Baaghi TV

Category: سکھر

  • سکھر: کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرنس، تین پولیس اہلکار برطرف

    سکھر: کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرنس، تین پولیس اہلکار برطرف

    سکھر(باغی ٹی وی نامہ نگار) کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرنس، تین پولیس اہلکار برطرف

    سکھر میں پولیس کے اعلیٰ افسران کی جانب سے کرپشن اور اختیارات کے ناجائز استعمال کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی گئی ہے۔ ڈی آئی جی سکھر کیپٹن (ر) فیصل عبداللہ چاچڑ نے آئی جی سندھ غلام نبی میمن کے واضح پالیسی احکامات کی روشنی میں ضلع سکھر کے تین اہلکاروں کے خلاف سخت تادیبی اقدامات اٹھائے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق، سب انسپیکٹر عبدالرحمان کاکیپوٹو، ہیڈ کانسٹیبل ضمیر قاضی اور پولیس کانسٹیبل حضور بخش ملک پر کرپشن، غیر قانونی سرگرمیوں اور اختیارات سے تجاوز سمیت سنگین الزامات عائد تھے۔ ان الزامات پر ڈی آئی جی سکھر نے شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے سکھر رینج کے ایک سینئر آفیسر کو میرٹ کی بنیاد پر محکمہ جاتی انکوائری کا حکم دیا تھا۔

    انکوائری آفیسر کی رپورٹ کا بغور جائزہ لینے کے بعد ڈی آئی جی سکھر نے اردلی روم کے دوران اہم فیصلے صادر کیے۔ سب انسپیکٹر عبدالرحمان کاکیپوٹو پر تمام الزامات ثابت ہونے پر انہیں میجر پنشمنٹ کے تحت ایک سال کی سروس سے برخاست کر دیا گیا۔ اسی طرح ہیڈ کانسٹیبل ضمیر قاضی پر بھی الزامات ثابت ہونے پر انہیں ایک سال کی سروس سے برخاست کرتے ہوئے تعلقہ پنو عاقل میں دوبارہ تعیناتی پر پابندی عائد کر دی گئی۔ تاہم، پولیس کانسٹیبل حضور بخش ملک کو تنبیہ کرتے ہوئے آئندہ محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی۔

    علاوہ ازیں، برطرف کیے گئے پولیس کانسٹیبل منصور پتافی کی نوکری پر بحالی کی اپیل منظور کر لی گئی جبکہ ایک اور برطرف کانسٹیبل جاوید احمد کلهوڑو کی بحالی کی اپیل مسترد کر دی گئی۔ ڈی آئی جی سکھر نے ایک انسپیکٹر اور چار اسسٹنٹ سب انسپیکٹرز کی تبادلوں کی درخواستوں پر بھی احکامات جاری کیے۔

    اپنے پیغام میں ڈی آئی جی سکھر نے واضح کیا کہ کسی بھی قسم کی غفلت، مجرمانہ سرگرمیوں، اختیارات سے تجاوز یا سماجی برائیوں میں ملوث افسران و اہلکار کسی رعایت کے مستحق نہیں ہوں گے اور ان کے خلاف سخت ترین قانونی و محکمہ جاتی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ان سخت اقدامات سے سکھر پولیس میں کرپشن کے خلاف ایک واضح پیغام دیا گیا ہے۔

  • سکھر جیل روڈ پر پیپلز پارٹی کے نثار کھوڑو کی گاڑی پر پتھراؤ

    سکھر جیل روڈ پر پیپلز پارٹی کے نثار کھوڑو کی گاڑی پر پتھراؤ

    سکھر جیل روڈ کے مقام پر پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما نثار کھوڑو کی گاڑی پر پتھراؤ کیا گیا۔ اس واقعے میں گاڑی کے پچھلے حصے کا شیشہ ٹوٹ گیا۔

