Baaghi TV

Category: سکھر

  • میرپور ماتھیلو :عبدالعزیز عباسی کی چوتھی برسی عقیدت کے ساتھ منائی گئی

    میرپور ماتھیلو :عبدالعزیز عباسی کی چوتھی برسی عقیدت کے ساتھ منائی گئی

    میرپور ماتھیلو (باغی ٹی وی نامہ نگار مشتاق علی لغاری) وطن دوست مزدور فیڈریشن پاکستان کی جانب سے مرحوم عبدالعزیز عباسی کی چوتھی برسی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی گئی۔ تقریب جمشید ہاؤس میں فیڈریشن کے مرکزی صدر ایڈووکیٹ جمشید احمد فیض کی صدارت میں منعقد ہوئی، جس میں مزدوروں اور مزدور تنظیموں کے رہنماؤں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

    مقررین نے مرحوم کی ملک کے مزدور طبقے کے لیے کی گئی لازوال خدمات اور قربانیوں کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ ان کی خدمات ہمیشہ احترام کے ساتھ یاد رکھی جائیں گی۔ انہوں نے مزدوروں پر زور دیا کہ وہ اختلافات بھلا کر اتحاد کے ساتھ اپنے حقوق کے لیے جدوجہد جاری رکھیں۔

    تقریب میں ایڈووکیٹ جمشید احمد فیض، عبدالحق کٹیاں، رئیس فتح محمد لکن، غلام سرور عباسی، صادق لغاری، موج علی سمیجو، خادم حسین بھٹو، نواب علی سمیجو اور دیگر رہنماؤں نے خطاب کیا۔ مقررین نے موجودہ حکومت کی مزدور مخالف پالیسیاں بھی تنقید کا نشانہ بنائیں اور مطالبہ کیا کہ لیبر قوانین پر عمل درآمد ہو، ڈیلی ویجز مزدوروں کو مستقل کیا جائے اور ہاریوں کو فصل کا مناسب معاوضہ دیا جائے۔

    آخر میں شرکاء نے مرحوم عبدالعزیز عباسی کو خراج تحسین پیش کیا، جبکہ تقریب میں شوکت اعوان، رب نواز سمیجو، علی نواز عاربانی، منظور احمد سمیجو، عبدالستار سل، وزیر احمد بھنڈیرو، فروز احمد لکن، غلام مرتضیٰ ملک اور دیگر بھی شریک ہوئے۔

  • سکھر: پی ٹی آئی خیرپور کا آئی ایل ایف کے تعاون سے احتجاجی مظاہرہ، عوامی حقوق کے تحفظ کا مطالبہ

    سکھر: پی ٹی آئی خیرپور کا آئی ایل ایف کے تعاون سے احتجاجی مظاہرہ، عوامی حقوق کے تحفظ کا مطالبہ

    سکھر (باغی ٹی وی، نامہ نگار مشتاق علی لغاری)پاکستان تحریک انصاف ضلع خیرپور میرس کی جانب سے آئی ایل ایف کے اشتراک سے کچہری روڈ سے پریس کلب تک احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ ریلی میں کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی، جو ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈ اٹھائے ’’عوامی حقوق کے تحفظ‘‘ اور ’’انصاف کی فراہمی‘‘ کے حق میں نعرے بلند کرتے رہے۔

    مظاہرے کی قیادت جنرل سیکرٹری پی ٹی آئی ضلع خیرپور نور حسین چانڈیو, آئی ایل ایف ضلع خیرپور کے صدر ایڈووکیٹ مجاہد حسین پھلپوٹو اور تحصیل خیرپور کے جنرل سیکرٹری عزیر دانش لاڑک نے کی۔

    رہنماؤں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام کے بنیادی حقوق پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔غیر منصفانہ رویوں، ناانصافی اور دباؤ کی سیاست کے خلاف آواز بلند کرتے رہیں گے۔انصاف کی فراہمی ہر شہری کا آئینی حق ہے، کارکن کسی بھی جبر یا دھمکی کے سامنے نہیں جھکیں گے۔

    مقررین کا کہنا تھا کہ پرامن احتجاج جمہوری معاشروں کی پہچان ہے اور پی ٹی آئی اپنے کارکنوں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

    ریلی پریس کلب پہنچ کر خطاب اور اجتماعی دعا کے ساتھ پُرامن طور پر اختتام پذیر ہوئی۔

