Baaghi TV

قادرپور: تیز رفتار موٹرسائیکل دینگڑو واہ میں جا گری، دو سوار محفوظ

گہوٹکی باغی ٹی وی / نامہ نگار مشتاق علی لغاری
گھوٹکی، قادرپور: قادرپور پولیس چوکی کے قریب تیز رفتاری کے باعث ایک موٹرسائیکل بے قابو ہو کر دینگڑو واہ میں جا گری، جس کے نتیجے میں موٹرسائیکل پر سوار دو لڑکے پانی میں پھنس گئے۔ قریب موجود مقامی افراد نے فوری طور پر موقع پر پہنچ کر اپنی مدد آپ کے تحت دونوں کو بحفاظت پانی سے باہر نکال لیا، یوں ایک ممکنہ بڑا سانحہ بروقت امداد کے باعث ٹل گیا۔

واقعے نے علاقے میں تیز رفتاری، کم عمر افراد کی موٹرسائیکل ڈرائیونگ اور خطرناک آبی گزرگاہوں کے اطراف حفاظتی انتظامات کی کمی پر تشویش پیدا کر دی ہے۔علاقہ مکینوں نے ایس ایس پی گھوٹکی، متعلقہ پولیس افسران، ٹریفک پولیس اور ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ کم عمر افراد کی موٹرسائیکل ڈرائیونگ کی روک تھام کے لیے قانون کے مطابق مؤثر کارروائی کی جائے اور والدین و سرپرستوں کو بھی اپنی ذمہ داری کا پابند بنایا جائے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ صرف حادثے کے بعد کارروائی کافی نہیں، بلکہ خطرناک مقامات کی نشاندہی کرکے حفاظتی ریلنگ، مضبوط بیریئرز، وارننگ سائن بورڈز، ریفلیکٹرز اور رات کے وقت مناسب روشنی سمیت ضروری حفاظتی اقدامات فوری طور پر کیے جائیں۔علاقہ مکینوں نے محکمہ آبپاشی اور متعلقہ بلدیاتی و انتظامی اداروں سے دینگڑو واہ سمیت دیگر خطرناک مقامات کا سروے کرانے اور جہاں ضرورت ہو وہاں مستقل حفاظتی انتظامات مکمل کرنے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔شہریوں نے واضح کیا کہ کسی بڑے جانی نقصان کے بعد جاگنے کے بجائے انسانی جانوں کے تحفظ کے لیے پیشگی اقدامات کیے جائیں۔ پولیس اور انتظامیہ واقعے کی وجوہات، سڑک کی صورتحال اور مقام پر موجود حفاظتی انتظامات کا جائزہ لے کر ضروری اقدامات کریں۔

More posts