    ترجمان پیپلز پارٹی سندھ کے مطابق، حملہ اس وقت کیا گیا جب نثار کھوڑو کی گاڑی میں صوبائی جنرل سیکریٹری وقار مہدی اور سکھر ضلع کے جنرل سیکریٹری ویرم مہر بھی موجود تھے۔ترجمان نے مزید بتایا کہ حملے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا اور تمام رہنما محفوظ رہے۔ یہ حملہ ایک غیر متوقع واقعہ تھا جس کی فوراً مذمت کی گئی ہے۔ پیپلز پارٹی سندھ کے رہنماؤں نے واقعہ کی سخت الفاظ میں مذمت کی،اس واقعے کے بعد پیپلز پارٹی کی قیادت نے کہا ہے کہ وہ اس قسم کی ہراسانی اور تشویش پھیلانے والی کارروائیوں کو برداشت نہیں کریں گے۔ پارٹی کا کہنا ہے کہ ان حملوں کا مقصد ان کے عزم اور حوصلے کو توڑنا ہے، لیکن وہ کسی بھی طور پر اپنے عوامی مفاد کے کاموں سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔

    پولیس نے واقعہ کی تحقیقات شروع کر دی ہیں اور علاقے میں سکیورٹی بڑھا دی گئی ہے تاکہ آئندہ اس قسم کے حملوں سے بچا جا سکے۔

  • سندھو دریا ہمارا ہے یا اس دریا میں ہمارا پانی بہے گا یا تمہارا خون ,بلاول بھٹو زرداری

    سندھو دریا ہمارا ہے یا اس دریا میں ہمارا پانی بہے گا یا تمہارا خون ,بلاول بھٹو زرداری

    پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بھارتی جارحیت پر سخت جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ سندھو دریا ہمارا ہے یا اس دریا میں ہمارا پانی بہے گا یا تمہارا خون ،چاروں صوبے مل کر مودی کو منہ توڑ جواب دیں گے۔

    باغی ٹی وی کے مطابق سکھر میں پی پی پی کے جلسے خطاب میں بھارتی وزیراعظم نریندر مودی پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت نے یک طرفہ فیصلہ کرتے ہوئے سندھ طاس معاہدے کو معطل کیا ہے جس کے تحت بھارت تسلیم کرچکا کہ سندھو پاکستان کا ہے۔ میں یہاں سکھر میں سندھو کے پاس کھڑے ہوکر بھارت کو یہ کہنا چاہوں گا کہ سندھو ہمارا ہے اور سندھو ہمارا رہے گا یا تو اس سندھو میں پانی بہہ گا یا پھر ان کا خون۔بھارت سن لے، سندھو ہمارا ہے اور ہمارا ہی رہے گا، سندھو پر ڈاکا نا منظور، نامنظور، ہم سندھو کے وارث اور محافظ ہیں، ہرپاکستانی سندھو کا سفیر ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ مودی نے پاکستان پر جھوٹے الزامات لگائے، پاک فوج بھارت کو منہ توڑ جواب دے گی، ہم بہادر لوگ ہیں اور بھارت کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔ چاروں صوبے مل کر مودی کو منہ توڑ جواب دیں گے، پورے پاکستان کو ایک ہو کر بھارت کا مقابلہ کرنا پڑے گا۔بلاول بھٹو نے کہا کہ یکم مئی کو میرپورخاص میں پیپلزپارٹی کا جلسہ ہوگا۔