  • میرپور ماتھیلو: اسسٹنٹ کمشنر اور وکلا کا تنازع سنگین، شہری بھی تشویش میں مبتلا

    میرپور ماتھیلو: اسسٹنٹ کمشنر اور وکلا کا تنازع سنگین، شہری بھی تشویش میں مبتلا

    میرپور ماتھیلو (باغی ٹی وی، نامہ نگار مشتاق علی لغاری)میرپور ماتھیلو میں اسسٹنٹ کمشنر اور مقامی وکلا کے درمیان پیدا ہونے والا تنازع سنگین رخ اختیار کر گیا ہے۔ وکلا برادری نے ٹھوس دلائل کے ساتھ اسسٹنٹ کمشنر کے مؤقف کو چیلنج کرتے ہوئے انتظامیہ سے واضح اور دوٹوک جواب طلب کیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر کی جانب سے اپنا مؤقف عوام کے سامنے رکھنے سے گریز کیا جا رہا ہے، جس کے باعث شہریوں میں بھی بے چینی اور سوالات جنم لے رہے ہیں۔ عوام کا کہنا ہے کہ اصل صورتحال سامنے نہ آنے سے شکوک و شبہات میں اضافہ ہو رہا ہے۔

    وکلا کا کہنا ہے کہ حقائق چھپانے سے مسئلہ مزید پیچیدہ ہوگا، لہٰذا ضروری ہے کہ اسسٹنٹ کمشنر کھل کر اپنا مؤقف بیان کریں تاکہ معاملہ واضح ہو سکے۔
    ادھر انتظامیہ کے ردِعمل اور ممکنہ حل کے لیے اب سب کی نظریں ضلعی حکام پر مرکوز ہیں، جو اس بڑھتی ہوئی کشیدگی کو کس طرح نمٹاتے ہیں، یہ آئندہ چند دنوں میں واضح ہو جائے گا۔

  • گھوٹکی پولیس کی شاندار کارروائی، چوری شدہ موٹر سائیکل اور بھینس برآمد کرکے مالکان کے حوالے

    گھوٹکی پولیس کی شاندار کارروائی، چوری شدہ موٹر سائیکل اور بھینس برآمد کرکے مالکان کے حوالے

    میرپورماتھیلو(باغی ٹی وی ،نامہ نگارمشتاق علی لغاری) ایس ایس پی گھوٹکی محمد انور کھیتران کی خصوصی ہدایت پر گھوٹکی پولیس نے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں تیز کر دی ہیں۔ ان کارروائیوں کے نتیجے میں تھانہ جروار پولیس نے چوری شدہ موٹر سائیکل اور ایک بھینس برآمد کرنے میں کامیابی حاصل کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایس ایچ او جروار صفدر عباس پھلپوٹو کی زیرِ نگرانی پولیس نے دو اہم کارروائیاں کرتے ہوئے وہ مسروقہ موٹر سائیکل برآمد کر لی جو کچھ دن قبل عاشق حسین گبول سے نامعلوم چور چوری کر کے لے گئے تھے۔

    دوسری کارروائی میں پولیس نے گزشتہ رات چوری ہونے والی عبدالغفور گبول کی ایک بھینس بھی برآمد کر لی۔ مالکان نے ان وارداتوں کی بروقت اطلاع تھانہ جروار کو دی تھی۔

    پولیس نے قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد چوری شدہ موٹر سائیکل اور بھینس اصل مالکان کے حوالے کر دی ہیں۔ مسروقہ مال واپس ملنے پر مالکان نے ایس ایچ او جروار صفدر عباس پھلپوٹو کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔

    ایس ایس پی گھوٹکی محمد انور کھیتران نے پولیس پارٹی کی اس بہترین کارکردگی پر انہیں شاباشی کا پیغام بھیجا ہے۔

  • میرپورماتھیلو:ہم چاہتے ہیں، امن ہو،پوری کوشش کر رہے ہیں کہ قبائلی جھگڑوں کا مکمل خاتمہ ہو۔سردارمیر شہریار خان

    میرپورماتھیلو:ہم چاہتے ہیں، امن ہو،پوری کوشش کر رہے ہیں کہ قبائلی جھگڑوں کا مکمل خاتمہ ہو۔سردارمیر شہریار خان

    میرپورماتھیلو (باغی ٹی وی نامہ نگار مشتاق علی لغاری)جہان پور شریف کے سالانہ میلے میں پیپلز پارٹی کے نائب صدر سردار میر شہریار خان نے انور سائیں کے دربار پر حاضری دی جہاں عقیدت مندوں کی بڑی تعداد موجود تھی اور ماحول روحانیت سے بھرپور تھا۔

    میلے کے موقع پر صحافی برادری نے سردار میر شہریار خان سے ضلع گھوٹکی میں جاری قبائلی جھگڑوں کے حوالے سے سوال کیا، جس پر انہوں نے واضح اور ذمہ دارانہ مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا:

