپنی مدد آپ کے تحت دونوں کو بحفاظت پانی سے باہر نکال لیا، یوں ایک ممکنہ بڑا سانحہ بروقت امداد کے باعث ٹل گیا۔

    واقعے نے علاقے میں تیز رفتاری، کم عمر افراد کی موٹرسائیکل ڈرائیونگ اور خطرناک آبی گزرگاہوں کے اطراف حفاظتی انتظامات کی کمی پر تشویش پیدا کر دی ہے۔علاقہ مکینوں نے ایس ایس پی گھوٹکی، متعلقہ پولیس افسران، ٹریفک پولیس اور ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ کم عمر افراد کی موٹرسائیکل ڈرائیونگ کی روک تھام کے لیے قانون کے مطابق مؤثر کارروائی کی جائے اور والدین و سرپرستوں کو بھی اپنی ذمہ داری کا پابند بنایا جائے۔
    شہریوں کا کہنا ہے کہ صرف حادثے کے بعد کارروائی کافی نہیں، بلکہ خطرناک مقامات کی نشاندہی کرکے حفاظتی ریلنگ، مضبوط بیریئرز، وارننگ سائن بورڈز، ریفلیکٹرز اور رات کے وقت مناسب روشنی سمیت ضروری حفاظتی اقدامات فوری طور پر کیے جائیں۔علاقہ مکینوں نے محکمہ آبپاشی اور متعلقہ بلدیاتی و انتظامی اداروں سے دینگڑو واہ سمیت دیگر خطرناک مقامات کا سروے کرانے اور جہاں ضرورت ہو وہاں مستقل حفاظتی انتظامات مکمل کرنے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔شہریوں نے واضح کیا کہ کسی بڑے جانی نقصان کے بعد جاگنے کے بجائے انسانی جانوں کے تحفظ کے لیے پیشگی اقدامات کیے جائیں۔ پولیس اور انتظامیہ واقعے کی وجوہات، سڑک کی صورتحال اور مقام پر موجود حفاظتی انتظامات کا جائزہ لے کر ضروری اقدامات کریں۔

  • اوباڑو: چاچڑ برادری کا قرآن پاک اٹھا کر احتجاج، تحفظ اور انصاف کا مطالبہ

    اوباڑو: چاچڑ برادری کا قرآن پاک اٹھا کر احتجاج، تحفظ اور انصاف کا مطالبہ

    گہوٹکی باغی ٹی وی/نامہ نگار مشتاق علی لغاری
    اوباڑو: چاچڑ برادری کے مردوں اور خواتین نے اپنی ہی برادری کے بعض افراد کے خلاف قرآن پاک اٹھا کر احتجاجی مظاہرہ کیا اور تحفظ فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔

    احتجاج کے دوران امیر خان چاچڑ نے الزام عائد کیا کہ ان کا معاملہ میاں رفیق احمد کے پاس طے ہوچکا ہے اور وہ اس فیصلے کو تسلیم کرتے ہیں، تاہم غلام حیدر چاچڑ اور بگن چاچڑ مبینہ طور پر انہیں جان سے مارنے کی دھمکیاں دے رہے ہیں اور طے شدہ فیصلے کو بھی تسلیم نہیں کر رہے۔امیر خان چاچڑ کے مطابق پولیس کو متعدد درخواستیں دینے کے باوجود انہیں مبینہ طور پر ہراساں اور پریشان کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے ایس ایس پی گھوٹکی اور ڈی آئی جی سکھر سے مطالبہ کیا کہ معاملے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے انہیں اور ان کے اہلخانہ کو تحفظ فراہم کیا جائے اور انصاف کے تقاضے پورے کیے جائیں۔مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ انہیں مبینہ دھمکیوں سے نجات دلانے کے لیے قانونی کارروائی کی جائے اور ان کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔

  • حوالات میں شہری کو برہنہ کرنے والا معطل ایس ایچ او خود مدعی بن گیا، 51 افراد پر مقدمہ

    حوالات میں شہری کو برہنہ کرنے والا معطل ایس ایچ او خود مدعی بن گیا، 51 افراد پر مقدمہ

    گھوٹکی میں حوالات کے اندر ملزم کو مبینہ طور پر برہنہ کرکے ویڈیو بنانے والے معطل ایس ایچ او قابل بھیو نے خود مدعی بن کر متاثرہ شہری سمیت 51 افراد کے خلاف مقدمہ درج کرا دیا۔

