Baaghi TV

Category: سکھر

  • سکھر میں بارش کے دوران حادثات؛ 2 بچوں سمیت 4 افراد جاں بحق

    سکھر میں بارش کے دوران حادثات؛ 2 بچوں سمیت 4 افراد جاں بحق

    سکھر: شدید بارشوں کے باعث سکھر میں پیش آنے والے دو مختلف حادثات میں 2 بچوں سمیت 4 افراد جاں بحق اور 2 افراد زخمی ہو گئے۔

    پولیس کے مطابق پہلا افسوسناک واقعہ روہڑی کے علاقے میں پیش آیا جہاں موسلا دھار بارش کے دوران ایک گھر کی دیوار اچانک گر گئی۔ ملبے تلے دبنے کے باعث 2 بچوں سمیت 3 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 2 افراد زخمی ہوئے جنہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا۔دوسرا حادثہ ریلوے آفیسر کلب کے قریب پیش آیا جہاں امام بارگاہ کی چھت بارش کے پانی کا دباؤ برداشت نہ کر سکی اور منہدم ہو گئی۔ چھت گرنے کے نتیجے میں وہاں موجود مؤذن موقع پر جاں بحق ہو گیا۔

    یاد رہے کہ محکمہ موسمیات نے پہلے ہی 11 ستمبر تک سندھ کے مختلف حصوں میں شدید بارشوں کی پیشگوئی کر رکھی ہے۔ پیشگوئی کے مطابق گزشتہ روز حیدرآباد، سجاول، ٹھٹہ، سکھر، اوباڑو، ڈہرکی، میرپور ماتھیلو اور نوشہرو فیروز سمیت متعدد شہروں میں گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش ہوئی جس کے نتیجے میں کئی علاقے زیرِ آب آ گئے۔سکھر شہر میں طوفانی بارش کے بعد مرکزی شاہراہیں پانی میں ڈوب گئیں جبکہ متعدد علاقوں میں بجلی کی فراہمی بھی معطل ہو گئی، جس سے شہری شدید مشکلات کا شکار ہیں۔دوسری جانب محکمہ موسمیات نے اگلے دو روز میں مزید موسلا دھار بارشوں کا امکان ظاہر کیا ہے۔ وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے گزشتہ روز پریس کانفرنس میں کہا کہ 9 ستمبر کو گڈو بیراج پر پانی اپنی بلند ترین سطح پر ہوگا۔ ان کے مطابق متاثرہ علاقوں میں انخلا کا عمل جاری ہے، فرنٹ کے دیہات خالی کرا لیے گئے ہیں جبکہ دوسرے مرحلے کے دیہات کو آئندہ 48 گھنٹوں میں خالی کرایا جائے گا۔وزیراعلیٰ سندھ نے متعلقہ اداروں کو ہنگامی اقدامات کرنے اور متاثرین کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔

  • سکھر: یومِ دفاع پاکستان، 84 فٹ بلند قومی پرچم لہرایا گیا، شہداء کو خراجِ عقیدت

    سکھر: یومِ دفاع پاکستان، 84 فٹ بلند قومی پرچم لہرایا گیا، شہداء کو خراجِ عقیدت

    سکھر (باغی ٹی وی،نامہ نگارمشتاق علی لغاری)یومِ دفاع پاکستان کے موقع پر لبِ مہران کے قریب واکنگ ٹریک پر پرچم کشائی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب میں میرِ سکھر بیرسٹر ارسلان شیخ، کمشنر سکھر عابد سلیم قریشی، ڈی آئی جی سکھر رینج کیپٹن (ر) فیصل عبداللہ چاچڑ، ایس ایس پی سکھر اظہر خان مغل اور ڈپٹی کمشنر نادر شہزاد خان نے خصوصی شرکت کی۔

    ضلعی انتظامیہ کی جانب سے منعقدہ اس تقریب میں دفاعِ وطن کی بے مثال تاریخ کو یاد کیا گیا۔ اس موقع پر ملک کا دوسرا اور سندھ کا پہلا 84 فٹ بلند اور 56 فٹ چوڑا پرچم لہرایا گیا، جس پر شرکاء نے زبردست جوش و خروش کا مظاہرہ کیا۔