    بھارتی آبی جارحیت اور پاکستان کا دو ٹوک جواب ،تحریر:شاہد نسیم چوہدری

    مقبوضہ کشمیر میں غیرقانونی قید 3 پاکستانی جیل سے غائب، فیک انکاونٹر کا خدشہ

    غیر قانونی کرنسی ایکسچینج چلانے والا ملزم گرفتار، 14ہزار امریکی ڈالر برآمد

    بھارتی فضائیہ بوکھلاہٹ کا شکار، اپنی ہی آبادی پر بم گرا دیا

  • خیرپور: رانا ثناء اللہ کا ببرلو دھرنا قائدین سے رابطہ، مذاکرات کی پیشکش

    خیرپور: رانا ثناء اللہ کا ببرلو دھرنا قائدین سے رابطہ، مذاکرات کی پیشکش

    میرپور ماتھیلو (باغی ٹی وی، نامہ نگار مشتاق لغاری)خیرپور کے علاقے ببرلو میں جاری دھرنے کے حوالے سے وزیر اعظم کے مشیر برائے امور داخلہ رانا ثناء اللہ نے دھرنے کے قائدین سے ٹیلیفونک رابطہ کیا ہے۔ یہ رابطہ مسلم لیگ (ن) سندھ کے صدر بشیر میمن کے ذریعے قائم کیا گیا، جس میں رانا ثناء اللہ نے ہائی کورٹ کراچی بار کے صدر بریسٹر سرفراز میتلو سے گفتگو کی۔

    رانا ثناء اللہ نے دھرنے کے خاتمے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ "معاملات بیٹھ کر حل کیے جا سکتے ہیں، دھرنے کے باعث نہ صرف مسافر پریشان ہیں بلکہ ملکی معیشت کو بھی نقصان پہنچ رہا ہے۔” انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی حکومت مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ ہے اور بات چیت کے ذریعے آگے بڑھنا چاہتی ہے۔

    دوسری جانب بریسٹر سرفراز میتلو نے مؤقف اختیار کیا کہ "ہم اپنے موقف پر قائم ہیں لیکن ڈائیلاگ کے دروازے بند نہیں کیے۔ جب تک کینال منصوبے کی منسوخی کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری نہیں ہوتا، دھرنا ختم نہیں کیا جائے گا۔”

    بریسٹر سرفراز کے مطابق وفاقی حکومت نے بشیر میمن کے ذریعے دھرنا قائدین سے باضابطہ رابطہ کیا ہے اور آج اس حوالے سے اہم اجلاس بلایا گیا ہے جس میں آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔

  • سکھر :ڈی آئی جی کی زخمی پولیس اہلکاروں سے ملاقات، ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی

    سکھر :ڈی آئی جی کی زخمی پولیس اہلکاروں سے ملاقات، ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی

    میرپورماتھیلو،باغی ٹی وی (نامہ نگارمشتاق لغاری) ڈی آئی جی سکھر کیپٹن (ر) فیصل عبداللہ چاچڑ نے گزشتہ رات کشمور کے گاؤں نائیچ میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے زخمی ہونے والے ایس ایچ او کشمور انسپکٹر زیاد نوناری اور دیگر اہلکاروں کی ضیاء الدین ہاسپٹل سکھر میں عیادت کی۔ ان کے ہمراہ ایس ایس پی سکھر اظہر خان مغل اور ڈپٹی کمشنر سکھر ایم بی دھاریجو بھی موجود تھے۔

    ڈی آئی جی سکھر نے زخمی اہلکاروں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت جاری کی اور ویلفیئر انچارج کو ان کی فیملیز کے ساتھ مکمل رابطے میں رہنے کا حکم دیا۔ انہوں نے اپنے پیغام میں ڈاکوؤں سے بہادری سے لڑنے والے افسران اور جوانوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پولیس ان کے ساتھ کھڑی ہے اور واقعے میں ملوث ڈاکوؤں کو جلد گرفتار کیا جائے گا۔

  • میرپورماتھیلو:خانپور مہر میں فائرنگ سے کورائی قبیلے کے 4 افراد جاں بحق، پولیس حدود میں الجھ گئی

    میرپورماتھیلو:خانپور مہر میں فائرنگ سے کورائی قبیلے کے 4 افراد جاں بحق، پولیس حدود میں الجھ گئی

    میرپور ماتھیلو (نامہ نگارمشتاق لغاری) خانپور مہر کے نواحی علاقے ہیکل پٹ میں ایک افسوسناک واقعے میں مسلح افراد نے کورائی برادری کے گھروں پر دھاوا بول دیا۔ اندھا دھند فائرنگ کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے چار افراد موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔

    پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والوں کی شناخت گلشیر کورائی، ان کے بھائی گل میر کورائی، گلشیر کی بیوی شریفاں اور ان کی والدہ اختیاراں کورائی کے ناموں سے ہوئی ہے۔ مسلح افراد نے گھر میں گھس کر ان پر براہ راست فائرنگ کی، جس سے موقع پر ہی ان کی موت واقع ہو گئی۔

    واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ مقامی ذرائع کے مطابق اطلاع دینے کے باوجود پولیس کافی دیر تک جائے وقوعہ پر نہیں پہنچ سکی، جس کے باعث مقتولین کی لاشیں کھلے آسمان تلے پڑی رہیں۔ اس تاخیر پر علاقہ مکینوں نے شدید غم و غصے کا اظہار کیا۔

    ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ تھانہ مبارک پور اور تھانہ خانپور مہر کی پولیس کے درمیان علاقے کی حدود کے تعین پر تنازعہ پایا جاتا ہے، جس کی وجہ سے ابتدائی طور پر یہ واضح نہیں ہو سکا کہ کس تھانے کی پولیس جائے وقوعہ کی ذمہ داری لے گی۔ اس مبینہ تنازعے کے باعث مقتولین کی نعشیں کئی گھنٹوں تک جائے وقوعہ پر پڑی رہیں۔

    بعد ازاں اعلیٰ پولیس حکام نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کر دیا۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق، پولیس حکام نے اس واقعے کو پرانی دشمنی کا نتیجہ قرار دیا ہے۔ تاہم، انہوں نے مزید تفتیش کی یقین دہانی کرائی ہے تاکہ حقائق کو مکمل طور پر واضح کیا جا سکے۔

    اس دلخراش واقعے نے علاقے میں سوگ کی فضا طاری کر دی ہے اور مقتولین کے لواحقین گہرے صدمے سے دوچار ہیں۔ علاقہ مکینوں نے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے میں ملوث ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کر کے قانون کے مطابق سخت سزا دی جائے۔

  • شادی کا جھانسہ، گھوٹکی پولیس نے ضلع خیبر کے رہائشی کو اغوا ہونے سے بچالیا

    شادی کا جھانسہ، گھوٹکی پولیس نے ضلع خیبر کے رہائشی کو اغوا ہونے سے بچالیا

    میرپور ماتھیلو (باغی ٹی وی، نامہ نگار مشتاق علی لغاری)گھوٹکی پولیس نے ایس ایس پی گھوٹکی ڈاکٹر سمیع اللہ سومرو کی ہدایت پر بہترین پولیس پکٹنگ اور گشت کے ذریعے ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے اغوا کی ایک کوشش کو بروقت ناکام بنا دیا۔

    تھانہ بی سیکشن کے ایس ایچ او محمد قابل بھیو نے اپنی ٹیم کے ہمراہ جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے ناکہ بندی کے دوران محمد پور کے قریب سے تعلقہ جمرود ضلع خیبر ایجنسی خیبر پختونخوا کے رہائشی سید جمال ولد فقیر شاہ کو اغوا ہونے سے بچا لیا۔

    تحقیقات کے مطابق سید جمال ایک نسوانی آواز کے ذریعے ایک خاتون سے شادی کرنے کے لیے کچے کے علاقے میں جا رہے تھے جہاں انہیں اغوا کیا جانا تھا۔ سید جمال نے پولیس کو بتایا کہ انہیں کچھ دنوں سے نامعلوم موبائل فون نمبروں سے لڑکی کی کالیں آ رہی تھیں اور وہ ان سے شادی کرنے کا کہہ رہی تھی، جس کے نتیجے میں ان کی دوستی ہو گئی تھی۔ آج وہ اسی سلسلے میں شادی کے لیے جا رہے تھے۔

    سید جمال شاہ نے ایس ایس پی گھوٹکی ڈاکٹر سمیع اللہ سومرو اور ان کی ٹیم کا دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کیا جنہوں نے انہیں اغوا ہونے سے بچا لیا۔

    ایس ایس پی گھوٹکی ڈاکٹر سمیع اللہ سومرو نے اس کامیاب کارروائی پر ایس ایچ او تھانہ بی سیکشن محمد قابل بھیو اور ان کی ٹیم کو شاباشی کا پیغام بھیجا ہے۔