    ذرائع کے مطابق معطل ایس ایچ او قابل بھیو پیکا ایکٹ کے تحت درج مقدمے میں ضمانت منسوخ ہونے پر عدالت سے فرار ہونے کی کوشش کر رہا تھا کہ شہریوں نے اسے پکڑ لیا۔ شہریوں کی جانب سے پکڑے جانے کے بعد قابل بھیو نے مبینہ طور پر متاثرہ شہری سمیت 51 افراد کے خلاف مقدمہ درج کروا دیا۔

    پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے تذلیل کا نشانہ بننے والے شہری سمیت 4 افراد کو گرفتار کرلیا، تاہم ضمانت منسوخ ہونے کے باوجود پولیس نے معطل ایس ایچ او قابل بھیو کو گرفتار نہیں کیا۔

    قابل بھیو پر تھانہ آندل سندرانی کی حوالات میں ایک شہری کو مبینہ طور پر برہنہ کرکے اس کی ویڈیو ریکارڈ کرنے کا الزام ہے۔ اس کے علاوہ اس پر شہری ملہن شر کی مبینہ برہنہ ویڈیو ایک مخالف وڈیرے کو بھیجنے کا بھی الزام عائد کیا گیا ہے۔

    واقعے کی انکوائری کے بعد ایس ایس پی گھوٹکی نے قابل بھیو کو معطل کردیا تھا اور معاملے میں دو مقدمات درج کرنے کی ہدایت کی تھی۔

    تازہ صورتحال میں معطل ایس ایچ او کی جانب سے خود مدعی بن کر متاثرہ شہری سمیت 51 افراد کے خلاف مقدمہ درج کرانے اور ضمانت منسوخ ہونے کے باوجود اس کی گرفتاری نہ ہونے پر بھی سوالات اٹھ رہے ہیں۔

  • چرس ڈیلر کو 14 سال قید اور 5 لاکھ روپے جرمانے کی سزا

    چرس ڈیلر کو 14 سال قید اور 5 لاکھ روپے جرمانے کی سزا

    ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ بدین نے منشیات کے مقدمے میں جرم ثابت ہونے پر چرس ڈیلر شعیب لوہار کو 14 سال قیدِ بامشقت اور 5 لاکھ روپے جرمانہ کی سزا سنادی۔

    تفصیلات کے مطابق تھانہ کڈھن کی حدود میں سب انسپکٹر وسیم بوہڑ نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے ملزم شعیب لوہار کو گرفتار کرکے اس کے قبضے سے 5 کلو 80 گرام چرس برآمد کی تھی، جس پر ملزم کے خلاف تھانہ کڈھن میں کنٹرول آف نارکوٹک سبسٹینسز ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا۔مقدمے کی تفتیش اس وقت کے ایس ایچ او تھانہ کڈھن انسپکٹر غلام قادر سرکی نے مکمل کی، جبکہ عدالت میں استغاثہ کی مؤثر پیروی ڈپٹی ڈسٹرکٹ پبلک پراسیکیوٹر محمد اسلم شیخ نے کی۔ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج بدین عبدالقدوس میمن نے مقدمے کی سماعت مکمل ہونے پر ملزم کے خلاف چرس رکھنے کا الزام ثابت ہونے پر اسے 14 سال قیدِ بامشقت اور 5 لاکھ روپے جرمانہ کی سزا سنائی۔

    ملزم پہلے ہی جوڈیشل کسٹڈی میں تھا، لہٰذا عدالتی فیصلے کے بعد اسے مقررہ سزا بھگتنے کے لیے جیل روانہ کردیا گیا۔

  • کوئی اٹھائیسویں ترمیم نہیں،یہ میڈیا کی مہربانی ہے،خورشید شاہ

    کوئی اٹھائیسویں ترمیم نہیں،یہ میڈیا کی مہربانی ہے،خورشید شاہ

    سینئر سیاستدان، پیپلز پارٹی کے رہنما خورشید احمد شاہ نے نماز عید ادا کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج کا دن تاریخ اسلام میں بہت اہمیت رکھتا ہے،

    خورشید احمد شاہ کا کہناتھا کہ انسان کو بتایا گیا ہے کہ اللہ تعالیٰ جب بندے کا امتحان لیتا ہے تو آزمائشیں آتی ہیں،آج کے دن پر سب کو عید کی مبارکباد پیش کرتا ہوں،قربانی کا اصل مقصد قربانی سے گریز نہ کرنا ہے، آج کے حالات اچھے نہیں ہیں،امریکہ اور اسرائیل کی طرف سے مسلم ممالک میں جنگ کی صورتحال ہے،پاکستان نے اس معاملے پر بہت اچھا کردار ادا کیا ہے،پاک فوج اور پاکستانی عوام قربانی کے لیے تیار ہیں، ہم ضرور کامیاب ہوں گے،اس وقت کوئی اٹھائیسویں ترمیم نہیں،یہ میڈیا کی مہربانی ہے جس نے ترمیم کا تاثر پیدا کیا،ہم سب بڑے ہو گئے ہیں، سیانے ہو گئے ہیں

