Baaghi TV

Category: سکھر

  • گھوٹکی: پولیس کی کارروائی، 13 من نان کسٹم کپڑوں سے بھرا رکشہ برآمد، ملزم فرار

    گھوٹکی: پولیس کی کارروائی، 13 من نان کسٹم کپڑوں سے بھرا رکشہ برآمد، ملزم فرار

    گھوٹکی ( باغی ٹی وی ،نامہ نگارمشتاق علی لغاری) محمد انور کھیتران کے احکامات پر ضلع بھر میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ امن و امان کو برقرار رکھنے کے لیے ضلع کے داخلی و خارجی راستوں پر سخت ناکہ بندی اور سنیپ چیکنگ کا عمل تیز کر دیا گیا ہے۔

    ایس ایچ او تھانہ کھمبڑا ظہیر حسین بھٹو بمعہ اسٹاف نے حساس ادارے کی نشاندہی پر کراس بند پکٹ پر کارروائی کے دوران نان کسٹم کپڑوں سے بھرا ایک رکشہ برآمد کر لیا۔ پولیس پارٹی کو چیکنگ کرتا دیکھ کر ایک نامعلوم ملزم تقریباً 13 من نان کسٹم کپڑوں سے لوڈ رکشہ چھوڑ کر موقع سے فرار ہو گیا۔

    پولیس نے چھکڑے کو نان کسٹم کپڑوں سمیت اپنی تحویل میں لے کر قانونی کارروائی کے بعد کسٹم حکام کے حوالے کر دیا۔ ترجمان پولیس کے مطابق ضلع بھر میں امن و امان کی فضا قائم رکھنے اور قانون کی بالادستی برقرار رکھنے کے لیے پولیس کو سخت احکامات جاری کیے گئے ہیں، جبکہ جرائم پیشہ عناصر اور سماجی برائیوں کے خلاف بلا تفریق کارروائی جاری رہے گی۔

  • گھوٹکی: جانوروں میں مبینہ خطرناک بیماری لمپی اسکن پھیلنے لگی، انتظامیہ خاموش

    گھوٹکی: جانوروں میں مبینہ خطرناک بیماری لمپی اسکن پھیلنے لگی، انتظامیہ خاموش

    گھوٹکی (نامہ نگار باغی ٹی وی مشتاق علی لغاری)میرپورماتھیلو ،جروار ،گاؤں خدابخش لغاری اور ضلع گھوٹکی کےنواحی علاقہ قادرپور کے گاؤں محمد رمضان چاچڑ میں جانوروں میں مبینہ طور پر خطرناک بیماری لمپی اسکن تیزی سے پھیلنے لگی ہے، جس کے باعث متعدد مویشی متاثر ہو چکے ہیں۔ مقامی افراد نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اگر بروقت اقدامات نہ کیے گئے تو یہ بیماری قریبی دیہات اور پورے علاقے میں تباہی پھیلا سکتی ہے۔

    گاؤں کے کسانوں اور مویشی پال حضرات نے انتظامیہ کی غیر سنجیدگی پر شدید ناراضگی کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ محکمہ لائیوسٹاک یا ضلعی انتظامیہ نے اب تک کوئی نوٹس نہیں لیا، نہ ہی ویکسینیشن یا قرنطینہ جیسی حفاظتی کارروائیاں کی گئی ہیں۔دوسری طرف پرائیویٹ اتائی وٹرنری ڈاکٹروں نے ات مچائی ہوئی ہے ،علاج کے نام پر مویشی پال سادہ لوگوں سے ہزاروں روپے لوٹنےلگے ،ہزاروں روپے خرچ کرنے کے باوجود جانور موت کا شکار ہونے لگے.