  • موٹروے پولیس سکھر کی جانب سے ٹریفک الرٹ

    موٹروے پولیس سکھر کی جانب سے ٹریفک الرٹ

    میرپورماتھیلو،باغی ٹی وی (نامہ نگارمشتاق لغاری) موٹروے پولیس سکھر نے تمام مسافر گاڑیوں اور چھوٹی گاڑیوں کے ڈرائیورز کو مطلع کیا ہے کہ ٻٻرلوء بائی پاس پر جاری دھرنے کی وجہ سے متبادل راستے اختیار کریں۔

    ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق، ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کے لیے درج ذیل متبادل راستے تجویز کیے گئے ہیں:

    پنجاب سے خیرپور آنے والی ٹریفک: پٹنی، روہڑی، کاندھرا – جیل روڈ کے ذریعے خیرپور پہنچے۔
    سکھر سے خیرپور آنے والی ٹریفک: ببرلو شہر کی اندرونی سڑک استعمال کریں۔
    ببرلو سے خیرپور تک جانے والی ٹریفک: پیر جو گوٹھ، پریالو، تھیڑھی کے راستے خیرپور کی طرف جائے۔
    کراچی کی طرف سے آنے والی ٹریفک: ٹنڈو مستی سے لاڑکانہ کی طرف مڑ کر متبادل راستہ اختیار کرے۔
    رانی پور کی ٹریفک: نانگریجا، کمب پرانے N.H.Way کے ذریعے اپنا سفر جاری رکھے۔
    نواب شاہ کی ٹریفک: منگھیا ناکو سے پرانے N.H.Way خیرپور کی طرف مڑ جائے۔
    موٹروے پولیس نے ڈرائیورز سے درخواست کی ہے کہ وہ ان متبادل راستوں کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنی سفری منصوبہ بندی کریں تاکہ کسی قسم کی تکلیف سے بچا جا سکے۔

  • سندھ حکومت کا خواجہ سراؤں کے لیے کھیلوں کے انعقاد کا فیصلہ

    سندھ حکومت کا خواجہ سراؤں کے لیے کھیلوں کے انعقاد کا فیصلہ

    سکھر: سندھ حکومت نے 18 اپریل کو سکھر میں خواجہ سراؤں کے لیے مختلف کھیلوں کے مقابلوں کے انعقاد کا فیصلہ کیا ہے۔ صوبائی محکمۂ کھیل کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق، خواجہ سراؤں کے لیے کرکٹ، رسہ کشی اور بدین میں اسٹریٹ چلڈرن گیمز جیسے دلچسپ کھیلوں کا انعقاد کیا جائے گا۔

    محکمۂ کھیل سندھ کے سیکریٹری کا کہنا ہے کہ سکھر اور خیرپور کے 35 خواجہ سرا کھلاڑی کرکٹ میچ اور رسہ کشی کے مقابلوں میں حصہ لیں گے۔ ان مقابلوں کا مقصد خواجہ سراؤں کے لیے کھیل کے مواقع فراہم کرنا اور ان کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنا ہے۔سیکریٹری کھیل نے مزید بتایا کہ سندھ حکومت کی جانب سے حصہ لینے والے کھلاڑیوں کو ٹریک سوٹ اور یومیہ الاؤنس فراہم کیا جائے گا تاکہ ان کی حوصلہ افزائی کی جا سکے اور ان کی کھیلوں میں شرکت کو آسان بنایا جا سکے۔

    سکھر کے میونسپل اسٹیڈیم میں شام 7 بجے خواجہ سرا صبا شاہ اور سویرا بلوچ کی ٹیموں کے درمیان کرکٹ میچ اور رسہ کشی کے مقابلے ہوں گے۔ ان مقابلوں میں بڑی تعداد میں مقامی تماشائیوں کی شرکت متوقع ہے، جو اس اہم اقدام کی حمایت کرتے ہیں اور خواجہ سراؤں کے کھیلوں میں حصہ لینے کو ایک اہم قدم کے طور پر دیکھتے ہیں۔یہ اقدام سندھ حکومت کی جانب سے خواجہ سراؤں کو معاشرتی، ثقافتی اور کھیلوں کے میدان میں ان کے حقوق دینے اور ان کی حوصلہ افزائی کرنے کی طرف ایک بڑا قدم ہے۔