    تقریب کے اختتام پر ملکی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں جبکہ شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا اور افواجِ پاکستان کی خدمات کو سراہا گیا۔ شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ملک و قوم کی خدمت میں ہمیشہ بھرپور کردار ادا کرتے رہیں گے۔

    اس موقع پر کالج کے اساتذہ، طلباء و طالبات، سول سوسائٹی کے معززین اور بری، بحری و فضائیہ سمیت دیگر فورسز کے افسران کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔

  • سندھ میں آٹے کا بدترین بحران، عوام روٹی کے ایک نوالے کو ترس گئے

    سندھ میں آٹے کا بدترین بحران، عوام روٹی کے ایک نوالے کو ترس گئے

    میرپور ماتھیلو (باغی ٹی وی،نامہ نگار مشتاق علی لغاری) سندھ بھر میں آٹے کا بدترین بحران شدت اختیار کر گیا ہے، جس نے عوام کا جینا دوبھر کر دیا ہے۔ مارکیٹوں میں آٹے کی شدید قلت کے باعث شہری دو وقت کی روٹی کے حصول کے لیے پریشان ہیں۔

    ذرائع کے مطابق آٹے کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگی ہیں اور فی من آٹا 5000 روپے تک جا پہنچا ہے۔ اس ہوشربا مہنگائی نے غریب اور متوسط طبقے کی کمر توڑ دی ہے، جبکہ حکومت اور انتظامیہ کی خاموشی عوام کے زخموں پر نمک چھڑکنے کے مترادف ہے۔

    شہریوں کا کہنا ہے کہ ایک طرف مہنگائی کا طوفان ہے اور دوسری طرف آٹے کی قلت نے زندگی اجیرن بنا دی ہے۔ ان کے مطابق دو وقت کی روٹی کا حصول بھی اب ایک خواب بن چکا ہے۔ عوام سوال اٹھا رہے ہیں کہ اس سنگین بحران کا ذمہ دار کون ہے اور کب تک وہ اپنی بنیادی ضرورت سے محروم رہیں گے؟

    ماہرین اور شہری حلقوں نے خبردار کیا ہے کہ اگر یہی صورتحال برقرار رہی تو عوام سڑکوں پر نکل کر شدید احتجاج کرنے پر مجبور ہو جائیں گے، جس سے حالات مزید بگڑ سکتے ہیں۔

  • میرپورماتھیلو:داد لغاری میں بڑھتی بدامنی کے خلاف نوجوانوں کا احتجاج

    میرپورماتھیلو:داد لغاری میں بڑھتی بدامنی کے خلاف نوجوانوں کا احتجاج

    میرپور ماتھیلو (باغی ٹی وی،نامہ نگار مشتاق علی لغاری) میرپور ماتھیلو کے شہر داد لغاری میں بڑھتی ہوئی بدامنی کے خلاف پتافی نوجوان اتحاد نے پولیس تھانے کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرے کی قیادت خان زمان پتافی، شوکت پتافی، فدا حسین پتافی، عالی شاہ اور فہد پتافی نے کی۔

    مظاہرین کا کہنا تھا کہ داد لغاری اور اس کے گردونواح میں روزانہ بدامنی کے واقعات بڑھ رہے ہیں، اور پولیس انہیں روکنے میں ناکام ہو چکی ہے۔ احتجاج کے دوران مظاہرین نے ایس ایچ او داد لغاری ذوالفقار مہر اور دیگر پولیس اہلکاروں کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔

    مظاہرین نے الزام لگایا کہ پولیس امن و امان قائم کرنے میں سنجیدہ نہیں ہے۔ انہوں نے ایس پی گھوٹکی سے مطالبہ کیا کہ موجودہ ایس ایچ او کو فوری طور پر ہٹا کر کسی ایماندار افسر کو تعینات کیا جائے۔

    اس موقع پر تھانے کے منشی عباس لنڈ نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پولیس اپنی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج کی جانچ بھی کی گئی ہے، لیکن فوٹیج واضح نہ ہونے کی وجہ سے ملزمان کی شناخت نہیں ہو سکی۔ ان کا کہنا تھا کہ جیسے ہی ملزمان کو پکڑا جائے گا، انہیں مقدمے میں نامزد کر کے کارروائی کی جائے گی۔