  • پسند کی شادی، پورے گاؤں کو آگ لگا دی گئی

    پسند کی شادی، پورے گاؤں کو آگ لگا دی گئی

    جیکب آباد: سندھ کے ضلع جیکب آباد میں پسند کی شادی کے تنازع پر مسلح افراد نے پورے گاؤں کو نشانہ بناتے ہوئے درجنوں گھروں کو آگ لگا دی، جبکہ جدید اسلحے سے فائرنگ کر کے علاقے میں خوف و ہراس پھیلا دیا۔

    جیکب آباد کے علاقے گوٹھ محمد صدیق آرائیں میں 5 مئی کو پیش آنے والے ہولناک واقعے میں مسلح افراد نے متعدد گھروں کو نذرِ آتش کر دیا، جس کے باعث درجنوں خاندان بے گھر ہو گئے۔ عینی شاہدین کے مطابق حملہ آور کئی گھنٹوں تک فائرنگ کرتے رہے اور گھروں میں آگ لگا کر فرار ہو گئے۔ایس ایس پی جیکب آباد فیضان علی کے مطابق ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ گوٹھ صدیق آرائیں اور گوٹھ غازی خان چنہ سے تعلق رکھنے والے ایک جوڑے نے حیدرآباد کی عدالت میں پسند کی شادی کی تھی، جس پر مشتعل افراد نے انتقامی کارروائی کرتے ہوئے پورے گاؤں کو نشانہ بنایا۔پولیس کا کہنا ہے کہ مختلف مقامات پر چھاپے مار کر 5 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے، جبکہ مقدمے میں 12 نامزد اور 20 نامعلوم افراد کو شامل کیا گیا ہے۔ ملزمان کے خلاف انسدادِ دہشت گردی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر کے مزید تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔

    پولیس حکام کے مطابق دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے، تاہم کئی روز گزر جانے کے باوجود تمام ملزمان گرفتار نہ ہونے پر متاثرہ خاندان شدید خوف اور بے چینی کا شکار ہیں۔متاثرین کا کہنا ہے کہ آگ زنی کے واقعے نے ان کی زندگیاں تباہ کر دی ہیں۔ شدید گرمی کے موسم میں خواتین، بچے اور بزرگ کھلے آسمان تلے رہنے پر مجبور ہیں، جبکہ متاثرہ خاندانوں نے حکومت سے فوری امداد اور انصاف فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

  • ٹھٹھہ،مال گاڑی حادثے کا شکار، تین بوگیاں پٹری سے اتر گئیں

    ٹھٹھہ،مال گاڑی حادثے کا شکار، تین بوگیاں پٹری سے اتر گئیں

    ضلع ٹھٹھہ میں جنگشانی ریلوے اسٹیشن کے قریب ایک مال گاڑی حادثے کا شکار ہو گئی، جس کے نتیجے میں انجن سمیت تین بوگیاں پٹری سے اتر گئیں۔ حادثے کے باعث ریلوے کا لوپ لائن ٹریک متاثر ہوا اور ٹرینوں کی آمدورفت میں مشکلات پیش آئیں۔

    پاکستان ریلویز کے حکام کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ حادثہ مال گاڑی کے ایئر پریشر بریک فیل ہونے کے باعث پیش آیا، جس کی وجہ سے گاڑی پر قابو برقرار نہ رکھا جا سکا۔ریلوے حکام نے مزید بتایا کہ متاثرہ لوپ لائن ٹریک کی بحالی کے لیے ہنگامی اقدامات شروع کر دیے گئے ہیں اور کوٹری سے ریلوے کی تکنیکی ٹیمیں موقع پر روانہ کر دی گئی ہیں۔ مرمتی کام مکمل ہونے تک ٹریک پر ٹرینوں کی آمدورفت جزوی طور پر متاثر رہنے کا امکان ہے۔حکام کے مطابق حادثے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی تاہم واقعے کی مکمل تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں تاکہ اصل وجوہات کا تعین کیا جا سکے

  • شکارپور،باراتیوں کی بس کھائی میں جا گری،8 کی موت،دولہا،دلہن سمیت 26 زخمی

    شکارپور،باراتیوں کی بس کھائی میں جا گری،8 کی موت،دولہا،دلہن سمیت 26 زخمی

    شکارپور کے علاقے میان جو گوٹھ لنک روڈ پر ایک المناک ٹریفک حادثے میں باراتیوں سے بھری بس کھائی میں جا گری، جس کے نتیجے میں ایک بچے سمیت 8 افراد جاں بحق جبکہ دولہا اور دلہن سمیت 26 افراد زخمی ہوگئے۔