    مقامی شہریوں نے حکومتِ سندھ اور ضلعی انتظامیہ سے فوری ایکشن کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ متاثرہ گاؤں میں ہنگامی بنیادوں پر فیلڈ ٹیم بھیجی جائے، مویشیوں کی ویکسینیشن اور بیماری کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے سخت حفاظتی اقدامات کیے جائیں، بصورتِ دیگر نقصان ناقابلِ تلافی ہوگا۔

  • گھوٹکی: گاؤں خدا بخش لغاری بنیادی سہولتوں سے محروم، عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز

    گھوٹکی: گاؤں خدا بخش لغاری بنیادی سہولتوں سے محروم، عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز

    گھوٹکی (نامہ نگار باغی ٹی وی مشتاق علی لغاری) یونین کونسل جروار کے گاؤں خدا بخش لغاری کے مکین پینے کے صاف پانی اور سڑکوں جیسی بنیادی سہولتوں سے محروم ہو کر شدید مشکلات اور غم و غصے کا شکار ہیں۔ مقامی افراد کے مطابق گاؤں میں نہ پینے کا پانی دستیاب ہے اور نہ ہی قابلِ استعمال سڑکیں، جس کے باعث ایمرجنسی کی صورت میں لوگوں کی زندگیاں خطرے میں پڑ جاتی ہیں اور حالات دن بہ دن بگڑتے جا رہے ہیں۔

    گاؤں کی خواتین، بچے اور بیمار افراد روزانہ کئی کلومیٹر پیدل پانی لانے پر مجبور ہیں، جبکہ کچے اور ٹوٹے ہوئے راستے ایمبولینس یا دیگر امدادی گاڑیوں کی آمدورفت ناممکن بنا دیتے ہیں۔ مکینوں کا کہنا ہے کہ منتخب عوامی نمائندے اور متعلقہ ادارے برسوں سے خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں، وعدے صرف کاغذوں اور تصویری بیانات تک محدود ہیں۔

    مقامی رہائشیوں نے کہا: “ہم ترس رہے ہیں، بچوں کو صاف پانی نہیں ملتا، مریض یا زخمی کو اسپتال لے جانے کے لیے راستہ نہیں۔ نمائندے صرف تصویروں اور تقریروں تک محدود ہیں۔”

    گاؤں کے باسیوں نے حکومتِ سندھ، ڈپٹی کمشنر گھوٹکی اور مقامی نمائندوں سے مطالبہ کیا ہے کہ:
    ہر گھر تک پینے کے صاف پانی کی مستقل لائن فراہم کی جائے۔
    تمام کچے اور ٹوٹے ہوئے راستوں کو پختہ سڑکوں میں تبدیل کیا جائے۔
    مقامی نمائندے اپنی ذمہ داریاں نبھائیں اور عوامی مسائل حل کریں۔
    عبوری بنیادوں پر ایمرجنسی سہولتیں فراہم کی جائیں، جب تک مستقل حل مکمل نہ ہو جائے۔

    مکینوں نے خبردار کیا ہے کہ اگر فوری اقدامات نہ کیے گئے تو وہ منظم، پُرامن مگر بھرپور احتجاج کریں گے اور ضلع بھر میں اپنے مطالبات کے لیے آواز بلند کریں گے۔

  • ڈہرکی میں ٹرین کی ٹکر سے شخص جاں بحق

    ڈہرکی میں ٹرین کی ٹکر سے شخص جاں بحق

    میرپور ماتھیلو (نامہ نگار باغی ٹی وی مشتاق علی لغاری)ڈہرکی داد روڈ پھاٹک کے قریب المناک حادثہ پیش آیا، جہاں تیز رفتار ٹرین کی زد میں آکر ایک شخص موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔ جاں بحق شخص کی شناخت کوجو برادری سے تعلق رکھنے والے شانتی نگر ڈہرکی کے رہائشی کے طور پر کی گئی ہے۔

    حادثے کی اطلاع ملتے ہی مقامی لوگ بڑی تعداد میں جائے وقوعہ پر جمع ہوگئے جبکہ ریلوے عملہ اور پولیس نے موقع پر پہنچ کر ضروری کارروائی مکمل کی۔ لاش کو پوسٹ مارٹم کے بعد ورثاء کے حوالے کردیا گیا۔

    حادثے کے بعد علاقے میں سوگ کی فضا چھا گئی اور شہریوں نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔

  • گھوٹکی: سرکاری ملازمین کا احتجاج، ہسپتال کے شعبے بند، مریض مشکلات کا شکار

    گھوٹکی: سرکاری ملازمین کا احتجاج، ہسپتال کے شعبے بند، مریض مشکلات کا شکار

    گھوٹکی (نامہ نگار،مشتاق علی لغاری) سندھ ایمپلائز الائنس کی کال پر گھوٹکی سمیت صوبے بھر میں سرکاری ملازمین کا احتجاج جاری ہے۔ گھوٹکی ڈی ایچ کیو سول اسپتال میں دوسرے روز بھی پیرامیڈیکل اسٹاف اور دیگر ملازمین نے کام چھوڑ ہڑتال کی، جس کے باعث اسپتال کے مختلف شعبہ جات بند رہے اور علاج کے لیے آنے والے مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

    احتجاج کی قیادت انعام اللہ، نصیر احمد کھاؤڑ، امان اللہ، الیاس احمد، علی شیر شیخ، لیاقت علی، واجد علی، ماجد علی مہر اور دیگر رہنماؤں نے کی۔ اس موقع پر رہنماؤں نے خطاب کرتے ہوئے سندھ حکومت پر ملازمین سے زیادتی کا الزام لگایا اور کہا کہ پینشن رولز میں ترمیم ملازم دشمن پالیسی ہے، جس کے ذریعے دہائیوں تک خدمت کرنے والے ملازمین کے مالی حقوق سلب کیے جا رہے ہیں۔

    رہنماؤں نے الزام لگایا کہ وفاق اور دیگر تین صوبوں کے ملازمین ڈسپیرٹی الاؤنس سے مستفید ہو رہے ہیں جبکہ صرف سندھ کے ملازمین کو اس حق سے محروم رکھا گیا ہے، جو کھلا امتیاز ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ پینشن رولز میں کی گئی ترمیم واپس لی جائے اور ڈسپیرٹی الاؤنس فوری طور پر دیا جائے۔

    مقررین نے خبردار کیا کہ اگر مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو احتجاج کا دائرہ مزید وسیع کر کے صوبے بھر میں سخت تحریک چلائی جائے گی، جس کی مکمل ذمہ داری سندھ حکومت پر عائد ہوگی۔

  • گھوٹکی: پانی کے تنازع پر جھگڑا، ایک نوجوان زخمی

    گھوٹکی: پانی کے تنازع پر جھگڑا، ایک نوجوان زخمی

    گھوٹکی (نامہ نگار،مشتاق لغاری) گھوٹکی کے قریب تھانہ عادلپور کی حدود میں پانی کے حصے پر چاچڑ برادری کے دو گروپوں کے درمیان ہونے والے جھگڑے میں ایک نوجوان زخمی ہو گیا۔

    یہ واقعہ گاؤں اللہ بخش چاچڑ عرف جھنڈانی چاچڑ میں پیش آیا، جہاں پانی کی تقسیم پر تنازعہ شدت اختیار کر گیا۔ جھگڑے کے دوران کلہاڑی اور مکوں کے وار سے علی گوہر چاچڑ شدید زخمی ہو گیا۔

    زخمی نوجوان کو فوری طور پر تعلقہ اسپتال گھوٹکی منتقل کیا گیا، جہاں اس کا علاج جاری ہے۔ علی گوہر چاچڑ نے اپنے چچا عبدالحمید، عبدالجبار اور عبدالکریم چاچڑ پر حملہ کرنے کا الزام لگایا اور بتایا کہ ملزمان واردات کے بعد موقع سے فرار ہو گئے۔

    واقعے کی اطلاع ملتے ہی عادلپور پولیس نے رپورٹ درج کر کے ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارنا شروع کر دیے ہیں۔ مقامی افراد کا کہنا ہے کہ اس علاقے میں پانی اور زمین کے تنازعات پر جھگڑے عام ہیں، جو اکثر کشیدگی کا باعث بنتے ہیں۔

  • گھوٹکی: ضلع بھر میں عام تعطیل نہیں ہوگی، صرف یو سی واہی گھوٹو میں تعطیل کا اعلان