  • خیرپور میں کشتی الٹنے سے ایک ہی خاندان کے 9 افراد ڈوب گئے

    خیرپور میں کشتی الٹنے سے ایک ہی خاندان کے 9 افراد ڈوب گئے

    گمبٹ کے علاقے عمر گوٹھ میں دریائے سندھ میں کشتی کے الٹنے کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے 9 افراد ڈوب گئے۔ تاہم، مقامی غوطہ خوروں کی بروقت کارروائی کے باعث تمام افراد کو بچا لیا گیا۔ حادثہ اُس وقت پیش آیا جب یہ افراد کچے کے علاقے سے شہر کی طرف آ رہے تھے اور کشتی پر سوار تھے۔ کشتی پر زیادہ وزن ہونے کی وجہ سے یہ ڈوب گئی۔

    دریائے سندھ کے کچے کے علاقوں میں اس وقت سیلابی صورتحال ہے اور مزید خطرات لاحق ہیں۔ 2 ستمبر کو 5 دریاؤں کا بڑا ریلا کوٹ مٹھن سے گزرنے کی توقع ہے جس سے پانی کی سطح میں مزید اضافہ ہو گا۔ سکھر بیراج پر پانی کا بہاؤ بھی بلند ہو گیا ہے، اور نچلے درجے کا سیلاب برقرار ہے۔ حالیہ 24 گھنٹوں میں پانی کا بہاؤ 31 ہزار کیوسک تک بڑھ چکا ہے۔ کچے کے علاقوں میں سیلاب کی شدت اور پانی کی سطح میں اضافے کے باوجود متاثرین اپنے گھروں کو چھوڑنے کو تیار نہیں ہیں۔ اس وقت راجن پور کے علاقے کوٹ مٹھن میں 3 لاکھ 70 ہزار کیوسک کا ریلا گزر رہا ہے۔ ریسکیو اداروں کی جانب سے متاثرین کو پکے علاقوں میں منتقل ہونے کے لیے اعلان کیے جا رہے ہیں۔

    ریسکیو ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں امدادی کاموں میں مصروف ہیں، تاہم عوام کو مزید نقصان سے بچانے کے لیے جلدی سے پکے علاقوں میں منتقل ہونے کی ہدایات دی جا رہی ہیں۔

  • گھوٹکی پولیس کی بڑی کارروائی، 9 موٹر سائیکلوں سمیت بھتہ خور اور بائیک لفٹر گینگ گرفتار

    گھوٹکی پولیس کی بڑی کارروائی، 9 موٹر سائیکلوں سمیت بھتہ خور اور بائیک لفٹر گینگ گرفتار

    میرپور ماتھیلو (نامہ نگار،مشتاق لغاری) ایس ایس پی گھوٹکی محمد انور کھیتران کی ہدایات پر گھوٹکی پولیس نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے بھتہ خوری اور موٹر سائیکل چوری میں ملوث ایک بڑے گینگ کا پردہ فاش کر دیا۔ پولیس نے کارروائی کے دوران 5 مرکزی ملزمان کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے 9 چوری شدہ موٹر سائیکلیں برآمد کر لیں۔

    ڈی ایس پی گھوٹکی انور علی شیخ اور ایس ایچ او تھانہ اے سیکشن محمد قابل بھیو کی قیادت میں پولیس ٹیم نے مختلف سنگین مقدمات میں مطلوب ملزمان وزیر ولد عطا محمد گھوٹو، سرور ولد امین گھوٹو، ریاض ولد در محمد گھوٹو، اسداللہ ولد خدا بخش گھوٹو، اور پرویز ولد محمد بچل گھوٹو کو گرفتار کیا۔

    ابتدائی تفتیش کے مطابق، گرفتار ملزمان ریاض گھوٹو اور اسد اللہ گھوٹو کا تعلق جاگیرانی گینگ کے ڈاکوؤں لطف جاگیرانی، ندیم جاگیرانی اور شوکت جاگیرانی سے ہے۔ یہ ملزمان نہ صرف جاگیرانی گینگ کے سہولت کار ہیں بلکہ بھتہ خوری میں بھی ملوث ہیں۔ گرفتار ملزمان نے حال ہی میں گھوٹکی کی شوگر مل سے چار موٹر سائیکلیں چوری کرنے کا بھی اعتراف کیا ہے جو برآمد کر لی گئی ہیں۔