    “ان شاء اللہ میں بھی یہی چاہتا ہوں کہ امن ہو، ہم پوری کوشش کر رہے ہیں کہ قبائلی جھگڑوں کا مکمل خاتمہ ہو اور علاقے میں دیرپا امن قائم رہے۔”

    میلے میں عوام کی بڑی تعداد کی شرکت، دربار کی رونق، سیاسی و سماجی شخصیات کی آمد نے تقریب کی اہمیت کو مزید بڑھا دیا۔

  • یارولُنڈ میں چوری کی کوشش ناکام، شہریوں نے چور کو رنگے ہاتھوں پکڑ کر پولیس کے حوالے کیا

    یارولُنڈ میں چوری کی کوشش ناکام، شہریوں نے چور کو رنگے ہاتھوں پکڑ کر پولیس کے حوالے کیا

    میرپور ماتھیلو(باغی ٹی وی،نامہ نگارمشتاق علی لغاری) یارولُنڈ کے علاقے میں شمن عیسائی کی ریڑھی سے قیمتی گھڑی چوری کرنے کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔ موقع پر موجود ریڑھی والے اور علاقے کے مکینوں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے چور کو رنگے ہاتھوں پکڑ لیا اور پولیس کے حوالے کر دیا۔

    عینی شاہدین کے مطابق چور نے ریڑھی پر رکھی شمن عیسائی کی قیمتی گھڑی اٹھائی اور فرار ہونے کی کوشش کی، مگر ریڑھی والے اور دیگر مکین فوراً حرکت میں آئے اور اسے قابو کر لیا۔ لوگوں کی بروقت کارروائی سے چور کا فرار ہونے کا منصوبہ ناکام ہو گیا۔

    اطلاع ملتے ہی پولیس فوری طور پر موقع پر پہنچی اور چور کو اپنی تحویل میں لے لیا۔ پولیس نے ابتدائی تفتیش کے بعد واقعے کی مکمل تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے تاکہ معاملے کی مکمل حقیقت سامنے آ سکے۔

    علاقہ مکینوں نے پولیس انتظامیہ سے چوری کے بڑھتے ہوئے واقعات کو روکنے کے لیے موثر اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ایسے واقعات نہ صرف شہریوں میں عدم تحفظ پیدا کرتے ہیں بلکہ علاقے کی ساکھ پر بھی منفی اثر ڈالتے ہیں۔

  • خانپورمہر:پولیس اہلکار شاہنواز چنہ دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے

    خانپورمہر:پولیس اہلکار شاہنواز چنہ دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے

    گھوٹکی(باغی ٹی وی ،نامہ نگارمشتاق علی لغاری)خانپورمہر کے رہائشی اور یارولنڈ تھانے میں وائرلیس آپریٹر کی حیثیت سے خدمات سرانجام دینے والے 33 سالہ پولیس اہلکار شاہنواز چنہ دل کا دورہ پڑنے کے باعث اچانک انتقال کر گئے۔ چنہ برادری کی معزز شخصیت حاجی محمد مراد چنہ کے نوجوان بیٹے کی اچانک وفات کی اطلاع پر ان کے گھر میں کہرام مچ گیا۔

    مرحوم کی نماز جنازہ ان کے آبائی گاؤں بھتیور شریف میں ادا کی گئی، جس میں سیاسی و سماجی رہنماؤں، مہر برادری کی معزز شخصیت حاجی علی دنو خان مہر، چنہ برادری کے افراد اور علاقے کے عوام نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ شاہنواز چنہ کے جسدِ خاکی کو شاہ کے قبرستان میں آہوں اور سسکیوں کے ساتھ سپردِ خاک کر دیا گیا۔

    مرحوم کے پسماندگان میں ایک بیوہ، تین بیٹے اور دو بیٹیاں شامل ہیں۔

    حاجی علی دنو خان مہر سمیت برادری اور مقامی افراد نے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا اور غمزدہ خاندان کو صبر کی تلقین کی، جبکہ تعزیت کا سلسلہ مسلسل جاری ہے۔

  • گمبٹ: معذور شخص کے 12 لاکھ روپے ہڑپ کرنے کا الزام

    گمبٹ: معذور شخص کے 12 لاکھ روپے ہڑپ کرنے کا الزام

    سکھر (باغی ٹی وی، نامہ نگار مشتاق علی لغاری) گمبٹ کے رہائشی فہیم شیخ ولد کمن شیخ نے سنگین الزام عائد کیا ہے کہ نوید احمد دستی نے ایک معذور شخص کے تقریباً 12 لاکھ روپے مبینہ طور پر ہڑپ کر لیے ہیں۔