  • گھوٹکی: پنجاب سے شادی کا جھانسہ دے کر خواتین کو اغوا اور فروخت کرنے والا گرفتار، خاتون بازیاب

    گھوٹکی: پنجاب سے شادی کا جھانسہ دے کر خواتین کو اغوا اور فروخت کرنے والا گرفتار، خاتون بازیاب

    میرپور ماتھیلو (باغی ٹی وی نامہ نگار مشتاق علی لغاری) ایس ایس پی گھوٹکی ڈاکٹر سمیع اللہ سومرو کی ہدایات پر گھوٹکی پولیس نے ضلع بھر میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے سلسلے میں ایک اہم کامیابی حاصل کی ہے۔ تھانہ اے سیکشن گھوٹکی پولیس نے بہترین اور بروقت کارروائی کرتے ہوئے ایک ایسی عورت کو بازیاب کرایا جسے شادی کا جھانسہ دے کر اغوا کیا گیا تھا اور اس گھناؤنے فعل میں ملوث ایک ملزم کو بھی گرفتار کر لیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ رات فیصل آباد پنجاب کی رہائشی مسمات روبینہ بنت امیر احمد آرائیں نے تھانہ اے سیکشن گھوٹکی میں اطلاع درج کرائی کہ نور احمد ولد شیخ احمد حسین جو محلہ عثمان آباد فیصل آباد پنجاب کا ہی رہائشی ہے نے اسے شادی کا جھانسہ دے کر اغوا کیا اور اسے کسی اور جگہ فروخت کرنے کی کوشش کر رہا تھا۔ خاتون نے اپنی جان بچا کر تھانے پہنچنے کے بعد بتایا کہ ملزم شیلٹن بائے پاس پر موجود ہے۔

    اس اطلاع پر فوری عمل کرتے ہوئے ایس ایچ او تھانہ اے سیکشن گھوٹکی رفیق احمد سیلرو بھاری نفری کے ہمراہ فوراً شیلٹن بائے پاس گھوٹکی پہنچے۔ خاتون کی نشاندہی پر ملزم نور احمد ولد شیخ احمد حسین کو موقع سے گرفتار کر لیا گیا۔

    پولیس نے گرفتار ملزم کو تھانہ اے سیکشن منتقل کر دیا اور اس کے خلاف کرائم نمبر 109/2025 بجرم دفعہ 365B کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے۔

    دوران تفتیش ملزم نے پولیس کو انکشاف کیا کہ وہ روبینہ بنت امیر احمد آرائیں کو شادی کا جھانسہ دے کر اغوا کر کے کسی اور جگہ فروخت کرنے جا رہا تھا۔ مزید تفتیش سے یہ بھی معلوم ہوا کہ گرفتار ملزم اس طرح خواتین کو شادی کا جھانسہ دے کر اغوا کرتا اور انہیں مختلف شہروں میں فروخت کر دیتا تھا۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزم کے خلاف پنجاب میں بھی اغوا کے متعدد مقدمات درج ہیں۔

    مسمات روبینہ آرائیں کو متعلقہ عدالت میں پیش کیا جائے گا، جس کے بعد عدالت کے حکم کے مطابق مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ پولیس گرفتار ملزم سے مزید تفتیش کر رہی ہے تاکہ اس کے دیگر جرائم اور ساتھیوں کا بھی سراغ لگایا جا سکے۔

    ایس ایس پی گھوٹکی ڈاکٹر سمیع اللہ سومرو نے ایس ایچ او تھانہ اے سیکشن اور ان کی پوری ٹیم کی اس بہترین اور بروقت کارروائی پر انہیں خصوصی شاباشی کا پیغام بھیجا ہے۔