    یاد رہے کہ کچھ دن قبل ڈاکو ندیم جاگیرانی اور اس کے ساتھیوں نے گھوٹکی شہر کے رحمو محلہ میں رشید لنجار کے گھر پر فائرنگ کی تھی جس کے نتیجے میں ایک مرد اور ایک عورت زخمی ہوئے تھے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان نے مختلف علاقوں میں متعدد سنگین وارداتوں میں ملوث ہونے کا انکشاف کیا ہے۔ یہ ملزمان کچے کے علاقے میں جاگیرانی گینگ سے ملاقات کرتے تھے اور انہیں شہروں میں وارداتوں کے لیے معلومات فراہم کرتے تھے۔ ملزمان کا کرمنل ریکارڈ چیک کیا جا رہا ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔ ایس ایس پی گھوٹکی نے اس کامیاب کارروائی پر پولیس پارٹی کے لیے شاباشی کا پیغام دیا ہے۔

  • گھوٹکی پولیس کی کاروائی، سنگین جرائم کے اشتہاری مردو عوارت گرفتار

    گھوٹکی پولیس کی کاروائی، سنگین جرائم کے اشتہاری مردو عوارت گرفتار

    میرپور ماتھیلو (باغی ٹی وی،نامہ نگارمشتاق لغاری): ایس ایس پی گھوٹکی محمد انور کھیتران کی ہدایات پر گھوٹکی پولیس نے روپوش، اشتہاری اور دیگر جرائم پیشہ افراد کے خلاف کاروائیوں کو تیز کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں تھانہ جروار کے ایس ایچ او صفدر عباس پھلپوٹو نے اپنی ٹیم کے ہمراہ اہم کامیابی حاصل کی ہے۔

    دورانِ گشت، خفیہ اطلاع پر کاروائی کرتے ہوئے پولیس نے سکھر کے تھانہ کندھرہ میں درج کرائم نمبر 101/2024 کے تحت دفعہ 302 اور 201 تعزیراتِ پاکستان کے ایک قتل کے مقدمے میں مطلوب ایک اشتہاری ملزم اور ایک ملزمہ کو گرفتار کر لیا ہے۔

    گرفتار ہونے والوں میں اسحاق ولد مبارک جکھرانی اور مسمات حلیمہ عرف ذلی جکھرانی شامل ہیں، جو میرپور ماتھیلو کے نواحی علاقے گڑھی چاکر کے رہائشی ہیں۔ پولیس نے ملزم اور ملزمہ کو مزید قانونی کاروائی کے لیے متعلقہ اداروں کے حوالے کر دیا ہے

  • گھوٹکی کا نوجوان فوجی اہلکار ڈیوٹی کے دوران دل کا دورہ پڑنے سے شہید

    گھوٹکی کا نوجوان فوجی اہلکار ڈیوٹی کے دوران دل کا دورہ پڑنے سے شہید

    میرپور ماتھیلو (نامہ نگار مشتاق علی لغاری) گھوٹکی سے تعلق رکھنے والا نوجوان فوجی اہلکار امتیاز علی چنہ کراچی میں ڈیوٹی کے دوران دل کا دورہ پڑنے سے شہید ہو گیا۔ اس افسوسناک خبر کے بعد گھوٹکی اور اس کے گردونواح میں غم و سوگ کی لہر دوڑ گئی۔

    شہید امتیاز علی چنہ کا تعلق گھوٹکی تعلقہ کے گاؤں دیہہ چنگل سے تھا۔ وہ ایک بہادر، محب وطن اور فرض شناس سپاہی کے طور پر جانے جاتے تھے۔ ان کی اچانک موت سے نہ صرف ان کا خاندان بلکہ پوری برادری صدمے کی کیفیت میں ہے۔

    شہید کی میت کو فوجی اعزاز کے ساتھ ان کے آبائی گاؤں دیہہ چنگل لایا گیا۔ ان کی نماز جنازہ اور تدفین میں رشتہ داروں، عزیزوں، معززینِ علاقہ اور گاؤں کے لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔ ہر آنکھ اشکبار تھی اور ہر شخص نے اپنے بہادر بیٹے کو نم آنکھوں سے الوداع کیا۔

    علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ امتیاز علی چنہ کی شہادت خاندان کے ساتھ ساتھ پورے علاقے کے لیے ایک بہت بڑا نقصان ہے۔ تاہم، ان کی ملک کے لیے دی گئی قربانی کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

  • اوباڑو کا غریب نوجوان کینسر میں مبتلا، مخیر حضرات سے فوری مدد کی اپیل

    اوباڑو کا غریب نوجوان کینسر میں مبتلا، مخیر حضرات سے فوری مدد کی اپیل

    میرپور ماتھیلو (نامہ نگار مشتاق علی لغاری): اوباڑو سے تعلق رکھنے والا ایک غریب نوجوان ناصر پنہور کینسر جیسے موذی مرض میں مبتلا ہے اور اس کی زندگی خطرے میں ہے۔ مہنگے علاج کے اخراجات برداشت نہ ہونے کی وجہ سے اس کا خاندان بے بس ہو چکا ہے۔

    ڈاکٹروں نے ناصر کی حالت کو تشویشناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر فوری علاج شروع نہ کیا گیا تو اس کی جان جا سکتی ہے۔ بیماری نے اسے بہت کمزور کر دیا ہے اور وہ بستر پر پڑا ہے۔

    ناصر کا خاندان انتہائی بے سہارا ہے اور اس کے علاج کا خرچہ نہیں اٹھا سکتا۔ ایسے میں وہ امید کی نظر سے مخیر حضرات اور فلاحی اداروں کی طرف دیکھ رہے ہیں۔ ان کی زندگی بچانے کے لیے معمولی سی مالی مدد بھی ایک نئی امید پیدا کر سکتی ہے۔

    انسانیت اور ہمدردی کے جذبے کے تحت اہل خیر حضرات سے اپیل ہے کہ وہ اس مشکل گھڑی میں ناصر پنہور کی مدد کے لیے آگے آئیں اور ایک قیمتی جان بچانے میں اپنا کردار ادا کریں۔ آپ کی چھوٹی سی مدد کسی کی زندگی بچانے کا ذریعہ بن سکتی ہے۔

  • سندھ بینک میرپور ماتھیلو کا منیجر کرپشن اور بدعنوانی میں ملوث، متاثرین کا شدید احتجاج

    سندھ بینک میرپور ماتھیلو کا منیجر کرپشن اور بدعنوانی میں ملوث، متاثرین کا شدید احتجاج

    میرپور ماتھیلو (نامہ نگار مشتاق علی لغاری) میرپور ماتھیلو میں سندھ بینک کے منیجر پرویز شاہ کے خلاف سیلاب متاثرین نے شدید احتجاج کیا ہے۔ مظاہرین نے منیجر پر کرپشن، بدعنوانی اور عوام دشمن رویہ رکھنے کے سنگین الزامات عائد کیے ہیں۔

    متاثرین کا کہنا ہے کہ پرویز شاہ نے بینک کو اپنی ذاتی جاگیر بنا رکھا ہے اور غریب عوام کے لیے مختص امدادی فنڈز اور سہولتوں میں بڑے پیمانے پر بدعنوانی کر رہا ہے۔ ان کے مطابق ضرورت مند اور بے سہارا افراد کو ریلیف دینے کے بجائے انہیں ذلیل و خوار کیا جاتا ہے، جس سے عوام میں شدید مایوسی پائی جاتی ہے۔

    احتجاجی مظاہرین کا کہنا ہے کہ منیجر اپنے سیاسی تعلقات کی بنا پر احتساب سے بچتا رہا ہے، لیکن اب اس کا رویہ سب کے سامنے آ چکا ہے۔ عوام نے مطالبہ کیا ہے کہ اعلیٰ حکام اس معاملے کا فوری نوٹس لیں اور اس کرپٹ منیجر کو اس کے عہدے سے ہٹائیں۔ انہوں نے خبردار کیا ہے کہ اگر ان کے مطالبات پورے نہ کیے گئے تو وہ بڑے پیمانے پر احتجاجی تحریک شروع کرنے پر مجبور ہوں گے۔

    سیلاب متاثرین نے خصوصی طور پر سردار محمد بخش خان مہر سے اپیل کی ہے کہ وہ اس معاملے میں مداخلت کریں اور انصاف کی فراہمی کو یقینی بنائیں۔