    فہیم شیخ کے مطابق جب انہوں نے رقم واپس مانگی تو نوید احمد دستی نے خودکشی کی دھمکیاں دینے کے ساتھ ساتھ انہیں قتل کی سنگین دھمکیاں بھی دیں۔ متاثرہ نے بتایا کہ انہوں نے خلیل شیخ (گمبٹ والے) کو بھی شکایت کی، مگر کوئی عملی کارروائی نہیں کی گئی۔

    فہیم شیخ نے ایس ایس پی سے فوری نوٹس لینے اور انصاف فراہم کرنے کی اپیل کی ہے۔

  • گھوٹکی :سینٹرل جیل کے قریب موٹر سائیکل اوررکشا میں تصادم، ایک جاں بحق، ایک شدید زخمی

    گھوٹکی :سینٹرل جیل کے قریب موٹر سائیکل اوررکشا میں تصادم، ایک جاں بحق، ایک شدید زخمی

    گھوٹکی (باغی ٹی وی، نامہ نگار مشتاق علی لغاری) گھوٹکی سینٹرل جیل کے نزدیک ماٹھيلو–مومل جی ماڑی لنک روڈ پر تیز رفتاری کے باعث موٹر سائیکل اور رکشا میں خوفناک ٹکر ہوگئی۔ حادثے میں موٹر سائیکل سوار نثار احمد ٹانوری موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا جبکہ محمد علی ٹانوری شدید زخمی ہوا، جسے ریسکیو ٹیم نے اسپتال منتقل کردیا جہاں اس کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

    علاقہ مکینوں کے مطابق لنک روڈ پر تیز رفتاری اور ٹریفک قوانین کی عدم پابندی حادثات کا سبب بن رہی ہے۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کرلیے ہیں اور تفتیش جاری ہے۔ جناح ہونے والے نثار احمد کی لاش ضروری کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کر دی گئی، جبکہ علاقے میں سوگ کی فضا قائم ہے۔

  • گھوٹکی: 19 نومبر کو درگاہ انور حضور کے سالانہ عرس پر عام تعطیل کا اعلان

    گھوٹکی: 19 نومبر کو درگاہ انور حضور کے سالانہ عرس پر عام تعطیل کا اعلان

    میرپور ماتھیلو (باغی ٹی وی، نامہ نگار مشتاق علی لغاری)ڈپٹی کمشنر گھوٹکی منظور احمد کنرانی نے درگاہ انور حضور، جہانپور شریف میں شاہ سید انور حضور کے سالانہ عرسِ مبارک کے موقع پر 19 نومبر 2025 بروز بدھ ضلع بھر میں عام تعطیل کا اعلان کردیا ہے۔ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے اس حوالے سے باقاعدہ سرکاری نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔

    نوٹیفکیشن کے مطابق 19 نومبر کو تمام سرکاری و نیم سرکاری دفاتر، تعلیمی ادارے اور ضلعی محکمے بند رہیں گے، جبکہ صحت، ایمرجنسی، سیکیورٹی، صفائی اور دیگر ضروری خدمات معمول کے مطابق فراہم کی جائیں گی۔

    انتظامیہ کے مطابق درگاہ انور حضور، جہانپور شریف ضلع گھوٹکی کی ایک اہم روحانی اور تاریخی درگاہ ہے جہاں ہر سال ہزاروں زائرین شرکت کرتے ہیں۔ عرسِ مبارک کے موقع پر محفلِ سماع، صوفیانہ کلام، قرآن خوانی، اجتماعی دعا، لنگر اور تبرک سمیت مختلف روحانی و ثقافتی پروگرام منعقد کیے جائیں گے۔

    عرس کے سلسلے میں سیکیورٹی پلان، ٹریفک مینجمنٹ، پارکنگ ایریاز، میڈیکل کیمپس، روشنی، پینے کے پانی اور صفائی کے خصوصی انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں، جبکہ پولیس کی اضافی نفری بھی درگاہ کے اطراف تعینات کردی گئی ہے۔

    ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ درگاہ انور حضور، جہانپور شریف امن، محبت اور صوفیانہ روایت کی علامت ہے، جبکہ شاہ سید انور حضور کا سالانہ عرس گھوٹکی کی ثقافتی اور روحانی وراثت کا اہم حصہ ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ عرس کی تقریبات میں نظم و ضبط برقرار رکھیں اور انتظامیہ سے تعاون کریں۔