Baaghi TV

حوالات میں شہری کو برہنہ کرنے والا معطل ایس ایچ او خود مدعی بن گیا، 51 افراد پر مقدمہ

گھوٹکی میں حوالات کے اندر ملزم کو مبینہ طور پر برہنہ کرکے ویڈیو بنانے والے معطل ایس ایچ او قابل بھیو نے خود مدعی بن کر متاثرہ شہری سمیت 51 افراد کے خلاف مقدمہ درج کرا دیا۔

ذرائع کے مطابق معطل ایس ایچ او قابل بھیو پیکا ایکٹ کے تحت درج مقدمے میں ضمانت منسوخ ہونے پر عدالت سے فرار ہونے کی کوشش کر رہا تھا کہ شہریوں نے اسے پکڑ لیا۔ شہریوں کی جانب سے پکڑے جانے کے بعد قابل بھیو نے مبینہ طور پر متاثرہ شہری سمیت 51 افراد کے خلاف مقدمہ درج کروا دیا۔

پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے تذلیل کا نشانہ بننے والے شہری سمیت 4 افراد کو گرفتار کرلیا، تاہم ضمانت منسوخ ہونے کے باوجود پولیس نے معطل ایس ایچ او قابل بھیو کو گرفتار نہیں کیا۔

قابل بھیو پر تھانہ آندل سندرانی کی حوالات میں ایک شہری کو مبینہ طور پر برہنہ کرکے اس کی ویڈیو ریکارڈ کرنے کا الزام ہے۔ اس کے علاوہ اس پر شہری ملہن شر کی مبینہ برہنہ ویڈیو ایک مخالف وڈیرے کو بھیجنے کا بھی الزام عائد کیا گیا ہے۔

واقعے کی انکوائری کے بعد ایس ایس پی گھوٹکی نے قابل بھیو کو معطل کردیا تھا اور معاملے میں دو مقدمات درج کرنے کی ہدایت کی تھی۔

تازہ صورتحال میں معطل ایس ایچ او کی جانب سے خود مدعی بن کر متاثرہ شہری سمیت 51 افراد کے خلاف مقدمہ درج کرانے اور ضمانت منسوخ ہونے کے باوجود اس کی گرفتاری نہ ہونے پر بھی سوالات اٹھ رہے ہیں۔

More posts