    گھوٹکی: ضلع بھر میں عام تعطیل نہیں ہوگی، صرف یو سی واہی گھوٹو میں تعطیل کا اعلان

    میرپور ماتھیلو (نامہ نگار باغی ٹی وی، مشتاق علی لغاری) ڈسٹرکٹ انفارمیشن آفس گھوٹکی کے مطابق 24 ستمبر 2025 بروز بدھ ضلع بھر میں عام تعطیل نہیں ہوگی۔ ڈپٹی کمشنر گھوٹکی کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ تعطیل صرف یونین کونسل واہی گھوٹو میں ہوگی۔

    یہ تعطیل سندھ حکومت کی ہدایت پر یو سی چیئرمین کے ضمنی انتخاب کے سلسلے میں دی گئی ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق ضلع گھوٹکی کے تمام سرکاری و نجی ادارے حسبِ معمول کھلے رہیں گے، تاہم یونین کونسل واہی گھوٹو کے دفاتر اور تعلیمی ادارے بند رہیں گے۔

    عوام کو آگاہ کیا گیا ہے کہ یہ تعطیل صرف مخصوص یو سی تک محدود ہے اور ضلع میں عام تعطیل کا اعلان نہیں کیا گیا۔

  • گھوٹکی:قاتلوں کی گرفتاری کے لیے چاچڑ برادری کا دھرنا، قومی شاہراہ بند

    گھوٹکی:قاتلوں کی گرفتاری کے لیے چاچڑ برادری کا دھرنا، قومی شاہراہ بند

    گھوٹکی (نامہ نگار،مشتاق علی لغاری) گھوٹکی میں چاچڑ برادری نے اپنے مقتول نوجوانوں کے قاتلوں کی گرفتاری اور انصاف کے حصول کے لیے قومی شاہراہ پر دھرنا دیا۔ دھرنے کی وجہ سے ٹریفک مکمل طور پر رک گئی اور مسافروں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔

    مظاہرین نے اس واقعے پر شدید غم و غصے کا اظہار کیا اور قاتلوں کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر ان کے مطالبات پورے نہ ہوئے تو احتجاج کو مزید وسعت دی جائے گی۔

    پولیس کے اعلیٰ حکام کی جانب سے قاتلوں کی جلد گرفتاری کی یقین دہانی کے بعد مظاہرین پرامن طور پر منتشر ہوگئے اور قومی شاہراہ پر ٹریفک کی روانی بحال ہوئی۔

  • بااثر وڈیرے کے تشدد کا شکار اونٹنی علاج کیلئے کراچی منتقل

    بااثر وڈیرے کے تشدد کا شکار اونٹنی علاج کیلئے کراچی منتقل

    سندھ کے علاقے صالح پٹ میں مبینہ طور پر زمیندار نے اونٹ کے بچے کی ٹانگ کاٹ دی، پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دیں،جبکہ فصل کے نقصان پر بدترین تشدد کا شکار اونٹنی کو علاج کیلئے کراچی روانہ کردیا گیا۔

    چیئرمین ڈسٹرکٹ کونسل کے مطابق ابتدائی علاج کے بعد اونٹنی کو فوری کراچی روانہ کیا گیا ہے ،گزشتہ روز سکھر کی تحصیل صالح پٹ میں کھیت میں گھس کر پانی پینے پر بااثر وڈیرے نے مبینہ طور پر اونٹنی کی ٹانگ توڑ دی تھی۔

    اونٹنی کے مالک کے مطابق کھیت میں گھسنے پر زمیندار نے اونٹنی کو ٹریکٹر سے باندھ کر گھسیٹا، تشدد کے بعد اونٹنی کی ٹانگ توڑ دی اور منہ پر بھی ڈنڈے مارے گئے زخمی اونٹنی کا علاج کرانے اسپتال پہنچے تو ڈاکٹروں نے انکار کر دیا۔

    بھارت بیانیے کی جنگ بھی ہار گیا تھا، بھارتی اینکر کا اعتراف

    وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے صالح پٹ میں اونٹنی کی ٹانگ توڑنے کا نوٹس لیتے ہوئے کہا ہے کہ جانور کے ساتھ اس طرح کا سلوک کسی صورت برداشت نہیں کیا جا سکتا،وزیراعلیٰ سندھ نے چیئرمین ڈسٹرکٹ کونسل سکھر کمیل شاہ کو اونٹنی کا علاج کرانے کی ہدایت دی، سید کمیل شاہ نے اونٹنی کے مالک سے رابطہ کرتے ہوئے علاج کی یقین دہانی کرا دی ہے۔

    وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی جانب سے واقعے کا نوٹس لینے کے بعد پولیس نے اونٹنی کے مالک کی مدعیت میں واقعے کا مقدمہ درج کرلیاپولیس نے بتایا کہ مقدمے میں نامزد 3 ملزمان میں سے ایک کو گرفتار کرلیا گیا جب کہ دیگر 2 ملزمان کی گرفتاری کےلیے چھاپے مارے جار ہے ہیں، زخمی اونٹنی کو علاج کے لیے کراچی روانہ کر دیا گیا ہے، ابتدائی علاج کے بعد اونٹنی کو فوری کراچی بھیجا گیا۔

    بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور گرم رہنے کا امکان

    گزشتہ برس کیمیٰ نامی اونٹ کے ساتھ بھی ایسا ہی واقعہ پیش آیا تھا، جس کی ٹانگ سانگھڑ میں ایک زمیندار نے کاٹ دی تھی کیونکہ وہ چرنے کے لیے اُس کے کھیت میں آئی تھی،اونٹنی تقریباً 8 ماہ کی تھی جب اس کی ایک اگلی ٹانگ کاٹ دی گئی۔ زمیندار نے الزام لگایا تھا کہ اونٹ اُس کے کھیت میں چرنے آئی تھی،متعلقہ کیس میں چھ ملزمان کو پولیس نے گرفتار کیا تھا، جن میں زمیندار اور اُن کے ملازمین شامل تھے،سندھ حکومت اور مقامی سیاسی نمائندوں نے معاملے کا نوٹس لیا تھا اور اونٹنی کو بعد ازاں مصنوعی ٹانگ لگائی گئی تھی، جس سے وہ چلنے کے قابل بنی۔

  • سندھ میں سیلابی صورتحال، دادو اور نوشہرو فیروز کے متعدد دیہات متاثر

    سندھ میں سیلابی صورتحال، دادو اور نوشہرو فیروز کے متعدد دیہات متاثر

    سندھ کے مختلف اضلاع میں سیلابی ریلوں نے تباہی مچا دی ہے۔ ضلع دادو میں متاثرہ دیہات کی تعداد بڑھ کر 50 ہوگئی ہے جبکہ دادو کی تحصیل میہڑ سے آنے والا زور دار سیلابی ریلا لاڑکانہ کے سیہون بچاؤ بند سے ٹکرا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق سیلابی ریلا ٹکرانے سے 3 دیہات اور رابطہ سڑکیں زیرِ آب آگئیں جبکہ کچے کے علاقے نئوں گوٹھ میں پانی داخل ہوگیا۔ صورتحال اس قدر سنگین ہے کہ بنیادی صحت مرکز بھی پانی میں ڈوب گیا، جس سے مقامی آبادی کو طبی سہولتوں کے فقدان کا سامنا ہے۔اسی طرح نوشہرو فیروز میں لوپ بند میں پڑنے والے شگاف کے باعث بکھری کے قریبی کئی گاؤں زیرِ آب آگئے۔ تاہم اس حوالے سے صوبائی وزیر آبپاشی جام خان شورو نے مؤقف دیا ہے کہ "دریائے سندھ میں بکھری کے قریب بند مکمل طور پر محفوظ ہے اور کہیں بھی شگاف نہیں پڑا۔”

    ادھر سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے دعویٰ کیا ہے کہ اب تک سیلاب سے متاثرہ 1 لاکھ 85 ہزار 550 افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت نہ صرف متاثرہ افراد بلکہ ان کی املاک اور مویشیوں کو بچانے کے لیے بھی ہنگامی اقدامات کر رہی ہے۔

    سیلابی صورتحال کے باعث مقامی آبادی شدید مشکلات کا شکار ہے۔ متاثرین کا کہنا ہے کہ پانی کی بلند ہوتی سطح نے رہائش، خوراک اور علاج معالجے کی سہولیات مزید محدود کر دی ہیں، جبکہ فوری ریلیف اور بحالی کے اقدامات کی ضرورت ہے۔