    پولیس کے مطابق حادثہ بس کا ٹائی راڈ ٹوٹنے کے باعث پیش آیا، جس کے بعد ڈرائیور گاڑی پر قابو نہ رکھ سکا اور بس بے قابو ہو کر سڑک کنارے کھائی میں جا گری۔ حادثے کے فوراً بعد علاقے میں کہرام مچ گیا اور مقامی افراد نے اپنی مدد آپ کے تحت امدادی کارروائیاں شروع کردیں۔ریسکیو ٹیموں اور پولیس اہلکاروں نے موقع پر پہنچ کر لاشوں اور زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کیا، جہاں متعدد زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔پولیس حکام کے مطابق بدقسمت بس بلوچستان کے شہر اوستہ محمد سے میر پور برڑو جارہی تھی کہ شکارپور کے قریب میان جو گوٹھ کے مقام پر یہ افسوسناک حادثہ پیش آیا۔حادثے کے بعد اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی جبکہ جاں بحق افراد کی شناخت اور ضروری قانونی کارروائی کا عمل جاری ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ اور دیگر حکام نے واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔

  • خیرپور،پولیس آپریشن کے دوران بچی سمیت 3 افراد جاں بحق،3 ایس ایچ اوز معطل

    خیرپور،پولیس آپریشن کے دوران بچی سمیت 3 افراد جاں بحق،3 ایس ایچ اوز معطل

    خیرپور میں سکھر پولیس کے آپریشن کے دوران بچی سمیت 4 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد 3 ایس ایچ اوز معطل اور ایک گرفتار کرلیا گیا۔

    ایس ایس پی اظہر مغل کے مطابق سکھر پولیس نے گزشتہ روز 4 افراد کے قتل میں مطلوب ملزم کی گرفتاری کے لیے خیرپور میں شادی شہید کے پہاڑی علاقے میں آپریشن کیا تھا،آپریشن کے دوران ڈرون کا بھی استعمال کیا تھا، جس میں ایک بچی سمیت 4 افراد کی ہلاکت ہوئی، ایس ایس پی کے مطابق آپریشن میں شامل 3 تھانوں کے ایس ایچ اوز کو معطل کرکے واقعےکی تحقیقات کے لیے ایس ایس پی گھوٹکی کی سربراہی میں کمیٹی قائم کردی گئی ہے،سکھر پولیس آپریشن میں بچی سمیت 4 افراد کی ہلاکت پر اہل علاقہ نے خیرپور میں مریم توب چوک پر لاشیں رکھ کر شدید احتجاج کیا۔

    وزیر داخلہ سندھ نے ڈی آئی جی سکھر کو ہدایت کی ہےکہ واقعےکی شفاف اور جامع تحقیقات کرتے ہوئے تمام پہلوؤں کا باریک بینی سے جائزہ لیا جائے، ذمہ داروں کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔

  • 
سکھر میں میٹرک امتحان، نقل پر طلبہ کے خلاف کارروائی

    
سکھر میں میٹرک امتحان، نقل پر طلبہ کے خلاف کارروائی

    
سکھر تعلیمی بورڈ کے زیر انتظام جاری میٹرک امتحانات کے دوران نقل کے متعدد واقعات سامنے آئے ہیں، جس پر امتحانی حکام نے سخت کارروائی شروع کر دی ہے۔
    اسسٹنٹ کنٹرولر امتحانات کے مطابق گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول میں ایک طالبہ کو نقل کرتے ہوئے پکڑا گیا جسے فوری طور پر امتحانی ہال سے باہر نکال دیا گیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ مذکورہ طالبہ کے خلاف قانونی کارروائی بھی کی جائے گی۔‎مزید بتایا گیا ہے کہ اسی امتحانی مرکز میں مجموعی طور پر 23 طلبہ نقل کرتے ہوئے پکڑے گئے، جن کے خلاف کاپی کیس درج کر لیا گیا ہے۔ ان طلبہ کے امتحانی پرچے منسوخ کیے جانے اور دیگر تادیبی اقدامات کا بھی امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
    ‎امتحانی حکام کے مطابق شفاف امتحانات کے انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے سخت نگرانی کی جا رہی ہے اور کسی بھی قسم کی بے ضابطگی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ماہرین تعلیم کا کہنا ہے کہ نقل کے رجحان کے خاتمے کے لیے نہ صرف سخت اقدامات ضروری ہیں بلکہ طلبہ میں ایمانداری اور محنت کے فروغ کے لیے شعور اجاگر کرنا بھی اہم ہے۔